Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ڈیرہ غازیخان :بی ایم پی چیک پوسٹوں پر رشوت اور اثر و رسوخ کا راج

    ڈیرہ غازیخان :بی ایم پی چیک پوسٹوں پر رشوت اور اثر و رسوخ کا راج

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) بی ایم پی چیک پوسٹوں پر رشوت اور اثر و رسوخ کا راج

    تفصیلات کے مطابق بین الصوبائی چیک پوسٹ و تھانہ بواٹہ پر تعینات ایس ایچ او اقبال لغاری اور اہلکار شوکت کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ چیک پوسٹ راکھی گارج پر تعینات فیاض نامی اہلکار کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر سمگلروں اور با اثر سیاستدانوں کے مفادات کی حفاظت کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ اہلکار مبینہ طور پر سمگلنگ کے ذریعے کمایا گیا پیسہ سیاستدانوں تک پہنچاتے ہیں جبکہ ایس ایچ اوز بے بس ہو کر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

    عوامی حلقوں نے بارڈر ملٹری پولیس کے سینئر کمانڈنٹ شاہد زمان لک اور کمانڈنٹ اسد خان چانڈیہ سے اپیل کی ہے کہ ان اہلکاروں کو چیک پوسٹوں سے فوری طور پر ہٹایا جائے تاکہ کرپشن اور لوٹ مار کا خاتمہ ہو سکے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اہلکاروں کو چوٹی زیریں اور فورٹ منرو کے با اثر سیاستدانوں کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے جس کی وجہ سے موجودہ دور حکومت میں بھی ان کا تبادلہ ممکن نہیں ہو سکا۔

    مزید برآں ذرائع کا کہنا ہے کہ فیاض نامی اہلکار کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ وہ ایس ایچ اوز پر دباؤ ڈالتا ہے اور ان سے من مانی کرواتا ہے۔ اس نے یہاں تک دھمکی دی ہے کہ اگر اس کا تبادلہ کیا گیا تو وہ چوٹی جا کر تمام بڑے افسروں کو لاہور بھیج دے گا۔ عوامی حلقے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور فوری ایکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

  • اوچ شریف: گیلانی خاندان کی شادی کی شاندار تقریب

    اوچ شریف: گیلانی خاندان کی شادی کی شاندار تقریب

    اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) شہر میں خوشی کا سماں ہے! معروف روحانی خاندان مخدوم سید تنویر الحسن گیلانی کی پوتی نیک اختر کی شادی گولڑہ شریف کے سجادہ نشین پیر حسام الدین حسام کے فرزند مہر فواد الدین کے ساتھ ہوئی ہے۔

    یہ شادمانی کا موقع اوچ شریف کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ دونوں خاندانوں کے درمیان یہ رشتہ نہ صرف دو خاندانوں کو جوڑے گا بلکہ پورے علاقے میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے

    تقریب کا اہتمام مخدوم سید تنویر الحسن گیلانی کی جانب سے خانوادہ گیلانیہ اوچ شریف، ملتان اور گولڑہ شریف کے اعزاز میں کیا گیا۔ اس موقع پر مشائخ اتحاد کونسل علمائے پاکستان کے چیئرمین مخدوم پیر سید سہیل حسن گیلانی، سجادہ نشین دربار حضرت محبوب سبحانی، مخدوم سلمان حسن گیلانی، اور ولی عہد دربار حضرت محبوب سبحانی سید رحمان حسن گیلانی نے شرکت کی۔

    ملتان سے دربار حضرت موسیٰ پاک کے سجادگان جیسے مخدوم سید ولایت مصطفی گیلانی، مخدوم سید ابو الحسن گیلانی، اور دیگر اہم شخصیات بھی تقریب کی رونق میں اضافہ کرنے کے لیے موجود تھیں۔ گولڑہ شریف سے سجادہ نشین پیر حسام الدین حسام، سجادہ نشین غلام نظام الدین جامی، اور دیگر مشائخ نے بھی شرکت کی۔

    یہ تقریب دونوں خانوادوں کے درمیان مضبوط روابط اور باہمی احترام کی علامت تھی، جس میں خصوصی دعا کے ساتھ خوشیوں کو دوبالا کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر مشائخ اتحاد کونسل کے چیئرمین مخدوم سید سہیل حسن گیلانی نے مظلوم فلسطینیوں کے لیے خصوصی دعا کی اور مسلم ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینیوں کی جنگ بندی کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں۔

  • اوچ شریف: موٹروے ایم 5 پر کروڑوں روپے کی چوری شدہ گاڑی اور بیٹریاں برآمد

    اوچ شریف: موٹروے ایم 5 پر کروڑوں روپے کی چوری شدہ گاڑی اور بیٹریاں برآمد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) موٹر وے ایم 5 پر پولیس کی خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی میں ایک کروڑ روپے مالیت کی ہائی روف گاڑی اور 20 لاکھ روپے مالیت کی چوری شدہ بیٹریاں برآمد کر لی گئیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے، تاہم ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، ڈی ایس پی موٹر وے ایم 5 چوہدری مسرور علی کی قیادت میں ایڈمن آفیسر محمد شفیق اشرف قسرانی اور دیگر آفیسرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ موٹر وے پولیس نے حکمت عملی کے تحت گھیرا تنگ کیا، جسے دیکھتے ہوئے ملزمان گاڑی چھوڑ کر قریبی کھیتوں میں فرار ہو گئے۔

    موٹر وے پولیس نے ایک کروڑ روپے کی ہائی روف گاڑی اور 20 لاکھ روپے مالیت کی 23 چوری شدہ ڈرائی بیٹریوں کو تحویل میں لے کر مقدمہ درج کر دیا۔

    اس موقع پر ڈی ایس پی چوہدری مسرور علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نہ صرف ٹریفک قوانین کے نفاذ اور حادثات کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، بلکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موٹر وے پر موثر پٹرولنگ کی بدولت سفر محفوظ ہے، اور عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک گاڑی یا شخص کی موجودگی پر فوری طور پر ہیلپ لائن 130 پر اطلاع دیں۔

  • سچ سامنے آیا،ریاستی اداروں پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد،اندھے قتل کا قاتل گرفتار

    سچ سامنے آیا،ریاستی اداروں پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد،اندھے قتل کا قاتل گرفتار

    لنڈی کوتل (باغی ٹی وی رپورٹ)سچ سامنے آیا،ریاستی اداروں پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد،اندھے قتل کا قاتل گرفتار

    تفصیلات کے مطابق 18 اگست 2024 کو لنڈی کوتل بائی پاس پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں خوگا خیل سے منتخب یوتھ کونسلر اور نوجوان فٹ بال کھلاڑی لاوید شاہ کو گولی مار کر قتل کیا گیا۔ لاوید شاہ اپنے اخلاق اور ملنسار طبیعت کی وجہ سے علاقے میں ایک ہردلعزیز شخصیت کے طور پر مشہور تھے۔ انہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال لنڈی کوتل اور بعد ازاں پشاور منتقل کیا گیا۔

    قتل کے بعد، پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے فوری تحقیقات کا آغاز کیا، مگر بعض ریاست مخالف عناصر نے اس سانحے کو پروپیگنڈہ کا ذریعہ بناتے ہوئے ریاست اور سیکیورٹی اداروں پر بے بنیاد الزامات لگانا شروع کر دیے۔ بجائے اس کے کہ ان عناصر نے مجرموں کی گرفتاری میں مدد کی ہوتی، انہوں نے اس واقعے کو ریاستی اداروں کے خلاف نعرے بازی اور عوام کو بھڑکانے کا موقع بنایا۔

    22 اگست کو لاوید شاہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئے، جس کے بعد 25 اگست کو خیبر سپورٹس کلب کی جانب سے ان کے لیے انصاف دلانے کے لیے ایک ریلی نکالی گئی۔ اس ریلی کو بھی ریاست مخالف عناصر نے ہائی جیک کیا اور پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف نعرے بازی کی۔

    پولیس نے تمام پروپیگنڈے کو نظرانداز کرتے ہوئے سائنسی بنیادوں پر تفتیش جاری رکھی۔ حالانکہ واقعہ کے وقت موجود 200 سے زائد افراد میں سے کسی نے بھی قاتلوں کی شناخت یا مدد نہیں کی، پولیس نے مسلسل محنت جاری رکھی۔ 30 ستمبر 2024 کو پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے قاتل محمد نواز ولد سمندر خان کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ دوران تفتیش، قاتل نے اعتراف کیا کہ اس نے لاوید شاہ کو غیرت کے نام پر قتل کیا اور وجہِ عناد مستورات تھیں۔

    پولیس کی اس کامیاب کارروائی سے ثابت ہو گیا کہ ریاست اور اس کے ادارے عوام کے تحفظ کے لیے سرگرم ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں جو ریاست مخالف پروپیگنڈے کے ذریعے مظلوم خاندانوں کے جذبات سے کھیلتے ہیں اور اپنی سیاست کو لاشوں پر قائم کرتے ہیں۔

  • ٹھٹھہ:گھارو  پولیس اور انتظامیہ ناکام، شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں،شہری کی پریس کلب میں دُہائی

    ٹھٹھہ:گھارو پولیس اور انتظامیہ ناکام، شہریوں کی جان و مال محفوظ نہیں،شہری کی پریس کلب میں دُہائی

    ٹھٹھہ (باغی ٹی وی، نامہ نگاربلاول سموں) گھارو شہر کے خانیہ محلہ کے رہائشی رجب خانیو نے عوامی پریس کلب ٹھٹھہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پولیس اور بااثر افراد کے خلاف انصاف کی دہائی دی ہے۔

    رجب خانیو کا کہنا ہے کہ وہ ایک غریب اور مہذب شہری ہیں لیکن ان کے علاقے کے کچھ اوباش اور لوفر لڑکے، جن کے نام فضل، صابر، گل حسن، میر حسن، اور اکو ہیں، ان کے بچوں خصوصاً بیٹیوں کو مسلسل ہراساں کرتے ہیں۔

    رجب خانیو نے مزید بتایا کہ جب انہوں نے ان لڑکوں کو منع کرنے کی کوشش کی تو وہ لڑنے اور جھگڑنے پر آمادہ ہو گئے۔ 27 ستمبر کو ان ملزمان نے رجب خانیو اور ان کے اہل خانہ پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے۔

    انہوں نے گھارو تھانے میں شکایت درج کرانے کی کوشش کی، لیکن ایس ایچ او اور منشی نے ان کا مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا۔ انہیں میڈیکل لیٹر تک فراہم نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    رجب خانیو نے یہ بھی الزام لگایا کہ پولیس نے ملزمان سے رشوت لے کر ان کے گھر پر چھاپہ مارا اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔ رجب کا کہنا تھا کہ مذکورہ ملزمان بااثر اور امیر ہیں، جبکہ وہ خود ایک غریب شخص ہیں۔

    انہوں نے ایس ایس پی ٹھٹھہ سے مطالبہ کیا ہے کہ گھارو پولیس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے اور ملزمان کو گرفتار کر کے انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

  • میرپورخاص: سانحہ 30 ستمبر 1988ء کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی

    میرپورخاص: سانحہ 30 ستمبر 1988ء کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی

    میرپورخاص (باغی ٹی وی، نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) ایم کیو ایم پاکستان میرپورخاص ڈسٹرکٹ آفس میں سانحہ 30 ستمبر 1988ء حیدرآباد کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ اس تقریب میں ڈسٹرکٹ کے ذمہ داران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    اس موقع پر ڈسٹرکٹ انچارج خالد تبسم، جوائنٹ ڈسٹرکٹ انچارجز آفاق احمد خان، سلیم میمن، ڈسٹرکٹ کمیٹی کے اراکین، مرکزی رکن اے پی ایم ایس او حارث راجپوت، یوسی چیئرمینز، وائس چیئرمینز، حق پرست کونسلرز، اور تمام یوسیز اور شعبہ جات کے ذمہ داران و کارکنان بھی موجود تھے۔ قرآن خوانی کے بعد شہداء کے بلند درجات، ملکی سلامتی، اور حق پرستانہ تحریک کی کامیابی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد تبسم، آفاق احمد خان، اور سلیم میمن نے 30 ستمبر 1988ء کے سانحہ کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ اس روز جدید آتشیں اسلحے سے لیس دہشت گردوں نے بے گناہ محب وطن پاکستانیوں کا قتل عام کیا، جس کی مثال دنیا کی تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملکی تاریخ کا ایک بڑا المیہ ہے کہ اس وحشیانہ قتل عام کے باوجود مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا گیا، اور وہ آج بھی آزادانہ گھوم رہے ہیں۔

    انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام شواہد کے باوجود متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم نہیں کیا گیا، جس سے ان میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ ایم کیو ایم رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ 30 ستمبر 1988ء میں ملوث عناصر کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے اور ان کی مایوسی دور کی جا سکے۔

    تقریب میں شریک تمام افراد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تحریک کی کامیابی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور حق پرستانہ تحریک کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

  • خیبر رائفلز کی بڑی کارروائی،بچے سے منشیات برآمد

    خیبر رائفلز کی بڑی کارروائی،بچے سے منشیات برآمد

    خیبر (باغی ٹی وی رپورٹ) طورخم بارڈر ٹرمینل پر خیبر رائفلز نے ایک چھوٹے بچے سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔

    ذرائع کے مطابق طورخم بارڈر پر تعینات سیکیورٹی اہلکاروں کو ایک بچے پر شک ہوا جسے تلاشی کے لیے روکا گیا۔ تلاشی لینے پر بچے کے پاس موجود سگریٹس کے ڈبے برآمد ہوئے، جن میں مبینہ طور پر 1.5 کلوگرام آئس (منشیات) چھپائی گئی تھی۔

    اس اہم کارروائی کے بعد برآمد شدہ منشیات کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جا سکیں۔

    ذرائع نے اس افسوس ناک واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے بچوں کو اس طرح کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی کاموں میں ملوث کرنا نہایت افسوسناک اور ناقابل معافی جرم ہے۔ ایسے عناصر جو بچوں کو غلط کاموں میں استعمال کر کے ان کی زندگیاں تباہ کرتے ہیں، ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    عوام اور والدین کو خصوصی طور پر آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ایسی مجرمانہ سرگرمیوں سے دور رکھیں اور ان کی تعلیم و تربیت پر بھرپور توجہ دیں تاکہ ان کا مستقبل محفوظ اور روشن ہو۔

  • اوکاڑہ:فرٹیلائزرزکمپنی کا دیپالپور میں کسانوں اور ڈیلرز کے لیے خصوصی سیشن کا انعقاد

    اوکاڑہ:فرٹیلائزرزکمپنی کا دیپالپور میں کسانوں اور ڈیلرز کے لیے خصوصی سیشن کا انعقاد

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر) پاکستان کی معروف فرٹیلائزر کمپنی اینگرو فرٹیلائزرز نے دیپالپور میں کسانوں اور ڈیلرز کے لیے ایک خصوصی سیشن کا انعقاد کیا جس کا مقصد زرعی شعبے میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور جدید حل تلاش کرنا تھا۔ اس سیشن میں اینگرو کی موبائل لیب کا لائیو مظاہرہ کیا گیا، جو موقع پر ہی مٹی اور پانی کی جانچ کی خدمات فراہم کرتی ہے۔

    موبائل لیب کی یہ جدید سہولت کسانوں کو کھاد کے بہتر استعمال کے لیے ڈیٹا پر مبنی سفارشات فراہم کرتی ہے، جس سے مٹی کی متوازن غذائیت اور فصل کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہوتا ہے۔ یہ اقدام کسانوں کو بااختیار بناتا ہے تاکہ وہ اپنی زمین کی ضروریات کے مطابق کھاد کا استعمال کریں اور زیادہ پیداوار حاصل کر سکیں۔

    اینگرو فرٹیلائزرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی راٹھور نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے زرعی ویلیو چین میں کسانوں اور ڈیلرز کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کا مقصد اپنے ڈیلر نیٹ ورک اور کسانوں کو جدید آلات اور وسائل کی فراہمی ہے تاکہ وہ بہتر منصوبہ بندی کر سکیں، کم لاگت میں زیادہ پیداواری صلاحیت حاصل کریں اور باخبر فیصلے کر سکیں۔ انہوں نے زرعی ترقی کے لیے اینگرو کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔

    اس سیشن میں متعدد ممتاز کاشت کاروں نے شرکت کی، جن میں راؤ عبد الکریم ٹیپو، چوہدری طاہر ارشاد، احمد رضا خان، راؤ فیاض اسلم خاں، راؤ عمران، رانا سعید خان، سید ساجد شاہ، سید نور حسن شاہ اور حاجی شعبان شامل تھے۔

    اینگرو کا یہ اقدام زرعی شعبے میں ترقی اور کسانوں کی فلاح کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

  • چیف ایگزیکٹو محکمہ صحت کا ڈی ایچ کیو اوکاڑہ اور ٹی ایچ کیو رینالہ کا دورہ

    چیف ایگزیکٹو محکمہ صحت کا ڈی ایچ کیو اوکاڑہ اور ٹی ایچ کیو رینالہ کا دورہ

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر) چیف ایگزیکٹو افسر محکمہ صحت ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ساؤتھ سٹی اوکاڑہ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رینالہ خورد کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد ہسپتالوں میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔

    ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان کی ہدایات پر ہونے والے اس دورے میں ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ نے ہسپتالوں کی مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا، جن میں ایمرجنسی، میڈیسن سٹورز، چلڈرن وارڈ، سرجیکل وارڈ، لیبارٹریز اور ایکسرے روم شامل تھے۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مفت ادویات اور دیگر سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا۔

    اس موقع پر ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے ہسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض کو عبادت سمجھ کر انجام دیں اور مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔

    ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ نے مزید کہا کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

  • سیالکوٹ: موٹر سائیکل چوروں کے خلاف کارروائی، 3 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ: موٹر سائیکل چوروں کے خلاف کارروائی، 3 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض ) موٹر سائیکل چوروں کے خلاف کارروائی، 3 ملزمان گرفتار

    تفصیل کےمطابق پولیس نے موٹر سائیکل چوروں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے راہزنی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث عدیل عرف سپ گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی ضلع سیالکوٹ میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی کی وارداتوں کے پیش نظر کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں ملزمان کے قبضے سے 1 لاکھ 12 ہزار روپے نقدی، 10 عدد موٹر سائیکلیں، 2 عدد موبائل فون اور 3 عدد ناجائز 30 بور پسٹل معہ متعدد گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔

    پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ یہ کارروائی ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے ضلع سیالکوٹ کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے۔ اس سلسلے میں، ڈی ایس پی صدر سرکل کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ ہیڈمرالہ، سب انسپکٹر کاشف علی بٹ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کی۔

    ملزمان، جن کی شناخت عدیل عرف سپ، محمد لقمان، اور سعید انور کے نام سے ہوئی، اسلحہ کے زور پر لوگوں سے نقدی، موٹر سائیکل اور دیگر چیزیں چھینتے تھے۔ علاوہ ازیں، یہ گروہ لوگوں کے گھروں میں بھی نقب زنی کرتا تھا۔ ان کی گرفتاری کے بعد پولیس نے مزید تفتیش کا آغاز کیا ہے تاکہ ان کے دیگر ساتھیوں اور ان کی مزید کارروائیوں کا پتہ لگایا جا سکے۔

    گرفتار ملزمان میں عدیل عرف سپ، ولد محمد یونس، قوم میواتی، سکنہ سدھوول نارووال،محمد لقمان، ولد طارق محمود، قوم دیندار، سکنہ محمدی پور گجرات
    سعید انور، ولد محمد ریاض، قوم وڑائچ، سکنہ متریال خورد شامل ہیں،پولیس نے ان ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری رکھا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں مزید برآمدگی کی توقع کی جا رہی ہے۔

    ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کے تمام افسران اور ملازمین کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے ان کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام کا اعلان کیا ہے، جس سے پولیس کی حوصلہ افزائی ہو گی اور مستقبل میں بھی ایسی کارروائیاں جاری رکھنے کی امید ہے۔