Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا چوہدری عبدالقدوس ہنجرا کی وفات پر اظہارِ تعزیت

    سیالکوٹ: پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کا چوہدری عبدالقدوس ہنجرا کی وفات پر اظہارِ تعزیت

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے پارٹی کے ڈسٹرکٹ انفارمیشن سیکرٹری عبدالقیوم ہنجرا کے بڑے بھائی اور پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے نائب صدر چوہدری داؤد قیوم ہنجرا کے تایا جان، چوہدری عبدالقدوس ہنجرا کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    تعزیتی پیغامات میں پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل سمبڑیال کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی انجمن تاجران سمبڑیال کے صدر شیخ طاہر دانش، پیپلز پارٹی سٹی سمبڑیال کے صدر اور سابق وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری احسن ظفر گھمن، سٹی جنرل سیکرٹری چوہدری کاشف گجر، اور ضلع سیالکوٹ اسٹڈی سرکل کے صدر چوہدری منیب حسین گوندل سمیت نسیم چیمہ اور ملک شمس شامل ہیں۔ تمام رہنماؤں نے چوہدری عبدالقدوس ہنجرا کی اچانک وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

    اس موقع پر عبدالقیوم ہنجرا اور ان کے بھتیجے عبدالوہاب ہنجرا کو دلاسہ دیتے ہوئے پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ وہ اس غم کی گھڑی میں ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ مرحوم کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

  • سیالکوٹ: نجی میڈیکل سینٹر میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے تین بچوں کی ماں جاں بحق

    سیالکوٹ: نجی میڈیکل سینٹر میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے تین بچوں کی ماں جاں بحق

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) سیالکوٹ کے ایک نجی میڈیکل سینٹر میں آپریشن کے دوران مبینہ غفلت کے باعث تین بیٹیوں کی ماں اپنی زندگی کی بازی ہارگئی، جس کے بعد لواحقین میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر اور میڈیکل سینٹر کے عملے نے نہ صرف ان کی عزیزہ کو بہتر طبی نگہداشت فراہم نہیں کی بلکہ اس کی وفات کے بعد بھی اہلِ خانہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔

    سیالکوٹ کے اورہ چوک میں واقع ایک نجی میڈیکل سینٹر میں خاتون کو آپریشن کے لیے داخل کیا گیا تھا۔ آپریشن کامیاب ہونے کے بعد بچی کی پیدائش ہوئی، مگر خاتون کی طبیعت بگڑ گئی۔ اہلِ خانہ کے مطابق میڈیکل اسٹاف کی مبینہ غفلت کے باعث خاتون کی حالت مزید خراب ہوتی گئی اور بالآخر وہ زندگی کی بازی ہار گئی۔ لیکن افسوسناک پہلو یہ ہے کہ موت کے بعد بھی میڈیکل سینٹر کے عملے نے لواحقین کو بروقت اطلاع نہیں دی اور انہیں اطلاع دیے بغیر خاتون کی لاش کو اپنی دوسری برانچ کوٹلی بہرام منتقل کر دیا۔

    متاثرہ خاندان کا الزام ہے کہ ڈاکٹر اور اسپتال انتظامیہ نے نہ صرف غفلت کا مظاہرہ کیا بلکہ بعد ازاں اہلِ خانہ کو ذہنی طور پر ہراساں بھی کیا۔ لواحقین کے مطابق ہسپتال کے عملے نے انہیں غلط معلومات فراہم کیں اور انہیں امید دلائی کہ مریضہ کی حالت بہتر ہو جائے گی حالانکہ خاتون کی موت ہو چکی تھی۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ نے انہیں محض اپنی غفلت چھپانے کے لیے کوٹلی بہرام برانچ منتقل کیا۔

    خاتون کے اہلِ خانہ نے شدید رنج و غم کے عالم میں اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کی ہے۔ لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب اور مریم نواز شریف سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس افسوسناک واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ہسپتال انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ غریب اور بے بس خاندان کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔

    خاندان نے یہ بھی کہا ہے کہ ایسے میڈیکل سینٹرز، جہاں مریضوں کی زندگیوں سے کھیلا جا رہا ہے، کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے تاکہ آئندہ کسی اور خاندان کو اس طرح کے کرب سے نہ گزرنا پڑے۔

  • علی پور : 13 سالہ لڑکے سے اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج

    علی پور : 13 سالہ لڑکے سے اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) علی پور کے علاقہ سیت پور میں 13 سالہ لڑکے سے اجتماعی زیادتی کا مقدمہ درج

    تفصیل کے مطابق مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں سیت پور کے محلہ شیخانی کا رہائشی ایک 13 سالہ لڑکا سعید عباس کو چار بااثر اوباشوں کی جانب سے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

    محلہ شیخانی سیت پور کے رہائشی محسن رضا بھٹی نے پولیس کو بتایا ہے کہ میرے بھانجے تیرہ سالہ سعید عباس کو گزشتہ روزروز ملزمان مہدی شاہ بخاری اور غلام عباس ہوت بلوچ والی بال کے میچ دکھانے کا جھانسہ دے کر دھوکے سے بند کے پار کپاس کی فصل میں لے گئے ۔ وہاں ان کے دو دیگر ساتھی بھی موجود تھے جنہوں نے اسے پسٹل دکھا کر دھمکایا اوراور جان سے مار دینے کی دھمکی دیکر زبردستی باری باری میرے بھانجے کو بدفعلی کا نشانہ بنایا اور اس کو ویران علاقے میں چھوڑ کر فرار ہوگئے جوکہ ڈیڑھ دو کلومیٹر پیدل چل کر اپنے گھر پہنچا جس کی حالت انتہائی مخدوش تھی دریافت کرنے پر اس نے ساری روئداد بیان کی ہے

    پولیس تھانہ سیت پور نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے ان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کردیے ہیں۔

  • علی پور: اوباش ہمسائے نے گن پوائنٹ پر خاتون کو بے آبرو کر دیا، مقدمہ درج

    علی پور: اوباش ہمسائے نے گن پوائنٹ پر خاتون کو بے آبرو کر دیا، مقدمہ درج

    اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان )علی پور کے علاقے میں ایک محنت کش کی بیوی کو اوباش ہمسائے نے گن پوائنٹ پر بے آبرو کر دیا۔ واقعہ کے بعد پولیس تھانہ سیت پور میں مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق منظور حسین ارکاٹی نے تھانہ سیت پور میں رپورٹ درج کرواتے ہوئے بتایا کہ ان کی ہمشیرہ، مسماۃ ش زوجہ جندوڈہ جو پانچ بچوں کی ماں ہیں، اپنے گھر میں اطمینان سے زندگی گزار رہی تھیں۔ گزشتہ رات برادری کے فیصلے کے دوران اچانک شور سنائی دیا۔ وہ گھر پہنچے تو ملزم فیاض کلاچی ان کی ہمشیرہ کو گن پوائنٹ پر زبردستی بے آبرو کر رہا تھا۔ اہل خانہ کے پہنچنے پر ملزم دیوار پھلانگ کر فرار ہو گیا۔

    پولیس تھانہ سیت پور نے خاتون کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔

  • ڈیرہ غازیخان:ڈیڑھ سال قبل قتل ہونے والے نوجوان کے قاتل آزاد،ورثاء دفتروں کے چکروں پر مجبور

    ڈیرہ غازیخان:ڈیڑھ سال قبل قتل ہونے والے نوجوان کے قاتل آزاد،ورثاء دفتروں کے چکروں پر مجبور

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی رپورٹ)ڈیڑھ سال قبل قتل ہونے والے نوجوان کے قاتل آزاد،ورثاء دفتروں کے چکروں پر مجبور

    تفصیل کے مطابق بارڈر ملٹری پولیس تھانہ لاکھا کی حدود میں ڈیڑھ سال قبل قتل ہونے والے نوجوان محبوب کے قاتل تاحال قانون کی گرفت میں نہیں آسکے۔ مقتول کے بھائی اصغر ہیبتانی کا کہنا ہے کہ وہ ڈیڑھ سال سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں، مگر ملزمان آزاد گھوم رہے ہیں اور بی ایم پی تھانہ لاکھا کے اہلکار انہیں گرفتار کرنے میں ناکام ہیں۔

    اصغر ہیبتانی نے الزام عائد کیا کہ جب بھی بی ایم پی کے اعلیٰ افسران ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیتے ہیں، تو تھانہ لاکھا کے اہلکار ملزمان کو فون کرکے کارروائی سے آگاہ کر دیتے ہیں، جس سے ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ اصغر نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے تاکہ انصاف فراہم کیا جا سکے۔

    ویڈیو دیکھنے کیلئے اس لنک پر کلک کریں


    دوسری جانب ایس ایچ او تھانہ لاکھا یونس کھوسہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے متعدد بار کوششیں کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک بار تو بی ایم پی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے رسالدار ملزمان کی گرفتاری کے لیے گئے، مگر گھروں میں صرف خواتین موجود تھیں۔ بلوچ روایات کی پاسداری کرتے ہوئے خواتین کو ہراساں کرنا ان کے اصولوں کے خلاف ہے۔ ایس ایچ او نے مزید کہا کہ ملزمان اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں، اور پولیس پوری کوشش میں ہے کہ انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

  • سیالکوٹ: شادی میں غیر ملکی کرنسی، موبائل اور کپڑوں کی برسات

    سیالکوٹ: شادی میں غیر ملکی کرنسی، موبائل اور کپڑوں کی برسات

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرمدثر رتوکی رپورٹ)شادی میں غیر ملکی کرنسی، موبائل اور کپڑوں کی برسات ہوگئی

    تفصیل کے مطابق سیالکوٹ اور نارووال میں شادیوں کی تقریبات میں دلہوں کے دوستوں نے ملکی و غیر ملکی نوٹوں اور دیگر تحائف کی بارش کر کے اس موقع کو یادگار بنا دیا۔

    سیالکوٹ کے علاقے مترانوالی میں ایک شادی کی تقریب کے دوران دلہا کے دوستوں نے نوٹوں سے بھرے بیگ کھول دیے۔ اس تقریب میں ڈالرز، پاؤنڈ، یوروز اور پاکستانی نوٹ نچھاور کیے گئے، جو شادی کے ماحول کو خوشگوار اور رنگین بنا رہے۔

    اس موقع پر نہ صرف پیسے ہی بانٹے گئے بلکہ دلہا کے دوستوں نے شرکا میں موبائل فون اور کپڑے بھی تقسیم کیے، جس نے تقریب کی رونق میں اضافہ کیا۔

    دلہا حامد کے دوستوں نے اسے شادی کے موقع پر پانچ پانچ لاکھ روپے سلامی بھی دی۔ یہ شاندار بارات مترانوالی ڈسکہ سے گوجرانوالہ کی طرف روانہ ہوئی، جس میں شریک ہونے والوں کی تعداد بہت زیادہ تھی۔

    دوسری جانب نارووال میں بھی ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ طوطے والی سے آنے والی بارات میں دلہا کے دوستوں اور بھائیوں نے چھت سے نوٹوں اور سوٹوں کی بارش کی۔ اس موقع پر بچے اور بڑے دونوں خوشی سے جال بچھا کر نوٹ اور سوٹ جمع کرتے رہے، جس نے اس شادی کو ایک منفرد اور یادگار تجربہ بنا دیا۔

    اس طرح کی شادیاں جہاں خوشی کا باعث بنتی ہیں وہیں ان میں دل کھول کر تحائف بانٹنے کی روایت نے اس موقع کو مزید یادگار بنا دیا۔ شہریوں نے اس خوشی کے موقع پر ایک دوسرے کے ساتھ مل کر خوشیاں منائیں اور اس طرح کی روایات کی تعریف کی۔

  • اوچ شریف: سیوریج کے گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت، عوام میں تشویش

    اوچ شریف: سیوریج کے گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت، عوام میں تشویش

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف میں سیوریج کے گندے پانی سے بڑے پیمانے پر سبزیوں کی کاشت کا انکشاف ہوا ہے۔ اس مضر صحت سبزیوں کو مقامی سطح پر استعمال کے ساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں بھی سپلائی کیا جا رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کی صحت پر سنگین اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔ علاقے کے لوگ اس غیر ذمہ دارانہ عمل پر شدید پریشان ہیں اور اسے انسانی صحت کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    مقامی ذرائع کے مطابق حسینی چوک اور اس کے گرد و نواح کے رقبے پر سیوریج کے گندے پانی سے سبزیاں کاشت کی جا رہی ہیں۔ یہاں اگائی جانے والی سبزیوں کو اوچ شریف کے مختلف بازاروں میں فروخت کے لیے بھیجا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں عوام ان مضر صحت سبزیوں کے کھانے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ان سبزیوں کے استعمال سے متعدد خطرناک امراض جیسے کہ ہیپاٹائٹس، معدے کے امراض اور جلدی مسائل میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    تشویش کی بات یہ ہے کہ میونسپل کمیٹی اوچ شریف کی جانب سے کاشتکاروں کو گندے پانی کی سپلائی پر مبینہ طور پر معاوضہ بھی وصول کیا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے بلاخوف و خطر سیوریج کا پانی فصلوں کو فراہم کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ عمل سرکاری افسران کی چشم پوشی اور عدم توجہی کے سبب جاری ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ صحت عامہ کے تحفظ کے لیے اقدامات کی سخت کمی ہے۔

    اوچ شریف کے باشعور عوام نے اس غیر ذمہ دارانہ عمل پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیا جائے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت پر فوری پابندی عائد کی جائے اور میونسپل کمیٹی کو گندے پانی کی فراہمی کے حوالے سے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔ علاوہ ازیں عوامی صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور مضر صحت سبزیوں کی فروخت کے سلسلے کو روکا جائے۔

    شہریوں کی جانب سے اس سنگین معاملے پر جلد اقدامات نہ کیے جانے کی صورت میں احتجاج کی دھمکی دی گئی ہے تاکہ حکام کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کرائی جا سکے۔

  • سیالکوٹ: ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، جعلی دستاویزات پر مسافر گرفتار

    سیالکوٹ: ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، جعلی دستاویزات پر مسافر گرفتار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) سیالکوٹ ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے کی کوشش کرنے والے ایک مسافر کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت زبیر حسین کے نام سے ہوئی ہے جو یونان جانے کی کوشش میں تھا۔ امیگریشن کلئیرنس کے دوران ملزم کو مشکوک پایا گیا اور ابتدائی تفتیش میں اس کے پاس یونان کا جعلی ریزیڈنٹ پرمٹ کارڈ برآمد ہوا۔

    ملزم نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا کہ وہ سال 1997 سے یونان میں مقیم ہے اور اس کے پاس یونان کا ووک (vvoc) ہے۔ اس نے یونان سے اٹلی اور پھر وہاں سے پاکستان کا سفر کیا، لیکن اپنے ووک کے لیے اوکے ٹو بورڈ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ پاکستان پہنچ کر اس نے قیصر نامی ایجنٹ سے رابطہ کیا اور 500 یورو میں یونان کا جعلی ریزیڈنٹ پرمٹ کارڈ حاصل کیا۔

    ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • سیالکوٹ: ڈی پی او رانا عمر فاروق کا سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

    سیالکوٹ: ڈی پی او رانا عمر فاروق کا سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سیالکوٹ رانا عمر فاروق نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیالکوٹ چیمبر کے صدر اکرام الحق، سینئر نائب صدر وسیم شہباز لودھی اور نائب صدر عمر خالد نے ڈی پی او کا پرتپاک استقبال کیا۔

    دورے کے دوران ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ سیالکوٹ پولیس عوام کے تحفظ اور خدمت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی کیمروں کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے، جو شہریوں کے تحفظ کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ فیکٹریوں کے مین دروازوں پر نصب کیمرے انٹرنیٹ کے ذریعے ڈی پی او دفتر سے منسلک کیے جائیں تاکہ صنعت کاروں اور ان کی املاک کے تحفظ کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

    ڈی پی او نے مزید کہا کہ کینٹ چوک سمیت اہم چوراہوں کی خوبصورتی اور ٹریفک اشاروں کی تنصیب کے لیے سیالکوٹ چیمبر کا مالی تعاون درکار ہے، اور انہیں یقین ہے کہ چیمبر ہمیشہ کی طرح اس مقصد میں اپنا تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے سیالکوٹ کے تھانہ کوتوالی کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا بھی ذکر کیا اور تاجر برادری سے بھرپور تعاون کی درخواست کی۔

    اس موقع پر تاجر برادری کے رہنما ریاض الدین شیخ، سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے چیئرمین حسن علی بھٹی، وائس چیئرمین ملک فراز اعوان، فوکل پرسن عامر مجید شیخ اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

  • قصور: تحریک لبیک کی عظیم الشان تاجدار ختم نبوت کانفرنس، حافظ سعد رضوی نے صدارت کی

    قصور: تحریک لبیک کی عظیم الشان تاجدار ختم نبوت کانفرنس، حافظ سعد رضوی نے صدارت کی

    قصور (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید سندھو سے) تحریک لبیک پاکستان کے زیر اہتمام قصور میں تاجدار ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس کانفرنس کی صدارت تحریک لبیک کے امیر محترم جناب حافظ سعد حسین رضوی نے کی۔

    اس موقع پر معروف مذہبی شخصیات نے شرکت کی جن میں غازی ممتاز حسین قادری کے صاحبزادے علی رضا ممتاز ، پیر سید توقیر الحسن شاہ اور ملک بھر سے آئے ہوئے علماء کرام شامل تھے۔ مقررین نے عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت اور موجودہ دور میں اس کے تحفظ کے لیے اقدامات پر زور دیا۔

    حافظ سعد حسین رضوی نے کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر تمام کارکنان کی خدمات کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے دستار بندی کی۔ اس موقع پر ناظم اعلٰی قصور محمد زاہد رضوی، سردار حافظ منیب احمد ڈوگر، شیر محمد رضوی، منیر احمد خاں ساقی، علی شیر سندھو، محمد عثمان رضوی، قاری عبدالغفار رضوی، محمد عرفان رضوی اور طارق نوید سندھو سمیت دیگر کارکنان کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔