Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • حافظ آباد : پوزیشن ہولڈرز طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم، سائرہ افضل تارڑ کا خطاب

    حافظ آباد : پوزیشن ہولڈرز طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم، سائرہ افضل تارڑ کا خطاب

    حافظ آباد،باغی ٹی وی(خبرنگارشمائلہ) وزیراعلیٰ کی کوآرڈنیٹر برائے پاپولیشن ویلفیئر سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ دنیا میں جتنے بھی ممالک اور قوموں نے ترقی کی ہے، اس کا دارومدار تعلیم پر منحصر ہے۔ آج کے اس جدید دور میں کمپیوٹر، سائنس اور جدید ریسرچ پر مبنی تعلیم کا حصول نوجوانوں کے لیے بہت ضروری ہے۔ اگر ہم نے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کا مقابلہ کرنا ہے تو ہمیں اپنے نظام تعلیم کو جدید اور بہتر بناتے ہوئے طلباء و طالبات کو ایسے مواقع فراہم کرنے ہوں گے جس سے وہ اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کر سکیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹیم مقابلے جیتنے والے حافظ آباد ضلع کے پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق، ایم پی اے میاں شاہد حسین بھٹی، سیاسی و سماجی رہنما شیخ گلزار احمد اور چودھری تہور حسین تارڑ نے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔

    سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی سربراہی میں صوبہ بھر میں عوامی فلاحی کاموں کا ایک نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔ انہوں نے شعبہ تعلیم کی ترقی کے لیے جو انقلابی اقدامات کیے ہیں، ان کی مثال کہیں نہیں ملتی۔ ہونہار اور پوزیشن ہولڈرز طلباء میں سکالرشپ اور لیپ ٹاپ کی تقسیم ایک انقلابی پروگرام ہے، اس سے طلباء و طالبات کو اپنی تعلیم کو مزید بہتر بنانے میں بڑی سہولت ملے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) جب بھی اقتدار میں آئی، اس نے علاقائی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاحی اقدامات کی تکمیل پر زور دیا۔ پنجاب کی سپر سی ایم مریم نواز نے اپنے دورِ اقتدار کے پہلے سال میں عوام کی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی پروگرام شروع کر کے یہ ثابت کیا کہ وہ اپنے صوبہ اور ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں۔

    سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ آج خوشی ہو رہی ہے کہ حافظ آباد کے بچوں نے پنجاب بھر میں سٹیم مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور وزیراعلیٰ کی جانب سے ان مقابلوں میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔ انہوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افواج پاکستان کے ہیروز کو بھی زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔

    تقریب میں مختلف سکولوں کے بچوں نے اپنے وطن سے محبت کے اظہار میں ملی نغمے اور ترانے بھی پیش کیے۔ لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلباء و طالبات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے انہیں لیپ ٹاپ دے کر ان کی دلی حسرت پوری کر دی ہے اور اب وہ ان لیپ ٹاپ کے ذریعے اپنی تعلیم کو بہتر طریقے سے جاری رکھ سکیں گے۔ تقریب میں بہترین کارکردگی کے حامل سکول سربراہان اور دیگر اساتذہ میں تعریفی سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے گئے۔

  • حافظ آباد: محلہ خان پورہ میں خونی تصادم، ملزم گرفتار، ساتھیوں کی تلاش جاری

    حافظ آباد: محلہ خان پورہ میں خونی تصادم، ملزم گرفتار، ساتھیوں کی تلاش جاری

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) محلہ خان پورہ میں پیش آنے والے ایک دل دہلا دینے والے واقعے کا ڈی پی او حافظ آباد نے فوری نوٹس لے لیا ہے۔ واقعے کے بعد تھانہ سٹی حافظ آباد میں مقدمہ نمبر 516/25 بجرم 324/148/149 ت پ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق مسجد کے سامنے کھڑے نوجوان معمول کے مطابق اپنی زندگی گزار رہے تھے کہ اچانک ملزم گلفام عرف رانو اپنے 12-13 ساتھیوں کے ساتھ مسلح ہو کر موقع پر پہنچا۔ ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں تین نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔

    سٹی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور روایتی طریقہ کار کا استعمال کرتے ہوئے رانا گلفام عرف رانو کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے جبکہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    ڈی پی او حافظ آباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • اوچ شریف: موٹروے ایم فائیو پر تیز رفتاری کے خلاف کریک ڈاؤن، دو ڈرائیور گرفتار

    اوچ شریف: موٹروے ایم فائیو پر تیز رفتاری کے خلاف کریک ڈاؤن، دو ڈرائیور گرفتار

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) موٹروے ایم فائیو پر تیز رفتاری کے خلاف نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ شجاع آباد کے قریب بیٹ 23 میں تیز رفتاری کے دو واقعات پیش آئے، جس پر موٹروے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو گاڑیوں کے ڈرائیورز کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں گاڑیاں مقررہ حد رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کرتے ہوئے 154 اور 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کر رہی تھیں۔ آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس رفعت مختار راجہ، زونل کمانڈر دار علی خٹک اور سیکٹر کمانڈر ایس پی رانا سرفراز ناصر کی ہدایات پر اوور سپیڈ گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

    جدید انٹیلی جینس سسٹم (ITS) کے ذریعے ان گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد انسپکٹر عامر سردار اور ٹائیگر-3 کے افسران نے شجاع آباد انٹرچینج کے قریب ان گاڑیوں کو روک کر ڈرائیورز کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ڈرائیورز میں ایک کا تعلق لاہور جبکہ دوسرے کا گھوٹکی سے ہے۔

    موٹروے پولیس کے مطابق، تیز رفتاری کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ رفتار کی حامل گاڑیوں کے خلاف بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ مقدمات کا اندراج بھی کیا جائے گا۔ سیکٹر کمانڈر ایس پی رانا سرفراز ناصر نے کہا کہ تیز رفتاری سے ہونے والے حادثات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شاہراہوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • اوچ شریف: 700 سالہ تاریخی قبرستان حکومتی غفلت کا شکار، مقدس مقام کچرا کنڈی میں تبدیل

    اوچ شریف: 700 سالہ تاریخی قبرستان حکومتی غفلت کا شکار، مقدس مقام کچرا کنڈی میں تبدیل

    اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) پاکستان کے تاریخی اور روحانی ورثے کا حامل اوچ شریف کا 700 سالہ قدیم قبرستان حکومتی عدم توجہی اور بلدیاتی اداروں کی مجرمانہ غفلت کی بدترین مثال بن چکا ہے۔ مخدوم جہانیاں جہاں گشت رحمہ اللہ علیہ کے مقبرے کے قریب واقع اس قبرستان میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر، آوارہ جانوروں کی بھرمار اور بدبو و تعفن نے مقدس مقام کی حرمت کو پامال کر رکھا ہے۔ مقامی افراد اور زائرین کی بارہا شکایات کے باوجود حکام نے کوئی اقدامات نہیں کیے، قبروں کی بے حرمتی، بدبو اور گندگی سے زائرین پریشان، قبروں کی بے حرمتی پر شہری سراپا احتجاج

    تفصیلات کے مطابق تاریخی قبرستان میں دفن اولیائے کرام، بزرگانِ دین اور کئی صدیوں سے یہاں مدفون افراد کی قبریں گندگی اور کوڑے کے ڈھیروں میں دب چکی ہیں۔ کچھ قبروں کے کتبے اور تعویذ کچرے کے اندر غائب ہو چکے ہیں، جبکہ ٹوٹی ہوئی دیواروں کی وجہ سے قبرستان میں آوارہ جانور دندناتے پھر رہے ہیں۔ شہریوں نے صورتحال کو انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک قبرستان نہیں، بلکہ ہمارے آبا و اجداد اور روحانی شخصیات کی آخری آرام گاہ ہے، جس کی بے حرمتی ناقابلِ برداشت ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے "صاف ستھرا پنجاب” مہم کے دعوے کیے جا رہے ہیں، مگر اوچ شریف کا تاریخی قبرستان ان بلند و بانگ دعوؤں کی قلعی کھول رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وعدے صرف کاغذی ثابت ہو رہے ہیں، جبکہ حقیقت میں عوام بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں۔

    معروف سماجی و مذہبی شخصیت مخدوم سید شان بخاری نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہم نے بارہا متعلقہ اداروں کو درخواست دی کہ قبرستان کی صفائی کو یقینی بنایا جائے، مگر ہمیں ہر بار نظر انداز کر دیا گیا۔ یہ 700 سال پرانی جگہ ہماری تاریخ اور روحانی ورثہ ہے، اس کی بے حرمتی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اگر حکومت نے فوری اقدامات نہ کیے تو ہم بھرپور عوامی احتجاج کریں گے۔”

    اہلیانِ اوچ شریف نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اور میونسپل کمیٹی کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر قبرستان کی صفائی اور بحالی کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو عدالت سے رجوع کیا جائے گا اور بھرپور عوامی احتجاج کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ قبرستان محض ایک عام قبرستان نہیں بلکہ تاریخی، مذہبی اور قومی ورثہ ہے، جس کی حفاظت حکومت اور متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ اگر اس مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو یہ صرف اوچ شریف ہی نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے شرمندگی کا باعث بن سکتا ہے۔

  • کراچی: ٹیپو سلطان میں ہوٹل کے کمرے سے خاتون کی لاش برآمد، سابق شوہر مفرور

    کراچی: ٹیپو سلطان میں ہوٹل کے کمرے سے خاتون کی لاش برآمد، سابق شوہر مفرور

    کراچی ،باغی ٹی وی (نمائندہ خصوصی)کراچی کے علاقے ٹیپو سلطان میں ایک نجی ہوٹل کے کمرے سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس اور کرائم سین یونٹ کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت ارم کے نام سے ہوئی ہے اور وہ چنیسر گوٹھ کی رہائشی تھی۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ارم گزشتہ شام کو اپنے سابق شوہر کے ہمراہ ہوٹل آئی تھی۔ پولیس کا شبہ ہے کہ ارم کو اس کے سابق شوہر نے تیز دھار آلے سے قتل کیا ہے۔

    ملزم کی گرفتاری کے لیے صدر، سٹی کالونی، برنس روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم قصاب ہے اور برنس روڈ پر گوشت کی دکان چلاتا ہے۔

    پولیس نے ہوٹل میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں اور ہوٹل کے عملے کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • حافظ آباد میں آوارہ کتوں کا راج، شہریوں کی زندگی اجیرن

    حافظ آباد میں آوارہ کتوں کا راج، شہریوں کی زندگی اجیرن

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبرنگارشمائلہ) شہر بھر میں آوارہ کتوں کی بھرمار نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ آئے روز کتوں کے کاٹنے کے واقعات پیش آ رہے ہیں، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حافظ آباد شہر کی مختلف سڑکوں اور علاقوں میں آوارہ کتوں کی بہتات ہو گئی ہے۔ کتے نہ صرف راہگیروں پر حملہ آور ہوتے ہیں بلکہ گھروں میں داخل ہو کر بھی لوگوں کو کاٹ رہے ہیں۔ گزشتہ روز ایک بزرگ شہری ان کتوں کا نشانہ بنے، جنہیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

    شہریوں کا مطالبہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور میونسپل کمیٹی حافظ آباد فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیں اور آوارہ کتوں کو تلف کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ شہریوں نے شہر بھر میں کتا مار مہم شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے تاکہ انہیں ان خونخوار آوارہ کتوں سے نجات مل سکے۔

    شہریوں نے ان علاقوں کی نشاندہی بھی کی ہے جہاں آوارہ کتوں کی تعداد زیادہ ہے، جن میں کسوکی روڈ قبرستان کے قریب، کلمہ چوک، کولو روڈ پٹرول پمپ سے آگے سبزی منڈی تک، گوجرانوالہ روڈ، علی پور روڈ، جلالپور روڈ وغیرہ شامل ہیں۔ ان علاقوں میں آوارہ کتے گلی محلوں میں گھومتے نظر آتے ہیں اور متعدد افراد کو کاٹ چکے ہیں۔

    شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ محکمے اور میونسپل کمیٹی حافظ آباد فوری طور پر ان آوارہ کتوں کو تلف کریں اور شہریوں کو ان سے نجات دلائیں۔

  • گوجرانوالہ: فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی ڈی جی پریس انفارمیشن سے ملاقات، یادگاری شیلڈ پیش

    گوجرانوالہ: فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی ڈی جی پریس انفارمیشن سے ملاقات، یادگاری شیلڈ پیش

    گوجرانوالہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) گوجرانوالہ فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے وفد نے ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ پاکستان شفقت عباس سے ملاقات کی اور انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی۔

    اس موقع پر شفقت عباس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "میں آپ کے انتظار میں تھا، مجھے علم تھا کہ آپ آئیں گے، لیکن وقت کا اندازہ نہیں تھا۔” ان کے ان الفاظ نے ان کی وضع داری کا ثبوت دیا۔

    وفد کے اراکین نے شفقت عباس کو انتہائی حلیم طبع اور نرم خو انسان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مختصر ملاقات میں بھی ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ وفد نے شفقت عباس کی عزت افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    ملاقات کے دوران شفقت عباس کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ورکرز کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

  • سکھر : متنازع کینال منصوبے کے خلاف وکلاء اور ادبی تنظیموں کی ریلی

    سکھر : متنازع کینال منصوبے کے خلاف وکلاء اور ادبی تنظیموں کی ریلی

    سکھر،نامہ نگار(مشتاق لغاری)سکھر میں دریاؤں کے عالمی دن کے موقع پر دریائے سندھ پر متنازع کینال منصوبے کے خلاف وکلا اور ادبی تنظیموں نے احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ یہ ریلیاں ہائی کورٹ بار اور ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے نکالی گئیں، جو شہر کے مختلف علاقوں سے گزرتے ہوئے ڈولفن بیکرز منارہ روڈ پر اختتام پذیر ہوئیں۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ سندھ پہلے ہی پانی کی قلت کا شکار ہے اور کوٹری بیراج کے بعد دریائے سندھ میں پانی نہیں پہنچتا، ایسے میں نئی کینالوں کی تعمیر زراعت کی تباہی اور لاکھوں ایکڑ زمین کو بنجر بنانے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چولستان کے صحرا کو آباد کرنے کی آڑ میں سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔

    ڈسٹرکٹ بار اور ہائی کورٹ بار کے وکلا نے متنازع کینال منصوبوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر سندھ کے پانی پر مزید تجاوزات کی گئیں تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

  • میرپور خاص: دریاؤں کے عالمی دن ،دریائے سندھ سے نہریں نکالنے پر احتجاج

    میرپور خاص: دریاؤں کے عالمی دن ،دریائے سندھ سے نہریں نکالنے پر احتجاج

    میرپور خاص،باغی ٹی وی (نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) سندھ ترقی پسند پارٹی کے ضلعی صدر عبدالکریم کیریو، نائب صدر گلزار مگسی، نظیر کیریو، پرویز نوحاڑی اور ضمیر لغاری کی قیادت میں آج، 14 مارچ بروز جمعرات، دریاؤں کے عالمی دن کے موقع پر اسٹیٹ لائف بلڈنگ سے گلستان بلدیا تک نہروں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

    احتجاجی ریلی میں شریک رہنماؤں نے سخت نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ نہریں کسی صورت قبول نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دریا ہمارے جینے اور مرنے کا مسئلہ ہیں۔ انہوں نے وفاق اور زرداری لیگ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے فیصلے جلد واپس لیں۔ بصورت دیگر سندھی عوام پنجاب کی آمدورفت کے تمام راستے بند کر دیں گے۔

  • سیالکوٹ: گیس لیکیج سے گھر میں آگ، دو خواتین جھلس گئیں

    سیالکوٹ: گیس لیکیج سے گھر میں آگ، دو خواتین جھلس گئیں

    سیالکوٹَ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) مسلم کالونی نزد ڈاکٹر حفیظ کلینک میں ایک گھر میں آگ لگ گئی۔ کچن میں گیس لیکیج کی وجہ سے بجلی کا بٹن دبانے پر آگ پورے کچن میں بھڑک اٹھی، جس نے ساتھ والے کمرے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    ریسکیو 1122 نے بروقت پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔ آگ لگنے سے دو خواتین متاثر ہوئیں، جن میں 40 سالہ آمنہ اور 33 سالہ طاہرہ شامل ہیں۔ ریسکیو 1122 نے انہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا۔

    گھر کے مالک ذوالفقار کے مطابق آگ لگنے سے 3 لاکھ روپے مالیت کا گھریلو سامان کا نقصان ہوا، جبکہ ریسکیو کی بروقت کارروائی سے 30 لاکھ روپے مالیت کا سامان اور گھر کو بچا لیا گیا۔