Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • شوہر کو تحفظ فراہم کیا جائے،بشریٰ بی بی کا ایک بار پھر  اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع

    شوہر کو تحفظ فراہم کیا جائے،بشریٰ بی بی کا ایک بار پھر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع

    اسلام آباد: چئیرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے شوہر کو تحفظ فراہم کرنے کی درخواست ایک بار پھر اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی ہے-

    باغی ٹی وی : سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے ایک بار پھر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے، اور چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں سیکیورٹی کی درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے بشریٰ بی بی نے درخواست میں مؤقف پیش کیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کا کھانا فراہم کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، خدشہ ہے کہ شوہر کو جیل میں زہردیا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے 2 اکتوبر کو جیل میں سیکیورٹی کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپنے وکیل کے ذریعے درخواست جمع کرائی تھی، جس میں کہا کہ جیل میں میرے شوہر کو زہر دیئے جانے کاخدشہ ہے بشریٰ بی بی نے اپنی درخواست میں مؤقف پیش کیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کے کھانے کی اجازت نہیں دی گئی، جب کہ ماضی میں قیدیوں کو سہولت دی جاتی رہی ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کو عہدے سے ہٹانے اور پارٹی کا انتخابی نشان واپس …

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ ذمہ دار میڈیکل افسر کے ذریعے عمران خان کو خالص خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ملاوٹ زدہ خوراک ان کی زندگی کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے سابق وزیراعظم کو جیل مینوئل کے مطابق وہ سہولیات بھی نہیں دی جا رہیں جس کے وہ حقدار ہیں، ان کے ساتھ جیل میں غیرانسانی سلوک آئین کے آرٹیکل 9 اور14 کی خلاف ورزی ہے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں واک اور ایکرسائز کی سہولت فراہم کی جائے، اور جیل میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق عدالتی حکم پر عمل درآمد کرایا جائے۔

    ورلڈکپ: سری لنکا کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

  • رواں سال کا دوسرا اور آخری سورج گرہن 14 اکتوبر کو ہوگا

    رواں سال کا دوسرا اور آخری سورج گرہن 14 اکتوبر کو ہوگا

    کراچی: رواں سال کا دوسرا اور آخری سورج گرہن 14 اکتوبر کو ہوگا۔

    باغی ٹی وی: ماہرین فلکیات کے مطابق اس سورج گرہن کو ’رِنگ آف فائر‘ کا نام دیا گیا ہے اور اس دوران چاند سورج کو اپنے پیچھے مکمل چھپا نہیں سکے گا اس لیے سورج کا بیرونی حصہ ایسے دکھائی دے گا جیسے کوئی آگ کا چھلا ہو سورج گرہن کا نظارہ پاکستان میں نہیں کیا جاسکے گا، سورج گرہن جنوب مغربی میکسیکو، وسطی امریکا کے مختلف ممالک میں دیکھا جاسکے گا جب کہ وسطی کولمبیا اور شمالی برازیل میں بھی اس کا نظارہ کیا جاسکے گا۔

    14 اکتوبر کو پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 4 منٹ پر گرہن کا آغاز ہوگا، سورج گرہن پاکستانی وقت کے مطابق رات 10بج کر 59 منٹ پر اپنے عروج پر ہوگا جب کہ 15 اکتوبر پاکستانی وقت کے مطابق شب ایک بج کر 55 منٹ پر اس کا اختتام ہوگا۔

    نگراں وزیراعظم کی وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات

    دوسری جانب رواں سال کا دوسرا چاند گرہن 28 اکتوبر کو ہوگا،پاکستانی وقت کے مطابق چاند گرہن کا آغاز رات 11 بج کر 2 منٹ پر ہوگا، چاند کو مکمل گرہن رات 1 بج کر 14 منٹ پر لگے گا جبکہ اختتام 29 اکتوبر رات 3 بج کر 26 منٹ پر ہوگا-

    چیئرمین پی ٹی آئی کو عہدے سے ہٹانے اور پارٹی کا انتخابی نشان واپس …

  • ورلڈ کپ 2023:  پاکستانی صحافیوں کے ویزے میں تاخیرپربھارتی صحافی  بول پڑے

    ورلڈ کپ 2023: پاکستانی صحافیوں کے ویزے میں تاخیرپربھارتی صحافی بول پڑے

    نئی دہلی: آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے دوران پاکستانی صحافیوں کے ویزے میں تاخیرپربھارتی صحافی بھی بول پڑے۔

    باغی ٹی وی : سینئر بھارتی صحافی راج دیپ سردیسائی نے پاکستانی صحافیوں کو ویزانہ ملنے پر کہا کہ پاکستان بھارت میں ورلڈکپ کھیل رہا ہے تو اس کے صحافیوں کو ویزا دینےسے انکار نہیں کیاجاسکتا،صحافی کیوں سیاسی دنگل کاشکار ہوں ؟ ہمیں اچھے میزبانوں والا رویہ اپناناچاہیے،انہوں نے پاکستان سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ میں مستقبل میں اسلام آبادسے بھی ایسی ہی توقع رکھوں گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ذکا اشرف نے پاکستانیوں کو کرکٹ ورلڈکپ کے لیے بھارتی ویزے جاری نہ ہونے پر سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی سے رابطہ کیا تھا، ذکا اشرف نے اس معاملے پر پاکستانی ایمبیسی کے ذریعے بھارتی وزارت داخلہ سے رابطہ کرنےکی درخواست کی ہے۔

    ورلڈکپ: سری لنکا کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

    دوسری جانب بھارتی وکیل وینیت جندال نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر بیان جاری کیا اور پاکستانی پریزینٹر زینب عباس کے بھارت چھوڑنے کو بڑی فتح قرار دیامہمان نوازی کی روایات پامال کرنے پربھارتی وکیل نے شرمساری کے بجائے ڈھٹائی کا مظاہرہ کیا اور ایکس پر بیان جاری کیا۔

    وکیل وینیت جندال نے لکھا کہ زینب عباس کے خلاف ایکشن لینے پر شکرگزار ہوں، ساتھ ہی وکیل نے اعلیٰ بھارتی حکام کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بروقت کارروائی کی، زینب کو بھارت سے نکالا گیا ہے جب کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ترجمان پہلے ہی زینب عباس کو ڈی پورٹ کرنے کی خبروں کی تردید کرچکے ہیں۔

    بھارتی ٹیم کا اہم کھلاڑی اسپتال داخل،پاکستان کیخلاف میچ میں شرکت مشکوک

    واضح رہے کہ وینیت جندال نے پریزینٹر زینب عباس پر بھارت مخالف ٹوئٹ کرنے کا پروپیگنڈہ کیا تھا، وینیت نے زینب عباس کے خلاف سائبر کرائم میں شکایت کی تھی گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ ورلڈکپ کی پریزینٹر زینب عباس بھارت سے دبئی پہنچ چکی ہیں اور انہوں نے حفاظتی اقدامات کے تحت خود بھارت چھوڑا ہے۔

  • نگراں وزیراعظم کی وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات

    نگراں وزیراعظم کی وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات

    کوئٹہ: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے نگراں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سردار علی مردان خان ڈومکی کی ملاقات ہوئی۔

    باغی ٹی وی: ملاقات میں نگراں وزیر اعلیٰ نے وزیراعظم کو بلوچستان میں نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ کے لیے منعقد ہونے والے ایپکس کمیٹی کے 14ویں اجلاس کے متعلق بریفنگ دی،نگراں وزیر اعلیٰ نے وزیراعظم کو صوبہ بلوچستان میں امن و امان کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا،ملاقات میں نگراں وزیر داخلہ میر سرفراز احمد بگٹی بھی موجود تھے۔

    واضح رہے کہ نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان کا تعلق بلوچستان کےعلاقے لہڑی سے ہے اور وہ سابق سینیٹر میر حضور بخش ڈومکی کے بیٹے ہیں علی مردان ڈومکی کے والد حضور بخش ڈومکی 1975 سے 1977 تک سینیٹر رہے، انہوں نے علامہ اقبال یونیورسٹی اسلام آباد سے سوشیالوجی میں ماسٹرز کیا اور وہ تحصیل ناظم لہڑی اور ضلع ناظم سبی رہ چکے ہیں علی مردان کے بھائی دوستین ڈومکی رکن اسمبلی اور وزیر مملکت رہ چکے ہیں۔

    ورلڈکپ: سری لنکا کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

    پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت جاری

    ورلڈ کپ 2023:انگلینڈ کی بنگلہ دیش کے خلاف بیٹنگ جاری

  • چیئرمین پی ٹی آئی  کو عہدے سے ہٹانے اور پارٹی کا انتخابی نشان واپس لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    چیئرمین پی ٹی آئی کو عہدے سے ہٹانے اور پارٹی کا انتخابی نشان واپس لینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

    باغی ٹی وی: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے پی ٹی آئی ممنوعہ بیرونی فنڈنگ کیس کی سماعت کی ،دوران سماعت درخواست گزار خالد محمود نے موقف اپنایا کہ ابھی تک بیرونی فنڈنگ لینا تشویش ناک ہے، سکندر سلطان راجہ نے ریمارکس دیئے کہ درخوست گزار کی خواہش پر انکوائری کمیٹی نہیں بن سکتی، اسی لئے کوئی ثبوت دیں گے تو معاملہ آگے بڑھے گا۔

    ممبران الیکشن کمیشن نے بھی بغیر شواہد کے درخواست جمع کرنے کا سوال اٹھایا اور سماعت نومبرکے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی، اس کے علاوہ چیئرمین پی ٹی آئی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر سماعت میں درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں سزا ہو چکی ہے، نواز شریف کیس میں سپریم کورٹ کا آرڈر موجود ہے۔

    افغانستان زلزلہ: ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار ہو گئی

    اگر ہائی کورٹ میں عمران خان کی اپیل منظور ہو جاتی ہے تو کیا ہوگا؟ رالیکشن کمیشن کے استفسار پت وکیل نے بتایا کہ اگر اپیل منظور ہو جاتی ہے تو عمران خان عہدے پر واپس آجائیں گے، چیف الیکشن کمشنر نے نواز شریف اور چیئرمین پی ٹی آئی کیس میں فرق پوچھا تو وکیل نے کہا کہ نواز شریف کو سپریم کورٹ نے نااہل کیا جب کہ عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن نے اور ٹرائل کورٹ نے فیصلہ دیا،بعد ازاں الیکشن کمیشن نے درخواست قابل سماعت یا ناقابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا-

    اے جذبہ دل گر میں چاہوں ہر چیز مقابل آ جائے

    دوسری جانب الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی کا انتخابی نشان بلا واپس لینے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، رہنما استحکام پاکستان پارٹی عون چوہدری کے وکیل نے پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لینے کی استدعا کردی،الیکشن کمیشن نے کہا کہ پی ٹی آئی کو پہلے ہی بلے کا نشان دیا جا چکا ہے اور نشان سے متعلق کیس زیر سماعت بھی ہے، کمیشن میں درخواست قابل سماعت ہونے پر بھی فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔

    پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت جاری

  • ورلڈکپ: سری لنکا کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

    ورلڈکپ: سری لنکا کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

    حیدرآباد،دکن: آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے آٹھویں میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

    اس وقت لنکن ٹیم کے41 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز ہیں، حسن علی نے تین وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے کوشال مینڈس کو 122،کوشال پریرا کو صفر اور چریتھ اسالنکا کو ایک رن پر آؤٹ کیا،شاداب خان نے پاتھم نسانکا کو 51 رنز پر پویلین لوٹایا جبکہ محمد نواز نے ڈی سلوا کو 25 رنز پر آؤٹ کیا

    یہ میچ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم حیدرآباد میں کھیلا جارہا ہے جہاں ٹاس جیت کرلنکن کپتان داسن شناکا نے کپتان بابر اعظم کو فیلڈنگ کی دعوت دی دوسری جانب قومی ٹیم میں آج ایک تبدیلی کی گئی ہے، اوپنر فخر زمان کی جگہ ٹیم میں عبداللہ شفیق کو شامل کیا گیا ہے۔

  • پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر سماعت کل 11:30 بجے تک ملتوی

    پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر سماعت کل 11:30 بجے تک ملتوی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت جاری ہے،دوران سماعت باربار سوال کرنے پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر کو ٹوک دیا اور کہا کہ اپنے سوال روک کر رکھیں۔

    باغی ٹی وی: چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ درخواستوں پر سماعت کررہا ہے دوران سماعت وکیل فیصل صدیقی نے کہا کہنوٹس پر پیش ہوا ہوں، عدالت کو دو فیصلوں پر دلائل دوں گا آرٹیکل 191 میں لفظ’لاء‘ کا مطلب ہے وہ کسی قسم کا قانونی اختیار تو دے رہا ہے، سپریم کورٹ رولز میں الفاظ کی تعریف کا الگ سے سیکشن ہے۔

    فیصل صدیقی کا کہنا تھا کہ ایک کاکڑ کیس کا حوالہ دوں گا، اور دوسرا سپریم کورٹ ریویو ایکٹ کے فیصلے کا حوالہ دوں گا، ان فیصلوں کے کچھ حصے موجودہ کیس سے تعلق رکھتے ہیں، سپریم کورٹ رولز میں الفاظ کی تعریف کا الگ سے سیکشن ہے جس پرجسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیئے کہ لاء کا مطلب ایکٹ آف پارلیمنٹ ہوتا تو آئین سازوں نے لکھا ہوتا۔

    جسٹس اعجازالاحسن نے وکیل فیصل صدیقی سے کہا کہ میں ایک سوال پوچھنا چاہتا ہوں جس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وکیل سے کہا کہ آپ ہر سوال کا جواب نہ دیں، آپ صرف اپنے دلائل پر توجہ دیں،چیف جسٹس پاکستان کے ریمارکس پر وکیل فیصل صدیقی ہنسے تو چیف جسٹس نے وکیل کے مسکرانے پر تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ہنسنے کی کوئی بات نہیں، 4 سماعتوں سے کیس سن رہے ہیں اور کئی کیس التوا میں ہیں، میری ساتھی ججز سے درخواست ہے اپنے سوالات روک کر رکھیں، بینچ میں ہرکوئی سوال کرنا چاہتا ہے لیکن وکیل کی کوئی دلیل پوری تو ہونے دیں، چار سماعتوں کے باوجود یہ ہماری کارکردگی ہےکہ ایک کیس ختم نہیں ہوا، اگر آپ ہر سوال کاجواب دیں گے تو آپ کے دلائل مکمل نہیں ہوسکیں گے، باقی تمام کیس چھوڑ کراس کیس کی سماعت کررہے ہیں۔

    جسٹس منیب اختر نے کہا کہ آپ یہ کہنا چاہ رہے ہیں کہ سپریم کورٹ رولز میں لاء کی تعریف درج ہے، صرف یہ بتادیں آرٹیکل 191 میں لاء کا کیا مطلب ہے جسٹس منیب کے سوال پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگرآپ نے پہلے ہی ذہن بنالیا ہے تو فیصلے میں لکھ لیجیےگا، وکیل کو جیسے مرضی دلائل دیناہوں گے دے گا، اس پر جسٹس منیب نے کہا کہ بینچ کا حصہ ہونے پر میرا حق ہے کہ میں سوال کروں، چیف جسٹس نے جواب دیا کہ ظاہر ہے آپ سوال کرسکتے ہیں لیکن پہلے وکیل دلائل تو مکمل کریں، جسٹس منیب نے کہا کہ معذرت کے ساتھ میرا مسئلہ میرا سوال ہے اور اس کا جواب دیں۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ فیصل صدیقی اپنے دلائل مکمل نہیں کریں گے تو ہم ہمیشہ یہی کیس سنتے رہیں گے، اس لیے آپ پہلے اپنے دلائل مکمل کریں اس پر جسٹس منیب نے کہا کہ میں اس بینچ کا حصہ ہوں اوریہ میرا استحقاق ہےکہ میں سوال پوچھوں، مجھے سوال پوچھنے سے روکا جائے گا تو بینچ میں بیٹھنے کا کیا فائدہ؟

    ایم کیو ایم کے وکیل نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کی حمایت کر دی، اور ایکٹ کیخلاف درخواستیں خارج کرنے کی استدعا کردی۔ فیصل صدیقی نے کہا کہ ایکٹ کیخلاف درخواستیں میرٹ پر خارج کی جائیں-

    چیف جسٹس نے وکیل فیصل صدیقی کو دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر دلائل نہیں دینا چاہتے تو بیٹھ جائیں جس پر فیصل صدیقی نے کہا کہ سبجیکٹ ٹو اور لاء کو الگ الگ بھی پڑھ سکتے ہیں۔

    جسٹس اعجازالاحسن نے ایک بار پھر وکیل فیصل صدیقی سے استفسار کیا کہ آئین نے یہ کیوں کہا عدلیہ، ایگزیکٹو اور مقننہ الگ الگ ہیں، ایکٹ سے سپریم کورٹ کی آزادی میں مداخلت کی گئی، ایکٹ سپریم کورٹ کے اندرونی امور میں مداخلت ہے یا نہیں۔

    وکیل فیصل صدیقی نے جواب دیا کہ ایکٹ کو سپریم کورٹ میں مداخلت کے طور پر نہیں دیکھ سکتے، پارلیمنٹ پر 4 پابندیاں ہیں، پارلیمنٹ عدلیہ کی آزادی میں مداخلت نہیں کر سکتی، پارلیمنٹ عدلیہ کی آزادی کومتاثرکرنےوالی قانون سازی نہیں کرسکتی، جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ ایکٹ سے پارلیمنٹ پرعائد آئینی پابندیوں کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔

    وکیل فیصل صدیقی نے کہا کہ ہر پابندی کو ایکٹ کی شقوں کے ساتھ ملا کر بتاوں گا، پارلیمنٹ سپریم کورٹ کو سپروائز کر سکتی ہے، جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ سپروائزکرنے کا مطلب توسپریم کورٹ کو کنٹرول کرنا ہوگا۔ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ پارلیمنٹ کے سپروائزری اختیار کی بھی حدود ہیں۔

    جسٹس منیب اختر نے استفسار کیا کہ کیا لیجسلیٹیواینٹریز پارلیمنٹ کو سپروائزری کا اختیار دیتی ہیں، جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ اہم سوال ہے جس کو آگے بڑھانا چاہتا ہوں، آرٹیکل191کو لیجسلیٹیو اینٹری 58 سے ملا کر پڑھیں تو پارلیمنٹ کو اختیار تھا، سپریم کورٹ کے پروسیجرز میں لفظ پریکٹس کا کیا مطلب ہے؟-

    وکیل فیصل صدیقی نے جواب دیا کہ رجسٹرار آفس کے آرڈر کے خلاف اپیل بھی ہوتی ہے، جس پر جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ یہ ایڈمنسٹریٹو آرڈر اور ایڈمنسٹریٹو اپیل ہوتی ہے جسٹس منصورشاہ نے کہا کہ بھلے ایڈمنسٹریٹواپیل ہو، ہمیں اس کی حقیقت کو سمجھنا چاہیے، فیصل صدیقی کے دلائل دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے جسٹس منصور نے کہا کہ میں آپ کی فزیکل موومنٹ کو انجوائے کر رہا ہوں۔ جس پر وکیل فیصل صدیقی نے کہا کہ یہ واحد ورزش ہے جو میں کر سکتا ہوں۔

    وقفے کے بعد ایم کیو ایم کے وکیل فیصل صدیقی نے مؤقف اختیار کیا کہ رولز بنانے کا اختیار سپریم کورٹ کو دیا گیا ہے، رول بنانے کو قانون سے مشروط کیا گیا ہے، جسٹس منیب نے آئینی تاریخ کی بات کی، اس تناظر میں بات کروں گا،جسٹس مظاہر نقوی نے استفسار کیا کہ کیا ضروریات تھیں جس بنیاد پر پارلیمنٹ نے ایکٹ بنایا، جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ اپیل کا حق آئینی ترمیم سے ہی دیا جا سکتا ہے۔

    وکیل فیصل صدیقی نے کہا کہ اگر یہ اپیل غیر آئینی ہے تو لا ریفارمز میں اپیل بھی غیر آئینی ہے۔،جس پر جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیئے کہ وہ والا معاملہ ہمارے سامنے نہیں ہے، 2 غلط مل کر ایک درست نہیں بنا دیتے،جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ اٹارنی جنرل سے پارلیمنٹری ریکارڈ منگوایا گیا تھا؟ جس پر وکیل فیصل صدیقی نے کہا کہ ریکارڈ کے معاملے پر جواب اٹارنی جنرل ہی دے سکتے ہیں، دیکھنا ہو گا آئین میں اپیل کا حق دینے پر پابندی ہے یا نہیں۔

    جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیئے کہ آئین میں400 مرتبہ لاء کا لفظ استعمال ہوا ہے، آئینی تشریح کیلئے کسی نا کسی پرنسپل پر انحصار کرنا ہوتا ہے، آپ کون سے پرنسپل پر انحصار کر رہے ہیں، جس پر وکیل فیصل صدیقی نے جواب دیا کہ عدالت کو دیکھنا چاہئے سپریم کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل ہو سکتی ہے یا نہیں۔

    جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ اپیل تو آئین میں پہلے بھی دی گئی ہے،جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آئین میں پارلیمنٹ کو براہ راست اختیار کہاں دیا گیاہے،ججز کی جانب سے پے در پے سوالات اور ریمارکس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایک وقت پر ایک شخص بات کرے۔

    جسٹس مسرت ہلالی کے ازخود نوٹس اختیار سے متعلق اہم ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل191 کی لینگویج سبجیکٹ ٹو لاء سے شروع ہوتی ہے، کیا ان الفاظ سے پروسیجر میں بہتری کی گنجائش چھوڑی گئی، آرٹیکل 184/3جب بھی استعمال ہوا ملک کی بنیادیں ہلا دیں۔

    چیف جسٹس نے ایک بار پھر جسٹس منیب اختر کو سوالات پر ٹوک دیا اور کہا کہ پہلے میرےسوال کا جواب دیا جائے بعد میں دوسرے سوال پر آئیں، میں نہیں چاہتا میرے سوال کے ساتھ کچھ اور آئے، میں نے آج سب سے کم سوال پوچھے ہیں، ماسٹر آف روسٹر کو اتنا تو اختیار دیں-

    سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر مزید سماعت کل صبح ساڈھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دی گئی

  • اے جذبہ دل گر میں چاہوں ہر چیز مقابل آ جائے

    اے جذبہ دل گر میں چاہوں ہر چیز مقابل آ جائے

    اے جذبہ دل گر میں چاہوں ہر چیز مقابل آ جائے
    منزل کےلیے دو گام چلوں اور سامنے منزل آ جائے

    بہزاد لکھنوی

    معروف شاعر اور نغمہ نگار بہزاد لکھنوی 01 جنوری 1900 کو لکھنؤ میں پیدا ہوئے سردار احمد خاں نام تھا بہزاد تخلص اختیار کیا۔ گھر کا ماحول علمی اور ادبی تھا ۔ ان کے والد بھی اپنے وقت میں خاصے مقبول شاعر تھے۔ گھر اور لکھنؤ کے ادبی ماحول کے اثر سے بہزاد بھی بہت چھوٹی سی عمر میں شعر کہنے لگے تھے۔

    بہزاد ایک لمبے عرصے تک محکمۂ ریل سے وابستہ رہے اس کے بعد آل انڈیا ریڈیو میں ملازمت اختیار کی۔ اس دوران کئی فلمی کمپنیوں سے وابستہ ہوکر نغمے بھی لکھے تقسیم کے بعد پاکستان چلے گئے اور ریڈیو پاکستان کراچی میں ملازمت کی بہزاد لکھنوی کا انتقال 10 اکتوبر1974 کو کراچی میں ہوا۔ شعری مجموعے : نغمۂ نور، کیف و سرور ، موج طہور، چراغ طور، وجد وحال۔

    غزل
    ۔۔۔۔۔
    دیوانہ بنانا ہے تو دیوانہ بنا دے
    ورنہ کہیں تقدیر تماشہ نہ بنا دے
    اے دیکھنے والو مجھے ہنس ہنس کے نہ دیکھو
    تم کو بھی محبت کہیں مجھ سا نہ بنا دے
    میں ڈھونڈھ رہا ہوں مری وہ شمع کہاں ہے
    جو بزم کی ہر چیز کو پروانہ بنا دے
    آخر کوئی صورت بھی تو ہو خانۂ دل کی
    کعبہ نہیں بنتا ہے تو بت خانہ بنا دے
    بہزادؔ ہر اک گام پہ اک سجدۂ مستی
    ہر ذرے کو سنگ در جانانہ بنا دے

    غزل
    ۔۔۔۔۔
    تمہارے حسن کی تسخیر عام ہوتی ہے
    کہ اک نگاہ میں دنیا تمام ہوتی ہے
    جہاں پہ جلوۂ جاناں ہے انجمن آرا
    وہاں نگاہ کی منزل تمام ہوتی ہے
    وہی خلش وہی سوزش وہی تپش وہی درد
    ہمیں سحر بھی بہ انداز شام ہوتی ہے
    نگاہ حسن مبارک تجھے در اندازی
    کبھی کبھی مری محفل بھی عام ہوتی ہے
    زہے نصیب میں قربان اپنی قسمت کے
    ترے لیے مری دنیا تمام ہوتی ہے
    نماز عشق کا ہے انحصار اشکوں تک
    یہ بے نیاز سجود و قیام ہوتی ہے
    تری نگاہ کے قرباں تری نگاہ کی ٹیس
    یہ ناتمام ہی رہ کر تمام ہوتی ہے
    وہاں پہ چل مجھے لے کر مرے سمند خیال
    جہاں نگاہ کی مستی حرام ہوتی ہے
    کسی کے ذکر سے بہزادؔ مبتلا اب تک
    جگر میں اک خلش نا تمام ہوتی ہے

    غزل
    ۔۔۔۔۔
    کیا یہ بھی میں بتلا دوں تو کون ہے میں کیا ہوں
    تو جان تماشا ہے میں محو تماشا ہوں
    تو باعث ہستی ہے میں حاصل ہستی ہوں
    تو خالق الفت ہے اور میں ترا بندہ ہوں
    جب تک نہ ملا تھا تو اے فتنۂ دو عالم
    جب درد سے غافل تھا اب درد کی دنیا ہوں
    کچھ فرق نہیں تجھ میں اور مجھ میں کوئی لیکن
    تو اور کسی کا ہے بے درد میں تیرا ہوں
    مدت ہوئی کھو بیٹھا سرمایۂ تسکیں میں
    اب تو تری فرقت میں دن رات تڑپتا ہوں
    ارمان نہیں کوئی گو دل میں مرے لیکن
    اللہ ری مجبوری مجبور تمنا ہوں
    بہزادؔ حزیں مجھ پر اک کیف سا طاری ہے
    اب یہ مرا عالم ہے ہنستا ہوں نہ روتا ہوں

    اشعار
    ۔۔۔۔۔
    آتا ہے جو طوفاں آنے دے کشتی کا خدا خود حافظ ہے
    ممکن ہے کہ اٹھتی لہروں میں بہتا ہوا ساحل آ جائے

    اے جذبۂ دل گر میں چاہوں ہر چیز مقابل آ جائے
    منزل کے لیے دو گام چلوں اور سامنے منزل آ جائے

    ہم بھی خود کو تباہ کر لیتے
    تم ادھر بھی نگاہ کر لیتے

    مجھے تو ہوش نہ تھا ان کی بزم میں لیکن
    خموشیوں نے میری ان سے کچھ کلام کیا

    زندہ ہوں اس طرح کہ غم زندگی نہیں
    جلتا ہوا دیا ہوں مگر روشنی نہیں

    میں ڈھونڈھ رہا ہوں مری وہ شمع کہاں ہے
    جو بزم کی ہر چیز کو پروانہ بنا دے

    اے دل کی خلش چل یوں ہی سہی چلتا تو ہوں ان کی محفل میں
    اس وقت مجھے چونکا دینا جب رنگ پہ محفل آ جائے

    عشق کا اعجاز سجدوں میں نہاں رکھتا ہوں میں
    نقش پا ہوتی ہے پیشانی جہاں رکھتا ہوں میں

  • افغانستان  زلزلہ: ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار ہو گئی

    افغانستان زلزلہ: ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار ہو گئی

    ہرات: افغانستان میں جمعہ کی رات آنے والے زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے بڑھ گئی۔

    باغی ٹی وی : افغان حکام کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں 2 ہزار گھر مکمل طور پر تباہ جبکہ ہزاروں مکانات کو جزوی نقصان پہنچاحکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث مٹی کے تودے اور عمارتیں گرنے سے اموات ہوئیں، 35 ریسکیو ٹیمیں امدادی کاموں میں مصروف ہیں ابھی بھی مکانات کے ملبے تلے لوگ دبے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے اموات میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    قدرتی آفات سےنمٹنے کے ادارے کےترجمان ملا جان صائق نےکہا ہے کہ تین صوبوں میں زلزلے سے کافی نقصان ہوا ہے دو سر ی جانب چین نے زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے 2 لاکھ ڈالر کی رقم افغانستان کے حوالے کر دی ہے۔

    عمران خان کی بیٹوں سے فون پر بات کرانے سے متعلق سماعت، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ …

    زلزلے کی وجہ ٹیلی فون کنکشن منقطع ہون کی وجہ سے متاثرہ علاقوں سے درست تفصیلات حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے امریکی جیولوجیکل سروے کی ایک ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ تباہی ممکنہ طور بڑی ہے، جس کے نتیجے میں کئی افراد کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ہے ہرات کے شمال مغرب میں 21.7 میل دور 5.9 شدت کا زلزلہ، زندہ جان سے شمال مشرق میں 20.5 میل دور 6.3 شدت کا زلزلہ اور ایک اور 6.3 شدت کا زلزلہ شامل ہے۔

    واضح رہے کہ ہرات صوبہ ایران کی سرحد سے ملتا ہے، جبکہ زلزلے کے جھٹکے قریبی صوبوں فراہ اور بادغیس اور کچھ قریبی ایرانی قصبوں میں بھی محسوس کیے گئے۔

    آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس: اسحاق ڈار احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوئے

  • ورلڈ کپ 2023:انگلینڈ کا بنگلہ دیش کو 365 رنز کا ہدف

    ورلڈ کپ 2023:انگلینڈ کا بنگلہ دیش کو 365 رنز کا ہدف

    دھرم شالا: آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے ساتویں میچ میں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ،انگلینڈ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو جیت کے لئے بڑا ہدف دے دیا-

    باغی ٹی وی:یہ میچ بھارت کے دھرم شالا اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے،انگلینڈ نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 50 اوورز میں 364 رنز بنائے ، بنگلادیش کے خلاف انگلینڈ کی پہلی وکٹ 115 رنز پر گری، انگلینڈ کی جانب سے اوپننگ بیٹسمین ڈیوڈ میلان اور جونی بیرسٹو نے ٹیم کو اچھا آغاز کیا تاہم جونی بیرسٹو 59 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن اس کے بعد بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن کا شکار ہوگئے۔
    https://x.com/ESPNcricinfo/status/1711603059833626964?s=20

    دوسری وکٹ کی شراکت میں ڈیوڈ ملان اور جو روٹ نے 151 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم ملان 16 چوکے اور 5 چھکے کی مدد سے 140 کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے،کپتان جوز بٹلر 20، جو روٹ 82، لیام لیونگسٹون صفر پر پویلین لوٹے-

    بنگلادیش کی جانب سے شوریف اسلام نے 2 جبکہ شکیب الحسن اور مہدی حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    آج کے میچ کیلئے دونوں ٹیموں میں ایک ایک تبدیلی کی گئی، انگلش ٹیم میں معین علی کو بٹھا کر ریس ٹوپلے جبکہ بنگلایش کی ٹیم میں محمد اللہ کو آرام دیتے ہوئے مہدی حسن کوٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

    بھارتی ٹیم کا اہم کھلاڑی اسپتال داخل،پاکستان کیخلاف میچ میں شرکت مشکوک

    آئی سی سی نے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا

    نیوزی لینڈ نے نیدر لینڈز کو 99 رنز سے شکست دے دی

    بنگلادیش کا اسکواڈ:
    کپتان شکیب الحسن، لٹن داس، تنزید حسن، نجم الحسن شانتو، مہیدی حسن میراز، مشفق الرحیم، توحید ہردوئے، مہدی حسن، تسکین احمد، شوریف اسلام، مستفیض الرحمان

    انگلینڈ کا اسکواڈ:
    کپتان جوز بٹلر، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، ہیری بروک، لیام لیونگسٹون، سیم کرن، کرس ووکس، مارک ووڈ، عادل رشید، ریس ٹوپلی

    واضح رہے کہ دھرم شالا میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں افغانستان اور بنگلا دیش کے کھلاڑیوں کو مشکلات پیش آئی تھیں، آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے کھلاڑی سنجیدہ انجری سے بال بال بچے تھے۔