Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • گھوٹکی: انڈس ہائی وے پر ٹرک کی ٹکر، 22 سالہ ہیلپر موقع پر جاں بحق

    گھوٹکی: انڈس ہائی وے پر ٹرک کی ٹکر، 22 سالہ ہیلپر موقع پر جاں بحق

    گھوٹکی (باغی ٹی وی، مشتاق علی لغاری) روجھان/شاہ والی کریش پلانٹ کے قریب انڈس ہائی وے پر جمعرات کو ایک ہولناک سڑک حادثہ پیش آ گیا، جس میں 22 سالہ نوجوان موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

    پولیس کے مطابق ہیلپر ٹرک کا ٹائر چیک کر رہا تھا کہ پیچھے سے آنے والے ایک تیز رفتاری ٹرک نے شدید ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں ہیلپر ٹرک کے نیچے آ گیا اور وہ فوری طور پر دم توڑ گیا۔ ہلاک شدہ کی شناخت شفیق احمد سکن عبد الغنی عمر 22 سال (رہائش ضلع گھوٹکی) ہو گئی ہے۔

    ڈیڈ باڈی کو ریسکیو 1122 کی ٹیم نے برآمد کر کے شاہ والی ہسپتال منتقل کر دیا ہے، جہاں مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ حادثے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں

  • پاکستان سمیت دنیا بھر میں بڑے چاندکے دلکش سپرنظارے

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں بڑے چاندکے دلکش سپرنظارے

    اسلام آباد (باغی ٹی وی ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں بدھ کی رات رواں سال کا سب سے بڑا اور روشن سپر مون "بیور مون” آسمان پر جلوہ افروز ہوا، جس نے کروڑوں افراد کو مسحور کر دیا۔ کراچی، لاہور، ملتان، پشاور، اسلام آباد سمیت ملک بھر کے شہروں میں لوگ کھلے مقامات پر جمع ہو کر چاند کے اس دلکش سپرنظارے کے گواہ بنے اور موبائل کیمروں میں اسے محفوظ کیا۔

    سپارکو کے مطابق چاند زمین سے صرف 356,980 کلومیٹر دور تھا، جس کی وجہ سے وہ معمول سے 7.9 فیصد بڑا اور 16 فیصد زیادہ روشن نظر آیا۔ ماہرین فلکیات نے بتایا کہ سپر مون کا بہترین نظارہ چاند نکلنے کے فوراً بعد افق کے قریب ہوتا ہے۔
    The largest and brightest supermoon of 2025 rose worldwide, dubbed the Beaver Moon, as skies cleared over Australia, India, China and Germany
    یہ 2025 کا دوسرا سپر مون تھا۔ اس سے قبل 7 اکتوبر کو پہلا سپر مون دیکھا گیا تھا، جبکہ سال کا آخری سپر مون 4 دسمبر کو "کولڈ مون” کے نام سے نظر آئے گا۔

    ماہرین کے مطابق جب چاند اپنی بیضوی مدار میں زمین کے سب سے قریب آتا ہے تو اسے سپر مون کہا جاتا ہے۔ سوشل میڈیا پر لاکھوں تصاویر و ویڈیوز وائرل ہوئیں، جن میں شہریوں نے اس نایاب منظر کو "زندگی کا سب سے خوبصورت لمحہ” قرار دیا۔

  • ننکانہ صاحب: بابا گورو نانک یونیورسٹی والنٹیئرز کی گرپرب پر یاتریوں کی خدمت و رہنمائی

    ننکانہ صاحب: بابا گورو نانک یونیورسٹی والنٹیئرز کی گرپرب پر یاتریوں کی خدمت و رہنمائی

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں گرپرب کی تقریبات کے موقع پر بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کے والنٹیئرز ڈاکٹر رضوان علی کی نگرانی میں یاتریوں کی خدمت اور رہنمائی کے فرائض بخوبی انجام دے رہے ہیں۔

    یونیورسٹی کی والنٹیئرز ٹیم اندرون ملک اور بیرون ملک سے آئے سکھ یاتریوں کو معلومات، رہائش اور انتظامی امور میں رہنمائی فراہم کر رہی ہے۔والنٹیئرز کی خوش اخلاقی، تعاون اور خدمت کا جذبہ یونیورسٹی کی اقدارِ رواداری، ہم آہنگی اور انسانیت دوستی کی عکاسی کرتا ہے۔

    ڈاکٹر رضوان علی نے کہا کہ یونیورسٹی کے طلبہ نے ذمہ داریاں جذبے اور پیشہ ورانہ انداز میں نبھائیں۔ ان سرگرمیاں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں اور امن، رواداری و بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے میں مددگار ہیں۔

    گرپرب کے دوران یونیورسٹی انتظامیہ اور والنٹیئرز کی جانب سے یاتریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

  • سیالکوٹ: ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا پہلا اجلاس، 35 کیسز سماعت، ایک موقع پر حل

    سیالکوٹ: ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کا پہلا اجلاس، 35 کیسز سماعت، ایک موقع پر حل

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی سیالکوٹ کا پہلا اجلاس 5 نومبر 2025 کو ڈپٹی کمشنر آفس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی پی او فیصل شہزاد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین، چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ایس ڈی پی اوز سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران 35 کیسز کی سماعت کی گئی، جن میں سے پسرور سے متعلق ایک کیس موقع پر حل کر دیا گیا، جبکہ باقی کیسز میں فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے گئے تاکہ آئندہ سماعتوں میں ان کا مؤقف سنا جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کی جائیداد کے قانونی حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ غیر قانونی قبضہ یا جعلسازی میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

    انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے شہریوں کی ملکیتی اراضی کے تحفظ کے لیے پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف امووایبل پراپرٹی آرڈیننس 2025 نافذ کیا ہے، جس کے تحت جائیدادوں کے تنازعات کا فوری اور منصفانہ حل یقینی بنایا جا رہا ہے۔ آرڈیننس کے مطابق فریقین کا کمیٹی کے سامنے پیش ہونا لازمی ہے۔ جھوٹی یا بدنیتی پر مبنی درخواست دینے والے کو 1 سے 5 سال قید اور جائیداد کی مالیت کے 25 فیصد تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ کمیٹی کو ہر شکایت 90 دن میں نمٹانے کی پابندی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کے قانونی حقوق کے تحفظ اور انصاف کی فوری فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔ کمیٹی ایک فعال فورم کے طور پر شہریوں کو ریلیف فراہم کرے گی اور جائیدادوں کے تنازعات کو شفاف انداز میں حل کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات پر بروقت کارروائی کرکے حقوق یقینی بنائیں۔

  • ننکانہ صاحب: گرو نانک 556ویں جنم دن کی دعائیں، نگر کیرتن اور اختتامی آتشبازی

    ننکانہ صاحب: گرو نانک 556ویں جنم دن کی دعائیں، نگر کیرتن اور اختتامی آتشبازی

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی ،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گرو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات آج اپنے آخری روز گوردوارہ جنم استھان میں جاری ہیں۔ دعائیہ تقریب میں وفاقی و صوبائی وزراء، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب سمیت اعلیٰ حکام کی خصوصی شرکت ہے۔ دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں نے بھی بھرپور حصہ لیا، جو مذہبی ہم آہنگی کی عظیم مثال کی حیثیت رکھتا ہے۔

    دعائیہ تقریب کے بعد گوردوارہ جنم استھان سے گوردوارہ کیارہ صاحب تک نگر کیرتن نکالا جائے گا، جس میں تمام سکھ یاتری شریک ہوں گے۔ مسلمانوں کی جانب سے نگر کیرتن کے لیے 2 کلومیٹر طویل ریڈ کارپٹ بچھایا گیا ہے، جو ہر سال سکھ قوم کے لیے تحفہ میں دیا جاتا ہے۔ یہ روایت مذہبی رواداری اور باہمی احترام کی خوبصورت عکاسی کرتی ہے۔

    نگر کیرتن کے لیے صفائی ستھرائی، سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ روٹ پر جانے والے راستوں کو خاردار تاروں سے بند کر دیا گیا، سیف سٹی کیمروں سے کڑی مانیٹرنگ جاری ہے، جبکہ عمارتوں پر کمانڈوز تعینات ہیں۔ سکھ یاتری شہر کے ساتوں گوردواروں کی یاترا مکمل کر کے شام تک گوردوارہ جنم استھان واپس پہنچیں گے۔

    آج رات 12 بجے بھوگ کی رسم اور اختتامی دعا کے ساتھ 556ویں جنم دن کی تقریبات اختتام پذیر ہو جائیں گی۔ تقریبات کے اختتام پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا جائے گا، جو تقریب کی رونق کو مزید بڑھائے گا۔

  • سیالکوٹ: تحفظ صارف قانون سیشن، 90% مسائل کا فوری حل، موبائل ایپ کا اعلان

    سیالکوٹ: تحفظ صارف قانون سیشن، 90% مسائل کا فوری حل، موبائل ایپ کا اعلان

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹرمدثر رتو) سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تحفظ صارف قانون 2005 کے بارے میں مشاورتی و آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن میں ڈائریکٹر جنرل کنزیومر پروٹیکشن کونسل عمران قریشی، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سید اختشام گیلانی، صدر انجمن تاجران مہر مجتبیٰ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین نے شرکت کی۔ تاجر برادری، وکلاء، سول سوسائٹی اور صحافیوں نے بھرپور شرکت کی۔

    ڈی جی عمران قریشی نے کہا کہ صارفین کی شکایات کے جلد ازالے کے لیے ضلعی کے بعد تحصیل سطح پر کنزیومر پروٹیکشن کونسلز قائم کی جا رہی ہیں۔ ان کونسلز سمری ٹرائل کے بعد فوری ریلیف مہیا کریں گی۔ شکایت کی صورت میں صارف کو فوری ریلیف کے لیے موبائل ایپ تیار کی جا رہی ہے۔ صارفین کے 90 فیصد مسائل کا حل ان کونسلز میں ممکن ہو گا۔ صارف موبائل کے ذریعے آن لائن بھی شکایت کی سماعت میں شریک ہو سکے گا۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ایکٹ کو مزید فعال کیا جا رہا ہے۔ کنزیومر کورٹس موجود رہیں گی اور انہیں مزید فعال بنایا جائے گا۔ ایکٹ کے 39 سیکشنز میں سے چار کے تحت کنزیومر پروٹیکشن کونسلز فیصلے کریں گی۔ "ہم سب صارف ہیں، ایک کاروباری فرد بھی صارف ہوتا ہے۔ حکومت کا مقصد ہے کہ صارف کو اپنے حقوق کا پتا ہو اور اسے خواری نہ اٹھانی پڑے۔”

    چیئرمین ایس سی سی آئی سید اختشام گیلانی نے کہا کہ حکومت پنجاب حقوق صارف قانون میں نئی روح پھونکنے جا رہی ہے۔ صارف کو مزید تحفظ دینا قابل ستائش ہے۔ حکومت کے عملی اقدامات کو سراہتے ہیں، سیالکوٹ میں صفائی کا اتنا اچھا نظام پہلے نہیں تھا۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ تحفظ صارف قانون کے بارے میں دس ہزار افراد سے سروے کیا گیا، جس کے مطابق 70 فیصد لوگوں کو ایکٹ کی اگاہی نہیں۔ ڈسٹرکٹ کنزیومر کونسل اور اے ڈی لیگل اس کونسل کے سیکرٹری ہیں۔ کنزیومر کورٹ کی پاورز ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو دی جا رہی ہیں۔

    سیکشن 11 کے تحت پراڈکٹ کی کوالٹی، اجزاء کی تفصیل، بنانے اور ایکسپائر کی تاریخ نہ ہونے پر ڈپٹی کمشنر کارروائی کر سکتا ہے۔ سیکشن 18 کے تحت اشیاء کی قیمت بزنس سینٹر پر ڈسپلے کرنا لازمی ہے۔ سیکشن 19 کے تحت رسید مہیا کرنا صارف کا حق ہے، جس میں اشیاء کی تفصیل، قیمت اور ٹیکس شامل ہوں گے۔

  • ننکانہ:بابا گورونانک دیو جی کا جنم دیہاڑ، بھارت سے 26 سو سے زائد سکھ یاتریوں کی آمد

    ننکانہ:بابا گورونانک دیو جی کا جنم دیہاڑ، بھارت سے 26 سو سے زائد سکھ یاتریوں کی آمد

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) سکھ مذہب کے روحانی پیشوا بابا گورونانک دیو جی کا جنم دیہاڑ، بھارت سے 26 سو سے زائد سکھ یاتریوں کی آمد

    سکھ مذہب کے بانی اور روحانی پیشوا بابا گورونانک دیو جی کے جنم دیہاڑ کے موقع پر 26 سو سے زائد بھارتی سکھ یاتری سخت سکیورٹی حصار میں واہگہ بارڈر کے راستے ننکانہ صاحب پہنچ گئے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ننکانہ صاحب آمد پر سکھ یاتریوں کا تاریخی اور والہانہ استقبال کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد نے بھارتی یاتریوں کو خوش آمدید کہا، پھولوں کے گلدستے پیش کیے اور ہار پہنائے، جبکہ انتظامیہ کے اہلکاروں نے ان پر گل پاشی بھی کی۔

    بھارت سے آئے سکھ یاتریوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ننکانہ صاحب میں جس محبت اور عزت کے ساتھ ان کا استقبال کیا گیا، ویسا استقبال کسی پردھان منتری کا بھی نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، یہاں کی عوام کی محبت دیکھ کر دل خوش ہو گیا۔ سکھ یاتریوں نے حکومتِ پاکستان کے شاندار انتظامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ننکانہ صاحب کو بین الاقوامی شہر کے طور پر ترقی دینے پر وہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بے حد مشکور ہیں۔

    جتھہ لیڈر سردار کلدیپ سنگھ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا بدلتا اور ترقی کرتا پنجاب دیکھ کر دل باغ باغ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سکھ برادری کی مذہبی عبادت گاہوں کا خاص خیال رکھا ہے جس پر پوری سکھ قوم حکومتِ پاکستان کی شکر گزار ہے۔

    دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتری کل بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی، رہائش اور ٹریفک کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔

  • ننکانہ صاحب: بابا گورونانک دیو جی کا جنم دن، ضلع میں عام تعطیل

    ننکانہ صاحب: بابا گورونانک دیو جی کا جنم دن، ضلع میں عام تعطیل

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر آج 5 نومبر کو ضلع ننکانہ صاحب میں عام تعطیل ہے۔ ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی ہدایت پر عام تعطیل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔

    آج ضلع بھر کے تمام سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے، اسکولز اور کالجز بند ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ بابا گورونانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر ضلع ننکانہ صاحب میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں تاکہ عقیدت مند زائرین اپنے مذہبی فرائض پُرامن ماحول میں ادا کر سکیں۔

  • جب بھٹو زندہ ہے، تو دیہی سندھ کیوں لاوارث ہے؟

    جب بھٹو زندہ ہے، تو دیہی سندھ کیوں لاوارث ہے؟

    جب بھٹو زندہ ہے، تو دیہی سندھ کیوں لاوارث ہے؟
    میرپورماتھیلو سے مشتاق علی لغاری کی ڈائری
    ضلع گھوٹکی کی تحصیل میرپورماتھیلو کے نواحی گاؤں خدا بخش لغاری تک پہنچنا کسی آزمائش سے کم نہیں۔ کچی سڑکیں ہر طرف گرد اور دھول اڑا رہی ہیں، جیسے وقت خود یہاں ٹھہر گیا ہو۔ دیواروں پر آج بھی ’’جیئے بھٹو‘‘ کے نعرے درج ہیں، مگر انہی نعروں کے بیچ میں بسنے والی زندگیاں خاموش احتجاج بن چکی ہیں۔

    تقریباً پانچ ہزار ووٹروں پر مشتمل یہ گاؤں کئی دہائیوں سے بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ پینے کے صاف پانی کا کوئی انتظام نہیں۔ نہ فلٹر پلانٹ ہے، نہ بورنگ، نہ ٹینکی۔ عورتیں اور بچے کلومیٹر دور سے پانی بھر کر لاتے ہیں۔ بارش کے دنوں میں راستے کیچڑ میں ڈوب جاتے ہیں، مگر پیاس برقرار رہتی ہے۔

    صحت کی سہولتیں بھی ناپید ہیں۔ نہ کوئی ڈاکٹر، نہ ڈسپنسری، نہ دوائی۔ زچگی یا معمولی بیماری کی صورت میں مریضوں کو میرپورماتھیلو یا گھوٹکی لے جانا پڑتا ہے اور اکثر راستے میں جان چلی جاتی ہے۔ بزرگوں کے چہرے پر خوف نہیں، مایوسی لکھی ہے۔

    پرائمری سکول کی عمارت بوسیدہ ہے۔ ٹوٹے دروازے، غائب کھڑکیاں اور خالی کمروں میں صرف خاک اڑتی ہے۔ استاد کبھی کبھار آتے ہیں۔ بچے کھیتوں میں مزدوری کرتے دکھائی دیتے ہیں اور لڑکیاں تعلیم کے خواب دیکھنے سے پہلے ہی ہار مان لیتی ہیں۔ ایک مکین کا کہنا ہےکہ “ہمارا مستقبل اندھیرے میں ہے، ہم صرف ووٹ دینے کے دن یاد کیے جاتے ہیں۔”

    نکاسی آب کا کوئی نظام نہیں،گلیوں میں گندے پانی کے جوہڑ، بدبو، مچھر اور بیماریوں کا راج ہے۔ ڈینگی اور ملیریا کے مریض بڑھ رہے ہیں، مگر کوئی سپرے ٹیم کبھی نہیں آئی۔ گاؤں کی گندگی سیاست کے وعدوں کا مذاق اڑاتی دکھائی دیتی ہے۔

    گاؤں خدابخش لغاری کے ایک بزرگ ہاتھ اٹھا کر کہتے ہیں کہ “کیا ہم صرف ووٹ دینے کے لیے پیدا ہوئے ہیں؟ بھٹو زندہ ہے، مگر ہمارا گاؤں مر چکا ہے۔” ان کے الفاظ درد سے بھرے ہیں اور آنکھوں میں امید کے بجائے خالی پن ہے۔

    گاؤں کے اردگرد کھیت اجڑے ہوئے ہیں۔ کبھی لہلہاتی فصلیں تھیں، اب پانی کی کمی نے زمین چٹخا دی ہے۔ نہری نظام ناکام، ٹیوب ویل بند اور مزدوری کے لیے شہروں کا رخ کرنے والے ہاتھ خالی لوٹتے ہیں۔ سیاستدان صرف انتخابات کے موسم میں ان راستوں کو پہچانتے ہیں۔

    میرپورماتھیلو اور گھوٹکی کے درمیان زندگی جیسے رکی ہوئی ہے۔ ترقی کے وعدے ہوا میں تحلیل ہو چکے ہیں اور بھٹو کے نعرے اس دھرتی کی خاموش چیخوں میں دب گئے ہیں۔ اگر واقعی بھٹو زندہ ہے تو دیہی سندھ اتنا لاوارث کیوں ہے؟ یہ سوال ہر دروازے سے اٹھتا ہے، ہر صحن سے گونجتا ہے۔

    گاؤں کے مکین روزانہ بنیادی حقوق کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔ صاف پانی ہر خاندان کے لیے خواب بن چکا ہے۔ عورتیں اور بچے بالٹیاں اٹھائے میلوں چلتے ہیں، ان کی صحت برباد ہو رہی ہے۔ کچی سڑکوں پر روز حادثات ہوتے ہیں۔ بارش میں راستے بند اور گاؤں دنیا سے کٹ جاتا ہے۔

    نہ صحت کا کوئی مرکز ہے، نہ سکول فعال ہیں۔ بچے کھلے آسمان تلے پڑھتے ہیں، اگر استاد آ جائے تو۔ لڑکیوں کی تعلیم کو اب بھی غیرضروری سمجھا جاتا ہے۔ صفائی کا حال یہ ہے کہ ہر گلی کیچڑ اور بدبو سے بھری ہے، ہر گھر بیماریوں سے گھرا ہوا ہے۔

    غربت، بیماری اور بے بسی نے گاؤں والوں کے چہروں سے مسکراہٹ چھین لی ہے۔ لوگ قرض میں ڈوبے ہیں، مزدور کم اجرت پر محنت کر رہے ہیں اور زندگی صرف گزاری جا رہی ہے۔ ہر گھر میں سوال ہے کہ کیا ہمارا کام صرف ووٹ دینا ہے؟ کیا وعدے ہمیشہ کاغذوں میں دفن رہیں گے؟

    گذشتہ کئی سالوں میں کسی منتخب نمائندے یا افسر نے اس گاؤں کا حال نہیں پوچھا۔ کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ عوام کا صبر اب ختم ہو چکا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ اب وعدوں پر نہیں، عمل پر یقین چاہیے۔

    گاؤں کے باسی صاف پانی، صحت، تعلیم اور سڑکوں کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ واٹرفلٹر یشن پلانٹ، بورنگ سسٹم، ڈسپنسری اور سکولوں کی مرمت فوری کی جائے۔ لڑکیوں کی تعلیم اور صفائی کے نظام کو ترجیح دی جائے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ یہ وعدے اب تحریروں سے نکل کر حقیقت بنیں۔

    ان کا پیغام واضح ہے کہ خاموشی ختم ہو چکی ہے۔ اگر اب بھی حکومت، سیاستدان اور افسران نے توجہ نہ دی تو عوام جمہوری طریقے سے اپنی آواز بلند کریں گے۔ گاؤں خدا بخش لغاری اب مزید وعدوں پر نہیں جئے گا، وہ حق مانگے گا ، اپنے انسانی وقار، بنیادی سہولیات اور انصاف کے حق کے لیے۔

    یہ گاؤں اب انتظار نہیں کرے گا۔ یہ گاؤں اٹھ چکا ہے، تاکہ بھٹو کے زندہ ہونے کا مفہوم صرف نعرہ نہ رہے، بلکہ انسانوں کی زندہ حالت میں نظر بھی آئے۔

  • بہاولنگر: ڈی سی کی زیر صدارت KPIs کا ویڈیو لنک اجلاس

    بہاولنگر: ڈی سی کی زیر صدارت KPIs کا ویڈیو لنک اجلاس

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، محمد عرفان نامہ نگار)ضلع بہاولنگر میں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت وزیراعلیٰ پنجاب کے کلیدی کارکردگی اشاریوں (KPIs) پر اہم ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ اس میں تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی محکموں کے افسران، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور متعلقہ شعبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    اجلاس میں مختلف محکموں کی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، عوامی سہولیات، ریونیو کلیکشن، صفائی، صحت و تعلیم کے اہداف اور گڈ گورننس کے نفاذ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوامی خدمت کے منصوبوں پر عملدرآمد تیز کیا جائے تاکہ بہاولنگر صوبے کے بہترین اضلاع میں شامل ہو۔ انہوں نے افسران کو تحصیلوں میں ترقیاتی اہداف کے حصول، شکایات کے فوری ازالے اور فیلڈ موجودگی یقینی بنانے کی تاکید کی، اور غفلت یا تاخیر برداشت نہ ہونے کی تنبیہ کی۔

    اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، سی ای او ہیلتھ، سی ای او ایجوکیشن، ایکسین بلڈنگ، ایکسین ہائی ویز، اسسٹنٹ کمشنرز چیستان، فورٹ عباس، ہارون آباد اور منچن آباد نے اپنی رپورٹس پیش کیں۔ ڈی سی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکمے لگن اور دیانتداری سے ذمہ داریاں نبھائیں تاکہ عوام کو حکومتی سہولیات مل سکیں۔