Baaghi TV

Author: عائشہ ذوالفقار

  • مٹن دم پخت بنانے کا طریقہ

    مٹن دم پخت بنانے کا طریقہ

    مٹن دم پخت

    وقت : 1¼سے 1½ گھنٹے

    4 سے 5 افراد کے لئے

    اجزائے ترکیبی ………… مقدار …………
    مٹن (ٹانگیں) ………… 1½ کلو
    تیل ………… ¼کپ
    ادرک لہسن پیسٹ ………… 2کھانے کے چمچ
    نمک ………… حسب ذائقہ
    کالی مرچ (ثابت) ………… 6سے 8عدد
    جاوتری ………… 2عدد
    لیموں کے قتلے ………… 4سے 6ٹکڑے
    گندھا ہوا آٹا(برتن کو بند کرنے کے لئے) ………… حسب ضرورت

    طریقہ کار:
    مٹن کو 150 سے 200گرام کے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور ایک طرف رکھ دیں۔ مٹی کی ہانڈ ی میں تیل گرم کرکے ادرک لہسن کو ہلکا براؤن کرلیں کالی مرچ اور جاوتری شامل کرکے ایک منٹ مزید پکائیں۔ مٹن کو ہلکا براؤن ہونے تک پکائیں۔ ایک لیٹر پانی، نمک اور لیموں کے قتلے ڈالیں۔ ہانڈی پر ڈھکن دے کر اسے آٹے سے سیل کردیں۔ ایک گھنٹہ کے لئے مٹن کو مکمل پکنے اور گلنے تک پکائیں۔ خمیری روٹی کے ساتھ پیش کریں۔ پکنے کے درمیان ڈھکن نہ اٹھائیں ورنہ بھاپ باہر نکل جائے گی اور ”دم“ کا عمل متاثر ہوگا۔

  • ذوالحج کے پہلےعشرہ کے اہم فضائل قرآن و حدیث کی روشنی میں

    ذوالحج کے پہلےعشرہ کے اہم فضائل قرآن و حدیث کی روشنی میں

    جن وانس کی تخلیق کا حقیقی مقصد اللہ تبارک وتعالیٰ کی بندگی بجا لانا ہے اللہ تبارک وتعالیٰ کی بندگی کے لیے مختلف طریقے قرآن وسنت میں متعین کیے گئے ہیں‘ جن میں نماز، روزہ، زکوٰۃ، حج، صدقات، نوافل، ذکرِ الٰہی، دعا اور دیگر بہت سی عبادات شامل ہیں۔

    اسی طرح اللہ تبارک وتعالیٰ نے اپنی بندگی کے لیے بعض ایام کو خصوصی اہمیت اور فضیلت بھی عطا فرمائی ہے جن میں ایام ذی الحجہ کو بھی خصوصی اہمیت حاصل ہے۔

    اللہ تبارک وتعالیٰ سورہ توبہ کی آیت نمبر 36میں ارشاد فرماتے ہیں: ”بے شک مہینوں کا شمار اللہ کے نزدیک بارہ ہے‘ اللہ کی کتاب میں جس دن اس نے پیدا کیا آسمانوں اور زمین کو اور اُن میں سے چار مہینے حرمت والے ہیں‘‘۔ حرمت والے چار مہینوں میں رجب، ذو الحج، ذی القعد اور ـمحرم شامل ہیں۔

    حرمت والے ان چار مہینوں میں ذی الحجہ کی اپنی ایک شان اور مقام ہے کیونکہ یہ دین اسلام کے پانچویں اہم ترین رکن’’حج‘‘ کی ادائیگی کا مہینہ ہے اس لیے اس مہینے کا نام ہی ذوالحج رکھا گیا ہے یعنی حج والا مہینہ اس مہینے کی 8تاریخ کو حاجی حج کا قصد کرتے اور 9 تاریخ کو عرفات میں وقوف کرتے ہیں، عرفات کے اس وقوف کی وجہ سے اللہ تبارک وتعالیٰ حاجیوں کی جملہ خطاؤں کو معاف فرما دیتے ہیں اور اس مہینے کی 10تاریخ کو دنیا بھر میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے حاجی اور غیر حاجی مسلمان جانوروں کو ذبح کرتے ہیں-

    اللہ تبارک وتعالیٰ سورہ فجر کی آیات 1اور 2میں ارشاد فرماتے ہیں:”قسم ہے فجر کی اور دس راتوں کی ‘‘۔ مفسرِ اُمت حضرت عبداللہ ابن عباسؓ کے مطابق ان دس راتوں سے مراد ذی الحجہ کا پہلا عشرہ ہے۔ سورہ فجر میں مذکور دس راتوں کے بارے میں جہاں حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہم کی رائے واضح ہے‘ وہیں مفسرین کی اکثریت کے نزدیک بھی ان دس راتوں سے مراد عشرہ ذی الحجہ ہے۔

    نبی کریمﷺ کا فرمان ہے کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک زمانے بھر (پورے سال )میں عشرہ ذی الحجہ سے افضل کوئی دن نہیں ہے۔ اسی طرح ایک اور حدیث میں بیان ہوا کہ دنیا (سال)کے سب سے افضل یہ دس دن‘ یعنی عشرہ ذوالحج ہیں۔

    جس طرح رمضان المبارک کا مہینہ نزول قرآن کی یاد دلاتا ہے اسی طرح عشرہ ذی الحجہ سے تکمیلِ دین کی یادیں وابستہ ہیں۔ سورۃ المائدہ کی آیت نمبر 3 میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں ”آج میں نے تمہارا دین تمہارے لیے مکمل کر دیا‘ اپنی نعمت تم پر تمام کر دی اور تمہارے لیے اسلام کو بطور دین پسند فرمایا‘‘۔ تکمیل دین کی بشارت اتنی بڑی خوشخبری تھی کہ اِس کی قدر و قیمت کا احساس عہدِ صحابہ کے غیر مسلموں کو بھی تھا۔

    صحیح بخاری میں حدیث ہے کہ ایک یہودی نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے کہا: اگر ہمارے یہاں سورہ مائدہ کی یہ آیت نازل ہوتی کہ ”آج میں نے تمہارے لیے تمہارے دین کو مکمل کر دیا اور تم پر اپنی نعمت کو پورا کر دیا اور تمہارے لیے اسلام کو بطور دین کے پسند کر لیا‘‘ تو ہم اس دن کو عید (خوشی) کا دن بنا لیتے۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ یہ آیت کس دن نازل ہوئی تھی، عرفہ کے دن نازل ہوئی اور وہ جمعہ کا دن تھا۔ یعنی یہ دونوں ایام عید یعنی خوشی ہی کے دن ہیں-

    صحیح بخاری میں روایت ہے کہ حضرت عبداللہ ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہم نے بیان کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ نیکی‘جس قدر ان ایام میں فضیلت والی ہوتی ہے‘ اتنی دیگر ایام میں نہیں ہوتی۔ لوگوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سوال کیا کہ کیا جہاد فی سبیل اللہ بھی نہیں؟ تو آپﷺ نے ارشاد فرمایا: جہاد فی سبیل اللہ بھی نہیں‘ سوائے اس شخص کے جو اپنی جان اور مال کے ساتھ جہاد کے لیے روانہ ہوا اور اس میں سے کچھ بھی واپس نہ لایا یعنی لڑتے ہوئے اللہ کی راہ میں شہید ہو گیا۔

    مسند احمد میں ایک حدیث ہے جس کے راوی حضرت عبداللہ ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہم فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: اللہ کی نظروں میں ان ایام سے زیادہ افضل کوئی بھی دن نہیں کہ جن میں کیے جانے والے نیکی کے کام ان ایام میں کیے جانے والے نیکی کے کاموں سے زیادہ اللہ کو محبوب ہوں۔

    چنانچہ ان دنوں میں بکثرت تہلیل‘ تکبیر اور تحمیدکرنی چاہیے۔ یوم عرفہ کے حوالے سے یہ بات ثابت ہے کہ اس دن کی بہترین دعا جو نبی کریمﷺ اورآپ سے پہلے انبیاء کا ذکر ہے‘ وہ ”لا الہ الا اللہ وحدہ لا شریک لہٗ لہ الملک ولہ الحمد وھو علی کل شئی قدیر‘‘ ہے۔ ان ایام میں روزے رکھنے کی بھی خصوصی فضیلت ہے۔

    عرفہ کے روزے کی فضیلت تو واضح ہے کہ اس دن روزہ رکھنے والے کے گزشتہ اور آئندہ آنے والے برس کے گناہ معاف ہو جاتے ہیں۔ جیسا کہ صحیح مسلم میں حدیث ہے کہ رسولﷺ نے فرمایا: عرفہ کے دن کا روزہ‘ میں اللہ سے امید رکھتا ہوں کہ‘ پچھلے سال کے گناہوں کا کفارہ بن جائے گا اور اگلے سال کے گناہوں کا بھی۔

    اس مہینے کے مخصوص ایام نویں ذوالحج کی نماز فجر سے تیرہویں ذوالحج کی نماز عصر تک میں ہر فرض نماز کے بعد تکبیرات تشریق کہی جاتی ہیں۔ تکبیر تشریق یہ ہے:اللہ اکبر اللہ اکبر لا الہ الا اللہ واللہ اکبر اللہ اکبر وللہ الحمد اس مہینے کے پہلے عشرہ کے روزوں کا ثواب بہت زیادہ ہے یہاں تک کہ اس کے ایک دن کا روزہ سال بھر کے روزوں کے برابر ہے ۔

    جامع الترمذی میں ایک حدیث ہے کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ حضرت نبی کریم ﷺ سے روایت کرتے ہیں اللہ تعالیٰ کے ہاں عام دنوں کے مقابلے میں عشرہ ذو الحج کی عبادت زیادہ محبوب ہے، اس ایک دن کا روزہ ایک سال کے روزوں کے برابر ہے اورایک رات کی عبادت لیلۃ القدر کی عبادت کے برابر ہے یہ فضیلت یکم سے9 ذوالحج تک کے روزوں کی ہے، دسویں تاریخ کو روزہ رکھنا جائز نہیں ہے۔حضرت نبی کریم ﷺ ذوالحج کے پہلے 9 دنوں میں روزہ رکھا کرتے تھے۔

    اس مہینے کی دسویں، گیارہویں اور بارہویں تاریخ کو اللہ کے نام پر متعین جانور کو ذبح کیا جاتا ہے یعنی قربانی کے مبارک عمل کی ادائیگی کی جاتی ہے اس دن اس عمل سے زیادہ کوئی اور عمل زیادہ اجر و ثواب والا نہیں۔

    ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ حضرت رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’عید الاضحیٰ کے دن کوئی نیک عمل اللہ تعالیٰ کے نزدیک قربانی کا خون بہانے سے محبوب اور پسندیدہ نہیں اور قیامت کے دن قربانی کا جانور اپنے بالوں، سینگوں اور کھروں سمیت آئے گا اور قربانی کا خون زمین پر گرنے سے پہلے اللہ تعالیٰ کے ہاں شرفِ قبولیت حاصل کر لیتا ہے لہٰذا تم خوش دلی سے قربانی کیا کرو۔

    سنن ابن ماجہ میں ہے کہ حضرت زید بن ارقم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے: حضرت رسول کریمؐ کے صحابہ رضی اللہ عنہم نے سوال کیا: یاحضرت رسول اللہؐ! قربانی کی حیثیت کیا ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: تمہارے روحانی باپ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے۔صحابہ رضی اللہ عنہم نے عرض کیا کہ ہمیں قربانی کرنے سے کیا ملے گا؟ آپ ﷺ نے فرمایا، ہر بال کے بدلے میں ایک نیکی۔صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے پھر سوال کیا یاحضرت رسول اللہؐ!اون کے بدلے کیا ملے گا فرمایا: اون کے ہر بال کے بدلے میں نیکی ملے گی۔

    صحیح مسلم میں روایت ہے کہ حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا بیان فرماتی ہیں کہ حضرت رسول کریمؐ نے ارشاد فرمایا :جب ذو الحج کا پہلا عشرہ شروع ہوجائے یعنی ذو الحج کا چاند نظر آجائے اور تم میں سے کسی کا ارادہ ہو قربانی کا تو اس کو چاہیے قربانی کرنے تک اپنے بال اور ناخن نہ تراشے۔

    حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضرت رسول اللہ ﷺ سے سوال کیا گیا کہ دینِ اسلام میں کون سا عمل زیادہ بہتر ہے؟ تو آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ’’دل سے اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لانا۔پھر پوچھا گیا کہ اس کے بعد کون سا عمل زیادہ بہتر ہے؟ تو آپ ﷺنے ارشاد فرمایا کہ اللہ کی راہ میں جہاد کرنا،پھر عرض کیا گیا کہ اس کے بعد کون سا عمل زیادہ بہتر ہے ؟ تو آپ ﷺنے ارشاد فرمایا کہ’ اس کے بعدحج مبرور‘۔

    صحیح بخاری میں حدیث ہے کہ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں ،میں نے حضرت رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ جو شخص اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کو حاصل کرنے کے لئے حج کرے اور دوران سفر اپنے ساتھیوں سے بیہودہ باتیں کلام یا لڑائی جھگڑا وغیرہ نہ کرے اور کبیرہ گناہوں سے بچتا رہے تو وہ حج کرنے کے بعد گناہوں سے ایسا پاک و صاف ہو جاتا ہے جیسا کہ وہ اپنی ماں کے پیٹ سے پیدا ہوتے وقت پاک و صاف تھا-

    حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضرت نبی کریم ﷺنے فرمایا کہ حج کو آنے والے اور عمرہ ادا کرنے والے اللہ تعالیٰ کے معزز مہمان ہیں؛ اگر وہ اللہ تعالیٰ سے دعاء مانگیں تو اللہ تعالیٰ ان کی دعاء قبول فرماتا ہے اور اگر وہ گناہوں کی مغفرت طلب کریں تو اللہ تعالیٰ ان کے گناہوں کو بخش دے گا-

  • بھارتی پنجابی گلوکار ایمی ورک کو بھی پاکستانی ڈرامے نے اپنے سحر میں جکڑ لیا

    بھارتی پنجابی گلوکار ایمی ورک کو بھی پاکستانی ڈرامے نے اپنے سحر میں جکڑ لیا

    بھارتی پنجابی معروف و مقبول گلوکار اور اداکار ایمی ورک بھی پاکستانی ڈرامے کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے-

    باغی ٹی وی : پاکستان میں مقبولیت کے ریکارڈ توڑنے والے بلاک بسٹر ڈرامے ” میرے پاس تم ہو” نے پنجابی گلوکار و اداکار ایمی ورک کو بھی اپنے سحر میں جکڑ لیا ہے۔

    اس حوالے سے گلوکار نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں پاکستانی بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل ’میرے پاس تم ہو‘ کا ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا۔

    انہوں نے ڈرامے کی تعریف کرتے ہوئے ڈرامے کی کاسٹ کو ٹیگ کیا ڈرامے کے لکھاری خلیل الرحمان قمر سمیت عدنان صدیقی، ہمایوں سعید، عائزہ خان کی اداکاری کی تعریف بھی کی۔

    پاکستانی ڈرامے کی سرحد پار سے شوبز کی معروف شخصیت کی جانب تعریف پر اب تک ڈرامے میں شامل کسی شخصیت اور نہ ہی خلیل الرحمن قمرنے اس پر ردعمل دیا ہے۔

    واضح رہے کہ "میرے پاس تم ہو ” پاکستان کا بلاک بسٹر ڈرامہ ہے جس کے ہر ڈائیلاگ اور منظر نے لوگوں کی دا د و تحسین سمیٹی تاہم جہاں اس ڈرامے کو بے حد سراہا گیا وہیں اس ڈرامے کو اپنے متنازع ڈائیلاگز کی وجہ سے تنقید کا بھی سامنا رہا اور اس پر مقدمے بھی درج کئے گئے-اس ڈرامے کے مصنف معروف پاکستانی ڈرامہ نگار و شاعر خلیل الرحمن قمر ہیں جبکہ مرکزی کردار حرا مانی ، عائزہ خان ، ہمایوں سعید ، عدنان صدیقی اور چائلڈ اسٹار شیث سجاد نے ادا کئے-

  • ثروت گیلانی عامر خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہشمند

    ثروت گیلانی عامر خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہشمند

    پاکستانی اداکارہ ثروت گیلانی بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہشمند ہیں-

    باغی ٹی وی : ویب سیریز ’’چڑیلز‘‘ میں اداکاری سے مداحوں کے دل جیتنے والی پاکستانی اداکارہ ثروت گیلانی نے بالی ووڈ اداکار عامر خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کااظہار کیا ہے۔

    حال ہی میں سوشل میڈیا ویب سائٹ ایپ انسٹاگرام پر ’آسک می سیشن‘ کے دوران مداحوں نے ثروت گیلانی سے ان کی زندگی کے بارے میں کئی سوالات کیے جس کے اداکارہ نے دلچسپ جواب دیئے جس سے مداح خوب محفوظ ہوئے-

    اسی سیشن کے دوران ایک مداح نے ثروت گیلانی سے پوچھا کہ آپ کی کوئی ایسی خواہش ہے جو آج تک پوری نہ ہوئی ہو اور آپ لمبے عرصے سے اس خواہش کے پوری ہونے کا انتظار کررہی ہیں؟-

    مداح کی جانب سے پوچھے جانے والے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ثروت گیلانی نے کہا کہ وہ عامر خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہشمند ہیں –

    واضح رہے کہ ثروت گیلانی ویب سیریز ’’چڑیلز‘‘ کے علاوہ کئی ڈراما سیریل صلہ ، آذر کی آئے گی بارات ملا، اور جوانی پھر نہیں آئے گی جیسی کامیاب فلم میں بھی اداکار کر چُکی ہیں-

  • جب بھی ویڈیو بناتی ہوں تومقصد ہوتا ہےکہ لوگ اس سے کچھ سبق حاصل کریں     آمنہ الیاس

    جب بھی ویڈیو بناتی ہوں تومقصد ہوتا ہےکہ لوگ اس سے کچھ سبق حاصل کریں آمنہ الیاس

    پاکستانی معروف ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس کا کہنا ہے کہ جب بھی کوئی ویڈیو بناتی ہوں تو اس کا مقصد ہوتا ہے کہ لوگ اس سے کچھ سبق حاصل کریں۔

    باغی ٹی وی : آمنہ الیاس رنگت کی بنیاد پر تعصب کے خلاف کافی متحرک رہی ہیں اور اب وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے مختلف سماجی مسائل کو اجاگر کرتی نظر آتی ہیں جس پر انہیں مداحوں کی جانب سے کافی سراہا جاتا ہے-

    اردو نیوز کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران اداکارہ و ماڈل سے جب پوچھا گیا کہ سوشل میڈیا پر سماجی مسائل کے بارے میں ویڈیوز بنانے کا خیال کیسے آیا تو انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاﺅن کے دنوں میں سب کچھ تو بند تھا لہذا ہر کوئی سوشل میڈیا پر ہی زیادہ متحرک تھا تو میں شروع میں ازراہ مزاق ویڈیوز بنا کر اپ لوڈ کرتی رہی لیکن جب لوگوں کا اچھا ریسپانس ملا تو مجھے لگا کہ باقاعدہ کسی آئیڈیا پر کام ہونا چاہیے پھر میں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر آئیڈیاز پر کام کرنا شروع کیا۔

    آمنہ الیاس نے کہا کہ جب بھی کوئی ویڈیو بناتی ہوں تو اس کا مقصد ہوتا ہے کہ لوگ اس سے کچھ سبق حاصل کریں۔ بامعنی کانٹینٹ (مواد) یقینا لوگوں کی توجہ اپنی طرف کھینچتا ہے۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ ویڈیو میں مزاح بھی ہو اور دیکھنے والے کو بات بھی سمجھ میں آجائے۔

    اداکارہ و ماڈل آمنہ الیاس کا کہنا تھا کہ آج میں جس مقام پر ہوں بہت خوش دھکے تو نہیں کھانے پڑے لیکن محنت بہت زیادہ کی ہے۔ میں نے اپنا رویہ نہایت ہی پروفیشنل رکھا اور غلط کو غلط صحیح کو صحیح کہا اور صرف کام پر فوکس کیا۔

  • ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، شنیرا اکرم کی منال خان پر سخت تنقید

    ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، شنیرا اکرم کی منال خان پر سخت تنقید

    قومی کرکٹ کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ اور سماجی کارکن شنیرا اکرم نے منال خان اور ان کے منگیتراحسن محسن پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر سخت تنقید کی-

    باغی ٹی وی :منال خان کی سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اور ان کے منگیتر احسن محسن اکرام گاڑی میں کہیں جارہے ہیں احسن گاڑی چلاتے ہوئے منال خان کی ویڈیو بنارہے ہوتے ہیں اور ان سے کہتے ہیں ہمارے لیے ایک گانا گاؤ۔

    منال خان تھوڑا سوچ کر بچوں کا مقبول گانا ’بے بی شارک‘ گانا شروع کردیتی ہیں۔ تاہم گاڑی میں ڈرائیونگ کے دوران منال خان نے سیٹ بیلٹ نہیں باندھی تھی۔ سوشل میڈیا صارفین نے منال خان کی اس ویڈیوپر انہیں کیوٹ قرار دیا تھا۔

    تاہم منال خان اور احسن محسن کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر شنیرا اکرم نے ان دونوں کی توجہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کروائی ہے۔

    شنیرا اکرم نے منال خان کی یہ ویڈیو اپنی انسٹااسٹوری پر شیئر کی اور لکھا کہ آپ دونوں مشہور ہیں اور آپ دونوں کے سوشل میڈیا پر لاکھوں فالوورز ہیں کیا آپ دونوں کے لیے تھوڑا سا زیادہ ذمہ دار ہونا بہت مشکل ہے؟-

    شنیرا اکرم نے مزید لکھا ڈرائیونگ کرتے وقت اپنی سیٹ بیلٹ باندھیں اور اپنی نظریں روڈ پر رکھیں۔ معاف کرنا لیکن یہ گانا اس وقت بالکل بھی کیوٹ نہیں لگے گا جب منال خان اسے اسپتال میں گارہی ہوں گی۔

  • سابق اولمپین ہاکی نوید عالم 47 سال کی عمرمیں لاہو رمیں انتقال کرگئے    بیٹی کی  تصدیق

    سابق اولمپین ہاکی نوید عالم 47 سال کی عمرمیں لاہو رمیں انتقال کرگئے بیٹی کی تصدیق

    کینسر کے مرض میں مبتلا سابق ہاکی اولمپئین نوید عالم انتقال کر گئے-

    باغی ٹی وی :47 سالہ سابق ہاکی اولمپئین اور ورلڈکپ 1994 کی فاتح ہاکی ٹیم کے رکن نوید عالم کی موت کی تصدیق مرحوم کی بیٹی نے کی ہے نوید عالم کینسر کے مرض میں مبتلا تھے نوید عالم کی چند روز سے طبیعت ناساز تھی جس کے بعد شوکت خانم میموریل اسپتال میں چیک اپ کروایا جہاں انہیں بلڈ کینسر کی تشخیص ہو ئی تھی-

    گزشتہ روز کیمو گرافی ہوئی تھی اور اسی دوران ان کو دل کا دورہ پڑا جس کے باعث وہ انتقال کر گئے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل نوید عالم کی بیٹی نے بتایا تھا کہ ڈاکٹرز نے علاج کے لیے 40 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا ہے انہوں نے کہا تھا کہ والد ورلڈ چیمپئین ہیں، علاج میں مدد کی ضرورت ہے، تاہم اس سلسلے میں انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے علاج میں مدد کی اپیل کی تھی-

    نوید عالم اولمپئین فورم پر بہت متحرک رہے ہیں اس فورم سے سابق کھلاڑیوں اور ہاکی سے متعلقہ افراد نے بھی فنڈز اکٹھے کرنے شروع کر دیے تھے-

    یاد رہے کہ نوید عالم پاکستان ہاکی ٹیم چین ہاکی ٹیم اور بنگلہ دیش ہاکی ٹیم کے بھی کوچ رہ چکے ہیں۔

  • کورونا کی نئی قسم "ڈیلٹا ویرینٹ” کیسز میں اضافہ سنیل شیٹھی کا اپارٹمنٹ سیل کر دیا گیا

    کورونا کی نئی قسم "ڈیلٹا ویرینٹ” کیسز میں اضافہ سنیل شیٹھی کا اپارٹمنٹ سیل کر دیا گیا

    ممبئی: میونسپل کارپوریشن نے کورونا کیسز میں اضافے پر اداکار سنیل شیٹھی کا اپارٹمنٹ سیل کردیا۔

    باغی ٹی وی : بھارت میں سامنے آنے والی کورونا کی ایک اور قسم "ڈیلٹا ویرینٹ” دنیا کے لیے خطرہ بن چکا ہے بھارت میں یہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔
    جبکہ 90 سے زائد ممالک میں بھی پھیل چکا ہے-

    بھارتی میڈ یا رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی نئی قسم "ڈیلٹا ویرینٹ” ممبئی میں بھی تیزی سے پھیلنا شروع ہوچکا ہے بالی ووڈ اداکار سنیل شیٹھی کے ممبئی کے اپارٹمنٹ ’پرتھوی‘ میں بھی یہ وائرس حملہ آور ہوا ہے۔

    اپارٹمنٹ میں 5 لوگوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے اور ان چاروں میں ’ڈیلٹا ویرینٹ‘ کی قسم پائی گئی ہے جس کے بعد اپارٹمنٹ کو سیل کردیا گیا۔

    اسسٹنٹ میونسپل کارپوریشن پراشانت کا کہنا ہے کہ اداکار سنیل شیٹھی بھی اس اپارٹمنٹ کے اے ونگ میں رہائش پذیر ہیں تاہم کورونا کے پانچوں کیسز بی ونگ سے رپورٹ ہوئے ہیں جس کے باعث سنیل شیٹھی کی پوری فیملی محفوظ ہے جبکہ وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی وجہ سے اپارٹمنٹ کو سیل کیا ہے۔

    دوسری جانب اداکار سنیل شیٹھی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ سنیل شیٹھی ان دنوں کام کے سلسلے میں ممبئی سے باہر ہیں تاہم ان کی فیملی گھر میں محفوظ ہے-

  • کورونا وبا کے بعد پہلی پاکستانی فلم "میڈم ای پرابلم ” کوعید پر ریلیز کرنے کا فیصلہ

    کورونا وبا کے بعد پہلی پاکستانی فلم "میڈم ای پرابلم ” کوعید پر ریلیز کرنے کا فیصلہ

    کورونا وبا کے بعد پہلی پاکستانی فلم "میڈم ای پرابلم ” کو عید پر ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے-

    باغی ٹی وی : فلم ’میڈم ای پرابلم‘ کے ڈائریکٹر شاہ رخ انجم قریشی اور پروڈیوسر رفعت المنتہیٰ ہیں رفعت المنتہیٰ کا کہنا تھا کہ ان کی یہ فلم گزشتہ سال ریلیز ہونا تھی کورونا وائرس کی لہر کی وجہ سے سینما گھروں کی بندش کے باعث فلم نمائش نہیں ہوسکی۔

    تاہم اب یہ فلم عید الاضحٰی پر پاکستان بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جارہی ہے، یہ مکمل طور پر میڈ ان پاکستان فلم ہے اور امید ہے فلم بین فلم دیکھنے ضرور آئیں گے۔

    فلم کی کاسٹ میں ارباز خان، قیصر بلوچ، رفعت المنتہیٰ، شاہ رخ انجم قریشی، شہباز قریشی، مہر اختر، سبحان حیدر، شہروز قریشی، حنا خان اور ماروی شامل ہیں-

    فلم کے میوزک ڈائریکٹر ناصر حسین دھیرو،عابد علی نمبو اور علی ساجد ہیں۔ فلم کی شوٹنگ پاکستان ،دبئی اور امریکا میں کی گئی ہے۔

  • "آبدوز ڈرون” جو پہلی نظر میں عام سے مچھلی دکھائی دیتا ہے

    "آبدوز ڈرون” جو پہلی نظر میں عام سے مچھلی دکھائی دیتا ہے

    چینی فوج کے لئے تیار کیا گیا جاسوسی ڈرون جو پہلی نظر میں عام سی مچھلی دکھائی دیتا ہے اسے بیجنگ کی ایک روبوٹ بنانے والی کمپنی نے تیار کیا ہے-

    باغی ٹی وی : غیر ملکی میڈیا کے مطابق کمپنی’بویا گونگداؤ روبوٹکس‘ کا تیار کردہ یہ زیرِ آب جاسوس ڈرون پہلی بار ’’بیجنگ ملٹری ایکسپو‘‘ میں پیش کیا گیا جو گزشتہ ماہ منعقد ہوئی تھی۔

    یہ ڈرون نہ صرف دیکھنے میں اصلی اور جاندار مچھلی جیسا ہے بلکہ اس کے تیرنے کا انداز بھی بالکل کسی حقیقی مچھلی کی طرح ہےاس ’آبدوز ڈرون‘ کی آنکھوں میں جاسوس کیمرے نصب ہیں جو سمندر کے اندر بہت دور تک دیکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    علاوہ ازیں اس کی کھال میں کئی طرح کے سینسرز بھی ہیں جو اسے سمندری پانی کے درجہ حرارت سمیت دوسری مختلف خصوصیات سے مسلسل باخبر رکھتے ہیں یہ ایک بار مکمل چارج ہوجانے کے بعد، یہ آبدوز ڈرون مسلسل آٹھ گھنٹے تک پانی کے اندر تیر سکتا ہے۔

    بویا گونگداؤ روبوٹکس کا کہنا ہے کہ اسے بحری علوم اور سمندری زندگی پر تحقیق کرنے والوں کےلیے بنایا گیا ہے تاہم ضرورت پڑنے پر اس سے سمندر کی خفیہ نگرانی کا کام بھی لیا جاسکتا ہے۔