Baaghi TV

Author: عائشہ ذوالفقار

  • یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پارٹی ہو رہی پر فنکاروں کی مزاحیہ ویڈیوز

    یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پارٹی ہو رہی پر فنکاروں کی مزاحیہ ویڈیوز

    چند روز قبل سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں لڑکی منفرد انداز میں اردو بولتے ہوئے اپنا تعارف کچھ اس طرح کرواتی ہے’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پاوری ہوری (پارٹی ہورہی) ہے۔

    باغی ٹی وی : لڑکی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لوگوں نے لڑکی کے بناوٹی انداز پر طنز کرتے ہوئے خود بھی اسی طرح کی ویڈیوز بنا بناکر شیئر کرنا شروع کردیں یہاں تک کہ شوبز فنکاروں نے بھی اس پر مزاحیہ ویڈیو بنا کر شیئر کی ہیں۔

    صبا قمر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا یہ میں ہوں یہ میری فرینڈ ہے اور ہم ٹی وی دیکھ رہے ہیں-

    گلوکار فلک شبیر نے بھی سارہ خان کے ساتھ ویڈیو شیئر کی ’یہ میں ہوں یہ سارہ ہے اور یہ ہمارا پھول ہے اور ہماری پارٹی نہیں ہوری۔‘

    اداکار اعجاز اسلم نے اس ویڈیو پر دو مزاحیہ ویڈیوز بنائی ہیں جن میں سے ایک میں وہ بولتے ہوئے نظر آرہے ہیں، یہ میں ہوں، یہ عمر ہے اور یہ کووں کی پارٹی ہورہی ہے۔ دوسری ویڈیو اعجاز اسلم نے ڈراما ’نند‘کے سیٹ پر بنائی۔

    ویڈیو میں اعجاز اسلم ڈرامے میں نند کا کردار اداکرنے والی جویریہ پر طنز کرتے ہوئے کہتے ہیں یہ میں ہوں یہ نند ڈرامے کی ٹیم ہے اور یہ نند ہے جو کبھی نہیں سدھرے گی۔

    علی ظفر نے بھی اس پر ایک مزاحیہ ویڈیو شیئر کی ہے ’یہ میرا بیٹ ہے، یہ پچ ہے اور یہ میرا چھکا ہے-،

    نہ صرف پاکستانی فنکاروں نے مزاحیہ ویڈیوز بنائیں بلکہ گزشتہ روز بھارتی ڈرامہ سیریل ‘ساتھ نبھانا ساتھیا’ کے ڈائیلاگ ‘رسوڑے میں کون تھا’ پر گانا بنا نے والے اور بھارت سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبر یشراج مکھاٹے نے اس پر گانا تیار کر لیا ہے جسے سوشل میڈیا پر خوب پسند کیا جا رہا ہے۔

    پاکستانی لڑکی کی دلچسپ ویڈیو پر بھارتی یوٹیوبر نے گانا تیار کر لیا

  • فیض احمد فیض کا 110 واں یوم پیدائش

    فیض احمد فیض کا 110 واں یوم پیدائش

    معروف اور عالمی شہرت یافتہ شاعر فیض احمد فیض کا آج 110 واں یوم پیدائش منایا جارہا ہے۔

    باغی ٹی وی : فیض احمد فیض 13 فروری 1911 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے انہوں نے تعلیم آبائی شہراورلاہورمیں مکمل کی، اپنے خیالات کی بنیاد پر1936 میں ادبا کی ترقی پسند تحریک میں شامل ہوئے۔

    بعد ازاں درس و تدریس چھوڑ کردوسری جنگ عظیم میں انہوں نے برطانوی فوج میں شمولیت اختیارکی لیکن بعد میں ایک بار پھرعلم کی روشنی پھیلانے لگے جوزندگی کے آخری روزتک جاری رہی۔

    فیض احمد فیض کی شاعری کے انگریزی، جرمن، روسی، فرنچ سمیت مختلف زبانوں میں تراجم شائع ہو چکے ہیں ان کے مجموعہ کلام میں ’نسخہ ہائے وفا، نقش وفا، دست صبا، سر وادی سینا، زنداں نامہ‘ اور دیگر قابل ذکر ہیں۔

    فیض احمد فیض وہ واحد ایشیائی شاعر تھے جنہیں 1963 میں لینن پیس ایوارڈ سے نوازا گیا -فیض کی شاعری مجازی مسائل پر ہی محیط نہیں بلکہ انہوں نے حقیقی مسائل کو بھی موضوع بنایا۔

    فیض کا کلام محمد رفیع، ملکہ ترنم نور جہاں، مہدی حسن، آشا بھوسلے اورجگجیت سنگھ جیسے گلوکاروں کی آوازوں میں ریکارڈ کیا گیا جبکہ انہوں نے درجنوں فلموں کے لئے غزلیں، گیت اورمکالمے بھی لکھے –

    تاہم انقلابی شاعر 20 نومبر 1984 کو 73 برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔

  • کالے ہرن شکار کیس میں سلمان خان کے خلاف راجستھان حکومت کی درخواست مسترد

    کالے ہرن شکار کیس میں سلمان خان کے خلاف راجستھان حکومت کی درخواست مسترد

    کالے ہرن شکار کیس میں جودھ پور عدالت نے بالی وڈ سُپر اسٹار سلمان خان کے خلاف راجستھان حکومت کی جانب سے دائر کی گئی درخواست مسترد کردی۔

    باغی ٹی وی : بھارتی خبررساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق کالا ہرن شکارکیس سے متعلق جودھ پورکی ڈسٹرکٹ اور سیشن عدالت میں سماعت ہوئی۔ دوران سماعت عدالت نے کالے ہرن شکار کیس میں اداکار سلمان خان کے خلاف راجستھان کی حکومت کی جانب سے دائر کردہ درخواست مسترد کردی۔


    یاد رہے کہ ریاستی حکومت نے 2003 میں سلمان خان کے خلاف اسلحہ لائسنس کے حوالے سے عدالت میں جعلی حلف نامہ پیش کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

    9 فروری 2021 کو جودھ پور کی عدالت میں کالے ہرن کے غیر قانونی شکار سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی جس میں سلمان خان ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوئے تھے۔ اس موقع پر سلمان خان کے وکیل ہستیمل سرسوت نے عدالت کو بتایا تھا کہ اگست 2003 میں غلطی سے جعلی حلف نامہ جمع کرایا گیا تھا۔ سلمان خان مصروفیات کے باعث بتانا بھول گئے تھے کہ ان کے اسلحہ کا لائسنس تجدید کے لیے گیا ہوا ہے اسی وجہ سے انہوں نے عدالت میں کہا کہ ان کا لائسنس گم ہوگیا ہے اور جعلی حلف نامہ جمع کرایا، لہذا سلمان خان کو غلطی کی بنیاد پر معاف کیا جائے۔

    تاہم حکومتی وکیل بھوانی بھاٹی نے عدالت سے درخواست کی تھی اداکار کے خلاف عدالت کو گمراہ کرنے کا مقدمہ درج کیا جائے۔ عدالت نے دونوں جانب کے دلائل سننے کے بعد کیس کا فیصلہ 11 فروری جمعرات تک موخر کردیا تھا تاہم اب جمعرات کو عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے اداکار کے خلاف ریاستی حکومت کی درخواست مسترد کردی۔


    اے این آئی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ عدالت کے باہر سلمان خان کے وکیل نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جودھ پور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ایک تفصیلی حکم میں ریاستی حکومت کی دونوں درخواستوں کو خارج کردیا ہے۔

    وکیل نے کہا کہ ہم نے 2006 میں ہی جواب دیا تھا کہ سلمان خان نے عدالت میں کوئی جھوٹا حلف نامہ پیش نہیں کیا تھا اور ایسی درخواستوں کو صرف سلمان خان کو پریشان کرنے کے لیے پیش کیا جارہا ہے۔

    سلمان خان نے عدالت کی جانب سے ان کے خلاف درخواست مسترد ہونے پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    سلمان خان نے اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ انسٹاگرام پراپنی ایک تصویر شیئر کی اور لکھا میرے تمام مداحوں آپ سب کی سپورٹ، اور فکر کا بہت شکریہ۔ خیال رکھو اپنا اور اپنے گھروالوں کا مجھے آپ سب سے بے حد محبت ہے۔

    سلمان خان نے2003 میں جعلی حلف نامہ پیش کرنے پر عدالت سے معذرت کرلی

  • شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا پرغیر اخلاقی فلمیں بنانے والا گروہ چلانے کا الزام

    شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا پرغیر اخلاقی فلمیں بنانے والا گروہ چلانے کا الزام

    پولیس کی تحویل میں بھارتی اداکارہ نے شلپا شیٹھی کے شوہر پر غیر اخلاقی فلمیں بنانے کے لیے گروہ چلانے کا الزام عائد کیا ہے۔

    باغی ٹی وی :بھارتی میڈیا کے مطابق چند روز قبل ممبئی پولیس نے غیر اخلاقی فلمیں ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے کے الزام میں اداکارہ گیہانا واسستھ سمیت دیگر مزید 9 افراد کو گرفتار کیا تھا، اسی سلسلے میں ایک اور بھارتی اداکارہ ساگریکا شونا نے مشہور بھارتی اداکارہ شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا پر فحش فلموں کا گروہ چلانے اور ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

    ایک پریس کانفرنس میں اداکارہ نے کہا کہ فحش فلمز بنانے کے سلسلے میں جس شخص کو پولیس نے گرفتار کیا ہے وہ مشہور بزنسمین راج کندرا کا اسسٹنٹ ہے-

    اداکارہ ساگریکا شونا نے کہا کہ فحش فلمز بنانے کے پیچھے شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرہ کا ہاتھ ہے لہذا انہیں بھی گرفتار کیا جائے-

    بھارتی اداکارہ غیراخلاقی ویڈیوز بنانے کے الزام میں گرفتار

    غیراخلاقی فلمیں بنانے کے الزام میں ‌گرفتار بھارتی اداکارہ میں کورونا وائرس کی…

  • پاکستانی لڑکی کی دلچسپ ویڈیو پر بھارتی یوٹیوبر نے گانا تیار کر لیا

    پاکستانی لڑکی کی دلچسپ ویڈیو پر بھارتی یوٹیوبر نے گانا تیار کر لیا

    گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر پاکستانی لڑکی کی ایک دلچسپ ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے جو منفرد انداز میں کہتی ہے کہ ‘یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پارٹی ہورہی ہے۔

    باغی ٹی وی : یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اس قدر وائرل ہو گئی کہ صارفین کی جانب سے اس ویڈیو کی طرح ویڈیوز بنانے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
    https://twitter.com/once_says/status/1360279742868578308?s=08
    اس ویڈیو کی دیکھا دیکھی سوشل میڈیا صارفین کے علاوہ شوبز کی معروف شخصیات اور یوٹیوبرز کی جانب سے بھی ویڈیو بنائی گئی۔

    ویڈیو کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گزشتہ روز بھارت سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبر یشراج مکھاٹے نے اس پر گانا تیار کر لیا۔

    خیال رہے کہ یشراج مکھاٹے نے اس سے قبل بھارتی ڈرامہ سیریل ‘ساتھ نبھانا ساتھیا’ کے ڈائیلاگ ‘رسوڑے میں کون تھا’ پر گانا بنایا تھا –

    اب انہوں نے پاکستانی لڑکی کی وائرل ویڈیو پر گانا تیار کیا ہے جسے سوشل میڈیا پر خوب پسند کیا جا رہا ہے۔

  • انگریزی بولوں تو گڑبڑ ہو ہی جاتی ہے  اداکارہ میرا کا اعتراف

    انگریزی بولوں تو گڑبڑ ہو ہی جاتی ہے اداکارہ میرا کا اعتراف

    معروف پاکستانی اداکارہ میرا نے آخر کار اپنی گلابی انگلش کا اعتراف کر ہی لیا-

    باغی ٹی وی : اداکارہ میرا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کوکنگ کرتی ہوئی نظرآرہی ہیں اور دیسی مرغی بنارہی ہیں۔ ویڈیو میں میرا نے بتایا کہ انہیں کوکنگ کرنا بہت اچھا لگتا ہے اوراکثر وہ کھانا بناتے ہوئے ڈانس بھی کرتی ہیں۔

    اداکارہ میرا کے گھرگزشتہ روز مہمان مدعو تھے اور ان ہی کے لیے وہ کوکنگ کررہی تھیں۔ میرا نے اپنے مہمان کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ یہ میرے ماموں کے بیٹے بابرنقوی ہیں اورآج ہمارے گھر پر کھانے پر مدعو ہیں اور ان ہی کے لیے میں کھانا بنارہی ہوں۔

    اس کے بعد میرا نے اپنے والد کا نام بتاتے ہوئے کہا میں سرور نقوی کی بیٹی ہوں ان کے برابرمیں کھڑے بابر نقوی نے میرا کی بات میں اضافہ کرتے ہوئے کہا اس کے علاوہ یہ جنرل نقوی کی بھانجی ہیں۔

    تاہم میرا نے جب یہی الفاظ انگلش میں دوہرائے تو وہ غلطی سے جنرل نقوی کو جنرل نقلی کہہ گئیں۔ جس پر وہاں موجود تمام لوگ ہنسنے لگے۔ میرا نے بھی ہنستے ہوئے کہا گڑبڑ ہوگئی نا انگلش بولتے ہوئے سب گڑبڑہوجاتی ہے۔

    واضح رہے کہ میرا اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنی گلابی انگریزی کی وجہ سے مشہور ہیں اور اکثر غلط انگریزی بولنے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر مذاق کا نشانہ بن جاتی ہیں۔

  • پیار کیا ہے؟ والدین، اولاد، رشتے داروں سے محبت یا پھر دنیاوی عشق و معشوقی؟     بقلم: عاشق علی بخاری

    پیار کیا ہے؟ والدین، اولاد، رشتے داروں سے محبت یا پھر دنیاوی عشق و معشوقی؟ بقلم: عاشق علی بخاری

    آؤ پیار کریں
    بقلم: عاشق علی بخاری

    لفظِ پیار جتنا زیادہ میٹھا ہے اتنا ہی زیادہ اپنے اندر وسیع مفہوم بھی رکھتا ہے. جب ہم یہ لفظ بولتے ہیں تو سوچیے!
    ہمارے ذہن میں کیا آتا ہے؟ والدین سے محبت، اولاد سے محبت، رشتے داروں سے محبت یا پھر دنیاوی عشق و معشوقی؟

    یقیناً جو آپ سوچ رہے ہیں وہی جواب بالکل ٹھیک ہے. اس لیے کہ ہمارا ذہن فطری محبت کے بجائے منفی (Negative) سوچنے کا عادی ہوچکا ہے. ہمارے ذہن کی کیفیت اس قدر خراب ہوچکی ہے کہ مثبت (Positive) اور سنجیدہ باتیں بھی منفی محسوس ہوتی ہیں اگر آپ میری بات سے متفق نہیں تو پھر ذرا تجربہ کرکے دیکھ لیں.وجہ یہ ہے کہ ہم اس گروہ کا حصہ بن چکے ہیں جو ہمیشہ منفی سوچتا ہے.
    پھر محبت ہے کیا، کس بلا کا نام ہے؟

    دراصل محبت "رحم کے ان جذبات و احساسات کا نام ہے جو انسان دوسروں کے لیے اپنے دل میں محسوس کرتا ہے”
    وہ احساس جو والدین، بہن بھائیوں، رشتے داروں کے لیے پیدا ہوتے ہیں. کیا ہم نے کبھی سوچا کہ کسی مظلوم، مسکین و غریب کو دیکھ کر ہمارا دل نرم کیوں ہوجاتا ہے؟ کیوں ہماری آنکھیں آنسو بہانا شروع کردیتی ہیں؟ حقیقت میں یہی محبت ہے.

    پتہ ہے اللہ تعالیٰ بھی ہم سے محبت کرتا ہے؟ اسے بھی ہماری حالت پہ رحم آتا ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بھی ہم سے محبت کرتے ہیں. کیوں؟

    وہ نہیں چاہتے کہ ہمارے ماننے والے جہنم میں جائیں، انہیں تکلیفیں پہنچیں، ہم مشکلات کا شکار ہوجائیں. وہ چاہتے ہیں کہ ہم ان سے محبت کریں، ان کی اطاعت میں زندگی کو لگادیں.

    ہمارے والدین، بہن بھائی، رشتے دار، اساتذہ یہ سب لوگ ہم سے محبت کرتے ہیں، یہ سب ہمیں چاہتے ہیں، ان سب کو ہم سے پیار ہے ایسا پیار جس میں کسی قسم کی دو نمبری نہیں ہے. آپ بھی ذرا ان سے محبت کرکے دیکھیں، والدین کا ماتھا چومیں، بہن بھائیوں، رشتے داروں کے لیے اپنا جگر نرم کریں، اساتذہ کا احترام کریں، سب سے بڑھ کر خود اپنے آپ سے محبت کریں.

    بقول شاعر:
    اپنے من میں ڈوب کر پا جا سراغِ زندگی
    تُو اگر میرا نہیں بنتا تو نہ بن اپنا تو بن

    تصویر کا دوسرا رخ یہ ہے کہ ہم کسی لڑکی کو اپنا دوست بنانا اس کے ساتھ، دن رات گزارنے کو حقیقی محبت سمجھتے ہیں. اس کے علاوہ کونسی محبت، کونسے تعلقات، کونسی رشتے داریاں سب بیکار اور کم تر نظر آتی ہیں. آج کل کی نوجوان نسل اور آزاد خیال لوگوں کے نزدیک محبت کا مفہوم بس یہی ہے.

    لڑکا چار چار لڑکیوں سے افیئر کرے، بیوی غیر مردوں سے تعلقات جوڑے اس کی مرضی ہے، محبت کرنا اس کا بھی حق ہے. حقیقت میں یہ نوجوان بھول جاتا ہے کہ جب کوئی نہ تھا تو اللہ تعالیٰ اور اس کے والدین اس سے محبت کرنے والے موجود تھے. جب یہ لڑکی اس کی زندگی میں نہیں آئی تو اساتذہ نے سکھایا تھا، رشتے داروں نے سہارا دیا تھا لیکن اس کے ذہن پر ایسا نشہ سوار ہوتا ہے کہ اس کی زندگی میں آنے والی ایک اجنبی لڑکی اس کی کُل دنیا بن جاتی ہے.

    یہ حقیقی پیار اور محبت کو بھول کر ایک ناپائیدار محبت کے لیے جان تک قربان کردیتا ہے لیکن اگر کچھ کر نہیں سکتا تو ایک گلاس پانی والدین کو نہیں دے سکتا، اپنے رب کے لیے جھک نہیں سکتا تو پھر کیسے مان لیا جائے کہ تیرے اندر بھی محبت کے جذبات موجود ہیں؟ اگر تجھے محبت ہے تو سب کے لیے ہوتی، اگر تُو پریشان ہوجاتا ہے تو سب کے لیے ہوتا، اگر تجھے نیند نہیں آتی تو سب کے لیے نہیں آنی چاہیے تھی.

    محبت کوئی بچوں کا کھیل تو نہیں کہ جب دل چاہا کھیل لیا اور جب دل بھر گیا تو کہیں بھی پھینک دیا. یہ بچپن میں بنایا ریت کا گھر نہیں کہ سورج ڈھلتے ہی ٹھوکر سے گرادیا. جس لڑکی سے آپ محبت کا دم بھرتے ہو وہ تو جذبات سے بھرا ایک جیتا جاگتا انسان ہے نہ وہ کھلونا ہے اور نہ ریت کا گھر کہ جب دل کیا اٹھایا اور جب دل چاہا نیا بنالیا. محبتیں تو دائمی ہوتی ہیں جہاں گھر بنالیں تو وہ ٹھکانہ نہیں چھوڑتیں. یہ کوئی سائیبیرین پرندہ نہیں کہ جب موسم تبدیل ہونے لگے تو اپنا علاقہ ہی چھوڑ دے.

    محبت کیجیے اور ضرور کیجیے لیکن ایسی محبت کہ دنیا میں بھی فائدہ دے اور آخرت میں بھی رسوائی کا سبب نہ ہو. ایسی محبت کریں جو خاندانوں کو ملانے کا سبب بنے، وہ محبت رشتوں کو جوڑدے، نفرتوں کے بیج نکال دے، جس پر آپ فخر کرسکیں.

    وہ محبت ہی کیا جو اپنوں سے بیگانہ کردے، جو تنہائیوں کی وجہ بنے، جو اپنے شہر سے نکل جانے اور خون کے آنسو رلادے. محبت تو ایک ایسا درخت ہے اگر بنجر سے بنجر زمین میں بھی لگے تو وہاں بھی ہرا بھرا رہتا ہے. محبت ایک ایسا سبق ہے جسے بار بار دہرانے اور یاد کرتے رہنے کی ضرورت ہے.

  • ضمیر کی قید     تحریر: جویریہ بتول

    ضمیر کی قید تحریر: جویریہ بتول

    ضمیر کی قید…!!!
    (جویریہ بتول).
    اُلجھتی رہی لہریں بھی،طوفان بھی اُٹھتا رہا…
    آتی رہی رکاوٹیں،راہِ در بھی مگر کُھلتا رہا…
    قدم قدم کی ٹھوکروں نے بارہا کی گِرانے کی جستجو…
    یقین تھا ایسا مگر جو گِر گِر کر سنبھلتا رہا…
    شدت کے لمحات میں کہیں آنسو بھی چمک پڑے…
    حوصلوں کی آغوش میں پھر دل یہ مچلتا رہا…
    خطاؤں کے غبار تھے،کہیں بھول کے انبار تھے…
    ہٹی نظر نہ رحیم کی،ابرِ رحمت سدا برستا رہا…
    دنیا کی رنگینیوں نے کہیں حصار میں جو لے لیا…
    ضمیر کا قیدی ضرب سے مسلسل ہی پلٹتا رہا…
    جمی رہیں نظریں یہ امتحاں کے سود و زیاں پر…
    ناکامی کا خوف تھا،جو اندر ہی اندر بڑھتا رہا…
    نہیں ہو گی کچھ ناقدری ہر ایک اچھے عمل کی…
    پڑھتا رہا پیغام یہ نفس،اور اُمید میں ڈھلتا رہا…!

  • سنی لیون کی ویب سیریز کی شوٹنگ کے سیٹ پر ہنگامہ

    سنی لیون کی ویب سیریز کی شوٹنگ کے سیٹ پر ہنگامہ

    بالی وڈ اداکارہ سنی لیون کی ویب سیر یز ’انامیکا‘ کی شوٹنگ کے دوران جھگڑا ہوگیا۔

    باغی ٹی وی :بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ ہدایت کار وکرم بھٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ویب سیریز کے دوران فیس کے معاملے پر بڑا جھگڑا ہوا تھا۔ سیٹ پر فائٹرز ایسوسی ایشن کے ارکان نے واجبات کیلئے جھگڑا شروع کیا تھا جو اس قدر بڑھ گیا تھا کہ ہمیں سنی لیون کو وینیٹی وین میں چھپانا پڑا۔

    وکرم بھٹ نے کہا کہ فائٹرز ایسوسی ایشن کے ارکان نے ہدایت کار وکرم بھٹ سے 14 لاکھ روپے دینے کا مطالبہ کیا، غنڈوں کو سیٹ پر دیکھ کر سنی لیوں خوفزدہ ہوگئیں-

    ان کا کہنا ہے کہ شوٹنگ کیلئے سنی بھی سیٹ پر موجود تھیں اور ایسے میں ایکشن اسٹنٹ کرنے والوں نے فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا تو فوری طور پر مجھے سنی لیون کی فکر ہوگئی تھی اور انہیں وینیٹی وین میں بند کیا تھا۔

    وکرم بھٹ کا کہنا تھا کہ معاملہ اس قدر بڑھ گیا تھا کہ پورا دن گزر گیا جس کے باعث شوٹنگ بھی نہیں ہوسکی تھی۔

    دوسری جانب ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ وکرم بھٹ نے 38 لاکھ بھارتی روپے کی ادائیگی کرنا تھی تاہم وہ اس سے انکاری تھے جس پر کام کو روکا گیا تھا ۔

  • گلوکاری سے مطمئن ہوجاؤں پھراداکاری کے میدان میں بھی انٹری دوں گی   آئمہ بیگ

    گلوکاری سے مطمئن ہوجاؤں پھراداکاری کے میدان میں بھی انٹری دوں گی آئمہ بیگ

    پاکستان میوزک انڈسٹری کی نامور گلوکارہ آئمہ بیگ کا کہنا ہے کہ ان کی پہلے توجہ گلوکاری پرہے اس سے بالکل مطمئن ہوجاؤں پھراداکاری کے میدان میں بھی انٹری دوں گی۔

    باغی ٹی وی : گلوکارآئمہ بیگ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مداحوں کی بے حد شکرگزارہیں، وہ جوکچھ بھی ہیں ان ہی کی وجہ سے ہیں گانا بچپن سے شوق ہے ان کے لیے گانا جاب نہیں بلکہ ان کا شوق اورجنون ہے اوراگر گلوکار لائیو نہ گا سکے تواس کے گانے کا پوائنٹ ہی کیا ہے۔

    اداکارہ نے کہا کہ وہ مختلف زبانوں اردو انگلش، پنجابی، فرنچ، چائنیز اور کورین زبانوں میں گانا گا لیتی ہیں سجاد علی، ساحرعلی بگا، علی ظفر اور عاطف اسلم جیسے بڑے گلوکاروں کے ساتھ گانا بے حد اعزازکی بات ہے –

    سوشل میڈیا استعمال سے متعلق آئمہ بیگ نے کہا کہ پلیٹ فارم زیادہ استعمال نہیں کرتی انہیں اس بات میں دلچسپی نہیں کہ کون کیا کہہ رہا ہے کس کے ساتھ اسکینڈل بنا رہا ہے۔

    اداکاری سے متعلق انہوں نے کہا کہ بڑی فلموں میں کام نہ کرنے کا مقصد یہ نہیں کہ اداکاری نہیں کروں گی، پہلے توجہ گلوکاری پرہے اس سے بالکل مطمئن ہوجاؤں پھراداکاری کے میدان میں بھی انٹری دوں گی۔

    اپنے گہرے دوست شہباز شگری سے متعلق انہوں نے کہا کہ وہ دونوں بہت ہی اچھے دوست ہیں، شگری بہت ہی اچھے اور باصلاحیت انسان ہیں، جیسے ہی ہماری مصروفیات کم ہوں گی تو یقیناً شادی سے متعلق پلان کریں گے۔