اطالوی اداکارہ ایشیا ارجینٹو نے معروف ہالی وڈ فلم فاسٹ اینڈ فیوریس کے ڈائریکٹر راب کوہن پر ریپ کا الزام عائد کردیا۔
باغی ٹی وی :غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایشیا ارجینٹو نے اطالوی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوہن نے انہیں نشہ آور چیز پلائی جس سے وہ بے ہوش ہوگئیں، اس کے بعد جب صبح کے اوقات میں ہوش آیا تو وہ برہنہ حالت میں تھیں۔
خواتین کے ساتھ جنسی ہراسانی کے واقعات پر ہمیشہ ہی آواز بلند کرنے والی اداکارہ و ہدایتکارہ ایشیا ارجینٹو نے بتایا کہ ان کے ساتھ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب وہ ڈائریکٹر راب کوہن کی ایکشن فلم ٹرپل ایکس کی شوٹنگ میں مصروف تھیں۔
دوسری جانب ایشیا ارجینٹو کے الزامات پر راب کوہن کے ترجمان نے کہا ہے کہ اداکارہ کے الزامات بے بنیاد ہیں اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ راب کوہن نے اپنے اوپر لگائے تمام الزامات کو مسترد کردیا ہے اور راب کوہن نے اداکارہ کے ساتھ کام کیا اور دونوں کے درمیان ایک اچھا تعلق تھا اور ہدایتکار انھیں اپنا اچھا دوست بھی سمجھتے ہیں۔
ٹیلی گرام بوٹ کے ذریعے فیس بک کے 50 کروڑ موبائل فون نمبر فروخت کے لیے پیش کردیئے گئے۔
باغی ٹی وی : میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیلی گرام پر بوٹ اکاؤنٹ سے فیس بک کے 50 کروڑ صارفین کے موبائل فون نمبر فروخت کے لیے سامنے آئے۔
اس ڈیٹا سے متعلق فیس بک کا کہنا ہے کہ یہ ڈیٹا اگست 2019 سے پہلے کا ہے اور اب اکاؤنٹس کو محفوظ بنانے کے لیے مزید اقدامات اٹھالئے گئے تھے۔
ٹیلی گرام پر بوٹ کے ذریعہ اس معاملے کو منظر عام پر لانے والے ایک شخص ریسرچر الون گال کا کہنا ہے کہ یہ پریشان کن ہے کہ اتنا بڑا ڈیٹابیس سائبر کرائم کمیونٹی میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی وجہ سے صارفین کی رازداری پر سمجھوتہ ہوسکتا ہے جبکہ جرائم پیشہ عناصر ان کی مدد سے فراڈ جیسی سرگرمیاں بھی انجام دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیلی گرام بوٹ کی جانب سے دیا گیا یہ ڈیٹا چاہے 2019 کا ہے، لیکن ضروری نہیں کہ ہم میں سے ہر شخص ایک سال کے اندر ہی اپنا نمبر اپڈیٹ کرلے لہٰذا جو معلومات فروخت کے لیے رکھی گئی ہے وہ کہیں نہ کہیں درست بھی ہوسکتی ہے۔
دوسری جانب سیکیورٹی ریسرچرز کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے تقریباً 100 ممالک کے صارفین اس کی وجہ سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ مذکورہ ٹیلی گرام بوٹ اکاؤنٹ سے ایک فیس بک اکاؤنٹ یا نمبر کی معلومات کو 20 امریکی ڈالر میں فروخت کیا جارہا ہے۔
بھارتی اداکارہ جیکولن فرنینڈس بھی ہالی وڈ فلم میں نظر آئیں گی وہ خواتین کے لیے بنائی جانے والی فلم میں کام کریں گی۔
باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اداکارہ جیکولین فرنینڈس ہالی وڈ میں نظر آئیں گی اس فلم کا نام ممکنہ طور پر ’خواتین کی کہانیاں‘ ہوگا جو 6 حصوں پر مشتمل ہے۔
اس فلم کی کاسٹ میں بھی خواتین ہوں گی جبکہ ان کی ہدایتکار بھی خواتین ہی ہوں گی۔
مذکورہ فلم کے ایک حصے کا نام ’شیئرنگ اے رائیڈ‘ ہوگا جسے لینا یادیو ڈائریکٹ کریں گی جبکہ اس میں جیکولین فرنینڈس نیپالی خواجہ سرا ماڈل انجلی لاما کے ساتھ کام کرتی دکھائی دیں گی مذکورہ فلم اٹلی، انڈیا اور امریکا میں بھی فلمائی جائے گی۔
2020 کے آغاز کے ساتھ ہی عالمگیر وبا کورونا وائرس کے دوران پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے متعدد ستاروں نے سادگی کے ساتھ خاموشی سے شادی کر لی۔
باغی ٹی وی : وبا کے دوران شادی کرنے والے جوڑوں میں آغا علی اور حنا الطاف، نمرہ خان، ثناء جاوید اور عمیر جیسوال، سجل علی اور احد رضا میر، ماڈل و اداکارہ نتاشا علی، نامور گلوکار ہارون، اداکارہ فریال محمود، سینئر اداکار منظر صبہائی اور سینئر اداکارہ ثمینہ احمد، اداکار دانیال راحیل اور گلوکار فلک شبیر اور سارہ خان سر فہرست ہیں۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ گردش کر رہی ہے جس میں گلوکار فلک شبیر کو اُن کے مداحوں اور انسٹا گرام صارفین کی جانب سے سال 2020ء کا بہترین شوہر قرار دیا جا رہا ہے۔
مداحوں کی جانب سے اس وائرل پوسٹ پر سارہ خان اور فلک شبیر کے لیے ڈھیروں تعریفی کمنٹس کا سلسلہ جاری ہے جبکہ مداحوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ فلک شبیر ایک بہترین شوہر ثابت ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ فلک شبیر سارہ خان کو آئے دن پھول اور تحائف دیتے رہتے ہیں جنہیں وصول کرنے پر سارہ خان کافی خوش نظر آ تی ہیں۔
بالی وڈ اداکارہ سنی لیونی کا کہنا ہے کہ ان کے پاس صرف خوبصورت چہرہ نہیں بلکہ میرے پاس اور بھی صلاحیتیں ہیں –
باغی ٹی وی : سنی لیونی کاشمار بالی وڈ کی خوبصورت اداکاراؤں میں ہوتا ہے سنی لیونی نے بالی وڈ میں رئیلیٹی شو بگ باس سیزن 5 کے ذریعے انٹری دی تھی اور اپنی خوبصورتی کی وجہ سے راتوں رات بگ باس کی مقبول ترین کھلاڑی اورعوام کی پسندیدہ شخصیت بن گئی تھیں۔
بگ باس کے بعد وہ بالی وڈ کی کئی فلموں میں نظر آئیں – تاہم سنی لیونی کا کہنا ہے کہ ان کے پاس خوبصورتی کے علاوہ ٹیلنٹ بھی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بالی وڈ اداکارہ فٹبال کو بڑی مہارت سے اپنے پیروں اور سر پر اچھالتی ہوئی نظر آرہی ہیں اس ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا ’صرف ایک خوبصورت چہرہ نہیں میرے پاس اور بھی صلاحیتیں ہیں۔‘
واضح رہے کہ 39 سالہ اداکارہ سنی لیونی کا اصل نام کرن جیت کور ہے اور وہ کینیڈا میں ایک سکھ خاندان میں پیدا ہوئیں۔ کینیڈا میں ہی ان کی پرورش ہوئی۔ بعد ازاں وہ نوعمری میں امریکا چلی گئیں۔
پاکستان شوبز انڈسٹری کی ناموراداکارہ عائزہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ شادی سے قبل ان کی خواہش تھی کہ وہ کسی ہیرو کے ساتھ شادی کریں گی تاہم ایسا ہی ہوا-
باغی ٹی وی :اداکارہ عائزہ خان اپنے شوہر اور اداکار دانش تیمور کے ساتھ اداکار احسن خان کے شو میں شریک ہوئیں، جہاں دونوں نے نہ صرف شوبز کی دنیا سے متعلق باتیں کیں بلکہ انہوں نے اپنی ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔
پروگرام میں عائزہ خان اور دانش تیمور نے اعتراف کیا کہ دونوں کبھی ایک دوسرے کو کسی طرح کے ڈرامے یا فلم میں کام کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کچھ نہیں کہتے۔
دانش تیمور نے بتایا کہ انہیں آج تک عائزہ خان نے کبھی کسی ڈرامے یا فلم میں کسی ہیروئن کے ساتھ رومانس کرنے سے نہیں روکا۔
ساتھ ہی عائزہ خان نے بھی بتایا کہ انہیں دائش تیمور نے آج تک کسی ڈرامے میں کام کرنے سے نہیں روکا، البتہ وہ ان سے تجویز مانگتی ہیں کہ وہ فلاں منصوبے میں کام کریں یا نہ کریں؟
عائزہ خان نے بتایا کہ انہیں شوہر کی جانب سے فلموں یا ڈراموں میں ہیروئنز کے ساتھ رومانس کرنے پر کبھی کوئی پریشانی نہیں ہوتی۔
عائزہ خان نے ساتھ ہی کہا کہ ان کی تو بچپن میں ہی خواہش تھی کہ وہ ایسے لڑکے سے شادی کریں جس پر دنیا کی ساری لڑکیاں مرتی ہیں اور وہ لڑکا ان پر مرتا ہو۔
عائزہ خان کے مطابق ان کی خواہش پوری ہوگئی اور انہوں نے جیسا سوچا تھا کہ وہ کسی ہیرو کے ساتھ شادی کریں گی، ایسا ہی ہوا۔
عائزہ خان نے اپنی شادی کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شادی سے قبل 6 سال تک دانش تیمور کے ساتھ تعلقات رہے تھے تاہم ان دونوں میں حقیقی اور گہرا پیار شادی کے بعد ہی ہوا۔
پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں دانش تیمور نے بتایا کہ شادی سے قبل ان دونوں کی منگنی ہوئی تھی تاہم کچھ مسائل کی وجہ سے ان کی منگنی بھی ٹوٹ گئی تھی۔
اداکار نے بتایاکہ جن دنوں ان کی منگنی ٹوٹی تھی، ان دنوں وہ کام کے سلسلے میں بھارت گئے تھے اور وہاں سے واپسی کے بعد انہوں نے عائزہ خان کا فون نمبر ’سمرن ٹیلی نار‘ کے نام سے محفوظ کیا تھا۔
دانش تیمور کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کی منگنی ٹوٹ چکی تھی تاہم وہ عائزہ کے ساتھ دوبارہ تعلق جوڑنا چاہتے تھے، اسی وجہ سے ان کا نمبر گھر والوں کی ڈانٹ سے بچنے کے لیے دوسرے نام سے محفوظ کیا تھا۔
دانش تیمور نے بتایا کہ بعد ازاں ایک شوبز شخصیت کے تعاون سے ان کے درمیان دوبارہ تعلقات استوار ہوئے اور 6 سال قبل انہوں نے شادی کرلی۔
شادی کے حوالے سے عائزہ خان نے بتایا کہ جب ان کے اور دانش تیمور کے درمیان تعلقات تھے تو ایک دن دانش نے انہیں فون کرکے بتایا کہ وہ ان سے شادی کرنا چاہتے ہیں اور وہ صرف ان کی رضامندی جاننا چاہتے ہیں۔
عائزہ خان کے مطابق انہیں شادی کی پیش کش کرنے سے قبل دانش تیمور نے ان کی والدہ سے شادی کی بات طے کرلی تھی مگر اس کا علم انہیں نہیں تھا۔
ایک سوال کے جواب میں عائزہ خان نے بتایا کہ اپنے بچوں کو سنبھالنا مشکل نہیں ہوتا بندہ دو لگا بھی دیتا ہے بلکہ دوسروں (ساس) کے بچے کو سنبھالنا مشکل ہوتا ہے۔
پروگرام میں دانش تیمور نے انکشاف کیا کہ عائزہ خان سے نکاح کرنے کے بعد ان دونوں کے درمیان محبت بڑھی اور شادی کے بعد کی محبت کا سکون وہ الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے۔
خیال رہے کہ دانش تیمور اور عائزہ خان نے 2014 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں بیٹی حورین کی پیدائش 2015 میں جبکہ بیٹے ریان کی پیدائش 2017 میں ہوئی تھی اور دونوں کا شمار شوبز کی کامیاب اور رومانوی جوڑیوں میں ہوتا ہے-
ٹک ٹاک کے جنون نے مزید دو اور نوجوانوں کی جان لے لی نہر میں ڈوب گئے-
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق شیخوپورہ کے علاقے بھکھی میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران 2 نوجوان نہر میں ڈوب گئے لاہور کے علاقے رائیونڈ کے رہائشی دو نوجوان ذیشان رشید اور ساجد اپنے کزن کی دعوت پر اس سے ملنے شیخوپورہ کے گاؤں بھکھی گئے تھے جہاں انہوں نے نہر کے قریب کھڑے ہوکر ٹاک ویڈیو بنانا شروع کی اور اس دوران توازن برقرار نہ رکھ سکے اور نہر میں ڈوب گئے۔لاشوں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن کیا گیا جس کے دوران طویل جدوجہد کے بعد بالآخر دونوں لاشیں نکال لی گئیں۔
ڈوب کر جاں بحق ہونے والے دونوں نوجوانوں کی شناخت ذیشان اور ساجد کے ناموں سے ہوئی جو کہ لاہور کے علاقے رائے ونڈ کے رہائشی تھے اور اس علاقے میں کسی عزیز کے گھر ملنے کیلئے آئے تھے۔
واقعہ سے متعلق کہا جا رہا ہے کہ دونوں نوجوان نہر کنارے ویڈیو بنا رہے تھے جو کہ توازن بگڑنے پر نہر میں جا گرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ایک نوجوان کراچی کے علاقے کلفٹن میں سی ویو پر ویڈیو بناتے ہوئے پتھر لگنے سے جاں بحق ہوا تھا۔ جبکہ چند روز قبل راولپنڈی کے علاقے شاہ خالد کالونی میں 18 سالہ نوجوان ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے ٹرین کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق حمزہ نامی نوجوان راولپنڈی کے نورانی محلے کا رہائشی تھا اور وہ ویڈیو بنانے کے لیے شاہ خالد کالونی پہنچا تھا۔ پٹری کے پاس پہنچنے کے بعد نوجوان نے جب ہزارہ ایکسپریس نامی ٹرین کو دور سے آتا ہوا دیکھا ویڈیو ریکارڈ کرنا شروع کی اور اسی دوران حادثہ پیش آگیا۔
یاد رہے کہ ٹک ٹاک ویڈیو کے چکر میں نوجوان کی جان جانے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں اس سے قبل بھی پاکستان سمیت دنیا بھر سے متعدد افراد ٹک ٹاک ویڈیوز بناتے ہوئے خطر ناک اسٹنٹ کرتے ہوئے مختلف حادثات کا شکار ہو کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔
گزشتہ دنوں سے تنقید کا نشانہ بننے والے ” کینولی کیفے ” نے اپنے مونوگرام کو اردو میں تبدیل کرکے قومی زبان کی اہمیت کو تسلیم کرلیا ہے۔
باغی ٹی وی : گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں اسلام آباد کے ایک نجی ریستوران کی خواتین مالکان کو اپنے منیجر کی انگریزی کا مذاق اُڑاتے دیکھا جاسکتا تھا وائرل ویڈیو میں خواتین جو خود کو کیفے کا مالک بتاتی ہیں وہ اس ریسٹورنٹ کے منیجر کو بلا کر اس کے ساتھ انگریزی میں بات چیت کرتی ہیں جبکہ منیجر کی انگریزی اتنی اچھی نہیں ہوتی جس پر وہ اس کا مذاق بناتی ہیں اور تمسخر اڑاتے ہوئے ہنستی بھی ہیں۔
بعدازں ریستوران کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ انہیں اپنی ٹیم کے ایک رکن کے ساتھ ’ہلکی پھلکی گفتگو‘ کو لوگوں کی جانب سے غلط انداز میں لیے جانے پر افسوس اور حیرانی ہے۔
یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جہاں سوشل میڈیا صارفین میں شدید غم و غصہ دیکھنے کو ملا تو وہیں شوبز فنکاروں اور کھلاڑیوں نے خواتین کے اس رویے پر اُنہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ، سوشل میڈیا سے نکل کر یہ احتجاج کیفے کے سامنے پہنچ گیا اور سول سوسائٹی کی جانب سے ہوٹل کے سامنے اردو اور پنجابی کا مشاعرہ منعقد کروایا گیا۔
تاہم شدید ردعمل کے بعد کینولی کیفے کی انتظامیہ نے لوگوپر اپنے نام کو جو پہلے انگریزی میں تھا اردو میں تبدیل کردیا ہے جس سے یہ پیغام دیئے جانے کی کوشش کی گئی ہے کہ کیفے انتظامیہ قومی زبان کے بجائےانگریزی زبان کو دی جانے والی حد درجہ اہمیت پر نادم ہے اور قومی زبان کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اپنے لوگو کو اردو میں تبدیل کررہی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث سونی ٹی وی انتظامیہ نے معروف اور بین الاقوامی شہرت یافتہ شو ’کپل شرما شو‘ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
باغی ٹی وی :مشہور کامیڈی شو ’کپل شرما شو‘ کو نہ صرف بھارت بلکہ پاکستان میں بھی بے حد پسند کیا جاتاہے پاکستانی کامیڈین نسیم وکی بھی شو کا حصہ رہ چکے ہیں،-
’کپل شرما شو‘ صرف عوام ہی نہیں بلکہ بھارتی اداکاروں کو بھی بے حد پسند ہے تاہم کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن نے جہاں دیگر کاروبار کو متاثر کیا ہے وہیں ’کپل شرما شو‘ بھی مالی مشکلات کا شکار ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کورونا وجہ سے ایک تو فلمز کم بن رہی ہیں اور وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر شو میں عوام کی شرکت پر بھی پابندی ہے جب کہ کم فلمز کی وجہ سے پروموشن متاثر ہوئی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ’کپل شرما شو‘ کو اگلے ماہ فروری سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے-
شو کی ٹیم کے مطابق جب حالات نارمل ہوں گے تو ’کپل شرما شو‘ ایک بار پھر سے شروع کیا جائے گا۔
تاہم یہ بھی اطلاعات ہیں کہ شو کے میزبان کپل شرما کا نیٹ فلیکس سے معاہدہ ہونے کے بعد اب یہ شو نہیں آن ایئر ہوگا۔
رپورٹس میں اس بات کا یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ کپل شرما کے نیٹ فلیکس معاہدے کے اختتام پر یہ شو دوبارہ آن ایئر ہوجائے گا جبکہ اس میں کچھ تبدیلیاں بھی کی جائیں گی۔
پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکار وسیم عباس کے بیٹے اور معروف اداکار علی عباس کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
باغی ٹی وی :ڈراما سیریل ’فطرت‘، ’گھسی پٹی محبت‘ اور’مہرپوش‘ جیسے ڈراموں کے اداکار علی عباس بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ علی عباس پاکستان ٹی وی کے نامور اداکار وسیم عباس کے بیٹے ہیں۔
علی عباس نے اپنا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر سوشمل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر انسٹااسٹوری پر دیتے ہوئے اپنے مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی۔
علی عباس کی جانب سے یہ خبر شیئر کرتے ہی ان کے مداحوں اور ساتھی اداکاروں کی جانب سے ان کے لیے نیک تمناؤں اور صحت یابی کے لیے دعاؤں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
واضح رہے کہ علی عباس سے قبل متعدد پاکستانی فنکار کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں نیلم منیر،ندا یاسر، یاسر نواز،ماہرہ خان، روبینہ اشرف، عثمان مختار، صحیفہ جبار،امیر گیلانی و دیگر شامل ہیں۔