Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • زمبابوے کا پاکستان کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان

    زمبابوے کا پاکستان کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان

    زمبابوے نے پاکستان کےخلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔

    باغی ٹی وی : زمبابوے کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے خلاف 15،15 رکنی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کیا ہےون ڈے اسکواڈ کی قیادت ارون کریگ اور ٹی ٹوئنٹی کی قیادت سکندر رضاکریں گے،گرین شرٹس اور زمبابوے کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلی جائے گی-

    پاکستان ٹیم آسٹریلیا سے براہ راست زمبابوےجائے گی،دونوں ٹیموں کےدرمیان پہلا ون ڈے میچ 24 نومبر کو بولاوایو میں کھیلا جائےگا جبکہ دوسرا ون ڈے 26 اور آخری میچ 28 نومبر کو ہوگا، پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ یکم دسمبر، دوسرا 3 اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ 5 دسمبر کو کھیلاجائےگا،سیریز کےتمام میچز بولاوایو میں کھیلے جائیں گے۔

  • عاقب جاوید  قومی کرکٹ ٹیم کےعبوری ہیڈ کوچ مقرر

    عاقب جاوید قومی کرکٹ ٹیم کےعبوری ہیڈ کوچ مقرر

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے عاقب جاوید کو وائٹ بال فارمیٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کاعبوری ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔

    باغی ٹی وی: عاقب جاوید قومی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے سینئر رکن کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں تاہم اب وہ چیمپئنز ٹرافی کے اختتام تک وائٹ بال ہیڈ کوچ کی اضافی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سابق جنوبی افریقی بیٹر گیری کرسٹن نے وائٹ بال ہیڈ کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد پاکستان کے حالیہ دورہ آسٹریلیا کے دوران ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے عارضی طور پر وائٹ بال کوچ کی ذمہ داری بھی انجام دی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے مستقل وائٹ بال ہیڈ کوچ کی تلاش کا عمل بھی شروع کردیا ہے۔

  • اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ

    اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24نومبر کو حتمی احتجاج سے قبل انتظامیہ نے ایک بار پھر وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 نافذ کر دی،اسلام آباد میں دفعہ 144 کے تحت پابندی کا نوٹیفکیشن ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرنے جاری کردیا۔

    باغی ٹی وی : تحریک انصاف نے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی حتمی کال دی ہوئی ہے اور اس حوالے سے پی ٹی آئی قیادت تیاریوں میں مصروف ہے،نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں 5 یا زیادہ افراد کےجمع ہونےپرپابندی عائد کردی گئی ہے، اسلام آباد میں کسی بھی قسم کی مذہبی و سیاسی اجتماع پرپابندی عائد کردی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے 24 نومبر کو احتجاج کی فائنل کال دے رکھی ہے اور کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کا کہا ہے،احتجاج کو کامیاب بنانے کیلئے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی خاصی متحرک نظر آرہی ہیں-

  • نریندر مودی اور امیت شاہ فلم”سابرمتی رپورٹ“ کی تعریفیں کیوں کرنے لگے؟

    نریندر مودی اور امیت شاہ فلم”سابرمتی رپورٹ“ کی تعریفیں کیوں کرنے لگے؟

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ نے بالی ووڈ اداکار وکرانت میسی کی نئی فلم ”سابرمتی رپورٹ“ کی تعریف کی ہے۔

    باغی ٹی وی :فلم 2002 میں گجرات کے گودھرا میں ٹرین کو جلانے کے واقعے کے بعد کی کہانی بیان کرتی ہےسنہ 2002 میں گودھرا ٹرین آتشزدگی پر مبنی فلم رواں ماہ 15 نومبر کو ریلیز ہوئی جس میں وکرانت میسی نے ایک صحافی کا کردار ادا کیا،”سابرمتی رپورٹ“ ریلیز ہونے کے بعد ایکس پر ایک پوسٹ شئیر کی-

    پوسٹ میں امیت شاہ نے لکھا کہ فلم ”سابرمتی رپورٹ“ بے مثال جرات کے ساتھ غالب نظام کو جھنجھوڑتی ہے اور اس خوفناک واقعہ کے پیچھے کی سچائی کو بے نقاب کرتی ہےکوئی کتنا بھی غالب نظام جتنی چاہے کوشش کرلے، مگر وہ سچ کو ہمیشہ کے لیے اندھیرے میں چھپا نہیں سکتا۔

    فلم کے لیے امیت شاہ کی تعریف پی ایم مودی کی جانب سے فلم کی تعریف کرنے کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے، یہ کہا کہ "جعلی بیانیہ صرف ایک محدود مدت تک برقرار رہ سکتا ہے”۔

    نریندر مودی نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ یہ اچھی بات ہے کہ سچ سامنے آرہا ہے اور وہ بھی اس طرح کہ عام لوگ اسے دیکھ سکیں، ایک جھوٹی کہانی صرف ایک محدود مدت تک چل سکتی ہے، آخر کار حقائق ہمیشہ سامنے آتے ہیں’۔

    بی جی پی قیادت کے اس فلم کی پروموشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور مودی اور امیت شاہ کی جانب سے باقاعدہ پوسٹ کرکے اس فلم کی تعریف کرنے کی اصل وجہ فلم کا متنازع موضوع ہے جو مودی کے سیاسی بیانیے کو تقویت دیتا ہے۔

    واضح رہے کہ گودھرا ٹرین حادثہ 27 فروری 2002 کی صبح اس وقت پیش آیا، جب ایودھیا سے واپس آنے والے 59 ہندو یاتری اور کارسیوک گجرات کے گودھرا ریلوے اسٹیشن کے قریب سابرمتی ایکسپریس کے اندر آگ لگنے سے ہلاک ہو گئے،اس حادثے کے فوراً بعد گجرات فسادات پھوٹ پڑے تھے جس میں مسلمانوں کو بڑے پیمانے پر تشدد اور قتل و غارت کا نشانہ بنایا گیا۔

    موجودہ وزیراعظم نریندر مودی اُس وقت گجرات کے وزیراعلیٰ تھے جنہوں نے اپنی انتہاپسندانہ سیاست کے فروغ کیلئے مسلمانوں کے خلاف ان فسادات کو خوب ہوا دی، جس کی وجہ سے وہ آج تک ”گجرات کے قصائی“ کے نام سے جانے جاتے ہیں، اس حادثے کے فوراً بعد ریاست گجرات کی بی جے پی حکومت کے تحت قائم کردہ تحقیقاتی کمیشن نے 2008 میں یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ٹرین میں یہ آگ ایک ہزار مسلمانوں پر مشتمل ہجوم نے طے شدہ منصوبے کے تحت لگائی تھی۔

    اس کے برعکس وزارت ریلوے کے تحت قائم کردہ تحقیقاتی کمیشن نے 2006 میں شائع کردہ اپنی رپورٹ میں آتشزدگی کے اِس واقعے کو محض ایک حادثہ قرار دیا تھا، تاہم گجرات ہائی کورٹ نے اس کمیشن کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے تحقیقات کے یہ نتائج منسوخ کر دیئے تھے،بعدازاں ایک غیر سرکاری تنظیم کی آزادانہ تحقیقات نے بھی اس مؤقف کی تائید کی تھی کہ یہ آگ محض ایک حادثہ تھی۔

    فروری 2011 میں ٹرائل کورٹ نے سرکاری تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ پر انحصار کرتے ہوئے 31 مسلمانوں کو گودھرا ٹرین میں آگ لگانے کا مجرم قرار دیا تھا 2017 میں گجرات ہائی کورٹ نے 11 مجرموں کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا اور باقی 20 کو سنائی گئی عمر قید کی سزا کو برقرار رکھا، اس حادثے کے اصل حقائق آج بھی متنازع ہیں تاہم انتہاپسند جماعت بی جے پی ہمیشہ مسلم مخالف مؤقف کی تائید و ترویج کرتی نظر آتی ہے۔

  • ملک کے 15 نامزد بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز

    ملک کے 15 نامزد بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز

    اسلام آباد :سال 2025 کے دوران حج کی سعادت حاصل کرنے کے سلسلے میں ملک کے 15 نامزد بینکوں میں حج درخواستوں کی وصولی کا آغاز ہوگیا۔

    باغی ٹی وی : ترجمان مذہبی امور کے مطابق سرکاری حج اسکیم کا کوٹا 89 ہزار 605 مختص ہے، سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اسپانسر شپ اسکیم کی 5 ہزار نشستیں مختص ہیں، بیرون ملک سے امریکی ڈالرز میں یک مشت ادائیگی کرنا ہوگی، حج درخواست کے ہمراہ دو لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے، دوسری قسط قرعہ اندازی کےبعد وصول کی جائیگی، یکم تا 10 فروری بقیہ حج واجبات ادا کرنا لازمی ہوں گے۔

    ترجمان کے مطابق وزارت کے ڈیش بورڈ پر بینکوں کی برانچوں کی کارکردگی کو براہ راست مانیٹر کیا جائے گا، خواتین عازمین حج سرپرست کی اجازت سے قابل اعتماد گروپ کے ساتھ بغیر محرم روانہ ہو سکیں گی، اضافی سہولیات میں الگ فیملی رومز، قربانی کی سہولت دستیا ب ہوگی، سرکاری حج پیکیج میں فضائی ٹکٹ، کھانا، تربیت، مکتب، ویکسین شامل ہیں۔

    وزارت مذہبی امور کے مطابق شدید نوعیت کے پیچیدہ امراض کے حامل افراد کو سفر حج کی اجازت نہیں ہوگی، ایڈوانس اسٹیج کی حاملہ خواتین سفر حج پر روانہ نہیں ہوسکیں گی، 12 سال سے کم عمر بچے سفر حج پر روانہ نہیں ہو سکیں گے، درخواست گزاروں کو حج ہیلپ لائن، ویب سائٹ، موبائل ایپ اور آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے رہنمائی میسر ہوگی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے حج پالیسی 2025 کا اعلان کیا تھا اور بتایا تھا کہ آئندہ سال پاکستان سے ایک لاکھ 79 ہزار 210 شہری حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے جب کہ اخراجات 10 لاکھ 75 ہزار روپے سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے کے درمیان متوقع ہیں، سرکاری حج اسکیم کے لیے روایتی لانگ پیکج 38 تا 42 دن اور شارٹ پیکیج 20 تا 25 دن پر محیط ہو گا۔

    وزیر مذہبی امور نے بتایا تھا کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت 18 نومبر سے 3 دسمبر تک حج درخواستیں وصولی کی جائیں گی، حج قرعہ انداز ی 6 دسمبر کو کی جائے گی، حج واجبات 2 لاکھ روپے کی پہلی قسط حج درخواست کے ساتھ جمع کرانا ہو گی، قرعہ اندازی کے 10 دن کے اندر اندر 4 لاکھ روپے مزید جمع کروانا لازم ہے جب کہ بقیہ رقم یکم تا 10 فروری 2025 کے درمیان جمع کرانی لازم ہو گی۔

  • اے این ایف کی کارروائیاں،37 کلو گرام منشیات برآمد

    اے این ایف کی کارروائیاں،37 کلو گرام منشیات برآمد

    راولپنڈی:اینٹی نارکوٹکس فورس(اے این ایف) کا تعلیمی اداروں اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اسی سلسلے میں 11 مختلف کارروائیوں کے دوران 13 ملزمان کو گرفتار کرکے 42 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 37 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی-

    باغی ٹی وی : ترجمان کے مطابق اے این ایف نے اسلام آباد میں یونیورسٹی کے قریب ملزم سے 90 گرام چرس برآمد کرلی، گرفتار ملزم نے دوران تفتیش تعلیمی اداروں کے طلبہ کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف بھی کرلیا ہے،ایم ون ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب مسافر بس میں سوار 2 ملزمان سے 4.100 کلو گرام چرس اور ایک کلو گرام افیون برآمد ہوئی،مظفر گڑھ روڈ ملتان کے قریب ملزم سے 465 گرام آئس برآمد کرلی گئی۔

    وزیر آباد روڈ سیالکوٹ میں ملزم سے ایک کلو گرام افیون اور 100 گرام آئس برآمد کرلی گئی، ڈی جی خان میں سخی سرور روڈ کے قریب ملزم سےایک کلو گرام آئس برآمد ہوئی،سرگودھا میں یونیورسٹی روڈ کےقریب 2 ملزمان سے 5 کلو چرس برآمد کرلی گئی گجرا ت میں شا ہین چوک کے قریب ٹرک میں چھپائی گئی 3.6 کلو گرام چرس اور ایک کلو آئس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    مانسہرہ میں جی ٹی روڈ پر کار کے خفیہ خانوں سے 8 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا اسی طرح برہان انٹرچینج اٹک کے قریب 2 ملزمان سے مجموعی طور پر 4.400 کلو گرام چرس برآمد کی گئی، مانسہرہ میں ہوٹل کے قریب ایک اور کارروائی کے دوران گاڑی سے 7 کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، پشاور میں حیات آباد کے قریب لاوارث کار سے ایک کلو گرام آئس برآمد کرلی گئی۔

    تمام کارروائیوں میں گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے

  • روس کیخلاف امریکی میزائل استعمال کرنے کی یوکرین کی درخواست منظور

    روس کیخلاف امریکی میزائل استعمال کرنے کی یوکرین کی درخواست منظور

    واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کے خلاف امریکی میزائل استعمال کرنے کی یوکرین کی درخواست منظور کرلی۔

    باغی ٹی وی: غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کی جانب سے کئی ماہ تک درخواست کرنےکے بعد بلآخر یوکرین کو روس کے خلاف جنگ میں دور تک مار کرنے والے (لانگ رینج) امریکی میزائل ATACMS کو استعمال کرنے کی اجازت دیدی۔

    یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ماسکو نے تقریباً 50,000 فوجیوں کو کرسک میں تعینات کر دیا ہے، جنوبی روسی علاقے جہاں کیف نے موسم گرما میں اپنی حیرت انگیز جوابی کارروائی شروع کی تھی، تاکہ علاقہ واپس لینے کی تیاری کی جا سکے۔

    رپورٹ کے مطابق لانگ رینج میزائل ATACMS امریکی ساختہ ہے اور 300 کلومیٹر (186 میل) دور تک جاکر ٹارگٹ کو نشانہ بنا سکتا ہے امریکی صدر کی جانب سے میزائل استعمال کرنے کی اجازت ممکنہ طور پر روس کی جانب سے یوکرین کے خلاف جنگ میں شمالی کوریا کی فوجیوں کی شمولیت کے فیصلے کا جواب ہے۔

    ایک امریکی اہلکار نے بتایا کہ ہتھیاروں کا مقصد فی الحال بنیادی طور پر کرسک میں استعمال کیا جانا ہے وہاں اپنی بھاری نفری کے ساتھ، روس مستقبل کے کسی بھی امن مذاکرات میں یوکرینیوں کے لیے ممکنہ سودے بازی کے طور پر کرسک کو میز سے ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے، جسے امریکہ نہیں دیکھنا چاہتا اہلکار نے کہا کہ خیال یہ ہے کہ یوکرین کو کرسک کو زیادہ سے زیادہ عرصے تک برقرار رکھنے میں مدد فراہم کی جائے۔

    شمالی کوریا کے ہزاروں فوجی روس کی جارحیت کے ایک حصے کے طور پر کرسک میں تعینات ہیں، جو بائیڈن اور ان کے مشیروں کی طرف سے تشویش کو جنم دے رہے ہیں کہ ان کا داخلہ جنگ میں ایک خطرناک نئے مرحلے کا باعث بن سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ ماضی میں روسی صدر پیوٹن نے کہا تھا کہ یوکرین کو نیٹو ممالک کی جانب سے فراہم اسلحے کو جنگ میں استعمال کرنے کی اجازت کو نیٹو ممالک کی براہ راست جنگ میں شمولیت سمجھا جائیگا۔

  • وزیراعظم کی اسحاق ڈار کو  بلاول بھٹوکے تحفظات دور کرنے کی ہدایت

    وزیراعظم کی اسحاق ڈار کو بلاول بھٹوکے تحفظات دور کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کردی۔

    باغی ٹی وی: دو روز قبل بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھاکہ وفاق میں نہ عزت دی جاتی ہے، نہ سیاست کی جاتی ہے، نہ معاہدے پر عمل ہورہا ہے، وہ 26 ویں ترمیم میں مصروف تھے اور حکومت نے پیچھے کینالز کی منظوری دے دی، وفاقی حکومت نے آئین سازی کے وقت برابری کی باتیں کیں، لیکن آئین سازی کے وقت حکومت اپنی باتوں سے پیچھے ہٹ گئی، دیہی سندھ سے ججز ہوتے تو برا بری کی بات کرتا، جوڈیشل کمیشن میں ہوتا تو آئینی بینچ میں فرق پر بات کرتا، میں جوڈیشل کمیشن سے احتجاجاً الگ ہوا۔

    وزیراعظم نے پاکستان بلاول بھٹو زرداری کے تحفظات دور کرنے کی ہدایت کردی اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو ذمے داری دے دی، اسحاق ڈار کو پیپلز پارٹی کی قیادت سے رابطوں کا حکم دے دیا ن لیگ کے رہنما بیرسٹر عقیل ملک نے کہاکہ پیپلز پارٹی اہم اتحادی ہے، کچھ غلط فہمیوں کی وجہ سے یہ تحفظات پیدا ہوسکتے ہیں لیکن نائب وزیر اعظم جلد ہی اس سلسلے میں بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کریں گے۔

  • سوات  میں زلزلے کے جھٹکے

    سوات میں زلزلے کے جھٹکے

    سوات کےعلاقے مینگورہ شہر اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں-

    باغی ٹی وی : زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.1 ریکارڈ کی گئی، شہری خوفزدہ ہوکر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئےگھروں سے باہر نکل آئے، جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق مینگورہ اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکوں کی زیرزمین گہرائی 213 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے،زلزلےکا مرکز افغانستان اور تاجکستان ریجن تھا۔

    دوسری جانب جاپان کے علاقے کوشیما میں 6.2 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا ہے امریکی زلزلہ پیمامرکز کے مطابق زلزلہ 70.6 کلومیٹر گہرائی میں آیا ہےغیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کوشیما میں زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری نہیں کی گئی ہے ابتدائی اطلاعات کے مطابق زلزلے سے کوشیما میں کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

  • ماحولیاتی بہتری اور اسموگ سے مستقل بچاؤ کی منزل دور ہے،مریم اورنگزیب

    ماحولیاتی بہتری اور اسموگ سے مستقل بچاؤ کی منزل دور ہے،مریم اورنگزیب

    لاہور: پنجاب کی سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ماحولیاتی بہتری اور اسموگ سے مستقل بچاؤ کی منزل دور ہے،، تاہم وزیراعلی مریم نواز شریف کے ماحولیاتی بہتری کے وژن پر عمل درآمد سے آنے والے چند سالوں میں نمایاں بہتری نظر آئے گی-

    ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ دہلی اسموگ کے اسکور میں 601 سے 720 پر پہنچ گیا ہے جبکہ لاہور میں صبح 247 کے اسکور کے مقابلے میں شام کو اسموگ مزید کم ہوکر 177 کے اسکور پر آ گیا تھا، جبکہ بھارت میں فصلیں جلانے کے دھوئیں سے فضائی آلودگی مزید بڑھ گئی ہے مشرقی ہواؤں کے رخ میں تبدیلی سے بھارت سے کالے دھوئیں کی پاکستان آمد فی الحال رکی ہوئی ہے اورپاکستان میں آج رات نظر آنے والی ‘دھند’ گندم کٹائی کے بعد پیدا ہونے والی فضائی کیفیت ہے۔

    مریم اورنگزیب نے کہاکہ اداروں اور عوام کے تعاون سے صورتحال میں بہتری نظر آئی ہے،مشترکہ کاوشیں جاری رکھنا ہوں گی، ماحولیا تی بہتری اور اسموگ سے مستقل بچاؤ کی منزل دور ہے، تاہم وزیراعلی مریم نواز شریف کے ماحولیاتی بہتری کے وژن پر عمل درآمد سے آنے والے چند سالوں میں نمایاں بہتری نظر آئے گی-

    دوسری جانب لاہورمیں اسموگ کے پیش نظر اسکولز ،مارکیٹیں اور تفریحی مقامات پر پابندییوں میں توسیع کردی گئی ہے، تعلیمی ادارے 24نومبرتک بند رہیں گے یا آن لائن منتقل ہونگے،مارکیٹوں کی بندش میں توسیع کا نوٹفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    ڈی جی ماحولیات پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق کمرشل مارکیٹوں کی بندش میں 24نومبر تک توسیع کردی گئی ، پارکس ،چڑیا گھر، تاریخی مقامات بند رہیں گے لاہوراورملتان میں تمام سرکاری ، نجی یونیورسٹی ، کالجزاورسکولز 24نومبرتک بند رہیں گے، تمام ترآؤٹ ڈورسرگرمیوں پر 24 نومبر تک پابندی ہوگی،اسی طرح ملتان اورلاہور میں تعمیراتی سرگرمیوں پرمکمل بند رہیں گی ، فرنس آئل اور اینٹوں کے بھٹوں پر بھی پابندی ہوگی ،لاہورمیں فائر ورکس پر پابندی رہے گی، نجی ،سرکاری دفاترمیں 50 فیصد عملہ کم کرنےکی پا بندی میں 31جنوری تک توسیع کردی گئی ہے، آوٹ ڈورڈائننگ میں 4چاربجےتک پابندی ہوگی۔

    ڈی جی ماحولیات پنجاب نے کہا کہ ٹیک اوے پررات 8 بجےتک ریسٹورنٹس پرپابندی ہوگی ، ملتان اور لاہور میں ہائیر ٹریول وہیکلز کے داخلے پر بھی پابندی رہے گی مارکیٹیں ، دکانیں اور شاپنگ مالز رات آٹھ بجے بند ہونگے، پنجاب کے 16 اضلاع میں تعلیمی اداروں اورپارکوں میں داخلے پر 24 نومبرتک پابندی ہوگی ضلع مری تمام تر پابندیوں سے مستثنی ہونگے ، محکمہ ماحولیات نےتینوں سیکٹرز میں پابندیوں کی توسیع کے نوٹفکیشن جاری کردئیے گئے ہیں ۔

    ڈی جی ماحولیات پنجاب کے جاری نوٹفکیشن کے مطابق نماز جنازہ پرکسی قسم کی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔