Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • مسلم سٹوڈنٹس لیگ کے صدر انس محصی کا ننکانہ صاحب کا دورہ، طلبہ سے خطاب

    مسلم سٹوڈنٹس لیگ کے صدر انس محصی کا ننکانہ صاحب کا دورہ، طلبہ سے خطاب

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)مسلم سٹوڈنٹس لیگ پاکستان کے صدر انس محصی نے ضلع ننکانہ صاحب کا دورہ کیا اور رفاء انٹرنیشنل کالج اور گورنمنٹ ڈگری کالج ننکانہ کے طلبہ سے خطاب کیا۔ انہوں نے "مایوسی کے اس دور میں طلبہ کا کردار” کے موضوع پر بات کرتے ہوئے نوجوانوں کو حوصلہ دیا اور انہیں موجودہ حالات میں مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔

    دورے کے دوران انس محصی نے ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز ننکانہ، چوہدری محمد ارشد سے خصوصی ملاقات کی، جہاں مسلم سٹوڈنٹس لیگ کی سرگرمیوں اور مقاصد پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر تنظیم کے زونل کوآرڈینیٹر حماد اور ضلعی کوآرڈینیٹر عمر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    بعد ازاں مسلم سٹوڈنٹس لیگ ننکانہ کے پی پی اور یو سی کوآرڈینیٹرز کا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں تنظیم کے سابقہ کاموں کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ ماہ کی سرگرمیوں پر مشاورت کی گئی۔ انس محصی نے کہا کہ مسلم سٹوڈنٹس لیگ پاکستان طلبہ کے حقوق اور تعلیم کے بہتر مواقع کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

  • سیالکوٹ: سینٹرل ریسکیو اسٹیشن پر محفل میلادؐ و ختم نبوت کانفرنس

    سیالکوٹ: سینٹرل ریسکیو اسٹیشن پر محفل میلادؐ و ختم نبوت کانفرنس

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سینٹرل ریسکیو اسٹیشن، کچہری روڈ پر سالانہ محفل میلاد مصطفیؐ و ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ بابرکت محفل ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی سربراہی میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف سماجی و ریسکیو اداروں کے نمائندوں، ریسکیورز اور شہریوں نے شرکت کی۔

    تقریب کا آغاز حافظ افضال کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جبکہ عمران سرور، ذیشان، ثاقب لطیف، اور شوکت علی ساجد نے بارگاہِ رسالت میں نعت اور درود و سلام پیش کیا۔ نقابت کے فرائض محمد وسیم نے انجام دیے۔

    مولانا عزیز الرحمن اور مولانا شفیع الرحمن نے سیرتِ نبویؐ پر خطابات کیے۔ مولانا شفیع الرحمن نے کہا کہ نبی کریمؐ سے حقیقی محبت کا تقاضا یہی ہے کہ ان کے بتائے ہوئے اصولوں پر زندگی بسر کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نبی اکرمؐ کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا گیا اور ختم نبوت کے عقیدے پر قائم رہنا ہماری ذمہ داری ہے۔

    مولانا عزیز الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ زندگی کے ہر شعبے میں ہمارے لیے مشعل راہ ہے، اور بطور ریسکیورز انسانیت کی خدمت، نبی کریمؐ کے راستے پر عمل کرنے کا عملی اظہار ہے۔

    تقریب کے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی اور ریسکیورز کی حفاظت کے لیے دعا کی گئی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نوید اقبال نے اختتامی کلمات میں منتظمین قاری سجاد اور شبان ختم نبوت کا شکریہ ادا کیا اور کانفرنس کے کامیاب انعقاد کو سراہا۔

  • سیالکوٹ: 28 اکتوبر سے 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگا

    سیالکوٹ: 28 اکتوبر سے 5 روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک سے پولیو کا خاتمہ ہو چکا ہے لیکن پاکستان میں پولیو کیسز کا بڑھنا تشویشناک ہے۔ انہوں نے انسداد پولیو کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اعلان کیا کہ 28 اکتوبر سے ضلع بھر میں پانچ روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا۔

    اس مہم کے دوران محکمہ صحت کی 6,288 ورکرز اور عملہ گھر گھر جا کر 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے گا۔ مہم میں 2,676 موبائل ٹیمیں گھروں، اسکولوں، اور مدارس میں، 133 فکسڈ ٹیمیں مراکزِ صحت اور ہسپتالوں میں، جبکہ 69 رومنگ اور ٹرانزٹ ٹیمیں بس اڈوں اور چوکوں پر قطرے پلانے کا کام کریں گی۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی جی آئی ایس کے ذریعے ٹریکنگ کی جائے گی اور فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیے جائیں گے۔ مہم کے دوران ہر بچے تک پہنچنے کی پابندی ہوگی، اور بغیر فزیکل تصدیق کے بچوں کا نام مسنگ بچوں کی فہرست سے نہیں ہٹایا جائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ مہم کے دوران کچی آبادیوں، خانہ بدوشوں، جھونپڑیوں، اور افغان بستیوں میں بھی بچوں کو پولیو ویکسین دی جائے گی۔ 24 اکتوبر کو پولیو کے عالمی دن کی مناسبت سے آگہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا، جس کی قیادت محمد ذوالقرنین نے کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے تمام پولیو ورکرز کو مہم کی اہمیت اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی سختی سے ہدایت کی تاکہ انسداد پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کیا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: شہاب پورہ میں سرعام ڈکیتی،  ڈاکو موٹرسائیکل چھین کرفرار

    سیالکوٹ: شہاب پورہ میں سرعام ڈکیتی، ڈاکو موٹرسائیکل چھین کرفرار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) تھانہ حاجی پورہ کے علاقے شہاب پورہ میں سرعام ڈکیتی کی واردات پیش آئی جہاں دو نامعلوم ڈاکو شہری سے موٹرسائیکل چھین کر فرار ہو گئے۔

    باغی ٹی وی نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے، جس میں ڈاکوؤں کو شہری سے موٹرسائیکل چھینتے اور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ واردات پیدل ڈاکوؤں نے انجام دی اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    واردات کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او حاجی پورہ بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایس ایچ او حاجی پورہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • گوجرہ: جعلی انتقالات میں ملوث تحصیلدار اور پٹواری کے خلاف انٹی کرپشن میں مقدمہ درج

    گوجرہ: جعلی انتقالات میں ملوث تحصیلدار اور پٹواری کے خلاف انٹی کرپشن میں مقدمہ درج

    گوجرہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبد الرحمن جٹ) چک 301 ج ب کی اراضی کے جعلی اور فرضی انتقالات کرنے میں ملوث سابق تحصیلدار ثناءاللہ ہنجراء اور موجودہ پٹواری خلیق الزمان انٹی کرپشن کے شکنجے میں آ گئے۔ انٹی کرپشن فیصل آباد نے کرپشن اور جعلسازی کے الزامات پر دونوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    مدینہ کالونی والٹن روڈ لاہور کینٹ کے رہائشی طیب صدیق نے انٹی کرپشن لاہور کو درخواست دی کہ اس کا ملکیتی رقبہ چک 301 ج ب میں ارشاد احمد اور بشیر احمد نامی دو بھائیوں کے پاس ٹھیکے پر تھا۔ تاہم ان بھائیوں نے مبینہ طور پر سابق تحصیلدار ثناءاللہ ہنجراء (موجودہ اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ، ضلع لیہ) اور حلقہ پٹواری خلیق الزمان کے ساتھ ملی بھگت کر کے اراضی کے جعلی انتقالات کروا کر ریکارڈ میں رد و بدل کر دیا۔

    جس پرانٹی کرپشن فیصل آباد نے تحقیقات کے بعد دونوں ملزمان کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال، دھوکہ دہی اور جعلسازی کے تحت دفعہ 420، 468، 471 ت پ اور 5/2/47 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تاہم تاحال دونوں ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

    گوجرہ کے شہریوں نے محکمہ ریونیو میں ہونے والی اس سنگین کرپشن اور جعلسازی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سابق تحصیلدار ثناءاللہ ہنجراء اور موجودہ پٹواری خلیق الزمان کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

  • پسرور: 8 سالہ بچی چنگ چی رکشہ کے حادثے میں جاں بحق

    پسرور: 8 سالہ بچی چنگ چی رکشہ کے حادثے میں جاں بحق

    پسرور (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض)محلہ عمر پورہ پسرور کی رہائشی 8 سالہ بچی وفا، جو عرفابن کی بیٹی تھی، چنگ چی رکشہ کے چین میں دوپٹہ پھنسنے کے باعث جاں بحق ہو گئی۔

    بچی اپنی والدہ کی گود میں رکشے کی فرنٹ سیٹ پر بیٹھی ہوئی تھی جب یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ دوپٹہ رکشہ کے چین میں پھنسنے کے باعث وفا کی موت واقع ہو گئی۔

    تھانہ سٹی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور قانونی کارروائی جاری ہے۔

  • سیالکوٹ: نیکاپورہ میں فائرنگ کے تبادلے میں لاہور کے دو خطرناک ڈاکو ہلاک

    سیالکوٹ: نیکاپورہ میں فائرنگ کے تبادلے میں لاہور کے دو خطرناک ڈاکو ہلاک

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیورو چیف شاہد ریاض) لاہور میں پچاس سے زائد وارداتوں میں ملوث دو خطرناک ڈاکو سیالکوٹ کے علاقے نیکاپورہ میں ہلاک ہو گئے۔

    ہلاک ہونے والے ڈاکو نیکاپورہ میں ایک نجی سکول کے باہر واردات کی کوشش کر رہے تھے۔ سکول کے سیکیورٹی گارڈ کی مداخلت پر ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او نیکاپورہ اکرم شہباز پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔

    سیکیورٹی گارڈ نے حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی، جس سے دونوں ڈاکو زخمی ہو گئے۔ زخمی ڈاکوؤں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

    پولیس کے مطابق دونوں ڈاکو لاہور میں درجنوں وارداتوں میں ملوث تھے اور ان کی ہلاکت سے عوام میں خوف و ہراس کا خاتمہ ہوگا۔ مزید تفتیش جاری ہے۔

  • اوکاڑہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں غیرت کے نام پر فائرنگ، جواں سال خاتون قتل

    اوکاڑہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں غیرت کے نام پر فائرنگ، جواں سال خاتون قتل

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال میں لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جہاں ایک جواں سال خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ مقتولہ سونیا ڈی ایچ کیو ہسپتال میں دو سال سے بطور انٹرنی ڈیٹا انٹری آپریٹر فرائض انجام دے رہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق مقتولہ کو ہسپتال کے احاطے میں سرعام فائرنگ کرکے قتل کیا گیا، جس کے بعد قاتل موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ گولی سر میں لگنے کے باعث سونیا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی اور اس کی لاش ہسپتال کے فرش پر بے یار و مددگار پڑی رہی۔

    حیرت کی بات یہ ہے کہ سیکیورٹی گارڈ کی موجودگی کے باوجود ہسپتال کے اندر قتل کی واردات انجام دی گئی، جس سے سیکیورٹی انتظامات پر سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں۔

    ڈی پی او محمد راشد نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور تحقیقات کے لیے ایس پی انویسٹیگیشن کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دے دی۔ تھانہ اے ڈویژن، سی آئی اے اوکاڑہ، کرائم انیلیسز یونٹ اور آئی ٹی برانچ کو واقعے کی تفتیش کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے۔

    پولیس کے مطابق مقتولہ کا قاتل اس کا بھائی اجمل ہے جو 50 تھری آر کا رہائشی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق سونیا غیرت کے نام پر قتل کی گئی۔ مقتولہ مبینہ طور پر شہر میں ایک نامحرم کے ساتھ رہ رہی تھی، جس پر اس کے بھائی نے مشتعل ہو کر یہ قدم اٹھایا۔

    پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کر دیا ہے، اور سی سی ٹی وی کیمروں سے فوٹیج حاصل کر کے تفتیش جاری ہے۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ملزم اجمل کی گرفتاری کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور جلد از جلد حقائق کو منظر عام پر لایا جائے گا۔

    سونیا دو بچوں کی ماں بتائی جا رہی ہے اور اس کی ہلاکت نے علاقے میں افسوس اور تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ پولیس حکام نے کہا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔

  • ایس ایس پی حفیظ الرحمن بگٹی پر الزامات جھوٹے ثابت، گھوٹکی میں دوبارہ تعیناتی کا حکم

    ایس ایس پی حفیظ الرحمن بگٹی پر الزامات جھوٹے ثابت، گھوٹکی میں دوبارہ تعیناتی کا حکم

    میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمشتاق لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر حفیظ الرحمن بگٹی پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد ثابت ہو گئے ہیں۔ آئی جی سندھ کو صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے ہدایت دی گئی ہے کہ امن و امان کی صورتحال اور کسی بھی خون خرابے سے بچنے کے لیے ڈاکٹر حفیظ بگٹی کو دوبارہ گھوٹکی میں تعینات کیا جائے۔

    ذرائع کے مطابق، اب کیس کی انکوائری صرف ڈی آئی جی سکھر پیر محمد شاہ کریں گے۔ سات دنوں کے اندر ڈاکٹر حفیظ بگٹی کو گھوٹکی کے ایس ایس پی کا چارج دوبارہ سونپ دیا جائے گا۔

    حفیظ بگٹی پہلے بھی وفاقی حکومت کے خصوصی حکم پر گھوٹکی میں تعینات کیے گئے تھے، جہاں انہوں نے 20 دنوں میں علاقے کے کچے اور پکے علاقوں میں ڈاکوؤں کی سرگرمیوں کو بے نقاب کر کے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ ان کی فوری کارروائیوں نے عوام کے دلوں میں ان کے لیے احترام اور محبت پیدا کی۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی حفیظ بگٹی کی واپسی سے علاقے میں امن و امان کی بحالی میں مزید بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔

  • باغی ٹی وی ٹیم کاشکریہ،محبتوں بھری تقریب اور ناقابلِ فراموش لمحات

    باغی ٹی وی ٹیم کاشکریہ،محبتوں بھری تقریب اور ناقابلِ فراموش لمحات

    باغی ٹی وی ٹیم کاشکریہ،محبتوں بھری تقریب اور ناقابلِ فراموش لمحات
    تحریر: ڈاکٹر غلام مصطفی بڈانی، انچارج نمائندگان باغی ٹی وی

    22 اکتوبر کا دن باغی ٹی وی کی تاریخ کا ایک یادگار لمحہ بن گیا، جب سیالکوٹ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا۔ اس تقریب کا مقصد باغی ٹی وی کی سیالکوٹ ٹیم کی حلف برداری تھی، جس میں شرکت کے لیے باغی ٹی وی کے سی ای او اور ممتاز صحافی،تجزیہ کاراورسینئر اینکرپرسن مبشر لقمان صاحب اور ایڈیٹر باغی ٹی وی ممتاز حیدر اعوان صاحب نے خصوصی طور پر وقت نکالا۔ ان کی موجودگی نے اس تقریب کو نہایت اہم اور یادگار بنا دیا۔

    لاہور پہنچنے سے قبل ہی باغی ٹی وی کے نمائندوں کی جانب سے محبت اور عزت افزائی کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ قصور کے ڈسٹرکٹ رپورٹر طارق نوید سندھو نے دعوت دی کہ میں قصور آؤں لیکن وقت کی کمی کے باعث معذرت کرنا پڑی۔ مگر ان کی محبت کا یہ عالم تھا کہ وہ خود لاہور پہنچ گئے اور صبح 8:30 بجے ہم سے ملاقات کی۔

    باغی ٹی وی کے ننکانہ صاحب سے نامہ نگار احسان اللہ ایاز کو جب معلوم ہوا کہ میں باغی ٹی وی کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ سیالکوٹ جا رہا ہوں تو انہوں نے محبت سے ننکانہ صاحب آنے کی دعوت دی۔ مگر وقت کی کمی کے باعث معذرت کرنا پڑی۔ لیکن ان کی محبت اور عقیدت کا یہ عالم تھا کہ وہ سیالکوٹ پہنچ گئے اور اپنی محبتوں کے پھول نچھاور کرکے دل جیت لیا۔اسی طرح گوجرانوالہ سے محمد رمضان نوشاہی بھی محبتوں کا پیغام لیے سیالکوٹ پہنچے۔ ان نمائندوں کی شرکت اور خلوص نے تقریب کو مزید خوبصورت بنا دیا اور ثابت کیا کہ باغی ٹی وی کے نمائندے ایک دوسرے کے ساتھ حقیقی رفاقت اور محبت کے رشتے میں جُڑے ہوئے ہیں۔

    جب میں، ممتاز صحافی مبشر لقمان صاحب، ممتاز حیدر اعوان اور نوید شیخ سیالکوٹ پہنچے تو وہاں موجود ٹیم نے شاندار استقبال کیا۔ سیالکوٹ کے بیورو چیف شاہد ریاض اور ان کے ساتھیوں مدثر رتو، مہر محمد مصطفیٰ، اور ملک عمران نے ہمیں خوش آمدید کہا۔ ڈھول کی تھاپ پر گل پاشی کی گئی اور قافلے کی صورت میں مبشر لقمان صاحب کو اسٹیج تک لے جایا گیا۔

    سیالکوٹ کی ٹیم نے مہمانوں کی بہترین مہمان نوازی کی اور تحائف پیش کیے۔ تقریب میں صحافتی خدمات کے اعتراف میں شیلڈز بھی دی گئیں۔ مجھے بھی عزت افزائی کا موقع دیا گیا اور جب میرا نام اسٹیج پر بلایا گیا تو یہ ایک فخر کا لمحہ تھا۔ مبشر لقمان صاحب سے شیلڈ وصول کرتے وقت انہوں نے نہایت خوبصورت الفاظ میں کہا:

    "ڈیرہ غازی خان کو یہ اعزاز مبارک ہو۔”

    یہ الفاظ میرے لیے انتہائی یادگار ہیں کیونکہ یہ نہ صرف میری ذاتی کارکردگی کا اعتراف تھا بلکہ میرے شہر ڈیرہ غازی خان اور وہاں کی صحافی برادری کے لیے بھی ایک بڑا اعزاز تھا۔

    یہ تقریب میرے لیے زندگی کے ناقابلِ فراموش لمحات میں شامل ہو گئی۔ باغی ٹی وی کی ٹیم نے جس پروٹوکول اور عزت سے نوازا، اسے الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ ان لمحات نے یہ احساس دلایا کہ ادارہ اپنے نمائندوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کی خدمات کا اعتراف کرتا ہے۔

    اس پورے سفر اور تقریب میں جو عزت، محبت اور عقیدت ملی، اس کے لیے میں باغی ٹی وی کی پوری ٹیم کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ یہ لمحات ہمیشہ میرے دل میں زندہ رہیں گے، اور میں صرف اتنا ہی کہہ سکتا ہوں:

    "شکریہ ٹیم باغی ٹی وی!”