Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • اوچ شریف: ڈی پی او بہاولپور کی زیرِ نگرانی کھلی کچہری، شہری مسائل کا فوری اور شفاف حل

    اوچ شریف: ڈی پی او بہاولپور کی زیرِ نگرانی کھلی کچہری، شہری مسائل کا فوری اور شفاف حل

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست وژن اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایات کے تحت ڈی پی او بہاولپور محمد حسن اقبال نے ضلع بھر میں پولیس کو حقیقی معنوں میں عوام کی خدمت گاہ بنا دیا ہے۔ شہری مسائل کے فوری اور شفاف حل کے لیے کھلی کچہریوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی مضبوط فضا قائم ہو۔

    اسی سلسلے میں تھانہ اوچ شریف میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس کی براہِ راست نگرانی ڈی پی او محمد حسن اقبال نے کی۔ کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مختلف نوعیت کی شکایات پیش کیں۔

    ڈی پی او نے شہریوں کے مسائل سنے اور متعدد شکایات پر فوری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ہر شہری کے ساتھ عزت و احترام کا برتاؤ کیا جائے، اور انصاف میں تاخیر یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں ہوگی۔

    ڈی پی او نے کہا:”وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہے۔ ہر تھانہ شہریوں کے لیے کھلا ہونا چاہیے۔ میرٹ، شفافیت اور انصاف پولیس کا طرۂ امتیاز ہونا چاہیے۔ عوام کو دروازے پر انصاف دینا ہمارا فرض ہے۔”

    اس موقع پر ایس ڈی پی او سرکل احمد پور شرقیہ محمود اکبر، ایس ایچ او تھانہ اوچ شریف فیصل امین اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
    عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی پی او محمد حسن اقبال کی عوام دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں بہاولپور پولیس ایک مثالی فورس کے طور پر سامنے آئی ہے۔ اقدامات سے شہریوں کو پولیس پر دوبارہ اعتماد حاصل ہوا اور عوامی ریلیف میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

    عوام نے کہا کہ ڈی پی او کی زیرِ نگرانی کھلی کچہریاں حقیقی معنوں میں "انصاف عوام کی دہلیز پر” کے تصور کو عملی شکل دے رہی ہیں۔

  • اوچ شریف: چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم گرفتار، موبائل فونز اور نقدی برآمد

    اوچ شریف: چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم گرفتار، موبائل فونز اور نقدی برآمد

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد حسن اقبال کی ہدایات پر تھانہ صدر احمدپور شرقیہ پولیس کی بڑی کارروائی — چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم گرفتار، ملزم کے قبضہ سے دو قیمتی موبائل فون اور ایک لاکھ روپے سے زائد نقد رقم برآمد کر لی گئی۔

    کارروائی سرکل پولیس آفیسر محمود اکبر کی نگرانی اور ایس ایچ او سراج تبسم کی سربراہی میں کی گئی۔پولیس نے خفیہ معلومات، انٹیلی جنس ذرائع اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم کو گرفتار کیا۔

    ایس ایچ او سراج تبسم کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور جلد اس کے دیگر ساتھی بھی گرفتار کیے جائیں گے۔
    برآمد شدہ سامان قانونی کارروائی کے بعد اصل مالکان کے حوالے کیا جا رہا ہے۔

  • گوجرانوالہ: رشوت اور جھوٹا مقدمہ درج کرنے پر ایس ایچ او سمیت تین پولیس افسران گرفتار

    گوجرانوالہ: رشوت اور جھوٹا مقدمہ درج کرنے پر ایس ایچ او سمیت تین پولیس افسران گرفتار

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)گوجرانوالہ پولیس میں کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا بڑا کیس سامنے آگیا۔
    طمعِ نفسانی اور رشوت لے کر اغوا کا جھوٹا مقدمہ درج کرنے، شہری سے اشٹام پیپر پر زبردستی دستخط کروانے اور جبراً رقم وصول کرنے کے الزام میں تھانہ سبزی منڈی کے ایس ایچ او سمیت تین پولیس افسران کو گرفتار کر لیا گیا۔

    سٹی پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز غیور احمد کو انکوائری کے احکامات جاری کیے۔
    انکوائری رپورٹ میں الزامات درست ثابت ہونے پر ایس ایچ او انسپکٹر لقمان، سب انسپکٹر غلام فرید، اور اے ایس آئی خالد کو قصوروار قرار دے کر گرفتار کر لیا گیا۔

    سی پی او محمد ایاز سلیم کے حکم پر تینوں افسران کو تھانہ سبزی منڈی کی حوالات میں بند کر دیا گیا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
    مقدمے میں اغوا، جبراً رقم وصولی اور اختیارات سے تجاوز کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    سی پی او محمد ایاز سلیم نے کہا کہ محکمہ پولیس کی بدنامی کا باعث بننے والی کالی بھیڑوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر ملوث افسران جیل جائیں گے، کیونکہ محکمہ پولیس میں بدعنوانی کی کوئی گنجائش نہیں۔

  • بہاولنگر: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سلابت جاوید کا ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ

    بہاولنگر: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سلابت جاوید کا ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ

    بہاولنگر (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد عرفان)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سلابت جاوید نے سول جج اصف ریاض کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل بہاولنگر کا تفصیلی دورہ کیا۔
    جیل پہنچنے پر چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، جس کے بعد معزز ججز نے جیل میں جاری شجر کاری مہم کے تحت پودا لگایا۔

    ججز صاحبان نے خواتین وارڈ کا معائنہ کیا، خواتین اسیران سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
    انہوں نے بیوٹی پارلر کلاس، سلائی کڑھائی کلاس اور لٹریسی کلاس کا جائزہ لیا اور جیل انتظامیہ کے مثبت اقدامات کو سراہا۔

    بعد ازاں، ججز صاحبان نے کچن، ہسپتال اور مختلف بارکوں کا معائنہ کیا۔
    انہوں نے نو عمر اسیران کے اسکول اور پیشہ ورانہ تربیتی کلاسز — جن میں الیکٹریشن، اے سی ریپئرنگ، موٹر سائیکل، ٹیلرنگ اور باربر ٹریننگ کلاسز شامل ہیں — کا بھی جائزہ لیا اور پنجاب حکومت اور آئی جی جیل خانہ جات کے اصلاحاتی اقدامات کو سراہا۔

    مزید برآں، ججز نے پی سی او اور ملاقات شیڈ کا بھی معائنہ کیا، اسیران کو دی جانے والی آڈیو و ویڈیو کال سہولت کا جائزہ لیا اور قیدیوں و ان کے لواحقین سے ملاقات کے دوران مسائل دریافت کیے۔

    دورے کے اختتام پر سپرنٹنڈنٹ جیل رسول بخش کلاچی اور جیل انتظامیہ کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی گئی۔
    معمولی نوعیت کے کیسز میں ملوث چار قیدیوں کی فوری رہائی کے احکامات بھی جاری کیے گئے۔

  • بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیرِ صدارت ایم آر ویکسینیشن مہم کا جائزہ اجلاس

    بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیرِ صدارت ایم آر ویکسینیشن مہم کا جائزہ اجلاس

    بہاولنگر (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد عرفان)ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیرِ صدارت ایم آر (خسرہ و روبیلا) ویکسینیشن مہم کا جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس بہاولنگر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شوکت علی وٹو سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ ایم آر مہم 17 نومبر سے 29 نومبر 2025 تک ضلع بھر میں جاری رہے گی، جس کے دوران 6 ماہ سے 5 سال تک کے بچوں کو خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین مفت فراہم کی جائے گی۔

    ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے کہا کہ ایم آر مہم ایک قومی کاز ہے، تمام محکمے اس میں بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت مند اور محفوظ معاشرہ حکومت پنجاب کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے دوران پولیو مہم کے انتظامات اور فیلڈ کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور پولیو ٹیموں کو ہدایت کی کہ گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں۔

    انہوں نے ڈینگی کی روک تھام سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ ہاٹ اسپاٹس کی مانیٹرنگ اور لاروا تلفی روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنائی جائے۔

    مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے آغوش پروگرام کے تحت مستحق اور بے سہارا بچوں کی مدد میں تیزی لانے کی ہدایت بھی جاری کی۔
    ان کا کہنا تھا کہ تمام جاری مہمات حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت کا تسلسل ہیں۔

  • واربرٹن: اوزان و پیمائش میں کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،ڈی او انڈسٹریز

    واربرٹن: اوزان و پیمائش میں کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،ڈی او انڈسٹریز

    واربرٹن (باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالغفار چوہدری)ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز ننکانہ صاحب عمر اکرم نے واضح کیا ہے کہ اوزان و پیمائش میں کمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز پنجاب ذیشان شبیر رانا کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ آفیسر عمر اکرم کی سربراہی میں اسسٹنٹ انسپکٹر ویٹس اینڈ میئرز ایاز احمد نے غلہ منڈی واربرٹن میں کمیشن شاپس کے کنڈا جات کا معائنہ کیا۔

    کارروائی کے دوران دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ روزانہ کی بنیاد پر کنڈا جات کی جانچ کی جائے، اور اگر پیمانے میں کمی پائی گئی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ انسپکٹر ایاز احمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوزان و پیمائش میں کمی کرنے والے عناصر کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پیمانہ کم کرنے والے کمیشن شاپس مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے، دکانیں سیل کی جائیں گی اور چالان عدالت میں بھیجے جائیں گے۔

  • منڈی بہاؤالدین: عطائی ڈاکٹروں کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈاؤن، متعدد کلینکس سیل، مقدمات درج

    منڈی بہاؤالدین: عطائی ڈاکٹروں کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈاؤن، متعدد کلینکس سیل، مقدمات درج

    منڈی بہاؤالدین (باغی ٹی وی، نامہ نگار افنان طالب)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی خصوصی ہدایت پر عطائی ڈاکٹروں کے خلاف ضلع بھر میں کریک ڈاؤن مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ شہریوں کی صحت اور قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے یہ مہم ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی مشترکہ کارروائیوں کے تحت انجام دی جا رہی ہے۔

    کریک ڈاؤن کی قیادت سی ای او ہیلتھ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخار اور ڈپٹی ڈرگز کنٹرولر افضل ندیم پر مشتمل ٹیم کر رہی ہے۔
    کارروائی کے دوران شہر اور نواحی علاقوں میں غیر قانونی طور پر چلنے والے متعدد کلینکس کو سیل کر دیا گیا اور عطائیت میں ملوث افراد پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔

    ڈرگز کنٹرولر افضل ندیم نے کہا کہ جعلی ادویات فروخت کرنے والے اور عطائی ڈاکٹروں نے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رکھی ہیں، ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
    انہوں نے واضح کیا کہ کریک ڈاؤن بلا امتیاز جاری رہے گا تاکہ عوام کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

    ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ عطائیت کا مکمل خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے محمد عرفان ضلع بہاولنگر کے رکن مقرر

    پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے محمد عرفان ضلع بہاولنگر کے رکن مقرر

    بہاولنگر (باغی ٹی وی ،نامہ نگار )پاکستان جرنلسٹ ایسوسی ایشن (PJA) سیکرٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے محمد عرفان کو ضلع بہاولنگر کا رکن مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی سے مشاورت کے بعد محمد عرفان کی تقرری کی منظوری دی گئی، جس کے تحت ان کی مدتِ ذمہ داری 13 نومبر 2025 سے 30 نومبر 2026 تک مقرر کی گئی ہے۔

    نوٹیفکیشن پر مرکزی چیئرمین میاں اشتیاق علی نے دستخط کیے اور محمد عرفان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    ذرائع کے مطابق محمد عرفان کی تقرری کو صحافتی برادری کے لیے خوش آئند اقدام قرار دیا جا رہا ہے، اور توقع ظاہر کی گئی ہے کہ وہ ضلع بہاولنگر میں صحافیوں کے مسائل کے حل اور صحافت کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کریں گے۔

  • گوجرانوالہ:معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ کا بازاروں کا اچانک دورہ، گرانفروشوں کو سخت وارننگ

    گوجرانوالہ:معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب سلمیٰ بٹ کا بازاروں کا اچانک دورہ، گرانفروشوں کو سخت وارننگ

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی)معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے پرائس کنٹرول ٹاسک فورس سلمیٰ بٹ نے گوجرانوالہ کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی اقراء مبین بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    دورے کے دوران سلمیٰ بٹ نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا، ریٹ لسٹیں چیک کیں اور دکانداروں سے قیمتوں کے حوالے سے استفسار کیا۔

    انہوں نے اس موقع پر واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری اور گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح عوام کو مقررہ نرخوں پر روزمرہ اشیاء کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

    سلمیٰ بٹ نے مزید کہا کہ مارکیٹ مانیٹرنگ میکانزم نافذ کر دیا گیا ہے تاکہ قیمتوں پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم ہو۔

  • ڈہرکی: گنے کی فصل تیار، کٹائی جاری، شوگر ملز کی خاموشی سے کسان پریشان

    ڈہرکی: گنے کی فصل تیار، کٹائی جاری، شوگر ملز کی خاموشی سے کسان پریشان

    گھوٹکی(باغی ٹی وی،نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ضلع گھوٹکی کے زرعی علاقے ڈہرکی اور اس کے نواحی دیہات میں گنے کی فصل کی کٹائی کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ صبح سویرے سے کھیتوں میں کسان اور مزدور گنے کی فصل کاٹنے میں مصروف نظر آتے ہیں، جہاں سخت دھوپ اور جسمانی مشقت کے باوجود مزدور روزگار کی امید لیے کام کر رہے ہیں۔

    مقامی کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ رواں سال گنے کی پیداوار توقع سے بہتر ہوئی ہے، تاہم شوگر ملز کی جانب سے خریداری ریٹ کا اعلان نہ ہونے کے باعث کسانوں میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر گنے کا منصفانہ نرخ مقرر کرے تاکہ انہیں اپنی محنت کا جائز معاوضہ مل سکے۔

    گنے کی کٹائی کے آغاز سے دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع بھی بڑھ گئے ہیں۔ مزدور طبقہ اس موسم کو روزگار کا ذریعہ سمجھتے ہوئے کچھ سکون کا سانس لیتا دکھائی دے رہا ہے۔ تاہم، ریٹ کے تعین میں تاخیر نہ صرف کسانوں بلکہ مزدوروں کے لیے بھی تشویش کا باعث بن رہی ہے۔

    کسانوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ شوگر ملز کو نرخ مقرر کرنے کا پابند بنائے اور کسانوں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے، تاکہ زرعی شعبہ مستحکم ہو اور دیہی معیشت کو سہارا ملے۔