Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • ننکانہ صاحب ایجوکیشن اسکینڈل: کروڑوں روپے کی خوردبرد، انکوائری رپورٹ دبادی گئی!

    ننکانہ صاحب ایجوکیشن اسکینڈل: کروڑوں روپے کی خوردبرد، انکوائری رپورٹ دبادی گئی!

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ننکانہ صاحب میں مالی سال 2024-25 کے دوران کروڑوں روپے کے فنڈز میں مبینہ خوردبرد، بجٹ میں ٹیمپرنگ اور SAP سسٹم میں جعلی اندراجات کے سنگین انکشافات سامنے آئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق شہری محمد عالم کی شکایت پر 3 اپریل 2025 کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) نے انکوائری افسر مقرر کیا، جنہوں نے 20 مئی 2025 کو اپنی رپورٹ میں واضح کیا کہ فنڈز میں غبن، بجٹ کتاب میں تبدیلیاں اور SAP میں جعلی اندراجات کے ناقابلِ تردید شواہد موجود ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق نان سیلری بجٹ میں غیر قانونی تبدیلیاں کی گئیں اور بعض اشیاء صرف کاغذوں میں خریدی گئیں۔ حیرت انگیز طور پر، رپورٹ جمع ہونے کے باوجود فائل ڈپٹی کمشنر آفس میں دبادی گئی اور کسی بھی افسر کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔

    انکوائری رپورٹ میں موجودہ سی ای او شازیہ بانو, سابق سی ای او احسن فرید اور سٹینوگرافر محمد اظہر کے کردار کو مشکوک قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق شازیہ بانو نے بطور پرنسپل اکاؤنٹنگ آفیسر اخراجات کی رپورٹ چھپائی، جبکہ محمد اظہر کئی سالوں سے غیر قانونی طور پر ایجوکیشن آفس ننکانہ صاحب میں تعینات ہیں۔

    عوامی حلقے اور درخواست دہندہ محمد عالم نے وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری اور ڈی جی اینٹی کرپشن سے مطالبہ کیا ہے کہ دبائی گئی فائلوں کو بازیاب کر کے ذمہ دار افسران کے خلاف شفاف تحقیقات اور فوری کارروائی کی جائے تاکہ تعلیم کے نام پر آنے والے فنڈز عوامی مفاد میں استعمال ہو سکیں۔


  • بابا گرو نانک یونیورسٹی میں آٹھویں بین الاقوامی پنجابی کانفرنس

    بابا گرو نانک یونیورسٹی میں آٹھویں بین الاقوامی پنجابی کانفرنس

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) بابا گرو نانک یونیورسٹی (BGNU) کے شعبہ پنجابی نے لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی (LCWU) کے شعبہ پنجابی کے اشتراک سے آٹھویں بین الاقوامی پنجابی کانفرنس کا انعقاد کیا، جس کا موضوع "زبان، ادب، فن اور ثقافت” تھا۔

    کانفرنس میں قومی و بین الاقوامی سطح کے نامور ماہرینِ لسانیات اور اہلِ علم نے شرکت کی۔ معزز مہمانوں میں ڈاکٹر سرب جیت سنگھ (آسٹریلیا)، ڈاکٹر ترنجیت سنگھ (امریکہ)، پروفیسر ڈاکٹر مجاہدہ بٹ (چیئرپرسن شعبہ پنجابی، LCWU) اور ڈاکٹر صائمہ بتول (اسسٹنٹ پروفیسر، LCWU) شامل تھیں۔

    شعبہ پنجابی کے انچارج ڈاکٹر غضنفر حسین نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے تمام مہمانوں، اساتذہ اور طلبہ کو خوش آمدید کہا اور پنجابی زبان و ثقافت کے فروغ میں ان کی شمولیت کو سراہا۔ کانفرنس سے خطاب میں ماہرین نے زور دیا کہ پنجابی زبان، ادب اور ثقافتی ورثے کے تحفظ و فروغ کے لیے مسلسل کاوشیں ناگزیر ہیں تاکہ یہ زبان عالمی سطح پر اپنی پہچان برقرار رکھ سکے۔

    تقریب کے دوران ڈاکٹر غضنفر حسین کے 25 ویں ناول "81% موت، 19% محبت” کی رونمائی بھی کی گئی۔ بابا گرو نانک یونیورسٹی کے رجسٹرار مبشر طارق نے ناول کا سرِ عنوان فاش کرتے ہوئے ڈاکٹر غضنفر حسین کی علمی و ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے معزز مہمانوں، خصوصاً پروفیسر ڈاکٹر مجاہدہ بٹ کا شکریہ ادا کیا اور LCWU کے ساتھ علمی اشتراک کو سراہتے ہوئے کہا کہ بابا گرو نانک یونیورسٹی پنجابی زبان و ثقافت کے فروغ کے لیے ایسے علمی و تحقیقی تعاون کو جاری رکھے گی۔

    کانفرنس کے اختتام پر شعبہ پنجابی کے طلبہ و طالبات نے پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کرتے ہوئے ثقافتی اسٹال پیش کیا، جس میں پنجاب کے روایتی فن، لباس اور طرزِ زندگی کی جھلک دکھائی گئی۔

    آٹھویں بین الاقوامی پنجابی کانفرنس نے علمی و ثقافتی سطح پر ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا، جس کے ذریعے ماہرینِ تعلیم و ادب نے پنجابی زبان کے فروغ، ادب کی نئی جہتوں اور ثقافتی ورثے کے تحفظ پر مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔

  • سیالکوٹ: علامہ اقبال میموریل ہسپتال میں 10 نئی ڈائیلاسز مشینیں اور آر او پلانٹس کا افتتاح

    سیالکوٹ: علامہ اقبال میموریل ہسپتال میں 10 نئی ڈائیلاسز مشینیں اور آر او پلانٹس کا افتتاح

    سیالکوٹ (محمد جمال، سٹی رپورٹر) علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال میں 10 نئی ڈائیلاسز مشینوں کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں پرنسپل خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج محترمہ ہما کیانی سہگل اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ہسپتال نے شرکت کی۔

    اس موقع پر ہسپتال میں دو نئے آر او پلانٹس بھی نصب کیے گئے۔ یہ تمام مشینیں اور پلانٹس معروف ادارے افضل الیکٹرونکس کی جانب سے عطیہ کیے گئے ہیں۔

    تقریب میں ڈاکٹر شہزاد شوکت (نیفرالوجسٹ)، ڈاکٹر فاطمہ، محمد راحت بٹ (نمائندہ افضل الیکٹرونکس، انچارج ڈائیلاسز یونٹ) اور سلمان علی بٹ بھی موجود تھے۔

    افضل الیکٹرونکس کی جانب سے عطیہ کی گئی جدید ڈائیلاسز مشینیں گردوں کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولت فراہم کریں گی۔ اس اقدام کو عوام، ہسپتال کے عملے اور شریک مہمانوں کی جانب سے زبردست سراہا گیا۔

    شرکاء نے افضل الیکٹرونکس کے سی ای او وسیم افضل کی فلاحی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام معاشرے میں خدمتِ انسانیت کی بہترین مثال ہے۔

  • بہاولنگر: سی ایم انیشیٹو کے اجلاس میں عوامی فلاح اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

    بہاولنگر: سی ایم انیشیٹو کے اجلاس میں عوامی فلاح اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب کے سی ایم انیشیٹو کے حوالے سے اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔

    اجلاس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور وزیراعلیٰ کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق تمام محکمے عوامی خدمت کو اولین ترجیح دیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی سطح پر مقررہ اہداف مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔

    اجلاس میں سی ایم انیشیٹو کے تحت جاری ترقیاتی اور اصلاحاتی منصوبوں پر پیش رفت کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

  • اوکاڑہ:مالک مکان سے جھگڑا،کرایہ دار کی جھوٹی ڈکیتی کی کال،ملزم گرفتار

    اوکاڑہ:مالک مکان سے جھگڑا،کرایہ دار کی جھوٹی ڈکیتی کی کال،ملزم گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں کرایہ دار رمضان نے معمولی جھگڑے کے بعد مالک مکان رحمت علی کو مقدمے میں پھنسانے کے لیے ایمرجنسی نمبر 15 پر جھوٹی ڈکیتی کی کال کر دی، جس پر پولیس تھانہ اے ڈویژن فوری کارروائی کے لیے موقع پر پہنچی۔

    پولیس ترجمان کے مطابق، عزیز پارک اوکاڑہ میں رہائش پذیر رمضان نے کال کی کہ ڈاکوؤں نے دکان میں زبردستی گھس کر واردات کی ہے۔ تاہم، موقع پر جانے پر کسی بھی شکایت کی تصدیق نہ ہوئی، جس پر پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے تحقیقات کی۔

    ملزم رمضان اپنے عمل سے پولیس کو چکما نہیں دے سکا اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کرایہ دار نے معمولی جھگڑے کی بنیاد پر ایمرجنسی سروس کا غلط استعمال کیا اور قیمتی وقت ضائع کیا۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

  • سیالکوٹ: یونین کونسل ریسکیو ٹیموں کے درمیان مقابلہ جات، عملی تربیت پر زور

    سیالکوٹ: یونین کونسل ریسکیو ٹیموں کے درمیان مقابلہ جات، عملی تربیت پر زور

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) سینٹرل ریسکیو اسٹیشن کچہری روڈ پر ضلع بھر کی مختلف یونین کونسلز کی ریسکیو سکاؤٹس ٹیموں کے درمیان مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ معاشرے کو محفوظ بنانے کے لیے عام لوگوں کو تربیت دینا ضروری ہے تاکہ حادثات کی صورت میں ریسکیو ٹیموں کے پہنچنے سے قبل مریضوں کی جان بچائی جا سکے۔

    ریسکیو1122 نے سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایات کے مطابق، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی سربراہی میں ضلع کی چاروں تحصیلوں کی تربیت یافتہ رضاکاروں کی CERT ٹیموں کے درمیان CADRE چیلنج منعقد کروایا۔ پہلے ہر تحصیل میں مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا تھا اور بہترین کارکردگی دکھانے والی یونین کونسل ٹیم نے ضلع سطح کے مقابلہ میں حصہ لیا۔

    اس کے علاوہ میٹل انڈسٹری ادارہ، ووکیشنل ٹریننگ ادارہ، سیالکوٹ کالج آف فزیوتھیرپی اور سیالکوٹ وارڈن کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔ سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کے صدر اشفاق نذر، سوشل ورکر میاں اعجاز، ریسکیو ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ، اور دیگر تربیتی اساتذہ بطور مہمان شریک ہوئے اور سکاؤٹس کی حوصلہ افزائی کی۔

    مقابلہ جات میں ٹیموں نے ہنگامی حالات میں مریضوں کی درجہ بندی، ابتدائی طبی امداد، آگ بجھانا، بلڈنگ گرنے کی صورت میں بچاؤ اور پانی میں پھنسے افراد کو نکالنا جیسے عملی مظاہرے کیے۔

    ٹیموں کی درجہ بندی ریسکیو اینڈ سیفٹی آفیسر محمد احسان، محمد عاصم، اسٹیشن کوآرڈینیٹرز محمد نعیم، محمد رضا، ٹریننگ کوآرڈینیٹر محمد وسیم اور ٹرینر علی رضا نے کی۔
    مقابلہ جات میں جیتنے والی ٹیم لاہور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں ہونے والے رضاکاروں کے مقابلوں میں سیالکوٹ کی نمائندگی کرے گی۔

  • بہاولنگر: کم پیمانے پٹرول پمپس اور دکانداروں کے خلاف کارروائی ، چالان عدالت بھجوا دیے گئے

    بہاولنگر: کم پیمانے پٹرول پمپس اور دکانداروں کے خلاف کارروائی ، چالان عدالت بھجوا دیے گئے

    بہاولنگر (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد عرفان)ڈائریکٹر جنرل انڈسٹریز، پرائسز، ویٹس اینڈ میئرز پنجاب ذیشان شبیر رانا اور ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز محمد کاشف نثار نے مختلف پٹرول پمپس، بازاروں اور دکانوں کا دورہ کیا۔

    دورے کے دوران ڈی او انڈسٹریز نے پٹرول پمپس کے پیمانہ جات، کریانہ، چکن، فروٹ اور سبزی کی دکانوں کے کنڈا جات چیک کیے۔ کم پیمانہ جات والے پٹرول پمپس اور دکانداروں کے خلاف چالان کارروائی کے لیے متعلقہ عدالت میں بھجوا دیے گئے۔

    ڈی او انڈسٹریز محمد کاشف نثار نے کہا کہ اگر کسی شہری کو پٹرول پمپس کے پیمانہ یا دکانوں کے وزن سے متعلق شکایت ہو تو وہ براہِ راست ان کے دفتر نوٹس میں لائیں، اور ایسے دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • واربرٹن: تجاوزات کے خلاف کارروائی، 5 دکانیں سیل، 80 ہزار روپے جرمانہ

    واربرٹن: تجاوزات کے خلاف کارروائی، 5 دکانیں سیل، 80 ہزار روپے جرمانہ

    واربرٹن (باغی ٹی وی،نامہ نگارعبدالغفار چوہدری)ٹی سی او میونسپل کمیٹی واربرٹن میاں مبین نے تجاوزات کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 دکانیں سیل اور 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔

    تفصیلات کے مطابق، ڈپٹی کمشنر ننکانہ تسلیم اختر راو کی ہدایت پر سی او میاں مبین نے اپنے عملے کے ہمراہ دکانوں کے باہر رکھے گئے کاؤنٹر اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا۔

    میونسپل کمیٹی کے سی او میاں مبین نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ پنجاب حکومت کے واضح احکامات ہیں کہ تجاوزات کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر دکاندار کو اپنی حدود کے اندر رہ کر کاروبار کرنا ہوگا اور دکان کے باہر سامان رکھ کر فروخت کرنا ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

  • اوکاڑہ: غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور پٹرول ایجنسیوں کے خلاف کارروائی، 15 دکانیں سیل، 7 مقدمات درج

    اوکاڑہ: غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور پٹرول ایجنسیوں کے خلاف کارروائی، 15 دکانیں سیل، 7 مقدمات درج

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر)سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی سربراہی میں غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور پٹرول ایجنسیوں کے خلاف بڑی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ کارروائی کے دوران 15 دکانوں اور ایجنسیوں کو سیل کر دیا گیا جبکہ 7 مقدمات درج اور متعدد دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق، تحصیل دیپالپور اور رینالہ خورد میں سول ڈیفنس کی ٹیموں نے چھاپے مار کر غیر قانونی طور پر چلنے والی ایل پی جی شاپس اور پٹرول ایجنسیوں کو بند کیا۔ رینالہ خورد میں 4 مقدمات اور دیپالپور میں 3 ایف آئی آرز درج کروائی گئیں۔

    سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایات کے برخلاف ایل پی جی یا پٹرول کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف تمام ممکنہ قانونی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: سموگ پالیسی کی خلاف ورزی پر ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی، 5 گاڑیاں بند، جرمانے عائد

    اوکاڑہ: سموگ پالیسی کی خلاف ورزی پر ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی، 5 گاڑیاں بند، جرمانے عائد

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ڈی آر ٹی اے کی جانب سے سموگ پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔

    حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اقصیٰ ریاض کی نگرانی میں تشکیل دی گئی ٹیموں نے مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے دھواں چھوڑنے والی، بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور ماحولیاتی اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت اقدامات کیے۔

    کارروائیوں کے دوران 5 گاڑیاں بند جبکہ متعدد ٹرانسپورٹرز پر جرمانے عائد کیے گئے۔سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اقصیٰ ریاض نے کہا کہ سموگ کے خاتمے کے لیے حکومتی احکامات پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے، اور فضائی آلودگی پھیلانے والی یا غیر معیاری گاڑیوں کو سڑکوں پر نہیں آنے دیا جائے گا۔

    انہوں نے تمام ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی گاڑیوں کی بروقت فٹنس کروائیں اور ماحولیاتی قوانین کی مکمل پابندی کریں تاکہ عوام کو سموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔