Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • تنگوانی: موٹر سائیکل اور مزدا میں خوفناک تصادم، دو کمسن بھائی شدید زخمی

    تنگوانی: موٹر سائیکل اور مزدا میں خوفناک تصادم، دو کمسن بھائی شدید زخمی

    تنگوانی ،باغی ٹی وی(نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب ٹل کندہ کوٹ ہائی وے پر معصوم شاہ اسٹاپ کے مقام پر موٹر سائیکل اور مزدا میں خوفناک تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں دو کمسن بھائی شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں سکھر کے حرا اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حادثے میں صحافی منصور بلوچ کے کزن کے دو بیٹے 15 سالہ فاروق احمد باجکانی اور 7 سالہ عطا اللہ ولد محمد عثمان باجکانی شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے فوری بعد زخمیوں کو کندہ کوٹ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں سے ان کی تشویشناک حالت کے پیش نظر سکھر کے حرا اسپتال ریفر کر دیا گیا۔

    پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حادثے میں ملوث مزدا کو تحویل میں لے لیا ہے، تاہم تاحال واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں ہو سکی۔ زخمی بچوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے، جبکہ اہلِ خانہ شدید پریشان ہیں۔

  • پنجاب کے کالجز میں بھارتی گانوں پر ڈانس اور غیر اخلاقی سرگرمیوں پر پابندی

    پنجاب کے کالجز میں بھارتی گانوں پر ڈانس اور غیر اخلاقی سرگرمیوں پر پابندی

    لاہور(باغی ٹی وی) پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے سرکاری اور نجی کالجز میں بھارتی گانوں پر ڈانس سمیت غیر اخلاقی اور نازیبا سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی۔ اس حوالے سے صوبے بھر کے ڈائریکٹر کالجز اور پرنسپلز کو باقاعدہ سرکلر جاری کر دیا گیا ہے، جس میں سختی سے ہدایات دی گئی ہیں کہ ان احکامات کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

    سرکلر کے مطابق پنجاب کے تمام کالجز میں اسپورٹس گالا، فن فئیرز اور دیگر تقریبات میں ڈانس اور بھارتی گانے بجانے پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس کے علاوہ، فحش لباس پہننے اور نازیبا جملے بولنے کی بھی سختی سے ممانعت کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے طلبہ کے کردار سازی کے مراکز ہیں، جہاں غیر تعلیمی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

    ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے تمام کالجز کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اداروں میں تعلیمی اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیں تاکہ طلبہ کا دھیان صرف تعلیم اور اخلاقی اقدار پر رہے۔ سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی بھی کالج میں ان احکامات کی خلاف ورزی پائی گئی تو متعلقہ انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے تمام تعلیمی اداروں سے فوری طور پر ان احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اور متنبہ کیا ہے کہ مستقبل میں اس طرح کی غیر تعلیمی سرگرمیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔

  • شدید ژالہ باری اور موسلا دھار بارش، فصلیں تباہ، کسان پریشان

    شدید ژالہ باری اور موسلا دھار بارش، فصلیں تباہ، کسان پریشان

    لاہور(باغی ٹی وی )بھکر کے علاقے جنڈانوالہ میں رات دو بجے ہونے والی شدید ژالہ باری نے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ ژالہ باری اتنی شدید تھی کہ لوگوں نے پوری رات جاگ کر اپنے مکانوں کی چھتوں سے برف ہٹائی، کیونکہ برف کے جمع ہونے سے چھتوں کے پرنالے مکمل بند ہوگئے اور بارش کے پانی کی نکاسی رک گئی، جس کے باعث کئی مکانات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری نے تباہی مچادی، کھڑی فصلیں مکمل برباد، کسان پریشان حال ہیں سب سے خطرناک صورتحال بھکر کے علاقے جنڈانوالہ میں پیدا ہوئی جہاں رات دو بجے ہونے والی شدید ژالہ باری نے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ ژالہ باری اتنی شدید تھی کہ لوگوں نے پوری رات جاگ کر اپنے مکانوں کی چھتوں سے برف ہٹائی، کیونکہ برف کے جمع ہونے سے چھتوں کے پرنالے مکمل بند ہوگئے اور بارش کے پانی کی نکاسی رک گئی، جس کے باعث کئی مکانات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

    ژالہ باری کے نتیجے میں گندم،چنا، کنولا، سرسوں، چارہ جات اور باغات کو شدید نقصان پہنچا۔ مقامی کسانوں کے مطابق ژالہ باری اتنی شدید تھی کہ کھیتوں میں کھڑی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں، جس سے ان کی سال بھر کی محنت ضائع ہوگئی۔ کئی علاقوں میں آم اور دیگر پھلوں کے باغات بھی بری طرح متاثر ہوئے۔

    پنجاب کے دیگر شہروں منڈی بہاؤالدین، چکوال، اٹک، گجرات اور جہلم میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ مری میں بادل کھل کر برسے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

    خیبرپختونخوا کے چترال، کالام، بالاکوٹ اور بنوں میں بھی بارش کے باعث درجہ حرارت میں کمی آئی، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف مقامات پربارش ہوئی ہے

    دوسری طرف متاثرہ کسانوں کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی مہنگی کھاد اور بیجوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار تھے، اب فصلیں تباہ ہونے سے مزید مسائل میں گھر گئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے اور متاثرہ کسانوں کو مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ آئندہ کی فصل کے لیے کچھ کر سکیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارش اور بعض علاقوں میں ژالہ باری کا امکان ہے، جس سے صورتحال مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے۔ ماہرین نے کسانوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ممکنہ نقصانات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

  • میرپورماتھیلو: جروار میں سیپکو کارروائی پر جھڑپیں، اہلکار زخمی، احتجاج جاری

    میرپورماتھیلو: جروار میں سیپکو کارروائی پر جھڑپیں، اہلکار زخمی، احتجاج جاری

    میرپورماتھیلو، باغی ٹی وی (نامہ نگار مشتاق لغاری) جروار میں بجلی چوری کے خلاف سیپکو کی کارروائی، مزاحمت پر جھڑپیں، اہلکار زخمی، احتجاج جاری

    تفصیلات کے مطابق گھوٹکی کی تحصیل میرپورماتھیلو کے شہر جروار میں سیپکو، پولیس اور رینجرز نے بجلی چوری کے خلاف مشترکہ کارروائی کی، جس پر مقامی افراد نے شدید مزاحمت کی۔ صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب میر خان گبول کے رہائشیوں نے سیپکو کے ملازمین اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا، جس میں ایک سیپکو اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ سیپکو کی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

    پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گبول برادری کے ایک نوجوان کو گرفتار کرلیا، جس کے بعد علاقے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔ گرفتاری کے خلاف گبول برادری کے افراد نے جروار میں احتجاج شروع کر دیا، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ گرفتار نوجوان کو فوری رہا کیا جائے اور سیپکو کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں کو روکا جائے۔

    ادھر، سیپکو حکام کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف مہم بلا تفریق جاری رہے گی، جبکہ پولیس نے واضح کیا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی

    دوسری طرف بجلی چوری کے خلاف کارروائی کے دوران جروار میں درگاہ حاصل فقیر بوزدار کا ٹرانسفارمر سیپکو واپڈا نے رینجرز کی مدد سے اتار کر لے گئے ہیں۔

  • گوجرانوالہ: سفاک سسرالیوں نے طلاق کے بدلے آڑھتی کو اجرتی قاتلوں سے قتل کروا دیا

    گوجرانوالہ: سفاک سسرالیوں نے طلاق کے بدلے آڑھتی کو اجرتی قاتلوں سے قتل کروا دیا

    گوجرانوالہ،باغی ٹی وی (نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) سفاک سسرالیوں نے طلاق کے بدلے آڑھتی کو اجرتی قاتلوں سے قتل کروا دیا

    تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے تھانہ اروپ کے علاقہ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں سفاک سسرالیوں نے طلاق کے بدلے آڑھتی کو اجرتی قاتلوں کے ذریعے قتل کروا دیا۔ مقتول فہد منیر لکڑ منڈی میں اپنی دکان پر موجود تھا کہ نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں فہد منیر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق فہد منیر نے چند روز قبل اپنی بیوی کو طلاق دی تھی۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مقتول کے سسرالیوں نے اجرتی قاتلوں کے ذریعے فہد منیر کو قتل کروایا ہے۔

    واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیں گے اور مقتول کے خاندان کو انصاف فراہم کریں گے۔

  • ڈیرہ غازیخان:آر پی او کی کھلی کچہری، عوامی مسائل کے فوری حل کے احکامات

    ڈیرہ غازیخان:آر پی او کی کھلی کچہری، عوامی مسائل کے فوری حل کے احکامات

    ڈیرہ غازی خان(نیوز رپورٹرشاہدخان) آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی جانب سے عوامی مسائل کے حل کے لیے روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے، جہاں شہریوں کی شکایات سنی جا رہی ہیں اور فوری احکامات جاری کیے جا رہے ہیں۔

    کھلی کچہری میں ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، راجن پور اور لیہ سے آئے سائلین کی درخواستوں پر سماعت کی گئی، جس کے بعد آر پی او نے متعلقہ افسران کو فوری ایکشن لینے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مارک کی گئی تمام درخواستوں کا مکمل فالو اپ لینے کا بھی حکم دیا۔

    آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی شہری کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی اور انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

  • پی ٹی آئی اقتدار کی بھوکی، ملک دشمن پروپیگنڈا کر رہی ہے: خواجہ آصف

    پی ٹی آئی اقتدار کی بھوکی، ملک دشمن پروپیگنڈا کر رہی ہے: خواجہ آصف

    اسلام آباد(باغی ٹی وی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں تہلکہ خیز انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف اقتدار کی جنگ تو لڑ سکتی ہے، لیکن ملک کی نہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر دہشت گردی کے واقعے پر ملک دشمن پروپیگنڈا کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ یہ لوگ شہداء کی توہین کر رہے ہیں۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بولان واقعہ کو جس طرح پیش کیا، وہ سب نے دیکھا۔ انہوں نے فوج کی کامیابی کے بجائے کہا کہ دہشت گردوں نے لوگوں کو خود چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا نے دہشت گردوں کو حملے کا کریڈٹ دیا۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں میں اتنی جرات نہیں کہ وہ یہاں آ کر قانون کا سامنا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے واقعے میں ملوث تمام دہشت گردوں کا صفایا کر دیا ہے اور یہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک بڑا سنگ میل ہے۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ جعفر ایکسپریس واقعے میں بہت زیادہ اموات ہو سکتی تھیں، لیکن سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے بڑے نقصان سے بچا لیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج کے ساتھ کھڑی رہے، تو ہم ضرور کامیاب ہوں گے۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے اپنی تقریر میں ہماری قیادت اور صدر مملکت پر حملہ کیا اور ہر چیز کو غیر قانونی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اپنے ماضی پر نظر دوڑانی چاہیے۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ دو روز میں سیکڑوں لوگوں کو یرغمال بنایا گیا اور انہیں بے دردی سے شہید کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے جو کردار ادا کیا ہے، تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دہشت گردی ختم نہیں ہوتی، یہ جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی کسی مزید آپریشن کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے، لیکن امکان ہے کہ آپریشن کیا جائے گا۔

  • اوچ شریف: عباسیہ کینال پر جنگل کی کٹائی، پولیس کی کارروائی، 3 گرفتار

    اوچ شریف: عباسیہ کینال پر جنگل کی کٹائی، پولیس کی کارروائی، 3 گرفتار

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں سرکاری جنگلات کی لوٹ مار کا انکشاف ہوا ہے۔ ہیڈ پنجند سے نکلنے والی عباسیہ کینال پر قیمتی درختوں کی غیر قانونی کٹائی جاری ہے، جس میں بلاک آفیسر کی مبینہ ملی بھگت کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین لکڑی چوروں کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ چھ ٹریکٹر ٹرالیوں پر لکڑی لوڈ کر کے چور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    تھانہ صدر علی پور کے ایس ایچ او حسنین اسلم نے پولیس نفری کے ہمراہ رات گئے نہر کنارے چھاپہ مارا، جہاں بڑی تعداد میں شیشم اور دیگر قیمتی درخت کٹے ہوئے تھے۔ پولیس کو دیکھ کر ملزمان فرار ہو گئے، تاہم تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے ڈھائی لاکھ روپے سے زائد مالیت کی چوری شدہ لکڑی، ایک لوڈر رکشہ اور آرا مشین برآمد ہوئی۔

    ملزمان نے دوران تفتیش اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دیے۔ پولیس کے مطابق، بلاک آفیسر روزانہ کی بنیاد پر رات کے وقت لکڑی چوروں سے سرکاری درختوں کی غیر قانونی کٹائی کرواتا ہے۔ پولیس نے محکمہ نہر کو اطلاع دی، لیکن بلاک آفیسر سمیت دیگر افسران نے کارروائی سے انکار کر دیا۔

    پولیس تھانہ صدر علی پور نے چوری شدہ لکڑی، آرا مشینیں، کلہاڑے اور رکشہ قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری درختوں کی کٹائی میں ملوث افراد اور ان کے سرپرستوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

  • اوچ شریف:دشمن کے خلاف متحد ہوں،قومی سلامتی کے لیے فوج کا ساتھ دیں۔قانونی وسماجی حلقے

    اوچ شریف:دشمن کے خلاف متحد ہوں،قومی سلامتی کے لیے فوج کا ساتھ دیں۔قانونی وسماجی حلقے

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے قانونی اور سماجی حلقوں نے ملک کو درپیش چیلنجز اور دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی فوج اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہو۔

    معروف قانون دان ملک طاہر منظور ایڈووکیٹ اور صدر اوچ سول سوسائٹی عمر خورشید سہمن نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ قومیں مشکل وقت میں بنتی ہیں، بکھرتی نہیں! اگر دشمن ہم پر حملہ کرے تو بحیثیت قوم ہمیں اپنی سکیورٹی فورسز کی مکمل حمایت کرنی چاہیے، نہ کہ ان پر تنقید کر کے دشمن کے عزائم کو تقویت دی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی ملک ایسا نہیں جو اپنی افواج کی حوصلہ شکنی کر کے مضبوط ہوا ہو۔ ترقی یافتہ ممالک میں جب کوئی بحران آتا ہے تو وہاں کی قومیں اور ادارے متحد ہو کر دشمن کے خلاف کھڑے ہو جاتے ہیں۔ اگر ہماری سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف جنگ نہ لڑیں تو کیا ہم خود جا کر ان سے لڑیں گے؟ مزید انہیں کہنا تھا کہ یہ وقت سیاسی یا نظریاتی اختلافات کا نہیں بلکہ اتحاد کا ہے۔

    ملک دشمن عناصر ہر ممکن طریقے سے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش میں ہیں۔ اگر ہم اپنی ہی سکیورٹی فورسز کو کمزور کریں گے تو دشمن مزید طاقتور ہوگا۔ ہمیں ہر حال میں اپنے ان سپاہیوں اور افسران کو یقین دلانا ہوگا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یہ جنگ صرف فورسز کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہے۔ ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام اداروں اور عوام کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ دشمن ہمیشہ کمزور اور منتشر قوموں پر حملہ آور ہوتا ہے لیکن اگر ہم متحد ہو جائیں تو کوئی بھی ہمیں شکست نہیں دے سکتا۔

    ملک طاہر منظور ایڈووکیٹ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی مایوسی یا منفی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں اور اپنی افواج اور سکیورٹی فورسز کا مکمل ساتھ دی، کیونکہ پاکستان کی سلامتی اور بقا اسی میں ہے کہ ہم سب ایک قوم بن کر آگے بڑھیں۔

  • اوچ شریف: کھوجی کتوں کا غیر قانونی دھندا عروج پر، بے گناہ شہریوں کی زندگیوں سے کھلواڑ

    اوچ شریف: کھوجی کتوں کا غیر قانونی دھندا عروج پر، بے گناہ شہریوں کی زندگیوں سے کھلواڑ

    اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف اور اس کے گردونواح میں کھوجی کتوں کے ڈاگ سینٹرز کا غیر قانونی کاروبار عروج پر پہنچ گیا ہے۔ ڈاگ سینٹرز کے ایجنٹ شہریوں سے بھاری رقوم بٹور رہے ہیں، جبکہ پولیس بھی اپنی ذمہ داریوں سے جان چھڑانے کے لیے ان غیر مستند کھوجی کتوں پر انحصار کر رہی ہے۔ اس غیر قانونی طریقہ کار کے باعث کئی بے گناہ شہری جیلوں میں بند ہیں اور درجنوں خاندان جھوٹے الزامات کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے مختلف علاقوں موضع مانجھی والا، بن والا، بیٹ بختیاری، دھوڑکوٹ، حلیم پور، خیر پور ڈاہا اور دیگر مقامات پر موجود ڈاگ سینٹرز کے مالکان اور ایجنٹ انسانی تذلیل کا بازار گرم کیے ہوئے ہیں۔ کھوجی کتوں کے ذریعے لوگوں کو چوری، ڈکیتی اور دیگر مقدمات میں ملوث کر کے بلیک میل کیا جا رہا ہے۔

    چوری کی واردات کے بعد متاثرہ شخص سے ڈاگ سینٹر کے ایجنٹ رابطہ کرتے ہیں اور انہیں اپنی چرب زبانی سے قائل کر لیتے ہیں کہ چوری کا سراغ لگانے کے لیے کھوجی کتے کا استعمال ضروری ہے۔ ایجنٹ بھاری فیس وصول کر کے کھوجی کتے کو مخصوص انداز میں کسی بھی گھر میں داخل کرواتے ہیں اور پھر اسی گھر کے افراد پر چوری کا الزام لگا دیا جاتا ہے۔

    یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ کھوجی کتوں کی نشاندہی پر گاؤں کی پنچایتوں میں لوگوں کو قرآن پاک پر حلف اٹھانے پر مجبور کیا جاتا ہے جو کہ ایک غیر شرعی اور غیر قانونی عمل ہے۔ مقامی کھوجی اور ڈاگ سینٹر کے مالکان پہلے سے مخصوص ٹارگٹ طے کر کے کھوجی کتوں کو متعلقہ گھر کی طرف بھیجتے ہیں، جہاں کتے کے بیٹھ جانے پر پولیس کارروائی عمل میں لے آتی ہے اور بے گناہ افراد کو جیل بھیج دیا جاتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق یہ ڈاگ سینٹرز زیادہ تر اوکاڑہ، بہاولپور، ملتان اور دیگر شہروں میں ریٹائرڈ آرمی افسران یا کسی میجر کے نام پر چلائے جا رہے ہیں۔ ان مراکز کے مالکان اپنے ایجنٹوں کے ذریعے وزیٹنگ کارڈ تقسیم کرتے ہیں اور ایک چوری کا سراغ لگانے کے لیے 15,000 سے 20,000 روپے تک وصول کیے جاتے ہیں۔ اگر دوبارہ کھوجی کتے کو چھوڑنے کی ضرورت پیش آئے تو فیس دُگنی کر دی جاتی ہے۔

    ایجنٹوں کے ہاتھوں لٹنے والے کئی متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ مافیا پہلے سے ہی ٹارگٹ طے کر کے لوگوں کو بلیک میل کرتا ہے۔ مخصوص الفاظ جیسے "اپنا کام کرو”، "تلاش کرو”، "فائنل کرو” کا استعمال کر کے کتے کو مخصوص گھر میں داخل کرایا جاتا ہے اور الزام اس گھر کے افراد پر ڈال دیا جاتا ہے۔

    یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پنجاب کی مختلف جیلوں میں ہزاروں افراد صرف کھوجی کتوں کی غلط نشاندہی کی بنیاد پر قید ہیں۔ اگر کسی چوری یا ڈکیتی کے دوران کوئی ہلاکت ہو جائے تو پولیس تفتیش کرنے کے بجائے فوراً کھوجی کتوں کو طلب کر لیتی ہے اور ان کی غلط نشاندہی پر بے گناہ لوگوں کو قتل جیسے سنگین الزامات میں پھنسا دیا جاتا ہے۔

    شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان ڈاگ سینٹرز کے خلاف فوری کارروائی کرے اور پولیس کو واضح ہدایات جاری کرے کہ کھوجی کتوں کی نشاندہی پر کسی بھی قسم کی ایف آئی آر درج نہ کی جائے۔ بصورت دیگر، معصوم لوگ اسی طرح ناکردہ جرم کی سزا بھگتتے رہیں گے اور کئی بے گناہ خاندان دشمنیوں کا شکار ہوتے رہیں گے۔