Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ڈیرہ غازی خان: دری میرو کے قریب پولیس مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار

    ڈیرہ غازی خان: دری میرو کے قریب پولیس مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) دری میرو کے قریب پولیس مقابلہ، ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار

    تفصیلات کے مطابق تھانہ دراہمہ پولیس نے دورانِ گشت بستی گرنڈ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار تین مشتبہ افراد کو دیکھا جو پولیس کو دیکھتے ہی فرار ہوگئے۔

    پولیس نے فوری طور پر ملزمان کا تعاقب کیا اور سپر دھنوتر دری میرو کے قریب پہنچ کر ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی فائرنگ کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران ایک ملزم الطاف عرف الطافی ولد عبدالمجید قوم ڈاڈا سکنہ چھابری زیریں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ الطاف کے دائیں گھٹنے پر گولی لگی تھی۔

    زخمی حالت میں گرفتار ہونے والے الطاف نے انکشاف کیا کہ اس کے ساتھی حیدر عرف راجو ڈاڈا اور صفدر کھا کھی موقع سے فرار ہو چکے ہیں۔ مزید تحقیقات سے پتہ چلا کہ الطاف موٹر سائیکل چھیننے اور دیگر پولیس مقابلوں میں ملوث تھا اور وہ متعدد سنگین جرائم میں بھی مطلوب تھا۔

    زخمی ملزم الطاف کو فوری طور پر ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا جہاں پولیس کی حراست میں اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔

  • پنجگور: دہشت گردوں کی فائرنگ،ملتان کے 7 مزدور جاں بحق، 2 زخمی

    پنجگور: دہشت گردوں کی فائرنگ،ملتان کے 7 مزدور جاں بحق، 2 زخمی

    کوئٹہ(باغی ٹی وی رپورٹ)بلوچستان کےضلع پنجگور کے علاقے خدا بادان میں پنجگور میں نامعلوم افراد کی گھر میں گھس کر فائرنگ، سوئے ہوئے 7 مزدور جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے، مزدوروں کا تعلق ملتان کی تحصیل شجاع آبادسے بتایا گیا ہے

    جاں بحق ہونے والوں کی شناخت ساجد، فیاض، خالد، شفیق، افتخار، سلمان، اور بلال کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی مزدور رمضان ولد اللہ یار اور بلال کے نام ہوئی ہےجنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے۔

    پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر موقع پر پہنچے اور لاشوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا، جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مزدوروں کے بہیمانہ قتل کی سخت مذمت کی اور اس واقعے کو قابلِ افسوس قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ایک بار پھر بلوچستان کی سرزمین پر بے گناہوں کا خون بہایا گیا ہے۔ انہوں نے دہشت گردوں کو بزدل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ انسانیت سے عاری ہیں اور بے گناہوں کے قتل کا حساب دنیا و آخرت میں دیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ دہشت گرد کب تک بلوں میں چھپتے رہیں گے، ان کو چن چن کر سزا دی جائے گی۔

    صوبائی وزیر پی ایچ ای سردار عبدالرحمن کھیتران نے بھی پنجگور میں مزدوروں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے نہتے مزدوروں کو نشانہ بنانا ظلم، بزدلی اور کھلی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سفاکانہ عمل میں ملوث دہشت گرد کسی طور قابل رحم نہیں اور انہیں ہر صورت اپنے انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہے۔

  • ڈیرہ غازیخان: پرانی دشمنی،شادی کی تقریب میں فائرنگ، 4 جاں بحق، متعدد شدید زخمی

    ڈیرہ غازیخان: پرانی دشمنی،شادی کی تقریب میں فائرنگ، 4 جاں بحق، متعدد شدید زخمی

    ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر جواد اکبر)ڈیرہ غازیخان کے نواحی علاقے دری ڈھولے والی کے قریب ہوتہ ہتوانی میں شادی کی تقریب اس وقت ماتم میں بدل گئی جب پرانی دشمنی کی بنا پر مسلح افراد نے تقریب میں گھس کر فائرنگ کر دی۔ واقعہ بیگے والا چوک کے قریب پیش آیا، جس میں 4 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے ۔تھانہ کالا کی حدود موضع ہوتہ ہتوانی میں قتل کی لرزہ خیز واردات میں کلاشنکوف کی فائرنگ کے ساتھ ساتھ ہینڈ گرنیڈ پھینکا گیا پولیس رپورٹ

    ریسکیو 1122 کنٹرول روم ڈیرہ غازی خان کو ایمرجنسی کال موصول ہوئی کالر نے بتایا کہ شادی کی تقریب میں اچانک فائرنگ ہو گئی ہے اور تین سے چار افراد شدید زخمی ہو چکے ہیں۔ کالر نے یہ بھی بتایا کہ وہ زخمیوں کو بیگے والا چوک کی طرف لے جا رہے ہیں تاکہ فوری طبی امداد دی جا سکے۔

    فوری ریسپانس دیتے ہوئے ریسکیو 1122 نے فیکٹری موڑ سے قریب ترین ایمبولینس DGA.10 کو جائے حادثہ کی طرف روانہ کیا۔ مزید یہ کہ دوسری ایمبولینس DGA.12 جو پہلے شادن لنڈ میں مریض شفٹ کر رہی تھی اسے فوری طور پر فری کرا کے موقع پر پہنچنے کے لیے روانہ کیا گیا۔ ڈی جی خان سے TSA.09 کو بھی صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے بھیجا گیا۔

    زخمیوں میں حفیظ اللہ ولد اللہ وسایا جسے پیٹ کے نچلے حصے اور دائیں ٹانگ پر گولی لگی جس کی وجہ سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ اس کی لاش کو فوری طور پر علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    صداقت ولد سجاد حسین جسے سر پر گولی لگی اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم اس کی جان بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔

    دلشاد ولد مجاہدکو دائیں بازو اور منہ پر گولی لگی اس کی حالت بھی نازک بتائی جا رہی ہے جبکہ الیاس ولد شاہد کو بائیں پاؤں پر گولی لگی، اس کی حالت خطرے سے باہر ہے، تاہم اسے بھی فوری علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس کو بھی فوری طور پر واقعے کی اطلاع دی گئی، جس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ فائرنگ پرانی دشمنی کا شاخسانہ تھی۔ پولیس مختلف زاویوں سے اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے تاکہ جلد از جلد ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

    آخری اطلاعات کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے نواحی گاؤں ہوتہ ہتوانی شادی کی تقریب میں فائرنگ سے4 افراد جاں بحق جبکہ متعدد مہمان زخمی ہوگئے وجہ عناد سعودی عرب میں لین دین کا تنازعہ بتائی جاتی ہے

  • ڈیرہ غازیخان:بجلی کے میٹر پر جھگڑا، دو خواتین زخمی

    ڈیرہ غازیخان:بجلی کے میٹر پر جھگڑا، دو خواتین زخمی

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر جواد اکبر)گدپور نزد لوہار والا میں بجلی کے میٹر کے تنازعہ پر رشتہ داروں کے درمیان جھگڑا ہوا جس کے نتیجے میں دو خواتین زخمی ہو گئیں۔

    ریسکیو 1122 کنٹرول روم ڈیرہ غازی خان کو ایک ایمرجنسی کال موصول ہوئی، جس میں کالر نے اطلاع دی کہ گھریلو تنازعہ کے باعث رشتہ داروں کے درمیان جھگڑا ہوا ہے، جس میں دو افراد زخمی ہو گئے ہیں اور فوری ایمبولینس کی ضرورت ہے۔

    ریسکیو 1122 کنٹرول روم نے فوری طور پر قریب ترین اسٹیشن سے ایک ایمبولینس جائے حادثہ کی طرف روانہ کر دی، جبکہ پولیس کنٹرول کو بھی واقعہ کی اطلاع دے دی۔

    ریسکیو سٹاف کے موقع پر پہنچنے پر پتہ چلا کہ دو خواتین جھگڑے میں زخمی ہوئیں۔ دونوں زخمی خواتین کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا گیا۔

    لواحقین کے مطابق بجلی کے میٹر کے مسئلے پر رشتہ داروں کے درمیان گھر میں جھگڑا ہوا، جس نے تشدد کی صورت اختیار کر لی۔

  • ننکانہ: ڈسٹرکٹ ہسپتال کا سوریج سسٹم تباہ،مریض اور مکین پریشان

    ننکانہ: ڈسٹرکٹ ہسپتال کا سوریج سسٹم تباہ،مریض اور مکین پریشان

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ننکانہ صاحب میں گندگی اور غلاظت کے ڈھیر، تباہ حال سیوریج سسٹم کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سیوریج سسٹم ناکارہ ہونے کے باعث علاقے میں وبائی امراض پھوٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ سے فوری طور پر ہسپتال کی رہائشی کالونی کا دورہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ہسپتال کے عملے کے لئے بنائی گئی درجنوں سرکاری رہائش گاہیں گندے پانی سے متاثر ہو رہی ہیں۔ سیوریج کے ناکافی نظام کے باعث گندا پانی جگہ جگہ جمع ہے، جس سے مچھروں، مکھیوں اور دیگر حشرات کی افزائش میں اضافہ ہو رہا ہے۔ گندگی کی وجہ سے بدبو اور تعفن نے ہسپتال کے ماحول کو آلودہ کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں مکین مختلف بیماریوں جیسے گلے کی خرابی، شدید زکام، الرجی اور جسمانی درد میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

    مکینوں نے بتایا کہ گندگی سے اٹھنے والا تعفن خاص طور پر بچوں اور کمزور قوت مدافعت والے افراد کو متاثر کر رہا ہے۔ ملیریا اور ڈینگی کے کیسز میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ مکینوں کا مطالبہ ہے کہ ڈپٹی کمشنر فوری طور پر ہسپتال کی رہائشی کالونی کا دورہ کریں تاکہ مسائل کا حل نکالا جا سکے اور بیماریوں کی روک تھام کی جا سکے۔

  • ڈیرہ غازی خان:تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز، پانچ دکاندار گرفتار

    ڈیرہ غازی خان:تجاوزات کے خلاف آپریشن تیز، پانچ دکاندار گرفتار

    ڈیرہ غازی خان(باغی ٹی وی ،سٹی رپورٹرجواد اکبر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت ڈیرہ غازی خان میں تجاوزات کے خاتمے اور قیمتوں کی جانچ پڑتال کے عمل میں تیزی آ گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے شہر کے مختلف اہم چوکوں اور بازاروں کا دورہ کیا اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کی قیادت کی۔

    دورے کے دوران تجاوزات قائم کرنے والے پانچ دکانداروں کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا اور ان کی جانب سے رکھی گئی سولر پلیٹ بلاکس کو بحقِ سرکار ضبط کر لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے دکانوں کے آگے لکیریں لگانے کے احکامات جاری کیے تاکہ آئندہ تجاوزات کی روک تھام کی جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر نے واضح وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ جو دکاندار اپنی حدود سے باہر سامان سجائیں گے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور گرفتاریاں بھی کی جائیں گی۔

    مہر شاہد زمان لک نے ہسپتال چوک، پرانا غلہ منڈی روڈ، پل پیارے والا، اور چورہٹہ چوک پر تجاوزات کے خاتمے کے آپریشن کی قیادت کی۔ انہوں نے اپنی نگرانی میں سڑک کنارے رکھی گئی سولر پلیٹ بلاکس کو ضبط کروایا۔

    ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے تحت تجاوزات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ شفٹوں میں شہر کا دورہ کریں اور حدود سے باہر رکھا گیا سامان فوری طور پر ضبط کر لیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری پراپرٹی کسی کی ذاتی جاگیر نہیں اور دکانداروں کو اپنی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا ہوگا۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید احکامات جاری کیے کہ سٹرک کنارے لائنیں لگائی جائیں اور بازاروں میں بار بار انسپکشن کی جائے۔ انہوں نے ہسپتال چوک پر روٹی کے وزن اور قیمت کی جانچ بھی کی، اور زائد قیمت پر روٹی بیچنے والے ہوٹل کے مالک کو گرفتار کروا دیا۔ دورے کے دوران اے ڈی سی آر نعمان فاروق تارڑ، سی او ایم سی جواد الحسن گوندل، امیر مسلم اور خالد رسول بھی ان کے ہمراہ تھے۔

  • سیالکوٹ :پولیس کا موٹر سائیکل چوروں کے خلاف گھیرا تنگ، 9 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ :پولیس کا موٹر سائیکل چوروں کے خلاف گھیرا تنگ، 9 ملزمان گرفتار

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہدریاض) شہر میں موٹر سائیکل چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے کے بعد پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو خطرناک گینگ کے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    پولیس کے مطابق ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق کی ہدایت پر پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر طارق عرف طارا گینگ اور زوہیب عرف زیبی گینگ کے ارکان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 8 لاکھ روپے نقدی، 20 موٹر سائیکلیں اور 9 غیر قانونی پستول برآمد ہوئے ہیں۔

    ملزمان ماسٹر چابیوں کے ذریعے موٹر سائیکلیں چوری کرتے تھے اور لوگوں سے اسلحے کے زور پر نقدی چھینتے تھے۔ گرفتار ملزمان میں طارق ولد الیاس، دلاور ولد غلام قاسم، عمر عرف عمری ولد عباس، زوہیب عرف زیبی، عمران ولد نو از، شہزاد ولد محمد اشرف، علی رضا ولد عابد حسین، حسن علی ولد انصر عباس، اور حسام نعیم ولد محمد نعیم شامل ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور ان سے مزید برآمدگی کا امکان ہے۔ اس کامیابی کے بعد شہر میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری کی امید ہے۔

  • گوجرہ:  رقبے کا تنازع، ایک شخص قتل،متعدد زخمی

    گوجرہ: رقبے کا تنازع، ایک شخص قتل،متعدد زخمی

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار عبدالرحمن جٹ) گوجرہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 434 ج ب میں مخالفین نے تشدد کرتے ہوئے ایک شخص کو قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق، محمد بوٹا اپنے بھائی شبیر حسین، بیٹے سبطین اور بھتیجے ثقلین رضا کے ہمراہ اپنے زرعی رقبے میں موجود تھا کہ اس دوران قیصر نوید اور شاہ نواز وہاں پہنچے اور عبد الستار کے ایماء پر حملہ کر دیا۔

    حملہ آوروں نے شبیر حسین پر شدید تشدد کیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ محمد بوٹا اور اس کے دیگر ساتھی زخمی ہوئے۔ ملزمان تشدد کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقتول شبیر حسین کی لاش تحویل میں لے کر گورنمنٹ آئی کم جنرل ہسپتال گوجرہ منتقل کر دی ہے۔

    واقعے کی وجہ عناد زرعی رقبے کا تنازعہ بتایا جا رہا ہے۔ مقتول اور اس کے بھائی محمد بوٹا نے اپنے زرعی رقبے کا علیحدہ نکا منظور کرایا تھا، جسے ملزمان قیصر نوید اور شاہ نواز نے قبول نہیں کیا اور اسی بنا پر یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔

    محمد بوٹا کی درخواست پر صدر پولیس گوجرہ نے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

  • گوجرہ: با اثر افراد کا اپاہج عمر رسیدہ خاتون پر تشدد، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال

    گوجرہ: با اثر افراد کا اپاہج عمر رسیدہ خاتون پر تشدد، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال

    گوجرہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار عبدالرحمن جٹ) چک نمبر 367 ج ب جلیانوالہ کی عمر رسیدہ، چلنے پھرنے سے معذور خاتون کشور سلطانہ اور اس کے خاندان کی زندگی با اثر افراد نے اجیرن کر دی۔ خاتون پر بے رحمی سے حملہ کرنے کے بعد ان کے گھر کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، اور تشدد کے دوران ان کے کپڑے بھی پھاڑ دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق، کشور سلطانہ اپنی حویلی میں موجود تھی جب کہ ان کا ملازم ساجد جاوید مویشیوں کو چارا ڈال رہا تھا کہ اسی دوران گاؤں کے با اثر افراد ارشد، یاسر، اصغر، اور عادل ڈنڈوں اور سوٹوں سے مسلح ہو کر زبردستی حویلی میں گھس گئے۔ انہوں نے نہ صرف خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ ان کے کپڑے بھی پھاڑ دیے۔ ملازم ساجد جاوید نے خاتون کو بچانے کی کوشش کی تو حملہ آوروں نے اسے بھی مارا پیٹا اور زخمی کر دیا۔

    واقعے کی اصل وجہ جائیداد کا تنازعہ بتایا جا رہا ہے۔ صدر پولیس گوجرہ اس معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہے، تاہم متاثرہ خاتون نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ملزمان با اثر ہونے کی وجہ سے پولیس نے ابتدائی طور پر انہیں حراست میں لیا، مگر بعد ازاں نامعلوم وجوہات کی بنا پر چھوڑ دیا گیا۔

    کشور سلطانہ نے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ ان کے ساتھ ہونے والے ظلم کا نوٹس لے کر ملزمان کو سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔

  • اوچ شریف :بغیر ترپال ٹرالیاں، ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ، شہریوں میں تشویش

    اوچ شریف :بغیر ترپال ٹرالیاں، ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ، شہریوں میں تشویش

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کی سڑکوں پر بغیر ترپال کے ریت، مٹی اور اینٹوں سے بھری ٹرالیاں چلنے لگیں جس سے سڑکوں پر گرد و غبار کا طوفان برپا ہو گیا۔

    موٹر سائیکل سواروں اور پیدل راہگیروں کی آنکھوں میں مٹی اور ککرے پڑنے لگے جبکہ شہر میں ماحولیاتی آلودگی میں سرعام اضافہ ہو رہا ہے۔ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں جس سے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور انہوں نے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    مقامی شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرالیاں تیز رفتاری سے سڑکوں پر دوڑتی ہیں جس سے ارد گرد کے علاقوں میں گرد و غبار پھیلتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آلودگی کی وجہ سے سانس کی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور ماحولیاتی صحت پر شدید منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

    محمد رفیق، جو کہ ایک مقامی رہائشی ہیں نے بتایا کہ ہمیں روزانہ سڑکوں پر ان ٹرالیوں کے گرد و غبار کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آنکھوں میں مٹی پڑنے سے دیکھنے میں مشکلات ہوتی ہیں اور اس سے سانس کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔”

    محمد عمران نے اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "اگر ان ٹرالیوں کو ترپال سے نہ ڈھانپا گیا اور فوری ایکشن نہ لیا گیا تو شہر میں سانس کی بیماریوں میں مزید اضافہ ہو جائے گا، اور سڑکیں حادثات کا گڑھ بن جائیں گی۔”

    شہر میں کاروباری حضرات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ ایک مقامی دکاندار شہزاد احمد نے کہا کہ "گرد و غبار کی وجہ سے ہمارے گاہک کم ہو گئے ہیں اور کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے۔ ٹرالیوں کی تیز رفتاری حادثات میں اضافہ اور ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے لوگوں کا باہر نکلنا دشوار ہو چکا ہے۔”

    شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے پر توجہ دیں اور بغیر ترپالی ٹرالیوں کے مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں تاکہ شہریوں کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر جلد از جلد اس مسئلے کا حل نہ نکالا گیا تو عوام کے لیے سڑکوں پر چلنا بھی ناممکن ہو جائے گا، اور آلودگی کا مسئلہ مزید بگڑ جائے گا۔