Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ننکانہ صاحب: ڈی ایچ کیو ہسپتال،لیبر روم میں جعلی رپورٹس کا بڑا سکینڈل بے نقاب، ملازمہ کوصرف شوکاز نوٹس

    ننکانہ صاحب: ڈی ایچ کیو ہسپتال،لیبر روم میں جعلی رپورٹس کا بڑا سکینڈل بے نقاب، ملازمہ کوصرف شوکاز نوٹس

    ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی ،نامہ نگار احسان اللہ ایاز ) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال ننکانہ صاحب کے لیبر روم میں ذاتی لالچ کی خاطر مبینہ طور پر جعلی طبی رپورٹس تیار کرنے کا سنگین سکینڈل سامنے آیا ہے، جس سے مریضوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہو گیا تھا۔

    اس سنگین انکشاف کے بعد میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر اطہر فرید نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لیبر روم میں تعینات درجہ دوم کی ملازمہ فروا عباس کو باضابطہ شوکاز نوٹس (لیٹر نمبر 13535) جاری کر دیا ہے۔

    مراسلے کے مطابق ملازمہ پر یہ سنگین الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے لیبر روم سے متعلق اہم طبی رپورٹس میں رد و بدل کیا اور جعلی رپورٹس تیار کیں۔ ایم ایس نے واضح کیا ہے کہ یہ بے ضابطہ اقدام نہ صرف مریضوں کی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے بلکہ ہسپتال کے تشخیصی اور علاج کے عمل کے اعتماد کو بھی شدید نقصان پہنچا سکتا ہے اور یہ پیشہ ورانہ غفلت اور بدعنوانی (Misconduct) کے زمرے میں آتا ہے۔

    نوٹس میں پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی ایکٹ 2006 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ معاملے کی سنگینی کے پیش نظر باقاعدہ انکوائری کی ضرورت نہیں اور براہ راست کارروائی کی جا سکتی ہے۔ فروا عباس کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ سات روز کے اندر اپنا تحریری جواب جمع کرائیں، بصورت دیگر محکمانہ کارروائی اور ممکنہ سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    ذرائع کے مطابق اس انکشاف نے ہسپتال انتظامیہ میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس کی بڑے پیمانے پر انکوائری کی جائے تاکہ تمام حقائق سامنے آ سکیں۔

  • اوچ شریف: آئل ٹینکر اور خالی ٹرک میں ٹکر، ڈرائیور شدید زخمی

    اوچ شریف: آئل ٹینکر اور خالی ٹرک میں ٹکر، ڈرائیور شدید زخمی

    اوچ شریف(باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) آئل ٹینکر اور خالی ٹرک میں ٹکر، ڈرائیور شدید زخمی،ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو 1122 کنٹرول روم بہاولپور کے مطابق آج صبح 02:15 بجے ہیڈ پنج نند پٹرولنگ چیک پوسٹ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں آئل ٹینکر اور خالی ٹرک میں ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔

    مظفرگڑھ سے اوچ کی جانب جانے والا آئل ٹینکر، جس میں 15 ہزار لیٹر پٹرول موجود تھا، سڑک پر کھڑے ایک خالی ٹرک کے پچھلے حصے سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے باعث ٹینکر کا ڈرائیور زخمی ہو گیا۔
    ریسکیو 1122 کی دو ایمبولینسز،ای سی 385783 (علی پور)ای سی 782664 (اوچ شریف)حادثہ کی کال موصول ہوتے ہی روانہ ہوئیں جبکہ ریسپانس ٹائم 16 منٹ رہا۔

    ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمی ڈرائیور عبدالرحمن ولد محمد رفیق، عمر 42 سال ساکن جھگی والا، تحصیل علی پور، ضلع مظفرگڑھ کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ زخمی کے دائیں پاؤں کی ٹِبیا میں کلوز فریکچر جبکہ بائیں پاؤں میں اوپن فریکچر کی تصدیق ہوئی۔ مریض کو حالت کے پیشِ نظر آر ایچ سی اوچ شریف منتقل کر دیا گیا۔

    آئل ٹینکر میں بڑی مقدار میں پٹرول موجود ہونے کے باعث ریسکیو ٹیم نے علاقہ کارڈن آف کر دیا جبکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر احمد پور سے بی ایف-06 فائر وہیکل کو موقع پر الرٹ رکھا گیا۔ پٹرولنگ پولیس بھی جائے حادثہ پر موجود رہی۔

    ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ حادثات کی صورت میں ہجوم سے گریز کریں اور ریسکیو عملے کے ساتھ تعاون کو یقینی بنائیں۔

  • میرپورماتھیلو:ہم چاہتے ہیں، امن ہو،پوری کوشش کر رہے ہیں کہ قبائلی جھگڑوں کا مکمل خاتمہ ہو۔سردارمیر شہریار خان

    میرپورماتھیلو:ہم چاہتے ہیں، امن ہو،پوری کوشش کر رہے ہیں کہ قبائلی جھگڑوں کا مکمل خاتمہ ہو۔سردارمیر شہریار خان

    میرپورماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری)جہان پور شریف کے سالانہ میلے میں پیپلز پارٹی کے نائب صدر سردار میر شہریار خان نے انور سائیں کے دربار پر حاضری دی جہاں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور ماحول روحانیت سے بھرپور تھا۔

    میلے کے موقع پر صحافی برادری نے سردار میر شہریار خان سے ضلع گھوٹکی میں جاری قبائلی جھگڑوں کے حوالے سے سوال کیا، جس پر انہوں نے واضح اور ذمہ دارانہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا:

    “ان شاء اللہ میں بھی یہی چاہتا ہوں کہ امن ہو، ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ قبائلی جھگڑوں کا مکمل خاتمہ ہو اور علاقے میں دیرپا امن قائم رہے۔”

    میلے میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت، دربار کی رونق، سیاسی و سماجی شخصیات کی آمد نے تقریب کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا۔

  • اوکاڑہ: ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اجلاس، جائیدادی تنازعات کے متعدد کیسز نمٹا دیے گئے

    اوکاڑہ: ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اجلاس، جائیدادی تنازعات کے متعدد کیسز نمٹا دیے گئے

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی ریلیف اقدامات پر عمل درآمد کے سلسلے میں ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو اور ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے مشترکہ طور پر کی۔ اجلاس میں ضلع کی تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی پی اوز نے شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران تحفظِ ملکیتی جائیداد ایکٹ کے تحت فریقین کی سنوائی کی گئی اور مختلف جائیدادی تنازعات کے کیسز کی مفصل سماعت کی گئی۔ ضلعی سربراہان نے ریونیو ریکارڈ کی روشنی میں سائلین کی شکایات کے فوری ازالے کے احکامات جاری کیے اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز و ایس ڈی پی اوز کو شفافیت، میرٹ اور درست حقائق پر مبنی رپورٹس پیش کرنے کی خصوصی ہدایات دیں۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو نے کہا کہ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی متاثرین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک مؤثر فورم ہے، جہاں ریونیو معاملات سے متعلق تنازعات کے شفاف حل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کی فوری سنوائی اور شکایات کے حل کو اولین ترجیح بنایا گیا ہے۔

    ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ باہمی تعاون کے ساتھ غیر قانونی طور پر جائیدادوں پر قابض عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون کی بالادستی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا اور جائیدادی حقوق تلف کرنے والے افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: سول ڈیفنس کے زیر اہتمام ستلج ہائی سکول میں سیمینار

    اوکاڑہ: سول ڈیفنس کے زیر اہتمام ستلج ہائی سکول میں سیمینار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر محکمہ سول ڈیفنس کے زیر اہتمام گورنمنٹ ستلج ہائی سکول میں ریزیلینس کور کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ کی آن لائن رجسٹریشن بھی کی گئی۔

    سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے ریزیلینس کور میں بطور رضا کار شامل ہونے کے اغراض و مقاصد اور اہمیت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ریزیلینس کور کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا طریقہ کار انتہائی آسان ہے اور اب تک ضلع بھر سے 7 ہزار افراد بلا معاوضہ رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔

    جاوید اختر کھچی نے کہا کہ ریزیلینس کور کا بنیادی مقصد ہنگامی حالات، قدرتی آفات، حادثات اور ریسکیو آپریشنز کے دوران عوام کو فوری معاونت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو ایسے باہمت، ذمہ دار اور باشعور نوجوانوں کی ضرورت ہے جو مشکل وقت میں قوم کے ساتھ کھڑے ہو سکیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ کور میں شامل ہونے والے رضا کاروں کو فرسٹ ایڈ، فائر فائٹنگ، سرچ اینڈ ریسکیو، ایمرجنسی مینجمنٹ اور ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کی خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔
    سیمینار کے اختتام پر محکمہ سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے اسکول کے طلبہ کی آن لائن رجسٹریشن بھی کی۔

  • اوکاڑہ: کنورژن فیس ادا نہ کرنے پر متعدد کاروباری مراکز کو نوٹس جاری

    اوکاڑہ: کنورژن فیس ادا نہ کرنے پر متعدد کاروباری مراکز کو نوٹس جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر فیصل آباد روڈ پر قائم ورکشاپس اور کاروباری مراکز میں کنورژن فیس کی ادائیگی کی صورتحال چیک کی گئی۔ اس سلسلے میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی علیزہ ریحان کی زیر نگرانی خصوصی ٹیموں نے مختلف ورکشاپس کا معائنہ کیا۔

    چیکنگ کے دوران متعدد مالکان کی جانب سے کنورژن فیس ادا نہ کیے جانے پر نوٹسز جاری کر دیے گئے۔ ٹیم نے تمام مالکان کو متنبہ کیا کہ حکومتی قواعد و ضوابط پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

    ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی علیزہ ریحان نے واضح کیا کہ تمام ورکشاپ مالکان بروقت کنورژن فیس ادا کریں، بصورت دیگر غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ورکشاپس کو سیل بھی کیا جا سکتا ہے۔

  • اوکاڑہ: ناپ تول کی خلاف ورزیاں، کنڈے ضبط،3 پیٹرول پمپس سیل

    اوکاڑہ: ناپ تول کی خلاف ورزیاں، کنڈے ضبط،3 پیٹرول پمپس سیل

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز پنجاب ذیشان شبیر رانا کی خصوصی ہدایت پر ضلع اوکاڑہ میں ناپ تول کے پیمانوں کی چیکنگ کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف پیٹرول پمپس، شوگر ملز، کریانہ اسٹورز اور دیگر کاروباری مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا۔

    کارروائی کے دوران متعدد دکانداروں کے کم پیمانہ ثابت ہونے پر کنڈے ضبط کر لیے گئے جبکہ ان کے خلاف چالان تیار کرکے عدالت بھجوا دیے گئے۔ اسی طرح ناپ تول میں خرابی اور پیمانہ پورا نہ ہونے پر تین پیٹرول پمپس کے نوزلز موقع پر سیل کر دیے گئے اور ان کے چالان بھی معزز عدالت میں جمع کرا دیے گئے۔

    ڈی او انڈسٹریز خالد جاوید بھٹی نے کہا کہ عوام کو درست اور معیاری ناپ تول فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام کاروباری حضرات کو سخت تنبیہ کی کہ وہ صرف منظور شدہ، درست اور قانونی اوزان و پیمائش کے آلات استعمال کریں، ورنہ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • سیالکوٹ: 13 سالہ بچی اغوا،افغانستان منتقل، 50 لاکھ تاوان طلب

    سیالکوٹ: 13 سالہ بچی اغوا،افغانستان منتقل، 50 لاکھ تاوان طلب

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹرمدثررتو کی رپورٹ)13 سالہ بچی اغوا کرکے افغانستان منتقل، 50 لاکھ تاوان طلب،نامزد ملزمان کی رہائی پر سوالات، والد کا وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ

    تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں 13 سالہ کم سن بچی کو اغوا کرکے افغانستان منتقل کر دیا گیا، جہاں سے اغوا کاروں نے 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کر دیا۔ والد کی مدعیت میں درج مقدمے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے جبکہ 22 روز گزرنے کے باوجود مغویہ بازیاب نہیں ہو سکی۔

    تفصیلات کے مطابق عبدالحق نامی شخص نے اپنی 13 سالہ بیٹی ثمینہ کے اغوا کا مقدمہ تھانہ کوتوالی میں درج کروایا تھا۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد سامنے آنے والی معلومات کے مطابق بچی کو سرحد پار افغانستان منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں سے اغوا کاروں نے رابطہ کرکے 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔

    متاثرہ والد کا کہنا ہے کہ پولیس تعاون نہیں کر رہی اور نامزد ملزمان کو پکڑ کر دوبارہ چھوڑ دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق پولیس کی اس مبینہ غفلت نے بچی کی بازیابی کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔ عبدالحق نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور بچی کو واپس لانے کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔

    ایس ایچ او کوتوالی الطاف گھمن کا کہنا ہے کہ مغویہ کی بازیابی کے لیے ’’ییلو وارنٹ‘‘ جاری کروائے جا رہے ہیں اور افغانستان انٹرپول سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب ترجمان پولیس سیالکوٹ کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، بچی کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے اور جلد اہم پیش رفت متوقع ہے۔ ترجمان کے مطابق ڈی پی او فیصل شہزاد نے بھی واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

  • یارولُنڈ میں چوری کی کوشش ناکام، شہریوں نے چور کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا

    یارولُنڈ میں چوری کی کوشش ناکام، شہریوں نے چور کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا

    میرپور ماتھیلو(باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق علی لغاری) یارولُنڈ کے علاقے میں شمن عیسائی کی ریڑھی سے قیمتی گھڑی چوری کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ موقع پر موجود ریڑھی والے اور علاقے کے مکینوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چور کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق چور نے ریڑھی پر رکھی شمن عیسائی کی قیمتی گھڑی اٹھائی اور فرار ہونے کی کوشش کی، مگر ریڑھی والے اور دیگر مکین فوراً حرکت میں آئے اور اسے قابو کر لیا۔ لوگوں کی بروقت کارروائی سے چور کا فرار ہونے کا منصوبہ ناکام ہو گیا۔

    اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور چور کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ معاملے کی مکمل حقیقت سامنے آ سکے۔

    علاقہ مکینوں نے پولیس انتظامیہ سے چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات نہ صرف شہریوں میں عدم تحفظ پیدا کرتے ہیں بلکہ علاقے کی ساکھ پر بھی منفی اثر ڈالتے ہیں۔

  • خانپورمہر:پولیس اہلکار شاہنواز چنہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

    خانپورمہر:پولیس اہلکار شاہنواز چنہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

    گھوٹکی(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمشتاق علی لغاری)خانپورمہر کے رہائشی اور یارولنڈ تھانے میں وائرلیس آپریٹر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینے والے 33 سالہ پولیس اہلکار شاہنواز چنہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث اچانک انتقال کر گئے۔ چنہ برادری کی معزز شخصیت حاجی محمد مراد چنہ کے نوجوان بیٹے کی اچانک وفات کی اطلاع پر ان کے گھر میں کہرام مچ گیا۔

    مرحوم کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں بھتیور شریف میں ادا کی گئی، جس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، مہر برادری کی معزز شخصیت حاجی علی دنو خان مہر، چنہ برادری کے افراد اور علاقے کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شاہنواز چنہ کے جسدِ خاکی کو شاہ کے قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔

    مرحوم کے پسماندگان میں ایک بیوہ، تین بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

    حاجی علی دنو خان مہر سمیت برادری اور مقامی افراد نے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور غمزدہ خاندان کو صبر کی تلقین کی، جبکہ تعزیت کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔