Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • سیالکوٹ:نکاسی آب کیلئے 1600 فٹ لمبا نالہ تعمیر ہوگا

    سیالکوٹ:نکاسی آب کیلئے 1600 فٹ لمبا نالہ تعمیر ہوگا

    سیالکوٹ( باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض ) نکاسی آب کے مسئلے کا حل، 1600 فٹ لمبا نالہ تعمیر کیا جائے گا

    ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے اعلان کیا ہے کہ کوٹلی لوہاراں مشرقی میں نکاسی آب کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے 1600 فٹ لمبا نالہ تعمیر کیا جائے گا۔ نالے کی توسیع اور تعمیر کے لیے 6.5 کنال نجی اراضی کی ایکوائرمنٹ کی ضرورت ہے، جس کے لیے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو خط لکھا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کوٹلی لوہاراں مشرقی کے دو زمین مالکان نے نالے کی تعمیر کے لیے 4 کنال اراضی بغیر معاوضے کے فراہم کرنے کا حلف نامہ جمع کروا دیا ہے۔ باقی 2.5 کنال اراضی (600 فٹ لمبی) کی ایکوائرمنٹ کے لیے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے ایڈوائس مانگی گئی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کوٹلی لوہاراں مشرقی 30 ہزار آبادی پر مشتمل ایک قصبہ ہے جہاں بارشوں کے دوران نالے کی ناکافی گنجائش کی وجہ سے پانی کی اوور فلو کا مسئلہ پیدا ہوا ہے۔ مقامی لوگوں نے نالے کی توڑ پھوڑ کی جس سے پانی کی نکاسی مشکل ہو گئی تھی۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ نالے اور پلیوں کی ڈی سلٹنگ کے بعد پانی کی سطح کم ہو رہی ہے اور ڈی واٹر سیٹ بھی لگائے گئے ہیں۔ اگر مزید بارش نہ ہوئی تو پانی ایک دن میں اتر جائے گا۔

    اس مسئلے کا مستقل حل نالے کی تعمیر میں ہے، جس کے لیے نجی زمین کی ایکوائرمنٹ کے بعد ساڑھے تین کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔

    یہ بات انہوں نے ڈویلپمنٹ ریویو کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پلاننگ مظفر مختار، ڈسٹرکٹ آفیسر انفراسٹرکچر اینڈ سروسز ملک ریاض، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ چودھری آصف، محکمہ پبلک ہیلتھ اور ایریگیشن کے حکام بھی موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ایریگیشن کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ ضلع سیالکوٹ میں بارشی اور سیلابی پانی کی نکاسی کے لیے نالوں پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے ایک مفصل رپورٹ فراہم کریں تاکہ سیلابی پانی کی گزرگاہوں کو ناجائز قابضین سے واگزار کرایا جا سکے۔

  • ننکانہ :اپناگھر خواب بن گیا ،شہریوں کی جیبیں خالی، غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے پیچھے کون؟

    ننکانہ :اپناگھر خواب بن گیا ،شہریوں کی جیبیں خالی، غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے پیچھے کون؟

    ننکانہ صاحب،باغی ٹی وی (نامہ نگاراحسان اللہ ایاز)اپناگھر خواب بن گیا ،شہریوں کی جیبیں خالی، غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے پیچھے کون؟

    تفصیلات کے مطابق چیف آفیسر اور ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ کی ملی بھگت سے ننکانہ صاحب میں غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کا سیلاب آگیا ہے
    جس کی وجہ سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ غیر قانونی اور غیر منظور شدہ ہاؤسنگ اسکیموں کی بھرمار کے سبب شہریوں کو اپنے رہائشی مسائل کے حل کے لیے ان اسکیموں کے مالکان کے ہاتھوں لٹنا پڑ رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ کونسل کی پلاننگ برانچ اور ریگولیشن برانچ اس صورتحال پر کوئی مؤثر کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں۔ چیف آفیسر اور ڈسٹرکٹ آفیسر پلاننگ، جو ریگولیشن برانچ کے بھی انچارج ہیں، اس صورتحال پر خاموش تماشا دیکھ رہے ہیں۔

    محکمہ پلاننگ اور ریگولیشن کی ناکامی کے باعث، ننکانہ شاہ کوٹ روڈ، بچیکی، بڑا گھر، سیدوالا، موڑکھنڈا، مانگٹانوالہ، منڈی فیض آباد، منڈی واربرٹن، ننکانہ صاحب روڈ، اور مانگٹانوالہ روڈ سمیت متعدد علاقوں میں ہاؤسنگ اسکیموں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ضلع بھر میں صرف ایک یا دو ہاؤسنگ اسکیمیں ہیں جو ڈسٹرکٹ کونسل سے منظور شدہ ہیں، جبکہ باقی تمام اسکیمیں غیر قانونی ہیں اور شہریوں کو دھوکہ دے رہی ہیں۔

    سماجی حلقے اور شہری ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور صوبائی محتسب پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور کارروائی کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ ان حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا اور غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کا سیلاب مزید وسیع ہو جائے گا۔

  • قصور:اورلوڈ ٹرکوں کی وجہ سے دیپالپور روڈ پر حادثات میں اضافہ،ٹریفک پولیس کی بے حسی ،شہریوں کی زندگی اجیرن

    قصور:اورلوڈ ٹرکوں کی وجہ سے دیپالپور روڈ پر حادثات میں اضافہ،ٹریفک پولیس کی بے حسی ،شہریوں کی زندگی اجیرن

    قصور(باغی ٹی وی بیوروچیف غنی محمود)اورلوڈ ٹرکوں کی وجہ سے دیپالپور روڈ پر حادثات میں اضافہ،ٹریفک پولیس کی بے حسی ،شہریوں کی زندگی اجیرن، طویل عرصے سے زیر تعمیر اس روڈ پر اوور لوڈڈ ٹرکوں اور ٹرالیوں کا مسلسل آنا جانا شہریوں کے لیے جان کا خطرہ بن چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، دیپالپور روڈ پر تعمیراتی کاموں کی وجہ سے سڑک کی حالت انتہائی خراب ہے۔ اس کے علاوہ، اوور لوڈڈ ٹرکوں کا سائز سڑک کے برابر ہونے کی وجہ سے انہیں اوور ٹیک کرنا انتہائی خطرناک ہو گیا ہے۔ سڑک کے کئی حصے ون وے ہونے کی وجہ سے یہ خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔

    گزشتہ دن نور پور کے قریب ایک اوور لوڈڈ ٹرالی کے الٹنے سے سڑک کا ایک حصہ بند ہو گیا، جس سے شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اور ہائی وے پیٹرولنگ پولیس اس صورتحال پر نظر انداز کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ڈی پی او قصور سے اپیل کی ہے کہ وہ خود نوٹس لے کر اس مسئلے کا حل نکالیں۔

  • ڈیرہ غازیخان:ضلعی انتطامیہ کی آنکھیں بند،جامپورروڈ کی توسیع کامنصوبہ،شہرمیں پانی کی شدید قلت کا خطرہ

    ڈیرہ غازیخان:ضلعی انتطامیہ کی آنکھیں بند،جامپورروڈ کی توسیع کامنصوبہ،شہرمیں پانی کی شدید قلت کا خطرہ

    ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی رپورٹ)ضلعی انتطامیہ کی آنکھیں بند،جامپورروڈ کی توسیع کامنصوبہ،شہرمیں پانی کی شدید قلت کا خطرہ ،پل ڈاٹ سے شوریہ بائی پاس تک روڈ کی توسیع،سڑک کی توسیع سے مشرقی کنارے کیساتھ واقع 24 انچ کی واٹرسپلائی لائن بھی زد میں آگئی۔

    تفصیل کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں پل ڈاٹ سے شوریہ بائی پاس تک روڈ کی توسیع کا کام شروع ہو گیا ہے، لیکن اس دوران 24 انچ کی ایک اہم واٹر سپلائی لائن کو نقصان پہنچنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ یہ واٹرسپلائی لائن شہر کے ایک بڑے حصے کو پانی فراہم کرتی ہے۔

    نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے روڈ کی توسیع کے دوران واٹر سپلائی لائن کی شفٹنگ کا کوئی اہتمام نہیں کیا جس کی وجہ سے کھدائی کے دوران پائپ لائن کو متعدد جگہوں سے نقصان پہنچا ہے۔ علاوہ ازیں پل شوریہ کے قریب گندے نالے کی پل کی توسیع کے دوران بھی واٹر سپلائی لائن کو ہٹانے کی بجائے اس کے اوپر ہی پل بنایا جا رہا ہے۔

    اس غیر ذمہ دارانہ رویے کی وجہ سے شہر کے نصف سے زائد علاقے میں پانی کی سپلائی متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔ اگر پائپ لائن لیک ہوئی یا پھٹ گئی تو نہ صرف شہر میں پانی کی شدید قلت ہوگی بلکہ کروڑوں روپے کی لاگت سے بنایا جانے والا روڈ بھی برباد ہو جائے گا۔

    پائپ لائنوں کی کمزور تعمیر اور ناقص مرمت کی وجہ سے پانی کا دباؤ برقرار نہیں رہ سکتا اور پائپ لائنوں سے پانی کا اخراج ہوتا رہتا ہے۔ اس کے نتیجے میں کئی ٹربائنزکو بند کرنا پڑ رہا ہے جس سے پانی کی قلت مزید بڑھ رہی ہے۔

    اس صورتحال سے نہ صرف شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ کروڑوں روپے کی لاگت سے بغیر کسی منصوبہ بندی کے بنائی جانے والی یہ سڑک پانی کی سپلائی کے نظام کو تباہ کردے گی ۔

    شہریوں کا مطالبہ ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اپنے حالیہ دورہ ڈیرہ غازیخان کے دوران اس مسئلے کا نوٹس لیں اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ناقص منصوبے نہ صرف عوام کو مشکلات کا سامنا کراتے ہیں بلکہ قومی خزانے کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: اغواء ہونے والا بچہ بحفاظت بازیاب، ملزمہ گرفتار

    ڈیرہ غازی خان: اغواء ہونے والا بچہ بحفاظت بازیاب، ملزمہ گرفتار

    ڈیرہ غازیخان (سٹی رپورٹر جواد اکبر): ڈیرہ غازی خان میں ٹیچنگ ہسپتال سے اغواء ہونے والا 5 سالہ بچہ عثمان چند گھنٹوں کے اندر پولیس کی کامیاب کارروائی کے نتیجے میں بحفاظت بازیاب کرلیا گیا ہے۔

    واقعہ کے مطابق، تھانہ سول لائن کی حدود میں واقع ٹیچنگ ہسپتال سے ایک نامعلوم خاتون نے بچے کو اغواء کرلیا تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سید علی نے فوری طور پر قانونی کارروائی کا آغاز کردیا اور ایس پی انوسٹیگیشن بختیار احمد خان، ایس ڈی پی او سرکل سٹی عرفان اکبر، ایس ایچ او تھانہ سول لائن علی عمران، سی آئی اے پولیس، اور اے وی ایل سی پولیس سمیت دیگر اہلکاران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔

    خصوصی ٹیم نے دن رات ایک کرکے کام کیا اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اغواء کرنے والی خاتون کی شناخت کرکے اسے تھانہ دراہمہ کے علاقے سے گرفتار کرلیا۔ بچے کو بھی بحفاظت بازیاب کرلیا گیا۔

    ڈی پی او سید علی نے پولیس ٹیم کی اس کامیابی پر انہیں شاباش دی ہے۔

  • گوجرانوالہ : مہنگائی کے خلاف کریک ڈاؤن، ہزاروں روپے کے جرمانے عائد

    گوجرانوالہ : مہنگائی کے خلاف کریک ڈاؤن، ہزاروں روپے کے جرمانے عائد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ/ وزیر آباد محمد طارق قریشی کی ہدایت پر ناجائز منافع خوری کے خلاف بھرپور کارروائی کی جا رہی ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے یکم ستمبر سے اب تک 5 ہزار 608 کارروائیاں کی ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران 144 افراد کو 10 لاکھ 13 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں، 37 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 5 کاروباری مراکز کو سیل کردیا گیا۔ اس کے علاوہ 10 افراد کو تنبیہ بھی کی گئی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیلڈ میں رہ کر زیادہ سے زیادہ چھاپہ مار کارروائیاں کریں اور مصنوعی مہنگائی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف فوری کارروائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں، مارکیٹوں اور سبزی و پھل منڈیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔

  • گوجرانوالہ: پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، خاتون سمیت دو ملزمان گرفتار

    گوجرانوالہ: پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، خاتون سمیت دو ملزمان گرفتار

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی)سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم کی ہدایت پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران سول لائن پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ ایس پی سول لائن فرحت عباس کی زیر نگرانی ایک مشترکہ آپریشن میں تھانہ پیپلز کالونی پولیس نے ایک خاتون سمیت دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

    پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک کلو چارسواسی گرام آئس اور ایک کلو ایک سو چالیس گرام ہیروئن برآمد کی ہے۔ گرفتار ملزمان میں ریکارڈ یافتہ منشیات فروش کیف عرف کیفی اور ملزمہ نواب بی بی شامل ہیں۔

    سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے پولیس کی اس کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ضلعی پولیس کی تندہی سے انجام دی جانے والی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کے لیے منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل میں پولیس اپنا موثر کردار ادا کرتی رہے گی۔

    اس آپریشن میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایس ایچ او تھانہ پیپلز کالونی انسپکٹر مدثر رفیق اور ان کی پولیس ٹیم کو خصوصی طور پر سراہا گیا۔

  • گوجرانوالہ:خطرناک گینگ کے 6 افراد کو گرفتار، کروڑوں کا سامان برآمد

    گوجرانوالہ:خطرناک گینگ کے 6 افراد کو گرفتار، کروڑوں کا سامان برآمد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی): سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم کی ہدایت پر ضلع بھر میں ڈکیتوں اور چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ سی آئی اے انسپکٹر عنصر جاوید موہل کی قیادت میں ایک آپریشن کے دوران ڈکیتی اور لوٹ مار کی متعدد وارداتوں میں ملوث ایک خطرناک گینگ کے چھ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 18 لاکھ 75 ہزار روپے نقدی، ایک ٹریکٹر ٹرالی (جس کی مالیت 22 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے) اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ یہ گینگ شاہراہوں پر ڈکیتی کے علاوہ لوگوں کے گھروں اور فیکٹریوں میں بھی ڈکیتی کی وارداتیں کرتا تھا۔

    سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے پولیس ٹیم کی اس کامیابی پر انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ وہ ڈکیتوں اور مجرمانہ ذہن رکھنے والے عناصر کے خلاف اپنا آپریشن جاری رکھیں گے تاکہ شہریوں کو امن و امان کی فضا فراہم کی جا سکے۔

  • ٹھٹھہ: پولیس کی کارروائی،منشیات فروش اور روپوش ملزم گرفتار

    ٹھٹھہ: پولیس کی کارروائی،منشیات فروش اور روپوش ملزم گرفتار

    ٹھٹھہ،باغی ٹی وی (نامہ نگاربلاول سموں): ٹھٹھہ پولیس نے منشیات فروشوں اور ایک روپوش ملزم کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 60 لیٹر اور 30 بیگز دیسی شراب بھی برآمد کی ہے۔

    ایس ایس پی ٹھٹہ ڈاکٹر محمد عمران خان کے احکامات پر تھانہ ٹھٹہ کے انسپیکٹر عطر چنہ نے اپنی ٹیم کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فراز جوکھیو، عمیر گندرو، بلاول کھڈائی، نعیم علی میمن اور دلبر ملاح نامی 5 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے بڑی مقدار میں دیسی شراب برآمد ہوئی جس کے خلاف تھانہ ٹھٹہ پر منشیات آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    دوسری جانب، انچارج سی آئی اے پولیس ٹھٹہ انسپیکٹر ممتاز علی بروہی نے اپنی ٹیم کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے تھانہ ٹھٹہ پر قتل اور دہشتگردی کے مقدمے میں ملوث روپوش ملزم قادر بخش نوتیار کو گرفتار کرلیا۔

    واضح رہے کہ یہ کارروائیاں آئی جی سندھ غلام نبی میمن اور ڈی آئی جی پی حیدرآباد رینج طارق رزاق دہاریجو کی ہدایات پر کی گئی ہیں۔

  • اوکاڑہ: اغواء ہونے والی تین بچیاں بازیاب، مرکزی ملزم گرفتار

    اوکاڑہ: اغواء ہونے والی تین بچیاں بازیاب، مرکزی ملزم گرفتار

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارملک ظفر): تھانہ چوچک کی حدود ڈھاری وٹواں سے دس روز قبل اغواء کی گئی تین نابالغ بچیوں کو پولیس نے ایک کامیاب آپریشن کے بعد بازیاب کرا لیا ہے۔ پولیس نے مرکزی ملزم بابر سہیل کو گرفتار کر کے قانون کے شکنجے میں کس لیا ہے۔

    پولیس کے مطابق، اغواء ہونے والی بچیوں میں سحر فاطمہ، نور بانو اور سدرہ یوسف شامل تھیں۔ ان کے لواحقین نے تھانہ چوچک میں مقدمہ درج کرایا تھا جس کے بعد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے بچیوں کو تلاش کرنے کی مہم شروع کی۔

    پولیس نے شب و روز محنت کرکے مرکزی ملزم بابر سہیل کو گرفتار کر لیا اور اس سے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مار رہی ہے۔

    ڈی پی او اوکاڑہ نے پولیس تھانہ چوچک کی اس کامیابی کو سراہا ہے اور انہوں نے پولیس اہلکاروں کو شاباش دی ہے۔ دوسری جانب، بچیوں کے لواحقین نے پولیس کو ڈھیروں دعائیں دیں اور ملزمان کو سخت سزا دلوانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش کے بعد بچیوں کے اغواء کے اصل حقائق سامنے آئیں گے۔