Baaghi TV

Author: عائشہ ذوالفقار

  • کورونا وائرس تنازع پر بھارتی گلوکارہ کے بچوں کو قتل کی دھمکیاں

    کورونا وائرس تنازع پر بھارتی گلوکارہ کے بچوں کو قتل کی دھمکیاں

    بھارتی معروف گلوکارہ کانیکا کپور نے انکشاف کیا ہے کہ کورونا وائرس تنازع کے بعد اُن کے بچوں کو قتل کی دھمکیاں دی گئی تھیں –

    باغی ٹی وی : بھارتی اخبار ہندوستان ٹائم کی رپورٹ کے مطابق 2020ء میں گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کی جانے والی بھارتی شخصیت کانیکا کپور کا مارچ میں لندن سے واپسی پر کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے لوگوں نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق کانیکا کپور نے اپنے دورہ برطانیہ سے واپسی پر لکھنؤ کے تاج ہوٹل میں پارٹی میں شرکت کی تھی جبکہ قرنطینہ میں وقت بھی نہیں گزارا تھا جس پر ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔

    جس پر گلوکارہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا اس حوالے سے کانیکا کپور حال ہی میں دیئے گئے انٹر ویو میں بڑے اہم انکشافات کیے ہیں۔

    اپنے حالیہ انٹرویو میں گلوکارہ نے بتایا کہ وہ دور میرے اور خاندان کیلئے مشکل ترین تھا کیونکہ ہمیں نہیں معلوم تھا ہمارے ساتھ کیا ہورہا ہے جبکہ میڈیا اور عوام ہمارے خلاف ہوگئے تھے۔

    کانیکا کپور نے کہا کہ جب لندن سے واپس آئی تو قرنطینہ میں رہنے کا کوئی قانون نہیں تھا 16 مارچ کے بعد بخار ہوا تو چیک اپ کروایا جس میں مجھے کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی مگر مجھ پر الزام لگا کہ میں نے ائیرپورٹ پر اپنا چیک اپ نہیں کروایا۔

    گلوکارہ نے کہا کہ اس دوران مجھے میرے بچوں اور خاندان کو قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں اور ہم سب پریشان و خوفزدہ تھے کوئی کہہ رہا تھا مجھے مر جانا چاہیے تو کوئی کہہ رہا تھا کہ کیرئیر ختم ہوگیا ان سب چیزوں نے مجھے جھنجھوڑ کر رکھا دیا۔

  • ہم کراچی آرٹس کونسل کو بین الاقوامی ادارہ بنائیں گے   صدر آرٹس کونسل آف کراچی محمد احمد شا

    ہم کراچی آرٹس کونسل کو بین الاقوامی ادارہ بنائیں گے صدر آرٹس کونسل آف کراچی محمد احمد شا

    آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے جمعہ کی شام آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش اور کرسمس کا کیک کاٹنے کے بعد پینل کی جشن کامیابی کے پروگرام سے خطاب کیا-

    باغی ٹی وی :تفصیلات کے مطابق آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے جمعہ کی شام آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش اور کرسمس کا کیک کاٹنے کے بعد پینل کی جشن کامیابی کے پروگرام سے خطاب کیا اس موقع پر کامیاب ہونے والے عہدیدار اور اراکین گورننگ باڈی بھی موجود تھے۔

    محمد احمد شاہ نے کہا کہ فیڈریشن کو مضبوط کرنے کے لئے علاقائی زبانوں اور کلچر کو اہمیت دی جائے تاکہ ملک کی اکائیوں کو احساس ہو کہ ان کے مسائل پر توجہ اور ان کو اہمیت دی جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اکائیوں کے اگر سارے مسائل حل نہ بھی ہوں تو ان کی احساس محرومی ختم کرنے کے لیے ریاستی سطح پر اقدامات کرنا لازمی ہے یہ کام آرٹس کونسل نے شروع کیا ہوا ہے ہم نے اُردوکانفرنس میں علاقائی زبانوں کو اسی سوچ کے تحت شامل کیا ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ آج ایک عظیم دن ہے بابائے قوم کی سالگرہ ہے جنہوں نے ہمیں یہ ملک حاصل کر کے دیا۔اس دن ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ اس ملک کو بابائے قوم کے ویژن کے مطابق ترقی دیں گے۔

    محمد احمد شاہ نے کہا کہ آج کے دن ہم مسیحی برادری کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں جن کو ہمارے ملک میں میرے اور آپ جیسے پورے حقوق حاصل ہیں یہ سال بہت غم صدمے دے کر گیا ہے ہمارے بہت سارے ممبر اور ساتھی کورونا وائرس کی وجہ سے وفات پا گئے لیکن ہم نے امید نہیں چھوڑی حوصلہ نہیں ٹوٹنے دیا یہ ایک تجدید عہد وفا کا دن ہےہم اپنے ساتھیوں میں سے کسی کو بھی نہیں بھولے اور نہ بھولیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ میں آرٹس کونسل کے تمام ممبران کا شکرز گزار ہوں جنہوں نے مجھ پر اور میرے ساتھیوں پر اعتماد کیا ہم آپ کی آرٹس کونسل کو بین الاقوامی ادارہ بنائیں گےجب ہم نے عالمی اُردو کانفرنس شروع کی تب ملک میں کوئی فیسٹیول نہیں ہوتا تھا اس کے بعد پورے ملک میں فیسٹیول ہونے لگے۔

    احمد شاہ نے کہا کہ بارہ اُردو کانفرنس کو وہ پذیرائی نہیں ملی جو تیرہویں اُردو کانفرنس کو ملی اس کانفرنس کی کارروائی انٹرنیٹ پر پوری دنیا نے دیکھی ہم نے علاقائی زبانوں اور کلچر کو اس کانفرنس میں شامل کر کے ملک میں نفرتوں کو ختم کرنے کی کوشش کی اور ایسی کوشش جاری رکھیں گے۔

    بعد ازاں موسیقی کا پروگرام منعقد ہوا جس میں عارف انصاری، ڈاکٹر ہما میر، یونس جانی، شبیر ضیاء، کاشیہ کیف، وقاص بابر امجد رانا، ایم افراہیم اور دیگر نے گانے گائے نے پرفارم کیا-

  • گوہر خان اور زید دربار کے نکاح کی تصاویر وائرل

    گوہر خان اور زید دربار کے نکاح کی تصاویر وائرل

    گزشتہ روز رشتہ ازدواج میں منتقل ہونے والی بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس 7 کی فاتح اور بالی وڈ اداکارہ و ماڈل گوہر خان نے اپنے نکاح کی تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کردیں-

    باغی ٹی وی : گوہر خان کی شادی کی تقریبات کا آغاز چند دن قبل ہی ہوا تھا اور ان کی شادی کی تقاریب کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں تاہم گزشتہ روز انہوں نے باضابطہ طور پر اسلامی روایات کے مطابق زید دربار سے بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کے دارالحکومت ممبئی میں شادی کرلی۔

    بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق گوہر خان اور زید دربار کی شادی میں دونوں کے اہل خانہ سمیت ان کے قریبی افراد نے بھی شرکت کی اور کورونا کی وجہ سے تقریب کو مختصر اور محدود رکھا گیا۔

    دونوں نے خالصتاً اسلامی روایات کے مطابق شادی کی اور دونوں نے نکاح کے دوران بڑی آواز میں ایک دوسرے کو قبول کیا۔

    دونوں نے شادی کے موقع پر ملتا جلتا لباس پہنا، جس وجہ سے ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    گوہر خان کی شادی پر متعدد با لی وڈ و دیگر شوبز شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کی اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا-

    خیال رہے کہ نے بتایا کہ گوہر خان نے نکاح کے موقع پر پاکستانی فیشن ڈیزائنر سائرہ شاکرہ کا تیار کردہ لباس پہنا انہوں نے خوبصورت لباس تیار کرنے پر پاکستانی ڈیزائنر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    واضح رہے کہ گوہر خان گزشتہ ڈیڑھ دہائی سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں اور وہ متنازع ریئلٹی شو ‘بگ باس’ سمیت دیگر بھارتی ٹی وی شوز میں شرکت کر چکی ہیں۔

    گوہر خان نے 2004 میں فلم ‘آن: مین ایٹ ورک’ میں مختصر کردار سے فلمی اداکاری کا آغاز کیا تھا، اس سے قبل ہی وہ ٹی وی پر اداکاری کی شروعات کر چکی تھیں۔

    گوہر خان نے کرائم تھرلر بولی وڈ فلم ‘ونس اَپون ٹائم ان ممبئی، عشق زادے، کیا کول ہیں ہم تھری، فیور، بدری ناتھ کی دلہنیا، بیگم جان اور تیرا انتظار’ سمیت دیگر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

    گوہر خان نے معروف ڈانس پروگرام ‘جھلک دکھلا جا’ میں بھی حصہ لیا جب کہ وہ بگ باس سمیت خطروں کے کھلاڑی نامی ہارر ایکشن ریئلٹی شو میں بھی دکھائی دیں۔

    جبکہ گوہر خان کے شوہر زید دربار بھی آرٹسٹ خاندان سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے چھوٹے بھائی آواز دربار ماڈل ہیں جب کہ وہ خود بھی سوشل میڈیا اسٹار اور ڈانس کوریوگرافر ہیں۔

    گوہر خان اور زید دربار کی شادی کی تقریبات کا آغاز ہو گیا

    گوہر خان اور ٹک ٹاکر زید دربار نے شادی کے کارڈ میں اپنی لواسٹوری بیان کر دی

  • شہزاد رائے کا شادی کی پیشکش کرنے والی خاتون کو دلچسپ جواب

    شہزاد رائے کا شادی کی پیشکش کرنے والی خاتون کو دلچسپ جواب

    پاکستان میوزک انڈسٹری کے نامور گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے شادی کی پیشکش کرنے والی خاتون کو رضامندی کا عندیہ دے دیا-

    باغی ٹی وی : پاکستانی گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے اپنی گلوکاری کی وجہ سے تو شہرت رکھتے ہی ہیں وہیں دیگر سماجی مسائل پر بات کرتے دکھائی دیتے ہیں بالخصوص سرکاری سکولوں میں بہتر نظام تعلیم اور تعلیم کے فروغ کے لیے وہ ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں۔

    شہزاد رائے نے 25 دسمبر کو دارالحکومت اسلام آباد جاتے ہوئے موٹروے پر دھند کی وجہ سے روکے جانے پر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر مختصر ویڈیو شیئر کی تھی۔

    گلوکار کی ویڈیو پر جہاں مداح ان کے پیغام کی تعریف کر رہے ہیں وہیں ان کی عمر سدا بہار حسن پر بھی دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں اور اسکن کئیر پر مشورے مانگ رہے ہیں-

    شہزاد رائے کی ویڈیو پر حیا بخاری نامی خاتون نے شہزاد رائے سے شادی کی خواہش کا اظہار کیا اور کمنٹ کیا کہ کیا کوئی گلوکار کو ان سے شادی کے لیے راضی کر سکتا ہے؟

    ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ وہ وعدہ کرتی ہیں کہ وہ ان کے اسکن کیئر مصنوعات کبھی استعمال نہیں کریں گی۔

    حیا بخاری کے کمنٹ پر رد عمل دیتے ہوئے شہزاد رائے نے کمنٹ کیا کہ وہ شادی کے لیے گلوکار کو رضامند کرنے کی کوشش کریں گے۔

    شہزاد رائے پی آئی اے پر برہم

  • رجنی کانت کی طبعیت پہلے سے کافی بہتر ہے   اسپتال ذرائع

    رجنی کانت کی طبعیت پہلے سے کافی بہتر ہے اسپتال ذرائع

    معروف بھارتی اداکار و سیاستدان رجنی کانت کی طبیعت میں پہلے سے کافی بہتری آنے لگی۔

    باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بلڈ پریشر میں اتار چڑھاؤ کے باعث حیدرآباد کے اسپتال میں داخل ہونے والے بھارتی اداکار و سیاستدان رجنی کانت کی طبیعت میں بہتری آئی ہے۔

    اس حوالے سے اسپتال ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ رجنی کانت کے بلڈ پریشر کی سطح میں ابھی بھی شدید اتار چڑھاؤ ہے۔

    واضح رہے کہ لیجنڈری اداکار رجنی کانت حیدرآباد میں اپنی فلم ’اناتھی‘ کے لیے موجود تھے جس کی شوٹنگ چند روز قبل کریو ارکان میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد روک دی گئی تھی۔

    حیدرآباد اپولو اسپتال نے رجنی کانت کی صحت پر کہا ہے کہ بھارتی معروف اداکاری رجنی کانت میں کورونا وائرس کی علامات نہیں پائی گئی ہیں ،بی پی لو ہے اور اسی وجہ سے انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ڈاکٹروں کی ٹیم علاج معالجہ کر رہی ہے، طبیعت بہتر ہونے پر ہسپتال سے فارغ کر دیا جائے گا-

    معروف بھارتی اداکار رجنی کانت کے حوالہ سے تشویشناک خبر

  • سوشل میڈیا پرعمران عباس اور علیزے شاہ کی شادی کی خبریں وائرل

    سوشل میڈیا پرعمران عباس اور علیزے شاہ کی شادی کی خبریں وائرل

    پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ اداکار عمران عباس اور اداکارہ علیزے شاہ کی شادی کی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی ہیں۔

    باغی ٹی وی : میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں دیئے گئے ایک انٹرویو کے دوران اداکار عمران عباس نے کہا تھا کہ بہت جلد وہ اپنی شادی سے متعلق خبر مداحوں کو خوشخبری دیں گے اس بیان کے بعد سے سوشل میڈیا پر عمران عباس اور اداکارہ علیزے شاہ کی شادی کی خبریں گردش کرنے لگی ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں بہت جلد شادی کے بندھن میں بندھنے جارہے ہیں اور اس حوالے سے دونوں کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل اداکارہ علیزے شاہ کی اداکارہ نعمان سمیع کے ساتھ بھی شادی کی خبریں منظر عام پر آئی تھیں تاہم نعمان سمیع نے ایک انٹرویو میں تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اور علیزے شاہ صرف اچھے دوست ہیں۔

    واضح رہے کہ عمران عباس نے حال ہی میں علیزے شاہ کے ساتھ ڈرامہ سیریل جو تو چاہے میں کام کیا تھا جس کے بعد سے دونوں کی شادی کے چرچے سوشل میڈیا پر جاری ہیں۔

    عدنان صدیقی کے بعد عمران عباس نے بھی سال 2020 کی سب سے اچھی بات بتا دی

    صنم سعید نے سال 2020 کو کٹھن سال قرار دیا

  • شہزاد رائے  پی آئی اے پر برہم

    شہزاد رائے پی آئی اے پر برہم

    پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار و سماجی رہنما شہزاد رائے پی آئی اے کے جہاز میں سماجی فاصلہ نہ ہونے پر انتظامیہ پر برہم ہو گئے۔

    باغی ٹی وی : سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے ٹویٹ میں شہزاد رائے نے لکھا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے ماضی میں طیارے کی درمیان والی سیٹوں کو سماجی فاصلے کے تحت خالی رکھا جاتا تھا لیکن آج ایسی کوئی صورتحال نظر نہ آئی۔


    انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 300 میں سفر کیا تو جہاز مکمل طور پر لوگوں سے بھرا ہوا تھا۔ ساتھ ہی شہزاد رائے نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لیے ادارے کی بنائی ہوئی کوئی حکمت عملی ہے بھی یا نہیں۔

    واضح رہے کہ شہزاد رائے گلوکار کے ساتھ ساتھ سماجی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں گلوکار سرکاری اسکولوں میں بہتر نظام تعلیم اور تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی خدمات سرانجام دیتے نظر آتے ہیں-

  • "کی مرے قتل کے بعد اس نے جفا سے توبہ”   نفیرقلم: محمد راحیل معاویہ

    "کی مرے قتل کے بعد اس نے جفا سے توبہ” نفیرقلم: محمد راحیل معاویہ

    "کی مرے قتل کے بعد اس نے جفا سے توبہ”

    نفیرقلم
    محمد راحیل معاویہ
    حضرت علی رض کا قول ہے کہ دولت،منصب اور اقتدار ملنے کے بعد لوگ بدلتے نہیں بلکہ بے نقاب ہوجاتے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان صاحب نے ملکی سیاست میں طویل جدوجہد کی۔ بلند و بانگ دعوے کیے۔ ملک میں خوشحالی،عدل و انصاف،مساوات اور تبدیلی کے منشور کے ساتھ اقتدار میں آئے۔ پاکستان کو مدینہ طرزکی ریاست بنانے کا وعدہ کیا۔

    1 کروڑ نوکری، پچاس لاکھ گھر اور ملک سے غربت و افلاس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی باتیں کرتے رہے۔ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن کو قرار دیا اور احتساب کے بیانیہ کے ساتھ ملک سے کرپشن کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی باتیں کیں۔ ملک کے تمام مسائل کی دوسری وجہ سابق حکومتوں، ان کی پالیسیوں اور آئی ایم ایف سے قرض لینے کو قرار دیتے رہے۔ خان صاحب نے ہر چھوٹے سے چھوٹے اور بڑے سے بڑے مسئلے کا واحد حل نیا پاکستان بننے کو قرار دیا۔

    نیا پاکستان بننے کے بعد 100 دنوں میں ملک کی سمت درست کرنے کا پلان بنایا اور اپنا 100 روزہ پلان کتابی شکل میں بانٹتے رہے۔ 200 افراد پر مشتمل ماہر معاشیات کی ٹیم بالکل تیار ہونے کی نوید سنائی اور پاکستانی قوم کو بتایا کہ بس اقتدار ملنے کی دیر ہے پھر آپکو ہر سمت بدلی ہوئی نظر آئے گی۔ کیونکہ تبدیلی آ نہیں رہی تبدیلی آگئی ہے۔

    پاکستانی عوام کو ہر مسئلہ کا حل خان صاحب کے تبدیلی کے نعرے میں پنہاں نظر آنے لگا۔ 2018 کے الیکشن میں عوام کے ووٹوں یا اپوزیشن کے الزام کے مطابق دھونس دھاندلی یا کسی بھی طرح خان صاحب اقتدار حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ اپنی حکومت بنالی۔ حکومت بنانے کے بعد وہی ہوا کہ خان صاحب بے نقاب ہونا شروع ہوگئے۔

    100 دن گزر گئے تو لوگوں نے کوئی سوال نہیں کیا کیوں کہ لوگ خود ہی سمجھتے تھے کہ نیا پاکستان کوئی بجلی کا سوئچ آن کردینے سے نہیں بن جائے گا۔ اس لیے لوگوں نے ایک سال تک بھی کسی قسم کی کوئی شکایت نا کی۔پھر یوں ہوا کہ خان صاحب کی حکومت کو پورے دو سال گزرگئے۔ ایک سنجیدہ طبقہ فکر کچھ غور و فکر کرنے پر آمادہ ہوا تو یہ معلوم ہوا کہ واقعی سب کچھ تبدیل ہوچکا ہے۔ ملک میں مہنگائی کی شرح 5 فیصد سے دوگنی ہوکر بھی کنٹرول نا ہوئی اور 12 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

    ڈالر نے بڑی اڑان بھری اور 160 روپے پر جا پہنچا تھا۔ پھر سوچا کہ شاید بیروزگار لوگوں کو روزگار دینے کی وجہ سے یہ حالات پیدا ہوئے ہونگے۔ کیونکہ خان صاحب نے کہا تھا نا کہ میں وسائل کی تقسیم منصفانہ کروں گا۔ توان لوگوں کا بوجھ بھی تو دوسروں پر پڑنا تھا نا ۔میرے کپتان نے 1 کروڑ نوکری دینی تھی’ لوگوں نے روزگار حاصل کرنے کے لیے باہر کے ملکوں سے بھی آجانا تھا اس لیے بڑے عالمی اور تاریخی کارنامے سرانجام دینے کے لیے قربانیاں تو دینی پڑتی ہیں۔

    اس لیے مہنگائی ہوگئی تو کیا ہوا؟ روپے کی قدر گر گئی تو کوئی بات نہیں ملک سے بیروزگاری تو ختم ہوئی ۔ لیکن یہ کیا؟ جب بے روزگاری کی تعداد پر نظر پڑی تو ہوش قائم نا رہا’ کیونکہ 2018 میں 35 لاکھ لوگ بیروزگار تھے’ اور آج 2020 میں 1 کروڑ 17 لاکھ لوگ بیروزگار ہوچکے ہیں۔

    مارے حیرت کے میں انگشت بداں ہوگیا’پھر خیال آیا شاید خان صاحب نے 1 کروڑ نوکری دینے کا نہیں بلکہ لینے کا وعدہ کیا ہوگا۔ ہم ہی محرم کو مجرم پڑھتے رہے۔ ملک میں لوگوں کو خط غربت کی لکیر سے اوپر لانے کی خان صاحب کو بہت فکر تھی۔ وہ اپنے ہر جلسہ میں غربت کی لکیر سے نیچے لوگوں کی تعداد گن کر بتایا کرتے تھے۔

    ان کو غربت کی لکیر سے اوپر لانے کی خان صاحب کوسب سے زیادہ فکر تھی۔ اس لیے اور کسی طرف توجہ نہیں کرپائے ہونگے۔ کرتے بھی کیسے جب تک میرے ملک میں 1 بھی غریب باقی رہتا خان صاحب کسی اور فکر میں کیسے مبتلا ہوسکتے تھے۔ لیکن جب ان کے اعداد و شمار کو دیکھا تو چکر آگیا بمشکل خود کو سنبھالا’ کیوں کہ ملک میں مڈل کلاس لوگوں کی 2013 میں تعداد 62 لاکھ تھی ۔ ن لیگ کے 5 سالہ دور اقتدار میں تقریبا 1 کروڑ لوگ خط غربت کی لکیر سے اوپر آئے تھے۔

    اور 2018 میں ان کی تعداد 1 کروڑ 60 لاکھ ہوگئی تھی۔ مگر آج ان میں سے 1 کروڑ 4 لاکھ لوگ دوبارہ خط غربت کی لکیر سے نیچے گر گئے ہیں۔ اب ملک میں مڈل کلاس لوگوں کی تعداد 56 لاکھ رہ گئی ہے۔ مجھے اسی وقت سمجھ آگئی کہ ن لیگ کی یہ کوئی چال تھی۔ ن لیگ نے 1 کروڑ لوگوں کو مصنوعی طریقے سے خط غربت کی لکیر سے اوپر اٹھایا تھا۔ ن لیگ نے انہیں یقینا کسی کمزور سی ٹہنی پر بٹھا دیا ہوگا جو اب ٹوٹ جانے کی وجہ سے نیچے گر گئے ہیں۔

    اصل میں پچھلی حکومتوں نے قرض ہی اتنا لے لیا تھا کہ خان بیچارہ کیا کرتا۔ ن لیگ نے ملک کو آئی ایم ایف کے ہاں گروی رکھوادیا تھا۔ گروی رکھے ہوئے ملک کو ان کے قبضے سے چھڑانے کے لیے مشکلات تو آنی ہی تھیں نا۔ پھر ن لیگ کا لیا ہوا قرض بھی تو اتارنا تھا۔ 2 سال اسی لیے سب تہس نہس ہوگیا کہ خان صاحب قرضے اتارنے میں مصروف تھے۔ مگر یہاں بھی سخت مایوسی کا سامنا مجھے تب ہوا کہ خان صاحب بھی 6 ارب ڈالر لینے کے لیے آئی ایم ایف کے پاس جاپہنچے۔ مجھے یقین نا آیا میں نے سوچا کسی وزیر نے غلط کام کروادیا ہوگا کیونکہ خان صاحب تو آئی ایم ایف کے پاس جانے سے خودکشی کرلینے کو ترجیح دیتے مگر کبھی آئی ایم ایف کے پاس نا جاتے ۔

    مگر آئی ایم ایف کے پاس جانے یا نا جانے کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے دوران ملک میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہوئی اور ملک سے بیرونی سرمایہ کاری واپس چلی گئی۔ کئی سرمایہ کاروں نے اس صورتحال سے پریشان ہوکر اپنا پیسہ کھینچ لیا اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائز میں اڑھائی ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ پھر اس تاخیر کو وزیراعظم صاحب نے اپنی غلطی قرار دیا اور آئی ایم ایف کے پاس دیر سے جانے کی غلطی تسلیم کرلی۔ مگر اس سے زیادہ حیرت تب ہوئی جب پتا چلا کہ ملکی قرضہ کم ہونے کی بجائے اور بھی زیادہ بڑھ گیا ہے۔

    جتنا قرض ن لیگ نے اپنے 5 سالہ دور اقتدار میں لیااتنا تو خان صاحب اپنے دو سالوں میں ہی لے چکے ہیں۔ ن لیگ نے 5 سالوں میں 13 ٹریلین روپے قرض لیا۔ اور خان صاحب اپنے پہلے دو سالوں میں ہی 13 ٹریلین روپے قرض لے چکے ہیں۔ پی پی نے روزانہ 5 ارب روپے ن لیگ نے روزانہ 7 ارب روپے قرض لیا جبکہ خان صاحب روزانہ 20 ارب روپے قرض لینے سے رفتار سے تمام ریکارڈ توڑ چکے ہیں۔
    مجھے سمجھ آگئی کہ یہ سب کیوں ہوا ۔ ملکی معیشت کا ن لیگ نے بڑا کباڑہ کیا ہوا تھا۔ خان صاحب کو اس کی بڑی فکر تھی۔

    ن لیگ نے 5.8 فیصد پر ملکی ترقی کی شرح رکھی ہوئی تھی۔ میں سمجھ گیا کہ خان صاحب نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔ یہ سب ملک کی معیشت کو پٹڑی پر چڑھاتے ہوئے ہوا ہے۔ اب ملک کی معیشت درست ہوجائے گی تو انشاءاللہ سب ٹھیک ہوجائے گا۔ میں نے ملکی ترقی کی شرح دیکھی تو وہ منفی 0.50 سے بھی نیچے تھی۔ مجھے بڑی ہنسی آئی ۔ بیچارہ اکیلا خان کیا کیا کرے ۔ اب دیکھو نا نااہلی ان کی ہڈیوں میں بس چکی ہے۔ ملک کی ترقی کی شرح کو 1951 پر ہی روک لیا ہوا ہے۔ کیونکہ 1951 کے بعد ملک کی ترقی کی شرح تو کبھی منفی ہوئی نہیں۔

    ان نالائقوں نے اعداد و شمار ہی درست کرنے کی تکلیف نہیں کی۔ خان صاحب دن رات ملک کی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے پر لگے ہوئے ہیں۔ اب انہوں نے خود آکر تو اعداد و شمار ٹھیک نہیں کرنے نا۔ میں آگے بڑھ کر اعداد و شمار ٹھیک کرنے لگا کہ کسی نے مجھے ہوش دلانے کے لیے ٹھنڈے پانی سے منہ دھلوادیا۔ اور بتایا کہ ہماری ملکی ترقی کی شرح اس وقت منفی ہی ہے اور آئیندہ کے لیے بھی ورلڈ بینک نے کہہ دیا کہ یہ 1 فیصد سے اوپر نہیں جاسکتی۔ مجھے یقین نہیں آیا میں نے اردگرد کے لوگوں سے پوچھنے کا فیصلہ کیا۔ میں نے جب پوچھا تو ہر 5 میں سے 4 لوگوں نے ملک کی سمت کو غلط قرار دیدیا۔

    لیکن میں اتنا بھی پاگل نہیں کہ ان لوگوں پر یقین کرکے اپنے کپتان کی نیت پر شک کرتا۔ مجھے پتا ہے کہ میرا کپتان ایماندار ہے۔ اور یہ لوگ جو مرضی کہتے رہیں۔ میں اپنے کپتان سے پوچھتا ہوں۔ وہ مجھے سب سمجھا دیں گے۔ میں خان صاحب کے پاس پہنچا تو وہ کسی تقریب سے خطاب فرما رہے تھے۔ مجھے خان صاحب کی تقریر سن کر بہت خوشی محسوس ہوتی ہے۔ آج تک لوگوں کو پرچیاں پکڑ کر تقریریں کرتے دیکھا تھا۔ مگر میرے کپتان جیسی تقریر کوئی نہیں کرسکتا ۔

    میں نے تقریر غور سے سننی شروع کی تو خان صاحب فرما رہے تھے کہ کسی کو بھی ملک میں اقتدار سنبھالنے سے پہلے سیکھنا چاہئے۔ بغیر سیکھے کسی کو بھی اقتدار نہیں سنبھالنا چاہئے۔

    ہم جو باہر سے دیکھتے تھے وہ اندر سے بالکل مختلف نکلا ہے۔ خان صاحب مشورہ دے رہے تھے کہ کسی کو بھی پاور میں آنے سے پہلے مکمل تیاری کرنی چاہئے۔ اپ کے پاس مکمل ایجنڈا ہونا چاہیے جس پر آپ عمل پیرا ہوسکیں۔ کیوں کہ ہمیں تو پاور سیکٹر کی ہی بالکل سمجھ نہیں آرہی تھی۔

    خان صاحب اپنی ناکامی کی وجہ اپنی ناتجربہ کاری کا قرار دے رہے تھےاس پر وہ ہر 5 میں سے 1 لوگ بغلیں بجا رہے تھے کہ خان صاحب کتنے اچھے لیڈر ہیں جو اپنی ناکامی کا کھلے دل سے اعتراف کررہے ہیں۔
    جبکہ مجھے ایک شعر یاد آگیا۔

    کی مرے قتل کے بعد اس نے جفا سے توبہ
    ہائے اس ذود پشیماں کا پشیماں ہونا

  • گوگل و وکی پیڈیا نے حلیمہ سلطان کو یاسر حسین کی والدہ بنا دیا

    گوگل و وکی پیڈیا نے حلیمہ سلطان کو یاسر حسین کی والدہ بنا دیا

    گوگل و وکی پیڈیا نے ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامہ سیریل ‘ارطغرل غازی’ میں ‘حلیمہ سلطان’ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ اسرا بلجیک کو پاکستانی اداکار یاسر حسین کی والدہ بنا دیا۔

    باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ سرچ انجن کے الگورتھم کی غلطی یا خرابی کے باعث اسرا بلجیک کو یاسر حسین کی والدہ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔

    یہ غلطی ممکنہ طور پر گوگل کے الگورتھم کی وجہ سے ہو رہی ہے جو کہ یاسر حسین کے نام سرچ کرنے پر سرچ پیج کھلنے پر وکی پیڈیا کے سیکشن میں اسرا بلجیک کو ان کے والدین کے طور پر پیش کر رہا ہے۔

    تاہم اگر وکی پیڈیا کا پیج کھولا جائے تو اس میں اسرا بلجیک کا کوئی ذکر نہیں اور اسی طرح اگر گوگل پر یاسر حسین کے والد کا نام تلاش کیا جائے تو بھی الگورتھم میں کوئی خرابی نہیں دکھائی دے رہی۔

    تاہم سرچ کے مین پیج پر یاسر حسین کے تعارفی سیکشن میں اسرا بلجیک کو ان کے والدین کے طور پر پیش کیا گیا ہےاسی سرچ پیج پر اقرا عزیز کو ان کی اہلیہ کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

    انٹرنیٹ سرچ انجن کے ٹولز پر نظر رکھنے والے ماہرین کے مطابق ممکنہ طور پر یہ غلطی اس لیے ہو رہی ہے کیوںکہ یاسر حسین حالیہ چند ماہ میں ترک ڈرامے کے کرداروں پر تنقید کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق یاسر حسین کی جانب سے ایسرا بلجیک کو پاکستانی برانڈز کے سفیر مقرر کیے جانے پر تنقید کیے جانے کی وجہ سے الگورتھم ترک اداکارہ کو ان کی والدہ کے طور پر پیش کر رہا ہے۔

    دلچپ بات یہ ہے کہ وکی پیڈیا و گوگل سرچ انجن یاسر حسین کی عمر 36 سال جب کہ ایسرا بلجیک کی عمر 28 سال بتا رہے ہیں یعنی انٹرنیٹ نے کم عمر خاتون کو خود سے 8 سال زائد عمر مرد کی والدہ بنا ڈالا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل رواں برس اکتوبر میں سرچ انجن گوگل نے بھارتی اداکارہ انوشکا شرما کو افغان کرکٹر راشد خان کی اہلیہ کے طور پر پیش کیا تھا۔ انٹرنیٹ سرچ انجن کے الگورتھم میں خرابی کے باعث گوگل نے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی بیوی انوشکا شرما کو افغان کرکٹر راشد خان کی اہلیہ کے طور پر پیش کیا تھا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس میں گوگل کی اتنی بنیادی غلطی کی وجہ راشد خان کی 2018 میں ہونے والی ایک بات چیت قرار دیا جارہا تھا راشد خان نے اپنے مداحوں سے انسٹاگرام پر لائیو چیٹ کے دوران شائقین کرکٹ اور پرستاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بتایا تھا کہ بالی ووڈ میں ان کی پسندیدہ اداکارائیں پریتی زنٹا اور انوشکا شرما ہیں۔

    گوگل نے انوشکا شرما کو افغان کرکٹر راشد خان کی اہلیہ بنا دیا

    بھارتی اداکار جن کا تعلق پاکستان سے ہے

  • بھارتی اداکار شوٹنگ کے دوران ڈیم میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے

    بھارتی اداکار شوٹنگ کے دوران ڈیم میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے

    ملیالم فلموں کے اداکار انیل نیڈو منگڈ کیرالہ میں شوٹنگ کے دوران ڈیم میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے-

    باغی ٹی وی : ملیالم فلموں کے اداکار انیل نیڈومنگڈ فلم کی شوٹنگ کے لیے تھوڈو پوزا میں تھے فلم میں مرکزی کردار جو جو جارج نبھار ہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 48 سالہ انیل کا شمار فلم نگری کے باصلاحیت اداکاروں میں ہوتا تھا اور وہ کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

    انیل فلم کی شوٹنگ کیلئے کیرالہ کے علاقے تھوڈو پوزہ میں واقع ڈیم ملنکارا گئے تھے جہاں شوٹنگ کے بعد دوستوں کے ہمراہ نہانے گئے۔

    آنجہانی اداکار نہاتے ہوئے گہرے پانی میں چلے گئے اور پھر واپس نہ آسکے بعد ازاں دوستوں اور غوطہ خوروں کی مدد سے 30 منٹ بعد ان کی لاش نکالی گئی بعد ازاں ان کو قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار نے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز تھیٹر سے کیا تاہم بعد میں ٹی وی اینکر بن گئے لیکن کچھ عرصہ بعد ہی وہ فلموں میں جلوہ گر ہوئے۔