Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • قصور :پولیس ڈرائیونگ سکول میں پاسنگ آؤٹ تقریب، صفیہ سعید مہمانِ خصوصی

    قصور :پولیس ڈرائیونگ سکول میں پاسنگ آؤٹ تقریب، صفیہ سعید مہمانِ خصوصی

    قصور(باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید سندھو) ڈرائیونگ سکول، پولیس لائن قصور میں پاسنگ آؤٹ تقریب منعقد ہوئی، جس میں مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حاجن صفیہ سعید نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

    تقریب میں کامیاب ہونے والے طلبہ و طالبات میں سرٹیفکیٹس اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر انچارج ڈرائیونگ اسکول میڈم نسیم اختر اور انچارج ڈرائیونگ برانچ اظہر حسین سمیت ڈسٹرکٹ پریس کلب کے صدر عطاء محمد قصوری اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

    خواتین کی ڈرائیونگ میں دلچسپی ایک مثبت رجحان: مہمانِ خصوصی حاجن صفیہ سعید نے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ خواتین اور نوجوانوں کی ڈرائیونگ میں بڑھتی ہوئی دلچسپی ایک مثبت رجحان ہے، جو مستقبل میں محفوظ ٹریفک کلچر کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر قصور میں جدید ڈرائیونگ مشینری فراہم کی گئی ہے، جس سے بالخصوص خواتین کو ڈرائیونگ سیکھنے میں نمایاں آسانی حاصل ہو گی۔

    انچارج ڈرائیونگ اسکول میڈم نسیم اختر نے کہا کہ اسکول اپنے طلبہ و طالبات کو معیاری اور عملی ڈرائیونگ ایجوکیشن فراہم کر رہا ہے اور تجربہ کار پولیس افسران لیکچرز کے ذریعے ان کی کردار سازی پر بھی خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔

  • اوکاڑہ: وزیراعلیٰ مریم نواز کا عوام دوست اقدام، سہولت بازار کی 108 دکانوں کی قرعہ اندازی مکمل

    اوکاڑہ: وزیراعلیٰ مریم نواز کا عوام دوست اقدام، سہولت بازار کی 108 دکانوں کی قرعہ اندازی مکمل

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے وژن کے تحت سٹیٹ آف دی آرٹ سہولت بازار کی 108 دکانوں کی قرعہ اندازی مکمل کر لی گئی۔

    تقریب کی نگرانی ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشن اینڈ ریونیو سہولت بازار اتھارٹی صدام حسین اور اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر نور محمد نے کی۔ اس موقع پر مینیجر سہولت بازار ثاقب وٹو، اتھارٹی کی کمیٹی کے اراکین، درخواست گزار اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شہریوں نے شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر دکانوں کی تقسیم پر وزیراعلیٰ پنجاب سے اظہار تشکر کیا۔

    صدام حسین نے بتایا کہ سہولت بازار کے قیام سے عوام کو ایک ہی چھت تلے سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ دستیاب ہوں گی۔ اب تک 20 اضلاع میں سہولت بازار قائم کیے جا چکے ہیں جبکہ آئندہ 60 شہروں میں مزید بازار بنائے جائیں گے۔ ان بازاروں میں سستی سبزیاں، پھل، گوشت، کریانہ آئٹمز سمیت روزمرہ اشیاء دستیاب ہوں گی۔

    عوام کی سہولت کے لیے سیکیورٹی، مفت بجلی، فری پارکنگ اور ہوم ڈلیوری کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ دکانوں کی تقسیم میں خواتین، معذور اور اقلیتی افراد کے لیے کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر کے مطابق سہولت بازار عوام کو سستا روزگار اور بہترین کاروباری ماحول فراہم کرنے کا منصوبہ ہے جہاں اشیاء نوٹیفائڈ ریٹس سے بھی کم قیمت پر دستیاب ہوں گی۔

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت اجلاس، گڈ گورننس اقدامات پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت اجلاس، گڈ گورننس اقدامات پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے مفادِ عامہ کے پیش نظر ضلعی افسران کو وزیراعلیٰ پنجاب کے گڈ گورننس اقدامات پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں۔

    اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان، اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ چوہدری رب نواز، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر نور محمد، ایم ڈی واسا عبدالوحید، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مرغوب حسین ڈوگر، ایس ڈی ای او پیرا وسیم جاوید، سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر افضال حسین بلوچ سمیت دیگر افسران شریک ہوئے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب مہم، پرائس کنٹرول میکانزم، تجاوزات کے خاتمے، آوارہ کتوں کی تلفی، پارکس کی تزئین و آرائش، صفائی ستھرائی اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق گڈ گورننس، شفافیت اور عوامی خدمت کے اصولوں پر مبنی اصلاحات سے عوامی معیارِ زندگی بہتر ہو رہا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ گراس روٹ سطح پر عوامی خدمت کے لیے متحرک رہیں اور ای سروسز، لینڈ ریکارڈ سنٹرز، سہولت بازار، صاف پنجاب پروگرام اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں مثالی اقدامات یقینی بنائیں۔

  • ننکانہ صاحب: ڈاکٹر طلحہ شیروانی بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کے فوکل پرسن مقرر

    ننکانہ صاحب: ڈاکٹر طلحہ شیروانی بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کے فوکل پرسن مقرر

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) محکمہ صحت پنجاب نے ڈاکٹر طلحہ خان شیروانی، پروجیکٹ ڈائریکٹر PTP پنجاب ڈی جی ایچ ایس، کو بابا گرو نانک دیو جی کے 556 ویں جنم دن کی تقریبات کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے۔

    اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ ڈاکٹر طلحہ شیروانی نے اس تقرری کو اپنے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی قیادت میں یہ ذمہ داری سابق سی ای او ہیلتھ ننکانہ کے طور پر ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس سال لاہور، ننکانہ صاحب، حسن ابدال اور کرتارپور میں صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی اپنائی جائے گی تاکہ یاتریوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

    ڈاکٹر طلحہ نے چیئرپرسن PSGPC سب کمیٹی ڈاکٹر سردار ممپال سنگھ کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستان کے مثبت امیج، یاتریوں کی خدمت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

  • بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ای بز پروگرام کا جائزہ اجلاس

    بہاولنگر: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ای بز پروگرام کا جائزہ اجلاس

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کی زیر صدارت ای بز پروگرام کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر میں ای بز پروگرام کی کارکردگی، عوامی سہولتوں اور سروس ڈیلیوری کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جام آفتاب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ظہور حسین، اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر اور متعلقہ محکموں کے افسران اجلاس میں شریک ہوئے، جبکہ تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ای بز پروگرام کے تحت قائم عوامی سہولت مراکز کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کاروباری و سرکاری خدمات تک شفاف اور تیز رسائی حاصل ہو۔

    انہوں نے کہا کہ ای بز پروگرام حکومتِ پنجاب کا عوام دوست اقدام ہے جس سے ضلع بھر میں سروس ڈیلیوری کے نظام میں شفافیت اور بہتری آ رہی ہے۔ اجلاس کے اختتام پر تمام محکموں کو مقررہ اہداف کے حصول کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

  • گوجرانوالہ: جینم کینسر ہسپتال میں کینسر آگہی کیلئے “ہوپ کارنیوال” کا انعقاد

    گوجرانوالہ: جینم کینسر ہسپتال میں کینسر آگہی کیلئے “ہوپ کارنیوال” کا انعقاد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ذیلی ادارے جینم کینسر ہسپتال گوجرانوالہ میں کینسر آگہی کے سلسلے میں “ہوپ کارنیوال” اور فن فئیر کا انعقاد کیا گیا۔

    تقریب میں قریبی دیہات کی خواتین اور مختلف سکولوں کے بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ہسپتال کی جانب سے خواتین کے مفت طبی معائنے کے لیے موبائل وین کا خصوصی انتظام کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے خواتین کی میموگرافی سمیت دیگر ٹیسٹ کیے۔

    کارنیوال میں جھولے، گیمز، ملبوسات، کھانے پینے اور فوٹو گرافی کے اسٹالز بھی لگائے گئے۔ ڈائریکٹر جینم کینسر ہسپتال ڈاکٹر عاصمہ سہیل کے مطابق پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیرِ انتظام ملک بھر میں کینسر کے 21 مراکز کام کر رہے ہیں۔

    تقریب میں سابق ڈائریکٹر و کنسلٹنٹ ڈاکٹر سہیل مراد، ہیڈ آف انکالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر محسن رضا، محمد ارسلان اور دیگر لیڈی ڈاکٹرز بھی موجود تھیں۔

  • بہاولنگر: وزیراعلیٰ مریم نواز کے ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرین کو گھر کی بحالی کی رقوم کی تقسیم

    بہاولنگر: وزیراعلیٰ مریم نواز کے ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرین کو گھر کی بحالی کی رقوم کی تقسیم

    بہاولنگر (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد عرفان) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر گورنمنٹ ٹیکنیکل کالج بہاولنگر میں سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف کیمپ قائم کیا گیا ہے، جہاں متاثرہ خاندانوں کو گھر کی بحالی تک مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    کیمپ میں 50 ہزار سے 10 لاکھ روپے تک کی رقوم دی جا رہی ہیں۔ متاثرین کے لیے جوس اور دوپہر کے کھانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کا متاثرینِ سیلاب کی بحالی کا ویژن قابلِ تحسین ہے۔

  • اوچ شریف: مریم نواز کا سیلاب ریلیف پیکج فلاپ، کہیں لاکھوں، کہیں چند ہزار، متاثرین کا انصاف کا مطالبہ

    اوچ شریف: مریم نواز کا سیلاب ریلیف پیکج فلاپ، کہیں لاکھوں، کہیں چند ہزار، متاثرین کا انصاف کا مطالبہ

    اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)تحصیل احمد پور شرقیہ کے سیلاب زدہ علاقوں میں وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے اعلان کردہ بحالی پیکج پر عملدرآمد میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آگئی ہیں۔ سیلاب متاثرین کے مطابق اعلانات کے برعکس رقم کی تقسیم میں غیر مساوات، بدنظمی اور مبینہ اقرباپروری نے متاثرہ عوام کو شدید مایوسی سے دوچار کر دیا ہے۔

    اوچ شریف کے نواحی علاقوں ترنڈ بشارت، رتھر نھڑانوالی، سرور آباد، بیٹ احمد بختیاری، چک کہل سمیت متعدد دیہاتوں میں متاثرین کو غیر مساوی رقوم دی جا رہی ہیں۔ بعض مقامات پر پکے گھروں کے متاثرین کو محض 75 ہزار روپے ملے، جبکہ دوسرے علاقوں میں کچے مکانات کے مالکان کو 2 لاکھ 50 ہزار سے 5 لاکھ روپے تک ادا کیے گئے، جس سے حکومتی اعلانات اور زمینی حقائق میں واضح تضاد سامنے آگیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا تھا کہ پکے مکانات کے منہدم ہونے پر 10 لاکھ روپے، کچے مکانات کے لیے 5 لاکھ روپے، اور فی ایکڑ زرعی زمین کے نقصان پر 20 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ مگر بیشتر متاثرین کو یہ رقم مکمل طور پر نہیں ملی۔ کئی گاؤں میں یکساں نقصان کے باوجود ادائیگیوں میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ متعدد خاندانوں کو محض 5 سے 10 ہزار روپے تک ادا کیے گئے، جو بحالی کے لیے ناکافی ہیں۔

    متاثرین کا کہنا ہے کہ سرکاری افسران کی جانب سے فہرستوں میں تبدیلیاں اور ’’پسند و ناپسند‘‘ کی بنیاد پر تقسیم کی جا رہی ہے۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ امدادی رقوم کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے فوری تحقیقات کرائی جائیں اور زمینی سطح پر کارروائی کی جائے۔

    سیلاب زدہ خاندانوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے بروقت اصلاح نہ کی تو یہ پیکج متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے کے بجائے ان پر نمک چھڑکنے کے مترادف ثابت ہوگا۔

  • گھوٹکی: میونسپل ملازمین کا 23 ویں بھی دھرنا جاری، وکلاء کا 8 دن کا الٹی میٹم

    گھوٹکی: میونسپل ملازمین کا 23 ویں بھی دھرنا جاری، وکلاء کا 8 دن کا الٹی میٹم

    گھوٹکی(باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی میونسپل کمیٹی کے ملازمین کی جانب سے چھ سال سے سیاسی بنیادوں پر بند تنخواہوں کی بحالی کے لیے پپل چوک پر جاری احتجاجی کیمپ 23ویں دن میں داخل ہو گیا ہے۔ اس دوران گھوٹکی بار ایسوسی ایشن کے صدر شاہنواز وسیر اپنی ٹیم کے ہمراہ احتجاجی کیمپ پر پہنچ گئے اور ملازمین سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ہر فورم پر ساتھ دینے کا اعلان کیا۔

    بشیر کلوڑ، مختیار ٹگڑ، احمد کلادی، برکت کوری، سہراب کلوڑ، اورنگزیب چنا، امداد مہر، ہدایت اللہ ابڑو، وحید مراد چنا، کفایت اللہ گھوٹو، ایاز گل چنا، ندیم دھانڈو اور دیگر ملازمین کی قیادت میں یہ احتجاج گزشتہ 23 دن سے جاری ہے۔

    وکیل شاہنواز وسیر نے دھرنے میں پہنچ کر ملازمین سے ہمدردی کا اظہار کیا اور سندھ حکومت، اعلیٰ افسران، گھوٹکی چیئرمین اور سی ایم او گھوٹکی کو تنخواہیں بحال کرنے کے لیے 8 دن کا الٹی میٹم دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر تنخواہیں فوری طور پر جاری نہ کی گئیں تو ملازمین کے ساتھ مل کر قانونی تحریک بھی شروع کی جائے گی۔

    شاہنواز وسیر کی آمد پر احتجاجی کیمپ میں موجود ملازمین نے وکلا برادری کا شاندار استقبال کیا اور ہر جانب سے پھولوں کی بارش کی گئی۔ ملازمین سے ملاقات کے دوران شاہنواز وسیر میڈیا کے سامنے آبدیدہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ایک دن گزارنا کتنا مشکل ہے جبکہ ان ملازمین کی چھ سال سے جبراً تنخواہیں بند ہیں، جو براہِ راست ان کا معاشی قتل ہے۔ ان کے بچوں کی تعلیم تباہ ہو گئی اور سینکڑوں خاندانوں کا مستقبل برباد ہو گیا، جو ان لوگوں کا کام ہے جن کا نعرہ "روٹی، کپڑا اور مکان” ہے۔

    احتجاجی کیمپ میں سیاسی و سماجی رہنماؤں رئوف پارس دائو، احسان کلادی، فدا حسین ملک اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے ہر فورم پر ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہوئے جبراً بند کی گئی تنخواہوں کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔

  • اوچ شریف: بکھری میں اندھی گولی سے شہری زخمی،مقدمہ درج

    اوچ شریف: بکھری میں اندھی گولی سے شہری زخمی،مقدمہ درج

    اوچ شریف( باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی موضع بکھری میں رات گئے فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آ گیا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک شہری شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے نواحی موضع بکھری رتہر لعل بستی میں گزشتہ رات تقریباً 3 بجے کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں محمد ناظم اللہ ولد بچایا قوم سیال شدید زخمی ہو گیا۔

    زخمی ناظم اللہ کے مطابق وہ اپنے گھر میں سو رہا تھا کہ اچانک پڑوس سے زرہا بی بی (زوجہ محمد اکمل قوم سیال) کے گھر سے چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دیں۔ جب وہ صورتحال دیکھنے کے لیے باہر نکلا تو تین نامعلوم افراد وہاں سے فرار ہو رہے تھے۔ اس نے آواز دے کر ان سے شناخت پوچھی تو ملزمان نے اس کی ٹانگ پر فائر کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

    واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ اوچ شریف اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا اور تلاش شروع کر دی۔ تھانہ اوچ شریف کے مطابق، واقعہ کے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔