Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ڈیرہ غازی خان: برائی کا اڈہ بند نہ ہوا، دراہمہ پولیس نے درخواست ہی گم کر د،مدعی

    ڈیرہ غازی خان: برائی کا اڈہ بند نہ ہوا، دراہمہ پولیس نے درخواست ہی گم کر د،مدعی

    پیرعادل،باغی ٹی وی(نامہ نگارباسط علی) ڈیرہ غازیخان کی حدود تھانہ دراہمہ ،سبزی منڈی کے قریب واقع ایک برائی کے اڈے کے خلاف کارروائی نہ ہونے اور پولیس کی جانب سے درخواست گم کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

    حسکول پمپ کے مالک سیف اللہ خان سوری، اسد خان سوری اور دیگر شہریوں نے مشترکہ درخواست دے کر تھانہ دراہمہ کو آگاہ کیا تھا کہ پمپ کے پیچھے جھونپڑیوں میں فحاشی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیاں جاری ہیں۔ انہوں نے خوف ظاہر کیا تھا کہ اس سے جرائم میں اضافہ ہو رہا ہے اور نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے۔

    تاہم، دو ہفتے گزر جانے کے بعد بھی پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ جب اسد خان سوری تھانہ پہنچے تو انہیں بتایا گیا کہ ان کی درخواست گم ہو گئی ہے۔ اس پر انہوں نے الزام لگایا کہ پولیس نے جان بوجھ کر درخواست گم کی ہے تاکہ برائی کے اڈے کو بند نہ کروایا جائے۔

    اسد خان سوری نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، آر پی او اور ڈی پی او ڈیرہ غازی خان سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور پولیس کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔

    دوسری طرف صحافی برادری نے بھی اس معاملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اسد خان سوری اور دیگر شہریوں نے بتایا ہے کہ وہ صحافی برادری کے ساتھ مل کر ڈی پی او ڈیرہ غازی خان کے سامنے اپنی درخواست پیش کریں گے اور انصاف کا مطالبہ کریں گے۔

  • سندھ میں ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن میں تیزی لائی جائے گی،مرادعلی شاہ

    سندھ میں ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن میں تیزی لائی جائے گی،مرادعلی شاہ

    کراچی (باغی ٹی وی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بورڈ آف ریوینیو کے ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ریونیو ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔

    وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فی الحال سیلز سرٹیفکیٹ کے لیے آن لائن درخواست دینے کے بعد بھی شہریوں کو مختلف دفاتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سیلز سرٹیفکیٹ اور ای رجسٹریشن کے لیے ون ونڈو سسٹم متعارف کرایا جائے تاکہ شہریوں کو سہولت ہو سکے۔

    وزیراعلیٰ نے اہم ہدایات دیں کہ کہ آن لائن سسٹم کو مزید آسان بنایا جائے تاکہ عام شہری آسانی سے اپنا کام کروا سکیں۔بائیومیٹرک عمل کو آسان بنایا جائے تاکہ درخواست گزار کو ایک ہی وزٹ میں تمام کام مکمل ہو سکے اور ریونیو ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا جائے تاکہ شفافیت اور مؤثر حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔

    دوسری طرف وزیراعلیٰ سندھ نے ریونیو ایکٹ میں ضروری ترامیم کیلئے سمری طلب کرلی ہے۔ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو ایک دیہی اور ایک شہری دیہات کا ریکارڈ ڈیجیٹل کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے۔

    وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ "ہماری حکومت عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن سے نہ صرف شفافیت آئے گی بلکہ کرپشن میں بھی کمی آئے گی۔

  • سیالکوٹ:ضلع کچہری میں بھیک مانگنے والے بچوں کا گرینڈ ریسکیو آپریشن

    سیالکوٹ:ضلع کچہری میں بھیک مانگنے والے بچوں کا گرینڈ ریسکیو آپریشن

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی ہدایت پر اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے تعاون سے چائلڈ پروٹیکشن و ویلفئیر بیورو نے ضلع کچہری میں ایک بڑے پیمانے پر آپریشن کرکے بھیک مانگنے والے بچوں اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔

    اس آپریشن میں ضلعی پولیس، سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے بھی بھرپور کردار ادا کیا۔ آپریشن کے دوران ایک درجن سے زائد بچوں کو بچایا گیا اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی، پیشہ ور بھکاریوں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔

    ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عرفان اللہ وڑائچ اور سیکرٹری افضال اسلم نے ضلع کچہری میں بھکاریوں کے خلاف کی جانے والی اس کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور وہ اس طرح کے آپریشنز میں ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔

  • اوکاڑہ:کپاس کی ابتدائی کاشت،کسانوں کیلئے تربیتی پروگرام کا انعقاد

    اوکاڑہ:کپاس کی ابتدائی کاشت،کسانوں کیلئے تربیتی پروگرام کا انعقاد

    اوکاڑہ(باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد اعجاز کی ہدایت پر محکمہ زراعت کے زیر اہتمام نواحی گاؤں 45/2 ایل میں کپاس کی ابتدائی کاشت کے سلسلہ میں کسانوں کی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جس میں علاقہ کے کسانوں کاشتکاروں کی کثیر تعداد میں شرکت کی،

    کسانوں کو کپاس کی بہترین پیداوار کے لیے موضوں بیجوں کی اقسام کے استعمال اور جدید طریقہ کاشت کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی، محکہ زراعت کے افسران کا کہنا تھا کہ کپاس ایک منافع بخش فصل ہے اور نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے فصل کی کاشت سے کسان بہتر آمدن کما سکتے ہیں اور اس طرح ملکی برآمدات کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،

    اس موقع پر کپاس کی ابتدائی پیداوار کے لیے کسانوں میں ٹیکنالوجی لٹریچر بھی تقسیم کیا گیا۔

  • اوکاڑہ: اکبر روڈ پر تجاوزات کے خلاف انکروچمنٹ ٹیموں کا گرینڈ آپریشن

    اوکاڑہ: اکبر روڈ پر تجاوزات کے خلاف انکروچمنٹ ٹیموں کا گرینڈ آپریشن

    اوکاڑہ(باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کے احکامات پر اکبر روڈ پر تجاوزات کے خلاف انکروچمنٹ ٹیموں کا گرینڈ آپریشن، ڈپٹی کمشنر تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی کرتے رہے،

    اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ محمد عمر طیب، اسسٹنٹ کمشنر احسن ممتاز سمیت دیگر افسران اور انکروچمنٹ ٹیموں کے نمائندے بھی موجود تھے، بھاری مشینری کی مدد سے روڈ کے اطراف پختہ تجاوزات کو گرا دیا گیا،

    سالہا سال سے قبضہ مافیا کی تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن پر عوام نے ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا ہے کہ قبضہ مافیا کے خلاف جاری اپریشن میں کسی قسم کی رعایت ہرگز نہیں برتی جائے گی،

    تجاوزات کے خلاف آپریشن سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا،تجاوزات کے خاتمے سے ٹریفک کی مکمل بحالی سے عوام کی زندگی میں آسانی پیدا ہوگی۔.

  • ڈسکہ : فٹبال میچ، سمبڑیال نے ڈسکہ کو شکست دے دی

    ڈسکہ : فٹبال میچ، سمبڑیال نے ڈسکہ کو شکست دے دی

    ڈسکہ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ملک عمران)تحصیل فٹبال ایسوسی ایشن ڈسکہ کے زیر اہتمام ڈسکہ سٹیڈیم میں ایک شاندار فٹبال میچ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈسکہ اور سمبڑیال کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں۔ ایک دلچسپ مقابلے کے بعد سمبڑیال کی ٹیم نے ڈسکہ کو دو صفر سے شکست دے کر میچ جیت لیا۔

    اس موقع پر مہمان خصوصی طور پر ایم این اے سیدہ نوشین افتخار نے شرکت کی۔ انہوں نے کھلاڑیوں کا حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما مرزا عرفان کی اس کوشش کو سراہا جس کے تحت نوجوان نسل کے لیے کھیلوں کے میدان فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ وہ گراؤنڈ کی بہتری اور بڑے سطح پر فٹبال میچز کروانے کے لیے کوششیں کریں گی۔

    فٹبال میچ کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں شائقین جمع تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ میچ کے اختتام پر جیتنے والی سمبڑیال کی ٹیم کو انعامات سے نوازا گیا جبکہ تحصیل فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے مہمان خصوصی کو شیلڈز پیش کی گئیں۔

  • پنجاب میں سُلگتی نفرت،سازش یا حقیقت؟

    پنجاب میں سُلگتی نفرت،سازش یا حقیقت؟

    پنجاب میں سُلگتی نفرت،سازش یا حقیقت؟
    تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفےٰ بڈانی
    پنجاب، پاکستان کے وجود کا اہم حصہ یعنی دل ہے جو اس وقت ایک غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے، جہاں قوم پرستی اور سازش کے بیج بوئے جا رہے ہیں۔ خواجہ غلام فرید کے مزار پر منعقد ہونے والی "روہی انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس” کے تناظرمیں سامنے آنے والے نفرت انگیز بیانات نے ایک خطرناک صورت حال پیدا کر دی ہے۔ یہ تنازع صرف سرائیکی اور پنجابی عوام کے درمیان نفرت کو ہوا دینے کی کوشش نہیں بلکہ یہ پاکستان کی قومی یکجہتی کو کمزور کرنے کی ایک سوچی سمجھی چال بھی ہو سکتی ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز نے اس تنازع کو مزید گمبھیر بنا دیا ہے۔ ان ویڈیوز میں کانفرنس کے منتظمین کی جانب سے سرائیکی عوام کو "پناہ گزین” کہہ کر انہیں پنجاب چھوڑنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ یہ بیانات ایک منظم سازش کا پتہ دیتے ہیں، جن میں پنجابی اور سرائیکی عوام کے درمیان نفرت کی دیوار کھڑی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان میں استعمال کی جانے والی زبان نہ صرف اشتعال انگیز ہے بلکہ ایک خطرناک رجحان کی نشاندہی کرتی ہے، جس کا مقصد عوام کو تقسیم کرکے قومی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانا ہے۔

    یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آخر یہ تنازع کس کے مفاد میں ہے؟ کون اس صورتحال سے فائدہ اٹھا رہا ہے؟ اگر ماضی میں جھانک کر دیکھا جائے تو پاکستان دشمن عناصر نےمختلف علاقوں میں بدامنی اور تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی ہے، جیسے بلوچستان میں علیحدگی پسند تحریکوں کو ہوا دینا، خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کا فروغ اور سندھ میں قوم پرستی کو ابھارنے کی کوشش۔ ان تمام سازشوں کے ناکام ہونے کے بعد اب پنجاب کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    یہ صورتحال اس وقت زیادہ سنگین ہو جاتی ہے جب ہم دیکھتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے نفرت انگیز بیانات اور مواد وائرل ہو رہے ہیں۔ یہ پلیٹ فارمز ایک اہم ذریعہ بن چکے ہیں، جن کے ذریعے لوگ جذباتی ہو کر غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ عوام میں اشتعال بڑھ رہا ہے اور تقسیم کی خلیج گہری ہو رہی ہے۔

    پنجاب ایک ایسا صوبہ ہے جہاں مختلف قومیتیں، ثقافتیں اور زبانیں محبت اور ہم آہنگی کے ساتھ رہتی آئی ہیں۔ پنجابی، سرائیکی، بلوچی اور پختون عوام کے درمیان نہ صرف سماجی تعلقات ہیں بلکہ رشتہ داریاں بھی ہیں۔ ایسے میں اس تنازع کو ہوا دینا دراصل ان تمام تاریخی رشتوں اور روایات کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے جو صدیوں سے قائم ہیں۔

    اس مسئلے کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس تنازع کو سنجیدگی سے لے اور ان عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے جو نفرت پھیلانے میں ملوث ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جنہوں نے پنجابی کانفرنس کرانے کی اجازت دی،جس کی آڑ میں پاکستان کی سالمیت کے خلاف سازش پروان چڑھ رہی ہے ، وزیراعظم پاکستان اور دیگر اعلیٰ حکام کو ایک مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا تاکہ ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہو۔اور صدرپاکستان محمدآصف علی زرداری جب محترمہ بےنظیر بھٹوشہید ہوئی تھیں تو اس وقت بھی پاکستان میں نفرت کا بیج بونے والوں کو "پاکستان کھپے ” کا نعرہ لگا کر منہ توڑ جواب دیا تھا ،آج بھی اسی نعرے "پاکستان کھپے "کی اشد ضرورت ہے

    میڈیا پر بھی ایک بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور صرف وہ مواد نشر کرے جو عوام کو جوڑنے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے میں معاون ہو۔ صحافیوں اور میڈیا ہاؤسز کو چاہیے کہ وہ ایسی خبروں کو نشر کرنے سے گریز کریں جو مزید اشتعال پیدا کریں۔

    عوام کو بھی اپنی ذمہ داری کو سمجھنا ہوگا۔ جذباتی ہونے کے بجائے حقائق پر مبنی معلومات کو اپنانا ہوگا۔ تعلیم کے ذریعے رواداری اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دینا ہوگا۔ علماء، اساتذہ اور سماجی رہنما اور سیاستدان بھی عوام کو اتحاد و یکجہتی کی اہمیت سے آگاہ کرنے میں کردار ادا کریں۔

    سب سے اہم بات یہ ہے کہ حکومت نفرت انگیز بیانات دینے والوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ، سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے والے اکاؤنٹس کو بند کیا جائے اور اس قسم کے مواد پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔

    یہ تنازع صرف پنجاب تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ پاکستان کی سالمیت کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔ ہمیں مل کر ان عناصر کو ناکام بنانا ہوگا جو ہماری قومی وحدت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ پاکستان کے دشمن ہمیشہ مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے ہمیں قومی سطح پر اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

    اگر آج ہم نے اس چنگاری کو بجھانے میں تاخیر کی تو کل یہ ایک ایسی آگ میں تبدیل ہو سکتی ہے جس پر قابو پانا ناممکن ہو جائے گا۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان کی قومی یکجہتی اور سلامتی کو مضبوط کریں تاکہ یہ ملک ہمیشہ ترقی، خوشحالی اور امن کی راہ پر گامزن رہے۔

  • انسانیت کا عملی مظاہرہ: فیصل آباد کا خاموش مسیحا

    انسانیت کا عملی مظاہرہ: فیصل آباد کا خاموش مسیحا

    انسانیت کا عملی مظاہرہ: فیصل آباد کا خاموش مسیحا
    تحریر:شاہد نسیم۔چوہدری
    فیصل آباد کی گلیاں اور سڑکیں ہر روز لاکھوں افراد کی زندگیوں کا مشاہدہ کرتی ہیں۔ کہیں خوشیاں ہیں، تو کہیں مسائل کے پہاڑ۔ لیکن انہی ہجوموں میں کچھ ایسے افراد بھی ہیں جو خاموشی سے انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں، اور انہی میں سے ایک ہے میاں رحمان علی، ایک نوجوان جس نے اپنے چھوٹے سے اقدام سے انسانیت کا حقیقی مفہوم پیش کیا ہے۔

    رحمان علی فیصل آباد کا ایک عام سا لڑکا ہے، جو اپنی زندگی کو لوگوں کی مدد کے لیے وقف کر چکا ہے۔ روزمرہ زندگی میں وہ ایک موٹر سائیکل پر سفر کرتے ہوئے ان افراد کی مدد کرتا ہے جن کے موٹر سائیکل کا پٹرول ختم ہو جاتا ہے۔ وہ کسی اجنبی کو سڑک پر پریشان دیکھ کر رک جاتا ہے، ان کی مدد کے لیے پٹرول فراہم کرتا ہے، اور خاموشی سے آگے بڑھ جاتا ہے۔اس کے علاوہ، سردیوں کے سخت موسم میں وہ ان لوگوں کے لیے جیکٹ، جوتے اور جرابیں فراہم کرتا ہے جو ان سہولیات سے محروم ہیں۔ سب سے اہم بات یہ کہ وہ اپنی شناخت چھپائے رکھتا ہے۔ نہ کسی سے داد کی طلب، نہ کسی سے شاباشی کی خواہش۔ یہی خاموشی اور خلوص اس کے کام کو مزید خاص بناتا ہے۔

    انسانیت کی خدمت: ایک عظیم مشن ،انسانیت کا حقیقی مطلب یہی ہے کہ دوسروں کے مسائل کو اپنا مسئلہ سمجھا جائے اور بلا کسی غرض کے ان کی مدد کی جائے۔ رحمان علی کا یہ عمل ہمارے معاشرے کے انفرادی کرداروں کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ جہاں لوگ اکثر مدد کرنے سے پہلے ذاتی فوائد پر غور کرتے ہیں، وہاں ایسے افراد کسی روشنی کے مینار کی طرح ہوتے ہیں جو تاریکی میں رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
    معاشرتی مسائل اور حل
    ہمارے معاشرے میں بے شمار افراد غربت، بے گھری، اور بنیادی سہولیات کی کمی کا شکار ہیں۔ ایسے افراد کی مدد کرنا حکومت اور اداروں کی ذمہ داری ضرور ہے، لیکن انفرادی سطح پر بھی ہم میں سے ہر شخص کچھ نہ کچھ کر سکتا ہے۔میاں رحمان علی جیسے افراد کا عمل ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ بڑے بڑے منصوبے بنانے کے بجائے چھوٹے مگر مؤثر اقدامات سے بھی دنیا کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

    احساس اور قربانی کی اہمیت :رحمان علی کی کہانی ہمیں احساس دلاتی ہے کہ انسانیت کا حقیقی جوہر دوسروں کی تکلیف کو محسوس کرنا اور اسے کم کرنے کی کوشش کرنا ہے۔مدد کا جذبہ: بغیر کسی لالچ کے دوسروں کے لیے کچھ کرنا ایک نادر صفت ہے۔قربانی کا جذبہ: اپنی ذات کی پرواہ کیے بغیر دوسروں کی مدد کے لیے آگے بڑھنا معاشرے کی خوبصورتی کو نمایاں کرتا ہے۔خود اعتمادی: اپنے عمل کو کسی شہرت کے بغیر انجام دینا اس بات کی علامت ہے کہ انسان اپنی نیت میں سچا ہے۔ایسا معاشرہ کیسے بنایا جائے؟ہم سب کی یہ ذمہ داری ہے کہ ہم ایسے افراد کے کاموں سے سیکھیں اور ان کی پیروی کریں۔ اگر ہر شخص اپنے اردگرد کے لوگوں کے مسائل پر تھوڑا سا دھیان دے اور اپنی استطاعت کے مطابق مدد کرے، تو یہ دنیا ایک بہتر جگہ بن سکتی ہے۔

    رحمان علی جیسے لوگ ہمیں یہ سکھاتے ہیں کہ سماجی تبدیلی صرف بڑے منصوبوں سے نہیں بلکہ چھوٹے چھوٹے اعمال سے بھی ممکن ہے۔خلوص اور عاجزی کا درسرحمان علی کا عمل ہمیں عاجزی اور خلوص کا درس دیتا ہے۔ اپنی نیک نیتی کے ساتھ کسی کی مدد کرنا اور اس کا کریڈٹ نہ لینا ایک عظیم کام ہے۔ اس عمل سے ہمیں یہ سیکھنے کو ملتا ہے کہ خدمت خلق کے لیے نیت اور عمل کافی ہے، نہ کہ تشہیر اور ستائش۔فیصل آباد کے اس خاموش مسیحا کی کہانی معاشرے کے ہر فرد کے لیے ایک سبق ہے۔ یہ ہمیں یاد دلاتی ہے کہ انسانیت کا حقیقی حسن دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں ہے۔آئیے، ہم سب مل کر اپنے اپنے طور پر انسانیت کی خدمت کریں اور اس دنیا کو ایک بہتر اور پرسکون جگہ بنائیں۔رحمان علی جیسے افراد کی کہانیاں ہمیں امید اور حوصلہ فراہم کرتی ہیں کہ نیکی اور خلوص کی شمع ہمیشہ جلتی رہے گی، چاہے دنیا میں کتنی ہی مشکلات کیوں نہ ہوں۔
    یہی انسانیت ہے، یہی اصل زندگی کا مقصد۔

  • سیالکوٹ: ایف آئی اے انٹرپول کی کارروائی، اقدام قتل کا اشتہاری ملزم عمان سے گرفتار

    سیالکوٹ: ایف آئی اے انٹرپول کی کارروائی، اقدام قتل کا اشتہاری ملزم عمان سے گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)ایف آئی اے انٹرپول کی بڑی کارروائی، اقدام قتل کے اشتہاری ملزم کی عمان سے گرفتاری

    ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے اقدام قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو عمان سے گرفتار کر کے سیالکوٹ ایئرپورٹ منتقل کر دیا۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے انٹرپول نے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔ ملزم کے خلاف تھانہ صدر پسرور، سیالکوٹ میں اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔

    ملزم گزشتہ ایک سال سے بیرون ملک فرار تھا۔ ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ نے گرفتار ملزم کو پنجاب پولیس حکام کے حوالے کر دیا ہے۔

    ایف آئی اے کی اس کامیاب کارروائی کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایک بڑی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

  • لاس اینجلس: جنگلات میں نئی آگ، 31 ہزار افراد بےدخل

    لاس اینجلس: جنگلات میں نئی آگ، 31 ہزار افراد بےدخل

    لاس اینجلس (باغی ٹی وی)امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے شمال میں جنگلات میں نئی آگ بھڑک اٹھی ہے۔ کاسٹائک لیک کے قریب پہاڑوں پر شعلے تیزی سے پھیل رہے ہیں، جس کی وجہ سے ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

    حکام کے مطابق آگ کے پیش نظر 31 ہزار افراد کو فوری انخلا کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ 500 قیدیوں کو دیگر جیلوں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ طوفانی ہواؤں کے باعث محض دو گھنٹوں کے اندر آگ نے 5 ہزار ایکڑ رقبے کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔

    لاس اینجلس کاؤنٹی فائر ڈپارٹمنٹ اور اینجلس نیشنل فارسٹ کا عملہ آگ بجھانے کے لیے بھرپور کوششوں میں مصروف ہے۔ ہیلی کاپٹرز اور چھوٹے طیارے بھی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم تیز ہواؤں اور مشکل جغرافیائی حالات کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات درپیش ہیں۔

    لاس اینجلس پہلے ہی شدید جنگلاتی آگ کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے۔ 7 جنوری سے مختلف مقامات پر لگنے والی آگ نے تقریباً 40 ہزار ایکڑ رقبے کو خاکستر کر دیا ہے اور کم از کم 27 افراد کی جان لے لی ہے۔ آگ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں۔