Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف: ٹرک کی ٹکر سے خاتون جاں بحق، شوہر شدید زخمی

    اوچ شریف: ٹرک کی ٹکر سے خاتون جاں بحق، شوہر شدید زخمی

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے علاقے موضع طاہر والی میں ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار 50 سالہ زہران مائی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ان کے شوہر 65 سالہ عبدالغفار شدید زخمی ہو گئے۔

    حادثہ اس وقت پیش آیا جب مذکورہ جوڑا موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ اچانک ایک بے قابو ٹرک نے انہیں ٹکر مار دی۔ زہران مائی کو شدید نوعیت کی چوٹیں آئیں، جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ جبکہ عبدالغفار کو دائیں کندھے کی ہڈی میں فریکچر اور دیگر چوٹیں آئیں۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی پٹرولنگ پولیس موقع پر پہنچ گئی، جبکہ زخمی کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) اوچ شریف منتقل کر دیا گیا۔ زہران مائی کی میت کو لواحقین ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے قبل ہی گھر لے گئے۔

    حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس ٹرک کی تلاش اور حادثے کی تفتیش کر رہی ہے۔

  • پنجاب دھی رانی پروگرام کا دوسرا مرحلہ عید الفطر کے بعد شروع، 1500 شادیوں کے لیے درخواستیں طلب

    پنجاب دھی رانی پروگرام کا دوسرا مرحلہ عید الفطر کے بعد شروع، 1500 شادیوں کے لیے درخواستیں طلب

    گوجرانوالہ،باغی ٹی وی(نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پنجاب دھی رانی پروگرام کے پہلے کامیاب مرحلے کے بعد عید الفطر کے بعد دوسرا مرحلہ شروع کیا جا رہا ہے اور مزید 1500 شادیوں کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    پنجاب دھی رانی پروگرام کے لیے درخواستیں آن لائن جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ درخواستیں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کے ضلع آفس میں بھی جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ یہ بات صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت نے سی ایم پنجاب دھی رانی پروگرام کے چھٹے ویڈیو لنک سٹئیرنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیٹر محمد شفیق، اے سی جی فرخ محمود جنجوعہ، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ارشاد وحید و دیگر کمشنر دفتر میں شریک تھے۔

    انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے 1312 ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے۔ پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت اجتماعی شادیوں میں دولہا دلہن، ان کے قریبی عزیزو اقارب کے لیے کھانا حکومت پنجاب کی طرف سے دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ حکومت پنجاب کی جانب سے جوڑوں کو نئی زندگی کی شروعات پر فرنیچر، کپڑوں سمیت دیگر ساز وسامان کے تحائف سمیت اے ٹی ایم کے ذریعہ ایک لاکھ روپے سلامی بھی دی جائے گی۔

    اس حوالے سے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب کی ہر بیٹی سے محبت ہے اور ان کے گھر بسانے پر دلی خوشی ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیٹیوں کے سر پر دست شفقت رکھنا پنجاب کی ریت ہے۔ نادار اور محروم طبقات کا احساس حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہم یہ ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔

    ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن محمد شفیق نے بتایا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں اس پروگرام کے تحت مجموعی شادیوں کے لیے متوقع تاریخ 28 مئی مقرر کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے غریب اور مستحق جوڑوں کی شادی کرانے کا بیڑا اٹھاتے ہوئے گزشتہ ماہ دھی رانی پنجاب پروگرام کا آغاز کیا تھا۔

  • گوجرانوالہ:پولیس کی بڑی کارروائی، منشیات فروش گرفتار، دو کلو سے زائد ہیروئن برآمد

    گوجرانوالہ:پولیس کی بڑی کارروائی، منشیات فروش گرفتار، دو کلو سے زائد ہیروئن برآمد

    گوجرانوالہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) چوکی فرانسیس آباد پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک منشیات فروش کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے 02 کلو 220 گرام ہیروئن اور رقم و ٹک 2350 روپے برآمد ہوئے۔

    سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم کے احکامات پر ایس ایچ او تھانہ صدر گوجرانوالہ انسپکٹر قیصر عباس کی زیر نگرانی انچارج چوکی فرانسیس آباد سب انسپکٹر ابوبکر گورائیہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ گشت و ناکہ بندی کے دوران منشیات فروشی میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت افتخار عرف کھارو کے نام سے ہوئی ہے۔ دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ دوسرے اضلاع سے منشیات لا کر ضلع بھر میں نوجوانوں کو فروخت کرتا تھا۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

    ملزم کی گرفتاری پر سماجی و سیاسی تنظیموں اور علاقے کے مکینوں نے پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے کہا کہ نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کے لیے منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انچارج چوکی سب انسپکٹر ابوبکر گورائیہ اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔

  • حافظ آباد: فتیکی فلائی اوور پر آسمانی بجلی گرنے سے نوجوان جاں بحق

    حافظ آباد: فتیکی فلائی اوور پر آسمانی بجلی گرنے سے نوجوان جاں بحق

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ ) فتیکی فلائی اوور پر آسمانی بجلی گرنے سے نوجوان جاں بحق

    حافظ آباد کے علاقے فتیکی فلائی اوور پر آسمانی بجلی گرنے سے ٹھٹھہ لنگر کا رہائشی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق متوفی اپنی فیملی کے ہمراہ پنڈی بھٹیاں سے ٹھٹھہ لنگر جا رہا تھا کہ فلائی اوور کے قریب اچانک آسمانی بجلی گری، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اہل خانہ شدید غم سے نڈھال ہیں۔

  • پاک افغان تجارتی بحران، فوری اقدامات ناگزیر، پاک افغان جوائنٹ چیمبر

    پاک افغان تجارتی بحران، فوری اقدامات ناگزیر، پاک افغان جوائنٹ چیمبر

    پشاور(باغی ٹی وی )پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PAJCCI) کے صدر جنید مکڈا نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ بڑھتے ہوئے تجارتی بحران کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی رکاوٹوں، بڑھتے ہوئے ٹرانسپورٹ اخراجات اور طورخم بارڈر کی بندش سے سرحد پار کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے، جس سے پاکستان کی معیشت کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔

    انہوں نے دسمبر 2024 میں اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) کے اجلاس میں اٹھائے گئے تحفظات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اکتوبر 2023 میں جاری کردہ ایس آر اوز کے باعث تجارت میں نمایاں کمی آئی ہے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت نے حال ہی میں انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سیس (IDC) کو 2 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد کر دیا ہے، لیکن یہ اب بھی افغانستان کے ساتھ دو طرفہ ٹرانزٹ ٹریڈ پر لاگو ہوتا ہے جو قانونی تجارت کی حوصلہ شکنی اور بین الاقوامی معاہدوں کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ IDC میں کمی ایک معمولی ریلیف ہے، لیکن ٹرانزٹ ٹریڈ پر کوئی ٹیکس نہیں ہونا چاہیے۔ اضافی ٹیکس اور بارڈر کی بندش کے باعث تاجر ایرانی بندرگاہوں کا رخ کر رہے ہیں، جو پاکستان کے تجارتی راہداری کے کردار کے لیے خطرناک ہے۔

    21 فروری 2025 سے طورخم بارڈر افغان سرحدی چوکی کی تعمیر پر تنازع کی وجہ سے بند ہے، جس سے ہزاروں ٹرک، جن میں خراب ہونے والا سامان بھی شامل ہے، پھنس گئے ہیں اور تاجروں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ بارڈر کی مسلسل بندش کی وجہ سے کاروبار متبادل راستوں، جیسے چابہار اور بندر عباس کی طرف منتقل ہو رہا ہے جو پاکستانی معیشت کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔

    پاک افغان جوائنٹ چیمبر کے سینئر نائب صدر ضیاء الحق سرحدی اور نائب صدر پرویز لالہ نے بھی اس بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سب سے زیادہ نقصان چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (SMEs) کو ہو رہا ہے۔ ضیاء الحق سرحدی نے کہا کہ طویل تاخیر اور غیر یقینی صورتحال تاجروں کا اعتماد ختم کر رہی ہے، جس سے سرمایہ کاری کا ماحول بھی متاثر ہو رہا ہے۔ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو پاکستان اپنی حیثیت بطور اہم تجارتی مرکز کھو سکتا ہے۔

    جنید مکڈا نے کہا کہ پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ افغانستان جیسے زمینی راستے سے محصور ممالک کے لیے تجارتی سہولیات فراہم کرے۔ اگر پاکستان ان وعدوں پر پورا نہیں اترا تو نہ صرف عالمی سطح پر بدنامی ہوگی بلکہ علاقائی حریفوں کو بھی فائدہ پہنچے گا، کیونکہ بھارتی بندرگاہیں پہلے ہی پاکستانی تجارت کو اپنی طرف کھینچ رہی ہیں۔

    پاک افغان جوائنٹ چیمبر نے واضح کیا کہ وہ قومی سلامتی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہے، تاہم جنید مکڈا نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ سیکیورٹی اور تجارت میں توازن پیدا کرے، بارڈر مینجمنٹ کو بہتر بنائے، ٹرانسپورٹ لاگت کم کرے اور ٹرانزٹ ٹریڈ پر IDC کو مکمل طور پر ختم کرے تاکہ کاروبار کو تحفظ دیا جا سکے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ازبکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کی کوششیں خوش آئند ہیں، لیکن اگر تجارتی رکاوٹوں کو جلد دور نہ کیا گیا تو پاکستان ایک بڑی تجارتی راہداری بننے کا موقع کھو دے گا اور اپنی معاشی صلاحیت سے محروم ہو جائے گا۔

    پاک افغان جوائنٹ چیمبر نے حکومت پاکستان سے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ہر گزرتا دن پاکستان کے لیے قیمتی تجارت، سرمایہ کاری کا اعتماد اور معاشی استحکام کھونے کا خطرہ بڑھا رہا ہے۔

  • ننکانہ کے شہری نے سعودی عرب میں قیمتی اشیاء سے بھرا بیگمالک تک پہنچا کر ایمانداری کی مثال قائم کردی

    ننکانہ کے شہری نے سعودی عرب میں قیمتی اشیاء سے بھرا بیگمالک تک پہنچا کر ایمانداری کی مثال قائم کردی

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) پاکستان کے شہر ننکانہ صاحب کے رہائشی حاجی نواز اکمل چوہدری نے سعودی عرب میں ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کر دی۔

    حاجی نواز اکمل چوہدری جو شاد باغ کینیڈا کالونی کے سابق کونسلر بھی ہیں، عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب گئے تھے۔ وہاں عمرے کے دوران انہیں زائرین کا ایک بیگ ملا، جس میں قیمتی اشیاء، پاسپورٹ، موبائل اور تقریباً سات سے آٹھ لاکھ روپے موجود تھے۔

    حاجی نواز اکمل نے بیگ کے مالک، ایک مصری شہری کو تلاش کیا اور اس کی امانت اسے واپس کر دی۔ مصری شہری عمرے کی ادائیگی کے لیے آیا ہوا تھا۔ حاجی نواز اکمل کے اس عمل نے پاکستان کا نام روشن کر دیا۔

  • سیالکوٹ: خصوصی افراد کیلئے 3 فیصد کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ افضل سکھیرا

    سیالکوٹ: خصوصی افراد کیلئے 3 فیصد کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ افضل سکھیرا

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہد ریاض) اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر افضل سکھیرا نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق سرکاری اور نجی اداروں میں خصوصی افراد (جسمانی معذوری کا شکار) کے لیے 3 فیصد کوٹہ لازمی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران خصوصی مہم شروع کریں اور مختلف صنعتی و کمرشل یونٹس میں کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا حصہ ہیں اور ان کی دیکھ بھال اور ضروریات کا خیال رکھنا معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی بہبود و بحالی یونٹ برائے معاونت معذور افراد سیالکوٹ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال سیالکوٹ چوہدری شریف گھمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ابرار عبداللہ ساہی، عدنان سرور راٹھور، سدرہ سلطانہ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر افتخار گوندل، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر وسیم مرزا، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد نواز، نمائندہ سول سوسائٹی اشفاق نذر، انجئینیر وقاص لودھی، محمد جمیل اور زبیدہ کوثر سمیت مختلف محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

    افضل سکھیرا نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ معذور افراد کو ترجیحی بنیادوں پر ہنر مند بنائیں تاکہ خصوصی افراد ہنر مند بن کر ملکی و قومی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کر سکیں۔

  • ننکانہ صاحب: بابا گورو نانک یونیورسٹی میں عالمی پائی دن پر سیمینار

    ننکانہ صاحب: بابا گورو نانک یونیورسٹی میں عالمی پائی دن پر سیمینار

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی(نامہ نگار احسان اللہ ایاز) بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کے شعبہ ریاضی کے زیر اہتمام بابا گورو نانک ریاضیاتی سوسائٹی نے عالمی پائی دن کے موقع پر ایک معلوماتی سیمینار کا انعقاد کیا۔

    سیمینار کا مقصد طلباء، اساتذہ اور ریاضی کے شوقین افراد کو پائی (π) کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔ سیمینار میں شعبہ ریاضی کے اساتذہ نے پائی کے تاریخی پس منظر، جیومیٹری، کیلکولس اور دیگر سائنسی شعبوں میں اس کے استعمال پر روشنی ڈالی۔

    شعبہ ریاضی کے چیئرپرسن ڈاکٹر شاہد مبین نے پائی دن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پائی صرف ایک عدد نہیں بلکہ ریاضی کی خوبصورتی اور اسرار کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سیمینار سے شرکاء کو پائی کی اہمیت کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

    سیمینار میں شرکاء نے مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا اور پائی کے مختلف سائنسی شعبوں میں استعمال کو دریافت کیا۔ اس تقریب سے شعبہ ریاضی کی جانب سے ریاضی کے علم کے لیے گہری محبت اور قدر دانی کا اظہار ہوا۔

  • ڈیرہ غازی خان: ماحول دوست زراعت پر تربیتی پروگرام مکمل، کسانوں میں اسناد تقسیم

    ڈیرہ غازی خان: ماحول دوست زراعت پر تربیتی پروگرام مکمل، کسانوں میں اسناد تقسیم

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی( نیوز رپورٹر شاہد خان) عالمی ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) کے زیر اہتمام ماحول دوست زراعت پر 14 روزہ عملی تربیتی پروگرام کی تکمیل پر غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں خواتین و حضرات کسان معاونین کے اعزاز میں تقریب تقسیم اسناد منعقد ہوئی۔

    تقریب میں ایف اے او کی بین الاقوامی ماہر مس نویلا کنوانڈو نے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صلاحیت کی تعمیر ایک مسلسل عمل ہے۔ ایف اے او ایک تکنیکی ادارہ ہے جو ڈیرہ غازی خان کے محققین، توسیعی کارکنان اور کسان برادری کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے زراعت اور پانی کے انتظام کے حوالے سے تکنیکی معاونت فراہم کرتا ہے۔

    غازی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد نے موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایف اے او اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے ہی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹا جا سکتا ہے۔

    ایف اے او کے ڈسٹرکٹ ٹریننگ ٹیم لیڈر ڈاکٹر محمد ارشد قاضی، ڈپٹی ڈائریکٹر آن فارم واٹر مینجمنٹ شاہد حسین اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹنشن غلام محمد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے تربیتی پروگرام ماحول دوست زرعی طریقوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    تربیتی پروگرام کے دوران کسانوں اور توسیعی کارکنان کو جدید زرعی تکنیکوں، بہترین طریقوں اور موثر کاشتکاری کے طریقوں سے آگاہ کیا گیا۔ مردوں کے لیے 14 روزہ اور خواتین کے لیے 10 روزہ تربیت کے ذریعے کسانوں کو اپنی پیداوار بڑھانے اور معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے ضروری مہارتیں سکھائی گئیں۔ تربیت کاروں کو بھی جدید ترین تکنیکوں سے آگاہ کیا گیا تاکہ وہ کسانوں کو بہتر طریقے سے تربیت دے سکیں۔

    مقررین نے کہا کہ ایسے تربیتی پروگرام زرعی شعبے میں بہتری لانے اور کسانوں کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لیے اہم ہیں۔

  • سیالکوٹ:انسانی اسمگلنگ، گداگری،بجلی چوری اور ٹریفک قوانین کیخلاف کی ورزی پر کریک ڈاؤن کا حکم

    سیالکوٹ:انسانی اسمگلنگ، گداگری،بجلی چوری اور ٹریفک قوانین کیخلاف کی ورزی پر کریک ڈاؤن کا حکم

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا دوسرا اجلاس ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال کی زیر صدارت ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں لیفٹیننٹ کرنل محمد عمیر، ایس پی انویسٹیگیشن عثمان سیفی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری، اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر کے علاوہ ایف آئی اے، لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ، ٹریفک پولیس، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، کسٹمز، گیپکو، سول ڈیفنس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مقامی حکام اور نمائندگان نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ایف آئی اے کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ ضلع سیالکوٹ سے غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے آگاہی مہم چلائی جائے اور انسانی اسمگلنگ کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی کہ کالجز میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کو ٹریفک قوانین کے بارے میں جامع آگاہی فراہم کی جائے اور انہیں اوور سپیڈ سے ہونے والے نقصانات سے آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کم عمر اور بغیر لائسنس کے ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی بھی ہدایت کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے ضلع سیالکوٹ میں گداگری کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پولیس، اسپیشل برانچ اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ مل کر اس مہم کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 300 بھکاریوں کو ویگرنسی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 25 کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گرفتاری کے بعد بھی بھیک مانگنے سے باز نہ آنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں اور ہاٹ سپاٹس کی باقاعدگی سے چیکنگ کی جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن/کمیٹیوں کو گیپکو کے بلوں کی فوری ادائیگی کے لیے اپنے واجبات کی ریکوری تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سیلف جنریشن ریسورسز سے پیمنٹ کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے جبکہ گیپکو بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ کے لائن لاسسز 5 فیصد سے کم ہیں اور جون تک ریکوریوں کی بدولت یہ شرح مزید کم ہوگی۔ انہوں نے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے گیپکو سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کے 100 فیصد اندراج کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ محمد انعم بابر کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن/کمیٹیوں کے واٹر سپلائی، ڈسپوزل اسٹیشنز اور اسٹریٹ لائٹس کے بجلی کی ادائیگی کے لیے متعلقہ مقامی حکام سے مل کر لائحہ عمل مرتب کریں۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری نے ضلع سیالکوٹ میں نان کسٹمز گاڑیوں کو پکڑنے، انٹی نارکوٹکس کارروائیوں، مدارس کی رجسٹریشن، منی پٹرول پمپس اور گیس کی ڈی کنڈنگ کے حوالے سے متعلقہ محکموں کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے بارے میں کمیٹی کے اراکین کو بریفنگ دی۔