Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ: چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا سالانہ جنرل اجلاس

    سیالکوٹ: چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا سالانہ جنرل اجلاس

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرمدثررتو) چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا سالانہ جنرل اجلاس، عبدالغفور ملک کی کامیاب دورِ صدارت کا اختتام اور نو منتخب قیادت کا عزم

    تفصیل کے مطابق سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کا سالانہ جنرل اجلاس الشفیع آڈیٹوریم ہال میں صدر عبدالغفور ملک کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں سابقہ دور کی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا اور صدر عبدالغفور ملک نے اپنی دو سالہ صدارت کے دوران چیمبر کی کامیابیوں، اقدامات اور چیلنجز پر روشنی ڈالی۔

    عبدالغفور ملک نے چیمبر کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کو حکومتی ایوانوں تک پہنچانے، ان کے حل اور کاروباری آسانیوں کے حصول کے لیے اپنے مؤثر اقدامات کی وضاحت کی۔ انہوں نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کو عالمی سطح پر نمایاں حیثیت دینے پر فخر کا اظہار کیا اور بتایا کہ ان کی قیادت میں تاجر برادری کے لیے مراعات حاصل کی گئیں اور حکومتی اداروں کے ساتھ قریبی رابطے قائم رکھے گئے۔

    شہر میں ٹریفک مسائل، تجاوزات اور امن و امان کی بہتری کے لیے ایک اہم منصوبہ، جس کی تکمیل کے بعد سیالکوٹ میں کاروباری ماحول میں نمایاں بہتری آئی۔خواتین کو بااختیار بنانا: چیمبر کے ساتھ ساتھ وویمن چیمبر آف کامرس کے لیے اقدامات، جس سے کاروباری خواتین کو ترقی کے مواقع فراہم کیے گئے۔بزنس کمیونٹی کے مسائل کا حل: عبدالغفور ملک نے مختلف حکومتی پلیٹ فارمز پر تاجروں کے مسائل کو اُٹھایا اور ان کے حل کے لیے مؤثر کام کیا۔

    نو منتخب صدر اکرام الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیالکوٹ چیمبر کی کامیابیوں کو مزید آگے بڑھانے کے لیے مکمل لگن اور محنت سے کام کریں گے۔ انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر شہر اور بزنس کمیونٹی کے لیے نئے منصوبے شروع کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔

    چیمبر کے ممبران کی توقعات پر پورا اُترنے کے لیے اپنی نجی مصروفیات کو پسِ پشت ڈال کر چیمبر امور کی انجام دہی کو ترجیح دیں گے۔
    سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کے لیے عالمی سطح پر نئے مواقع پیدا کریں گے اور چیمبر کی بین الاقوامی شناخت کو مزید بڑھائیں گے۔

    اجلاس میں ریٹائرڈ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کو ہار پہنائے گئے، گلدستے پیش کیے گئے اور ان کی خدمات کو سراہا گیا۔ اس موقع پر نو منتخب اراکین کو بھی خوش آمدید کہا گیا اور ان کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔

    عبدالغفور ملک (سابق صدر)، وہب جہانگیر (سابق سینئر نائب صدر)، اور عامر مجید شیخ (سابق نائب صدر) نے اپنی تقاریر میں بزنس کمیونٹی کے لیے کیے گئے کاموں پر روشنی ڈالی۔

    اجلاس کے آخر میں، ان اراکین چیمبر کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں جنہوں نے ہر موقع پر چیمبر کے ساتھ بھرپور تعاون فراہم کیا۔ ان میں سابق صدر عبدالغفور ملک،سابق سینئر نائب صدر وہب جہانگیر،سابق نائب صدر عامر مجید شیخ،ڈاکٹر مریم صدیقہ (صدر وویمن چیمبر آف کامرس سیالکوٹ)،
    مس گلزیب وقاص اعوان (سینئر نائب صدر وویمن چیمبر)، اور دیگر اہم شخصیات شامل تھے

    اس یادگار اجلاس میں سیالکوٹ کی تاجر برادری نے بھرپور شرکت کی اور اپنی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے نئی قیادت کو مبارکباد پیش کی۔

  • ڈیرہ غازی خان: معدنیاتی وسائل کی حفاظت اور آمدن میں اضافے کے لیے کمیٹی کا اجلاس

    ڈیرہ غازی خان: معدنیاتی وسائل کی حفاظت اور آمدن میں اضافے کے لیے کمیٹی کا اجلاس

    ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر جواد اکبر)ڈسٹرکٹ مائنز اینڈ منرلز کمیٹی ڈیرہ غازیخان کا اجلاس ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں معدنیاتی وسائل، ٹھیکوں، رائلٹیز اور لیز کے امور پر غور کیا گیا۔

    اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اعتزاز انجم، پولیٹیکل اسسٹنٹ محمد اسد چانڈیہ، اسسٹنٹ کمشنر تیمور عثمان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مائنز محسن مقصود، ڈپٹی پبلک پراسیکیوٹر رفعت ناز، اور ڈی ایس پی مظہر مون بھی شریک تھے۔

    ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معدنیاتی وسائل حکومت پنجاب کی ملکیت ہیں، اور ان کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے معدنیاتی وسائل سے حکومتی آمدن میں اضافے کے لیے بھرپور کاوشیں کرنے کی ہدایت کی اور ضلع بھر میں معدنیات کی چوری روکنے کے لیے موثر حکمت عملی اپنانے کا حکم دیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محکمہ پراسیکیوشن کے تعاون سے معدنیات چوری کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں اور سرکاری ریکوری کے نادہندگان کی گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کیا جائے۔ زیر التوا واجبات کی وصولی کی رپورٹ روزانہ ڈی سی آفس کو پیش کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

    انہوں نے ریکوریوں اور ٹھیکوں کے معاملات میں شفافیت کو یقینی بنانے اور فیلڈ مانیٹرنگ اور سکیورٹی کے لیے سفارشات ارسال کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں مائنز اینڈ منرلز کمیٹی کا ہفتہ وار اجلاس منعقد کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

  • پشاور:کمشنرکا ڈینگی کے خلاف میدان میں اترنے کا اعلان

    پشاور:کمشنرکا ڈینگی کے خلاف میدان میں اترنے کا اعلان

    پشاور (باغی ٹی وی رپورٹ) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ڈینگی وائرس کی روک تھام کے لیے خود میدان میں نکلنے کا اعلان کیا ہے اور پشاور ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو ڈینگی ایکشن پلان 2024 پر فوری عمل درآمد کے احکامات جاری کیے ہیں۔

    انہوں نے 72 گھنٹوں میں نتیجہ خیز اقدامات کرنے، حساس مقامات پر میڈیکل کیمپس قائم کرنے، ضروری ادویات کی فراہمی، اینٹی ڈینگی اسپرے کی مہم کو تین اوقات میں مکمل کرنے اور ہسپتالوں میں زیادہ سے زیادہ بیڈز مختص کرنے کے احکامات دیے ہیں۔

    عطائی ڈاکٹروں کی جانب سے ڈینگی مریضوں کو غیر ضروری اینٹی بایوٹکس ادویات دینے کی شکایات پر بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے، تمام اضلاع میں عطائی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

    کمشنر ریاض خان محسود کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پشاور ڈویژن کے تمام پانچ اضلاع، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مہمند اور خیبر کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پشاور ڈویژن میں ڈینگی کی صورتحال اور اب تک کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    ریاض خان محسود نے مزید کہا کہ اکتوبر کے مہینے میں درجہ حرارت میں کمی کے ساتھ ڈینگی کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے، لہٰذا ڈینگی ایکشن پلان کے تحت فوری اقدامات کو تیز کیا جائے اور یومیہ رپورٹ کمشنر آفس کو بھیجی جائے۔ انہوں نے غفلت کی صورت میں سخت تادیبی کارروائی کا انتباہ بھی دیا ہے۔

  • اوچ شریف: نامعلوم کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق

    اوچ شریف: نامعلوم کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) نامعلوم کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان جاں بحق

    تفصیل کے مطابق احمد پور شرقیہ میں افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں 30 سالہ نوجوان بلاول بشیر نامعلوم کار کی ٹکر سے جاں بحق ہو گیا۔ یہ حادثہ چوہدری فلنگ اسٹیشن کے قریب احمد پور روڈ پر پیش آیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، بلاول بشیر خدا بخش مہر کا رہائشی تھا۔

    ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں جبکہ پولیس نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ کار کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ متوفی کی میت ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔

    مقامی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سڑکوں پر احتیاط برتیں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ ایسے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔

  • اوچ شریف:نلکا اڈہ،عباسیہ کینال کا پل خستہ حالی کا شکار، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

    اوچ شریف:نلکا اڈہ،عباسیہ کینال کا پل خستہ حالی کا شکار، عوام کو شدید مشکلات کا سامنا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) نواحی علاقے نلکا اڈہ کے قریب عباسیہ کینال پر واقع پل کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے، جس سے مقامی آبادی کو آمدورفت میں شدید مسائل درپیش ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق، پل کی ٹوٹ پھوٹ اور حفاظتی جنگلوں کی عدم موجودگی نے روزانہ ہزاروں افراد کی زندگی کو خطرے میں ڈال رکھا ہے۔

    بشیر احمد نامی ایک مقامی رہائشی نے بتایا کہ "ہمیں پل عبور کرتے ہوئے ہر روز خوف محسوس ہوتا ہے۔ اگر کوئی حادثہ پیش آیا تو ذمہ دار کون ہوگا؟” بچوں، بزرگوں اور مزدوروں کے لیے اس پل کا استعمال روزمرہ کا معمول ہے، لیکن خراب حالت کے باعث انہیں خطرات کا سامنا ہے۔

    علاقائی رہنماؤں نے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پل نہ صرف آمدورفت کے لیے بلکہ مقامی معیشت کے لیے بھی اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی حکومت کی غفلت عوام میں مایوسی کا سبب بن رہی ہے اور لوگ محفوظ متبادل راستے کی تلاش میں ہیں۔ عوامی مطالبات کو نظرانداز کرنا کسی بڑی ناگہانی صورتحال کا باعث بن سکتا ہے۔

  • سیالکوٹ: 20 پولیس اہلکاروں کو ترقی دے دی گئی

    سیالکوٹ: 20 پولیس اہلکاروں کو ترقی دے دی گئی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض)20 پولیس اہلکاروں کو ترقی دے دی گئی

    سیالکوٹ میں مختلف مقامات پر تعینات بیس پولیس اہلکاروں کو ترقی دے دی گئی ہے۔ اسٹنٹ سب انسپکٹر سے سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والوں میں جہانگیر خان، سیکورٹی برانچ کے محمد سیف، ریاض عباس، یاسر رفیق، نذیر احمد، فیاض احمد، محمد شہباز، ٹریفک پولیس کے سیف علی، محمد اشرف اور محمد شفیق شامل ہیں۔

    حوالدار سے اسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی پانے والوں میں ارشد علی باجوہ، محمد شہزاد، انوار احمد، محمد اقبال، ذوالفقار علی، زاہد ریاض، جاوید اقبال، خاور لطیف، محمد انور اور محمد کاشف شامل ہیں۔

  • سیالکوٹ: بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کی 30 روزہ مہم "زیرو سے ہیرو” کا افتتاح

    سیالکوٹ: بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کی 30 روزہ مہم "زیرو سے ہیرو” کا افتتاح

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرمدثر رتو) بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کی 30 روزہ مہم "زیرو سے ہیرو” کا افتتاح

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے سیالکوٹ میں پانچ سال تک کے بچوں کو 10 مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکہ جات لگانے کی 30 روزہ مہم "زیرو سے ہیرو” کا افتتاح کر دیا۔ یہ مہم بنیادی مرکز صحت مراد پور میں شروع کی گئی، جہاں ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے ریچ ایوری ڈسٹرکٹ/ریچ ایوری چائلڈ پروگرام کے تحت ان بچوں کو ٹیکے لگائے جائیں گے جو کرونا وبا کے دوران حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس مکمل نہیں کر پائے تھے۔ ان بچوں کی رجسٹرڈ تعداد 13 ہزار 367 ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع سیالکوٹ میں 124 کڈز سنٹر قائم کیے گئے ہیں جہاں ویکسی نیٹرز اور سوشل موبلائزرز کے ذریعے ان بچوں کو سنٹرز پر لا کر حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس مہم کے لیے تمام ویکسی نیشن اور لاجسٹک کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر وسیم مرزا، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر شیراز مسعود، ڈائریکٹر پروگرام ڈاکٹر عدنان، ڈاکٹر سدرہ گیلانی، اور سکول ہیلتھ نیوٹریشن سپروائزر چودھری اخلاق احمد بھی موجود تھے۔

  • سیالکوٹ:ڈپٹی کمشنر  نے صدر ڈسٹرکٹ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    سیالکوٹ:ڈپٹی کمشنر نے صدر ڈسٹرکٹ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو) صوبائی اسکاؤٹ کمشنر ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال سے صدر ڈسٹرکٹ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے عہدے کا حلف لیا۔

    اس موقع پر ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح بانی اسکاؤٹس تھے اور اسکاؤٹنگ کا مقصد نظم و ضبط اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تربیت فراہم کرنا ہے۔

    انہوں نے نوجوانوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی 64 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جن کی صلاحیتوں کو اسکاؤٹنگ اور ہم نصابی سرگرمیوں کے ذریعے بہتر طریقے سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے اس موقع پر کہا کہ ضلعی اسکاؤٹس کے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور اسکاؤٹس حکومت پنجاب کے فلاحی منصوبوں کے اہداف کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

    اس تقریب میں صوبائی سیکرٹری پنجاب اسکاؤٹس ایسوسی ایشن محمد طارق قریشی اور سی سی او ایجوکیشن جاوید اقبال بابر بھی شریک تھے۔

  • سیالکوٹ : ٹینری زون ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا اہم اجلاس

    سیالکوٹ : ٹینری زون ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا اہم اجلاس

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو )سیالکوٹ میں ٹینری زون ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا اہم اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں سیکرٹری انڈسٹریز پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز اسٹیٹ کارپوریشن سائرہ عمر، ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین، لیدر ڈویلپمنٹ کے ذوالفقار حیات گھمن، چیئرمین سیالکوٹ ٹینری زون ملک نصیر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

    سیکرٹری انڈسٹریز نے اجلاس کے دوران بتایا کہ سیالکوٹ ٹینری زون ایک ماحول دوست پراجیکٹ ہے، جس سے لیدر مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ حکومت پنجاب نے اس پراجیکٹ کے لیے 28 کروڑ روپے کا آسان قرضہ فراہم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دسمبر 2024 تک ٹینریوں کی منتقلی کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد جو ٹینریاں زون میں منتقل نہیں ہوئیں، ان کی پلاٹ الاٹمنٹ منسوخ کر دی جائے گی۔

    اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یونیڈو کے تعاون سے ٹینری زون میں کیمیکل ویسٹ واٹر پلانٹ تعمیر کیا جا رہا ہے، جو دسمبر تک فعال ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ کروم ریکوری پلانٹ بھی دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔ مزید برآں، 25 میگا واٹ کا گرڈ اسٹیشن اور سوئی گیس کے ڈیمانڈ نوٹس جمع کروائے جا چکے ہیں، جبکہ زون میں کیمیکل اور انڈسٹریل ویسٹ واٹر کے لیے سیوریج سسٹم کی تعمیر بھی مکمل ہو چکی ہے۔

    اجلاس میں سیالکوٹ سرجیکل سٹی کے زمین کے ایکوزیشن کے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا، اور روڈ انفراسٹرکچر کا 90 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

  • گوجرانوالہ: اویسو ڈکیت گینگ کے دو ارکان گرفتار، نقدی، موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد

    گوجرانوالہ: اویسو ڈکیت گینگ کے دو ارکان گرفتار، نقدی، موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی) گوجرانوالہ پولیس نے تھانہ قلعہ دیدار سنگھ کے علاقے میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث اویس عرف اویسو ڈکیت گینگ کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے دو ارکان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 1 لاکھ 24 ہزار 500 روپے نقدی، 2 موٹر سائیکل، 1 موبائل فون اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔

    یہ کامیاب کارروائی ایس ایچ او تھانہ قلعہ دیدار سنگھ انسپکٹر عبدالرحمٰن اور ان کی پولیس ٹیم نے ڈی ایس پی میاں عبدالجبار کی زیر نگرانی کی۔ کارروائی کے دوران اویس عرف اویسو اور علی رضا نامی ملزمان کو گرفتار کیا گیا جو کہ علاقے میں ڈکیتی اور موٹرسائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔

    سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) محمد ایاز سلیم نے اس موقع پر کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو امن و امان کی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈکیتوں، موٹرسائیکل چوروں اور سماج دشمن عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

    علاقے کے مکینوں نے پولیس کی اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف علاقے میں امن کی فضا قائم ہوگی بلکہ مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کو بھی سخت پیغام ملے گا۔ سی پی او محمد ایاز سلیم نے ایس ایچ او انسپکٹر عبدالرحمٰن اور ان کی ٹیم کی اعلیٰ کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور آئندہ بھی اسی طرح کی کارروائیوں کی ہدایت کی۔

    پولیس حکام کے مطابق اس قسم کی کارروائیاں گوجرانوالہ میں جرائم کی روک تھام اور امن کی بحالی کے لیے ضروری ہیں اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔