Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: 9 تھانوں کے ایس ایچ اوز کے تبادلے

    سیالکوٹ: 9 تھانوں کے ایس ایچ اوز کے تبادلے

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) عمر فاروق نے سیالکوٹ میں 9 تھانوں کے ایس ایچ اوز کو تبدیل کر دیا۔

    ایس ایچ او سٹی ڈسکہ انسپکٹر عمران سلطان کو ایس ایچ او صدر سیالکوٹ تعینات کر دیا گیا، جبکہ ایس ایچ او صدر سیالکوٹ توقیر خان کو ایس ایچ او موترہ تعینات کیا گیا ہے۔

    انسپکٹر ملک افضال ممتاز کو تھانہ ستراہ سے تبدیل کر کے ایس ایچ او سول لائن تعینات کر دیا گیا۔ انسپکٹر فہد بن فدا کو ایس ایچ او تھانہ اگوکی کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

    انسپکٹر شہباز احمد جو پہلے ہومی سائیڈ سٹی سرکل میں خدمات انجام دے رہے تھے، کو ایس ایچ او تھانہ سبز پیر تعینات کر دیا گیا ہے۔ انسپکٹر شبیر گل کو ایس ایچ او تھانہ مراد پور تعینات کیا گیا ہے جبکہ عادل اقبال کو ایس ایچ او سٹی ڈسکہ مقرر کیا گیا ہے۔

    انسپکٹر نعیم اشرف کو ایس ایچ او کوٹلی سید امیر اور شہباز احمد کو ایس ایچ او تھانہ ستراہ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

    ان تبدیلیوں کا مقصد پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر طور پر برقرار رکھنا ہے۔

  • سیالکوٹ:سیماپ کی سالانہ جنرل باڈی کا اجلاس، نئے عہدیداران کا انتخاب

    سیالکوٹ:سیماپ کی سالانہ جنرل باڈی کا اجلاس، نئے عہدیداران کا انتخاب

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہد ریاض) سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (سیماب) کی سالانہ جنرل باڈی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں شیخ ذیشان طارق کو نئی مدت کے لیے چیئرمین منتخب کیا گیا۔

    نئے چیئرمین نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ صنعت کے فروغ اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ انہوں نے سابق چیئرمین یوسف حسن باجوہ کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ وہ ان کی رہنمائی میں کام کرتے رہیں گے۔

    اجلاس میں سابق چیئرمین یوسف حسن باجوہ نے اپنے دور کی کامیابیوں کا ذکر کیا اور نئی قیادت کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سیماب دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہا ہے۔

    اجلاس میں سیالکوٹ کی تاجر برادری کے نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے نئی قیادت کو نیک تمنائیں پیش کیں۔

    سیماب نے اپنے دور میں کئی اہم کامیابیاں حاصل کیں، جن میں مندرجہ ذیل شامل ہیں:
    سیماب نے اپنے دور میں سرجیکل انسٹرومنٹس کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔سیماب نے نئے بین الاقوامی مارکیٹس میں رسائی حاصل کی ہے۔ سیماب نے سرجیکل انسٹرومنٹس کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔سیماب نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے صنعت کو جدید بنانے کی کوشش کی ہے۔

    نئے چیئرمین شیخ ذیشان طارق نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ سیماب کی کامیابیوں کو مزید آگے بڑھانے کے لیے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صنعت کے سامنے آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

    سیماب کی کامیابیوں کے باوجود، صنعت کے سامنے کچھ چیلنجز بھی موجود ہیں۔ ان چیلنجز میں مندرجہ ذیل شامل ہیں:
    مہنگائی کی وجہ سے صنعت کے کاروباری افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔بجلی کی قلت کی وجہ سے صنعت کے کاروباری افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بین الاقوامی مقابلے کی وجہ سے صنعت کے کاروباری افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    سیماب نے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔ ان اقدامات میں مندرجہ ذیل شامل ہیں:
    سیماب نے حکومت سے صنعت کے لیے مدد طلب کی ہے۔ سیماب نے بین الاقوامی مارکیٹوں میں مقابلہ کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
    سیماب نے ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے صنعت کو جدید بنانے کی کوشش کی ہے۔

    جنرل سیکرٹری سیماپ محمد عثمان بٹ، سیالکوٹ کی تاجر برادری کے قائد ریاض الدین شیخ، سابق صدور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک، بابر اقبال، فضل جیلانی، ڈاکٹر نعمان بٹ، سابق چیئرمین سیماب محمد اشفاق، محمد آصف دیوڑا، چیئرمین پاکستان سپورٹس گڈز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن خواجہ مسعود اختر، رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام، گروپ لیڈر محمد خلیل سمیت آلات جراحی بنانے والے کاروباری افراد کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر یہاں موجود تھی۔

    سیماب کے مستقبل کے لیے امیدیں روشن ہیں۔ نئی قیادت کے تحت سیماب مزید کامیابیوں کا حصول کر سکے گا۔

  • تنگوانی:ڈاکوؤں کا انڈس ہائی وے پر دھاوا، فائرنگ سے ڈرائیور شدید زخمی

    تنگوانی:ڈاکوؤں کا انڈس ہائی وے پر دھاوا، فائرنگ سے ڈرائیور شدید زخمی

    تنگوانی (باغی ٹی وی،نامہ نگار)ڈاکوؤں کا انڈس ہائی وے پر دھاوا، فائرنگ سے ڈرائیور شدید زخمی

    تفصیلات کے مطابق تنگوانی میں انڈس ہائی وے پر ڈاکوؤں نے ایک مزدا گاڑی پر دھاوا بول دیا۔ ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی ڈرائیور کو فوری طور پر ورثا نے طبی امداد کے لیے کندھ کوٹ ہسپتال منتقل کر دیا۔

    ذرائع کے مطابق واقعہ کے وقت پولیس جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھی، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈاکو فائرنگ کے بعد باآسانی فرار ہو گئے۔ پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، تاہم تاحال کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی ہے۔

    مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔

  • پشاور:ورلڈ کوالیفائرز ٹیک بال چیمپئن شپ، پاکستان ٹیم کے ٹرائلز مکمل

    پشاور:ورلڈ کوالیفائرز ٹیک بال چیمپئن شپ، پاکستان ٹیم کے ٹرائلز مکمل

    پشاور(باغی ٹی وی رپورٹ) ورلڈ کوالیفائرز ٹیک بال چیمپئن شپ کے لیے پاکستان ٹیک بال ٹیم کے ٹرائلز قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقد ہوئے، جن میں ملک بھر سے چالیس سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ یہ ٹرائلز ہنگری، رومانیہ اور ویتنام میں ہونے والی آئندہ عالمی چیمپئن شپ اور ورلڈ ٹیک بال ٹور میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے منعقد کیے گئے تھے۔

    اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر پشاور سپورٹس کمپلیکس اور چیف کوچ سید جعفر شاہ، راحت میاں (چیئرمین ابصار ویلفیئر فاؤنڈیشن)، جنید احمد (نائب صدر کے پی ٹیک بال ایسوسی ایشن)، اور اختر رسول (جنرل سیکرٹری مرجڈ ایریاز ٹیک بال ایسوسی ایشن) نے ربن کاٹ کر ٹرائلز کا باقاعدہ افتتاح کیا اور کچھ نمائشی سٹروک بھی کھیلے۔

    پاکستان ٹیک بال فیڈریشن کے زیر اہتمام ہونے والے ان ٹرائلز میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ ٹرائلز کے نتائج کے مطابق مردوں کے سنگلز میں ہدایت الرحمان، خواتین کے سنگلز میں صفا مروہ، اور ڈبلز میں منیم صدیقی اور کامران احمد کا انتخاب کیا گیا۔ یہ منتخب کھلاڑی عالمی چیمپئن شپ اور ورلڈ ٹیک بال ٹور میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

    علاقائی اور قومی سطح پر ٹیک بال کے کھیل کی ترقی کے لیے یہ ٹرائلز ایک اہم قدم ثابت ہو سکتے ہیں، اور منتخب کھلاڑی عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کے لیے تیار ہیں۔

  • ڈیرہ غازیخان:ڈی جی اورناز تھیٹر میں بے حیائی کا زور،انتظامیہ کی طوطاچشمی

    ڈیرہ غازیخان:ڈی جی اورناز تھیٹر میں بے حیائی کا زور،انتظامیہ کی طوطاچشمی

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی ،نامہ نگار)ڈی جی اورناز تھیٹر میں بے حیائی کا زور،انتظامیہ کی طوطاچشمی

    تفصیلات کے مطابق ڈیرہ غازیخان شہر کے مشہور ناز تھیٹر اور ڈی جی تھیٹر میں جاری ڈراموں کی سرگرمیاں ایک نئی بحث کا آغاز کر رہی ہیں۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ان تھیٹروں میں نہ صرف غیر قانونی سرگرمیاں جاری ہیں بلکہ ان کے آس پاس مافیا کی موجودگی نے صورت حال کو اور بھی خراب کر دیا ہے۔

    علاقے کے لوگوں نے شکایت کی ہے کہ چوہدری مشتاق، پائل چوہدری اور علی جانی جیسے افراد قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں جبکہ مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کے سامنے بے بس نظر آتے ہیں۔ ان کے مطابق ان تھیٹروں میں آنے والے افراد کی سرگرمیوں میں شراب، چرس، اور اسلحے کی نمائش عام بات بن چکی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ میڈیا سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی ان کی سرپرستی کرنے والوں میں شامل ہے

    شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہاں پر ناچنے والی خواتین آدھے کپڑے پہن کر جسم کا نمائش کرتی ہیں، جو کہ نہ صرف بے ہودگی کی علامت ہے بلکہ اس سے فنکاروں کی عزت بھی مجروح ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ کچھ فنکاروں اور طوائفوں کی جانب سے بے ہودہ ڈرامے کیے جا رہے ہیں جو اصل آرٹسٹ کے ساتھ مذاق کرنے کے مترادف ہیں۔

    ذرائع کے مطابق آرٹس کونسل کے ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر بھی اس معاملے میں ملوث ہیں کیونکہ انہیں ان سرگرمیوں کے بدلے مالی فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔ یہ مافیا پنجاب کے مختلف شہروں سے ناچنے والی لڑکیوں کو لاتا ہے اور ان کا غلط استعمال کرتا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ یہ لڑکیاں گن پوائنٹ پر لائی جاتی ہیں اور ان کے ساتھ بدسلوکی کی جاتی ہے۔

    عوام نے مزید شکایت کی ہے کہ بجلی کی فری استعمال بھی ان غیر قانونی سرگرمیوں کا حصہ ہے جس میں واپڈا کے کچھ ملازمین بھی شامل ہیں۔ اس صورت حال نے شہریوں کو بے حد پریشان کر دیا ہے کیونکہ وہ خوف محسوس کر رہے ہیں کہ یہاں کسی بھی وقت کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آ سکتا ہے۔

    پولیس کو بدنام کرنے کی کوشش کے طور پر جعلی وردی میں ملبوس افراد کو بھی یہاں بٹھایا جاتا ہے۔ ان کے ذریعے عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جبکہ یہ اعلان بھی کیا جاتا ہے کہ موویز بنانا منع ہے۔

    علاقے کے عوام نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، کمشنر ڈیرہ غازی خان اور ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مافیا کے خلاف فوری کارروائی کریں اور ان غیر قانونی سرگرمیوں کے اڈوں کو بند کریں۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنی زندگیوں میں سکون محسوس کر سکیں۔

  • ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں ہر گاؤں کو ماڈل بنانے کا فیصلہ، غیر قانونی پٹرول پمپ بھی بند ہوں گے

    ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں ہر گاؤں کو ماڈل بنانے کا فیصلہ، غیر قانونی پٹرول پمپ بھی بند ہوں گے

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواد اکبر) ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں صفائی اور ترقی کے عمل کو مزید تیز کرتے ہوئے "ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت ہر گاؤں کو ماڈل بنایا جائے گا۔ کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر کی صدارت میں ہونے والے ویڈیو لنک جائزہ اجلاس میں یہ فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

    کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ افرادی قوت اور مشینری کے ٹینڈر جاری کر دیے گئے ہیں اور صرف فیلڈ میں کام کرنے والے اہلکاروں کو تنخواہیں دی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژن کو غیر قانونی پٹرول پمپس سے پاک کرنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا ہے اور تمام غیر قانونی آئل یونٹس کو بند کر کے سربمہر کیا جائے گا۔

    کمشنر نے یہ بھی ہدایت دی کہ پانچوں اضلاع میں زیر التواء بلڈنگز، ہاؤسنگ کالونیز، پٹرول پمپس اور دیگر منصوبوں کے این او سیز فوری طور پر جاری کیے جائیں۔ میرج ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے شادی ہالز کو کم از کم ایک ہفتے کے لیے سیل کیا جائے گا، جبکہ بھاری جرمانے، گرفتاریاں اور دیگر قانونی کارروائیاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔

    کاشتکاروں کو گنے کی مکمل ادائیگی یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا، اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ شوگر کین کی ادائیگی کرا کے سرٹیفکیٹ فراہم کریں۔ عام آدمی کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کے لیے اشیائے خوردونوش کی سرکاری قیمتوں پر دستیابی کو یقینی بنانے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں، اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو ہدایت کی گئی کہ وہ فیلڈ میں نکلیں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔

    اجلاس میں وزیراعلیٰ کے اقدامات (سی ایم انیشیٹوز) اور دیگر اہم معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا اور ان میں مزید بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔

  • ڈیرہ غازی خان بورڈ ،انٹرمیڈیٹ  نتائج کا اعلان، کامیابی کا تناسب 64.21 فیصد

    ڈیرہ غازی خان بورڈ ،انٹرمیڈیٹ نتائج کا اعلان، کامیابی کا تناسب 64.21 فیصد

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواد اکبر) ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ (گیارہویں جماعت) کے سالانہ امتحانات 2024 کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے، جس میں مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 64.21 فیصد رہا۔

    ایڈیشنل کمشنر ریونیو طاہر امین نے چیئرمین تعلیمی بورڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے نتائج کو آن لائن جاری کیا۔ اس تقریب میں کنٹرولر امتحانات مظفر حسین، سیکرٹری بورڈ چوہدری عبدالرحمن، اے سی جی فہد نور، اور آئی ٹی ٹیکنیشن احمد علی قریشی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

    طاہر امین نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ کے امتحان میں 50,374 طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ ان میں سے 32,344 طلبہ نے کامیابی حاصل کی، جس سے کامیابی کا مجموعی تناسب 64.21 فیصد رہا۔ 30,884 ریگولر طلبہ میں سے 65.23 فیصد جبکہ 1,460 پرائیویٹ امیدواروں میں سے 48.23 فیصد نے کامیابی حاصل کی۔

    پہلے سالانہ امتحان 2024 میں لڑکیوں کی کارکردگی نمایاں رہی۔ گرلز نے 71.35 فیصد کامیابی کے ساتھ لڑکوں کو پیچھے چھوڑ دیا، جبکہ بوائز میں کامیابی کا تناسب 57.29 فیصد رہا۔ اس سال بھی لڑکیوں نے اپنی مسلسل شاندار کارکردگی سے تعلیمی میدان میں اپنی برتری ثابت کی۔

    مختلف اضلاع میں کامیابی کا تناسب درج ذیل رہا:مظفرگڑھ: 69.59 فیصد کے ساتھ پہلی پوزیشن۔کوٹ ادو: 67.96 فیصد کے ساتھ دوسری پوزیشن۔لیہ: 66.47 فیصد کے ساتھ تیسری پوزیشن۔ڈیرہ غازی خان: 57.44 فیصد کے ساتھ چوتھی پوزیشن۔راجن پور: 56.24 فیصد کے ساتھ پانچویں پوزیشن۔

    کنٹرولر امتحانات مظفر حسین نے کہا کہ کمشنر اور چیئرمین کی ہدایات پر امتحانی عمل کو انتہائی شفاف بنانے کے لیے ان کی ٹیم نے دن رات محنت کی۔ انہوں نے کہا کہ "نتائج کی تیاری سے لے کر اعلان تک ہر مرحلے پر شفافیت کو یقینی بنایا گیا تاکہ تمام طلبہ کو ان کی محنت کا جائز صلہ مل سکے۔”

    تعلیمی بورڈ کے افسران نے طلبہ کو مبارکباد دی اور کامیاب ہونے والے طلبہ کو اپنے تعلیمی کیریئر کو مزید بہتر بنانے کے لیے سخت محنت جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پرائیویٹ طلبہ کی کامیابی کا تناسب کم رہا ہے، جس کو بہتر بنانے کے لیے مستقبل میں مزید سہولیات اور رہنمائی فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

    اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر طاہر امین نے کہا کہ تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کے لیے بورڈ کے افسران مسلسل محنت کر رہے ہیں اور آئندہ امتحانات میں بھی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

    امتحانات کے نتائج کے اعلان کے بعد طلبہ و طالبات اور ان کے والدین میں خوشی اور امید کی لہر دوڑ گئی۔ کامیاب ہونے والے طلبہ نے اپنی کامیابی کا سہرا اپنی محنت اور اساتذہ کی رہنمائی کو دیا۔ کچھ طلبہ نے اپنی توقعات سے بہتر نتائج حاصل کیے جبکہ بعض طلبہ اپنے نتائج سے غیر مطمئن دکھائی دیے، لیکن انہوں نے آئندہ امتحانات میں مزید محنت کرنے کا عزم کیا۔

    تعلیمی بورڈ کے افسران نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ تعلیمی اصلاحات پر مزید توجہ دے تاکہ تمام اضلاع میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر کیا جا سکے اور طلبہ کو جدید تعلیم سے آراستہ کیا جا سکے۔

  • اوچ شریف:اشیاء پر لکھی قیمت غائب،پرائس کنٹرول میجسٹریٹ ناکام،عوام لٹنے لگی

    اوچ شریف:اشیاء پر لکھی قیمت غائب،پرائس کنٹرول میجسٹریٹ ناکام،عوام لٹنے لگی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) شہر میں پرائس کنٹرول سسٹم مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے، جس کی وجہ سے عوام ناجائز منافع خوری کا شکار ہو چکے ہیں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بے جا اضافہ ہو رہا ہے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی غفلت اور عدم دلچسپی کی بنا پر دکانداروں نے اشیاء پر درج سرکاری قیمتیں ہٹا دی ہیں اور اپنی مرضی سے من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ اس صورتحال نے عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔

    اوچ شریف اور اس کے نواحی علاقوں میں دکانداروں نے اشیاء کی قیمتوں کو بلا جواز بڑھا رکھا ہے، جس سے غریب اور متوسط طبقے کے لوگ بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بنیادی ضروریات کی اشیاء جیسے چائے کی پتی، دودھ، چینی اور دالوں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، اور دکانداروں نے ان اشیاء پر درج سرکاری قیمتوں کو ہٹا کر اپنی مرضی کے نرخ لگا دیے ہیں۔

    شہری محمد عمران، ادریس، عبد الحمید، علی خان اور دیگر کا کہنا ہے کہ دکاندار چائے کی پتی جیسی عام چیز کی اصل قیمت کو چھپا کر اسے مہنگے داموں فروخت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "چائے کی پتی کے ایک پیکٹ کی قیمت مارکیٹ میں 500 روپے درج ہے، لیکن دکاندار اس کو 700 روپے تک فروخت کر رہے ہیں۔ اسی طرح دودھ اور دیگر روزمرہ کی اشیاء کی قیمتیں بھی انتہائی بڑھا دی گئی ہیں، جس سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔”

    شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیاں مہنگائی کو بڑھانے کا سبب بنی ہیں۔ "حکومت کی جانب سے غریب عوام کو ریلیف دینے کے بجائے، مہنگائی کا بوجھ ان پر ڈال دیا گیا ہے۔” عبد الحمید نے کہا کہ "اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں روزانہ اضافے نے ہماری زندگی کو اجیرن بنا دیا ہے۔ اگر یہ صورتحال برقرار رہی، تو ہمارے لیے اپنے بچوں کو دو وقت کی روٹی دینا بھی مشکل ہو جائے گا۔”

    شہریوں نے شکایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ "پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی عدم توجہی کی وجہ سے دکاندار من مانی کر رہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔” محمد عمران کا کہنا تھا کہ "جب ہم کسی دکاندار سے قیمتوں کے بارے میں پوچھتے ہیں تو وہ کہتے ہیں کہ ہمیں جو نرخ ٹھیک لگتا ہے، وہی وصول کریں گے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کہیں نظر نہیں آتے، اور اگر وہ آ بھی جائیں تو صرف رسمی کارروائی کرتے ہیں۔”

    شہریوں نے حکومت اور مقامی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیں اور پرائس کنٹرول سسٹم کو موثر بنائیں۔ "ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کو فعال کریں اور ان دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کریں جو ناجائز منافع خوری کر رہے ہیں۔” علی خان نے کہا، "ہمیں امید ہے کہ حکومت اس مسئلے کو سنجیدگی سے لے گی اور ہمیں ریلیف فراہم کرے گی، ورنہ ہماری زندگیاں مزید مشکل ہو جائیں گی۔”

    دکانداروں نے اشیاء پر لکھی ہوئی قیمتیں ہٹا دی ہیں، جس سے عوام کو یہ پتہ چلانا مشکل ہو رہا ہے کہ کس چیز کی اصل قیمت کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ "پہلے دکاندار اشیاء پر لکھی ہوئی قیمتوں کے مطابق بیچا کرتے تھے، لیکن اب انہوں نے قیمتوں کو ہٹا کر اپنی مرضی کی قیمتیں مقرر کر دی ہیں، جس کا کوئی حساب کتاب نہیں ہے۔”

    شہریوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوئی عملی اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ حکومت کی جانب سے بلند و بانگ دعوے کیے جاتے ہیں لیکن عملی طور پر کچھ بھی نہیں ہو رہا۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے فوری طور پر اقدامات نہ کیے تو غریب عوام کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی اور ان کا جینا محال ہو جائے گا۔

  • سیالکوٹ:پنجاب حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیےجامع حکمت عملی تیارکرلی ہے، سلمیٰ بٹ

    سیالکوٹ:پنجاب حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے کے لیےجامع حکمت عملی تیارکرلی ہے، سلمیٰ بٹ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہد ریاض) چیئرمین وزیر اعلیٰ ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول اور رکن صوبائی اسمبلی سلمیٰ بٹ نے کہا ہے کہ مہنگائی کو کنٹرول کرنا اور کم آمدنی والے متوسط طبقے کو اشیائے خورد و نوش کنٹرول ریٹ پر فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی ہے جو پرائس کنٹرول پر کام کر رہی ہے۔

    سلمیٰ بٹ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران انہوں نے پنجاب کے مختلف ڈویژنل ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور ضلع سطح پر منڈیوں اور بازاروں کا مسلسل معائنہ کیا ہے۔ اب تک 15 سو سے زائد اسٹیک ہولڈرز، جن میں کاشتکار، آڑھتی، ٹریڈرز، ہول سیلر اور پرچون فروش شامل ہیں، سے ملاقاتیں کی ہیں اور ان کے مسائل سننے کے بعد ان کی تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پرائس کنٹرول کے لیے پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ادارے کے قیام کے بعد پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے اضافی ذمہ داریاں واپس لے لی جائیں گی، تاکہ وہ اپنے اصل فرائض کو بہتر طور پر سرانجام دے سکیں۔

    سلمیٰ بٹ نے مزید کہا کہ حکومت ایک ایسا پرائس کنٹرول نظام متعارف کروانا چاہتی ہے جس سے عام آدمی کو ریلیف ملے اور گراں فروشی، ناجائز منافع خوری اور ملاوٹ جیسے مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔ مریم نواز شریف اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کی نگرانی خود کر رہی ہیں اور ضلعی انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کرتی ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے قابلِ کاشت اراضی کی مپنگ کر رہی ہے اور جدید فارمنگ تکنیکوں کے ذریعے اجناس کی پیداوار میں اضافہ کیا جائے گا۔ دالوں کی پیداوار میں اضافے کے لیے تحقیق کی جا رہی ہے اور کاشتکاروں کو مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے پروگرامز پر بھی کام شروع ہو چکا ہے۔

    پریس کانفرنس کے دوران سلمیٰ بٹ نے کہا کہ منڈیوں کو ڈیجیٹیلائز کرنے کا عمل جاری ہے اور نیلامی کے طریقہ کار کو شفاف بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہی ہے اور عوامی مشکلات کے ازالے کے لیے مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے۔

    قبل ازیں سلمیٰ بٹ نے سیالکوٹ میں سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا اور نیلامیوں کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مقامی آڑھتیوں اور تاجروں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

  • ملتان: سرکاری زمین پر ڈی سی کی اجازت سے جنازہ گاہ  کی تعمیر،شہری کو جان لیوا دھمکیاں

    ملتان: سرکاری زمین پر ڈی سی کی اجازت سے جنازہ گاہ کی تعمیر،شہری کو جان لیوا دھمکیاں

    ملتان (نامہ نگار) سرکاری زمین پر ڈی سی کی اجازت سے جنازہ گاہ کی تعمیر،شہری کو جان لیوا دھمکیاں،چک نمبر 91 بدھلہ سنت کے رہائشی محمد سرفراز ولد قاسم نے تھانہ بدھلہ سنت کے SHO کو ایک درخواست جمع کروائی ہے، جس میں اس نے اپنی اور اہلِ علاقہ کی جان کو لاحق خطرات کے حوالے سے تحفظ کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محمد سرفراز نے اپنے محلے میں سرکاری زمین پر ڈی سی ملتان کی اجازت سے اہلِ علاقہ سے چندہ اکٹھا کر کے ایک جنازہ گاہ تعمیر کی تھی۔ تاہم اس اقدام کے بعد علاقے کے چند افراد جن میں جمیلہ مائی، محمد دانش اور نعمان شامل ہیں نے سرفراز کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں۔

    سرفراز کا کہنا ہے کہ انہوں نے معززینِ علاقہ کے ہمراہ کئی بار ملزمان کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ اپنی حرکتوں سے باز نہ آئے۔ حالیہ واقعہ میں ملزمان نے سرفراز کا پیچھا کیا، جس کے بعد وہ اپنی جان بچانے کے لیے اپنے گھر میں چھپ گئے۔ ملزمان ان کے گھر تک پہنچ گئے اور وہاں بھی انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے رہے۔ تاہم مقامی افراد محمد شہباز اور اللہ بخش کی مداخلت کے باعث سرفراز کی جان بچائی گئی۔

    مزید برآں 27 ستمبر 2024 کو سرفراز نے بتایا کہ وہ اپنے گھر سے باہر کام کے لیے جا رہے تھے جب ملزم نعمان نے انہیں دوبارہ گالم گلوچ اور دھمکیاں دیں کہ ان کی موت کا انتظام ہو چکا ہے۔

    محمد سرفراز نے پولیس سے درخواست کی ہے کہ ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور انہیں اور اہلِ علاقہ کو تحفظ فراہم کیا جائے، کیونکہ وہ ملزمان کے ظلم و جبر سے شدید خوفزدہ ہیں۔

    پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔