Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: خواتین اساتذہ کے کھیلوں کا انعقاد، علامہ اقبال کالج کی شاندار کامیابی

    سیالکوٹ: خواتین اساتذہ کے کھیلوں کا انعقاد، علامہ اقبال کالج کی شاندار کامیابی

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض) خواتین اساتذہ کے لیے پہلی بار کھیلوں کا انعقاد، گورنمنٹ علامہ اقبال گریجویٹ کالج کی نمایاں کامیابی

    تفصیل کے مطابق سیالکوٹ میں ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام "سپورٹس ایونٹ فار ٹیچرز 2025ء” کا کامیاب انعقاد ہوا، جس میں خواتین اساتذہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پہلی مرتبہ اساتذہ کے لیے کھیلوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، کرکٹ، ٹگ آف وار اور شطرنج جیسے کھیل شامل تھے۔

    گورنمنٹ علامہ اقبال گریجویٹ کالج برائے خواتین کی اساتذہ نے تمام مقابلوں میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ شطرنج کے مقابلے میں مس عدیلہ فاروق، بیڈمنٹن میں مس حمیرا اور مس سمرا محسن، جبکہ کرکٹ، ٹیگ آف وار اور ٹیبل ٹینس میں بھی کالج کی ٹیم نے کامیابی کے جھنڈے گاڑے۔

    اساتذہ اور پرنسپلز نے ان مقابلوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایکٹویٹی نہ صرف اساتذہ کے ٹیلنٹ کو ابھارنے کا موقع فراہم کرتی ہے بلکہ تعلیمی معیار میں بھی بہتری کا سبب بنے گی۔

    پرنسپل گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج آف کامرس پروفیسر طاہرہ فتح محمد، پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین حاجی پورہ پروفیسر ریحانہ کامران، اور پرنسپل گورنمنٹ نواز شریف کالج پسرور روڈ پروفیسر گلزیب وقاص اعوان نے گورنمنٹ علامہ اقبال گریجویٹ کالج کی پرنسپل پروفیسر زیبا ظہور کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

  • پاک افغان شاہراہ پر حادثہ، 25 افراد زخمی، سیکورٹی فورسز کی بروقت امداد

    پاک افغان شاہراہ پر حادثہ، 25 افراد زخمی، سیکورٹی فورسز کی بروقت امداد

    خیبر (باغی ٹی وی) ضلع خیبر کے تحصیل جمرود کے علاقے شاگئی میں فلائنگ کوچ اور ویڈز گاڑی کے تصادم کے نتیجے میں 25 افراد زخمی ہو گئے۔

    حادثے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز کے 101 ونگ کے اہلکاروں نے بروقت امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو لنڈی کوتل ہیڈ کوارٹر اسپتال اور جمرود سول اسپتال منتقل کیا۔

    زخمیوں میں سے 8 افراد کو لنڈی کوتل اسپتال، جبکہ 18 کو جمرود سول اسپتال پہنچایا گیا، جہاں انہیں فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

    مقامی افراد اور مشران نے بروقت مدد اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے پر سیکورٹی فورسز کا شکریہ ادا کیا اور ان کے اس انسان دوست اقدام کو سراہا۔

  • کرم: سیکیورٹی فورسز کے فری میڈیکل کیمپ، 612 مریض مستفید

    کرم: سیکیورٹی فورسز کے فری میڈیکل کیمپ، 612 مریض مستفید

    کرم(باغی ٹی وی) سیکیورٹی فورسز کے زیر اہتمام دو طبی کیمپوں میں 612 مریضوں کا معائنہ اور مفت ادویات کی فراہمی

    کرم میں سیکیورٹی فورسز کے زیر اہتمام پیوار تنگی اور سپینہ شگہ کے دیہاتوں میں دو کامیاب طبی کیمپ منعقد کیے گئے، جن میں 612 مریضوں کا معائنہ کیا گیا اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔

    طبی کیمپوں کے دوران بچوں میں گرم ملبوسات بھی تقسیم کیے گئے تاکہ وہ سرد موسم کی شدت سے محفوظ رہ سکیں۔ اس موقع پر ڈپٹی بریگیڈ کمانڈر اور مقامی ونگ کمانڈر نے کیمپوں کا دورہ کیا، فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور علاقے کے مشران و عوام سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔

    علاقے کے مشران نے طبی کیمپ کے شاندار انتظامات اور انسان دوست اقدام پر سیکیورٹی فورسز کا شکریہ ادا کیا اور اس جذبے کو سراہا۔

  • گوجرہ: ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے 15 سالہ موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    گوجرہ: ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے 15 سالہ موٹر سائیکل سوار جاں بحق

    گوجرہ ،باغی ٹی وی( نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) چک 215 گ ب کے رہائشی 15 سالہ احسن علی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق احسن علی موٹر سائیکل پر چک نمبر 242 گ ب نور پور بستی جا رہے تھے کہ تیز رفتاری کے باعث پیچھے سے ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئے۔

    حادثے کے نتیجے میں احسن علی شدید زخمی ہوگئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اطلاع ملنے پر صدر پولیس گوجرہ نے موقع پر پہنچ کر نعش کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد نعش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

    نوجوان کی موت کی خبر گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ صدر پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی کو قبضے میں لے کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

  • سیالکوٹ:وزیر اعلیٰ پنجاب کی کاوشوں سے ترقی کی رفتار تیز.منشاء اللہ بٹ

    سیالکوٹ:وزیر اعلیٰ پنجاب کی کاوشوں سے ترقی کی رفتار تیز.منشاء اللہ بٹ

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹ مدثر رتو) رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی انتھک محنت سے صوبے بھر میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوچکا ہے۔ مسلم لیگ ن نے ترقیاتی سفر وہیں سے شروع کیا ہے جہاں پچھلی حکومت کے دوران چھوڑا گیا تھا۔ یہ بات انہوں نے یونین کونسل بونکن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر کہی۔

    اس موقع پر موجود شخصیات میں چودھری عمر ایوب، سابق یوسی چیئرمین میاں شاہد پرویز، میاں منیر احمد، میاں جمیل، میاں شہباز محمد، مہر عارف، ڈاکٹر اسد، راجہ شاہد (دی راج ہوٹل)، عبدالحمید قاسم اور سب انجینئر حافظ اقبال شامل تھے۔

    محمد منشاء اللہ بٹ نے جاری ترقیاتی اسکیموں کے معیار کا معائنہ کیا اور میونسپل کارپوریشن کے انجینئرنگ ونگ کو ہدایت کی کہ گلیوں اور سڑکوں کے لیول کو مدنظر رکھا جائے تاکہ سیوریج کے مسائل کو حل کیا جاسکے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے 11 ماہ کی مختصر مدت میں ترقیاتی منصوبوں کے انبار لگا دیے ہیں، جن میں ہونہار اسکالرشپ، ستھرا پنجاب، اور چیف منسٹر ڈسٹرکٹ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز پروگرام 2024-25 شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا دائرہ کار عوام کی دہلیز تک پہنچا دیا گیا ہے۔

    منشاء اللہ بٹ نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کیا ہے، اور موجودہ حکومت معاشی چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے مہنگائی کو بتدریج کم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

  • لوئرکرم :سانحہ بگن کامعذور سیف اللہ بے بسی کی تصویر بن گیا، آپ کے تعاون کے منتظر

    لوئرکرم :سانحہ بگن کامعذور سیف اللہ بے بسی کی تصویر بن گیا، آپ کے تعاون کے منتظر

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)ضلع کرم کے سب ڈویژن لوئرکرم کے علاقے بگن میں 22 نومبر 2024 کو پیش آنے والے المناک سانحے نے کئی خاندانوں کو بے گھر اور بے سہارا کردیا۔ ان متاثرین میں ایک معذور شخص سیف اللہ بھی شامل ہیں، جو اپنی دونوں ٹانگوں سے معذور ہیں اور ہاتھوں کے بل یا ریڑھی کی مدد سے چلتے ہیں۔

    اس حادثے میں سیف اللہ کا آبائی گھر، جو ان کے اجداد کے زمانے سے آباد تھا، مکمل طور پر خاکستر ہوگیا۔ سیف اللہ اپنی بیوی اور بچوں کو بمشکل محفوظ مقام تک لے جانے میں کامیاب ہوئے لیکن ان کا سب کچھ ختم ہوگیا۔

    اب سیف اللہ اپنے بیوی بچوں سمیت راولپنڈی منتقل ہوچکے ہیں، جہاں وہ انتہائی بے بسی اور کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔ نہ ان کے پاس کرایہ ادا کرنے کے پیسے ہیں، نہ کھانے پینے کا انتظام اور نہ ہی سردی سے بچنے کے لیے گرم کپڑے اور لحاف۔

    میڈیا اور دیگر ذرائع کے ذریعے مخیر حضرات سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس معذور شخص کی مدد کے لیے آگے آئیں۔ سیف اللہ آپ کے تعاون کے منتظر ہیں تاکہ وہ اپنے خاندان کے لیے زندگی کی بنیادی ضروریات کا انتظام کرسکیں۔

    مدد کے لیے رابطہ کریں:
    سیف اللہ، ساکن بگن لوئرکرم، حال راولپنڈی
    ذاتی نمبر رابطہ نمبر: 03004643016

    اللہ تعالیٰ ہم سب کو ایسے امتحانات سے محفوظ رکھے۔

  • سیالکوٹ: انڈر 16 فٹبال چیمپئن شپ، سیالکوٹ کی شاندار فتح، فاتح ٹیم کو 2 لاکھ روپے انعام

    سیالکوٹ: انڈر 16 فٹبال چیمپئن شپ، سیالکوٹ کی شاندار فتح، فاتح ٹیم کو 2 لاکھ روپے انعام

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(سٹی مدثر رتو) انٹر تحصیل انڈر 16 فٹبال چیمپئن شپ کا فائنل سیالکوٹ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سمبڑیال کو 1 کے مقابلے میں 3 گولز سے شکست دے کر جیت لیا۔ فائنل کنٹونمنٹ فٹبال گراؤنڈ میں کھیلا گیا، جہاں سیالکوٹ کے وہاج، ہیزل لیو اور رونی عمران نے شاندار گولز کرکے ٹیم کو فتح دلائی۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے فاتح ٹیم کو 2 لاکھ روپے نقد انعام اور ونر ٹرافی، جبکہ رنر اپ ٹیم سمبڑیال کو 1 لاکھ روپے اور ٹرافی دی۔

    چیمپئن شپ کے دوران ضلع سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔ سیالکوٹ نے ڈسکہ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی، جبکہ سمبڑیال نے پسرور کو زیر کیا۔ فائنل میچ کے پہلے ہاف میں سمبڑیال کے عبداللہ نے پہلا گول کیا، لیکن دوسرے ہاف میں سیالکوٹ کی ٹیم نے شاندار واپسی کرتے ہوئے تین گولز سے بازی پلٹ دی۔

    ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر افتخار گوندل کو ہدایت کی کہ میرٹ پر کھلاڑی منتخب کرکے انڈر 16 ٹیم تیار کی جائے تاکہ یہ ٹیم ڈویژن، صوبائی اور قومی سطح پر سیالکوٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے کامیابیاں سمیٹے۔

  • سانگھڑ: چوٹیاریوں میں خونریزی،  ملزمان کو فوری گرفتارکیا جائے.سردار عبدالرحیم

    سانگھڑ: چوٹیاریوں میں خونریزی، ملزمان کو فوری گرفتارکیا جائے.سردار عبدالرحیم

    میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق لغاری)سانگھڑ، چوٹیاریوں میں خونریزی، سردار عبدالرحیم کا ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ

    تفصیل کے مطابق پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے سانگھڑ ڈسٹرکٹ کے علاقے چوٹیاریوں میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ اس واقعے میں سروری جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد جانبحق جبکہ خواتین سمیت 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

    سردار عبدالرحیم نے کہا کہ سانگھڑ کے قریب پیش آنے والا یہ واقعہ سندھ میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امن و امان قائم رکھنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور اس واقعے میں ملوث عناصر کو گرفتار کر کے عبرتناک سزائیں دی جائیں۔

    انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ سانگھڑ چوٹیاریوں میں منافقانہ سیاست کو ترک کرتے ہوئے اصل ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ سردار عبدالرحیم نے معصوم شہریوں اور خواتین پر فائرنگ کو غیر انسانی عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

    انہوں نے زخمیوں کو مکمل طبی سہولیات فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ علاقے میں بدامنی پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

  • لنڈی کوتل: خیبر انسٹیٹیوٹ کے سٹوڈنٹس کا کرکٹ میچ، مارننگ سیشن چیمپئن

    لنڈی کوتل: خیبر انسٹیٹیوٹ کے سٹوڈنٹس کا کرکٹ میچ، مارننگ سیشن چیمپئن

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ) خیبر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن (KITE) کے طلبہ کے درمیان کرکٹ کا سنسنی خیز میچ خیبر رائفلز کے تاریخی گراؤنڈ پر کھیلا گیا۔ یہ میچ مارننگ اور ایوننگ سیشنز کی ٹیموں کے مابین ہوا، جس میں مارننگ سیشن کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 وکٹوں سے فتح حاصل کی اور چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کرلی۔

    میچ کے دوران تماشائیوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے دل کھول کر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ مارننگ سیشن کی ٹیم نے بہترین بیٹنگ اور بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی برتری ثابت کی۔

    تقریب کے اختتام پر ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر KITE نے ٹیموں میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مقابلے طلبہ میں مثبت سوچ اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں۔ اس موقع پر انسٹیٹیوٹ کے انسٹرکٹرز، پرنسپل، اور طلبہ بھی موجود تھے، جنہوں نے میچ سے بھرپور لطف اٹھایا۔

  • ڈیرہ غازیخان: ہاؤسنگ سوسائٹیز میں اربوں کا فراڈ، ذمہ داران کو فوری گرفتارکیا جائے.شیخ عثمان فاروق

    ڈیرہ غازیخان: ہاؤسنگ سوسائٹیز میں اربوں کا فراڈ، ذمہ داران کو فوری گرفتارکیا جائے.شیخ عثمان فاروق

    ڈیرہ غازی خان،باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرجواداکبر)ہاؤسنگ سوسائٹیز میں اربوں کا فراڈ، ذمہ داران کو فوری گرفتارکیا جائے.شیخ عثمان فاروق

    جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے گلبرگ ہاؤسنگ سوسائٹی اور سمارٹ ولاز کے منصوبوں میں اربوں روپے کے فراڈ پر سخت ردعمل دیتے ہوئے ذمہ داران کی فوری گرفتاری اور متاثرین کو حق دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    دفتر جماعت اسلامی میں بزنس فورم کے صدر میاں نعیم ثاقب اور شیخ سلیم ارشد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غلام اصغر گورمانی اور ملک ظفر تھتھل سمیت ان کے حاشیہ بردار بروکرز نے عوام کو سبز باغ دکھا کر اربوں روپے ہڑپ کر لیے۔ کئی سال گزرنے کے باوجود نہ ولاز فراہم کیے گئے اور نہ ہی پلاٹس کی رجسٹریاں مکمل کی گئیں۔

    انہوں نے انکشاف کیا کہ سمارٹ ولاز کے رجسٹری شدہ خریداروں کو قبضہ نہیں دیا گیا جبکہ گلبرگ ہاؤسنگ کے پلاٹ مالکان کو غیر قانونی طور پر عثمانیہ گارڈن نامی منصوبے میں مزید رقم ادا کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

    شیخ عثمان نے مزید کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی سرپرستی کے دعویدار یہ فراڈیے کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں، جبکہ ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ بھی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

    انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جائیں، ایف آئی اے اور نیب کے ذریعے تحقیقات کرائی جائیں اور متاثرین کو ان کا حق دلایا جائے۔ بصورت دیگر جماعت اسلامی متاثرین کے ساتھ احتجاجی دھرنوں کی قیادت کرے گی، اور اگر امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوا تو اس کی ذمہ داری حکومت اور فراڈ میں ملوث افراد پر ہوگی۔