Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف: اسپیڈ بریکرز کی کمی سے حادثات میں اضافہ، شہری پریشان

    اوچ شریف: اسپیڈ بریکرز کی کمی سے حادثات میں اضافہ، شہری پریشان

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار: حبیب خان) شہر کی مصروف سڑکوں پر اسپیڈ بریکرز کی عدم موجودگی کے باعث حادثات معمول بن چکے ہیں جبکہ منچلوں کی تیز رفتاری اور ون ویلنگ نے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال دی ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اسپیڈ بریکرز کی تعمیر وقت کی ضرورت ہے تاکہ حادثات اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔

    تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کی اہم شاہراہوں، جن میں للو والی پل روڈ، علی پور روڈ، خیرپور ڈاہا روڈ اور احمد پور شرقیہ روڈ شامل ہیں، پر اسپیڈ بریکرز نہ ہونے کی وجہ سے تیز رفتار گاڑیاں اور ون ویلنگ کے واقعات عام ہو چکے ہیں۔ گزشتہ دنوں ایک افسوسناک حادثے میں اوچموغلہ کے رہائشی عاشق کے 8 سالہ بیٹے کو تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے کچل دیا، جس سے بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ ان سڑکوں پر تعلیمی ادارے اور دیگر اہم مقامات موجود ہونے کے باوجود اسپیڈ بریکرز تعمیر نہیں کیے گئے، جس کے نتیجے میں متعدد حادثات پیش آ چکے ہیں۔ ان حادثات میں کئی افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ متعدد افراد معذوری کا شکار ہو کر محتاجی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

    عوامی اور سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور مقامی نمائندوں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر اسپیڈ بریکرز کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنائی جا سکیں۔

  • اوچ شریف: گندم کے بیج کی قیمتوں میں اضافہ، کسان پریشان

    اوچ شریف: گندم کے بیج کی قیمتوں میں اضافہ، کسان پریشان

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) گندم کے بیج کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے کسان شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ مافیا کی اجارہ داری کے سامنے انتظامیہ بے بس نظر آ رہی ہے، جبکہ کسانوں کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں گندم کی پیداوار کا ہدف حاصل کرنا ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔

    مقامی کسانوں نے قیمتوں میں تقریباً سو فیصد اضافے کو "قتلِ عام کے مترادف” قرار دیتے ہوئے احتجاج کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مافیا کو قابو کرے۔ اوچ شریف مارکیٹ میں پنجاب سیڈ کارپوریشن اور دیگر نجی کمپنیوں نے گندم کے بیج کے نرخ 6000 سے 6300 روپے فی 50 کلوگرام تک بڑھا دیے ہیں، جب کہ 40 کلو بیج کی قیمت 2900 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

    کسانوں نے شکایت کی کہ انہیں پہلے جو گندم 2500 روپے فی من فروخت کی گئی تھی، وہی اب دوگنی قیمت پر بطور بیج فروخت ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ استحصال ہے، اور حکومت کی خاموشی ان کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہی ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کی کوششوں کے باوجود مارکیٹ میں مافیا کا کنٹرول برقرار ہے، جس سے بیجائی کے اخراجات ناقابل برداشت ہو چکے ہیں۔ کسانوں نے حکومت سے فوری طور پر بیج کی قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ گندم کی کاشت جاری رکھ سکیں۔ بصورت دیگر، یہ بحران ملک کی زرعی پیداوار اور معیشت پر منفی اثرات ڈال سکتا ہے۔

    کسانوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے اس مسئلے کا جلد حل نہ نکالا تو گندم کی کاشت میں کمی کے باعث خوراک کا بحران پیدا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ حکومت ان کی محنت کا صلہ دے اور زرعی پیداوار میں ان کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے فوری اقدامات کرے۔

  • ڈسکہ: الفلاح فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ، 450 مریضوں کا معائنہ

    ڈسکہ: الفلاح فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ، 450 مریضوں کا معائنہ

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک عمران)الفلاح فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ، 450 مریضوں کا معائنہ

    تفصیلات کے مطابق شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی کی زیر نگرانی الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام ڈسکہ کے موضع ہچڑ میں فری میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا۔ کیمپ میں مختلف امراض کے ماہرین، جن میں شوگر اسپیشلسٹ، ماہر امراض بچگان، سینئر گائناکالوجسٹ اور فزیوتھراپسٹ شامل تھے، نے مریضوں کا مفت معائنہ کیا اور ادویات فراہم کیں۔

    کیمپ میں 450 مریضوں کا چیک اپ کیا گیا اور 50 ہزار روپے مالیت کی ادویات مفت تقسیم کی گئیں۔ کیمپ میں سیاسی و سماجی شخصیات اور معززین علاقہ نے بھی شرکت کی۔ مریضوں نے الفلاح فاؤنڈیشن اور شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    الفلاح فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے اس موقع پر کہا کہ شیخ سلسلہ عالیہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان کی زیر نگرانی ایسے فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد جاری رہے گا تاکہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ تنظیم عرصہ دراز سے ملک بھر میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

  • ڈیرہ غازی خان: الفلاح فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ

    ڈیرہ غازی خان: الفلاح فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی ، سٹی رپورٹر جواد اکبر) الفلاح فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سینئر ڈاکٹر پروفیسر نوید آصف یوسفی کی سربراہی میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جہاں مریضوں کے لیے مفت علاج اور ادویات فراہم کی گئیں۔ شہر اور مضافاتی علاقوں جیسے لوہار والا اور پائیگاہ سے بڑی تعداد میں مریضوں نے کیمپ میں شرکت کی۔

    میڈیکل کیمپ میں مختلف شعبوں کے ماہرین نے اپنی خدمات پیش کیں۔ آنکھوں کے امراض کے لیے آئی اسپیشلسٹ موجود تھے جبکہ جنرل فزیشن نے عمومی بیماریوں کے مریضوں کا معائنہ کیا۔ جلد کے مسائل سے متاثرہ مریضوں کے لیے جلد اسپیشلسٹ ڈاکٹرمیاں محموداحمد موجود رہے اور مریضوں کو چیک کیا

    تشخیصی سہولیات کے تحت 60 مریضوں کے لیب ٹیسٹ اور 40 مریضوں کے الٹراساؤنڈ کیے گئے۔ تمام مریضوں کو علاج کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔

    ڈاکٹر نوید آصف یوسفی کے ہمراہ ان کے ساتھیوں نے روحانی کاؤنٹر بھی قائم کیا، جہاں روحانی مسائل کا حل پیش کیا گیا اور مریضوں میں آگاہی کے لیے پمفلٹ تقسیم کیے گئے۔

    کیمپ میں شرکت کرنے والے افراد نے مفت علاج اور ادویات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ روحانی معاونت کو بھی سراہا۔ ایسے اقدامات کا مقصد صحت عامہ کے فروغ کے ساتھ ضرورت مندوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے جو کہ شہر اور گرد و نواح کے عوام کے لیے ایک اہم خدمت ثابت ہوئی۔

  • حب: نورانی کے قریب زائرین کی بس حادثے کا شکار، 2 جاں بحق، 11 زخمی

    حب: نورانی کے قریب زائرین کی بس حادثے کا شکار، 2 جاں بحق، 11 زخمی

    حب (باغی ٹی وی رپورٹ) نورانی کے قریب زائرین کی بس حادثے کا شکار، 2 جاں بحق، 11 زخمی

    تفصیل کے مطابق بلوچستان کے علاقے حب میں نورانی کراس موسلی چڑھائی کے قریب زائرین کی بس الٹنے سے دو افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق حادثہ بس کی بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔ زائرین شاہ نورانی کے مزار سے زیارت کے بعد کراچی واپس جا رہے تھے۔ زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر گورنمنٹ جام غلام قادر اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

    مزید تحقیقات اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

  • ننکانہ صاحب: مدرسہ غوثیہ قادریہ میں 50 طالبات میں اسکالرشپ کی تقسیم

    ننکانہ صاحب: مدرسہ غوثیہ قادریہ میں 50 طالبات میں اسکالرشپ کی تقسیم

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)مدرسہ غوثیہ قادریہ کنز القرآن قرأت اکیڈمی میں طالبات میں اسکالرشپ تقسیم کی تقریب

    تفصیل کے مطابق مدرسہ غوثیہ قادریہ کنز القرآن قرأت اکیڈمی کے زیر اہتمام طالبات میں اسکالرشپ تقسیم کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں ضلعی صدر منہاج القرآن ویمن لیگ سیدہ عابدہ گیلانی، ناظمِ اعلیٰ مدرسہ غوثیہ قادریہ کنز القرآن، ڈائریکٹر الہدایہ کورسز ڈیپارٹمنٹ شہزادہ روح الامین، سیدہ زاہدہ گیلانی، روبینہ اعجاز، طالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔

    تقریب کے دوران نظام المدارس پاکستان کی جانب سے مدرسے میں زیرِ تعلیم 50 طالبات میں فی کس 30 ہزار روپے کے اسکالرشپ تقسیم کیے گئے۔ مہمانانِ گرامی نے طالبات کو مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    سیدہ عابدہ گیلانی، شہزادہ روح الامین اور دیگر مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کا دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی مہارتیں سیکھنا قابلِ تحسین ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ایسے کورسز طالبات کو خود مختار بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے اور وہ باعزت روزگار کے ذریعے اپنے والدین کا سہارا بن سکیں گی۔

    اس موقع پر اسکالرشپ حاصل کرنے والی طالبات نے مالی معاونت پر نظام المدارس پاکستان اور مدرسہ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ طالبات نے کہا کہ اس معاونت سے انہیں اپنی تعلیم جاری رکھنے میں آسانی ہوگی اور وہ بہتر مستقبل کے خواب کو عملی جامہ پہنا سکیں گی۔

    تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات پر ہوا، جہاں شرکاء نے طالبات کی کامیابی اور مدرسہ کے فروغ کے لیے دعا کی۔

  • سیالکوٹ: ڈائریکٹر سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ چودھری محمد اعجاز سپرد خاک

    سیالکوٹ: ڈائریکٹر سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ چودھری محمد اعجاز سپرد خاک

    سیالکوٹ (باغی ٹی وینامہ نگار ) سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر اور پاکستان گلوز ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین چودھری محمد اعجاز کو ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مرحوم کی نمازِ جنازہ میں رشتہ داروں، قریبی دوستوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    نمازِ جنازہ میں شریک نمایاں شخصیات میں سابق چیئرمین سیال غلام مصطفی چودھری، نعیم اختر، انجینئر خاور انور خواجہ، خواجہ مسعود اختر، سہیل سعید برلاس، سابق رکن صوبائی اسمبلی انجینئر عمران اشرف، موجودہ رکن اسمبلی چودھری فیصل اکرام، اور ممتاز صنعتکار عقیل ظفر بھٹی شامل تھے۔

    دیگر شرکت کرنے والوں میں سرفراز عقیل بھٹی، پروفیسر صہیب احمد، سابق چیئرمین اسپورٹس ایسوسی ایشن چودھری محمد ارشد، سابق وائس چیئرمین سیال نعیم یوسف، چودھری محمد افضل شاہین، چودھری رضا منیر، اور ڈائریکٹر سیال چودھری محمد جاوید شامل تھے۔

    مزید شرکت کرنے والی شخصیات میں میاں عتیق الرحمن، ڈاکٹر عطا اللہ طاہر خان، عبدالشکور مرزا، تجمل حسین، ڈاکٹر محمد ایوب، میاں احسن، عمران شاہد، شہزاد اسحاق، انجم اسحاق، وقاص اسحاق، محمد اعجاز خان نوری، محمد یونس چودھری، ظفر بٹ، احمد صابر شیخ، وقاص اکرم اعوان، اور نصیر اے ملک شامل تھے۔

    چیئرمین یونیورسٹی آف سیالکوٹ ملک فیصل ظہور بھی جنازے میں موجود تھے۔

    مرحوم چودھری محمد اعجاز کی وفات پر سیالکوٹ کی تاجر برادری اور صنعتکار حلقوں میں گہرا رنج و غم پایا جاتا ہے۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

  • سیالکوٹ: ڈی پی او کی کھلی کچہری، عوامی شکایات کے فوری ازالے کا حکم

    سیالکوٹ: ڈی پی او کی کھلی کچہری، عوامی شکایات کے فوری ازالے کا حکم

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،نامہ نگار ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق نے تھانہ بڈیانہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کچہری میں ڈی پی او نے شہریوں کے مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام معاملات کی شفاف اور میرٹ پر تفتیش کی جائے۔

    کھلی کچہری کے دوران ڈی پی او نے خاص طور پر زمین کے تنازعات سے متعلق کئی دنوں سے زیرِ التوا مقدمات کو فوری نمٹانے کا حکم جاری کیا۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت دی کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں اور جودھالہ میں دفعہ 324 کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے۔

    ڈی پی او رانا عمر فاروق نے کہا کہ علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا اور انہیں ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پسرور اور بڈیانہ میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے اضافی نفری اور پنجاب پولیس کی یوسی فورس تعینات کی جائے گی۔

    کھلی کچہری میں ایس ایچ او تھانہ بڈیانہ، ایس ایچ او سٹی، ایس ایچ او تھانہ صدر، اور ایس ایچ او تھانہ قلعہ کالر والا نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام کو ان کے مسائل کا فوری اور موثر حل فراہم کرنا ہے تاکہ انصاف ان کی دہلیز پر پہنچایا جا سکے۔

    سیالکوٹ پولیس عوام کی خدمت اور تحفظ کے لیے دن رات سرگرم عمل ہے اور شہریوں کی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کیا جائے گا۔

  • قصور: کرین حادثہ، کیری ڈبہ اور موٹرسائیکل پر کنٹینر گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    قصور: کرین حادثہ، کیری ڈبہ اور موٹرسائیکل پر کنٹینر گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    قصور (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید سندھو) کرین حادثہ، کیری ڈبہ اور موٹرسائیکل پر کنٹینر گرنے سے 4 افراد جاں بحق

    تفصیل کے مطابق کوٹ رادھا کشن روڈ پر بلھے شاہ پیپر مل کے گیٹ نمبر 2 کے سامنے افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ کرین کے ذریعے ایک کنٹینر کو اٹھاتے وقت اچانک بیلٹ ٹوٹنے کے باعث کنٹینر نیچے گر گیا۔ حادثے کے وقت ایک چنگان کیری ڈبہ اور ایک موٹر سائیکل وہاں سے گزر رہے تھے، جو کنٹینر کے نیچے آ گئے۔

    حادثے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں مشتاق کالونی قصور کے رہائشی حاجی سرور اور ان کے بیٹے حاجی ناصر شامل ہیں، جو چنگان کیری ڈبہ میں سوار تھے۔ دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اس کے علاوہ موٹر سائیکل پر سوار دو افراد بھی جان کی بازی ہار گئے۔

    جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کی لاشیں بلھے شاہ ڈسٹرکٹ اسپتال کے سرد خانے میں منتقل کر دی گئی ہیں۔ حاجی ناصر کے بیٹے کی سعودی عرب سے واپسی تک لاشوں کو سرد خانے میں رکھا جائے گا۔

    واقعے کی خبر ملتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا اور عوام کی بڑی تعداد جائے حادثہ اور اسپتال پہنچ گئی۔

  • میہڑ: گندے پانی میں گرنے سے 6 سالہ بچہ جاں بحق

    میہڑ: گندے پانی میں گرنے سے 6 سالہ بچہ جاں بحق

    میہڑ(باغی ٹی وی ،نامہ نگار منظورجوئیہ)میہڑ کے علاقے مخدوم بلاول کالونی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 6 سالہ معصوم بچہ حسن عرف حسنین کھوسہ کھیل کے دوران پاؤں پھسلنے سے گندے پانی کے تالاب میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچہ گلی میں دیگر بچوں کے ساتھ کھیل رہا تھا۔ اچانک اس کا پاؤں پھسلا اور وہ قریبی تالاب میں جا گرا جو عرصے سے گندے پانی سے بھرا ہوا تھا۔ بچے کو پانی سے نکالنے کی فوری کوشش کی گئی لیکن بدقسمتی سے وہ زندگی کی بازی ہار چکا تھا۔

    اہلِ علاقہ نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گلیوں میں کھلے گندے پانی کے تالاب انتظامیہ کی نااہلی کا نتیجہ ہیں جو بچوں کی زندگیوں کے لیے بڑا خطرہ بن چکے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا تھا کہ متعدد بار شکایات درج کروانے کے باوجود گندے پانی کی نکاسی کا کوئی بندوبست نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

    بچے کے اہل خانہ صدمے میں ہیں اور علاقے میں سوگ کی فضا چھائی ہوئی ہے۔ معصوم حسن کی موت کے بعد اہلِ محلہ اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد تعزیت کے لیے ان کے گھر پہنچ گئی۔

    مقامی شہریوں نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں فوری طور پر صفائی اور نکاسیِ آب کے مسائل حل کیے جائیں تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی جانوں کو محفوظ بنانے کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو مزید حادثات کا خدشہ برقرار رہے گا۔

    یہ واقعہ میہڑ انتظامیہ کے لیے لمحۂ فکریہ ہے اور عوام نے حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ گلیوں اور محلوں میں گندے پانی کے تالابوں کا خاتمہ ممکن ہو۔