Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • کھانا کم،دلہن کے بغیر بارات  واپس،پولیس نے کی  تھانے سے دلہن کی رخصتی

    کھانا کم،دلہن کے بغیر بارات واپس،پولیس نے کی تھانے سے دلہن کی رخصتی

    باغی ٹی وی:ٹائمزآف انڈیا کے مطابق بھارت کی ریاست گجرات میں شادی کی تقریب اس وقت تنازع کا شکار ہو گئی جب کھانے کی کمی پر دلہا بارات واپس لے گیا۔ دلہن نے پولیس سے مدد لی تو تھانے میں ہی شادی کی باقی رسومات مکمل کرا دی گئیں۔

    واقعہ سورت کے علاقے لکشمی نگر واڈی وراچھا میں پیش آیا، جہاں دلہا راہول پرمود مہانتو اور دلہن انجلی کماری کی شادی جاری تھی۔ تقریب میں موجود 100 باراتیوں کو کھانے میں کمی محسوس ہوئی، جس پر دلہا کے خاندان نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے شادی چھوڑ دی اور دلہن کو ساتھ لے جانے سے انکار کر دیا۔

    مایوس دلہن نے فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن پر رابطہ کیا، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دلہا اور اس کے اہلخانہ کو تھانے طلب کیا۔ مذاکرات کے بعد دلہا نے شادی تو جاری رکھنے پر آمادگی ظاہر کی لیکن شادی ہال واپس جانے سے انکار کر دیا۔ اس صورتحال میں پولیس افسران نے جوڑے کی درخواست پر تھانے میں ہی جئے مالا اور وداعی کی رسومات مکمل کرائیں، خود باراتیوں کا کردار ادا کیا اور خوش اسلوبی سے معاملہ نمٹا دیا۔

  • اوکاڑہ: یوم یکجہتی کشمیر کی بھرپور تیاریاں مکمل

    اوکاڑہ: یوم یکجہتی کشمیر کی بھرپور تیاریاں مکمل

    اوکاڑہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ محمد عمر طیب نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیریوں سے والہانہ محبت کا اظہار کرتی ہے اور کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی پرزور مذمت کرتی ہے۔ اس سلسلے میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 5 فروری کو تمام ادارے بھرپور انداز میں تیاری کریں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر تمام متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں محکمہ صحت، تعلیم، کالجز، سپورٹس، ریسکیو 1122، میونسپل کمیٹی، ضلع کونسل، پاپولیشن ویلفیئر، ٹریفک پولیس سمیت تمام محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کمیٹی اور ضلع کونسل کی جانب سے شہر میں بینرز اور فلیکسیں آویزاں کی جائیں، سکولوں کالجز میں تقریبات منعقد کی جائیں اس کے علاوہ تینوں تحصیلوں میں ریلیاں بھی نکالنے کے لیے تیاریاں مکمل کی جائیں۔

  • ٹھٹھہ:سندھ، صوفیوں کی سرزمین، امن و محبت کا گہوارہ ہے.جاوید صبغت اللہ مہر

    ٹھٹھہ:سندھ، صوفیوں کی سرزمین، امن و محبت کا گہوارہ ہے.جاوید صبغت اللہ مہر

    ٹھٹھہ ،باغی ٹی وی(بلاول سموں) صوبائی سیکریٹری برائے اوقاف، مذہبی امور، زکوات و عشر جاوید صبغت اللہ مہر نے کہا ہے کہ سندھ صوفی بزرگوں اور درویشوں کی سرزمین ہے، جنہوں نے ہمیشہ امن، محبت، پیار، رواداری، بھائی چارے اور اخوت کا درس دیا ہے۔ ان کی تعلیمات پر عمل کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے بزرگوں کی درگاہیں ہماری روحانیت کا قیمتی اثاثہ ہیں، جو لوگوں کو فیض و برکتوں کا ذریعہ فراہم کرتی ہیں۔

    یہ بات انہوں نے سندھ کے عظیم صوفی بزرگ حضرت عبداللہ شاہ اصحابی کی مزار پر چادر چڑھانے کے بعد دعا کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی سیکریٹری جاوید صبغت اللہ مہر کا کہنا تھا کہ درگاہوں پر آنے والے زائرین و عقیدتمندوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنا محکمہ اوقاف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ درگاہوں کے تقدس کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔

    اس موقع پر، انہوں نے حضرت عبداللہ شاہ اصحابی کی درگاہ کے احاطے میں بنائے گئے شیلٹرز کا معائنہ کیا اور زائرین کے لیے نئے مسافر خانہ اور کمروں کی تعمیر کے کام میں سست روی پر برہمی کا اظہار کیا۔ صوبائی سیکریٹری نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مسافر خانہ اور کمروں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ واش رومز کی مرمت کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ زائرین کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حضرت عبداللہ شاہ اصحابی کے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر (جو 12 تا 14 فروری 2025ء تک جاری رہے گا) دربار کے اطراف کی مکمل مانیٹرنگ کے لیے سی سی ٹی وی کنٹرول روم کے قیام، واک تھرو گیٹس کی تنصیب، پینے کے صاف پانی، وضوء، واش رومز، مسافر خانہ اور لنگر کے انتظامات کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے تاکہ زائرین کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

    اس کے بعد، صوبائی سیکریٹری جاوید صبغت اللہ مہر نے مخدوم محمد ہاشم ٹھٹھوی لائبریری مکلی کا بھی دورہ کیا اور اس کی مرمت اور تزئین و آرائش کے کام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف کو ہدایت کی کہ لائبریری کے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ اس کو فعال اور مفید بنایا جا سکے۔

  • حافظ آباد: پروفیسر  کے گھر سے چور 11 لاکھ روپے مالیت کا سامان  لے اُڑے

    حافظ آباد: پروفیسر کے گھر سے چور 11 لاکھ روپے مالیت کا سامان لے اُڑے

    حافظ آباد،باغی ٹی وی (خبر نگار) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کے پروفیسر عثمان حنیف ساقی کے سیٹلائٹ ٹاون میں واقع گھر میں چوری کی بڑی واردات ہوئی، جس میں چوروں نے ایک موٹر سائیکل، 11 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی سامان چرالیا۔

    تفصیلات کے مطابق پروفیسر عثمان حنیف ساقی لاہور گئے ہوئے تھے اور اس دوران نامعلوم چوروں نے ان کے گھر میں داخل ہو کر تقریباً 11 لاکھ روپے مالیت کا سامان، نقدی اڑھائی لاکھ روپے، مکان کی رجسٹری، موٹر سائیکل اور دو کاروں کے کاغذات چرا لیے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے، مگر ابھی تک کسی بھی ملزم کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔

    پولیس نے فوری طور پر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے اس واردات کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

  • اوکاڑہ: ریسکیو 1122 ،گزشتہ ماہ 4761 ایمرجنسیز پر بروقت ریسپانس

    اوکاڑہ: ریسکیو 1122 ،گزشتہ ماہ 4761 ایمرجنسیز پر بروقت ریسپانس

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک ظفر) ریسکیو 1122 اوکاڑہ نے گزشتہ ماہ 4761 ایمرجنسی کالز پر بروقت ریسپانس کیا اور 4767 افراد کو امداد فراہم کی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام کی زیر صدارت سنٹرل اسٹیشن اوکاڑہ میں ماہانہ کارکردگی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایمرجنسی سروسز کی تفصیلات جاری کی گئیں۔

    پچھلے ماہ ریسکیو 1122 اوکاڑہ کو 15408 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 4761 ایمرجنسی کالز تھیں۔ ان ایمرجنسیز میں 1022 روڈ ٹریفک حادثات، 3201 میڈیکل ایمرجنسیز، 49 آگ لگنے کے واقعات، 89 کرائم اور 400 دیگر متفرق حادثات شامل تھے۔

    ریسکیو 1122 نے روڈ ٹریفک حادثات میں متاثرہ 1162 افراد میں سے 18 افراد کو جان کی بازی ہارتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا، جبکہ 620 افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور 524 افراد کو ہسپتال بھیج دیا گیا۔

    آگ لگنے کے 49 واقعات میں سے 15 کمرشل ایریا، 27 دیگر ایریا اور 7 رہائشی علاقوں میں آگ کی وارداتیں پیش آئیں، جس سے بروقت ریسپانس کے ذریعے تقریباً 46 ملین روپے کی پراپرٹی کو بچایا گیا۔

    ریسکیو 1122 کی موٹر بائیک سروس نے 2552 ایمرجنسیز پر بروقت ریسپانس کیا اور 2614 افراد کو مدد فراہم کی۔ اس کے علاوہ، 280 مریضوں کو بہتر طبی امداد کے لیے دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

  • اوکاڑہ: صدر گوگیرہ میں ناجائز تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا گرینڈ آپریشن

    اوکاڑہ: صدر گوگیرہ میں ناجائز تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا گرینڈ آپریشن

    اوکاڑہ,باغی وی (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے علاقے صدر گوگیرہ میں ضلعی انتظامیہ نے ناجائز تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر نگرانی اس آپریشن میں ضلع کونسل کے ملازمین نے عرصہ دراز سے قائم ناجائز تجاوزات کو مسمار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انفورسمنٹ آفیسر مدثر نذیر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ گوگیرہ میں عارضی اور پختہ تجاوزات کو ہٹایا۔ ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ یہ آپریشن عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے، جس سے ضلع بھر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا اور عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو گا۔

    عوامی حلقوں نے حکومت پنجاب کے اس بے مثال اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔

  • اوکاڑہ: عوامی میڈیا کونسل کا اجلاس، مثبت صحافت کے فروغ کا عہد

    اوکاڑہ: عوامی میڈیا کونسل کا اجلاس، مثبت صحافت کے فروغ کا عہد

    اوکاڑہ،باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں عوامی میڈیا کونسل کا خصوصی اجلاس چیف آرگنائزر محمد آصف کھوکھر کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں تمام ممبران نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مثبت صحافت کے ذریعے عوامی خدمات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

    محمد آصف کھوکھر نے ممبران کو مثبت صحافت کو فروغ دینے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں عوام کے مسائل اجاگر کرنے اور دکھی انسانیت کی مدد کرنے کو اپنی اولین ترجیح بنانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی میڈیا کونسل کو اپنے پلیٹ فارم کو عوامی مسائل کے تدارک کے لیے پیش پیش رکھنا چاہیے، اور ممبران کو اپنے علاقوں کے مسائل کی نشاندہی کر کے اعلیٰ حکام تک عوام کی آواز پہنچانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

    انہوں نے 2025 کے انتخابات کے انعقاد کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ رواں ماہ انتخابات کروا دیے جائیں گے تاکہ ذمہ دار ارکان اپنی صحافتی سرگرمیاں بہتر انداز میں جاری رکھ سکیں۔

  • لنڈی کوتل: فٹ سال کلب نے نیشنل گیمز چمپئن شپ جیت لی

    لنڈی کوتل: فٹ سال کلب نے نیشنل گیمز چمپئن شپ جیت لی

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) لنڈی کوتل فٹ سال کلب انڈر 17 نے اسلام آباد میں منعقدہ دوسری نیشنل سٹوڈنٹس گیمز 2025 میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے چمپئن شپ اپنے نام کی۔ اس تاریخی فتح میں لنڈی کوتل کے کھلاڑیوں نے اسلام آباد سٹی ہاکس کو شکست دی، جو تین سال تک مسلسل چمپئن رہ چکے تھے۔

    ضلع خیبر سے محمد ارشد کی قیادت میں تیس کھلاڑیوں پر مشتمل دستہ نے اس مقابلے میں شرکت کی، جبکہ حیات نذیر شینواری، محمد یاسین، فیض محمد، اور امان نے ٹیم آفیشلز کے طور پر حصہ لیا۔

    اس کامیابی کے حوالے سے یاسین خان اور فیض محمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لنڈی کوتل کے کھلاڑیوں نے نیشنل گیمز میں اپنے وطن کا نام روشن کیا ہے اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کھلاڑی پہلے بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں اور آئندہ بھی میدان میں سرخرو ہوں گے۔

    آخر میں انہوں نے عوامی نمائندگان اور حکام سے اپیل کی کہ لنڈی کوتل کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ مزید کامیابیاں حاصل کر سکیں۔ اس موقع پر ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ پیرزادہ، سینئر وائس پریزیڈنٹ پاکستان سٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن قمر رانجھا اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

    لنڈی کوتل کے کھلاڑیوں نے اس کامیابی کو خیبر سپورٹس کلب کے صدر معراج الدین شینواری اور جنرل سیکرٹری کلیم اللہ شینواری کی حمایت کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب لنڈی کوتل کے صدر شاہ رحمان شینواری اور پریس کلب ممبرز کا شکریہ بھی ادا کیا۔

  • اوچ شریف: ٹینکی گراؤنڈ پارک مسائل کا شکار، شہریوں کا احتجاج

    اوچ شریف: ٹینکی گراؤنڈ پارک مسائل کا شکار، شہریوں کا احتجاج

    اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا ٹینکی گراؤنڈ پارک تکمیل کے فوراً بعد ہی مسائل کا شکار ہو گیا ہے۔ جوگنگ ٹریک جگہ جگہ سے ٹوٹ چکا ہے، فوارہ چالو نہیں کیا گیا، اور پارک کے مختلف حصوں میں گندگی کے انبار لگے ہوئے ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کی عدم دلچسپی کی وجہ سے پارک کے حالات دگرگوں ہو چکے ہیں۔ گراسی پلاٹ میں گھاس کے جھنڈ بن گئے ہیں اور سانپ بچھو جیسے موذی حشرات کی بھرمار ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ، پارک سے ملحقہ رہائشی کوارٹرز میں مکینوں نے گدھے باندھ دیے ہیں جس سے گندگی کے ڈھیر اور تعفن نے پارک کے ماحول کو مزید خراب کر دیا ہے۔

    شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ شام ہوتے ہی پارک میں نشئی افراد جمع ہو جاتے ہیں اور سرعام منشیات استعمال کرتے ہیں، جس سے پارک کا ماحول مزید بگڑ گیا ہے۔ پارک میں لگایا گیا فلٹریشن پلانٹ آلودہ ہو چکا ہے، ٹونٹیاں ناکارہ ہیں، اور بلب بھی غائب ہیں۔

    شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاول پور سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس پارک کی حالت درست کرائیں تاکہ شہریوں کو ایک محفوظ اور خوشگوار ماحول میں تفریح کا موقع مل سکے۔

  • اوچ شریف: علی حسن گیلانی شہید چوک پر فلائی اوور نہ ہونے سے حادثات میں اضافہ

    اوچ شریف: علی حسن گیلانی شہید چوک پر فلائی اوور نہ ہونے سے حادثات میں اضافہ

    اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) مخدوم سید علی حسن گیلانی شہید چوک پر فلائی اوور کی تعمیر نہ ہونے کے باعث ٹریفک حادثات میں شدت آ چکی ہے، جس میں درجنوں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں اور کئی مستقل طور پر معذور ہو گئے ہیں۔
    شہریوں کا کہنا ہے کہ اوچ شریف کے علاقے میں روزانہ لاکھوں افراد کی آمد و رفت ہوتی ہے، تاہم یہاں سڑک پار کرنے کے لیے کوئی پل نہ ہونے کے باعث حادثات کا سلسلہ بڑھتا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ پانچ سالوں میں بیس سے زائد افراد ان حادثات کا شکار ہوئے، جن میں سے درجنوں مستقل معذور ہو چکے ہیں۔ حالیہ واقعہ میں اوچ شریف کے رہائشی ملک رفیق احمد ڈوڈی فلائی اوور نہ ہونے کی وجہ سے ایک تیز رفتار گاڑی کی زد میں آ گئے اور جان کی بازی ہار گئے۔

    شہریوں نے منتخب نمائندگان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے پر فوری توجہ دیں اور کم از کم دو فلائی اوور پل تعمیر کریں تاکہ شہریوں کو سڑک عبور کرنے کے لیے محفوظ سہولت میسر آ سکے اور مزید قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچ سکیں۔