Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • کشمور: 7  اسلحہ سمگلرز گرفتار، ڈاکوؤں کو سپلائی ہونے والا اسلحہ برآمد

    کشمور: 7 اسلحہ سمگلرز گرفتار، ڈاکوؤں کو سپلائی ہونے والا اسلحہ برآمد

    کندھ کوٹ(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمختیاراحمد اعوان)کشمور پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے کچے کے علاقے میں اسلحہ کی بڑی اسمگلنگ ناکام بنادی۔ اس کارروائی کے دوران سات بین الصوبائی اسلحہ اسمگلرز کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا۔ پولیس ٹیم نے ایس ایس پی کشمور بشیر احمد بروھی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اے ایس پی کندھکوٹ محمد نعمان ظفر اور اے ایس پی کشمور محمد عاشر کی سربراہی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔

    پولیس نے ہیبت روڈ پر ناکہ بندی کے دوران اسمگلنگ میں استعمال ہونے والا ایک ٹرک قبضے میں لیا جس سے 12,000 گولیاں، 4 جی تھری رائفلز، 4 ایس ایم جی رائفلز، ایک ایم فور اے ون رائفل، 2 پسٹلز اور متعدد میگزینز برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ خیبرپختونخوا سے پنجاب اور سندھ کے کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کو اسلحہ فراہم کرتے ہیں۔

    ملزمان کے خلاف تھانہ اے سیکشن کندھکوٹ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ان کے مجرمانہ ریکارڈ کی چھان بین اور مزید تفتیش جاری ہے۔ ترجمان کشمور پولیس کے مطابق یہ کارروائی غیر قانونی اسلحہ کی روک تھام اور امن و امان کی بحالی کے سلسلے میں ایک بڑی کامیابی ہے۔

  • امرود، صحت بخش زندگی کا قدرتی خزانہ

    امرود، صحت بخش زندگی کا قدرتی خزانہ

    امرود، صحت بخش زندگی کا قدرتی خزانہ
    تحریر :ڈاکٹرغلام مصطفے بڈانی
    امرودجوایک ایسا پھل ہے جو قدرت کا انمول تحفہ ہے جسے صحت کا خزانہ کہا جا سکتا ہے۔ یہ دو اقسام میں پایا جاتا ہے، ایک سفید گودے والا اور دوسرا سرخ گودے والا۔ کچا امرود سبز جبکہ پکا ہوا زردی مائل سفید اور خوشبودار ہوتا ہے۔ اس کے بے شمار فوائد ہیں جن میں نظامِ ہاضمہ کی بہتری، دل اور دماغ کی تقویت شامل ہیں۔ کچا امرود قابض ہوتا ہے جبکہ پکا ہوا قبض ختم کرنے میں مددگار ہے۔ یہ دل کو مضبوط کرتا، ذہنی دباؤ کو کم کرتا اور بھوک بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔ زکام، کھانسی اور بواسیر کے لیے بھی امرود نہایت مفید ہے۔

    امرود وٹامن اے، سی، کیلشیم، آئرن اور فاسفورس سے بھرپور ہوتا ہے جو جسمانی صحت کو مضبوط بناتے ہیں۔ اس کے پتوں اور چھال کا استعمال مختلف بیماریوں کے علاج میں کیا جاتا ہے۔ امرود کے پتوں کا جوشاندہ مسوڑھوں کی بیماریوں، دانتوں کے درد اور ہیضے کے علاج کے لیے مفید ہے۔ اس کے پتوں کا لیپ جلی ہوئی جلد پر لگانے سے جلن کم ہوتی ہے اور زخم جلد بھر جاتے ہیں۔ امرود کے پھولوں کا رس پتے کی پتھری ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، بشرطیکہ مرض زیادہ نہ بڑھا ہو۔

    امرود معدے کی تیزابیت ختم کرنے، پیٹ کے اپھارے کو کم کرنے اور جگر کے افعال کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کمزور معدے کے لیے امرود کا شربت بھی بنایا جا سکتا ہے، جو نظامِ ہاضمہ کو مضبوط کرتا ہے۔ اس کے علاوہ امرود کے بیج آنتوں سے زہریلے مادے نکالنے میں مدد دیتے ہیں اور دائمی قبض کے علاج میں مؤثر ہیں۔

    زکام اور کھانسی کے علاج کے لیے کچے امرود کو گرم راکھ میں پکا کر کھانا مفید ہے جبکہ نرم کونپلوں کا جوشاندہ نزلہ ختم کرتا ہے۔ امرود پیاس کی شدت کم کرتا اور جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے۔ امرود کا متواتر استعمال خون صاف کرتا، بلغم کو ختم کرتا اور منہ میں پانی آنے کی شکایت کو دور کرتا ہے۔ تاہم امرود کھانے کے فوراً بعد پانی پینے سے گریز کریں تاکہ اس کے فوائد زیادہ مؤثر ہوں۔

    یہ حیرت انگیز پھل اپنی غذائیت اور طبی فوائد کے باعث ایک قدرتی دوا ہے۔ اپنی روزمرہ خوراک میں امرود کو شامل کریں اور صحت مند زندگی کا لطف اٹھائیں۔

  • تنگوانی: دو بچے ہیپاٹائٹس بی سے جاں بحق

    تنگوانی: دو بچے ہیپاٹائٹس بی سے جاں بحق

    تنگوانی،باغی ٹی وی (نامہ نگار منصور بلوچ) دو بچے ہیپاٹائٹس بی سے جاں بحق، گاؤں میں غم کی لہر

    تفصیلات کے مطابق تنگوانی کے قریبی گاؤں قیصر خان گجرانی میں دو بچے ہیپاٹائٹس بی کے باعث سکھر کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے۔
    دونوں بچے اس مہلک بیماری میں مبتلا تھے اور علاج کے دوران دم توڑ گئے۔ ان کی لاشیں گھر پہنچنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا اور ہر طرف غم کی فضا چھا گئی۔

    گاؤں کے مکینوں نے محکمہ صحت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کبھی بھی ان کے علاقے میں بیماریوں کی روک تھام کے لیے کوئی اقدامات یا وزٹ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے حکومت سے فوری اقدامات کی اپیل کی ہے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

  • ایم ڈی کیٹ 2024 ری ٹیک کے لیے سندھ میں امتحانی مراکز کا روٹ پلان جاری

    ایم ڈی کیٹ 2024 ری ٹیک کے لیے سندھ میں امتحانی مراکز کا روٹ پلان جاری

    میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق لغاری)ایم ڈی کیٹ 2024 ری ٹیک ٹیسٹ کے لیے روٹ پلان کا اعلان کر دیا گیا ہے، جو 8 دسمبر 2024 کو سندھ کے مختلف شہروں میں منعقد کیا جائے گا۔ اس ٹیسٹ کا اہتمام آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز نے کیا ہے اور امیدواروں کی سہولت کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ٹیسٹ سندھ کے چھ شہروں میں منعقد ہو گا اور ہر شہر میں مخصوص امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

    کراچی میں این ای ڈی یونیورسٹی کا مین گراؤنڈ امتحان کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔ خواتین امیدواروں کے لیے مہمانوں کے گیٹ اور مرد امیدواروں کے لیے یونیورسٹی کا مین گیٹ داخلے کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ والدین کے لیے رائل کورٹ میرج ہال میں بیٹھنے کی مناسب سہولت فراہم کی گئی ہے جو یونیورسٹی کے وزیٹرز گیٹ سے متصل ہے۔

    جامعہ کراچی میں امتحان شعبہ قانون کے قریب مسکان گراؤنڈ میں ہوگا، جہاں امیدوار مسکان گیٹ یا میٹرو ویل گیٹ سے داخل ہو سکتے ہیں۔ میٹرو ویل گیٹ سے گاڑیوں کو اندر جانے کی اجازت ہے، تاہم مسکان گیٹ پر گاڑیوں کا داخلہ ممنوع ہے۔ مزید برآں والدین کے لیے جامعہ کراچی کے مختلف مقامات پر بیٹھنے کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ وہ اپنے بچوں کے امتحان کے دوران آرام سے بیٹھ سکیں۔

    آئی بی اے پبلک سکول سکھر میں گیٹ نمبر 03 بشیر آباد کے قریب کھیر تھر کینال پر اولڈ ایئرپورٹ روڈ کے ذریعے امیدوار داخل ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو میں گیٹ نمبر 02، جو شہید اللہ بخش سومرو یونیورسٹی آف آرٹ، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیجز کے قریب واقع ہے سے امیدوار داخل ہوں گے۔ مہران یونیورسٹی میں بھی والدین کے لیے امتحانی مقام کے دائیں جانب مخصوص نشست کا انتظام کیا گیا ہے۔

    پولیس ٹریننگ سکول لاڑکانہ کے لیے امیدوار مین گیٹ کے ذریعے داخل ہو سکتے ہیں جو شیل پٹرول پمپ کے قریب واقع ہے۔ پبلک اسکول حیدرآباد میں امیدوار الائیڈ بینک کے قریب مین گیٹ سے داخل ہوں گے اور والدین کے لیے بھی بیٹھنے کی جگہ فراہم کی گئی ہے جو اسکول کے مین گیٹ کے قریب ہوگی۔ قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (QUEST) شہید بے نظیر آباد میں امیدوار QUEST کے مرکزی دروازے سے داخل ہوں گے۔

    امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ داخلے کے لیے مخصوص گیٹ استعمال کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔ مزید برآں امیدواروں کو موبائل فون، سمارٹ ڈیوائسز، گھڑیاں یا کوئی بھی الیکٹرانک گیجٹ امتحانی مرکز میں لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ امیدواروں کو اپنی اصل ایڈمٹ سلپ، CNIC، میٹرک اور انٹرمیڈیٹ مارک شیٹس ہمراہ لانی ہوں گی تاکہ ان کی شناخت کی تصدیق کی جا سکے۔ امیدواروں اور والدین سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس روٹ پلان پر عمل کریں تاکہ داخلے کا عمل ہموار ہو سکے اور امتحانی دن میں کسی بھی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔

  • میرپور خاص: پولیس کی منشیات اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں، متعدد ملزمان گرفتار

    میرپور خاص: پولیس کی منشیات اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں، متعدد ملزمان گرفتار

    میرپور خاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)ایس ایس پی میرپور خاص شبیر احمد سیٹھار کے سخت احکامات کے تحت پولیس نے منشیات فروشوں، شراب فروشوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

    ایس ایچ او سیٹلائٹ ٹاؤن انسپکٹر غازی خان راجڑ کی قیادت میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر گلشن کالونی میں شراب فروشوں کے گودام پر چھاپہ مارا۔ اس دوران فیصل خان عرف میر زمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ شیر زمان پٹھان فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس نے گودام سے مختلف اقسام کی شراب کی بڑی تعداد برآمد کی، جن میں واٹ ون (48 بوتلیں)، ڈرائجن پوی (30 بوتلیں)، کلب ڈرائجن پوی (96 پوائنٹس) اور وسکی (48 بوتلیں) شامل ہیں۔ گرفتار اور فرار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

    ایس ایچ او غریب آباد انسپکٹر فیصل شفیع میمن کی قیادت میں پولیس نے سیال کالونی سے چند دن قبل چوری ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کی۔ پولیس نے دو ملزمان نظیر پنھور اور رائے چند بھیل کو گرفتار کر لیا۔ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

    ایس ایس پی میرپور خاص نے پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت دی ہے۔

  • اوچ شریف: ڈاکوؤں کی لوٹ مار، مزاحمت پر فائرنگ سے ایک زخمی

    اوچ شریف: ڈاکوؤں کی لوٹ مار، مزاحمت پر فائرنگ سے ایک زخمی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان): اوچ شریف کے نواحی علاقے زندہ لعل خان میں تین مسلح ڈاکوؤں نے ایک تاجر کو لاکھوں روپے کی نقدی سے لوٹ لیا۔

    ڈاکو واردات کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ اس دوران فدا حسین نامی شخص نے مزاحمت کی، جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں فدا حسین کو پنڈلی میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا۔

    زخمی کو فوری طور پر رورل ہیلتھ کمپلیکس اوچ شریف منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔

  • خیبر: تنظیم اساتذہ کا اجلاس، اساتذہ کے تحفظ اور شہید روح الامین کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ

    خیبر: تنظیم اساتذہ کا اجلاس، اساتذہ کے تحفظ اور شہید روح الامین کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ

    خیبر (باغی ٹی وی رپورٹ) تنظیم اساتذہ ضلع خیبر کی پریس ریلزکے مطابق تنظیم اساتذہ نے حکومت سے اساتذہ کے تحفظ کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے اور شہید استاد روح الامین کے قاتلوں کی گرفتاری کی درخواست کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے شہید کے لیے شہداء پیکج کا اعلان کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

    تنظیم اساتذہ ضلع خیبر کا ایک اہم اجلاس تنظیم منزل جمرود میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ضلعی صدر شریف اللہ آفریدی نے کی۔ اجلاس میں اساتذہ کے تحفظ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ضلع نے کہا کہ حکومت اساتذہ کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے لیے حفاظتی تدابیر نہ ہونے کی وجہ سے تدریس کا عمل متاثر ہونے کا خطرہ ہے، جس کا اثر طلبہ کی تعلیم پر بھی پڑ سکتا ہے۔

    اس موقع پر تنظیم اساتذہ ضلع خیبر کی سالانہ کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ رپورٹ میں اس بات کا ذکر کیا گیا کہ تنظیم نے گزشتہ سال اساتذہ اور طلبا کی خدمت اور تربیت کے لیے بہترین اقدامات کیے اور اس سلسلے کو آئندہ سال بھی جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔ اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ اساتذہ کی فلاح و بہبود اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

    اجلاس کے آخر میں استاد شہید روح الامین کی مغفرت اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اس موقع پر تنظیم کے ذمہ داران نے ایک آواز ہو کر حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اساتذہ کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے اور شہید روح الامین کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

  • گوجرانوالہ: تھانہ گرجاکھ پولیس کا ایکشن، 2 منشیات ڈیلرز گرفتار، 24 کلو چرس برآمد

    گوجرانوالہ: تھانہ گرجاکھ پولیس کا ایکشن، 2 منشیات ڈیلرز گرفتار، 24 کلو چرس برآمد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی): تھانہ گرجاکھ پولیس نے منشیات فروشی کے دھندے میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے 24 کلو 350 گرام چرس اور 3 ہزار 600 روپے کی رقم برآمد کی گئی۔

    ایس پی سٹی شاہد رشید کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ گرجاکھ سب انسپکٹر محمود الحسن کی قیادت میں پولیس ٹیم نے دوران گشت و ناکہ بندی کے دوران منشیات فروشی میں ملوث ملزمان سفید خان اور محمد آصف کو گرفتار کیا۔ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ ضلع بھر میں نوجوانوں کو منشیات فراہم کرتے تھے۔

    سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کے لیے منشیات فروشوں کا قلع قمع کرنا ضروری ہے۔ اس موقع پر سماجی اور سیاسی تنظیموں اور علاقے کے مکینوں نے پولیس کی کارروائی کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

    سی پی او محمد ایاز سلیم نے ایس ایچ او سب انسپکٹر محمود الحسن اور ان کی ٹیم کو اعلیٰ کارکردگی دکھانے پر شاباش دی۔

  • گوجرانوالہ:پنجاب پولیس یوتھ انٹرن شپ پروگرام کی اختتامی تقریب، سرٹیفکیٹس و بیجز تقسیم

    گوجرانوالہ:پنجاب پولیس یوتھ انٹرن شپ پروگرام کی اختتامی تقریب، سرٹیفکیٹس و بیجز تقسیم

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی): پنجاب پولیس یوتھ انٹرن شپ پروگرام کے ایکسویں بیج کی اختتامی تقریب پولیس لائنز گوجرانوالہ میں منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے پروگرام میں شرکت کرنے والے طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور فرینڈز آف پولیس کے بیجز بھی لگائے۔

    پنجاب پولیس یوتھ انٹرن شپ پروگرام کا مقصد پولیس کے مثبت پہلوؤں کو فروغ دینا اور پولیس و عوام کے درمیان موجود فاصلے کو کم کرنا ہے۔ اس پروگرام میں مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے حصہ لیا، جنہیں دو ہفتوں پر محیط انٹرن شپ کے دوران پولیس کی مختلف ورکنگ اور شعبوں کے بارے میں آگاہی دی گئی۔

    ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انٹرن شپ پروگرام کا مقصد پولیسنگ کی بہتر سمجھ بوجھ فراہم کرنا اور نوجوانوں کو پولیس کے جدید اقدامات اور کمیونٹی پولیسنگ کے حوالے سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پروگرام میں طلباء و طالبات کے تعاون سے کمیونٹی پولیسنگ کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔

    انٹرن شپ کے دوران طلباء کو پولیس ورکنگ، میثاق سینٹر، ویمن انکلیو، انوسٹی گیشن، آپریشن، آئی ٹی، اور دیگر اہم دفاتر میں پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے لیکچرز دیے گئے اور وزٹ کرائے گئے۔ پولیس کے سینئر افسران نے انٹرن شپ میں شریک طلباء کو پولیس کے تجدیدی اقدامات اور شہریوں کی خدمت میں پولیس کے کردار سے آگاہ کیا۔

    اختتامی تقریب کے موقع پر طلباء و طالبات نے اس پروگرام کے انعقاد پر پنجاب پولیس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس پروگرام سے انہیں پولیس کی ورکنگ کے بارے میں مفصل معلومات حاصل ہوئیں اور یہ کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

    ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یوتھ انٹرن شپ پروگرام کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ نوجوانوں کو پولیسنگ کے شعبے میں مزید آگاہی حاصل ہو اور پولیس و عوام کے درمیان مثبت تعلقات قائم ہوں۔

  • ڈیرہ غازیخان :رکشہ اور شہزور کا تصادم، 2 افراد زخمی، ایک جاں بحق

    ڈیرہ غازیخان :رکشہ اور شہزور کا تصادم، 2 افراد زخمی، ایک جاں بحق

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر جوا اکبر)رکشہ اور شہزور کا تصادم، 2 افراد زخمی، ایک جاں بحق

    تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر جوا اکبر): ملتان روڈ پر مصطفیٰ چوک کے قریب رکشہ اور شہزور کے درمیان تصادم ہوگیا جس میں تین افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک شخص کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ یہ حادثہ رکشہ کے غلط ٹرن لینے کے باعث پیش آیا۔

    ریسکیو 1122 کو ایمرجنسی کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ رکشہ اور شہزور آپس میں ٹکرا گئے ہیں اور تین افراد زخمی ہیں۔ فوراً ریسکیو کی دو ایمبولنسز موقع پر روانہ کر دی گئیں اور پولیس کو بھی اطلاع دی گئی۔ حادثہ رکشہ کے غلط ٹرن لینے کی وجہ سے پیش آیا جس کے باعث دونوں گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔

    جب ریسکیو کا عملہ موقع پر پہنچا تو انہوں نے دو زخمی افراد کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی اور انہیں علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا۔ ایک شخص ابو بکر جو 20 سال کا تھا موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا۔ اس کی لاش بھی ہسپتال منتقل کی گئی۔

    زخمی افراد کی شناخت آصف ولد صادق (32 سال) سکنہ بستی پنوار، ڈیرہ غازی خان اور یوسف ولد غلام عباس (32 سال) سکنہ نورنگ شاہ ڈیرہ غازی خان کے طور پر ہوئی۔ جاں بحق ہونے والا شخص ابو بکر ولد عاشق تھا جو کہ مہتر کالونی کا رہائشی تھا۔