Baaghi TV

Author: ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی

  • گوجرانوالہ: پیرا فورس کی شاندار سلامی پریڈ، کمشنر و ڈپٹی کمشنر کا خطاب

    گوجرانوالہ: پیرا فورس کی شاندار سلامی پریڈ، کمشنر و ڈپٹی کمشنر کا خطاب

    گوجرانوالہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگارمحمدرمضان نوشاہی کی رپورٹ)گوجرانوالہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں پیرا فورس کی شاندار فارمل کمانڈ سلامی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر کمشنر اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور خطاب میں پیرا فورس کی کارکردگی کو سراہا۔

    پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے جوانوں نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو سلامی دی۔ کمشنر سید نوید حیدر شیرازی اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ پیرا فورس نے نظم و ضبط، مہارت اور بھرپور جذبے کے ساتھ شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا، جبکہ اس موقع پر قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔

    کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات کا خاتمہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہے۔ پیرا فورس ان مسائل کے خلاف بہترین کام کر رہی ہے۔

    کمشنر سید نوید حیدر شیرازی کا کہنا تھا کہ ہم ایک ٹیم ہیں اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے پیرا فورس کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ نوجوان محنت، لگن اور جانفشانی سے کام کریں تاکہ پیرا فورس عوام کے لیے ایک مؤثر اور قابل اعتماد ادارے کے طور پر ابھرے۔

    انہوں نے کہا کہ گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے اور کسی کو رعایت نہ دی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے سیلاب کے دوران پیرا فورس کی خدمات کو بھی سراہا۔

    پریڈ کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فیصل سلطان، صوبائی اسمبلی کے ارکان قیصر اقبال سدھو اور محمد نواز چوہان، اسسٹنٹ کمشنرز اقرار مبین، فیصل مجید، ایس ڈی ای او پیرا فورس محسن ڈھلوں اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

  • ننکانہ صاحب:مزدوروں کی اجرت، چائلڈ لیبر اور تحفظ پر سخت اقدامات کا فیصلہ

    ننکانہ صاحب:مزدوروں کی اجرت، چائلڈ لیبر اور تحفظ پر سخت اقدامات کا فیصلہ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ ویجلنس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، محکمہ لیبر، سوشل ویلفیئر، ماحولیات و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ لیبر ویلفیئر مزدوروں کی کم از کم تنخواہ 40 ہزار روپے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے سرگرم ہے۔ رواں ماہ 160 سے زائد اداروں کی چیکنگ کی گئی، خلاف ورزی پر 35 ہزار روپے جرمانہ اور 102 چالان عدالتوں میں بھجوائے گئے۔ چائلڈ لیبر کے خلاف 5 ایف آئی آرز درج کی گئیں جبکہ بانڈڈ لیبر کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام محکمے بانڈڈ لیبر کے خلاف سخت کارروائی کریں، چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے مارکیٹوں اور بازاروں کی سطح پر نگرانی بڑھائی جائے، کم اجرت دینے والوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے، اور صنعتوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے لیے حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ حفاظتی اقدامات نہ کرنے والے صنعتی یونٹس کو سیل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی۔

  • تعلیم سب کے لیے، مگر غریب دور

    تعلیم سب کے لیے، مگر غریب دور

    تعلیم سب کے لیے، مگر غریب دور
    تحریر: ملک ظفر اقبال
    تعلیم ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ ترقی یافتہ ممالک نے تعلیم کو اپنی ترجیحات میں سب سے اوپر رکھا اور یہی وجہ ہے کہ آج وہ دنیا میں معاشی، سائنسی اور معاشرتی میدانوں میں آگے ہیں۔ لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں تعلیم کا حق بس ایک نعرہ بن کر رہ گیا ہے۔ کتابوں اور تقاریر میں تو کہا جاتا ہے کہ "تعلیم سب کے لیے”، مگر حقیقت میں یہ سہولت غریب کے لیے دن بدن دور ہوتی جا رہی ہے۔

    پاکستان میں تعلیم ایک کاروبار کی شکل اختیار کر چکی ہے اور کاروباری لوگ ہمیشہ اپنے مفادات کے لیے بزنس کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مہنگی پرائیویٹ تعلیم عام والدین کی پہنچ سے باہر ہے۔ شہروں میں اچھے معیار کے اسکول اور کالجز زیادہ تر پرائیویٹ سیکٹر میں ہیں جہاں فیسیں ہزاروں اور لاکھوں میں ہیں۔ ایک مزدور یا کم آمدنی والا والد اپنے بچوں کو ان اداروں میں پڑھانے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

    اگر ہم سرکاری اداروں کی کارکردگی کی بات کریں تو فائلوں کی حد تک تو کامیابی حاصل ہے، مگر فیلڈ رپورٹ کے مطابق اس میں بہت کچھ جھوٹ لکھا ہوتا ہے۔ سرکاری اداروں کی زبوں حالی خود وزیرِ تعلیم بیان کر چکے ہیں کہ کس طرح سرکاری استاد سرکار کو چونا لگاتے ہیں۔ جہاں غریب کے بچے پڑھتے ہیں وہاں تعلیمی سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ اکثر اسکولوں میں اساتذہ کی کمی، بنیادی سہولیات کی نایابی اور دیگر مسائل طلبہ کی تعلیم میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ کئی اسکولوں میں بجلی، پانی اور بیت الخلاء تک موجود نہیں۔

    کتابوں اور اسٹیشنری کا بوجھ بھی غریب والدین کے لیے ناقابلِ برداشت ہے۔ سرکاری اداروں میں بچوں کو بروقت کتب میسر نہیں آتیں جبکہ مہنگائی کے اس دور میں کتابیں، کاپیاں، یونیفارم اور ٹرانسپورٹ مزید بوجھ ڈال دیتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ غریب بچے اکثر تعلیم کی بجائے مزدوری پر لگ جاتے ہیں تاکہ گھر کے اخراجات پورے کر سکیں۔ یوں تعلیم ان کے لیے خواب اور مشقت حقیقت بن جاتی ہے۔

    ہمارے نظامِ تعلیم نے معاشرے کو دو حصوں میں بانٹ دیا ہے جس سے امیر کے بچے مہنگے سکولوں میں انگلش میڈیم تعلیم پاتے ہیں اور آگے جا کر اعلیٰ عہدوں پر قابض ہو جاتے ہیں۔جبکہ دوسری جانب غریب کے بچے یا تو سرکاری سکولوں کی کمزور تعلیم تک محدود رہتے ہیں یا غربت کی وجہ سے پڑھائی ہی چھوڑ دیتے ہیں۔ یہی طبقاتی فرق معاشرے میں ناانصافی، احساسِ محرومی اور جرائم کو جنم دیتا ہے۔

    پاکستان کے آئین کے مطابق ریاست پر لازم ہے کہ وہ 5 سے 16 سال تک کے ہر بچے کو مفت اور معیاری تعلیم دے۔ لیکن افسوس کہ یہ شق آج تک مکمل طور پر نافذ نہ ہو سکی۔ اگر حکومت واقعی تعلیم کو سب کے لیے ممکن بنانا چاہتی ہے تو اسے:

    * سرکاری اسکولوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنا ہوگا،
    * پرائیویٹ اداروں کی فیسوں پر کنٹرول رکھنا ہوگا،
    * کتابیں، یونیفارم اور ٹرانسپورٹ مفت فراہم کرنا ہوں گے،
    * اور سب سے بڑھ کر والدین کو معاشی سہارا دینا ہوگا تاکہ بچے مزدوری کے بجائے اسکول جا سکیں۔

    مناسب اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے والدین مجبوراً بچوں کو پرائیویٹ اسکولوں میں بھیجتے ہیں۔ *تعلیم سب کے لیے* کا نعرہ اُس وقت حقیقت بن سکتا ہے جب غریب اور امیر کے بچوں کے درمیان تفریق ختم ہو۔ اگر غریب کا بچہ تعلیم سے دور رہے گا تو معاشرہ کبھی ترقی نہیں کر سکے گا۔ تعلیم کو طبقاتی نہیں بلکہ قومی بنیادوں پر عام کرنا ہوگا، ورنہ یہ نعرہ صرف کتابوں اور تقریروں تک محدود رہے گا۔

    آخر کب تک؟

  • سیالکوٹ: چیئرمین لینڈ ریکارڈ اتھارٹی طارق سبحانی کا ای خدمت سینٹر کا دورہ

    سیالکوٹ: چیئرمین لینڈ ریکارڈ اتھارٹی طارق سبحانی کا ای خدمت سینٹر کا دورہ

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی نامہ نگار محمد طلحہ)چیئرمین پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی و رکن پنجاب اسمبلی طارق سبحانی نے ای خدمت سینٹر سیالکوٹ کا دورہ کیا۔

    30 ستمبر 2025 کو کیے گئے اس دورے کے دوران طارق سبحانی نے شہری سہولیات کی فراہمی کے اس جدید اور مؤثر نظام کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) فیصل یوسف کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کے لیے ایک فعال اور شفاف پلیٹ فارم کی فراہمی قابلِ تعریف ہے۔

    طارق سبحانی نے سنٹر میں موجود شہریوں سے ملاقات کی، ان کے تاثرات سنے اور عملے کے پیشہ ورانہ رویے، خوش اخلاقی اور بہترین خدمات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ای خدمت سینٹرز شفافیت، مؤثریت اور عوامی خدمت کی روشن مثال ہیں، جو حکومت پنجاب کی عوام دوست پالیسیوں کا عملی مظہر ہیں۔

    انہوں نے زور دیا کہ اس ماڈل کو صوبے بھر میں مزید وسعت دی جائے تاکہ عوام کا اعتماد بڑھ سکے اور سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے۔ دورے کے اختتام پر طارق سبحانی نے سیالکوٹ ای خدمت سینٹر پر فراہم کی جانے والی سہولیات پر چیئرمین PITB فیصل یوسف اور ان کی ٹیم کو نیک تمناؤں کے ساتھ خراجِ تحسین پیش کیا اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ کام جاری رکھنے کی تلقین کی۔

  • اوکاڑہ: محتسب اعلیٰ پنجاب کی آئی ایس او سرٹیفیکیشن، تقریب میں کیک کاٹا گیا

    اوکاڑہ: محتسب اعلیٰ پنجاب کی آئی ایس او سرٹیفیکیشن، تقریب میں کیک کاٹا گیا

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) محتسب اعلیٰ پنجاب اوکاڑہ کے دفتر کی آئی ایس او سرٹیفیکیشن کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز اور ڈی ایس پی سید تقی شاہ سمیت سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف کاہلوں، ایڈوائزر محتسب اعلیٰ شفیق احمد، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال، لائزان آفیسر محمد سرفراز، میڈیا نمائندگان اور دیگر معززین شریک ہوئے۔ تقریب میں ایڈوائزر شفیق احمد نے سرٹیفیکیشن پر مبارکباد دیتے ہوئے محتسب اعلیٰ پنجاب کا پیغام پڑھ کر سنایا اور ادارے کے اغراض و مقاصد اور ورکنگ سے آگاہ کیا۔

    شرکا نے اس تاریخی کامیابی پر کیک بھی کاٹا۔ اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے کہا کہ آئی ایس او سرٹیفکیٹ کا حصول ادارے کی اہم کامیابی ہے، عوام کو فیملی کیسز، بناولنٹ فنڈ، پنشن اور ریونیو کیسز میں ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ ایڈوائزر شفیق احمد نے بتایا کہ شکایات کے اندراج کے لیے آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم موجود ہے اور تمام متعلقہ محکموں کے روابط مثالی ہیں تاکہ عوام کے مسائل فوری طور پر حل کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو چاہیے کہ وہ محتسب اعلیٰ پنجاب کی ان کاوشوں کو اجاگر کریں۔

  • اوکاڑہ: برگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین کا ہیڈ سلیمانکی کا دورہ، سیلاب متاثرین کو ریلیف پیکج کی یقین دہانی

    اوکاڑہ: برگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین کا ہیڈ سلیمانکی کا دورہ، سیلاب متاثرین کو ریلیف پیکج کی یقین دہانی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپیکشن، سرویلنس اینڈ مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ برگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے ہیڈ سلیمانکی کا دورہ کیا جہاں ایکسین ایریگیشن نے دریائے ستلج میں حالیہ سیلابی صورتحال اور محکمے کے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

    چیئرپرسن نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے سروے کا جائزہ لیا اور متاثرین کو حکومت پنجاب کی جانب سے ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ایریگیشن افسران کو ہدایت دی کہ سیلابی علاقوں کی انسپکشن کریں اور حفاظتی پشتوں و سڑکوں کے نقصانات کا تفصیلی معائنہ کیا جائے۔

    برگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے جوائنٹ سروے ٹیموں کو ہدایت کی کہ نقصانات کے حقائق پر مبنی شفاف رپورٹس تیار کی جائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو بروقت ریلیف پیکج فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔

    محکمہ مال، اربن یونٹ، زراعت، نمبردار اور پاک فوج کے جوان مشترکہ کوآرڈینیشن کے ساتھ نقصانات کے سروے میں حصہ لیں تاکہ گھروں، زرعی رقبے اور دیگر متاثرہ اثاثوں کا درست ڈیٹا مرتب ہو سکے۔

  • تنگوانی: پولیس اہلکار ڈاکوؤں سے مقابلے میں شہید، گاؤں میں کہرام

    تنگوانی: پولیس اہلکار ڈاکوؤں سے مقابلے میں شہید، گاؤں میں کہرام

    تنگوانی (باغی ٹی وی،نامہ نگار منصور بلوچ) تنگوانی کا رہائشی پولیس اہلکار اے ایس آئی قیصر علی بَلکانی کراچی میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران شہید ہو گیا۔

    وہ تھانہ سعود آباد کورنگی میں تعینات تھے اور ڈکیتی مزاحمت کے دوران تھانہ سکھن کی حدود دس نمبر روڈ پر شہید ہوئے۔

    شہید اہلکار کی نعش کراچی سے آبائی گاؤں تنگوانی لائی گئی تو کہرام مچ گیا اور پورے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔

    پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران اہلکار کا قاتل ڈکیت بھی مارا گیا۔

  • سیالکوٹ: سیلاب متاثرین کے نقصانات کا سروے، پنجاب حکومت نے فلڈ ڈیمج اسسمنٹ شروع کردیا

    سیالکوٹ: سیلاب متاثرین کے نقصانات کا سروے، پنجاب حکومت نے فلڈ ڈیمج اسسمنٹ شروع کردیا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے بحالی سیلاب پروگرام 2025 کے تحت ضلع سیالکوٹ میں سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالے کے لیے فلڈ ڈیمج اسسمنٹ کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے بتایا کہ ضلع بھر میں اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں پٹواریوں کے ساتھ ساتھ زراعت، لائیو اسٹاک، اربن یونٹ اور پاک فوج کے نمائندے شامل ہیں۔ یہ ٹیمیں جانی، مالی، لائیو اسٹاک، فصلات اور مکانات کو پہنچنے والے نقصانات کا تفصیلی سروے کریں گی جو تین سے چار ہفتوں میں مکمل ہوگا تاکہ متاثرہ خاندانوں کی بروقت مدد اور معاوضے کی ادائیگی کو یقینی بنایا جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اور شفاف و مؤثر سروے سے ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ فلڈ ڈیمج اسسمنٹ سے متعلق اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عباس ذوالقرنین، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بندیال، پاک فوج، اربن یونٹ، لائیو اسٹاک، ریونیو اور زراعت کے حکام نے شرکت کی۔

  • منڈی بہاؤالدین: فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، ہزاروں لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ تلف

    منڈی بہاؤالدین: فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ، ہزاروں لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ تلف

    منڈی بہاؤالدین (باغی ٹی وی، نامہ نگار محمد افنان ) ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی عدیل احمد کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی آفیسر عثمان چیمہ، اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسر کرن قرت العین اور ویجیلینس اسسٹنٹ عادل خان نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ہزاروں لیٹر دودھ کی کین قبضے میں لے کر سیمپل کیے۔

    لیبارٹری رپورٹ میں دودھ ملاوٹ شدہ ثابت ہونے پر تمام دودھ تلف کردیا گیا۔

    ویجیلینس اسسٹنٹ عادل خان نے کہا کہ غیر معیاری دودھ کی خرید و فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

    عوام اپنی نشاندہی کے ذریعے فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں تاکہ فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔

  • منڈی بہاؤالدین: ایڈیٹر کونسل کا اجلاس، صحافت کے تقدس کو مقدم رکھنے کا عزم

    منڈی بہاؤالدین: ایڈیٹر کونسل کا اجلاس، صحافت کے تقدس کو مقدم رکھنے کا عزم

    منڈی بہاؤالدین (باغی ٹی وی، نامہ نگار افنان طالب ) ایڈیٹر کونسل منڈی بہاوالدین کا اہم اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کے مقامی اخبارات کے ایڈیٹران اور صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجلاس میں نئے مقامی اخبار کے چیف ایڈیٹر محمد خالد کلیمی کو پرتپاک انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔

    صدر پریس کلب رجسٹرڈ محمد ظہیر خان اور ایڈیٹر حافظ شاہد پرویز نے انہیں پھولوں کی مالا پہنائی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافت ایک مقدس پیشہ ہے جس کے تقدس کو مقدم رکھنا ہوگا۔ مقامی اخبارات کو متحد ہو کر ایک متفقہ لائحہ عمل ترتیب دینا چاہیے تاکہ عوامی مسائل اجاگر کیے جا سکیں اور سچائی کے فروغ میں صحافت اپنی اصل روح کے ساتھ پروان چڑھے۔

    اجلاس میں چوہدری خالد پرویز سندھو، صدر ایڈیٹر کونسل، چوہدری آورش ندیم، ڈاکٹر طحہٰ، نوید شاکر، خاور محمود قریشی اور دیگر نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی اور صحافت کے فروغ و باہمی اتحاد پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ صحافی برادری سچائی اور دیانتداری پر کاربند رہتے ہوئے عوامی مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرے گی۔