Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • بہاولنگر: گورنمنٹ پرائمری سکول جوڈانا بستی خستہ حالی کا شکار، بچوں کی جان کو خطرات لاحق

    بہاولنگر: گورنمنٹ پرائمری سکول جوڈانا بستی خستہ حالی کا شکار، بچوں کی جان کو خطرات لاحق

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) گورنمنٹ پرائمری سکول جوڈانا بستی بدترین خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے، جہاں تعلیمی ماحول زبوں حالی کی تصویر بن گیا ہے۔ سکول کی عمارت جگہ جگہ سے ٹوٹ چکی ہے، چھتوں سے پلستر جھڑ رہا ہے اور کلاس رومز کی حالت نہایت ابتر ہو چکی ہے، جس سے بچوں کی تعلیم اور تحفظ دونوں شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

    اہلِ علاقہ کے مطابق سکول کے دروازے بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جبکہ عمارت کے اندر نصب لوہے کو بعض عناصر نے نشی اتار کر فروخت کر دیا ہے۔ اس افسوسناک صورتحال نے سکول کی سیکیورٹی اور بچوں کی حفاظت پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔

    مقامی افراد نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام فوری طور پر سکول کی عمارت کی مرمت کروائیں، سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ بصورت دیگر، یہ خستہ حال عمارت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔

  • ڈی جی خان: ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی صفائی مہم، عوام کا اظہارِ اطمینان

    ڈی جی خان: ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی صفائی مہم، عوام کا اظہارِ اطمینان

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،نیوز رپورٹر)ڈیرہ غازی خان جو طویل عرصے سے صفائی کے ناقص نظام، نالیوں کی بندش اور گندگی کے ڈھیروں سے پریشان تھا، اب ریجنل منیجر ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ طلحہ علیم کی قیادت میں صاف ستھرا شہر بننے کی جانب گامزن ہے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ڈپٹی کمشنر عثمان خالد کے احکامات پر طلحہ علیم نے چارج سنبھالتے ہی عملی اقدامات شروع کیے۔ ان کی ٹیم روزانہ گلیوں، سڑکوں اور گھروں کے باہر سے کوڑا کرکٹ صاف کر رہی ہے، جس سے شہریوں کو واضح ریلیف ملا ہے۔

    عوام نے ڈائیوو کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسی جذبے سے کام جاری رہا تو ڈیرہ غازی خان جلد پنجاب کے صاف ترین شہروں میں شامل ہوگا۔ طلحہ علیم اور ان کی ٹیم کی محنت نیک نیتی اور عوامی خدمت کا زندہ ثبوت ہے۔

  • ڈی جی خان:حیدرآباد کے صحافی عمران مشتاق کا  دورہ؛ ظفر کھوکھر سے ملاقات، اجرک کا تبادلہ

    ڈی جی خان:حیدرآباد کے صحافی عمران مشتاق کا دورہ؛ ظفر کھوکھر سے ملاقات، اجرک کا تبادلہ

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر)روزنامہ حجرت حیدرآباد سندھ کے بیورو چیف عمران مشتاق ڈیرہ غازی خان کے دورے پر تشریف لائے، جہاں انہوں نے پاکستان صحافی اتحاد کے مرکزی صدر ظفر اقبال کھوکھر سے خصوصی ملاقات کی۔

    یہ ملاقات ڈاکٹر بلال لودھی نائب صدر پاکستان صحافی اتحاد کے ہسپتال میں ہوئی، جہاں ان کی جانب سے پرتکلف ٹی پارٹی کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر عمران مشتاق نے ظفر اقبال کھوکھر کو سندھ کی ثقافت کی علامت اجرک کا تحفہ پیش کیا، جبکہ ظفر اقبال کھوکھر نے مہمانِ خصوصی کو وسیب کی پہچان سرائیکی اجرک پہنا کر اعزاز بخشا۔

    عمران مشتاق نے پاکستان صحافی اتحاد کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تنظیم کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔تقریب میں سردار اسلم خان چانڈیہ ایڈوکیٹ (چیئرمین لیگل فورم پاکستان صحافی اتحاد)، نواب عبد الرحمٰن بودلہ اور شیخ مصطفیٰ کنگ سمیت دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

  • بہاولنگر: کھلے مین ہول اور ٹوٹی سڑکیں، شہریوں کی جانیں خطرے میں؛ عوام سراپا احتجاج

    بہاولنگر: کھلے مین ہول اور ٹوٹی سڑکیں، شہریوں کی جانیں خطرے میں؛ عوام سراپا احتجاج

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان)بہاولنگر شہر کے مختلف علاقوں بشمول منچن آباد روڈ، خادم آباد، نزیر کالونی اور رہائشی گلیوں میں کھلے مین ہول، ٹوٹی سڑکیں اور بیٹھتی لینیں شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرے میں ڈال رہی ہیں۔ گہرے مین ہولوں کے ڈھکن غائب یا ٹوٹے ہوئے ہیں، جبکہ اردگرد کی سڑکیں بیٹھ چکی ہیں، جو رات کے اندھیرے یا بارش میں بڑے حادثات کا باعث بن سکتے ہیں۔

    منچن آباد روڈ پر تیز ٹریفک کے بیچ کھلے مین ہول موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کے لیے روزانہ اذیت ہیں۔ اندرونی محلوں میں بچے ان جان لیوا گڑھوں کے قریب کھیلتے نظر آتے ہیں۔ متعدد مقامات پر گاڑیاں پھنسنے اور موٹر سائیکل سواروں کے زخمی ہونے کے واقعات رپورٹ ہوئے، مگر متعلقہ اداروں کی جانب سے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

    شہریوں کا الزام ہے کہ سیوریج اور صفائی کا نظام منسپل کمیٹی بلدیہ بہاولنگر کے زیر انتظام ہے، لیکن ادارے کی غفلت اور عدم توجہی عوام کی جانیں داؤ پر لگا رہی ہے۔ بارہا شکایات کے باوجود محکمہ صرف “نوٹس لینے” تک محدود رہا۔ قانونی ماہرین کے مطابق بغیر ڈھکن مین ہول چھوڑنا بلدیاتی قوانین، شہری حقوق اور عوامی تحفظ کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    عوام نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر اور صوبائی حکومت سے فوری مطالبہ کیا ہے کہ خطرناک مقامات بند کیے جائیں، ٹوٹی سڑکوں کی مرمت ہو اور ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے، تاکہ مزید سانحات سے بچا جا سکے۔

  • احمد پور شرقیہ: ٹرک کی زد میں آ کر نامعلوم شخص جاں بحق

    احمد پور شرقیہ: ٹرک کی زد میں آ کر نامعلوم شخص جاں بحق

    اوچ شریف (باغی ٹی وی نامہ نگار حبیب خان) چنی گوٹھ کے ایل پی روڈ احمد پور شرقیہ پر ایک المناک حادثے میں ایک نامعلوم شخص موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق موٹروے پولیس نے اطلاع دی کہ ایک پیدل چلنے والے شخص کو تیز رفتار ٹرک نے زور دار ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق متوفی کو جسم کے مختلف حصوں میں فریکچر اور کرش انجری آئی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جائے حادثہ پر ہی دم توڑ گیا۔ جاں بحق شخص کی عمر تقریباً 30 سال بتائی جا رہی ہے، مگر تاحال اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔

    لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ٹی ایچ کیو اسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ موٹروے پولیس نے حادثے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • مریم نواز شریف کا وژن ، پنجاب میں تعلیمی انقلاب کی نئی راہیں

    مریم نواز شریف کا وژن ، پنجاب میں تعلیمی انقلاب کی نئی راہیں

    مریم نواز شریف کا وژن ، پنجاب میں تعلیمی انقلاب کی نئی راہیں
    تحریر: ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی
    دنیا تیزی سے ڈیجیٹل عہد میں داخل ہو چکی ہے، جہاں تعلیم، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) کے امتزاج نے علم کے حصول کا تصور ہی بدل دیا ہے۔ ایسے میں پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں گوگل فار ایجوکیشن اور ٹیک ویلی کے اعلیٰ سطحی وفد کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ملاقات نہ صرف ایک خوش آئند قدم ہے بلکہ تعلیمی مستقبل کے ایک نئے باب کا آغاز بھی ہے۔ ملاقات میں گوگل کی جانب سے پنجاب میں گوگل کروم بک فیکٹری لگانے کی پیشکش وہ پیش رفت ہے جو پاکستان میں ڈیجیٹل انڈسٹری کی بنیادوں کو مضبوط کر سکتی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے نہ صرف اس تجویز کا خیر مقدم کیا بلکہ فیکٹری کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، جو ان کے ویژن اور عملی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

    یہ ملاقات محض ایک رسمی تبادلہ خیال نہیں بلکہ ایک پالیسی سطح کا سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔ گوگل فار ایجوکیشن کے وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے تعلیمی وژن، خصوصاً بچیوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم سے ہم آہنگ کرنے کی پالیسی کو متاثرکن قرار دیا۔ یہ وہ شعبہ ہے جہاں پاکستان کو سب سے زیادہ توجہ کی ضرورت ہے کیونکہ آج کی دنیا میں آئی ٹی تعلیم خواتین کو نہ صرف خود مختار بناتی ہے بلکہ ملک کی معاشی ترقی میں براہِ راست کردار ادا کرنے کا موقع بھی فراہم کرتی ہے۔

    بتایا گیا کہ گوگل کروم بک میں بڑے اور اہم سافٹ ویئر بھی انسٹال کیے جائیں گے، جدید سافٹ ویئرز جیسے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹول کٹ، جیمنی اے آئی، ریڈ آلانگ اور کینوا ایسے ٹولز ہیں جو طلبا کے لیے تعلیم کا طریقہ کار بدل دیں گے۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹول کٹ طلبا کو ڈیجیٹل تجزیے، پروگرامنگ اور جدید سائنسی سوچ سے روشناس کرائے گا۔ جیمنی اے آئی ایک ایسا ذاتی ڈیجیٹل اسسٹنٹ ثابت ہوگا جو طلبا کو مضمون نویسی، ریسرچ اور ریاضی جیسے مضامین میں رہنمائی فراہم کرے گا۔ ریڈ آلانگ سافٹ ویئر بچوں کو انگریزی زبان بولنے اور سمجھنے میں مدد دے گا جبکہ کینوا جیسا تخلیقی پلیٹ فارم طلبا میں ڈیزائن، پریزنٹیشن اور پروفیشنل اظہار کی مہارت پیدا کرے گا۔ ان تمام ٹولز کا مقصد طلبا میں خود اعتمادی، تخلیقی سوچ اور عالمی معیار کے مطابق تعلیم حاصل کرنے کی صلاحیت پیدا کرنا ہے۔

    گوگل فار ایجوکیشن کے وفد نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب میں پہلے ہی دو ہزار سے زائد اساتذہ کو آئی ٹی ٹریننگ دی جا چکی ہے، جب کہ باقی اساتذہ کو بھی جدید ڈیجیٹل تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ یہ عمل بتاتا ہے کہ صوبائی حکومت صرف نعروں پر نہیں بلکہ عملی میدان میں بھی آگے بڑھ رہی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ملاقات میں کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بنیادی تعلیم کا حصہ بنانا ان کی ترجیح ہے اور پنجاب کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس حب بنانے کا ہدف اب ایک خواب نہیں بلکہ ایک حقیقت کے قریب ہے۔

    یہ حقیقت ہے کہ اگر تعلیم کو ٹیکنالوجی کے ساتھ جوڑا جائے تو قوموں کی ترقی میں کئی گنا اضافہ ہوتا ہے۔ مریم نواز کا یہ ویژن پنجاب کے لاکھوں طلبا کے لیے نئے امکانات پیدا کرے گا۔ خاص طور پر دیہی علاقوں کے طلبا جو جدید سہولیات سے محروم ہیں، اب گوگل کروم بک کے ذریعے عالمی سطح کی تعلیم حاصل کر سکیں گے۔ یہ اقدام نہ صرف تعلیمی معیار کو بلند کرے گا بلکہ نوجوان نسل میں ڈیجیٹل مہارتوں کا فروغ پاکستان کی معیشت کے لیے بھی ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوگا۔

    یہ بات قابلِ تعریف ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ٹیکنالوجی کے فروغ کو صرف ایک تعلیمی منصوبہ نہیں بلکہ سماجی تبدیلی کا ذریعہ بنایا ہے۔ ان کے اقدامات سے واضح ہوتا ہے کہ وہ پاکستان کے تعلیمی نظام کو جدید دنیا کے ہم قدم بنانے کا عزم رکھتی ہیں۔ گوگل جیسے عالمی اداروں کے ساتھ شراکت سے پنجاب میں نئی سرمایہ کاری، روزگار کے مواقع اور عالمی سطح کی مہارتوں کا فروغ یقینی ہو گا۔

    اگر یہ منصوبے اپنی مکمل شکل میں پایہ تکمیل کو پہنچ گئے تو آئندہ چند سالوں میں پنجاب نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیا میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ڈیجیٹل لرننگ کا مرکز بن سکتا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے بروقت فیصلے، وژن اور عملی اقدامات سے یہ کہنا بجا ہوگا کہ تعلیمی انقلاب کی راہیں ہموار ہو رہی ہیں۔ ویل ڈن سی ایم صاحبہ ! آپ نے نوجوان نسل کے مستقبل کو روشنی کی سمت موڑنے کا جو بیڑا اٹھایا ہے، وہ پاکستان کے روشن کل کی ضمانت ہے۔

  • قصور: ناز سینما روڈ پر میرج ہال کی غیر قانونی پارکنگ، ٹریفک جام سے شہری پریشان

    قصور: ناز سینما روڈ پر میرج ہال کی غیر قانونی پارکنگ، ٹریفک جام سے شہری پریشان

    قصور (طارق نوید سندھو سے)نجی میرج ہال کی سڑک پر ناجائز قبضے نے علاقہ مکینوں اور شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ناز سینما روڈ پر واقع سردار میرج ہال کی انتظامیہ نے پوری سڑک پر غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ قائم کر رکھا ہے جس سے ٹریفک جام ہونا معمول بن چکا ہے۔
    علاقہ مکینوں اور شہریوں نے ڈپٹی کمشنر قصور، سی او میونسپل کمیٹی اور ڈسٹرکٹ انچارج پیرا فورس قصور کو فوری نوٹس لے کر سڑک پر ناجائز قبضہ کو واگزار کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، ناز سینما روڈ قصور پر واقع سردار میرج ہال کی انتظامیہ نے غنڈہ گردی اور اپنے اثرورسوخ کے باعث میرج ہال کے باہر کنکوڈیا کالج کی جانب جانے والی سڑک کے درمیان اور دونوں اطراف غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ قائم کر رکھا ہے۔ اس کے نتیجے میں ٹریفک جام رہنا معمول بن چکا ہے اور علاقہ مکینوں سمیت گزرنے والی گاڑیوں اور راہگیروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    علاقہ مکین اس سلسلے میں میرج ہال کی انتظامیہ سے کئی مرتبہ شکایت کر چکے ہیں کہ آپ کے میرج ہال کی اپنی پارکنگ بیسمنٹ میں موجود ہے، آپ گاڑیوں کی پارکنگ وہاں پر کروائیں۔ مگر وہ اپنے سیاسی اثرورسوخ کے باعث بدمعاشی پر اتر آتے ہیں اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہیں۔

    علاقہ مکینوں اور شہریوں نے ڈپٹی کمشنر قصور، سی او میونسپل کمیٹی اور ڈسٹرکٹ انچارج پیرا فورس قصور کو فوری نوٹس لے کر سڑک پر ناجائز قبضہ کو واگزار کرانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ علاقہ مکین اور شہری سکھ کا سانس لے سکیں۔

  • قصور: ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن، کوٹ مراد خان میں گودام پر چھاپہ، 2850 تھیلے آٹے ضبط

    قصور: ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن، کوٹ مراد خان میں گودام پر چھاپہ، 2850 تھیلے آٹے ضبط

    قصور (طارق نوید سندھو سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ قصور اور پیرا فورس کی طرف سے ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    پیرا فورس نے کوٹ مراد خان قصور کے علاقے میں ایک گودام پر چھاپہ مار کر ذخیرہ کیے گئے 20 کلو آٹے کے 400 تھیلے، 15 کلو آٹے کے 1850 تھیلے اور 10 کلو آٹے کے 600 تھیلے ضبط کر لیے اور گودام کو سیل کر دیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر عمران علی نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ گرانفروشی کی روک تھام کے لیے پرائس مجسٹریٹس اور پیرا فورس متحرک ہیں۔ شہر میں اشیائے خوردونوش کی دستیابی مقررہ نرخوں پر یقینی بنائی جا رہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی بلا تعطل اور بلا تفریق جاری رکھی جائے گی۔ آٹے و گندم کی سپلائی چین پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کہیں قلت نہ ہو۔

  • قصور: ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا جائزہ اجلاس، تجاوزات، وال چاکنگ کے خاتمے کی رفتار تیز کرنے کا حکم

    قصور: ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا جائزہ اجلاس، تجاوزات، وال چاکنگ کے خاتمے کی رفتار تیز کرنے کا حکم

    قصور (طارق نوید سندھو سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر عمران علی کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاک آرمی، رینجرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ایس ای واپڈا، سول ڈیفنس آفیسر، لائیو سٹاک، ایگری کلچر اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں غیرقانونی پٹرول پمپس کے حوالے سے سول ڈیفنس آفیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ غیرقانونی ایل پی جی ری فیلنگ کی چیکنگ کے لیے تشکیل کردہ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کر رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے شہری علاقوں میں غیرقانونی ایل پی جی گیس کی ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔

    ڈی سی عمران علی نے کہا کہ پنجاب روڈ اینڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ سڑکوں کی ڈیزائننگ اور برجز کے دونوں اطراف پر وال لگانے کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ وال لگانے کا کام بھی کریں گے تاکہ سڑکوں پر حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔

    تمام اے سیز نے اپنی اپنی تحصیلوں میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشنز بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر شہر سمیت ضلع بھر میں تجاوزات اور وال چاکنگ کے مکمل خاتمے کی رفتار کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔

    ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کمیٹیز اور سیکریٹری آر ٹی اے کو ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مل کر آپریشن کرنے کی ہدایت جاری کی۔

    ایس ای لیسکو نے بجلی چوری، ریکوری اور بجلی کی چوری کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

  • سیالکوٹ: عوام کو فوری انصاف اور سرکاری اداروں میں شفافیت حکومت پنجاب کی ترجیح، صوبائی محتسب کے ایڈوائزر

    سیالکوٹ: عوام کو فوری انصاف اور سرکاری اداروں میں شفافیت حکومت پنجاب کی ترجیح، صوبائی محتسب کے ایڈوائزر

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو)صوبائی محتسب پنجاب کے ایڈوائزر کیپٹن (ر) عطا محمد خان نے کہا ہے کہ عوام کو فوری انصاف کی فراہمی اور سرکاری اداروں میں شفافیت کو یقینی بنانا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو ان کے حقوق کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

    وہ آج سوشل ویلفیئر کمپلیکس سیالکوٹ میں منعقدہ ایک کھلی کچہری سے خطاب کر رہے تھے۔ کھلی کچہری میں مختلف شہریوں نے محکمہ جات سے متعلق اپنی شکایات پیش کیں جنہیں سننے کے بعد ایڈوائزر صوبائی محتسب نے موقع پر متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے اور متعدد شکایات کا فوری ازالہ بھی کیا۔

    ایڈوائزر نے کہا کہ دفترِ محتسب پنجاب عوامی خدمت کا ایک مؤثر فورم ہے جو سرکاری محکموں، اداروں یا ان کے ملازمین کے خلاف انتظامی بدعنوانی اور ناانصافی کی شکایات پر کارروائی کرتا ہے۔ شہری اپنی شکایات بلا معاوضہ جمع کروا سکتے ہیں، جن پر غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جاتی ہیں۔
    انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب بھر میں 36 ریجنل دفاتر قائم ہیں جہاں عوام اپنی شکایات جمع کروا سکتے ہیں۔

    شہری ہیلپ لائن 1050 پر 24 گھنٹے رابطہ کر سکتے ہیں یا ای میل sialkot@ombudsmanpunjab.gov.pk کے ذریعے بھی اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔

    اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر و بیت المال شریف گھمن، سول سوسائٹی کے نمائندگان محمد اشفاق نذر، میاں اعجاز انجم، میر غلام حسین، محمد اشرف جیتلہ، عبدالشکور، عامر جاوید اور دیگر سماجی تنظیموں کے اراکین بھی موجود تھے۔

    ایڈوائزر صوبائی محتسب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے محتسب پنجاب کے پلیٹ فارم سے رجوع کریں۔ ان کا مسئلہ زیادہ سے زیادہ 30 روز کے اندر حل کیا جائے گا تاکہ انصاف کی فراہمی کا عمل مزید مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔