Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • گھوٹکی: پولیس کی کارروائی، 13 من نان کسٹم کپڑوں سے بھرا رکشہ برآمد، ملزم فرار

    گھوٹکی: پولیس کی کارروائی، 13 من نان کسٹم کپڑوں سے بھرا رکشہ برآمد، ملزم فرار

    گھوٹکی ( باغی ٹی وی ،نامہ نگارمشتاق علی لغاری) محمد انور کھیتران کے احکامات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی اور سنیپ چیکنگ کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔

    ایس ایچ او تھانہ کھمبڑا ظہیر حسین بھٹو بمعہ اسٹاف نے حساس ادارے کی نشاندہی پر کراس بند پکٹ پر کارروائی کے دوران نان کسٹم کپڑوں سے بھرا ایک رکشہ برآمد کر لیا۔ پولیس پارٹی کو چیکنگ کرتا دیکھ کر ایک نامعلوم ملزم تقریباً 13 من نان کسٹم کپڑوں سے لوڈ رکشہ چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔

    پولیس نے چھکڑے کو نان کسٹم کپڑوں سمیت اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے بعد کسٹم حکام کے حوالے کر دیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ضلع بھر میں امن و امان کی فضا قائم رکھنے اور قانون کی بالادستی برقرار رکھنے کے لیے پولیس کو سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں، جبکہ جرائم پیشہ عناصر اور سماجی برائیوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رہے گی۔

  • اوکاڑہ: پنجاب کبڈی چیمپئن شپ، ساہیوال کی ٹیم فاتح قرار

    اوکاڑہ: پنجاب کبڈی چیمپئن شپ، ساہیوال کی ٹیم فاتح قرار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) جناح اسٹیڈیم اوکاڑہ میں پنجاب کبڈی چیمپئن شپ 2025 کے شاندار مقابلوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں پنجاب بھر کی ڈویژنز سے نامور کبڈی ٹیموں نے حصہ لیا۔ مقابلوں میں شائقین کبڈی کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں موجود رہی اور کھلاڑیوں کے فن کو خوب سراہا۔

    اختتامی مرحلے میں ساہیوال اور فیصل آباد کی ٹیموں کے درمیان کانٹے دار فائنل میچ ہوا جس میں ساہیوال نے 57 پوائنٹس کے مجموعی سکور سے فتح حاصل کر کے ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔

    ٹورنامنٹ میں بطور مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج اور ایم پی اے و صدر پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن چوہدری افتخار حسین چھچھر نے شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ڈی پی او راشد ہدایت اور اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز بھی بطور مہمان اعزاز موجود تھے۔

    اختتامی تقریب میں مہمانوں نے جیتنے والی اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں کھیلوں کے فروغ کے لیے انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کبڈی جیسے روایتی کھیل ہماری ثقافت کا اہم حصہ ہیں۔

    ایم پی اے و صدر کبڈی ایسوسی ایشن پنجاب چوہدری افتخار حسین چھچھر نے کہا کہ کبڈی ایسوسی ایشن کھیل کی ترقی و ترویج کے لیے پرعزم ہے اور بہترین کھلاڑیوں کو نیشنل اور انٹرنیشنل سطح پر مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

  • گوجرہ: درخت گرنے سے محنت کش جاں بحق، ڈکیتی میں نقدی و موبائل چھین لیے گئے

    گوجرہ: درخت گرنے سے محنت کش جاں بحق، ڈکیتی میں نقدی و موبائل چھین لیے گئے

    گوجرہ (سٹی رپورٹر محمد اجمل) شہر اور گردونواح میں افسوسناک حادثہ اور ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔

    چک نمبر 159 گ ب گگو ماہل کا محنت کش محمد عظیم اڈا مونگی بنگلہ پر مزدوری میں مصروف تھا کہ نہر گوگیرہ کے کنارے سفیدہ کا درخت اچانک ٹوٹ کر اس پر جا گرا۔ حادثے کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرہ منتقل کیا گیا، جہاں سے حالت نازک ہونے پر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کیا گیا۔ تاہم وہ موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔ متوفی چار بچوں کا باپ تھا۔ نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور بعد ازاں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

    دوسری جانب گوجرہ میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے دکاندار کو نشانہ بنا ڈالا۔ انصار کالونی کے رہائشی محمد افضال، جو تکیہ پھمن سائیں مونگی روڈ پر نلکی بٹن کی دکان چلاتے ہیں، اپنی دکان پر موجود تھے کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم ڈاکو اسلحہ کے زور پر 20 ہزار روپے نقدی اور قیمتی موبائل چھین کر فرار ہوگئے۔ واردات کی اطلاع تھانہ سٹی پولیس گوجرہ کو دے دی گئی ہے تاہم تاحال مقدمہ درج ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

  • گوجرانوالہ: علی اشرف خان کو چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے الیکٹرک آف کامرس بننے پر مبارکباد

    گوجرانوالہ: علی اشرف خان کو چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے الیکٹرک آف کامرس بننے پر مبارکباد

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد رمضان نوشاہی) چوہدری عظمت اللہ مہر چیف ایڈیٹر سجاول نیوز، بیورو چیف پنجاب روزنامہ عبادت لاہور، صدر پریس کلب عالم چوک رجسٹرڈ گوجرانوالہ اور ممبر میڈیا اسٹینڈنگ کمیٹی برائے چیمبر آف کامرس نے اپنے دوستوں ملک محمد شاہد بیورو چیف روزنامہ شیر پاکستان، سید ناصر علی شاہ بیورو چیف روزنامہ سجاول نیوز، رانا محمد اشفاق احمد بیورو چیف گوجرانوالہ روزنامہ عبادت لاہور اور میاں ندیم مہر کے ہمراہ اشرف ہاؤس کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر پی پی 70 کے سینئر نائب صدر طارق اشرف خان اور مسلم لیگ (ن) کے سابق چیئرمین و صدر پی پی 70 رانا محمد اعظم نے دوستوں کو خوش آمدید کہا۔ چوہدری عظمت اللہ مہر اور ان کے رفقاء نے علی اشرف خان کو چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے الیکٹرک آف کامرس بننے پر مبارکباد پیش کی، انہیں پھولوں کی مالا پہنائی اور گلدستہ بھی دیا۔ اس موقع پر دعائیہ کلمات بھی ادا کیے گئے کہ اللہ پاک علی اشرف خان کو مزید ترقی اور کامیابیاں عطا فرمائے۔

    آخر میں طارق اشرف خان، سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) پی پی 70 و سرپرست اعلیٰ پریس کلب عالم چوک رجسٹرڈ نے تمام دوستوں کا شکریہ ادا کیا۔

  • گھوٹکی: جانوروں میں مبینہ خطرناک بیماری لمپی اسکن پھیلنے لگی، انتظامیہ خاموش

    گھوٹکی: جانوروں میں مبینہ خطرناک بیماری لمپی اسکن پھیلنے لگی، انتظامیہ خاموش

    گھوٹکی (نامہ نگار باغی ٹی وی مشتاق علی لغاری)میرپورماتھیلو ،جروار ،گاؤں خدابخش لغاری اور ضلع گھوٹکی کےنواحی علاقہ قادرپور کے گاؤں محمد رمضان چاچڑ میں جانوروں میں مبینہ طور پر خطرناک بیماری لمپی اسکن تیزی سے پھیلنے لگی ہے، جس کے باعث متعدد مویشی متاثر ہو چکے ہیں۔ مقامی افراد نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ بیماری قریبی دیہات اور پورے علاقے میں تباہی پھیلا سکتی ہے۔

    گاؤں کے کسانوں اور مویشی پال حضرات نے انتظامیہ کی غیر سنجیدگی پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ محکمہ لائیوسٹاک یا ضلعی انتظامیہ نے اب تک کوئی نوٹس نہیں لیا، نہ ہی ویکسینیشن یا قرنطینہ جیسی حفاظتی کارروائیاں کی گئی ہیں۔دوسری طرف پرائیویٹ اتائی وٹرنری ڈاکٹروں نے ات مچائی ہوئی ہے ،علاج کے نام پر مویشی پال سادہ لوگوں سے ہزاروں روپے لوٹنےلگے ،ہزاروں روپے خرچ کرنے کے باوجود جانور موت کا شکار ہونے لگے.

    مقامی شہریوں نے حکومتِ سندھ اور ضلعی انتظامیہ سے فوری ایکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ گاؤں میں ہنگامی بنیادوں پر فیلڈ ٹیم بھیجی جائے، مویشیوں کی ویکسینیشن اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں، بصورتِ دیگر نقصان ناقابلِ تلافی ہوگا۔

  • گھوٹکی: گاؤں خدا بخش لغاری بنیادی سہولتوں سے محروم، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز

    گھوٹکی: گاؤں خدا بخش لغاری بنیادی سہولتوں سے محروم، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز

    گھوٹکی (نامہ نگار باغی ٹی وی مشتاق علی لغاری) یونین کونسل جروار کے گاؤں خدا بخش لغاری کے مکین پینے کے صاف پانی اور سڑکوں جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہو کر شدید مشکلات اور غم و غصے کا شکار ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق گاؤں میں نہ پینے کا پانی دستیاب ہے اور نہ ہی قابلِ استعمال سڑکیں، جس کے باعث ایمرجنسی کی صورت میں لوگوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ جاتی ہیں اور حالات دن بہ دن بگڑتے جا رہے ہیں۔

    گاؤں کی خواتین، بچے اور بیمار افراد روزانہ کئی کلومیٹر پیدل پانی لانے پر مجبور ہیں، جبکہ کچے اور ٹوٹے ہوئے راستے ایمبولینس یا دیگر امدادی گاڑیوں کی آمدورفت ناممکن بنا دیتے ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ منتخب عوامی نمائندے اور متعلقہ ادارے برسوں سے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، وعدے صرف کاغذوں اور تصویری بیانات تک محدود ہیں۔

    مقامی رہائشیوں نے کہا: “ہم ترس رہے ہیں، بچوں کو صاف پانی نہیں ملتا، مریض یا زخمی کو اسپتال لے جانے کے لیے راستہ نہیں۔ نمائندے صرف تصویروں اور تقریروں تک محدود ہیں۔”

    گاؤں کے باسیوں نے حکومتِ سندھ، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی اور مقامی نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ:
    ہر گھر تک پینے کے صاف پانی کی مستقل لائن فراہم کی جائے۔
    تمام کچے اور ٹوٹے ہوئے راستوں کو پختہ سڑکوں میں تبدیل کیا جائے۔
    مقامی نمائندے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور عوامی مسائل حل کریں۔
    عبوری بنیادوں پر ایمرجنسی سہولتیں فراہم کی جائیں، جب تک مستقل حل مکمل نہ ہو جائے۔

    مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو وہ منظم، پُرامن مگر بھرپور احتجاج کریں گے اور ضلع بھر میں اپنے مطالبات کے لیے آواز بلند کریں گے۔

  • اوکاڑہ: انسداد تجاوزات مہم، سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید متحرک

    اوکاڑہ: انسداد تجاوزات مہم، سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید متحرک

    اوکاڑہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ملک ظفر) سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید تجاوزات کے خاتمے اور عوامی سہولت کے لیے فیلڈ میں سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے گول چوک سے ملحقہ بازاروں کا دورہ کیا اور جمعہ بازار کے ذریعے عارضی تجاوزات کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے راستے کلیئر کروا دیے۔

    اس موقع پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق انسداد تجاوزات مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ایک طرف مستقل تجاوزات کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تو دوسری جانب عارضی تجاوزات کرنے والوں کی بھی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو صاف ستھرے اور کشادہ بازار میسر آ سکیں۔

    انہوں نے کہا کہ بازاروں میں کاروبار کرنے والے افراد تجاوزات سے گریز کریں بصورت دیگر انہیں پیرا فورس کی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • اوکاڑہ: پولیس مقابلے میں بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ زخمی حالت میں گرفتار

    اوکاڑہ: پولیس مقابلے میں بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ زخمی حالت میں گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ میں پولیس مقابلے کے دوران بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق تین مسلح ڈاکو شہری محمد صدیق سے اسلحے کے زور پر موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے تھے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ منڈی احمد آباد انسپکٹر عدنان رفیق اور ان کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ریسانڈ کیا۔ ٹبی جوگی کے مقام پر ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ پولیس نے بھی حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکو ڈکیتی اور راہزنی جیسے 23 سنگین مقدمات میں ملوث اور بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ نکلا ہے۔ زخمی ڈاکو کو علاج معالجے کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری علاقے میں موجود ہے۔

  • ڈہرکی میں ٹرین کی ٹکر سے شخص جاں بحق

    ڈہرکی میں ٹرین کی ٹکر سے شخص جاں بحق

    میرپور ماتھیلو (نامہ نگار باغی ٹی وی مشتاق علی لغاری)ڈہرکی داد روڈ پھاٹک کے قریب المناک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار ٹرین کی زد میں آکر ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق شخص کی شناخت کوجو برادری سے تعلق رکھنے والے شانتی نگر ڈہرکی کے رہائشی کے طور پر کی گئی ہے۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے جبکہ ریلوے عملہ اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی مکمل کی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔

    حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی اور شہریوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

  • سندھ ایمپلائز الائنس کی کال پر احتجاج، ٹھٹھہ اور کندھ کوٹ میں سرکاری ادارے بند، ریلیاں اور دھرنے

    سندھ ایمپلائز الائنس کی کال پر احتجاج، ٹھٹھہ اور کندھ کوٹ میں سرکاری ادارے بند، ریلیاں اور دھرنے

    ٹھٹھہ/کندھ کوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر بلاول سموں، نامہ نگار) سندھ ایمپلائز الائنس کی اپیل پر سرکاری ملازمین کا احتجاج تیسرے روز بھی جاری رہا، ٹھٹھہ اور کندھ کوٹ سمیت مختلف اضلاع میں دفاتر، اسکول اور اسپتالوں کی تالا بندی کی گئی۔

    ٹھٹھہ میں سینکڑوں ملازمین نے مکلی پارک سے ڈی سی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی اور قومی شاہراہ پر دھرنا دیا۔ ریلی میں مرد و خواتین ملازمین کے ساتھ وکلاء برادری نے بھی بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر یونین رہنماؤں غلام نبی خشک، گلاب خان، سلمان ھالو، لطیف کھتری، احمد نواز پٹھان اور محمد حسن سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں حکومت کی جانب سے پینشن میں کٹوتی اور تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنا سراسر ظلم ہے، حکومت فی الفور ملازمین کے مطالبات تسلیم کرے۔

    ادھر کندھ کوٹ میں بھی احتجاج کے تیسرے روز سول اسپتال کی او پی ڈی مکمل طور پر بند رہی اور ملازمین نے ایمرجنسی بلاک کے سامنے دھرنا دیا، جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دھرنے میں علی حسن قمبراڻي، قاضی اعجاز احمد ڈومکی، صدر دین بھلکانی، عبدالصمد ڈومکی اور منصور اعواڻ سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ مقررین نے خبردار کیا کہ اگر سندھ حکومت نے DRA اور پنشن کٹوتی ختم نہ کی تو 6 اکتوبر کو بلاول ہاؤس کراچی کے سامنے غیر معینہ مدت کا دھرنا دیا جائے گا۔