Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • راجن پور:پولیس نے 16 سالہ لڑکی کو زبردستی شادی سے بچالیا

    راجن پور:پولیس نے 16 سالہ لڑکی کو زبردستی شادی سے بچالیا

    راجن پور(باغی ٹی وی رپورٹ) پولیس نے 16 سالہ بچی کی زبردستی شادی روکنے میں کامیابی حاصل کر لی

    راجن پور پولیس نے ایک بروقت کارروائی کرتے ہوئے 16 سالہ بچی علینہ بی بی کی زبردستی شادی رکوا کر ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر چلائی جانے والی "Never Again” مہم کے تحت کی گئی۔

    پولیس کو یہ اطلاع 15 پر متاثرہ بچی کے بھائی نے دی جس کے بعد ڈی پی او دوست محمد نے فوری طور پر نوٹس لیا۔ ڈی ایس پی روجھان کو ملزمان کی فوری گرفتاری اور متاثرہ بچی کو محفوظ کرنے کی ہدایت کی گئی۔

    پولیس نے جلدی کارروائی کرتے ہوئے بچی کو بازیاب کرایا اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ ملزم صابر حسین جو کہ بچی سے شادی کرنا چاہتا تھا اپنے والد اور دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر متاثرہ فیملی پر دباؤ ڈال کر زبردستی نکاح کروانے کی کوشش کر رہا تھا۔

    راجن پور پولیس نے چھ ملزمان کے خلاف عمر کوٹ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے دلہا اور اس کے بھائی کو گرفتار کر لیا۔ مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

    ڈی پی او دوست محمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد، ہراسمنٹ، اور زیادتی کے تمام جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • ننکانہ: بچیکی چک نمبر چار میں مسلم لیگ ن کا ورکرز کنونشن منعقد ہوا

    ننکانہ: بچیکی چک نمبر چار میں مسلم لیگ ن کا ورکرز کنونشن منعقد ہوا

    ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی نمہ نگار احسان اللہ ایاز )بچیکی کے نواحی گاؤں چک نمبر چار میں مسلم لیگ ن کے معروف سیاسی و سماجی رہنما چوہدری شہزاد جٹ کی جانب سے ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس کنونشن میں مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں اور کارکنان نے شرکت کی۔ خصوصی مہمان کے طور پر ایم پی اے آغا علی حیدر خاں شریک ہوئے، جبکہ دیگر مسلم لیگی رہنما جیسے راٸے امجد حیات کھرل، راٸے منظور احمد کھرل، چوہدری شہادت علی، چوہدری اشفاق جٹ، چوہدری ذوالفقار علی، حاجی شوکت علی آراٸیں اور حاجی مختار احمد بھی موجود تھے۔

    کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے آغا علی حیدر خاں اور دیگر مقررین نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہمیشہ عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور پارٹی کے ورکرز اس کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے لیے بےلوث کام کرنے والے کارکنوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ مقررین نے پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک کو جمہوری اور اقتصادی میدان میں بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت میاں شہباز شریف کی قیادت میں جلد ملک کو بحرانوں سے نکالے گی اور ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔

    آغا علی حیدر نے مزید کہا کہ ملکی معیشت بہتر ہوتے ہی پی پی 135 سمیت ضلع بھر میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تعلیم، صحت، زراعت اور دیگر شعبوں کی بہتری کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں۔

    کنونشن میں موجود ورکرز نے مسلم لیگ ن کی قیادت کے عزم کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں ملک میں استحکام اور خوشحالی آئے گی۔

  • اوچ شریف: سیوریج لائن بند، شہریوں کی زندگی مفلوج

    اوچ شریف: سیوریج لائن بند، شہریوں کی زندگی مفلوج

    اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان )سیوریج لائن کی بندش سے شہریوں کی زندگی مفلوج، فوری اقدامات کا مطالبہ

    تفصیل کے مطابق اوچ شریف کی میونسپل کمیٹی کی نااہلی کے باعث محلہ امیرِ آباد میں سیوریج لائن کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گندے پانی کے جمع ہونے سے سڑکیں اور گلیاں بدبو اور مچھروں سے بھر چکی ہیں، جس سے شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے اور صحت کے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ بدبو اور گندگی نے ان کے کام کاج میں رکاوٹیں ڈال رکھی ہیں، خاص طور پر بچے اور بزرگ اس صورتحال سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ مقامی رہائشی عبد الحمید خان نے اس حوالے سے کہا، "ہم روزانہ اس گندگی کا سامنا کرتے ہیں، بچے بیمار ہو رہے ہیں اور ہم نے کئی بار شکایات درج کرائیں، لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔”

    شہریوں نے میونسپل کمیٹی اوچ شریف کی جانب سے نااہلی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سیوریج لائن کی صفائی اور مرمت کا کام کیا جائے۔ اگر مسائل جلد حل نہ ہوئے تو احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

    مقامی رہنما سمیع اللہ نے بتایا، "ہم نے متعدد بار حکام کو اس مسئلے سے آگاہ کیا، لیکن اب تک کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔ اگر یہ مسئلہ فوری طور پر حل نہ ہوا تو ہم احتجاجاً سڑکوں پر آئیں گے۔”

    علاقے کے مکینوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اس مسئلے پر فوری توجہ دی جائے اور آئندہ کے لیے سیوریج نظام کی مستقل نگرانی اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔ اگر اس معاملے کو جلد حل نہ کیا گیا تو اوچ شریف میں صحت اور صفائی کی صورتحال مزید بگڑنے کا خدشہ ہے، جس سے شہریوں کو مزید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

  • اوچ شریف:دربار حضرت شیرشاہ کے قریب ریسٹ ہاؤس کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگا

    اوچ شریف:دربار حضرت شیرشاہ کے قریب ریسٹ ہاؤس کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگا

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) دربار حضرت شیر شاہ سید جلال الدین حیدر بخاری کے قریب واقع ریسٹ ہاؤس اپنی سدا بہار یادوں کو فراموش کرتا جا رہا ہے۔ اس تاریخی عمارت کی حالت زار دیکھ کر دل دہل جاتا ہے۔ ٹوٹی پھوٹی دیواریں، چھلکی ہوئی چھتیں اور گندگی کا ڈھیر اس کی بے بسی کا منظر پیش کر رہے ہیں۔

    مقامی لوگ اور سیاح اس حالت پر انتہائی مایوس ہیں، ان کا کہنا ہے کہ یہ ریسٹ ہاؤس نہ صرف ایک تاریخی ورثہ ہے بلکہ اس علاقے کی شناخت بھی ہے۔ اس کی مرمت نہ ہونا اس بات کی واضح نشاندہی کرتا ہے کہ ہم اپنی تاریخ کو بھولتے جا رہے ہیں۔

    بارش کے موسم میں یہاں پانی جمع ہو جاتا ہے جس سے عمارت کی حالت مزید بگڑ رہی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے بار بار متعلقہ حکام سے اس مسئلے کے حل کے لیے اپیل کی ہے لیکن اب تک کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں اٹھایا گیا ہے۔

    مقامی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ ریسٹ ہاؤس صرف ایک عمارت نہیں بلکہ یہاں تاریخ کی سانس لی جاتی ہے۔ اس کی بحالی سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ نوجوان نسل کو اپنی تاریخ سے روشناس کرانے کا موقع بھی ملے گا۔”

    اگر حکومت نے اس مسئلے پر فوری توجہ نہ دی تو یہ تاریخی ورثہ ہمیشہ کے لیے تباہ ہو جائے گا۔ مقامی لوگ حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس مسئلے کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے فوری طور پر اقدامات کرے اور اس تاریخی عمارت کو بحال کرے۔

  • سیالکوٹ:ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا سالانہ جنرل باڈی کا اجلاس منعقد ہوا

    سیالکوٹ:ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا سالانہ جنرل باڈی کا اجلاس منعقد ہوا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)سیالکوٹ میں ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (WCCI) کا سالانہ جنرل باڈی اجلاس (AGM) الشفیع آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ویمن چیمبر کی صدر ڈاکٹر مریم صدیقہ نے کی، جبکہ اس موقع پر سیالکوٹ کی تاجر برادری کے قائدین اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

    تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد ڈاکٹر مریم صدیقہ نے اپنے دور کی کارکردگی اور کامیابیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ نے مختصر عرصے میں نمایاں ترقی کی ہے اور ایک منفرد پہچان قائم کی ہے۔ ڈاکٹر مریم نے کہا کہ ویمن چیمبر خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہا ہے اور اس ضمن میں کئی ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

    ویمن چیمبر کی قیادت اور محنت:
    ڈاکٹر مریم صدیقہ نے سینئر نائب صدر مس گلزیب وقاص اعوان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چیمبر کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نائب صدر روبینہ نوید اور شبنم آصف نے بھی چیمبر کی ترقی میں بھرپور ساتھ دیا اور ان کی محنت اور عزم نے ویمن چیمبر کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانے میں مدد دی۔

    تاجر برادری کی حمایت:
    اجلاس میں سیالکوٹ کی تاجر برادری کے قائد ریاض الدین شیخ نے بھی خطاب کیا اور ویمن چیمبر آف کامرس کی کامیابیوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ویمن چیمبر نے بہت کم وقت میں بڑے بڑے کارنامے سرانجام دیے ہیں، جو ان کی محنت اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے ویمن چیمبر کی مستقبل کی کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دعا کی کہ یہ مزید ترقی کرے۔

    صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک اور نائب صدر عامر مجید شیخ نے بھی ویمن چیمبر کی کارکردگی کی تعریف کی اور اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ویمن چیمبر کو ملکی معیشت میں ایک اہم کردار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے خواتین کو کاروبار اور صنعت میں نمایاں مقام دلانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

    ریٹائرڈ اور نئی ایگزیکٹو کمیٹی کی عزت افزائی:
    اجلاس میں ویمن چیمبر آف کامرس کی ریٹائر ہونے والی ایگزیکٹو کمیٹی کی اراکین کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ انہیں پھولوں کے ہار اور گلدستے دیے گئے جبکہ ان کی شاندار خدمات کو بھی سراہا گیا۔ ساتھ ہی نئی منتخب ہونے والی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین کو خوش آمدید کہا گیا اور ان کو بھی پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔

    یادگاری شیلڈز کی تقسیم:
    اجلاس کے اختتام پر ویمن چیمبر کے ساتھ ہر موقع پر تعاون فراہم کرنے والی مختلف شخصیات کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ ان میں شبنم آصف، نادیہ قیصر، لبنیٰ تبسم، سیکرٹری ایس سی سی آئی طارق محمود ملک، فنانس سیکرٹری عامر رشید، کانٹینٹ رائٹر عبدالرئوف، مس حناء، ڈپٹی سیکرٹری اظہر اقبال ڈار، اور دیگر شامل تھے۔

    ڈاکٹر مریم صدیقہ نے آخر میں کہا کہ وہ چیمبر کو مزید کامیابیوں کی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پرعزم ہیں اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔

  • سیالکوٹ: الفلاح فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

    سیالکوٹ: الفلاح فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)الفلاح فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

    تفصیل کے مطابق نواحی علاقے میں الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کا افتتاح ڈویژنل صدر و مجاز عبد الحمید چھینہ اور مجاز قاری محمد عبد الغفور صاحب نے کیا۔

    فری میڈیکل کیمپ میں جنرل فزیشن، چائلڈ سپیشلسٹ، اور فزیوتھراپسٹ کی ٹیم نے 300 مریضوں کا مفت معائنہ کیا، جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی۔ مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ یہ کیمپ صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک جاری رہا۔

    الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان، سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی ذیلی تنظیم ہے، جو حضرت امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کی زیر نگرانی ملک بھر میں اپنی خدمات سر انجام دے رہی ہے۔

  • سیالکوٹ:ایم این اے نوشین افتخار نے جامکے چیمہ میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کردیا

    سیالکوٹ:ایم این اے نوشین افتخار نے جامکے چیمہ میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کردیا

    سیالکوٹ( باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)ایم این اے نوشین افتخار نے جامکے چیمہ میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح کردیا

    تفصیل کے مطابق ڈسکہ کے علاقے جامکے چیمہ میں ایم این اے سیدہ نوشین افتخار شاہ نے ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس تقریب میں خصوصی طور پر رانا عاشق حسین نمبردار اور سابقہ وائس چیئرمین عبدالمجید میر کی کاوشیں قابلِ ذکر رہیں۔ افتتاح کے موقع پر ایم این اے نوشین افتخار پر پھولوں کی بارش کی گئی اور پتیوں کا نچھاور کیا گیا۔ اس موقع پر میاں فیصل، مریم فیصل، اور مصطفی فیصل نے ایم این اے کو گلدستے اور تحائف پیش کیے۔

    جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے نوشین افتخار نے کہا کہ محلہ نئی آبادی آرائیاں، جامکے چیمہ کی سڑک گزشتہ 15 سالوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی، جس کی تعمیر کے لیے انہوں نے بے حد کوششیں کیں۔ اہلِ علاقہ نے ایم این اے نوشین افتخار اور رانا عاشق حسین کا شکریہ ادا کیا اور ڈھیروں دعاؤں سے نوازا۔

    ایم این اے نوشین افتخار نے مزید کہا کہ "جامکے چیمہ میرا گھر ہے، میں کل ہی مین روڈ جامکے چیمہ کا نوٹیفکیشن لے کر آؤں گی اور اس کا جلد کام شروع ہوگا۔” انہوں نے مین بازار جامکے چیمہ میں ٹف ٹائل لگوانے کی بھی ذمہ داری لی۔

    ایم این اے نے اس بات پر زور دیا کہ "جامکے چیمہ تحصیل ڈسکہ کا سب سے بڑا گاؤں ہے اور اس کی صفائی ستھرائی اور ترقیاتی کاموں پر پوری توجہ دی جائے گی۔ تمام ترقیاتی کام ہنگامی بنیادوں پر ہوں گے اور جب تک جامکے چیمہ کے مسائل حل نہیں ہوں گے، میں چین سے نہیں بیٹھوں گی۔”

    آخر میں ایم این اے نوشین افتخار نے رانا عاشق حسین نمبردار کو ایک شاندار جلسہ منعقد کرنے پر مبارکباد دی اور یقین دلایا کہ وہ جامکے چیمہ کے عوام کی شکرگزار ہیں جنہوں نے ان کا تاریخی استقبال کیا۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل حل کروا کر ان کی عزتِ نفس کا بھرپور خیال رکھا جائے گا۔

  • سرگودھا : اے ایس آئی کی طالبہ سے زیادتی، والد پربھی جھوٹا مقدمہ

    سرگودھا : اے ایس آئی کی طالبہ سے زیادتی، والد پربھی جھوٹا مقدمہ

    سرگودھا(باغی ٹی وی رپورٹ)اے ایس آئی کی طالبہ سے زیادتی، والد پربھی جھوٹا مقدمہ

    ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں، تھانہ کوٹ مومن کے ایک اے ایس آئی نے 14 سالہ میٹرک کی طالبہ کے ساتھ زیادتی کی ہے اور اس کے والد کو جھوٹا مقدمہ درج کرکے پریشان کیا ہے۔

    سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن کی رہائشی نادیہ میٹرک کی طالب علم ہے اس نے تھانہ کوٹ مومن میں مقدمہ درج کرواتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ وہ میٹرک کی اسٹوڈنٹ ہے، اس کی عمر قریب 14 سال ہے، اس کے والد محمد مشتاق ولد محمد یار گوندل کو تھانہ کوٹ مومن کے اے ایس آئی محمد نواز نے 22 ستمبر کو گرفتار کرکے چرس کا مقدمہ درج کیا۔

    اے ایس آئی محمد نواز اس کا ملازم احسان عرف سنی نے فون کر کے بلایا کہ کیس کے سلسلے میں بات کرنی ہے، جب وہ روڈ پر پہنچی تو زبردستی گاڑی میں بٹھا لیا اور دھمکی دی کہ شور کیا تو جان سے جاؤ گی اور معظم آباد روڈ پر ایک مکان میں لے گئے، جہاں دونوں نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    مزید برآں اے ایس آئی نے لڑکی کے والد محمد مشتاق کو بھی جھوٹے مقدمے میں پھنسا کر پریشان کیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • عالمی شہرت یافتہ مبلغِ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد پہنچ گئے

    عالمی شہرت یافتہ مبلغِ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک اسلام آباد پہنچ گئے

    اسلام آباد(باغی ٹی وی رپورٹ)عالمی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر اور مبلغِ اسلام ڈاکٹر ذاکر نائیک پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے۔ ان کی آمد پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور سید ڈاکٹر عطاالرحمان اور پارلیمانی سیکرٹری مذہبی امور شمشیر علی مزاری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

    ڈاکٹر ذاکر نائیک کی پاکستان آمد کا مقصد عوامی اجتماعات سے خطاب کرنا اور اسلامی تعلیمات پر روشنی ڈالنا ہے۔ وہ اپنے شیڈول کے مطابق ملک کے تین بڑے شہروں، کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں خطاب کریں گے۔

    خطابات کا شیڈول:
    5 سے 6 اکتوبر: کراچی
    12 سے 13 اکتوبر: لاہور
    19 سے 20 اکتوبر: اسلام آباد

    یہ بھی پڑھیں
    ڈاکٹر ذاکر نائیک کا دورہ پاکستان , شیخ فارق نائیک بھی ساتھ ہوں گے

    یاد رہے کہ چند دن قبل ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اپنے بیٹے شیخ فارق نائیک کے ہمراہ پاکستان آنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے آفیشل ایکس (سابقہ ٹویٹر) اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ کے ذریعے حکومتِ پاکستان کی دعوت پر اپنے دورے کا شیڈول جاری کیا تھا۔

    پاکستان میں مستقل رہائش کا امکان:
    ڈاکٹر ذاکر نائیک نے حالیہ یوٹیوب پوڈکاسٹ میں انکشاف کیا کہ وہ اگر چاہتے تو ملائیشیا جانے کے بجائے پاکستان میں مستقل رہائش اختیار کر سکتے تھے، تاہم انہوں نے کچھ ذاتی وجوہات کی بنیاد پر ایسا نہیں کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 2019 میں بھارت میں ان کی رہائش ناممکن ہونے کے بعد پاکستان آنے کا فیصلہ کیا تھا، مگر کورونا وبا کے باعث یہ ارادہ مؤخر ہو گیا۔

    ڈاکٹر ذاکر نائیک کے اس دورے کو پاکستان میں مذہبی اور علمی حلقوں میں بہت اہمیت دی جا رہی ہے، کیونکہ وہ ایک معروف اسلامی اسکالر ہیں جن کی تقریریں دنیا بھر میں مقبول ہیں اور انہیں اسلامی تعلیمات کے فروغ کے حوالے سے خاص مقام حاصل ہے۔

  • خیرپور:زاہد علی گمبھیر کی صدارت پیپلز پارٹی ڈیجیٹل سکھر ڈویژن کی تعارفی میٹنگ

    خیرپور:زاہد علی گمبھیر کی صدارت پیپلز پارٹی ڈیجیٹل سکھر ڈویژن کی تعارفی میٹنگ

    خیرپور(باغی ٹی وی ،مشتاق لغاری کی رپورٹ)زاہد علی گمبھیر کی صدارت پیپلز پارٹی ڈیجیٹل سکھر ڈویژن کی تعارفی میٹنگ

    تفصیل کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی ڈیجیٹل سکھر ڈویژن کی اہم تعارفی میٹنگ جیلانی ہاؤس خیرپور میں منعقد ہوئی جس کی صدارت سکھر ڈویژن کے ہیڈ زاہد علی گمبھیر نے کی۔ اس میٹنگ میں پیپلز پارٹی ڈیجیٹل سکھر ڈویژن کے منتخب ہیڈز اور کوآرڈینیٹرز جن میں ضلع سکھر، گھوٹکی اور خیرپور کے نمائندگان شامل تھے نے شرکت کی۔

    میٹنگ میں عطیق الرحمٰن پھلپوٹو، حنا شاہ جیلانی، سید پرویز علی شاہ جیلانی، فیروز احمد پھلپوٹو، رمیز احمد سومرو، میاں عبد الحفیظ انڈھڑ، عابد ٹانوری، وقار احمد بھیو، مونا شاہ، فیاض علی سومرو، رابیعہ عباسی، فتح علی رند، سبحان رند، فوزیہ ملاح، ارباب بلوچ، رابیل پروین پھلپوٹو اور یاسر رحمت سمیت دیگر اہم ذمے داران نے شرکت کی۔

    زاھد علی گمبھیر نے اس شاندار اور کامیاب میٹنگ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارٹی کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر نفیسہ شاہ کی سوشل میڈیا ٹیم کی جانب سے ڈیجیٹل میڈیا ڈسٹرکٹ خیرپور کی جانب سے زاھد علی گمبھیر کو شاندار کامیاب پروگرام پر مبارک باد پیش کی گئی۔