Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • محب مرزا اورصنم سعید نے اپنی شادی کا باضابطہ اعلان کر دیا

    محب مرزا اورصنم سعید نے اپنی شادی کا باضابطہ اعلان کر دیا

    اداکار محب مرزا نے اپنی ساتھی اداکارہ صنم سعید سے دوسری شادی کی تصدیق کردی۔

    باغی ٹی وی :پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف جوڑی اداکار محب مرزا نے اداکارہ و ماڈل آمنہ شیخ نے 2005 میں شادی کی تھی دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے تاہم اکتوبر 2019 میں شادی کے 14 سال بعد جوڑے کی علیحدگی ہو گئی تھی۔

    گزشتہ دنوں محب مرزا نے دوسری شادی کی تصدیق کی تھی تاہم اپنی دلہن کا نام نہیں بتایا تھا لیکن اب محب مرزا کی دوسری اہلیہ بھی سامنے آگئیں۔

    نجی ٹی وی پر اداکار فہد مصطفیٰ کے پروگرام میں محب مرزا اور صنم سعید نے شرکت کی جہاں میزبان نے دونوں کی شادی کا اعلان کیا اور مبارکباد بھی دی۔

    میزبان کے ایک سوال کے جواب میں صنم سعید نے کہا کہ اپنے شوہر کو اتنی توجہ دیں جتنی آپ اپنے بچے کو دیتے ہیں-

    خیال رہے اداکارہ صنم سعید نے 2015 میں اپنے دوست فرحان حسن سے شادی کی تھی جس کے بعد انہوں نے پاکستان چھوڑ دیا تھا تاہم کچھ ذاتی اختلافات کے باعث 2018 میں دونوں کی علیحدگی ہوگئی تھی۔

  • کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین بنانے والے روسی سائنسدان قتل

    کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین بنانے والے روسی سائنسدان قتل

    ماسکو: کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین بنانے والے روسی سائنسدان کو قتل کردیا گیا۔

    باغی ٹی وی:” ڈیلی میل” کی رپورٹ کے مطابق روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے گزشتہ روز ایک اعلیٰ سائنسدان کی ماسکو کے اپارٹمنٹ میں مردہ پائے جانے کے بعد قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    2020 میں دیگر 18 سائنسدانوں کے ساتھ مل کر کورونا کی ویکسین اسپوٹنک فائیوبنانے والے روسی سائنسدان اینڈرے بوٹیکوو کو ان کے گھر میں قتل کیا گیا۔

    حکام نے کہا تھا کہ وہ انکاؤنٹر میں اس وقت بچ گیا جب ایک گھسنے والا اس کے گھر میں گھس گیا اور پیسوں کے لیے اس کے ساتھ جھگڑا شروع کر دیا اینڈرے کی لاش ملنے کے چند گھنٹے بعد ایک 29 سالہ مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔

    تحقیقاتی ایجنسی کا کہنا ہے کہ روسی سائنسدان کو بیلٹ سے گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا۔

    حکام کا دعویٰ ہے کہ اینڈرے بوٹیکوو نے مرنے سے قبل شدید مزاحمت بھی کی تھی۔ اینڈرے بوٹیکووروس کے ریسرچ سینٹر میں سینئر ریسرچر کے طور پر کام کرتے تھے اور انہوں نے اسپوٹنک فائیو ویکسین کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

    روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے کہا کہ انہوں نے ‘کم سے کم وقت میں’ مشتبہ شخص کو موقع سے فرار ہونے کی کوشش کے بعد ڈھونڈ لیا۔

    ان کا دعویٰ ہے کہ اس نے تفتیش کے دوران جرم کا اعتراف کیا ہے۔

    کمیٹی نے یہ بھی بتایا کہ مدعا علیہ پر پہلے ہی ایک اور ‘سنگین’ جرم کرنے کے لیے مقدمہ چلایا جا چکا ہے۔

    روسی میڈیا نے بتایا کہ الیکسی زیڈ کے نام سے مشہور ملزم نے جنسی خدمات فراہم کرنے کے الزام میں 10 سال جیل میں گزارے۔

    اینڈری بوٹیکوف نیشنل ریسرچ سنٹر برائے ایپیڈیمولوجی اور مائیکرو بیالوجی کے سینئر محقق تھے۔

    اس سے قبل وہ روس کے ریاستی کلکشن آف وائرسز ڈی آئی میں کام کر چکے ہیں۔ Ivanovsky انسٹی ٹیوٹ آف وائرولوجی ایک سینئر سائنسدان کے طور پر.

    سپوتنک وی ویکسین پر کام کرنے پر انہیں آرڈر آف میرٹ فار فادر لینڈ سے نوازا گیا۔

  • خالصتان تحریک کی بڑھتی ہوئی مقبولیت،مودی سرکار کا بھارتی پنجاب میں گورنرراج نافذ کرنے کا فیصلہ

    خالصتان تحریک کی بڑھتی ہوئی مقبولیت،مودی سرکار کا بھارتی پنجاب میں گورنرراج نافذ کرنے کا فیصلہ

    لاہور:خالصتان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر مودی سرکار نے بھارتی پنجاب میں گورنرراج نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے-

    باغی ٹی وی: وارث پنجاب داکےسربراہ امرت پال سنگھ کا کہنا ہےکہ خالصتان کامطالبہ سکھوں کا بنیادی حق اورمذہبی عقیدہ ہے، اگرہندتوا ریاست کی بات جرم نہیں تو پھر مسلمانوں کی طرف سے جہاد اورسکھوں کی طرف سے خالصتان کے مطالبے کو جرم کیوں بنادیا گیا ہے۔

    امرت پال سنگھ کا کہنا ہے بھارتی میڈیا ان کے بیانات کو توڑمروڑ کرپیش کرتا ہےخالصتان کی مانگ کوئی گناہ نہیں بلکہ سکھوں کے لئے فخرکی بات ہے، میں بی جے پی میں شامل سکھ رہنماؤں سے پوچھتا ہوں کہ اگر ہندو ریاست کے قیام کا مطالبہ غلط نہیں ہے تو پھرخالصتان کی مانگ پراعتراض کیوں ہے؟-

    انہوں نے کہا کہ سکھوں کی طرف سے خالصتان اورمسلمانوں کی طرف سے جہاد کی بات کو جرم اورگناہ بنا دیا گیاہے خالصتان کے ان کے مطالبے پراعتراض کیا جاسکتا ہے،لیکن طاقت کے زورپراس مطالبے اورسوچ کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔

    امرت پال سنگھ کی مقبولیت بھارتی پنجاب میں دن بدن بڑھتی جارہی ہےنوجوان امرت پال سنگھ بھارتی پنجاب میں نوجوانوں کونشےکی لعنت سے بچانے اوربیروزگاری کےخاتمےکی جدوجہد کررہے ہیں اورسمجھتے ہیں سکھوں کےمسائل کا واحد حل صرف خالصتان کا قیام ہی ہے۔

    ادھرگزشتہ ہفتے اجنالہ پولیس اسٹیشن پر امرت پال سنگھ کے حامیوں کی چڑھائی اوراحتجاج کے بعد عام آدمی پارٹی کی حکومت نے بھارتی پنجاب میں ناصرف پولیس کی سیکیورٹی بڑھادی ہے بلکہ بھارت کی مرکزی حکومت سے پیراملٹری فورس بھی مانگ لی ہے۔

    عام آد می پارٹی کے وزیراعلی بھگوت مان نے مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ سے رابطہ کیا ہے اوران سے پنجاب کے لئے اضافی فنڈزاور پیراملٹری فورس کی 40 سے 50 کمپنیاں مانگ لی ہیں۔

    بھارتی تجزیہ کاروں کے مطابق پنجاب میں ایسے حالات پیدا کئے جارہے ہیں کہ بھارتی فوج اورامرت پال سنگھ کے حامیوں میں تصادم کروایا جائے اورجب حالات خراب ہوں توپھرپنجاب میں عام آدمی کی سرکارختم کرکے یہاں گورنرراج لاگوکردیا جائے تجزیہ کاروں نے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ آنیوالے چند دنوں میں امرت پال سنگھ پرقاتلانہ حملہ بھی کراویا جاسکتا ہے۔

  • پاکستان میں غربت بھارت کےمقابلے میں بظاہر نہیں نظر آتی،جاوید اختر

    پاکستان میں غربت بھارت کےمقابلے میں بظاہر نہیں نظر آتی،جاوید اختر

    ممبئی: بھارتی ڈرامہ نگار جاوید اختر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں غربت بھارت کےمقابلے میں بظاہر نہیں نظر آتی اور یہ ایک حیران کر دینے والی بات ہے-

    باغی ٹی وی: جاوید اختر حال ہی میں ایک کانفرنس میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے گزشتہ ماہ لاہور میں منعقد ساتویں فیض فیسٹیول میں اپنے دورے اور پاکستان سے متعلق اپنے متنازع تبصرے پر گفتگو کی۔


    میزبان، معروف مصنف چیتن بھگت نے جاوید اختر سے سوال کیا کہ یہ دیکھتے ہوئے کہ پاکستان کی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے اور ان کے ذخائر خالی ہیں، کیا آپ نے وہاں بڑھتی ہوئی مہنگائی کا اثر دیکھا؟

    جس پر جاوید اختر نے کہا کہ پاکستان میں غربت بھارت کےمقابلے میں بظاہر نہیں نظر آتی اور یہ ایک حیران کر دینے والی بات ہے،حقیقت یہ ہے کہ ہندوستان میں غربت بالکل ہمارے سامنے ہے، اور ارب پتیوں کے بالکل قریب واقع ہے لیکن مجھے لگتا ہے کہ پاکستان میں کچھ پابندیاں ان کے غربت زدہ لوگوں کو دور رکھتی ہیں، جہاں صرف ضرورت مند ہی ہوتے ہیں۔

    جاوید اختر نے کہا کہ وہ تین مرتبہ پاکستان کا دورہ کر چکے ہیں مگر انہوں نے پاکستان کے شہر لاہور کی سڑکوں پر بےگھر لوگ اور بھیک مانگنے والے نہیں دیکھے مجھے یقین ہے کہ انہوں نے ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک نظام تیار کیا ہے کیونکہ یہ ظاہر ہے کہ ان کے پاس غریب لوگ ہیں۔

  • مودی نے عالمی اداروں کو دنیا کے بڑے چیلنجز کے حل میں ناکام قرار دے دیا

    مودی نے عالمی اداروں کو دنیا کے بڑے چیلنجز کے حل میں ناکام قرار دے دیا

    بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے عالمی اداروں کو دنیا کے بڑے چیلنجز کو حل کرنے میں ناکام قرار دے دیا۔

    باغی ٹی وی: بھارتی وزیراعظم کا جی 20 وزرائے خارجہ اجلاس کے افتتاح کے موقع پر ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں مودی نے عالمی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں بڑے عالمی چیلنجز کے حل میں ناکام قرار دیا،مودی نے عالمی اداروں سے اس طرح کے مسائل پر باہمی پلیٹ فارم کی تلاش کا بھی مطالبہ کیا۔

    وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ دوسری عالمی جنگ کے بعد تخلیق کردہ عالمی نظام اپنے مقاصد میں ناکام ہوگیا ہے اور اس کی ناکامی کے المناک نتائج سب سے زیادہ ترقی پذیر ممالک کو بھگتنا پڑ رہا ہے-

    مودی نے جی 20 وزرائے خارجہ کانفرنس کے آغاز کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں مہمان وزرائے خارجہ پر زور دیا کہ وہ ہندوستان کی تہذیبی اخلاقیات سے تحریک لیں اور ترقی پذیر ممالک کی آوازوں کو سنیں اور اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر دنیا کو معاشی بحران سے نجات دلانے اورجوڑنے میں تعاون کریں۔

    مودی نے اپنے خطاب کا آغاز کرتے ہوئے تمام جی20 رکن ممالک، بین الاقوامی تنظیموں اور خصوصی طور پر مدعو ممالک کے وزرائے خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے جی20 صدارت کے لیے ‘ایک کرہ ارض، ایک خاندان، ایک مستقبل’ کے تھیم کا انتخاب کیا ہے۔ یہ مقصد کے اتحاد اور عمل کے اتحاد کی ضرورت کو ظاہر کرتا ہے۔

    بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے کہ آپ کی آج کی ملاقات مشترکہ اور ٹھوس مقاصد کے حصول کے لیے اکٹھے ہونے کے جذبے کی عکاسی کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا، ہم سب کو یہ قبول کرنا چاہیے کہ کثیرالجہتی آج بحران کا شکار ہے۔

    دوسری جنگ عظیم کے بعد تخلیق کردہ عالمی طرز حکمرانی کا ڈھانچہ دو کاموں کو انجام دینے کے لئے تھا۔ سب سے پہلے، مسابقتی مفادات کو متوازن کرکے مستقبل کی جنگوں کو روکنا۔ دوسرا، مشترکہ دلچسپی کے امور پر بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کا تجربہ – مالیاتی بحران، موسمیاتی تبدیلی، وبائی امراض، دہشت گردی اور جنگ – صاف ظاہر کرتا ہے کہ عالمی گورننس اپنے دونوں مینڈیٹ میں ناکام رہی ہے۔ ہمیں یہ بھی تسلیم کرنا چاہیے کہ اس ناکامی کے المناک نتائج سب سے زیادہ ترقی پذیر ممالک کو بھگتنا پڑ رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی شہر بنگلورو میں وزرائے خزانہ کا اجلاس ہوا تھا جس میں جنگ سے متعلق کوئی مشترکہ اعلامیہ جاری نہیں کیا جاسکا تھا۔

  • کیماڑی  کے علاقے میں پراسرار ہلاکتوں سے متعلق رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں پیش

    کیماڑی کے علاقے میں پراسرار ہلاکتوں سے متعلق رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں پیش

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ میں کیماڑی کے علاقے میں پراسرار ہلاکتوں سے متعلق پولیس نے رپورٹ پیش کر دی-

    باغی ٹی وی : ہائیکورٹ نے علی محمد گوٹھ سے متعلق سماعت کے دوران پولیس سے کیماڑی واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی تاہم پولیس نے رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں پیش کر دی ہے-

    پولیس کی جانب سے سیپا رپورٹ کی روشنی میں تیار کردہ تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 17 فروری 2020 کو کے پی ٹی ٹرمینلز 15 اور 16 (Eastern Warf) پر دھویں کا مشاہدہ کیا گیا۔

    ان ٹرمینلز پر درآمد شدہ مضر صحت خام مال کو اَن لوڈ کیا جا رہا تھا، ٹرمینلز پر طویل عرصے سے موجود کنٹینرز میں خطرناک کیمیکلز پائے گئے اور خام مال اور سویابین کی وجہ سے متاثرہ علاقے میں ایئر کوالٹی خراب تھی –

    تحیقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا کہ خام مال اور سویابین کے باریک ذرات کی شکل میں پھیلے ہوئے دھول کی وجہ سے آبادی کو خطرات لاحق ہیں۔ کے پی ٹی کی بنیادی ذمہ داری ہےکہ ماحولیات سےمتعلق قوانین پر مکمل عمل درآمد کرے لیکن کےپی ٹی نےماحولیات اور ایئر کوالٹی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات نہیں کیے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ کے پی ٹی کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے پورٹ پر کام کرنے والے لوگ اور قریبی رہائشی علاقوں کے مکین زہریلی اور خطرناک گیسوں سے متاثر ہو رہے ہیں، ہوا کا معیار انسانی صحت اور ماحول کے لیے انتہائی نقصان دہ پایا گیا ہے۔

    سیپا رپورٹ کے مطابق فروری 2020 میں جاں بحق ہونے والوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی۔ تمام رپورٹس آنے پر موت کی وجہ معلوم ہوسکے گی۔ مرنے والوں کے ورثا کسی قسم کی قانونی کارروائی نہیں چاہتے۔

  • پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی خبریں بدنیتی پر مبنی افواہیں ہیں،اسحاق ڈار

    پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی خبریں بدنیتی پر مبنی افواہیں ہیں،اسحاق ڈار

    وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے اگلے ہفتے تک آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول کے معاہدے پر دستخط کرنے کی توقع ہے-

    باغی ٹی وی: سماجی رابطے کی سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیر خرانہ نے کہا کہ ملک مخالف عناصر پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی خبریں بدنیتی پر مبنی افواہیں ہیں جو سراسر جھوٹ ہے،حقائق کو بھی جھوٹا ہے-


    انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ رہے ہیں اور تقریباً تمام بیرونی واجبات وقت پر ادا کرنے کے باوجود 4 ہفتے پہلے کے مقابلے میں ایک ارب ڈالر زیادہ ہیں –

    اسحاق ڈار نے کہا کہ غیر ملکی کمرشل بینکوں نے پاکستان کو سہولیات دینا شروع کردی ہیں۔ آئی ایم ایف کے ساتھ ہمارے مذاکرات مکمل ہونے والے ہیں اور اگلے ہفتے تک آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول کے معاہدے پر دستخط کرنے کی توقع ہے تمام اقتصادی اشاریے آہستہ آہستہ درست سمت میں بڑھ رہے ہیں۔

  • طالبان فورسز کا داعش خراسان کے اعلیٰ کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

    طالبان فورسز کا داعش خراسان کے اعلیٰ کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ

    افغان طالبان فورسز نے عسکریت پسند گروپ داعش خراسان کے اعلیٰ کمانڈر کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، ہلاک کمانڈر کا تعلق داعش خراسان سے تھا جو کہ افغانستان کے دارالحکومت میں سفارتی مشنز پر حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا۔

    باغی ٹی وی:طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پیر کے روز جاری ایک بیان میں کہا کہ طالبان فورسز نے اتوار کی رات ایک آپریشن کے دوران داعش کے علاقائی ’انٹیلی جنس اور آپریشنز چیف‘ قاری فتح کو ہلاک کر دیا۔

    ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ قاری فتح کابل میں سفارتی مشنز، مساجد اور دیگر اہداف کے خلاف حالیہ دہشت گردانہ کارروائیوں کا براہ راست ماسٹر مائنڈ تھا، داعش خراسان کا ایک اور رکن بھی اس گروہ کے خلاف کابل کے خیر خانہ علاقے میں کی گئی کارروائی میں مارا گیا۔

    اس علاقے کے رہائشیوں نے اتوار کی رات کو زور دار فائرنگ کی اطلاع دی تھی، طالبان حکام نے ملبے میں پڑی دو لاشوں کی فوٹیج ٹوئٹر پر شیئر کی۔

    یاد رہے کہ اگست 2021 میں طالبان کے اقتدار میں واپس آنے کے بعد افغانستان میں تشدد واضح طور پر کم ہو گیا تھا لیکن گزشتہ سال کے دوران داعش خراسان کی جانب سے کیے گئے بڑے مہلک حملوں کے باعث سیکورٹی مزید خراب ہو گئی۔

    جولائی 2022 میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک رپورٹ میں قاری فتح کو داعش خراسان کا ایک اہم رہنما قرار دیا گیا تھا جس پر بھارت، ایران اور وسطی ایشیا میں عسکری کارروائیوں کا الزام لگایا گیا تھا۔

    عسکریت پسند گروپ داعش خراسان طالبان کی حکمرانی کے لیے سب سے بڑا سیکورٹی چیلنج بن کر ابھرا ہے جو غیر ملکیوں، مذہبی اقلیتوں اور سرکاری اداروں پر حملوں میں ملوث ہے۔

    داعش خراسان نے دسمبر میں کابل کے ایک ہوٹل پر حملے کی ذمہ داری قبول کی جس میں پانچ چینی شہری زخمی ہوئےدسمبر میں بھی اس گروپ نے کابل میں پاکستانی سفارت خانے پر حملہ کیا جسے پاکستان نے اپنے سفیر پر ’قاتلانہ حملہ‘ قرار دیا۔

    اسی طرح جنوری میں دہشت گروپ نے کابل میں وزارت خارجہ کے قریب خودکش بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی جس میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہوئے طالبان نے داعش خراسان کو ستمبر 2022 میں کابل میں ہونے والے خودکش حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا جس میں 51 خواتین اور لڑکیوں سمیت 54 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

  • پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں مزید 8 روپے فی لٹر اضافہ

    پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں مزید 8 روپے فی لٹر اضافہ

    حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں مزید 8 روپے فی لٹر اضافہ کر دیا ہے۔

    باغی ٹی وی : پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں یہ اضافہ آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرآمد کرتے ہوئے کیا گیا ہے، لیوی 50 روپے تک بڑھائی جائے گی، پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی بڑھا کر ایڈجسٹمنٹ کی گئی ہے۔

    ہائی سپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں 5 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، اس طرح ہائی سپیڈ ڈیزل پر لیوی 45 روپے ہو گئی ہے اسی وجہ سے ہائی سپیڈڈیزل کی قیمت میں کمی کرنے کے بجائے اسے پیٹرولیم لیوی سے ایڈجسٹ کر دیا گیا ہے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل پر بالترتیب سات روپے 77 پیسے اور 50 پیسے لیوی کی مد میں بڑھائے گئے ہیں۔

  • سعودی عرب کا ہرسال 11 مارچ کو”پرچم کا قومی دن” منانے کا اعلان

    سعودی عرب کا ہرسال 11 مارچ کو”پرچم کا قومی دن” منانے کا اعلان

    ریاض: سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ہرسال 11 مارچ کو’پرچم کا قومی دن‘ منائے گا۔

    باغی ٹی وی: سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ فیصلہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے بدھ کوجاری کردہ شاہی فرمان کے تحت کیا گیا ہے۔

    سعودی پریس ایجنسی کے مطابق 11مارچ 1937ء کو(27 ذی الحجہ 1355 ہجری) کو پہلی مرتبہ قومی پرچم کا دن منایا گیا تھا جب سابق سعودی فرمانروا شاہ عبدالعزیز آل سعود نے اس پرچم کو سعودی مملکت کی نمائندگی کے طور پراختیار کیا تھا۔

    سعودی عرب کا دورنگا قومی پرچم دین اسلام، انصاف،طاقت، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے۔سبز جھنڈے میں سفید رنگ میں عربی زبان میں کلمہ طیبہ تحریر ہے اوراسی رنگ میں ایک تلوار ہے اس میں شامل کلمہ طیبہ مسلمانوں کے عقیدے کی نمایندگی کرتا ہےجس کاترجمہ ہے کہ ’’اللہ کے سواکوئی معبود نہیں ہے۔محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے رسول ہیں-

    گذشتہ سال ایک اور شاہی فرمان کے تحت 22 فروری کو پہلی مرتبہ سعودی عرب کا یومِ تاسیس منایا گیاتھا یوم تاسیس کی تاریخ تین صدیاں پہلے کی ہے جب پہلی سعودی ریاست سنہ1727 میں امام محمد بن سعود کی قیادت میں قائم ہوئی تھی۔