Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • گوجرہ: عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے عبداللہ ٹریول اینڈ ٹورز کا افتتاح

    گوجرہ: عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے عبداللہ ٹریول اینڈ ٹورز کا افتتاح

    گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے عبداللہ ٹریول اینڈ ٹورز کا افتتاح

    چوہدری غلام رسول گجر نے عمرہ زائرین کی خدمت کے لیے "عبداللہ ٹریول اینڈ ٹورز” کے دفتر کا افتتاح تحصیل آفس روڈ پر کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید اور نعت شریف سے ہوا۔

    افتتاحی تقریب میں پاکستان مسلم لیگ گوجرہ کے امیر چوہدری تاج محمد گجر نے دفتر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہی رزق دینے والا ہے، اور حلال روزی کمانا عین عبادت ہے انہوں نے غلام رسول گجر کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے رزق میں برکت عطا کرے اور انہیں عوام کی خدمت کا موقع دے۔

    تقریب میں شہر کے معززین، سیاسی و مذہبی رہنماؤں اور پراپرٹی ڈیلرز سمیت بڑی تعداد میں افراد نے شرکت کی۔ اختتام پر مہمانوں کی پرتکلف کھانے سے تواضع کی گئی۔

  • پشاور: اپٹا نے 5 نومبر کے دھرنے کی توثیق کر دی، 26 ہزار اسکول بند کرنے کا اعلان

    پشاور: اپٹا نے 5 نومبر کے دھرنے کی توثیق کر دی، 26 ہزار اسکول بند کرنے کا اعلان

    پشاور (باغی ٹی وی رپورٹ) آل پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن (اپٹا) خیبر پختونخوا کے صوبائی کونسل کا اجلاس پشاور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت صوبائی صدر عزیزاللہ خان نے کی۔ اجلاس میں خواتین اساتذہ سمیت تمام ضلعی صدور اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

    اجلاس میں متفقہ طور پر 5 نومبر کو جناح پارک پشاور میں احتجاجی دھرنے کی تاریخ کی توثیق کی گئی۔ دھرنا اساتذہ کی آپ گریڈیشن کے نوٹیفکیشن، 13,500 اساتذہ کی ریگولرائزیشن، جبری پروموشنز کی بحالی اور پرائمری اسکولوں کی نجکاری روکنے کے مطالبات کے حق میں ہوگا۔

    عزیزاللہ خان نے کہا کہ یہ دھرنا ایک نئی تاریخ رقم کرے گا اور غیر معینہ مدت تک جاری رہے گا۔ اگر مسائل حل نہ کیے گئے تو 5 نومبر سے 26 ہزار پرائمری اسکول بند کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہمیشہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں اور مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے چاہتے ہیں تاہم اساتذہ اپنے حقوق کے لیے بھرپور طاقت کے ساتھ میدان میں آئیں گے۔

    دھرنا 5 نومبر کو دوپہر 1 بجے جناح پارک پشاور میں شروع ہوگا۔

  • پنجاب حکومت کا اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور نفرت انگیز مواد کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

    پنجاب حکومت کا اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور نفرت انگیز مواد کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرجواداکبر) حکومت پنجاب کی ہدایت پر اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیرنے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے احکامات جاری کیے۔ اجلاس میں آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

    کمشنر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اقلیتوں کے داخلوں اور ملازمتوں میں مخصوص کوٹے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی جی خان ڈویژن کے اقلیتی تعلیمی اداروں اور زیر تعلیم بچوں کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے، انہوں نے عیسائی، ہندو اور دیگر اقلیتوں کے لیے تعلیمی وظائف کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات دیے۔

    مزید برآں عبادت گاہوں، قبرستانوں، اور حساس مقامات کی سیکیورٹی بہتر بنانے کے لیے سپیشل پولیس فورس یا اسکواڈ کی تعیناتی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

    کمشنر نے اقلیتی برادری کے ملک کی ترقی میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی اور تمام ادارے حکومتی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کریں۔

  • خیبر: جمرود پولیس کی کارروائیاں، 6 کلو سے زائد آئس برآمد، 3 ملزمان گرفتار

    خیبر: جمرود پولیس کی کارروائیاں، 6 کلو سے زائد آئس برآمد، 3 ملزمان گرفتار

    خیبر (باغی ٹی وی رپورٹ)جمرود پولیس نے آئس کے خلاف دو مختلف کارروائیوں میں بڑی کامیابی حاصل کی، جن کے دوران مجموعی طور پر 6 کلوگرام سے زائد آئس برآمد کی گئی۔ کارروائیوں میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) رائے مظہر اقبال کے احکامات پر ضلع بھر میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ایس ایچ او جمرود، شاہ خالد کی قیادت میں انچارج نواب شاہ شہید، بخت منیر، اور گل امین نے خفیہ اطلاع پر خصوصی ناکہ بندی کی۔ اس دوران مشتبہ موٹر سائیکل سواروں کی تلاشی کے دوران 5 کلوگرام آئس برآمد کی گئی اور ملوث افراد ساجد خان اور شاہ زمین کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا گیا۔

    ایک اور کارروائی میں اسسٹنٹ انچارج بھگیاری شکیل خان نے بھگیاری خوڑ میں خصوصی ناکہ بندی کے دوران ایک مشتبہ پیدل شخص سے 1015 گرام آئس برآمد کی۔ ملزم محمد آصف کو موقع پر گرفتار کرکے حوالات منتقل کیا گیا اور اس سے مزید تفتیش جاری ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف اس کریک ڈاؤن کا مقصد علاقے کو نشے کی لعنت سے پاک کرنا ہے اور یہ کارروائیاں آئندہ بھی بھرپور طریقے سے جاری رہیں گی۔

  • اوچ شریف: 7 سالہ بچہ  کرنٹ لگنے سے جاں بحق

    اوچ شریف: 7 سالہ بچہ کرنٹ لگنے سے جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ) نواحی علاقے رتھر نہرانوالی کی بستی مسو خان میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 7 سالہ بچہ بجلی والی موٹر سے کرنٹ لگنے کے باعث جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بچے کے والدین جانوروں کے لیے گھاس کاٹنے کی غرض سے گھر سے باہر گئے ہوئے تھے۔ اس دوران بچہ گھر میں نصب بجلی کی موٹر کے قریب مردہ حالت میں پایا گیا۔ واقعے کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق موت کی وجہ بجلی کا شدید کرنٹ بتایا جا رہا ہے۔ متوفی بچہ محمد اقبال نامی شخص کا بیٹا تھا۔

    اس افسوسناک حادثے سے گھر میں کہرام مچ گیا اور بستی کی فضا سوگوار ہو گئی۔

  • جےیوآئی فاٹا کی لنڈی کوتل میں تنظیم سازی، علاقے کے مسائل حل کرنے کا عزم

    جےیوآئی فاٹا کی لنڈی کوتل میں تنظیم سازی، علاقے کے مسائل حل کرنے کا عزم

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی) جےیوآئی فاٹا کے سینئر نائب امیر مفتی اعجاز شینواری نے لنڈی کوتل پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (جےیوآئی) کے دستور کے مطابق پہلے رکنیت سازی اور پھر تنظیم سازی کی گئی ہے۔

    اس عمل کے دوران لنڈی کوتل کے نومنتخب عہدیداران کا انتخاب بھی کیا گیا، جن میں مولانا محمد عاقب کو امیر، مولانا عظیم شاہ کو جنرل سیکرٹری، مولانا عظمت اللہ شینواری کو سینئر نائب امیر، مولانا عبدالرحیم فقیر کو فنانس اور ذاکر اللہ قریشی کو سالار منتخب کیا گیا۔

    مفتی اعجاز شینواری نے مزید کہا کہ جمعیت علمائے اسلام لنڈی کوتل میں امن کے قیام اور اقتصادیات کی بحالی کے لیے کام کرے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جےیوآئی علاقے کے لوگوں کی غیرقانونی گرفتاریوں کے خلاف اور دیگر مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے گی۔

    نومنتخب امیر مولانا محمد عاقب نے کہا کہ جمعیت کا مقصد خدا کی زمین پر خدا کا نظام نافذ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جےیوآئی اور مولانا فضل الرحمن کی سیاست اصولوں کی بنیاد پر کامیاب ہوتی ہے اور ملک کے تمام سیاستدان ان کے گرد گھومتے ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ہم لنڈی کوتل کے عوام کے لیے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کریں گے اور فرنٹ لائن پر کھڑے ہوں گے۔

    آخر میں جنرل سیکرٹری مولانا عظیم شاہ نے کہا کہ وہ طورخم بارڈر پر مزدوروں اور عوام کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں اور انشاءاللہ جلد تمام مسائل کے حل کے لیے لائحہ عمل طے کریں گے۔

  • امریکہ کی کئی ریاستیں کالی کھانسی کی لپیٹ میں، صحت کے حکام میں تشویش

    امریکہ کی کئی ریاستیں کالی کھانسی کی لپیٹ میں، صحت کے حکام میں تشویش

    واشنگٹن(باغی ٹی وی)امریکہ میں کالی کھانسی (Whooping Cough) اس سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہےجمعرات کوجاری ہونے والی امریکی محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (CDC) کے مطابق اب تک 18,506 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جو کہ 2014 کے بعد سب سے زیادہ ہیں۔ 2014 میں اس وقت تک 21800 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ ماہرین کے مطابق یہ اضافہ غیر متوقع نہیں ہے کیونکہ کالی کھانسی عام طور پر ہر تین سے پانچ سال بعد عروج پر پہنچتی ہے۔ یہ اعداد و شمار کورونا وائرس وبا ءسے پہلے کے حالات کی عکاسی کرتے ہیں جب کالی کھانسی اور دیگر متعدی بیماریاں کم ہو گئی تھیں۔

    تاہم اس سال کیسز کی تعداد کچھ ریاستوں کے صحت حکام کے لیے باعث تشویش ہے خاص طور پر وسکونسن میں جہاں اب تک 1,000 سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ پچھلے سال یہ تعداد صرف 51 تھی۔ سی ڈی سی کے مطابق ملک بھر میں کنڈرگارٹن کے بچوں کی ویکسینیشن کی شرح گزشتہ سال کم ہو گئی تھی اور ویکسین سے استثنیٰ کی درخواستیں اپنی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق وسکونسن میں 86 فیصد کنڈرگارٹن بچوں کو کالی کھانسی کی ویکسین ملی جبکہ قومی سطح پر یہ شرح 92 فیصد سے زیادہ ہے۔

    کالی کھانسی جسے پرٹوسس (Pertussis) بھی کہا جاتا ہے عام طور پر ناک بہنے اور دیگر نزلے جیسی علامات سے شروع ہوتی ہے اور پھر یہ ایک طویل کھانسی میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ اس بیماری کا علاج اینٹی بایوٹکس سے کیا جاتا ہے۔ کالی کھانسی کبھی بہت عام تھی مگر 1950 کی دہائی میں ویکسین متعارف ہونے کے بعد اس کی شرح میں نمایاں کمی آئی۔ یہ ویکسین ٹیٹنس اور ڈفتھیریا کی ویکسین کے ساتھ ایک ہی ٹیکے میں دی جاتی ہے اور بالغ افراد کو ہر دس سال بعد اس کا بوسٹر لینے کی سفارش کی جاتی ہے۔

    جوائس کنیسٹرک جو کہ ویسٹ ورجینیا کی فیملی نرس پریکٹشنر ہیں کہتی ہیں کہ اسے ‘100 دن کی کھانسی’ بھی کہا جاتا تھا کیونکہ یہ واقعی 100 دنوں تک رہتی ہے۔” کالی کھانسی زیادہ تر نوزائیدہ بچوں اور کم عمر بچوں میں پائی جاتی ہے، جن میں یہ سنگین پیچیدگیاں پیدا کر سکتی ہے۔ اسی لیے حمل کے دوران ماؤں کو یہ ویکسین لگانے کی سفارش کی جاتی ہے تاکہ وہ اپنی پیدا ہونے والے بچوں کو تحفظ فراہم کر سکیں۔

    تاہم صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اس سال کے وبائی پھیلاؤ میں بڑے بچے اور نوجوان زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔

    پنسلوانیا میں زیادہ تر کیسز مڈل اسکول، ہائی اسکول، اور کالج کے طلبا میں دیکھے جا رہے ہیں۔ اسی طرح ڈگلس کاؤنٹی، نیبراسکا میں زیادہ تر متاثرین اسکول کے بچے اور نوجوان ہیں۔ نیبراسکا کے صحت کے ڈپٹی ڈائریکٹر جسٹن فریڈرک نے بتایا کہ اس کی اپنی ٹین ایج بیٹی بھی اس بیماری کا شکار ہوئی،یہ ایک خوفناک بیماری ہے۔ اینٹی بایوٹکس سے علاج کے باوجود وہ کھانسی کے شدید دوروں کے دوران جاگ جاتی ہے اور اسے ایسا لگتا ہے کہ وہ سانس نہیں لے پا رہی۔

    ڈاکٹر کرس برائنٹ جو نارٹن چلڈرن اسپتال (لوئسویل، کینٹکی) میں بچوں کی متعدی بیماریوں کے ماہر ہیں نے کہایہ ضروری ہے کہ جلد ٹیسٹ کروایا جائے اور اینٹی بایوٹکس سے علاج شروع کیا جائے۔ وہ لوگ جو اس بیماری کے جراثیم سے متاثر ہوئے ہوں اینٹی بایوٹکس لے کر اس کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں۔ برائنٹ نے مزید کہا کہ پرٹوسس سے بچاؤ ضروری ہے۔ خوش قسمتی سے ہمارے پاس محفوظ اور مؤثر ویکسین موجود ہیں

  • یونیورسٹی کے چانسلر کے لیے نااہل، ملکی قیادت کے لیے کیسے اہل؟, گلوب بینر

    یونیورسٹی کے چانسلر کے لیے نااہل، ملکی قیادت کے لیے کیسے اہل؟, گلوب بینر

    لندن (باغی ٹی وی) آکسفورڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے انتخاب سے عمران خان کی نااہلی کو عالمی اور برطانوی میڈیا میں نمایاں کوریج ملی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، انتخابی دوڑ سے باہر ہونا عمران خان کی ساکھ کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

    عالمی میڈیا کے مطابق عمران خان کی نااہلی کے اسباب میں کرپشن کیسز اور ریاستی راز افشا کرنے جیسے سنگین الزامات شامل ہیں۔ برطانوی قانون دانوں کے اعلیٰ درجے کے وکیل ہیو ساؤتھی (کنگز کونسل) کی قانونی رائے نے بھی عمران خان کی امیدواری کو ناقابل قبول بنا دیا۔ ساؤتھی کی رائے کے مطابق عمران خان کی سزا یافتہ حیثیت انہیں چانسلر کے منصب کے لیے اہل نہیں بناتی۔

    آکسفورڈ یونیورسٹی کے انتخابی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے ہیو ساؤتھی نے واضح کیا کہ کسی بھی امیدوار کا ماضی میں سزا یافتہ ہونا چانسلر کے عہدے کے لیے نااہلی کا باعث بنتا ہے۔ ان قوانین کے تحت عمران خان جیسے متنازع سیاستدان کی امیدواری ممکن نہیں تھی اور یونیورسٹی نے ان کے کیس کو نظر انداز کرنا ناممکن سمجھا۔

    برطانوی اور بین الاقوامی میڈیا، جن میں دی گارڈین، ڈیلی میل، دی انڈیپینڈنٹ، بی بی سی اور ٹیلیگراف جیسے ادارے شامل ہیں نے اس خبر کو بڑی شہ سرخیوں کے ساتھ شائع کیا۔ گلوب بینر نے طنزیہ تجزیے میں سوال اٹھایا "جو شخص آکسفورڈ یونیورسٹی کی سربراہی کے لیے نااہل ہے، وہ پاکستان جیسے ملک کی حکومت چلانے کا اہل کیسے ہو سکتا ہے؟”

    رپورٹس میں حیرت کا اظہار کیا گیا کہ چانسلر کی امیدواروں کی فہرست میں ایسے افراد شامل تھے جیسے لاہور کی ایک گمنام وکیل، ایک یونیورسٹی پروفیسر اور ایک ایمیزون کے ویئرہاؤس ورکر لیکن عمران خان نااہل قرار پائے۔

    میڈیا تجزیوں کے مطابق چانسلر الیکشن میں نااہلی عمران خان کے سیاسی مستقبل کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ برطانوی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کی یہ ناکامی نہ صرف ان کی پارٹی قیادت بلکہ ملکی سیاست میں بھی ان کی حیثیت کو متاثر کر سکتی ہے۔

    وزیر قانون نے گلوب بینر سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کا کریمنل کیس میں سزا یافتہ ہونا چانسلر شپ کے لیے نااہلی کا بنیادی سبب تھا۔ انہوں نے مزید کہا: "جو شخص یونیورسٹی کے چانسلر کے لیے نااہل ہو، وہ پوری قوم کی قیادت کے لیے کیسے اہل ہو سکتا ہے؟”

    یہ خبر سب سے پہلے آکسفورڈ میل نے بریک کی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ عمران خان کی متنازع شخصیت اور ماضی میں ریاستی رازوں کے افشا کے الزامات کے باعث انہیں چانسلر کی دوڑ سے باہر کر دیا گیا۔

  • تنگوانی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سات سالہ بچہ جاں بحق، ڈرائیور زخمی

    تنگوانی: ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سات سالہ بچہ جاں بحق، ڈرائیور زخمی

    تنگوانی(باغی ٹی وی، نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کے قریب ہائی وے پر ڈاکوؤں کی جانب سے گاڑیوں پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں سات سالہ علی لاشاری جاں بحق ہوگیا اور گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ ٹھل-کندھ کوٹ روڈ پر کھاہی اسٹاپ کے قریب پیش آیا جو تھانہ تنگوانی کی حدود میں واقع ہے۔ حملے کے دوران ڈاکوؤں نے کئی گاڑیوں کو نشانہ بنایا، جس سے علی لاشاری موقع پر ہی دم توڑ گیا اور ڈرائیور الطاف حسین لاشاری جوکہ جاں بحق ہونے والے بچے کا والد ہے کو شدید چوٹیں آئیں۔

    زخمی الطاف حسین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے سسرال سے واپس کندھ کوٹ جا رہے تھے، جب 6 مسلح ڈاکوؤں نے ان پر حملہ کیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ان کا کمسن بیٹا جاں بحق ہو گیا۔

    پولیس کی کارکردگی پر سوالات اٹھتے ہیں کیونکہ اطلاع ملنے کے باوجود اب تک جائے وقوعہ پر پولیس نہیں پہنچ سکی۔ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، اور مقامی افراد نے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • سیالکوٹ: اشیائے خورد و نوش کی نئی قیمتیں مقرر

    سیالکوٹ: اشیائے خورد و نوش کی نئی قیمتیں مقرر

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو)اشیائے خورد و نوش کی نئی قیمتیں مقرر

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید اسد رضا کاظمی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کمیٹی کی مشاورت سے نئی قیمتوں کا تعین کیا گیا۔

    اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مظفر مختار، وائس چیئرمین خالد بٹ، ڈی او انڈسٹری رانا عبدالقدوس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل رانا عبدالطیف، کریانہ ایسوسی ایشن کے صدر عقیل کپور، انجمن تاجراں سمبڑئال کے شیخ حبیب اللہ، شیخ طاہر دانش، ملک تاج، حکیم شیخ ثناء اللہ اور سول سوسائٹی کے نمائندگان سمیت دیگر ممبران نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ، محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ ان قیمتوں پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔ انہوں نے گرانفروشی کے خلاف سخت کارروائی کی تنبیہ بھی کی۔

    نئی مقرر کردہ قیمتیں
    چاول باسمتی سپر: 218 روپے فی کلو،بیسن: 375 روپے فی کلو،دال چنا موٹی: 385 روپے فی کلو،دال چنا باریک: 345 روپے فی کلو،دال مسور موٹی: 260 روپے فی کلو،دال ماش دھلی ہوئی: 470 روپے فی کلو،دال مونگ دھلی ہوئی: 310 روپے فی کلو،چنے کالے موٹے: 380 روپے فی کلو،چنے سفید موٹے: 275 روپے فی کلو،دودھ: 170 روپے فی لٹر،دہی: 180 روپے فی کلو،چھوٹا گوشت: 1800 روپے فی کلو،بڑا گوشت: 900 روپے فی کلو،روٹی (100 گرام): 14 روپے مقرر

    جبکہ20 کلو آٹے کا تھیلا، چینی اور گھی کی قیمتیں حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق مقرر کی جائیں گی ان کے علاوہ پھل، سبزیاں، انڈے اور چکن کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ کمیٹی طے کرے گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ گرانفروشی کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔