Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف: غیر قانونی پٹرول پمپوں کیخلاف کریک ڈاؤن، متعدد سیل

    اوچ شریف: غیر قانونی پٹرول پمپوں کیخلاف کریک ڈاؤن، متعدد سیل

    اوچ شریف(باغی ٹی وی نامہ نگارحبیب خان)ضلع بہاولپور کے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر سول ڈیفنس نے اوچ شریف میں غیر قانونی طور پر چلنے والے پٹرول پمپوں اور ایل پی جی ریفلنگ شاپس کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔

    سول ڈیفنس کے اہلکاروں نے گزشتہ روز اوچ شریف کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر متعدد دوکانیں سیل کر دیں۔ ان دوکانوں میں غیر قانونی طور پر پٹرول فروخت کیا جا رہا تھا اور ایل پی جی سلنڈر ریفل کیے جا رہے تھے۔

    سول ڈیفنس کے چیف انسٹرکٹر نوید بلوچ نے بتایا کہ یہ کارروائی ضلع بھر میں غیر قانونی پٹرول پمپوں اور ایل پی جی شاپس کے خلاف شروع کی گئی کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پمپ اور شاپس نہ صرف غیر قانونی ہیں بلکہ ان سے انسانی جانوں کو بھی خطرہ ہے۔

    ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے کہا ہے کہ اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں سے نہ صرف حکومت کو مالی نقصان ہوتا ہے بلکہ عام شہریوں کی جان و مال کو بھی خطرہ ہوتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے غیر قانونی پمپوں سے پٹرول نہ خریدیں اور اگر انہیں کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع ملتی ہے تو فوری طور پر سول ڈیفنس یا پولیس کو اطلاع دیں۔

  • ننکانہ:تحفظ ختم نبوت و دفاع پاکستان علماء و مشائخ کانفرنس،ختم نبوت ہمارا ایمان ہے،علماء

    ننکانہ:تحفظ ختم نبوت و دفاع پاکستان علماء و مشائخ کانفرنس،ختم نبوت ہمارا ایمان ہے،علماء

    ننکانہ صاحب( باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ ضلع ننکانہ صاحب کے زیرِ اہتمام تحفظ ختم نبوت (ﷺ) اور دفاع پاکستان پر ایک فقید المثال علماء و مشائخ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تاریخی پروگرام بین المسالک ہم آہنگی، یکجہتی اور اتحاد کا مظہر تھا جس کی صدارت ضلعی سیکرٹری جنرل محمد ثاقب مجید نے کی۔

    کانفرنس میں علماء کرام، مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین، درباروں کے سجادہ نشینوں اور عاشقان رسول کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ گونگے اور بہرے نوجوانوں نے بھی اشاروں کے ذریعے نعروں کا جواب دیا، اور تمام شرکاء نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر تحفظ ختم نبوت کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا۔

    اس موقع پر قاری محمد یعقوب شیخ، حافظ عبد الرؤف، شیخ فیاض احمد، سید عبدالوحید شاہ، مولانا عباد علی زاہد، مولانا نعیم الرحمان شیخوپوری، امیر حمزہ، صاحبزادہ پیر علی رضا شاہ، سید عامر شاہ گیلانی، قاری حبیب ضیاء، نصیب الہیٰ گوجر، مفتی سفیر احمد، بشیر احمد زرگر، پیر محمد شفیق سیفی، عبداللہ مجاہد کھرل، سہیل منظور گل، غلام الرسول جوئیہ، صاحبزادہ سید مجاہد حسین ترمذی، محمد طارق ضیاء، ڈاکٹر سید مصطفیٰ گیلانی، پروفیسر عبد الحمید کوکب، ضلعی صدر لیاقت حیات بھٹی ایڈووکیٹ، اور سٹی صدر میاں عابد حسین نے خطاب کیا۔

    انہوں نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت پر تمام مذہبی جماعتیں بلا تفریق ایک ہیں اور اس عقیدہ کی حفاظت کرنا ہر مسلمان کا ایمان ہے۔ خطاب میں کہا گیا کہ آج کا پروگرام علماء کرام کی جانب سے تحفظ ختم نبوت کے لیے سپریم کورٹ میں دلائل کے بعد قادیانیوں کی جھوٹی اشاعت و تبلیغ پر پابندی لگانے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کرنے کے اظہارِ تشکر کے لیے منعقد کیا گیا ہے۔

    شرکاء نے حکومت سے قادیانیوں کو مرتد قرار دینے اور ان کی سزا موت مقرر کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ آئندہ کوئی مسلمان کسی لالچ یا دباؤ میں آکر ایسی مذموم حرکت نہ کر سکے۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ، ملک کو سالانہ ایک ارب ڈالر کا نقصان

    پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ، ملک کو سالانہ ایک ارب ڈالر کا نقصان

    اسلام آباد(باغی ٹی وی رپورٹ) ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی اسمگلنگ نے قومی خزانے کو شدید دھچکا لگا ہے۔

    ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں سالانہ تقریباً ایک ارب ڈالر مالیت کی پیٹرولیم مصنوعات غیر قانونی طور پر ملک میں داخل کی جا رہی ہیں۔ یہ مصنوعات زمینی اور سمندری راستوں سے ملک میں لائی جا رہی ہیں اور ملک کی کل کھپت کا تقریباً 20 فیصد حصہ بنتی ہیں۔

    آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی) نے اس مسئلے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک کی تیل کی صنعت کو سنگین خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ اسمگل شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی وجہ سے حکومت کو ہونے والی محصول کی کمی سے ملکی معاملات چلانے میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔

    او سی اے سی کے مطابق حکومت نے کچھ عرصہ قبل اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا تھا جس سے اس میں کمی واقع ہوئی تھی۔ لیکن بدقسمتی سےحالیہ مہینوں میں اسمگلنگ میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    اگر اس مسئلے پر قابو نہ پایا گیا تو اس سے ملک کی تیل کی سپلائی چین بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں ملک میں ریفائننگ شعبے کو بھی شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    وائس آف امریکہ کی ایک رپورٹ کے مطابق حال ہی میں پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے انٹیلی جینس حکام نے ایرانی پیٹرول کی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کا کھوج لگانے کا دعویٰ کیا ہے جس کی وجہ سے قومی خزانے کو سالانہ 227 ارب روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔

    اس رپورٹ پر وفاقی حکومت نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے جس کے بعد ایران سے پیٹرول کی اسمگلنگ پر پابندی لگانے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔

    ذرائع ابلاغ میں رپورٹ ہونے والے ان انکشافات میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جینس ایجنسیوں نے بلوچستان میں 738 پیٹرول فلنگ اسٹیشنز، اسمگلروں اور اہلکاروں پر مشتمل ایک گروہ کو بے نقاب کیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق صوبے میں تقریباً 100 کرپٹ افسران اور 105 ایرانی تیل کے اسمگلروں کی نشان دہی کی گئی ہے اور ان کے نام اور نمبرز بھی حکام کو فراہم کیے گئے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق حالیہ عرصے میں ایرانی پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ دگنی ہو گئی ہے۔اس سے قبل نگراں حکومت کی جانب سے وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن کے باعث یہ کاروبار نصف ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

    کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں ایرانی پیڑولیم کی مرکزی منڈی میں ایک ڈیلر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ماضی کے مقابلے میں موجودہ حکومت کے دور میں ایرانی پیٹرول کی سپلائی میں اضافہ ہوا ہے۔

    ڈیلر کے مطابق ایرانی پیٹرول کی ترسیل میں اضافے کی وجہ سندھ اور پنجاب کو سپلائی میں اضافہ بتایا جاتا ہے۔

    خفیہ اداروں کی رپورٹ میں اس بات کا بھی ذکر کیا گیا ہے کہ فروری 2024 میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد سے ایرانی تیل کی اسمگلنگ میں ایک بار پھر تیزی آئی ہے۔

    ایرانی پیٹرول لانے والے ایک ڈرائیور نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر وائس آف امریکہ کو بتایا کہ وہ تربت سے ایرانی پیٹرول کوئٹہ لاتے ہیں راستے میں ایک درجن سے زائد چیک پوسٹوں پر انہیں روکا جاتا ہے۔

    انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ان چیک پوسٹوں پر بڑی گاڑیوں سے فی گاڑی پانچ ہزار جب کہ چھوٹی گاڑیوں سے فی گاڑی دو ہزار روپے وصول کیے جاتے ہیں۔ڈرائیور کے مطابق تربت سے کوئٹہ تک سفر میں عام طور پر آٹھ سے 10 گھنٹے لگتے ہیں مگر انہیں ہر چیک پوسٹ پر گھنٹوں روکا جاتا ہے جس کی وجہ سے کوئٹہ پہنچنے تک دو سے تین دن لگ جاتے ہیں۔

    ڈرائیور کا کہنا ہے کہ اس کاروبار میں جتنی بچت ہوتی ہے اس کا بڑا حصہ چیک پوسٹوں پر ہم سے لے لیا جاتا ہے۔

    بلوچستان میں ایرانی پیٹرول کے کاروبار سے وابستہ تنظیم "زمباد ایسوسی ایشن” کے ایک عہدے دار جان بلوچ نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی پیٹرول کی ترسیل اسمگلنگ میں نہیں آتی ہے اگر یہ اسمگلنگ ہوتی تو ایف سی اور ضلعی انتظامیہ ہماری گاڑیوں کو کس حیثیت میں رجسٹرڈ کرتی ہے۔

    داد جان نے یہ سوال اٹھایا ہے کہ حکومت نے ہماری پانچ ہزار تیل بردار گاڑیوں اور گوادر میں 10 ہزار کشتیوں کو رجسٹرڈ کر رکھا ہے۔ان کے مطابق پاکستان ایران سرحد پر بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر روزانہ 600 گاڑیوں کو تیل لانے کی اجازت دی جاتی ہے

  • قصور : بابا بلھے شاہ کا سالانہ عرس،ہزاروں زائرین کی آمد، سکیورٹی کے سخت انتظامات

    قصور : بابا بلھے شاہ کا سالانہ عرس،ہزاروں زائرین کی آمد، سکیورٹی کے سخت انتظامات

    قصور(باغی ٹی وی ،بیورورپورٹ) برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ اور شاعر حضرت بابا بلھے شاہ کے سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آج دوسرا دن ہے۔ اس موقع پر ضلع بھر میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے سرکاری چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔

    قصور پولیس نے عرس کی تقریبات کے دوران سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے ہیں۔ ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خان خود سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ تقریباً 2 ہزار پولیس اہلکار تین شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

    خواتین زائرین کے لیے علیحدہ انتظامات کیے گئے ہیں اور ان کی چیکنگ لیڈی کانسٹیبلز کے ذریعے کی جا رہی ہے۔ سیف سٹی کیمروں کے ذریعے احاطہ دربار کو 120 سی سی ٹی وی کیمروں سے مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ علاوہ ازیں، سپیشل ٹریننگ یافتہ ایلیٹ کمانڈوز کو چھتوں پر تعینات کیا گیا ہے۔

    ملک بھر سے ہزاروں زائرین عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے قصور پہنچے ہیں۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کو متحرک کیا گیا ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو، بم ڈسپوزل سکواڈ اور دیگر اداروں کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔

  • اوچ شریف:صدر زرداری کی خواہش پر نواب صلاح الدین عباسی نے ان سےملاقات کی، سوشل میڈیا کی بے بنیاد خبروں کی تردید

    اوچ شریف:صدر زرداری کی خواہش پر نواب صلاح الدین عباسی نے ان سےملاقات کی، سوشل میڈیا کی بے بنیاد خبروں کی تردید

    اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) نواب آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی کے ترجمان نے بتایا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی خواہش پر ان کے ملٹری سیکرٹری، برگیڈیئر شہریار منیر حفیظ نے نواب صلاح الدین عباسی کو خط لکھاتھا۔

    صدر آصف علی زرداری نے بہاولپور کے شاندار ورثے اور نواب صلاح الدین عباسی کی اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں ان سے ملاقات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

    خط وصول ہونے کے بعدنواب آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی نے اپنے بیٹے نواب بہاول خان عباسی کے ہمراہ صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور ان کی طرف سے دیے گئے ظہرانے میں شرکت کی۔

    ترجمان نے سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی بے بنیاد اور من گھڑت خبروں کو مسترد کرتے ہوئے وضاحت کی کہ یہ خبریں سراسر جھوٹی ہیں۔

    یاد رہے نواب صلاح الدین عباسی کی صدرمملکت آصف علی زرداری ملاقات 24اگست کو ایوان صدر میں ہوئی تھی ،اس ملاقات ک میں ملکی اور جنوبی پنجاب کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔

    ایوان صدرکے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان بالخصوص سماجی شعبے میں نواب آف بہاولپور اور انکے خاندان کی خدمات کو سراہا۔

  • اوچ شریف : سید صمصام بخاری نے مخدوم سید افتخار الحسن گیلانی سے ملاقات کی

    اوچ شریف : سید صمصام بخاری نے مخدوم سید افتخار الحسن گیلانی سے ملاقات کی

    اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) سابق وفاقی اور صوبائی وزیر سید صمصام بخاری نے اوچ شریف کے شمس محل میں مخدوم الملک مخدوم سید افتخار الحسن گیلانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سید صمصام بخاری نے کہا کہ برصغیر میں اسلام کی اشاعت میں خانوادۂ گیلانیہ اور قادریہ سلسلے کے بزرگان دین نے اہم کردار ادا کیا۔

    سید صمصام بخاری نے مزید کہا کہ اوچ شریف ایک تاریخی اور روحانی مقام ہے جہاں انسان کو روحانی سکون اور شانتی حاصل ہوتی ہے۔

    سابق صوبائی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم سید افتخار حسن گیلانی نے سید صمصام بخاری کا شمس محل میں استقبال کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ مخدوم سید افتخار حسن گیلانی نے سید صمصام بخاری کو تاریخی نوادرات اور تبرکات کی گیلری کا دورہ کرایا اور دربار حضرت محبوب سبحانی پر حاضری دی۔

    اس موقع پر مخدوم سید افتخار حسن گیلانی کے فرزند مخدوم زادہ پیر سید عمر رضا گیلانی بھی موجود تھے۔

  • تنگوانی:شہید پولیس اہلکار محمود لاشاری نمازجنازہ کے بعدسرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

    تنگوانی:شہید پولیس اہلکار محمود لاشاری نمازجنازہ کے بعدسرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

    تنگوانی (باغی ٹی وی،نامہ نگارمنصوربلوچ) تنگوانی کے رہائشی شہید پولیس اہلکار محمود لاشاری کا جنازہ نماز پہلے ایس ایس پی کشمور کے دفتر میں ادا کیا گیا اور پھر آج تنگوانی شہر میں بھی جنازہ نماز ادا کرنے کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا۔

    شہید پولیس جوان محمود علی لاشاری نے کل غوث پور کے نزدیک ہائی وے روڈ پر ڈاکوؤں کے ساتھ مقابلے میں جام شہادت نوش کی تھی۔ شہید پولیس اہلکار ڈاکٹر احمد علی لاشاری کا بیٹا تھا۔

    شہید کی نماز جنازہ میں ڈی آئی جی پی لاڑکانہ ناصر آفتاب صاحب، ایس ایس پی کشمور، ونگ کمانڈر رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے افسران، میڈیا نمائندگان، مختلف مکتبہ فکر کے رہنماؤں، سول سوسائٹی، عام شہریوں، شہید کے اہلخانہ سمیت بڑی تعداد میں پولیس افسران، جوانان اور رینجرز کے افسران و جوانان نے شرکت کی۔

    واضح رہے کہ پولیس کے مطابق ایک ڈاکو بلو بھلکانی بھی پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے اور پولیس نے بھلکانی گینگ کے ڈاکوؤں کے ٹھکانوں کو بھی مسمار کر دیا ہے۔

  • پیر عادل: پولیو مہم کی کامیابی کے لیے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا

    پیر عادل: پولیو مہم کی کامیابی کے لیے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا

    پیر عادل (باغی ٹی وی،نامہ نگار باسط علی) بنیادی مرکز صحت میں آج پولیو آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیمینار میں پیر عادل میں کام کرنے والے تمام ہیلتھ ممبران نے شرکت کی۔

    یو سی ایم او ڈاکٹر ملک اعجاز نے سیمینار کی صدارت کی اور پولیو مہم کی کامیابی کے لیے ہیلتھ ممبران کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ سیمینار میں موجودہ پولیو کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور ہیلتھ ممبران سے اپیل کی گئی کہ وہ پولیو کے خاتمے کے لیے 9 ستمبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

    تمام ہیلتھ ممبران نے عہد کیا کہ وہ پولیو مہم کے پیغام کی ترسیل میں تعاون کریں گے اور علاقائی سطح پر آگاہی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔ آخر میں، یو سی ایم او ڈاکٹر ملک اعجاز نے علاقے کی خدمت کرنے پر تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا۔

  • گوجرانوالہ: زیادتی کے مقدمے میں ملوث ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

    گوجرانوالہ: زیادتی کے مقدمے میں ملوث ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی): گزشتہ ماہ چیانوالی روڈ پر دوران واردات ایک کمسن بچی سے زیادتی کرنے والا درندہ صفت ملزم تھانہ صدر گوجرانوالہ پولیس کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، تھانہ صدر گوجرانوالہ پولیس کی گاڑی روٹین گشت کے دوران مراد ہسپتال کینال روڈ پر ناکہ بندی پر موجود تھی۔ اسی دوران تین نامعلوم افراد موٹر سائیکل پر آ رہے تھے جنہوں نے پولیس گاڑی دیکھ کر فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی فائرنگ میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا جبکہ دیگر دو فرار ہو گئے۔

    ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت عمر فاروق کے نام سے ہوئی ہے جو راہزنی اور زیادتی کے متعدد مقدمات میں ملوث تھا۔ سی پی او گوجرانوالہ نے فرار ہونے والے ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

    سی پی او محمد ایاز سلیم نے کہا کہ شریف شہریوں کی عزت سے کھیلنے والے اور جرائم پیشہ عناصر معاشرے کے ناسور ہیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • گوجرانوالہ :آرٹ اور کلچر کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،صغیر شاہد

    گوجرانوالہ :آرٹ اور کلچر کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،صغیر شاہد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی): کونسل آف دی آرٹس پنجاب کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر غلام صغیر شاہد نے گوجرانوالہ میں آرٹس کونسل کا دورہ کیا اور اعلان کیا ہے کہ کونسل آف دی آرٹس گوجرانوالہ کو آرٹ اور کلچر کے فروغ کے لیے ایک یادگار ادارہ بنایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کلچر کے تحفظ اور آرٹ کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اس ضمن میں چیمبر آف کامرس کا تعاون بھی ناگزیر ہے۔

    ڈائریکٹر آرٹس کونسل گوجرانوالہ غلام عباس فراست نے آرٹس کونسل کی سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ کلچر کے فروغ کے لیے تعلیمی اداروں، خاص طور پر یونیورسٹیز کے ساتھ روابط کو بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔

    اس کے علاوہ، مختلف اضلاع سے آرٹ کے ٹیلنٹ کو تلاش کرنے اور اسے صوبائی سطح پر متعارف کروانے کے لیے بچوں کے درمیان مقابلے کروائے جائیں گے۔

    صدر چیمبر آف کامرس فیصل ایوب نے بھی آرٹس کونسل کے فروغ میں تعاون کا یقین دلایا۔