Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • انٹرنیٹ تعطل، ایکس اور کلاؤڈ فلیئر کی صورتحال کی نگرانی جاری. پی ٹی اے

    انٹرنیٹ تعطل، ایکس اور کلاؤڈ فلیئر کی صورتحال کی نگرانی جاری. پی ٹی اے

    اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عالمی سطح پر انٹرنیٹ سروس میں آنے والے تعطل کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا ہے۔ ترجمان پی ٹی اے کے مطابق، انٹرنیٹ سروس میں یہ تعطل عالمی سطح پر آیا ہے۔

    پی ٹی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ اتھارٹی ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور کلاؤڈ فلیئر (Cloudflare) کو متاثر کرنے والی بڑی عالمی خرابی کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔

    پی ٹی اے اس صورتحال کے حوالے سے عالمی سروس فراہم کنندگان اور مقامی آپریٹرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ سروسز کی مکمل بحالی تک صورتحال کی نگرانی جاری رہے گی۔

  • کلاؤڈ فلیئر سسٹم میں خرابی، ایکس، چیٹ جی پی ٹی سمیت متعدد بڑی ویب سائٹس ڈاؤن

    کلاؤڈ فلیئر سسٹم میں خرابی، ایکس، چیٹ جی پی ٹی سمیت متعدد بڑی ویب سائٹس ڈاؤن

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ) دنیا بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو ایکس (سابقہ ٹوئٹر)، چیٹ جی پی ٹی اور مائیکروسافٹ کا اے آئی کوپائیلٹ سمیت متعدد بڑی ویب سائٹس تک رسائی حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس کی بنیادی وجہ انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کمپنی کلاؤڈ فلیئر (Cloudflare) کے سسٹم میں آنے والی ایک بڑی خرابی ہے۔

    کلاؤڈ فلیئر ایک کانٹینٹ ڈیلیوری نیٹ ورک (CDN) کے طور پر کام کرتی ہے، جو ویب سائٹس کے مواد کو تیزی سے دنیا بھر میں منتقل کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ اس کے سسٹم میں نامعلوم خرابی پیدا ہونے کے باعث، دنیا کے مختلف خطوں میں انٹرنیٹ سروسز شدید متاثر ہوئی ہیں۔

    ڈاؤن ڈیٹیکٹر (Downdetector) کے مطابق کلاؤڈ فلیئر کی خرابی سے ایکس (ٹوئٹر) کی ٹریفک اور مائیکروسافٹ کوپائیلٹ کی سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔

    صارفین کو ایکس، چیٹ جی پی ٹی اور دیگر ویب سائٹس پر رسائی حاصل نہیں ہو رہی۔جو ویب سائٹس لوڈ ہو رہی ہیں، ان میں بھی مواد اور تازہ ڈیٹا غائب ہے۔زیادہ تر متاثرہ ویب سائٹس پر ‘انٹرنل سرور ایرر’ کا پیغام نظر آ رہا ہے۔

    کلاؤڈ فلیئر کمپنی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ "ہم مسئلے سے آگاہ ہیں اور اس کی نوعیت جاننے کے لیے کام کر رہے ہیں۔”

    تاہم، یہ واضح نہیں کہ یہ مسئلہ کب تک برقرار رہے گا اور انٹرنیٹ سروسز کب تک مکمل طور پر بحال ہو پائیں گی۔

  • سندھ میں چار برس کے دوران کاروکاری کے نام پر 595 افراد قتل

    سندھ میں چار برس کے دوران کاروکاری کے نام پر 595 افراد قتل

    کراچی (باغی ٹی وی، ڈاکٹر بشیر بلوچ کی رپورٹ) سندھ کے مختلف اضلاع میں کاروکاری کے نام پر قتل کے واقعات میں تشویشناک اضافہ سامنے آیا ہے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق گزشتہ چار برسوں کے دوران کاروکاری قرار دے کر 595 افراد کو قتل کیا گیا جن میں 466 خواتین اور 129 مرد شامل ہیں۔ یہ اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ کاروکاری کے نام پر قتل زیادہ تر خواتین کو نشانہ بناتا ہے اور یہ رجحان مسلسل بڑھ رہا ہے۔

    سال 2022 میں 102 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں 114 افراد قتل ہوئے، مقتولین میں 89 خواتین اور 25 مرد شامل تھے۔ سال 2023 میں کاروکاری کے 151 واقعات میں 167 افراد قتل کیے گئے جن میں 135 خواتین اور 32 مرد شامل تھے۔ سال 2024 میں 132 واقعات میں 152 افراد قتل ہوئے جن میں 123 خواتین اور 29 مرد شامل تھے۔ سال 2025 کے ابتدائی دس ماہ کے دوران ہی 140 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں 162 افراد قتل ہوئے، مقتولین میں 119 خواتین اور 43 مرد شامل ہیں۔

    پولیس ریکارڈ کے مطابق کاروکاری کے نام پر قتل کرنے والے ملزمان میں زیادہ تر مقتولین کے قریبی رشتہ دار شامل ہیں۔ ان میں 171 شوہر، 33 والد، 77 بھائی، 5 بیٹے، 2 بہنیں، 2 والدہ اور 4 بیٹیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 204 دیگر رشتہ دار اور 16 پڑوسی یا دوست بھی ان وارداتوں میں ملوث پائے گئے۔

    سماجی تنظیموں کے مطابق کاروکاری کے نام پر قتل دراصل غیرت کے نام پر قتل کی ایک شکل ہے جسے مقامی سطح پر روایتی طور پر قبول کیا جاتا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ رجحان نہ صرف خواتین کے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ معاشرتی انصاف اور قانون کی عملداری پر بھی سوالیہ نشان ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ان واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں تاہم اکثر کیسز میں متاثرہ خاندانوں کی جانب سے صلح یا دباؤ کے باعث قانونی کارروائی ادھوری رہ جاتی ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے آگاہی مہم اور سخت قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • کراچی: پولیس کی مختلف کارروائیاں، 6 ملزمان گرفتار

    کراچی: پولیس کی مختلف کارروائیاں، 6 ملزمان گرفتار

    کراچی (باغی ٹی وی، ڈاکٹر بشیر بلوچ کی رپورٹ) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں اور کارروائیوں کے دوران چار زخمیوں سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، مسروقہ سامان اور موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔

    قائد آباد پولیس نے داود چالی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے سٹریٹ کرائم میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موبائل فونز برآمد ہوئے۔

    ابراہیم حیدری پولیس نے علی اکبر چڑہائی کے قریب فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ، نقد رقم اور دیگر سامان برآمد ہوا۔

    بن قاسم پولیس نے مہران ہائی وے کے قریب فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، اس کا ساتھی موقع سے فرار ہو گیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکل، موبائل فونز اور نقد رقم برآمد ہوئی۔

    بوٹ بیسن پولیس نے اتوار بازار کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو زخمیوں سمیت تین ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینا ہوا سامان برآمد ہوا۔

    پولیس نے گرفتار تمام ملزمان کے خلاف مختلف مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

  • گمبٹ: معذور شخص کے 12 لاکھ روپے ہڑپ کرنے کا الزام

    گمبٹ: معذور شخص کے 12 لاکھ روپے ہڑپ کرنے کا الزام

    سکھر (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گمبٹ کے رہائشی فہیم شیخ ولد کمن شیخ نے سنگین الزام عائد کیا ہے کہ نوید احمد دستی نے ایک معذور شخص کے تقریباً 12 لاکھ روپے مبینہ طور پر ہڑپ کر لیے ہیں۔

    فہیم شیخ کے مطابق جب انہوں نے رقم واپس مانگی تو نوید احمد دستی نے خودکشی کی دھمکیاں دینے کے ساتھ ساتھ انہیں قتل کی سنگین دھمکیاں بھی دیں۔ متاثرہ نے بتایا کہ انہوں نے خلیل شیخ (گمبٹ والے) کو بھی شکایت کی، مگر کوئی عملی کارروائی نہیں کی گئی۔

    فہیم شیخ نے ایس ایس پی سے فوری نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

  • اوکاڑہ: پولیس کی کارروائی، بائیک لفٹر گینگ گرفتار

    اوکاڑہ: پولیس کی کارروائی، بائیک لفٹر گینگ گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بائیک لفٹر گینگ کے دو کارندے گرفتار کر لیے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ حویلی لکھا انسپکٹر سرور کی سربراہی میں کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضہ سے 12 موٹر سائیکلیں اور اسلحہ برآمد ہوا جن کی مالیت تقریباً 8 لاکھ روپے ہے۔

    گرفتار ملزمان نے دورانِ تفتیش حویلی لکھا اور گردونواح سے درجنوں موٹر سائیکلیں چوری کرنے کا انکشاف کیا۔ پولیس نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • اوکاڑہ: انسدادِ سموگ مہم کا جائزہ اجلاس

    اوکاڑہ: انسدادِ سموگ مہم کا جائزہ اجلاس

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان کی زیرِ صدارت انسدادِ سموگ مہم سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد عبدالقیوم، سیکرٹری ڈی آر ڈی اے اقصیٰ ریاض، انڈسٹریز، ٹریفک پولیس اور دیگر محکموں کے افسران شریک ہوئے۔

    اجلاس میں فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی، انڈسٹری اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں کارروائیوں اور آگاہی مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سموگ پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔

    اجلاس میں بھٹہ مالکان کی نگرانی، کھلی جگہوں پر کچرا اور فصلوں کی باقیات جلانے کی روک تھام، دھوئیں خارج کرنے والی گاڑیوں کے خلاف ایکشن اور صنعتی یونٹس کی انسپکشن مزید تیز کرنے پر زور دیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سموگ کے تمام عوامل کا سدباب کیا جائے، روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس پیش کی جائیں اور عوام کو مؤثر آگاہی فراہم کی جائے۔

  • قصور: تیز رفتار ڈمپر بے قابو، 10 سالہ بچہ جاں بحق، مشتعل افراد نے گاڑی جلا دی

    قصور: تیز رفتار ڈمپر بے قابو، 10 سالہ بچہ جاں بحق، مشتعل افراد نے گاڑی جلا دی

    قصور (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر طارق نوید سندھو) رائیونڈ روڈ چونگی نمبر 6 کے قریب تیز رفتار ڈمپر بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھڑی فیملی پر چڑھ گیا، جس کے نتیجے میں 10 سالہ معیز شدید زخمی ہوا۔ بچے کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

    حادثے کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا اور مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگا دی، جس سے وہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگیا۔ ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    آگ اور ہنگامہ آرائی کے باعث ٹریفک معطل رہی اور روڈ پر شدید رکاوٹ پیدا ہوئی۔ پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرلیے اور قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

  • قصور: گگڑ چوک میں پٹرول پمپ پر ڈکیتی، 17 لاکھ لوٹ لیے، ملازم فائرنگ سے زخمی

    قصور: گگڑ چوک میں پٹرول پمپ پر ڈکیتی، 17 لاکھ لوٹ لیے، ملازم فائرنگ سے زخمی

    قصور(باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نویدسندھو) گگڑ چوک کے پٹرول پمپ پر چھ مسلح ڈاکوؤں نے واردات کرتے ہوئے 17 لاکھ روپے لوٹ لیے۔ واردات کے دوران مزاحمت پر 26 سالہ ملازم ساجد کے سر پر گولی مار کر اسے شدید زخمی کر دیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ڈاکو گزشتہ روز پٹرول پمپ پر پہنچے، عملے کو یرغمال بنایا اور کیش باکس سے نقدی جمع کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ زخمی ملازم کو فوری طور پر بلھے شاہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

    تھانہ تھہ شیخم پولیس نے مقدمہ درج کرکے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

  • گھوٹکی :سینٹرل جیل کے قریب موٹر سائیکل اوررکشا میں تصادم، ایک جاں بحق، ایک شدید زخمی

    گھوٹکی :سینٹرل جیل کے قریب موٹر سائیکل اوررکشا میں تصادم، ایک جاں بحق، ایک شدید زخمی

    گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی سینٹرل جیل کے نزدیک ماٹھيلو–مومل جی ماڑی لنک روڈ پر تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل اور رکشا میں خوفناک ٹکر ہوگئی۔ حادثے میں موٹر سائیکل سوار نثار احمد ٹانوری موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ محمد علی ٹانوری شدید زخمی ہوا، جسے ریسکیو ٹیم نے اسپتال منتقل کردیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق لنک روڈ پر تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی عدم پابندی حادثات کا سبب بن رہی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور تفتیش جاری ہے۔ جناح ہونے والے نثار احمد کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی، جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔