Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • آرمی چیف ‏جنرل عاصم منیر کا دورہ چین انتہائی اہم اور ملک کی خارجہ پالیسی کا تعین کرے گا،شیخ رشید

    آرمی چیف ‏جنرل عاصم منیر کا دورہ چین انتہائی اہم اور ملک کی خارجہ پالیسی کا تعین کرے گا،شیخ رشید

    راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے آرمی چیف ‏جنرل عاصم منیر کا دورہ چین انتہائی اہم اور ملک کی خارجہ پالیسی کا تعین کے لئے اہم قراردے دیا۔

    باغی ٹی وی: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ آرمی چیف ‏جنرل عاصم منیر کا دورہ چین انتہائی اہم ہے جو آئندہ ملک کی خارجہ پالیسی کا تعین کرے گا۔


    انہوں نے کہا کہ حکومت عدلیہ کو دھمکیاں دینے کے بجائے آئین و قانون کا احترام کرے ورنہ یہ آئین اور قانون کے شکنجے میں پہلے ہی خود آچکے ہیں، الیکشن میں جانا سیاسی خودکشی کرنے سے بہتر ہے، مولانا فضل الرحمان وہاں لے جا کر مارے گا جہاں کوئی نہیں بچائے گا۔


    شیخ رشید نے مزید کہا کہ آصف ‏زرداری بلاول بھٹو کو وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں لیکن اپریل کے مہینے میں غربت کے ہاتھوں ٹھٹھہ کی ساحلی پٹی میں41 لوگوں نے خودکشی کی جبکہ کل 6 لوگوں نے خودکشی کی،ساری شریف فیملی نےگھر کی چار دیواری کے اندر عیدالفطر کی نماز ادا کی،زرداری نے ناکامی کا سارا ملبہ شہباز شریف پرڈال دیا ہے خود نیک پروین بن کر بیٹھ گیا۔


    سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ الیکشن پورا ہو یا پنجاب کا ہو ہو کر رہے گا، بلاول نہ ساری دنیا سے 5 ڈالر امداد لایا نہ آئی ایم ایف سے مسئلہ حل کرایا، عدلیہ کی کردارکشی کی جارہی ہے،شہبازشریف وزیرداخلہ وزیرقانون اور مولانا فضل الرحمان سامان باندھ لیں، قوم یوم نجات کی تیاری کریں، عدلیہ کا فیصلہ نہ مانا تو عمران خان کال دے گا اور ساری قوم سڑکوں پر ہوگی۔

  • اردو زبان کے معروف شاعرعشرت رومانی

    اردو زبان کے معروف شاعرعشرت رومانی

    سوچا تمہیں تو درد کی صدیاں پگھل گئیں
    دیکھا تمہیں تو وقت کے دریا ٹھہر گئے

    اردو زبان کے شاعرعشرت رومانی کا اصل نام سید محمد عشرت ہے بھارت میں سید محمد عقیل کے گھر 01 جنوری 1936ء کو پیدا ہوئے
    شاعری کی ابتدا 1950ء میں کی پہلی نظم 1958ءمیں ماہنامہ شمع میں شائع ہوئی ،پہلی غزل کی اشاعت 1960 میں ادبِ لطیف، لاہور میں ہوئی 25 اپریل 2021ء کو خلاق حقیقی سے جا ملے-

    تصنیفات
    ۔۔۔۔۔۔
    ۔ (1)چند ہم عصر افسانہ نگار ،2004ء-2004
    ۔ (2)شعور عصر-2002
    ۔ (3)صبح آنے کو ہے-2000
    مستقل پتا:بی۔ 14بلاک سی، رابعہ ڈپلیکس اسکیم 33
    گلزار ہجری مین یونیورسٹی روڈ
    ڈاکخانہ کراچی یونیورسٹی کراچی

    غزل
    ۔۔۔۔۔
    بچھڑ کے ہم سے ملنا چاہتی ہے
    محبت اور کیا کیا چاہتی ہے
    کسی صحرائے وحشت میں اتر کر
    محبت خود سمٹنا چاہتی ہے
    جسے سورج نے جھلسایا ہے برسوں
    وہی کونپل پنپنا چاہتی ہے
    کوئی موج بلا ہے اور تنہا
    سمندر کو نگلنا چاہتی ہے
    جھلستے سورجوں کی بھٹیوں میں
    ہر اک ساعت پگھلنا چاہتی ہے
    کوئی زخمی پرندہ مر رہا ہے
    بصارت منہ چھپانا چاہتی ہے
    سمندر شب اترنے کو ہے عشرتؔ
    یہ بستی ڈوب جانا چاہتی ہے

    غزل
    ۔۔۔۔۔
    بارش ہوئی تو شہر کے تالاب بھر گئے
    کچھ لوگ ڈوبتے ہوئے دھل کر نکھر گئے
    سورج چمک اٹھا تو نگاہیں بھٹک گئیں
    آئی جو صبح نو تو بصارت سے ڈر گئے
    دریا بپھر گئے تو سمندر سے جا ملے
    ڈوبے جو ان کے ساتھ کنارے کدھر گئے
    دلہن کی سرخ مانگ سے افشاں جو گر گئی
    لمحوں کی شوخ جھیل میں تارے بکھر گئے
    پھر دشت انتظار میں کھلنے لگے کنول
    پلکوں سے جھانکتے ہوئے لمحے سنور گئے
    بجھتے ہوئے چراغ ہتھیلی پہ جل گئے
    جھونکے تمہاری یاد کے دل میں اتر گئے
    سوچا تمہیں تو درد کی صدیاں پگھل گئیں
    دیکھا تمہیں تو وقت کے دریا ٹھہر گئے
    تم تو بھری بہار میں کھلتے رہے مگر
    ہم زخم کائنات تھے کانٹوں سے بھر گئے
    عشرتؔ شب نشاط کے جگنو لئے ہوئے
    ہم جشن زر نگاہ میں پریوں کے گھر گئے

    غزل
    ۔۔۔۔۔
    موسم زرنگاہ آوارہ
    کاروان بہار آوارہ
    شاخ در شاخ پھول شرمائے
    ہو گئی ہے بہار آوارہ
    شہر در شہر یوں بھٹکتا ہوں
    جیسے ہو تیرا پیار آوارہ
    یوں سر راہ ایک پھول کھلا
    جیسے اک شاہکار آوارہ
    اس طرح دیس دیس پھرتے ہیں
    جیسے ابر بہار آوارہ

  • یوم وفات معروف شاعر الطاف احمد انصاری

    یوم وفات معروف شاعر الطاف احمد انصاری

    پھر نئے سر سے جنون قیس کی بنیاد رکھ
    پھر نئی لیلی بنا ناقہ بنامحمل بنا

    معروف شاعر الطاف احمد انصاری المعروف آزاد انصاری 2؍اکتوبر 1871ء کو ناگپور میں پیدا ہوئے جہاں ان کے والد اور سیری کے عہدے پر فائز تھے۔ وطن سہارن پور۔ اٹھارہ انیس سال کی عمر تک مختلف درس گاہوں میں فارسی وعربی کی تعلیم حاصل کی۔ طب مختلف اساتذہ فن سے پڑھی۔ دہرہ دون، کانپور، انبالہ چھاؤنی اور علی گڑھ میں علاج معالجہ کا کام کرتے رہے۔ جب ان کا کاروبار مطب نہ چلا تو وہ دہلی چلے آئے اور اواخر 1923ء تک دہلی میں بسر اوقات کرتے رہے۔ 14؍اکتوبر 1923ء کو حیدرآباد (دکن) پہنچ گئے اور کاروبار مطب چھوڑ کر عینک کی تجارت اختیار کرلی۔ انھیں مولانا حالیؔ سے تلمذ حاصل تھا۔

    آزادؔ انصاری 25؍اپریل 1942ء کو حیدرآباد دکن میں انتقال کرگئے۔ ان کا دیوان ’’معارف جمیل‘‘ کے نام سے چھپ گیا ہے۔ تکرار الفاظ سے شعر میں حسن پیدا کرنا ان کا خاص فن ہے۔

    ریختہ ڈاٹ کام سے ماخوذ

    آزادؔ انصاری کے منتخب کلام

    حق بنا باطل بنا ناقص بنا کامل بنا
    جو بنانا ہو بنا لیکن کسی قابل بنا

    شوق کے لائق بنا ارمان کے قابل بنا
    اہل دل بننے کی حسرت ہے تو دل کو دل بنا

    عقدہ تو بے شک کھلا لیکن بہ صد دقت کھلا
    کام تو بے شک بنا لیکن بہ صد مشکل بنا

    جب ابھارا ہے تو اپنے قرب کی حد تک ابھار
    جب بنایا ہے تو اپنے لطف کے قابل بنا

    سب جہانوں سے جدا اپنا جہاں تخلیق کر
    سب مکانوں سے جدا اپنا مکان دل بنا

    پھر نئے سر سے جنون قیس کی بنیاد رکھ
    پھر نئی لیلیٰ بنا ناقہ بنا محمل بنا

    یہ تو سمجھے آج آزادؔ ایک کامل فرد ہے
    یہ نہ سمجھے ایک ناقص کس طرح کامل بنا

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    نہ پوچھو کون ہیں کیوں راہ میں ناچار بیٹھے ہیں
    مسافر ہیں سفر کرنے کی ہمت ہار بیٹھے ہیں

    ادھر پہلو سے وہ اٹھے ادھر دنیا سے ہم اٹھے
    چلو ہم بھی تمہارے ساتھ ہی بیکار بیٹھے ہیں

    کسے فرصت کہ فرض خدمت الفت بجا لائے
    نہ تم بیکار بیٹھے ہو نہ ہم بیکار بیٹھے ہیں

    جو اٹھے ہیں تو گرم جستجوئے دوست اٹھے ہیں
    جو بیٹھے ہیں تو محو آرزوئے یار بیٹھے ہیں

    مقام دستگیری ہے کہ تیرے رہرو الفت
    ہزاروں جستجوئیں کر کے ہمت ہار بیٹھے ہیں

    نہ پوچھو کون ہیں کیا مدعا ہے کچھ نہیں بابا
    گدا ہیں اور زیر سایۂ دیوار بیٹھے ہیں

    یہ ہو سکتا نہیں آزادؔ سے مے خانہ خالی ہو
    وہ دیکھو کون بیٹھا ہے وہی سرکار بیٹھے ہیں

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    ستم دوست فکر عداوت کہاں تک
    کہاں تک وفا سے بغاوت کہاں تک

    خلاف سلوک محبت کے خوگر
    خلاف سلوک محبت کہاں تک

    مسلسل ستم کی حکومت کے بانی
    مسلسل ستم کی حکومت کہاں تک

    اٹھو درد کی جستجو کر کے دیکھیں
    تلاش سکون طبیعت کہاں تک

    کبھی حکم پیر مغاں بھی بجا لا
    فقط اتباع شریعت کہاں تک

    کبھی کچھ نتیجہ نکالو تو جانیں
    فقط خبط معلوم و علت کہاں تک

  • سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی ایک اور مبینہ آڈیو سامنے آگئی

    سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی ایک اور مبینہ آڈیو سامنے آگئی

    سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی ایک اور مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ عمران خان کے وکیل خواجہ طارق رحیم سے بات چیت کررہے ہیں۔

    باغی ٹی وی: سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل خواجہ طارق رحیم کی مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے مبینہ آڈیو میں ثاقب نثار کہہ رہے ہیں کہ اچھا خواجہ صاحب ایک چیز میں آپ کو عرض کرنا چاہتا ہوں ایک ججمنٹ ہے وہ آہ ضرور دیکھ لینا 7 میمبر ججمنٹ ہے-


    آڈیو میں خواجہ طارق رحیم پوچھتے ہیں کس کی ہے؟ جس پر ثاقب نثار کہتے ہیں جی یہ اپنا سوموٹو ہے نمبر 4/2010 reported ہے سر یہ 7member judgement 2012 supreme court ,page#553 پر، ٹھیک ہے نا جو آپ کا وکیل اس پرکام کر رہا ہے اسے ذرا دیکھ لینا اس ہے بھئی اگر بہرحال جب آپ پڑھیں گے تو آپ کو پتہ لگ جائے گا-

    خواجہ طارق رحیم کہتے ہیں جی میں وہ پڑھ لوں گا ،اور میں نے وہ بھی فیصلہ دیکھ لیا ہے جو 7 ممبران مر مشتمل بینچ کا ہے،جس میں انہوں نے کہا ہے کہ جی اس میں جج صاحب کا عمل دخل نہیں بنتا اسے ذرا آپ غور سے پڑھیں تو جو اس میں high note to CJ clause #03 وہاں انہوں نے رستے بھی دیا ہو وہ دیکھ لینا ذرا-

    ثاقب نثار کہتے ہیں جی سر میں نے دیکھا ہے وہ ہی تو ہمارے پاس wayout ہے ہمارے پاس،اور تو کیس ہی نہیں تھا بنتا،خواجہ طارق کہتے ہیں ہاں جی بالکل ٹھیک ہے ،میں یہ بھی ابھی دیکھ لیتا ہوں-

    ثاقب نثار مزید کہتے ہیں اور دوسرا خواجہ صاحب اگر کوئی بندہ تیار ہو آپ کا تو منیر احمد خان والا بھی استعمال کر لو،توہین عدالت کا بلکل کلئیر کیس ہے ،خواجہ طارق نے کہا وہ بھی ہو گئی وہ بھی ہو رہی ہے –

    ثاقب نثار کہتے ہیں کل جو کچھ ہوا آزاد جموں کشمیر میں اس کے بعد تو کوئی ،جس پر خواجہ طارق کہتے ہیں میرا خیال ہے کہ ہم صرف انتظار کر رہے ہیں وہ شاید 3 ممبر بینچ وہ فیصلہ کر رہے ہیں ،مزید آدھا گھنٹہ یا ایک گھنٹہ اور ہم توہین عدالت کی درخواست فائل کر رہے ہیں۔

    جس پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کہتے ہیں چلیں ٹھیک ہے سر بہت شکریہ-

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وکیل خواجہ طارق رحیم کی مبینہ آڈیو سامنے آئی تھی جس میں طارق رحیم نے مبینہ طور پر مریم نواز کے بارے میں کہا تھا کہ جو باتیں یہ خاتون کررہی ہیں ان پر انہیں کوئی اچھا جواب دینا چاہئے یہ خاتون جو بول رہی ہے، اس کو باہر ٹھوکنا چاہئے۔


    سابق چیف جسٹس نے طارق رحیم کو پنجابی میں مثال دیتے ہوئے جواب دیا تھا کہ شکر ہے مجھ میں ابھی تک حوصلہ اور برداشت ہے، میں کنفیوژ یا پریشان نہیں ہوتا۔ لیکن جب مجھے ضرورت پڑی تو میں آپ سے کہہ دوں گا، آپ پھر دھماکا کردینا۔

    خواجہ طارق رحیم مبینہ طور پر سابق چیف جسٹس کو جواب دیا تھا کہ آپ مجھے بتادینا آپ جو کہیں گے اسی طرح ہوگا سابق چیف جسٹس جواب میں کہا حاضر حاضر۔ کبھی اپنے بچوں سے کہیں میرے گھر چکر لگائیں۔

  • شارجہ اورسڈنی کرکٹ اسٹیڈیم کی جانب سےسچن ٹنڈولکر کیلئے اعزاز

    شارجہ اورسڈنی کرکٹ اسٹیڈیم کی جانب سےسچن ٹنڈولکر کیلئے اعزاز

    شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کے ویسٹ اسٹینڈ کا نام سچن ٹنڈولکر اسٹینڈ رکھ دیا گیا ہے۔

    باغی ٹی وی: تفصیلات کےمطابق سابق بھارتی کرکٹرسچن ٹنڈولکر نے 34 اسٹیڈیمز میں کھیلے گئے ون ڈے میچوں میں 49 سنچریاں اسکور کیں جبکہ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں ان کی 7 سنچریاں جن میں اپریل 1998 میں جڑواں سنچریاں بھی شامل ہیں تاہم شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم کے ویسٹ اسٹینڈ کا نام سچن ٹنڈولکر اسٹینڈ رکھ دیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے سچن ٹنڈولکر کا کہنا تھا کہ شارجہ میں کھیلنا ہمیشہ ہی ایک شاندار تجربہ رہا ہے کیونکہ شارجہ میں دنیا بھر سے کرکٹ شائقین میچ دیکھنے آتے ہیں اور ہمیں سپورٹ کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ کھیل سے محبت کرنے والوں کے لیے شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم ایک خاص جگہ ہے۔

    شارجہ اسٹیڈیم کے سی ای او خلف بخاطر نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ہم دنیائے کرکٹ کے ان عظیم کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کریں جنہوں نے اپنی شاندار اننگزشارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلیں سچن ٹنڈولکراسٹینڈ کے بعد بہت جلد پاکستان اور سری لنکا کے کھلاڑیوں کے نام سے بھی اسٹینڈ منسوب کیے جائیں گے۔

    دوسری جانب سچن ٹنڈولکر اور برائن لارا کے نام سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں دروازوں کے نام منسوب کردیے گئے،ان سے قبل گراؤنڈ کے دیگر دروازے ڈونلڈ بریڈمین، ایلن ڈیوڈسن اور آرتھر مورس کے نام کیے گئے تھے، یہ دروازے میدان میں جانے کے استعمال ہوتے ہیں۔

    گراؤنڈ انتظامیہ نے ٹنڈولکر کی 50 ویں سالگرہ پر اور لارا کے سڈنی میں 277 کی اننگزکھیلنے کے 30 برس مکمل ہونے پر اعزاز سے نوازا ہے۔

  • سمندر میں طغیانی کے خدشہ،ماہی گیروں کو الرٹ جاری

    سمندر میں طغیانی کے خدشہ،ماہی گیروں کو الرٹ جاری

    کوئٹہ: بلوچستان کے سمندر میں طغیانی کے خدشے کے پیش نظر ماہی گیروں کو الرٹ جاری کردیا گیا۔

    باغی ٹی وی : جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر (جے ایم آئی سی سی) کے مطابق 25 سے 26 اپریل تک بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے چلنے سے سمندر میں طغیانی کا امکان ہے۔

    جے ایم آئی سی سی کی جانب سے جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ ماہی گیر 25 سے 26 اپریل تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں اور اپنی کشتیاں انجن ، جال و ماہی گیری کے دیگر آلات محفوظ کرلیں کسی بھی قسم کے نقصانات اور پریشانی سے بچنے کے لیے بروقت احتیاطی تدابیر اختیار کرلی جائیں۔

    محکمہ فشریز بلوچستان کی جانب سے بھی ماہی گیروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ گوادر کے سمندر میں زیادہ طغیانی کا خدشہ ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز پسنی اور اورماڑہ نے ہدایات جاری کردی ہیں۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کل بدھ سے بالائی خیبرپختونخوا، بلوچستان، مشرقی پنجاب، بالائی سندھ اور کشمیر میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔

    ان علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ اتوار تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، اس دوران مری، گلیات اور پوٹھوہار میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے،آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔

  • افتخار احمد نے ساتھی کھلاڑیوں میں عیدی تقسیم کردی،سب سے زیادہ عیدی کس کھلاڑٰی کو ملی؟

    افتخار احمد نے ساتھی کھلاڑیوں میں عیدی تقسیم کردی،سب سے زیادہ عیدی کس کھلاڑٰی کو ملی؟

    قومی کرکٹر افتخار احمد نے ساتھی کھلاڑیوں میں عیدی تقسیم کردی۔

    باغی ٹی وی: چند روز قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ڈریسنگ روم کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی جس میں قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو مڈل آرڈر بیٹر افتخار احمد سے عیدی دینے کا مطالبہ کرتے دیکھا گیا تھا-

    بعد ازاں افتخار احمد کی جانب سے سوشل میڈیا صارفین سے مشورہ مانگا گیا تھاکہ کیا میرا ان لوگوں کو عیدی دینا بنتا ہےاب پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ایک اور ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں افتخار احمد کو پاکستانی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو عیدی دیتے دیکھا جا سکتا ہے۔


    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افتخار احمد نے ہاتھ میں کافی سارے لفافے تھام رکھے ہیں اور وہ ڈریسنگ روم میں آتے ہی کہتے ہیں جسے عیدی چاہیے وہ ادھر آ جائے اور پھر وہ باری باری تمام کھلاڑیوں کو عیدی دیتے ہیں، افتخار احمد نے پانچویں ٹی ٹوئنٹی سے پہلے ڈریسنگ روم میں عیدی کے لفافے تقسیم کیےاس موقع پر قومی کرکٹرز کافی خوش نظر آئے اور کھلاڑیوں نے افتخار احمد سے ہنسی مذاق بھی کیا۔

    شاداب خان نے افتخار احمد کی جانب سے ملنے والی عیدی کا لفافا کھولتے ہوئے دکھایا کہ اس میں 500 روپے ہیں جبکہ فہیم اشرف نے افتخار احمد سے اپنا لفافا لینے کے بعد ایک اور لفافا چالاکی سے حاصل کیا، اس طرح وہ افتخار احمد سے سب سے زیادہ عیدی لینے والے قومی کھلاڑی رہے۔

  • سوات کےکبل تھانہ سی ٹی ڈی میں دھماکےکی ابتدائی رپورٹ جاری

    سوات کےکبل تھانہ سی ٹی ڈی میں دھماکےکی ابتدائی رپورٹ جاری

    پولیس نے سوات کے کبل تھانہ سی ٹی ڈی میں دھماکے کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی-

    باغی ٹی وی:پیر کی رات کو سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے میں ہونے والے دھماکے سے سی ٹی ڈی کے 2 افسروں سمیت 15 اہلکار شہید ہوگئے جبکہ 57 زخمیوں میں سے 8 کی حالت تشویشناک ہے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق تھانہ سی ٹی ڈی میں شارٹ سرکٹ سے دھماکا ہونے کا زیادہ امکان ہے ، باہر سے حملے کا ابھی تک کوئی ثبوت نہیں ملا، تھانے کے مال خانہ میں گولہ بارود کو آگ لگی، دھماکے کے دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    دوسری جانب ڈی آئی جی سی ٹی ڈی خالد سہیل نے بتایا تھا کہ تھانہ کبل سوات میں خود کش دھماکا نہیں ہوا،تھانے پر نہ حملہ ہوا اور نہ ہی فائرنگ ہوئی ، دھماکا تھانے میں اسلحہ اور مارٹر گولے والی جگہ پر ہوا، دھماکا غفلت یا کسی اور وجہ سے ہوا اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    بعد ازاں انہوں نے ایک اور بیان میں کہا کہ دھماکا سی ٹی ڈی کے پرانے آفس میں ہوا ہے، بظاہر خودکش یا دہشت گردی کا واقعہ نہیں لگ رہا ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کےمطابق دھماکےمیں سی ٹی ڈی کے 2 اہلکار اور 4 سویلین شہید ہوئے جبکہ دھماکے میں سی ٹی ڈی کے 18 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں بم ڈسپوزل یونٹ کی ٹیمیں بھی تحقیقات کر رہی ہیں۔

  • تحریک انصاف آزاد کشمیر میں اپوزیشن بنچوں میں ہی بیٹھے گی،عمران‌خان کا فیصلہ

    تحریک انصاف آزاد کشمیر میں اپوزیشن بنچوں میں ہی بیٹھے گی،عمران‌خان کا فیصلہ

    آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی بھاری اکثریت پانی کا بلبلہ ثابت ہو گئی-

    باغی ٹی وی: آزاد کشمیر میں سیاسی ہزیمت سے بچنے کے لیے بلایا گیا زمان پارک اجلاس ناکام ہو گیا اجلاس میں کون شریک ہوا، کون نہیں، تمام تفصیلات سامنے آ گئیں،عمران خان کو اپنے زور بازو پر سیاست کے پہلے امتحان میں ہی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا-

    پرویز خٹک کے آڈیو میسج کے ذریعے پارٹی کے تمام ایم ایل ایز کو 24 اپریل شام چھ بجے زمان پارک بلایا گیا آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کے 31 ایم ایل ایز میں سے 24 ارکان نہ آئے

    ذرائع کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں صرف 7 ایم ایل ایز شریک ہوئے عمران خان کے بلاوے پر نہ آنے والوان میں وزیراعظم انوارالحق گروپ کے 12 ارکان شامل ہیں سارگالہ گروپ کے چار، بیرسٹر سلطان گروپ کے پانچ ارکان بھی نہ پہنچے۔

    ذرائع کے مطابق سردار تنویر الیاس کے 3 ارکان لاہور تو پہنچے مگر زمان پارک جانے سے گریز کیا عمران خان کے ساتھ بیٹھے 7 ایم ایل ایز کی تصاویر بھی سامنے آ گئیں

    خواجہ فاروق، عبدالقیوم نیازی، سردار محمد حسین، حافظ حامد رضا، چوہدری مقبول گجر، دیوان علی، محمد اقبال زمان پارک اجلاس میں شریک ہوئےآزاد کشمیر میں اپنی بھاری اکثریت کا حشر دیکھ کر عمران خان مایوس ہو گئے، آزاد کشمیر میں سیاسی سرنڈر کر دیا-

    اجلاس میں عمران خاان نے فیصلہ کیا کہ تحریک انصاف آزاد کشمیر میں اپوزیشن بنچوں میں ہی بیٹھے گی، آزاد کشمیر میں چند دنوں کے اندر اندر بازی پلٹنے کی وجوہات بھی سامنے آ گئیں-

  • سوڈان میں آج سے تین روزہ جنگ بندی کا اعلان

    سوڈان میں آج سے تین روزہ جنگ بندی کا اعلان

    خرطوم: سوڈان میں آج سے تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کردیا گیا۔

    باغی ٹی وی : غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈان میں فوج اورپیراملٹری فورس کے درمیان جاری خانہ جنگی میں آج سے 3 روز تک کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا گیا دوسری جانب سوڈان سے مختلف ممالک کی جانب سے شہریوں کو ہنگامی طور پر نکالنےکا سلسلہ جاری ہے۔

    سعودی عرب، امریکا، فرانس، برطانیہ اور جرمنی سمیت کئی یورپی اور افریقی ممالک نے اپنے سفارتی عملے اور شہریوں کو سوڈان سے نکال لیا سعودی عرب نے ہفتے کو اپنے 91 اور دیگر ممالک کے 66 شہری سوڈان سے نکالے جبکہ امریکا نے اتوار کی شب خرطوم سے 100 کے قریب سفارتی عملے کو نکالا۔

    دوسری جانب427 پاکستانیوں کو بھی سوڈانی بندرگاہ پر پہنچا دیا گیا ایک خاندان دارالحکومت خرطوم میں پھنس گیا، پاکستان میں موجود گھر والوں نےمدد کی اپیل کردی ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہےکہ پاکستانیوں کے سفر کے انتظامات کیےجارہے ہیں وزیراعظم آفس کے ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف خود سوڈان سے انخلا آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں-

    واضح رہے کہ سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورس کے درمیان جھڑپوں میں اب تک 400 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔