Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • بھارتی شہری پاکستان میں داخل ہونے پر گرفتار

    بھارتی شہری پاکستان میں داخل ہونے پر گرفتار

    قصور کے تھانہ گنڈا سنگھ کی حدود سہجرہ کے مقام پر ایک بھارتی شہری کو پاکستانی حدود کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا گیا۔

    پاک رینجرز کے جوان نصیر نے بھارتی شہری شرندیپ سنگھ ولد ستنام سنگھ کو سرحد پار کر کے پاکستانی علاقے میں داخل ہونے پر حراست میں لیا،گرفتار بھارتی شہری کا تعلق پوئی پور، تحصیل شاہکوٹ ضلع جالندھر سے بتایا جاتا ہے رینجرز نے ابتدائی کارروائی کے بعد شرندیپ سنگھ کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ گنڈا سنگھ پولیس کے حوالے کر دیا۔

  • والد کو جیل میں مکمل تنہائی میں رکھا گیا ہے، قاسم اور سلیمان کا الزام

    والد کو جیل میں مکمل تنہائی میں رکھا گیا ہے، قاسم اور سلیمان کا الزام

    پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان نے عدالتی احکامات کے باوجود جیل ملاقا تیں نہ کروائے جانے اور جیل میں ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    برطانوی صحافی مہدی حسن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان نے کہا ہے کہ ان کے والد کو جیل میں مکمل تنہائی میں رکھا گیا ہے اور یہ صورتحال واضح طور پر تشدد کے ہتھکنڈوں کے مترادف ہےعدالتی احکامات کے باوجود جیل ملاقاتیں نہ کروائے جانے پر عمران خان کے اہلِ خانہ اور پارٹی نے جیل میں ان کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر تشویش کا اظہار کیا ہےاقوامِ متحدہ کے ایک خصوصی نمائندے نے بھی خبردار کیا ہے کہ عمران خان کو ایسی حالت میں رکھا جا رہا ہے جو غیر انسانی سلوک کے زمرے میں آ سکتی ہے۔

    انٹرویو کے دوران جب حکومت کے اس دعوے کے بارے میں سوال کیا گیا کہ عمران خان کو جیل میں شاہانہ سہولیات حاصل ہیں تو قاسم خان نے کہا کہ یہ حقیقت کے بالکل برعکس ہے ان کے مطابق عمران خان ایک ایسے سیل میں رکھے گئے ہیں جس کی لمبائی چھ فٹ اور چوڑائی آٹھ انچ ہے، جہاں بمشکل کھڑا ہوا جا سکتا ہے۔

    قاسم خان نے کہا کہ حالات نہایت خراب ہیں، پانی گندا اور بھورا ہے جس سے وہ خود کو صاف کرتے ہیں، اور کھانا بھی انتہائی ناقص ہے، اگرچہ عمران خان شکایت کرنے والے شخص نہیں ان کے بقول ایسی صورتحال کو شاہانہ کہنا حقیقت سے بہت دور ہے۔

    انہوں نے عمران خان کی اپنی بہن عظمیٰ سے حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جو معلومات انہیں ملیں، ان کے مطابق عمران خان سخت غصے میں تھے اور مکمل تنہائی پر شدید ناخوش تھے قاسم خان کے مطابق نہ صرف دیگر قیدی بلکہ جیل کے اہلکاروں کو بھی ان سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی تاکہ انہیں ہر طرح کے انسانی رابطے سے محروم رکھا جا سکے، جس کا مقصد انہیں توڑنا ہے ان کے بقول یہ سب واضح تشدد کے طریقے ہیں۔

    انٹرویو میں سلیمان خان نےبتایا کہ انہوں نےآخری بار جولائی کے آخر میں عمران خان سےبات کی تھی ان کے مطابق پاکستانی عدالت ہفتہ وار فون کالز کی اجازت دیتی ہے، لیکن دو سال سے زائد عرصے کی قید کے دوران اس پر عمل نہیں کیا گیا۔

  • صدر ٹرمپ کے حکم پر امریکی شہریت کی منسوخی کی تیاریاں تیز

    صدر ٹرمپ کے حکم پر امریکی شہریت کی منسوخی کی تیاریاں تیز

    غیر ملکی نژاد امریکیوں کی شہریت منسوخ کرنے کے لیے حکومتی سطح پر تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔

    امریکی اخبار کے مطابق غیر ملکی نژاد امریکیوں کی شہریت منسوخ کرنے کے لیے حکومتی سطح پر تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں،صدر ٹرمپ نے یو ایس سٹیزن اینڈ امیگریشن سروسز کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ ہر ماہ 100 سے 200 شہریت منسوخی کے کیسز امریکی وزارتِ انصاف کو بھیجے جائیں۔

    ناقدین کے مطابق یہ اقدام امریکا کی کثیرالثقافتی شناخت اور آئینی اقدار کے لیے ایک سنگین خطرہ ہےادھر امریکی وزارتِ انصاف کے ذرائع نے بتایا کہ 2017 سے اب تک 120 شہریت منسوخی کے کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکا میں شہریت حاصل کرنے والے غیرملکیوں کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 60 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہےمحکمۂ شماریات کا کہنا ہے کہ صرف گزشتہ سال 8 لاکھ غیر ملکیوں نے امریکی شہریت حاصل کی، جن کا تعلق میکسیکو، بھارت، فلپائن، ڈومینیکن ریپبلک اور ویتنام جیسے ممالک سے تھاچنانچہ ان تمام ممالک کے باشندوں کی امریکی شہریت کی منسوخی کے امکانات قوی ہیں جس میں سب سے زیادہ خطرہ بھارتیوں کے لیے ہے۔

    امیگریشن ماہرین اور سول رائٹس گروپس کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات قانونی سے زیادہ سیاسی انتقام کی عکاسی کرتے ہیں، جن کا مقصد غیر سفید فام اور غیر یورپی نژاد امریکیوں کو خوف میں مبتلا رکھنا ہے،جبکہ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ پالیسی مزید آگے بڑھی تو امریکا میں بسنے والے لاکھوں شہریوں کی قانونی حیثیت خطرے میں پڑ سکتی ہے، اور یہ ملک کے جمہوری تشخص پر سیاہ دھبا ثابت ہو گا۔

    واضح رہے کہ 2018 میں شہریت منسوخی کے 90 کیسز سامنے آئے تھے جب کہ 2024 میں 13 کیسز رجسٹرڈ ہوئے جن میں سے 8 کی شہریت منسوخ کر دی گئی تھی،ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پہلے صدارتی دور 2017 سے2021 میں بھی سخت امیگریشن قوانین نافذ کیے تھےانھوں نے “زیرو ٹالرنس” پالیسی کے نام پر تارکین وطن خاندانوں کو جدا کیا اور مسلمانوں کے خلاف سفری پابندیاں عائد کی تھیں، اُس وقت بھی انسانی حقوق کی تنظیموں نے خبردار کیا تھا کہ صدر ٹرمپ کی یہ پالیسیاں نسلی تعصب، خوف اور عدم تحفظ کو فروغ دے رہی ہیں۔

  • امریکا کا تائیوان کو 11 ارب ڈالر مالیت کا اسلحہ فروخت کرنے کا اعلان

    امریکا کا تائیوان کو 11 ارب ڈالر مالیت کا اسلحہ فروخت کرنے کا اعلان

    امریکا نے تائیوان کو 11 ارب ڈالر مالیت کا اسلحہ فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے-

    برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بدھ کے روز ٹرمپ انتظامیہ نے تائیوان کو 11.1 ارب ڈالر کے اسلحے کی فروخت کی منظوری دے دی، جو اب تک تائیوان کے لیے امریکی ہتھیاروں کا سب سے بڑا پیکج ہے، تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودہ انتظامیہ کے تحت دوسرا اعلان ہے، ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا جب چین کی جانب سے تائیوان پر فوجی اور سفارتی دباؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    تائیوان کی وزارت دفاع کے مطابق مجوزہ اسلحہ پیکیج میں مجموعی طور پر 8 اقسام کا اسلحہ اور فوجی سازو سامان شامل ہے، جن میں ہیمارس راکٹ سسٹمز، ہووٹزر توپیں، جیولن اینٹی ٹینک میزائل، الٹیئس لوئٹرنگ میونیشن ڈرونز اور دیگر دفاعی آلات کے پرزے شامل ہیں، امریکا تائیوان کی دفاعی صلاحیتوں کو برقرار رکھنے، مضبوط دفاعی طاقت کی تیزی سے تشکیل اور غیر متوازن جنگی حکمت عملی کو فروغ دینے میں مسلسل معاونت کر رہا ہے، جو خطے میں امن و استحکام کی بنیاد ہے۔

    یہ اسلحہ پیکیج امریکی کانگریس کی منظوری سے مشروط ہے، جہاں تائیوان کو دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہےپینٹاگون کی جانب سے جاری علیحدہ بیان میں کہا گیا کہ یہ معاہدہ امریکی قومی، معاشی اور سیکیورٹی مفادات کے عین مطابق ہے اور اس سے تائیوان کی مسلح افواج کو جدید بنانے میں مدد ملے گی-

    اس موقع پر تائیوان کے صدارتی دفتر کی ترجمان کیرن کوو نے اسلحہ فروخت پر امریکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تائیوان دفاعی اصلاحات جاری رکھے گا، قومی دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنائے گا اور اپنی خودمختاری کے دفاع کے عزم کا مظاہرہ کرے گا۔

    ادھر گزشتہ ماہ تائیوان کے صدر لائی چنگ تے نے 2026 سے 2033 تک کے لیے 40 ارب ڈالر کے اضافی دفاعی بجٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ قومی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

    دوسری جانب چین نے اس اسلحہ معاہدے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام آبنائے تائیوان میں امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچاتا ہے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکُن نے خبردار کیا کہ تائیوان کو ہتھیار فراہم کر کے امریکا خود کو نقصان پہنچا رہا ہے اور چین کو روکنے کی یہ کوشش ناکام ہوگی۔

    امریکا- تائیوان بزنس کونسل کے صدر روپرٹ ہیمنڈ چیمبرز کے مطابق ہیمارس جیسے ہتھیار، جو یوکرین جنگ میں مؤثر ثابت ہو چکے ہیں، کسی ممکنہ چینی حملے کی صورت میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں،یہ اعلان تائیوان کے وزیرِ خارجہ لن چیالُنگ کے گزشتہ ہفتے واشنگٹن کے غیر اعلانیہ دورے کے بعد سامنے آیا، جہاں انہوں نے امریکی حکام سے ملاقاتیں کیں تاہم ان ملاقاتوں کے ایجنڈے سے متعلق کوئی باضابطہ تفصیل سامنے نہیں آسکی۔

    واضح رہے کہ امریکا کے چین کے ساتھ باضابطہ سفارتی تعلقات ہیں تاہم وہ تائیوان کا سب سے بڑا دفاعی شراکت دار ہے اور قانون کے تحت تائیوان کو دفاعی صلاحیت فراہم کرنے کا پابند ہے تاہم یہ معاملہ چین کے ساتھ تعلقات میں مستقل کشیدگی کا سبب بنا ہوا ہے چین تائیوان کو اپنا حصہ قرار دیتا ہے جب کہ تائیوان اس دعوے کو مسترد کرتا ہے۔

  • امریکی ریاست شمالی کیرولائنا میں طیارہ گر کر تباہ

    امریکی ریاست شمالی کیرولائنا میں طیارہ گر کر تباہ

    امریکی ریاست شمالی کیرولائنا میں ایک بزنس جیٹ طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔

    مقامی حکام کے مطابق حادثہ جمعرات کے روز اسٹیٹس ویل ریجنل ایئرپورٹ پر پیش آیا، جو ناسکار ٹیموں اور فورچون 500 کمپنیوں کے زیر استعمال ایک اہم علاقائی ہوائی اڈہ ہے،آئیریڈیل کاؤنٹی کے شیرف ڈیرن کیمبل نے میڈیا سے گفتگو میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہیں، تاہم انہوں نے ہلاک ہونے والوں کی حتمی تعداد بتانے سے گریز کیا کہاکہ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کردی گئیں۔

    فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق سیسنا سی 550 طیارہ صبح 10 بجے کے کچھ دیر بعد اسٹیٹس ویل ریجنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران رن وے کے اختتامی حصے پر کریش ہوا-

    ایئرپورٹ ڈائریکٹر جان فرگوسن نے بتایا کہ حادثہ رن وے کے آخری حصے میں پیش آیا، جس کے باعث طیارہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا، حاد ثے کے بعد ایئرپورٹ کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے رن وے پر پھیلے ملبے کو ہٹانے اور حفاظتی جانچ مکمل کرنے میں وقت لگے گا، جس کے بعد ہی پروازوں کی بحالی ممکن ہوسکے گی۔

    حادثے کے وقت موسم ابر آلود تھا اور ہلکی بوندا باندی بھی جاری تھی، جس کی تصدیق موسمیاتی ادارے نے کی ہے فائر بریگیڈ اور دیگر ریسکیو ادارے فوری طور پر رن وے پر پہنچے، جبکہ طیارے کے ملبے کے قریب آگ کے شعلے بلند ہوتے رہے،حادثے کی تحقیقات نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) اور ایف اے اے مشترکہ طور پر کر رہے ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جبکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی حادثے کی اصل وجوہات سامنے آئیں گی۔

  • داعش کا ترجمان دہشت گرد خارجی سلطان عزیز اعظام گرفتار

    داعش کا ترجمان دہشت گرد خارجی سلطان عزیز اعظام گرفتار

    داعش کے ترجمان دہشت گرد خارجی سلطان عزیز اعظام کو گرفتار کرلیا گیا، سلطان عزیز کو پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسی نے گرفتار کیا۔

    گرفتار دہشتگرد تنظیم کے آفیشل میڈیا ونگ الاعظائم فاؤنڈیشن کا بانی ہے،الاعظائم فاؤنڈیشن داعش خراسان کی بھرتی اور پراپیگنڈا سرگرمیوں کی مرکزی تنظیم سمجھی جاتی ہےخارجی عزیز اعظام کی گرفتاری کے بعد میڈیا سرگرمیاں بھی معطل ہو گئیں،حالیہ دنوں میں پاکستانی حکام نے داعش خراسان کے خلاف کئی ہائی پروفائل گرفتاریاں کی ہیں،ہونے والی گرفتاریوں میں تنظیم کے ترجمان سلطان عزیز اعظام کی 16 مئی کو کی گئی گرفتاری بھی شامل ہے۔

    یہ بات اقوام متحدہ کی اینالیٹیکل سپورٹ اینڈ سینکشنز مانیٹرنگ ٹیم کی 16ویں رپورٹ میں سامنے آئی،رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی کارروائی سے داعش خراسان کے تنظیمی ڈھانچے کوعالمی سطح پر کمزور کر دیا گیا ہےکئی منصوبہ بند حملے ناکام بنا دیے گئے جبکہ تنظیم کے جنگجوؤں کی تعداد میں کمی آئی ہے ،اہم کمانڈرز و نظریاتی رہنماؤں کو نیوٹرلائز کر دیا گیا ہے۔

    سلطان عزیز اور ابو یاسر الترکی کی گرفتاری کے نتیجے میں تنظیم کی آپریشنل طاقت میں نمایاں کمی آئی ہے،کارروائیوں سے وائس آف خراسان جیسے پراپیگنڈا پلیٹ فارمز بھی معطل ہو گئے ہیں۔

    اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پر ٹی ٹی پی کے حملے افغان سرزمین سے ہو رہے ہیں،پاکستان پر کالعدم ٹی ٹی پی کے حملے سے سرحدی کشیدگی اور جانی نقصان بڑھ رہا ہے،طالبان کا یہ دعویٰ کہ افغانستان میں کوئی دہشتگرد گروہ موجود نہیں،قابل اعتبار نہیں۔

    افغان سرزمین سے کارروائیاں پاکستان کیلئے سب سے بڑا سیکیورٹی چیلنج بن چکی ہیں،2025میں پاکستان میں ٹی ٹی پی کے 600 سے زائد حملوں کا اندازہ ہے،پاکستانی فورسز نے کالعدم ٹی ٹی پی کے کئی حملے ناکام بنائے ٹی ٹی پی نے اپنی حکمت عملی میں پاکستانی اور چینی منصوبوں کو بھی ہدف بنانے کا اعلان کیا،داعش خراسان کو دبایا گیا مگر خطرہ ختم نہیں ہوا، یہ افغانستان کے اندر اور باہر خطرہ بنا ہوا ہے۔

    اکتوبر 2023 کے بعد افغانیوں کی واپسی نے افغانستان کی معیشت اور سروسز پر دباؤ بڑھا دیا،دہشت گرد گروہوں کی موجودگی کے باعث خطہ افغانستان کو عدم استحکام کا منبع سمجھتا ہےدہشت گرد گروہوں کی موجودگی کا براہ راست اثر پاکستان کی داخلی سیکیورٹی پر پڑتا ہے، افغا نستان میں متعدد عالمی دہشتگرد گروہ فعال ہیں، یہ صورتحال علاقائی سلامتی کیلئے خطرہ ہے،پاکستان دہشت گردی کا فرنٹ لائن متاثرہ ملک ہے،افغانستان میں موجود نیٹ ورکس خطے کے امن کے لیے بنیادی رکاوٹ ہیں۔

  • میلانیا ٹرمپ کی دستاویزی فلم کا آفیشل ٹریلر جاری

    میلانیا ٹرمپ کی دستاویزی فلم کا آفیشل ٹریلر جاری

    امریکی خاتونِ اول اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ پر بننے والی دستاویزی فلم ’میلانیا‘ کا پہلا آفیشل ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے-

    ٹریلر میلانیا ٹرمپ نے خود اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا، جس کے بعد فلم نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کر لی ہےٹریلر میں میلانیا ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس میں گھومتے ہوئے، ایئر فورس ون میں سفر کرتے، مختلف سرکاری اور سماجی تقریبات میں شرکت کرتے اور نجی لمحات میں دکھایا گیا ہےفلم میں وہ اپنی زندگی کے اہم فیصلوں، وائٹ ہاؤس کے تجربات اور خاتونِ اول کی حیثیت سے درپیش چیلنجز پر کھل کر گفتگو کرتی نظر آئیں گی۔

    فلمی معلومات فراہم کرنے والے معروف پلیٹ فارم آئی ایم ڈی بی کے مطابق یہ دستاویزی فلم ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری صدارتی حلف برداری سے قبل کے 20 دنوں کا احاطہ کرتی ہے،اس دوران انتخابی مہم کے بعد کے جذباتی لمحات، سیاسی دباؤ اور ٹرمپ خاندان کی نجی سرگرمیوں کو بھی فلم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    https://x.com/MELANIATRUMP/status/2001266577077837917?s=20

    یہ فلم میلانیا ٹرمپ کی نئی پروڈکشن کمپنی ’میوز فلمز‘ کے تحت تیار کی گئی ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری معروف ہالی ووڈ ڈائریکٹر بریٹ ریٹنرنے کی ہے جو ایک طویل وقفے کے بعد فلمی دنیا میں واپسی کر رہے ہیں،ایمازون ایم جی ایم اسٹوڈیوز نے اس دستاویزی فلم کے حقوق تقریباً 40 ملین ڈالر میں حاصل کیے ہیں، جو کسی بھی دستاویزی فلم کے لیے ایک غیر معمولی اور مہنگی ڈیل قرار دی جا رہی ہےفلم 30 جنوری 2026 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی، جس کے بعد اسے ایمازون پرائم ویڈیو پر اسٹریمنگ کے لیے بھی پیش کیا جائے گا۔

  • فرانس :30 بچوں کو زہر دینے والے ڈاکٹر کو عمر قید اور جرمانہ

    فرانس :30 بچوں کو زہر دینے والے ڈاکٹر کو عمر قید اور جرمانہ

    فرانسیسی عدالت نے ایک ڈاکٹر کو 30 بچوں اور بالغ مریضوں کو جان بوجھ کر زہر دینے کا الزام ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنادی۔

    عالمی میڈیا کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزم نے یہ انتہائی ظالمانہ اقدامات محض اپنے ساتھی طبی عملے کو بدنام کرنے اور ان پر شبہات ڈالنے کے لیے کیے،استغاثہ نے بتایا کہ ڈاکٹر پیچیئر ایک نفسیاتی طور پر پیچیدہ شخصیت کا حامل تھا اور وہ خود کو بہترین ڈاکٹر ثابت کرنے کے جنون میں مبتلا تھا۔

    فیصلے کے تحت فریڈرک پیچیئر کو پیرول کے بغیر عمر قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیاسزا پانے والا اینستھیزیا کا ماہر ڈاکٹر 53 سالہ فریڈرک پیچیئر تھا جو 2008 سے 2017 کے درمیان فرانسیسی شہر بیسانکن کے 2 نجی کلینکس میں خدمات انجام دے رہا تھا۔

    عدالتی کارروائی کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ فریڈرک پیچیئر نے آپریشن سے قبل یا دوران مریضوں کو ایسی دوائیں دیں جن سے ان کے جسم میں پوٹاشیم کی خطرناک مقدار بڑھ گئی،اس کے نتیجے میں متعدد مریضوں کو اچانک دل کے دورے پڑے، جو بظاہر پُراسرار اور ناقابلِ فہم معلوم ہوتے تھے۔

    تحقیقات میں ثابت ہوگیا کہ متاثرہ مریضوں میں بچے بھی شامل تھے جنھیں معمول کے آپریشن کے بعد صحت یاب ہو جانا چاہیے تھا مگر وہ غیر متوقع طور پر شدید طبی پیچیدگیوں کا شکار ہو گئے،عدالت نے قرار دیا کہ ملزم نے اپنے پیشے، اعتماد اور انسانی جانوں کا بدترین استحصال کیا، اس لیے کسی نرمی کی گنجائش نہیں۔

    عدالت کو بتایا گیا جن 30 مریضوں کو زہر دیا گیا ان مریضوں میں سے 12 افراد جانبر نہ ہو سکے اور دورانِ علاج زندگی کی بازی ہار گئے، عدالت کے باہر موجود متاثرہ خاندانوں نے فیصلے کو انصاف کی فتح قرار دیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ سزا ان کے پیاروں کی کمی کو کبھی پورا نہیں کر سکتی۔

  • بانی پی ٹی آئی عمران خان کی پالیسی مزاحمت کی ہے،رانا ثنااللہ

    بانی پی ٹی آئی عمران خان کی پالیسی مزاحمت کی ہے،رانا ثنااللہ

    وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی پالیسی مزاحمت کی ہے اور وہ ملک کو تصادم اور انارکی کی طرف لے جانا چاہتے ہیں-

    نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی پالیسی مزاحمت کی ہے، وہ مسلح جدوجہدکی طرف جاناچاہتے ہیں، عمران خان کی جوپالیسی ہے وہی ان سب کی ہے، یہ ان سے آگے پیچھے ہونےکی سوچ نہیں رکھتے۔

    رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جیل اتھارٹیز واضح اور حکومت کی بھی تائید ہے، جیل رولز اور عدالتی حکم پر ملاقات ہو، ملاقات کے لیے جاتے ہیں تو ان کو قانون کے مطابق اجازت دی جائے گی، پی ٹی آئی والے چاہتے ہیں تصادم ہو تو ان کو فائدہ ہو اور پھر روزانہ پروگرام ہو، ان کا مقصد ہے کہ واٹر کینن استعمال ہو، پولیس سے تصادم ہو اور خبر بنے۔

    انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملاقات کے معاملےکو سیاسی ایونٹ بنالیا ہے، یہ ملاقات کے لیے نہیں بلکہ احتجاج اور دھرنےکے لیے اکٹھے ہوتے ہیں، یہ اڈیالہ کے باہر بیٹھ کر جو کچھ کررہے ہیں وہ سب رائیگاں جائےگا، یہ اپنا نقصان کررہے ہیں، پارٹی اور لوگوں کو بھی مشکل میں ڈال رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ 25 مئی 2022 والی غلطی نہ دہراتے تو وزیراعظم اسمبلی تحلیل کرکے الیکشن کرانے کا اعلان کردیتے، یہ غلط فہمی ہے کیوں کہ پی ٹی آئی میں مسلح جدوجہد کرنے کی صلاحیت نہیں، یہ چاہتے ہیں ملک میں انارکی اور امن و امان خراب کرکے مقاصد پورےکریں۔

    انہوں نے کہا کہ مقبولیت کےگھمنڈ سے بھی یہ آہستہ آہستہ فارغ ہوتے چلے جائیں گے، ان کے یہ اقدامات عوام میں نفرت کا باعث بنیں گے، یہ سیاسی مخالفت، بعض میں پاکستان کے خلاف کام اور بدنامی کررہے ہیں، حکومت ان چیزوں کو دیکھ رہی ہے اور ان کا سدباب کررہی ہے دوسری طرف امریکا اس شخصیت کو ویلکم کررہا ہے بلکہ انہیں عظیم شخص کہتا ہے، یہ امریکا میں اہم شخصیت کو بدنام کرنا چاہتے تھے، یہ تاثر دینا چاہتے تھے کہ داخلہ بند ہوجائے۔

    رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کے بیٹے صرف والد سے ملنے پاکستان آناچاہیں تو موسٹ ویلکم، صرف ملاقات کے لیے آئیں گے تو حکومتی پروٹوکول کے ساتھ مہمان بنا کر ملاقات کرائیں گے، بانی پی ٹی آئی کے بیٹے 2 یا 3 بار بھی ملاقات کریں پھر واپس چلے جائیں، یہ نہیں ہوسکتا وہ آئیں اور پھر کسی ریلی میں شامل ہوجائیں۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کی بہنیں بھی قانون کے تحت صرف ملاقات کریں گی تو اجازت دی جائےگی، بانی پی ٹی آئی کے بچوں کی پاکستان میں سیکیورٹی سب سے اہم مسئلہ ہوگا، خدانخواستہ یہاں آکر کسی ریلی میں جائیں اور نقصان ہو تو یہ ملکی بدنامی کا باعث بنےگا، عمران خان کے بچے ریلی جلوس میں جانا چاہیں تو حکومت کو اجازت نہیں دینی چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی یہ قومی کانفرنس نہیں کیوں کہ ہمیں تو بلایا ہی نہیں جارہا، کیا حکومت کے لوگ یا ن لیگ قومی پارٹی نہیں ہے؟ قومی کانفرنس تو اس وقت ہوگی جب یہ سب کو بلائیں گے، ہم تو انہیں اس سے پہلے 10 بار بلا چکے ہیں، وزیراعظم آن ریکارڈ ہیں، وزیراعظم نے فلور پر بھی ان کو دعوت دی، وزیراعظم نے کہا آئیں بیٹھ کر ملک کی بہتری کا سوچیں،یہ آئیں جو بھی مسائل ہیں وزیراعظم ان سے بات کرنے کو تیار ہیں، تحریک تحفظ آئین پاکستان کانفرنس کی دعوت دےگی تو فیصلہ حکومت ہی کرسکتی ہے، میں مذاکرات کے حق میں ہوں، سیاسی قوتوں کے مل بیٹھنے اور ٹیبل پر مسائل کےحل کرنے کے حق میں ہوں۔

  • لاہور: کمسن بچی سے زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار

    لاہور: کمسن بچی سے زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار

    لاہور:پولیس نے باغبانپورہ کے علاقے میں بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس نے بتایا کہ باغبانپورہ پولیس کو بچی کے والد عظیم کی درخواست موصول ہونے پر نا معلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جبکہ ایس پی کینٹ کی ہدایت پر ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم حمزہ کو گرفتار کرلیا۔

    ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان نے کہا کہ ملزم نے باہر گلی میں کھیلتی ہوئی کم سن بچی کو اٹھا کر دوسری گلی میں لے جا کر زیادتی کرنے کی کوشش کی اور ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج میں بچی کو اٹھایا ہوا دیکھا جا سکتا ہےملزم حمزہ کو سی سی ٹی وی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑنے فوری کاروائی پر ایس ایس ایچ او باغبانپورہ رضوان خان اور پولیس ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔