Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: سمبڑیال میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے خلاف کریک ڈاؤن

    سیالکوٹ: سمبڑیال میں ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے خلاف کریک ڈاؤن

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف) ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحولیات ڈاکٹر محمد اویس کی زیرِ سربراہی ٹیموں نے سمبڑیال کی مین مارکیٹ میں اچانک چھاپے مار کر ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائی کی۔ دورانِ کارروائی 711 کلوگرام وزنی غیر قانونی پولی تھین بیگز ضبط کر لیے گئے، جبکہ 75 مائیکرون سے کم موٹائی کے شاپنگ بیگز کے استعمال پر متعدد دکانداروں کو مجموعی طور پر 45 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

    محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق، یہ کریک ڈاؤن ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے اور ماحولیاتی آلودگی کم کرنے کے لیے جاری رہے گا۔ شہریوں اور دکانداروں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ ممنوعہ پولی تھین بیگز کے بجائے ماحول دوست بیگز کا استعمال کریں ورنہ سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • لنڈی کوتل: نجی ہسپتال میں نومولود کا مبینہ غلط آپریشن، والد کی انصاف کے لیے دُہائی

    لنڈی کوتل: نجی ہسپتال میں نومولود کا مبینہ غلط آپریشن، والد کی انصاف کے لیے دُہائی

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) ڈسٹرکٹ خیبر پریس کلب (رجسٹرڈ) میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خوگاخیل کنڈوخیل کے رہائشی نہار علی نے اپنے نومولود بچے کی مبینہ طبی غفلت کے باعث ہلاکت پر اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کی۔

    نہار علی کے مطابق ان کے دو ماہ اور پندرہ دن کے بیٹے کو ہرنیا کی تکلیف تھی، جس پر وہ اسے لنڈی کوتل میں ڈاکٹر عزیر کے نجی کلینک لے گئے۔ ڈاکٹر نے فوری آپریشن کا مشورہ دیا، لیکن والدین نے مزید مشاورت کے لیے وقت مانگا اور اگلے دن پشاور کے خیبر ٹیچنگ اسپتال (KTH) لے جانے کا فیصلہ کیا۔ چونکہ بچے کو چیسٹ انفیکشن بھی تھا اور مالی مشکلات کا سامنا بھی تھا، اس لیے انہوں نے سرکاری ہسپتال میں آپریشن کی درخواست دی، لیکن ڈاکٹر عزیر کے اسسٹنٹ نے کہا کہ سرکاری ہسپتال میں آپریشن کے لیے ایک ماہ انتظار کرنا ہوگا، جب کہ نجی ہسپتال میں فوری آپریشن ممکن ہے، جس پر 24 ہزار روپے لاگت آئے گی۔

    نہار علی نے بتایا کہ بعد میں ایک جاننے والے کی درخواست پر ڈاکٹر نے انہیں ڈبگری گارڈن بلایا، جہاں اکبر میڈیکل سینٹر میں آپریشن کیا گیا۔ والد کے مطابق آپریشن کے اخراجات میں 20 ہزار روپے ڈاکٹر، 10 ہزار روپے ہسپتال، 2500 روپے ٹیسٹوں اور 4000 روپے اضافی چارجز شامل تھے۔ لیکن آپریشن کے بعد بچے کی حالت مزید بگڑ گئی۔

    بچے کی طبیعت خراب ہونے پر ایک دوسرے ڈاکٹر نے معائنہ کیا اور ویڈیو بنا کر ڈاکٹر عزیر کو بھجوائی۔ جس پر ڈاکٹر نے انہیں فوری طور پر کے ٹی ایچ بلایا، لیکن بچے کی نازک حالت کے پیش نظر وہ اسے وہاں منتقل نہیں کر سکے۔ بعد میں ڈاکٹر نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال (LRH) شفٹ کرنے کا کہا، جہاں پہنچنے سے پہلے ہی بچے کو جھٹکے لگنے لگے اور اس کی حالت مزید بگڑ گئی۔ ہسپتال پہنچنے پر ایک اور ڈاکٹر نے انکشاف کیا کہ غلط انستھیزیا اور انفیکشن کی وجہ سے بچے کی حالت بگڑ گئی تھی اور وہ تڑپ تڑپ کر جان کی بازی ہار گیا۔

    نہار علی نے الزام لگایا کہ اگر سرکاری ہسپتال میں بروقت آپریشن کی اجازت دی جاتی تو ان کے بچے کی جان بچ سکتی تھی، لیکن انہیں نجی ہسپتال کے مہنگے علاج کی طرف دھکیلا گیا، جہاں سہولیات نہ ہونے کے برابر تھیں، جس کی وجہ سے ان کے معصوم بچے کی جان چلی گئی۔

    آخر میں‌نہار علی نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی تاکہ مستقبل میں کسی اور کے ساتھ ایسا سانحہ پیش نہ آئے۔

  • سیالکوٹ: 3 فروری سے پولیو مہم ، 7 لاکھ 95 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے

    سیالکوٹ: 3 فروری سے پولیو مہم ، 7 لاکھ 95 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ضلع سیالکوٹ میں رواں سال کی پہلی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز 3 فروری سے کیا جائے گا، جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر 7 لاکھ 95 ہزار 877 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے ضلعی انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ اس قومی مہم میں 6,288 پولیو ورکرز حصہ لیں گے، جنہیں 2,879 ٹیموں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان میں:
    🔹 2,276 موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر، اسکولوں، جھونپڑ بستیوں، بھٹوں اور کچی آبادیوں میں بچوں کو ویکسین پلائیں گی۔
    🔹 133 فکسڈ/ رومنگ ٹیمیں بنیادی مراکز صحت، دیہی مراکز اور اسپتالوں میں خدمات انجام دیں گی۔
    🔹 69 ٹرانزٹ ٹیمیں بس اسٹینڈز، ریلوے اسٹیشنز، اہم چوراہوں اور مصروف مقامات پر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ مہم کی کامیابی کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داری قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں، جبکہ رومنگ اور ٹرانزٹ ٹیموں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس اہلکار ہر وقت موجود رہیں گے۔

  • سیالکوٹ:اسمارٹ پولیسنگ،سنیپ چیکنگ کے لیے جدید ٹیمیں تشکیل

    سیالکوٹ:اسمارٹ پولیسنگ،سنیپ چیکنگ کے لیے جدید ٹیمیں تشکیل

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض) ڈی پی او فیصل شہزاد کا اہم اقدام، شہریوں کو محفوظ ماحول دینے کے لیے سٹی سیالکوٹ اور ڈسکہ میں جدید سنیپ چیکنگ ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

    یہ اسپیشل ٹیمیں باڈی کیم، بلٹ پروف جیکٹس، جدید اسلحہ اور الیکٹرانک گیجٹس سے لیس ہوں گی، جنہیں سیف سٹی سسٹم سے منسلک کیا گیا ہے۔ ٹیمیں کرائم ہاٹ اسپاٹس پر سرپرائز چیک پوسٹ قائم کر کے 45 منٹ میں سنیپ چیکنگ مکمل کریں گی، جبکہ مشکوک افراد کو کرائم پروینشن ایپ کے ذریعے چیک کیا جائے گا۔

    پولیس ٹیم کے باڈی کیم سے ہونے والی آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ سیف سٹی ڈیٹا سسٹم کا حصہ ہوگی، جس سے نہ صرف مجرموں کی سرکوبی بلکہ پولیس کے رویے کی نگرانی بھی ممکن ہوگی۔ شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے ڈی پی او نے کہا کہ یہ اقدام عوامی تحفظ اور بہتر پولیس سروس ڈلیوری کے لیے ہے۔

    عوامی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے، ٹریفک پولیس اسٹاف کو بھی باڈی کیم سے لیس کر دیا گیا ہے، جس کا لنک سیف سٹی سسٹم سے ہوگا، تاکہ غیر ضروری چالان اور ناروا سلوک کی روک تھام کی جا سکے۔

    ڈی پی او فیصل شہزاد کے مطابق، جدید آئی ٹی بیسڈ سسٹم سیالکوٹ کے شہریوں کو محفوظ اور شفاف ماحول فراہم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

  • ملتان:  بزرگ شہری پر تشدد کی ویڈیو وائرل ، ایس ایچ اومعطل

    ملتان: بزرگ شہری پر تشدد کی ویڈیو وائرل ، ایس ایچ اومعطل

    ملتان(باغی ٹی وی ) کرکٹ ٹیم کے پروٹوکول کے دوران بزرگ شہری پر تشدد کرنے والے ایس ایچ او تھانہ نیو ملتان محمد شفیق کو معطل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ ٹیم کے پروٹوکول کے دوران موٹرسائیکل سوار بزرگ شہری کے گزرنے پر ایس ایچ او شفیق احمد آپے سے باہر ہوگئے۔ انہوں نے بزرگ شہری کو زبردستی چلتی موٹرسائیکل سے اتارا اور سڑک پر گھسیٹ کر تھپڑوں کی بارش کردی۔

    بزرگ شہری کی معافی کے باوجود پولیس افسر کا رویہ نہ بدلا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس حکام نے واقعے کا نوٹس لے لیا، جبکہ آر پی او نے سی پی او ملتان کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔

    سی پی او نے ایس ایچ او نیو ملتان محمد شفیق کو معطل کر دیا اور واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا۔

  • گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی وجہ سے ایم کیو ایم قیادت میں اختلافات ختم

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی وجہ سے ایم کیو ایم قیادت میں اختلافات ختم

    کراچی،باغی ٹی وی (نمائندہ خصوصی ڈاکٹربشیربلوچ) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ایم کیو ایم قیادت کے درمیان پائے جانے والے اختلافات ختم کراتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو ایک ساتھ بٹھا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ نے بہادرآباد کا دورہ کرکے ایم کیو ایم کی قیادت کے اہم رہنماؤں کو یکجا کیا اور ان کے درمیان اختلافات ختم کرانے میں کامیاب رہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام رہنماؤں کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔

    کامران ٹیسوری نے واضح کیا کہ خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں مصطفیٰ کمال، فاروق ستار اور دیگر رہنما مل کر پارٹی کی مضبوطی کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ معمولی اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں لیکن کراچی، سندھ اور ملک کے وسیع تر مفاد میں تمام رہنما ایک پیج پر ہیں۔

    گورنر سندھ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر کراچی، حیدرآباد اور سندھ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی، اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

  • تنگوانی: ایس ٹی پی کی دریائے سندھ پر نہر کی تعمیر اور بدامنی کے خلاف ریلی

    تنگوانی: ایس ٹی پی کی دریائے سندھ پر نہر کی تعمیر اور بدامنی کے خلاف ریلی

    تنگوانی ،باغی ٹی وی(نامہ نگار منصوربلوچ) ایس ٹی پی چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی کی قیادت میں دریائے سندھ سے نہریں نکالنے اور ضلع کشمور میں بدامنی کے خلاف ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔

    ریلی میں جام فتح سمیجو، نثار کریو، اکرم خان باجکانی، شربت نندوانی، مہتاب ملک سمیت سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔ ریلی بس اسٹینڈ سے ملک مارکیٹ تک نکالی گئی، جہاں شرکاء نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    ڈاکٹر قادر مگسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سامراج دریائے سندھ سے چھ کینال نکال کر سندھ کی زمینوں کو بنجر بنانا چاہتا ہے، جو ایک گہری سازش ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ زرداری اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے ایسے اقدامات کر رہے ہیں۔

    ضلع کشمور میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں بدامنی کی جڑیں وڈیرے سرداروں اور پولیس تک پھیلی ہوئی ہیں، جو ڈاکوؤں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، عوام کو بدامنی کے خلاف ایک بڑی تحریک چلانا ہوگی۔

  • پاکستان میں ٹیگ بال کے بانی ابصار عالم کا بلوچستان کا دورہ، کھیل کے فروغ پر اتفاق

    پاکستان میں ٹیگ بال کے بانی ابصار عالم کا بلوچستان کا دورہ، کھیل کے فروغ پر اتفاق

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) پاکستان میں ٹیگ بال کے بانی ابصار عالم نے بلوچستان کا دورہ کیا، جہاں وہ بلوچستان ٹیگ بال ایسوسی ایشن کے جنرل باڈی اجلاس میں شریک ہوئے۔ ان کے ہمراہ خیبر پختونخوا ٹیگ بال ایسوسی ایشن کے نائب صدر اختر رسول شینواری بھی موجود تھے۔

    اختر رسول شینواری نے اجلاس میں شرکت کو باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے پشتون عوام نے انہیں بے حد عزت دی۔ اجلاس میں نومنتخب صدر سیلاب خان ادوزے اور جنرل سیکرٹری حبیب الرحمان سمیت دیگر عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

    اجلاس میں ٹیگ بال سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ پر اتفاق کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

  • پشاور: ڈاکٹر احسان ظہیر آفریدی کی پشتو شاعری کی کتاب "غرغونڈے” کی رونمائی

    پشاور: ڈاکٹر احسان ظہیر آفریدی کی پشتو شاعری کی کتاب "غرغونڈے” کی رونمائی

    پشاور(باغی ٹی وی رپورٹ) ڈاکٹر احسان ظہیر آفریدی کی پشتو شاعری کی کتاب "غرغونڈے” کی رونمائی

    تفصیل کے مطابق پشاور کے حیات آباد میں اکادمی ادبیات کے زیر اہتمام جمرود کے معروف شاعر ڈاکٹر احسان ظہیر آفریدی کی پشتو شاعری کی کتاب "غرغونڈے” کی رونمائی تقریب منعقد ہوئی۔

    تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف ادیب پروفیسر ڈاکٹر اباسین یوسفزئی تھے، جبکہ خیبرپختونخوا کے نامور شعراء اور ادیبوں سمیت خواتین شاعراؤں نے بھی شرکت کی۔ یہ تقریب خوئیندے ادبی لخکر، اکادمی ادبیات پاکستان، خپلواک پختو ادبی جرگہ اور پختو ادبی مرکز کے اشتراک سے منعقد ہوئی۔

    یہ ڈاکٹر احسان ظہیر آفریدی کی دوسری کتاب ہے، جس میں پشتو شاعری کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی ہے۔ مقررین میں ڈاکٹر کلیم شنواری، پروفیسر ڈاکٹر اسلم تاثیر آفریدی، نوجوان اسکالر افسرافغان اور خوئیندو ادبی لخکر کی سربراہ کلثوم زیب شامل تھے، جنہوں نے ڈاکٹر احسان ظہیر کی ادبی خدمات کو سراہا۔

    ڈاکٹر احسان ظہیر آفریدی نے تقریب میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مشن پشتو زبان کی خدمت ہے اور وہ نئی نسل کو بھی یہی پیغام دیتے ہیں کہ وہ اپنی مادری زبان کے فروغ کے لیے کام کریں۔

  • تنگوانی: ایک گاؤں، ایک لمحہ.تین جنازے اور  ولیمہ،  ہر طرف بریانی

    تنگوانی: ایک گاؤں، ایک لمحہ.تین جنازے اور ولیمہ، ہر طرف بریانی

    تنگوانی ،باغی ٹی وی(نامہ نگارمنصور بلوچ) قسمت کے عجیب رنگ، ایک ہی وقت میں تین گھروں میں ماتم اور ایک گھر میں خوشیوں کا سماں۔ تنگوانی کے قریب مائی مسجد اسٹاپ، گاؤں عبدالکریم جاگرانی میں جہاں ایک طرف ملک برادری کے ولیمے میں بریانی اور خوشیوں کی محفل جاری تھی تووہیں دوسری جانب تین گھروں میں جنازے اٹھ رہے تھے۔

    جے یو آئی رہنما استاد خادم حسین جعفری کی والدہ کے انتقال پر بڑی تعداد میں علما جنازے میں شریک ہوئے، جہاں بریانی اور بڑے گوشت سے مہمانوں کی تواضع کی گئی۔ اسی گاؤں میں معزز شخصیات، تھاریو جاگرانی اور رحمت جاگرانی بھی یکے بعد دیگرے انتقال کر گئے، جس سے پورے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔

    دلچسپ اور حیران کن طور پر ایک ہی وقت میں ولیمے اور تین جنازوں میں بریانی کے دیگیں پکائی گئیں،کہیں غم کے آنسو تو کہیں خوشیوں کی ہنسی۔ یہ لمحہ خدا کی قدرت اور ہمارے روایتی رسومات کا منفرد امتزاج بن گیا، جہاں موت اور زندگی ساتھ ساتھ چلتی دکھائی دی۔