Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • تنگوانی:شوہر نے بیوی کو کاروکاری کے الزام میں قتل کر دیا

    تنگوانی:شوہر نے بیوی کو کاروکاری کے الزام میں قتل کر دیا

    تنگوانی، باغی ٹی وی (نامہ نگار منصور بلوچ)شوہر نے بیوی کو کاروکاری کے الزام میں قتل کر دیا،تنگوانی کے قریب غوث پور کے علاقے جمال تھانے کی حدود میں کاروکاری کے الزام پر شوہر نے بیوی کو گولی مار کر قتل کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گاؤں الف خان بچارانی کے رہائشی عمران علی بھیو نے اپنی بیوی جنت خاتون کو کاروکاری کے الزام میں گولیاں مار دیں۔ پولیس نے مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے کندھ کوٹ اسپتال منتقل کر دی ہے۔

    واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا، اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • تنگوانی: انٹرنیشنل ویلنٹئر ڈے کے موقع پر پروگرام کا انعقاد

    تنگوانی: انٹرنیشنل ویلنٹئر ڈے کے موقع پر پروگرام کا انعقاد

    تنگوانی باغی ٹی وی (نامہ نگار: منصور بلوچ) انٹرنیشنل ویلنٹئر ڈے کے موقع پر پروگرام کا انعقاد

    تنگوانی میں آج انٹرنیشنل ویلنٹر ڈے کے موقع پر این سی ایچ ڈی اور لطیف ڈویلپمنٹ کی جانب سے ایک خصوصی پروگرام منعقد کیا گیا۔ یہ پروگرام این سی ایچ ڈی کی وی سی ڈی سیکٹر کی طرف سے اور لطیف ڈویلپمنٹ ارگنائزیشن کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔

    پروگرام میں این سی ایچ ڈی وی سی ڈی کے فوکل پرسن مسٹر صابر علی بلوچ، لطیف ڈویلپمنٹ ارگنائزیشن کے علی غفور اور عبدالغفور نوناری کے علاوہ معروف صحافی منصور بلوچ، سیاسی و سماجی پارٹیوں کے عہدیداروں اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔

    مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا دن دنیا بھر میں والنٹیرز کے کاموں کو سراہتے ہوئے منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ والنٹیرزم آج کے دور کی ضرورت ہے، کیونکہ وہ لوگ جو بغیر کسی لالچ کے بھلائی کے کاموں میں حصہ لیتے ہیں، معاشرے میں اہمیت رکھتے ہیں۔ مقررین نے یہ بھی کہا کہ وہ افراد جو مشکل وقت میں اپنی قوم اور معاشرے کی خدمت کرتے ہیں، ان کی محنت بہت قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہے۔

    پروگرام کے اختتام پر والنٹیرز کو ایپریسییشن سرٹیفکیٹس دیے گئے، جنہوں نے اپنی خدمات پیش کیں اور اس دن کو کامیاب بنایا۔

  • میہڑ: فریدآباد روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی سے گر کر دو مزدور شدید زخمی

    میہڑ: فریدآباد روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی سے گر کر دو مزدور شدید زخمی

    میہڑ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمنظور علی جوئیہ) فریدآباد روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی سے گر کر دو مزدور شدید زخمی
    فریدآباد روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی پر کام کرنے والے دو مزدور شدید زخمی ہوگئے۔ گاؤں گرکن کے رہائشی عبدالحفیظ عرف بگن اور وسیم پنھور ٹریکٹر ٹرالی سے گر کر شدید زخمی ہو گئے۔ دونوں مزدوروں کو فوری طور پر تحصیل ہسپتال میہڑ منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

    طبی امداد دینے کے بعد عبدالحفیظ عرف بگن کی حالت تشویش ناک ہونے کے باعث انہیں مزید علاج کے لیے لاڑکانہ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

  • کندھ کوٹ: معذور افراد کے عالمی دن پر خصوصی تقریب کا انعقاد

    کندھ کوٹ: معذور افراد کے عالمی دن پر خصوصی تقریب کا انعقاد

    کندھ کوٹ(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمختیاراعوان )معذور افراد کے عالمی دن پر خصوصی تقریب کا انعقاد

    کندھ کوٹ میں معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر آر سی ایم ایچ سنٹر اور اسپیشل ایجوکیشن اسکول میں معذور بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں ڈسٹرکٹ چیئرمین ضلع کونسل گل محمد جکرانی، وائس چیئرمین الطاف احمد کوسو، اسسٹنٹ کمشنر سید علی رضا شاہ، آر سی ایم ایچ افسران اور معذور بچوں نے شرکت کی۔

    تقریب کے دوران مقررین نے معذور افراد کی اہمیت اور ان کی معاشرتی شمولیت پر روشنی ڈالی۔ ڈسٹرکٹ چیئرمین گل محمد جکرانی اور اسسٹنٹ کمشنر سید علی رضا نے کہا کہ معذور افراد خصوصی توجہ کے مستحق ہیں، اور ان کے کارنامے اس بات کا ثبوت ہیں کہ وہ کسی سے کم نہیں۔ انہوں نے معذور بچوں کو یقین دلایا کہ وہ ان کے ساتھ ہر قدم پر موجود رہیں گے۔

    نادرا ایم آر وی ٹیم نے بھی تقریب میں شرکت کی اور معذور بچوں کو بی فارم اور شناختی کارڈ کی سہولت فراہم کی۔ اختتام پر بچوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی، جس سے تقریب میں خوشی اور محبت کا ماحول پیدا ہوا۔

  • سیالکوٹ:ڈی پی او  کے جرائم کنٹرول کے احکامات

    سیالکوٹ:ڈی پی او کے جرائم کنٹرول کے احکامات

    سیالکوٹ(بیوروچیف شاہدریاض کی رپورٹ)ڈی پی او کی زیر صدارت کرائم میٹنگ: جرائم پر قابو پانے اور اشتہاریوں کی گرفتاری کے احکامات

    تفصیل کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق کی سربراہی میں پولیس لائنز کے کانفرنس روم میں کرائم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ایس پی انویسٹی گیشن، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور انچارج برانچز نے شرکت کی۔

    میٹنگ کے دوران ڈی پی او نے تھانہ جات کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیا، جن میں مقدمات کے اندراج، 15 کالز پر کارروائی، مطلوب اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور سنگین مقدمات کی پراگریس شامل تھی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ اپنے سرکلز میں جرائم پر قابو پانے اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنائیں۔

    ڈی پی او نے زور دیا کہ تمام زیر تفتیش مقدمات کو میرٹ پر یکسو کیا جائے اور خبردار کیا کہ میرٹ سے ہٹ کر کام کرنے والے پولیس افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • فیک نیوز پر سخت سزا، سائبر کرائم ترمیمی بل کا مسودہ تیار

    فیک نیوز پر سخت سزا، سائبر کرائم ترمیمی بل کا مسودہ تیار

    اسلام آباد (باغی ٹی وی رپورٹ) حکومت نے سائبر کرائم ترمیمی بل کا ابتدائی مسودہ تیار کر لیا ہے، جس کے تحت جھوٹی خبریں (فیک نیوز) پھیلانے پر 5 سال قید یا 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا تجویز کی گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق بل کے تحت ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی کے قیام کی تجویز دی گئی ہے، جسے سوشل میڈیا سے مواد ہٹانے یا بلاک کرنے کا اختیار ہوگا۔ اتھارٹی کو قانون نافذ کرنے والے اداروں یا کسی فرد کے خلاف نفرت انگیز یا گمراہ کن مواد کو ہٹانے کا حکم دینے کا اختیار دیا جائے گا۔

    اتھارٹی کے اختیارات میں ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مواد، جھوٹے الزامات، پورنوگرافی اور خوف و ہراس پیدا کرنے والے مواد کو ہٹانا شامل ہوگا۔ بل کے مطابق جان بوجھ کر جھوٹی معلومات پھیلانے پر سخت کارروائی ہوگی۔

    ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی میں ایک چیئرمین اور 6 اراکین ہوں گے اور اتھارٹی کے فیصلوں کے خلاف اپیل کے لیے ٹریبونل قائم کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ قانون ڈیجیٹل میڈیا کو منظم اور فیک نیوز کے اثرات کو کم کرنے کے لیے بنایا جا رہا ہے۔

  • پیمرا  نے میڈیالوجک پر جرمانہ اور پابندی عائد کر دی

    پیمرا نے میڈیالوجک پر جرمانہ اور پابندی عائد کر دی

    اسلام آباد(باغی ٹی وی رپورٹ)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے میڈیالوجک پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ لاہور کو ٹیلی ویژن آڈینس میژرمنٹ (TAM) سروسز کی فراہمی فوری طور پر بند کرنے کا حکم دیا ہے اور کمپنی پر ایک ملین روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ یہ کارروائی پیمرا کی جانب سے 26 اگست 2024 کو جاری کردہ شوکاز نوٹس، کمپنی کے 31 اگست 2024 کے جواب اور 12 ستمبر 2024 کو دی گئی سماعت کے موقع پر کی گئی وضاحتوں کے بعد عمل میں لائی گئی۔

    پیمرا کے مطابق میڈیالوجک نے اپنی تکنیکی سیٹ اپ کو لاہور کے فیز IV، DHA سے فیز V، DHA منتقل کر دیا، جو پیمرا آرڈیننس 2002 (ترمیمی ایکٹ 2023) اور TAM ریگولیشنز 2018 (ترمیم شدہ 2024) کی خلاف ورزی ہے۔ پیمرا کے قوانین کے تحت کسی بھی رجسٹرڈ TAM کمپنی کے لیے اپنی تکنیکی سیٹ اپ کی منتقلی سے قبل پیمرا سے منظوری لینا لازمی ہے تاکہ ٹی وی ریٹنگز کے ڈیٹا کی شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنایا جا سکے۔

    پیمرا نے اس اقدام کو تکنیکی معائنہ کے عمل میں رکاوٹ قرار دیا اور کہا کہ میڈیالوجک نے اپنی نئی لوکیشن کے بارے میں معلومات چھپا کر معائنہ سے بچنے کی کوشش کی۔ کمپنی کی جانب سے دی گئی وضاحتیں اور سماعت کے دوران پیش کیے گئے دلائل پیمرا کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔

    نتیجتاً پیمرا نے کمپنی پر ایک ملین روپے کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے یہ رقم فوری طور پر جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ مزید برآں میڈیالوجک کی TAM سروسز کے لائسنس کو 30 دن کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ پیمرا نے خبردار کیا ہے کہ اگر کمپنی نے فوری طور پر TAM سروسز کی فراہمی بند نہ کی اور جرمانہ جمع نہ کرایا تو پیمرا آرڈیننس 2002 (ترمیمی ایکٹ 2023) کی دفعہ 30 کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • مہنگائی میں کمی کے حکومتی دعوے اور عوام کی چیخیں

    مہنگائی میں کمی کے حکومتی دعوے اور عوام کی چیخیں

    مہنگائی میں کمی کے حکومتی دعوے اور عوام کی چیخیں
    تحریر:ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
    پاکستان میں حالیہ حکومتی بیانات کے مطابق مہنگائی 63 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے جسے حکومت کی بہترین معاشی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ وفاقی ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2024 میں کنزیومر پرائس انڈیکس (CPI) کی شرح 4.9 فیصد ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ سال کی 29.9 فیصد اور اکتوبر 2024 کی 7.2 فیصد کے مقابلے میں نمایاں کمی کو ظاہر کرتی ہے۔ حکومتی دعوؤں کے مطابق ٹرانسپورٹ، ایندھن اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ وزیر خزانہ نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں گفتگو کرتے ہوئے مہنگائی میں کمی کو میکرو اکنامک استحکام کی علامت قرار دیا اور کہا کہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں مؤثر طریقے سے کام کر رہی ہیں۔

    تاہم زمینی حقائق عوام کی مشکلات کی جانب اشارہ کرتے ہیں۔ گھی، آٹا، چینی، اور دیگر بنیادی اشیا کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے حکومتی دعوے زیادہ تر بڑے شہروں کے ڈیٹا پر مبنی ہیں جبکہ دیہی علاقوں میں ان اشیا کی قیمتیں اب بھی عوام کی پہنچ سے باہر ہیں۔اس وقت گھی کی قیمت 500 سے 600 روپے فی کلو کے درمیان ہے جبکہ چھوٹے شہروں اور دیہاتوں میں ٹماٹر200 روپے کلو،آلو160روپے کلواور پیاز بھی 200روپے کلو تک فروخت ہورہا ہے جو کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے ایک بڑا بوجھ ہے۔

    عوامی رائے کے مطابق حکومت کے جاری کردہ اعداد و شمار اور زمینی حقائق میں بڑا تضاد موجود ہے۔ مڈل مین کے کردار اور اشیاء کی اصل قیمتوں میں فرق کی وجہ سے عوام کو حکومتی دعوؤں کے اثرات محسوس نہیں ہو رہے۔ عوام کا یہ کہنا ہے کہ حکومت کے بیانات محض اعداد و شمار پر مبنی ہیں جو حقیقت سے دور ہیں۔یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی، چینی، دالوں، اور دیگر اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں عوام کی قوت خرید سے باہر ہیں،بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔مہنگی ادویات اور تعلیمی اخراجات نے متوسط طبقے کو مزید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔

    عوامی رائے یہ ہے کہ حکومت عوامی مسائل کو نظرانداز کر کے صرف بین الاقوامی اداروں کی خوشنودی حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔وزیرِ اعظم اور ان کی ٹیم کو چاہیے کہ وہ عوامی مسائل کو عملی طور پر حل کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ تعلیم، صحت اور روزگار کے شعبوں میں فوری اصلاحات کی ضرورت ہے تاکہ عوامی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ صرف اعداد و شمار کے ذریعے عوام کو مطمئن کرنا ممکن نہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ مہنگائی کے خاتمے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔

    اگر حکومت کے دعوے سچ پرمبنی ہیں تو عام آدمی کی زندگی میں بہتری کیوں نظر نہیں آتی؟ مہنگی اشیاء، صحت کی ناکافی سہولتیں،مہنگی ہوتی ادویات اور بڑھتے ہوئے تعلیمی اخراجات عوام کے لیے بڑا مسئلہ ہیں۔ لوگ اعداد و شمار نہیں بلکہ حقیقی ریلیف چاہتے ہیں۔ حکمرانوں کو عوام کے مسائل کو سمجھنے کے لیے ان کے درمیان آنا ہوگا ورنہ یہ وعدے اور دعوے صرف جھوٹ کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔ عوام کا صبر ختم ہو چکا ہے، اگر حکومت نے حقیقت کو نہ سمجھا تو یہ خودفریبی ان کے لیے بڑے نقصان کا باعث بن سکتی ہے،عوام کی آواز سنیں، ان کے مسائل حل کریں، ورنہ وقت کا فیصلہ اٹل ہوگا اور عوام کے غیظ و غضب سے حکمرانوں کو کوئی نہیں بچا سکے گا۔

  • قصور: خاتون کی خودسوزی، ایس ایچ او گنڈا سنگھ معطل

    قصور: خاتون کی خودسوزی، ایس ایچ او گنڈا سنگھ معطل

    قصور ( ڈسٹرکٹ رپورٹر طارق نوید سندھو سے) خاتون کا اقدام خودسوزی،ایس ایچ او تھانہ گنڈا سنگ کو معطل کر دیا گیا

    تفصیل کے مطابق تھانہ گنڈا سنگھ کی حدود میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون نے مبینہ طور پر پولیس کے ناروا سلوک سے تنگ آکر خود پر پٹرول ڈال کر آگ لگا لی، جس کے نتیجے میں خاتون کا 70 فیصد جسم جھلس گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اس واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں کو تحقیقات کے احکامات جاری کیے۔

    تحقیقات کے نتیجے میں ایس ایچ او تھانہ گنڈا سنگھ ابرار جمیل کو معطل کر دیا گیا جبکہ ان کی جگہ سب انسپکٹر ریڈر ڈی پی او کو ایس ایچ او تھانہ گنڈا سنگھ تعینات کر دیا گیا۔ اسی دوران تھانہ شیخم کے ایس ایچ او نبیل احمد کو پی سی کلوز لائن کر دیا گیا اور سب انسپکٹر علی اکبر کو ان کی جگہ تعینات کیا گیا۔

    مزید تبدیلیوں میں سب انسپکٹر عثمان ورک کو پولیس لائن سے ڈی پی او ریڈر کے طور پر تعینات کیا گیا۔ واقعے کے بعد قصور پولیس کی انتظامی کارکردگی اور رویے پر سوالات اٹھ رہے ہیں، جبکہ متاثرہ خاتون کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

  • راجن پور پولیس کی گاڑی کی ٹرک سے ٹکر، دو اہلکار شہید، دو زخمی

    راجن پور پولیس کی گاڑی کی ٹرک سے ٹکر، دو اہلکار شہید، دو زخمی

    راجن پور/کوٹ چھٹہ (باغی ٹی وی،تحصیل رپورٹرمریدٹالپور)انڈس ہائی وے پرحادثہ، راجن پور پولیس کی گاڑی کی ٹرک سے ٹکر، دو اہلکار شہید، دو زخمی

    تفصیل کے مطابق راجن پور کے انڈس ہائی وے پر کھیتران پمپ کے قریب تھانہ صدر راجن پور کی پولیس وین ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔

    پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس پارٹی شراب کی ترسیل کی اطلاع پر منشیات فروشوں کے تعاقب میں تھی جب یہ حادثہ پیش آیا۔ شہید اہلکاروں میں عطا اللہ ملانہ اور محمد کاشف شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں سب انسپکٹر ذیشان اور کانسٹیبل غلام محمد شامل ہیں۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    حادثے کے بعد آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں کے بہترین علاج کی ہدایت کی اور ڈی پی او راجن پور کو شہدا کے خاندانوں سے فوری رابطے کی تاکید کی۔

    ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ شہید ہونے والے بہادر اہلکار فرض کی راہ میں اپنی جان قربان کر کے محکمہ کا فخر بنے ہیں۔ حادثے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔