Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: صنعتی ترقی اور تاریخی خدمات ،8 ہزار صنعتی یونٹس سالانہ 3 بلین ڈالر کی برآمدات

    سیالکوٹ: صنعتی ترقی اور تاریخی خدمات ،8 ہزار صنعتی یونٹس سالانہ 3 بلین ڈالر کی برآمدات

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں آلات جراحی، چمڑے کی مصنوعات، کھیلوں کے سامان اور میوزیکل انسٹرومنٹس سمیت دیگر اشیاء تیار کرنے والے 8 ہزار سے زائد چھوٹے بڑے صنعتی یونٹس کام کر رہے ہیں۔ یہاں کی مصنوعات کی یورپ، افریقہ اور امریکہ سمیت دنیا بھر میں مانگ ہے۔ سیالکوٹ سالانہ 3 بلین ڈالر سے زائد کی برآمدات کے ذریعے ملک کے لیے قیمتی زر مبادلہ کما رہا ہے، جس کی بدولت سیالکوٹ کی فی کس آمدنی ملک بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ان خیالات کا اظہار نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ، کوئٹہ کے زیر تربیت افسران کے 25 رکنی وفد کو سیالکوٹ کی انتظامی، تاریخی، جغرافیائی، سیاسی، سماجی، اور معاشی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت معراج انیس عارف اور ڈاکٹر سید علی رضا شاہ کر رہے تھے، جبکہ وفد کے دیگر اراکین میں عبد الحمید جاگیرانی، عبد الکبیر خان، عبدالقیوم، عبدالرشید، آفاق حیدر، علی احمد، عطاء اللہ شاہ، بتول اسدی، فصیح الدین، فیاض محمد، غلام مرتضیٰ، حبیب اللہ خان، کامران مغل، مولا داد، محمد انوار الحق، محمد علی شاہ، محمد سمیع ملک، محمد یوسف، ممتاز علی، منور علی دیو، ثاقب خان، شیر عالم خان، کیپٹن (ر) شیر علی، ظفر عباس اور کیپٹن (ر) زوہیب محسن شامل تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مظفر مختار اور اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر بھی موجود تھیں۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے مزید کہا کہ سیالکوٹ کی مردم خیز مٹی نے مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال، فیض احمد فیض، ظہیر عباس، امجد اسلام امجد، ظفر علی خان اور کلدیپ نیئر جیسے عظیم سپوتوں اور مشاہیر کو جنم دیا۔ انہوں نے چونڈہ کے محاذ پر پاک بھارت جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں پاک فوج اور سیالکوٹ کے بہادر شہریوں نے دشمن کو شکست فاش سے دوچار کیا، جس کے اعتراف میں سیالکوٹ کو ہلالِ استقلال کا اعزاز عطا کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کو اپنی مدد آپ کے تحت سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ڈرائی پورٹ اور ایئر لائن بنانے کا منفرد اعزاز حاصل ہے، اور یہ منصوبے نجی شعبے میں کامیابی سے چل رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، بزنس کمیونٹی نے 25 سال قبل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شہر کی سڑکوں، سیوریج اور نالوں کی تعمیر کا کامیاب منصوبہ مکمل کیا، جو ملک کے کسی اور شہر میں مثال نہیں رکھتا۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیالکوٹ کی صنعتی اور اقتصادی ترقی ملک کے لیے فخر کا باعث ہے اور یہاں کی بزنس کمیونٹی کے اقدامات دیگر شہروں کے لیے ایک مثال ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر نیشنل اسمبلی سے پاس ہونے والی اسلامی ترامیم پر بھی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ سیالکوٹ کا عوامی اور کاروباری ماڈل ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

  • ٹھٹھہ: بااثر شخص کی دھمکیاں اور لوٹ مار، خواتین کی تحفظ کی اپیل

    ٹھٹھہ: بااثر شخص کی دھمکیاں اور لوٹ مار، خواتین کی تحفظ کی اپیل

    ٹھٹھہ(باغی ٹی وی ،نامہ نگاربلاول سموں) بااثر شخص کی ہراسانی اور لوٹ مار، خواتین کا تحفظ کے لیے حکام سے اپیل

    تفصیل کے مطابق ٹھٹھہ کے گھارو شہر کی مولا مدد کالونی کی رہائشی خواتین نے عوامی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بااثر شخص نور خان مری پر زندگی اجیرن کرنے کا الزام لگایا ہے۔ خواتین مسمات سائرہ، تانیا اور سلمیٰ نے بتایا کہ مذکورہ شخص روزانہ دھمکیاں دیتا ہے اور انہیں علاقے سے نکالنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    متاثرہ خواتین کے مطابق نور خان مری نے دو نامعلوم مسلح افراد کے ساتھ ان کے گھر پر حملہ کیا، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور اسلحے کے زور پر چار سولر پلیٹس، دو پنکھے، دو بیٹریاں، دو چارپائیاں اور ایک واشنگ مشین لوٹ کر سوزوکی گاڑی میں فرار ہو گیا۔

    خواتین نے کہا کہ انہیں مذکورہ شخص سے جان کا خطرہ ہے اور انہوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس ایس پی ٹھٹھہ سے فوری قانونی کارروائی اور اپنی جان کے تحفظ کی اپیل کی ہے۔

  • ڈسکہ:امتناع قادیانیت آرڈیننس پر عمل درآمد حکومت وقت کی ذمہ داری ہے،مولانا محمد ایوب خان ثاقب

    ڈسکہ:امتناع قادیانیت آرڈیننس پر عمل درآمد حکومت وقت کی ذمہ داری ہے،مولانا محمد ایوب خان ثاقب

    ڈسکہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار ملک عمران)جمعیت علمائے اسلام کے سیکرٹری جنرل صاحبزادہ مولانا محمد ایوب خان ثاقب نے دو روزہ ختم نبوت اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امتناع قادیانیت آرڈیننس پر عمل درآمد حکومت وقت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت تمام مسلمانوں کا فرض ہے اور پاکستان میں قادیانیت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔

    مولانا ایوب خان ثاقب نے کہا کہ مدارس اور مساجد کی رجسٹریشن کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں اور صرف اعلانات اور ترمیمات سے کام نہیں چلے گا۔ انہوں نے عہد کیا کہ ہم اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر آئین ختم نبوت اور ناموس رسالت کا دفاع کریں گے۔

    انہوں نے قادیانیوں کو اسلام قبول کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ تحصیل ڈسکہ میں قادیانیوں کا اسلام قبول کرنا قادیانیت کے خاتمے کا پیش خیمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قادیانیت اور اسرائیل ایک سکے کے دو رخ ہیں اور اسرائیل میں قادیانی جماعت کا دفتر کھلنا اسلام دشمنی اور فلسطینیوں کے خون سے کھیلنے کے مترادف ہے۔

    مولانا ایوب خان ثاقب نے قومی اسمبلی سے پاس ہونے والی اسلامی ترمیمات پر اراکین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان میں موجود اسلام دشمن عناصر کی اصلاح کے لیے دعوت دی جاتی ہے۔

    اجتماع سے مولانا غلام مرتضیٰ، مولانا ارشد محمود خان، مولانا عبدالقیوم حقانی، اور دیگر علمائے کرام نے بھی خطاب کیا، جبکہ محمد خالد مغل اور ان کے سینکڑوں ساتھیوں نے شرکت کی۔

  • ضلع خیبر: شہید پولیس اہلکار ثاقب خان کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

    ضلع خیبر: شہید پولیس اہلکار ثاقب خان کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

    ضلع خیبر(باغی ٹی وی رپورٹ) تھانہ ملاگوری حملے میں شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی،تھانہ ملاگوری حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار ثاقب خان کی نماز جنازہ خیبر پولیس لائنز شاکس میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔

    نماز جنازہ میں ڈی پی او رائے مظہر اقبال، ایس پی انویسٹیگیشن روح الامین، اے سی جمرود عامر زیب سمیت شہید کے لواحقین، پولیس افسران، اہلکاروں اور بڑی تعداد میں اہل علاقہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر پولیس افسران نے شہید کے تابوت پر پھول چڑھائے اور ان کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی۔

    ڈی پی او رائے مظہر اقبال نے شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ثاقب خان ایک بہادر اور خوش اخلاق افسر تھا اور ان کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ پولیس نے عزم ظاہر کیا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور امن کے قیام کے لیے ان کا مشن جاری رکھا جائے گا۔

  • میرپورخاص: کم عمر لڑکی کی زبردستی شادی ناکام، والد اور دولہا گرفتار

    میرپورخاص: کم عمر لڑکی کی زبردستی شادی ناکام، والد اور دولہا گرفتار

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ)میرپورخاص پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کم عمر لڑکی کی زبردستی شادی کی کوشش ناکام بنا دی۔ واقعہ تھانہ دلبر خان مہر کی حدود میں گاؤں جان محمد جونیجو میں پیش آیا، جہاں 15/16 سالہ لڑکی (پ) سامی کی زبردستی شادی کروائی جا رہی تھی۔

    پولیس نے چھاپہ مار کر دلہن کے والد رانجھو سامی اور 40/45 سالہ دولہا عبدالمجید سامی کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان اور حفاظتی تحویل میں لی گئی لڑکی کو تھانہ دلبر خان مہر منتقل کیا گیا ہے۔

    پولیس نے دولہا اور لڑکی کے والد کے خلاف سندھ چائلڈ میرج ریسٹرنٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مزید قانونی کارروائی کے لیے لڑکی اور ملزمان کو مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس حکام کے مطابق، اس کارروائی کا مقصد کم عمری کی شادیوں کی روک تھام اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانا ہے۔

  • ٹھٹھہ: امن و امان کے لیے پولیس کی سنیپ چیکنگ جاری

    ٹھٹھہ: امن و امان کے لیے پولیس کی سنیپ چیکنگ جاری

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگار بلاول سموں)آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی حیدرآباد رینج طارق رزاق دھاریجو کی ہدایات پر ایس ایس پی ٹھٹہ ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات کے تحت ضلع بھر میں امن و امان کی بحالی کے لیے پولیس کی سنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

    سنیپ چیکنگ کے دوران موٹر سائیکلوں، رکشوں، مسافر وینز، بسوں اور دیگر چھوٹی بڑی گاڑیوں کو روکا گیا۔ کئی گاڑیوں سے ٹنٹڈ شیشے اور فینسی نمبر پلیٹس بھی ہٹائے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق، تمام ایس ڈی پی اوز اپنے اپنے علاقوں میں ایس ایچ اوز کے ساتھ مل کر سنیپ چیکنگ میں حصہ لے رہے ہیں۔

    شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی چیکنگ کا عمل جاری ہے، جہاں پولیس نے متعدد مشکوک افراد اور بغیر نمبر پلیٹ والی موٹر سائیکلوں کو تحویل میں لے کر ان کی تصدیق کا عمل شروع کر دیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس چیکنگ کا مقصد ضلع میں امن و امان کو یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو پیش آنے سے روکنا ہے۔ عوام سے بھی تعاون کی اپیل کی گئی ہے تاکہ امن عامہ کو برقرار رکھا جا سکے۔

  • گوجرہ: موٹر سائیکل اور گدھا ریڑھی میں تصادم، ایک جاں بحق، دوسرا زخمی

    گوجرہ: موٹر سائیکل اور گدھا ریڑھی میں تصادم، ایک جاں بحق، دوسرا زخمی

    گوجرہ (نامہ نگار باغی ٹی وی عبدالرحمٰن جٹ)گوجرہ میں موچی والا روڈ پر موٹر سائیکل اور گدھا ریڑھی کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب چک 418 ج۔ب کا رہائشی 17 سالہ غلام رضا اپنے 13 سالہ بھائی محمد رحمن کے ساتھ موٹر سائیکل نمبر TDL_2036 پر شہر سے واپس گاؤں جا رہا تھا۔ راستے میں اچانک سامنے سے آنے والی گدھا ریڑھی سے ٹکرا گئے۔

    حادثے کے نتیجے میں غلام رضا موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا جبکہ اس کا بھائی محمد رحمن شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو 1122 نے زخمی اور جاں بحق نوجوان کو سول ہسپتال منتقل کیا۔ محمد رحمن کی حالت تشویشناک ہونے پر ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا۔

    پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اہل علاقہ نے اس افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

  • ساہیوال: سرکاری اسکول میں استاد کی درندگی، طالب علم زخمی

    ساہیوال: سرکاری اسکول میں استاد کی درندگی، طالب علم زخمی

    ساہیوال(باغی ٹی وی رپورٹ) ساہیوال کے ایک سرکاری ہائی اسکول میں ایک طالب علم پر اس کے استاد نے بے رحمی سے تشدد کیا ہے۔ اس واقعے کے بعد طالب علم کے والد نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔

    تفصیل کے مطابق ساہیوال چک نمبر 62/4R کے رہائشی غلام رسول نے ساہیوال کے تھانہ نورشاہ میں درخواست گذاری کہ وہ غریب آدمی ہے۔اس کابیٹا محمد فیصل جس کی عمر قریب 9 سال، گورنمنٹ ہائی سکول 75/5R میں جماعت سوم کا طالب علم ہے۔اس سکول تعینات استادشعیب ولد یوسف جٹ میرے بیٹے کو پڑھاتا ہے ۔

    درخواست گذار غلام رسول نے درخواست نے مؤقف اختیارکیا کہ مذکورہ استاد نے مورخہ 2024-10-23 کو دوران ڈیوٹی بچے کو انتہائی بے رحمی سے اس قدر مارا کہ سوٹوں اور جوتوں کے نشانات بچے کی کمر پر واضع دیکھے جاسکتے ہیں ،اس استاد نے گورنمنٹ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سائل کے بیٹے کو نہایت وحشیانہ طریقے سے مارا۔ جس سے میرےبیٹے کی طبیعت ناساز ہوگئی تو اس نےمیرے بیٹے کو سنگین دھمکیاں دیں کہ اگر تو نے اپنے والدین کو بتایا تو میں تمہیں بہت ماروں گا۔اس لکھا کہ انہیں اساتذہ کی وجہ سے مجھ جیسے غریب لوگوں کے بچے تعلیم کی نعمت سے محروم ہیں۔

    درخواست پر پولیس نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر کارروائی شروع کردی ہے۔ پولیس نے شکایت درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    اس واقعے نے علاقے میں کافی غم و غصہ پیدا کیا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ملزم استاد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے۔ اس واقعے نے تعلیمی اداروں میں طلباء کے ساتھ ہونے والے تشدد کے مسئلے پر ایک بار پھر توجہ مرکوز کی ہے۔

  • قصور: فیروزپور روڈ پر نالے کی ادھوری تعمیر، حادثات کا سبب بننے لگی

    قصور: فیروزپور روڈ پر نالے کی ادھوری تعمیر، حادثات کا سبب بننے لگی

    قصور (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر طارق نوید سندھو سے)فیروزپور روڈ پر نالہ کی ادھوری تعمیر حادثات کا سبب بننے لگی

    تفصیل کے مطابق قصور میں فیروزپور روڈ کے ساتھ سروس روڈ نزد کالی پل کے قریب تین ماہ سے نالہ کی تعمیر کا کام رکا ہوا ہے، جو روز بروز حادثات کا سبب بن رہا ہے۔ اسی نوعیت کا ایک واقعہ گزشتہ شب پیش آیا، جب نالہ کے ساتھ کھدائی میں ایک نئی آلٹو کار گر گئی۔ خوش قسمتی سے ڈرائیور محفوظ رہا، مگر گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ نامکمل تعمیراتی کام نے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر کی ہے بلکہ عوام کی جان و مال کے لیے بھی خطرہ پیدا کر دیا ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر متعلقہ اداروں کو حکم دیا جائے کہ اس ادھورے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

    نالے کا کچھ حصہ تو تعمیر کیا جا چکا ہے مگر اس پر کوئی حفاظتی ڈھانپ نہ ہونے کی وجہ سے اوپر سے گزرنا ناممکن ہو چکا ہے۔ علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ پیدل اور گاڑیوں کے ذریعے اس راستے کو عبور کرنا انتہائی خطرناک ہو گیا ہے۔

    شہریوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکام کے پاس ترقیاتی کام مکمل کرنے کے لیے فنڈز نہیں ہیں تو عوام سے مدد کی درخواست کی جائے۔ مکینوں نے تجویز دی کہ اگر حکومت تعاون کرے تو وہ اپنی مدد آپ کے تحت اس نالے کی تعمیر کا کام مکمل کرنے کو تیار ہیں۔

    یہ صورتحال مقامی انتظامیہ کی عدم توجہی اور منصوبہ بندی کی ناکامی کو اجاگر کرتی ہے اور عوام حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ مزید حادثات سے بچا جا سکے۔

  • ضلع  خیبر میں 28 اکتوبر سے سات روزہ انسداد پولیو مہم کا آغازکیا جائے گا

    ضلع خیبر میں 28 اکتوبر سے سات روزہ انسداد پولیو مہم کا آغازکیا جائے گا

    لنڈی کوتل(باغی ٹی وی) ضلع خیبر میں سات روزہ انسداد پولیو مہم 28 اکتوبر سے شروع ہو رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر خیبر کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان اور ضلعی پولیس سربراہ رائے مظہر اقبال نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کر دیا۔ اس مہم کے دوران پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی قطرے پلائیں گی۔

    ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کی زیر صدارت انسداد پولیو کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا، جس میں ضلعی پولیس سربراہ رائے مظہر اقبال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احسان اللہ، محکمہ صحت کے ضلعی سربراہ ڈاکٹر ظفر علی خان، محکمہ تعلیم، عالمی ادارہ برائے صحت، پولیس اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں انسداد پولیو حکام نے مہم کے انتظامات، ٹیموں کی سیکیورٹی، والدین میں آگاہی اور انکاری والدین کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

    مہم کے دوران 945 پولیو ٹیمیں ضلع بھر میں دو لاکھ 8 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائیں گی۔ یہ مہم 3 نومبر تک جاری رہے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو قطرے ضرور پلائیں تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے اور ضلع خیبر کو پولیو سے پاک بنایا جا سکے۔