Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • اطالوی سپر مارکیٹ چین کا فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی، اسرائیلی مصنوعات کی فروخت بند کر دی

    اطالوی سپر مارکیٹ چین کا فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی، اسرائیلی مصنوعات کی فروخت بند کر دی

    ایک اطالوی سپر مارکیٹ چین نے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر اسرائیلی مصنوعات کی فروخت بند کر دی ہے۔

    روئٹرز کے مطابق یہ کسی بڑے اطالوی فوڈ ریٹیلر کی جانب سے اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے’کوپ الیانزا 3.0‘ نامی چین اب اپنی شیلفز سے اسرائیلی مونگ پھلی، تہینی ساس اور سوڈا اسٹیم کمپنی کی مصنوعات ہٹا دے گی غزہ کے عوام کے ساتھ مزید یکجہتی کے طور پر اب ان سپر مارکیٹس میں فلسطین نواز ’غزہ کولا‘ مشروب بھی فروخت کیا جا رہا ہے۔

    کمپنی کے مطابق ہم غزہ کی پٹی میں جاری تشدد سے لاتعلق نہیں رہ سکتے اور ہم فوجی کارروائیوں کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے متحد ہیں،کوپ الیانزا 3.0، کوپ اٹالیا نیٹ ورک میں سب سے بڑی کمپنی ہے،
    جو شمالی فریولی-وینیزیا جولیا سے لے کر جنوبی پولیا تک اٹلی کے 8 علاقوں میں تقریباً 350 اسٹورز پر مشتمل ہے

    فلورنس اور وسطی اٹلی کے علاقے توسکانی، لازیو اور امبریا میں واقع کوپ سپر مارکیٹ چینز نے بھی اب اسرائیلی مصنوعات ذخیرہ کرنا بند کر دی ہیں تاہم، ترجمانوں نے وضاحت کی کہ یہ اقدام اسرائیلی مصنوعات پر باضابطہ بائیکاٹ کے زمرے میں نہیں آتا، برطانیہ کی فوڈ ریٹیل کمپنی کو-اوپ گروپ جو اٹلی کے ’کوپ‘ سے الگ ادارہ ہے، نے بھی اعلان کیا کہ وہ اب اسرائیل سمیت ان 16 ممالک سے مصنوعات نہیں خریدے گی جہاں انسانی حقوق کی پامالی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔

  • منشیات  کی غیر قانونی ترسیل ایک عالمی چیلنج ہے، آصف زرداری

    منشیات کی غیر قانونی ترسیل ایک عالمی چیلنج ہے، آصف زرداری

    صدر مملکت آصف علی زرداری نےمنشیات کے غلط استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر پیغام جاری کیاہے-

    صدر مملکت نے منشیات کے غلط استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ منشیات اور نشہ آور اشیاء نوجوان نسل کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیتی ہیں معاشرے سے منشیات کے خاتمے کیلئے کوششوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، منشیات کی ترسیل کے نیٹ ورکس کو توڑنا و قت کی اہم ضرورت ہے۔

    انہوں نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کرنا ضروری ہے، منشیات کا غلط استعمال اور اس کی غیر قانونی ترسیل ایک عالمی چیلنج ہے، انسداد منشیات کیلئے مسلسل اور مشترکہ بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہےحکومتِ پاکستان منشیات کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے، وزارت داخلہ اور انسدادِ منشیات فورس نمایاں کردار ادا کر رہی ہے، ایک صحت مند و محفوظ پاکستان کی تعمیر میں ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

    اوچ شریف: سفیرانِ امن قافلہ کا دورہ، محرم الحرام میں امن و بھائی چارے کے عزم کا اظہار

    برطانیہ کو 9 بڑے سیکورٹی خطرات لاحق،برطانوی وزیراعظم

    امریکی ایئرلائن کا مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

  • لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کی چینی قیادت سے ملاقاتیں

    لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک کی چینی قیادت سے ملاقاتیں

    مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک نے چینی قیادت کیساتھ ملاقاتیں کرکے سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

    لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک نے چین میں شنگھائی تعاون تنظیم کی سلامتی کونسل کے سیکرٹریز کے اجلاس میں شرکت کی انہوں نے عالمی صورتحال اور امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا۔

    لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک نے چینی قیادت کو پاکستان کی جانب سے پر امن ہمسائیگی کا پیغام پہنچایا ، چینی قیادت سے ملاقاتوں میں سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ مشیر قومی سلامتی نے چینی حکام کو پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی

  • اسلام آباد ہائیکورٹ کی چھتیں پانی سے ٹپکنے لگیں،اربوں روپے ضائع

    اسلام آباد ہائیکورٹ کی چھتیں پانی سے ٹپکنے لگیں،اربوں روپے ضائع

    راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

    راولپنڈی میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ، کئی مقامات پر سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہوئی جس کے بعد شہریوں کو احتیاط کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ اربوں روپے کی لاگت سے بننے والے اسلام آباد ہائی کورٹ کی چھتیں بارش کے بعد ٹپکنے لگیں۔

    اسلام آباد میں بارش کے بعد ہائیکورٹ بلڈنگ کے اندر پانی جمع ہوگیا،بارش کے باعث اسلام آباد ہائی کورٹ کی مسجد سے ملحقہ ایریا سے پانی ٹپکنے لگا، پانی گرنے سے سائلین کو مشکلات کا سامنا ہے اسلام آباد ہائی کورٹ کی نئی بلڈنگ پر اربوں روپے خرچ ہوئے تھے۔

    علاوہ ازیں آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے مظفرآباد و گردونواح میں موسم خوشگوارہو گیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال مون سون سیزن میں معمول سے 25 فیصد زائد بارشیں برسنے کے امکانات ہیں، پنجاب میں بارشوں کی شدت تیز ہو گی، شدید بارشیں ہونے کے باعث اربن فلڈنگ کے خدشات بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔

  • ایران پرامریکی حملے،نقصانات سے متعلق ابتدائی انٹیلیجنس  رپورٹ لیک، وائٹ ہاؤس کا ردعمل

    ایران پرامریکی حملے،نقصانات سے متعلق ابتدائی انٹیلیجنس رپورٹ لیک، وائٹ ہاؤس کا ردعمل

    وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصان سے متعلق ابتدائی انٹیلیجنس رپورٹس کو ’غلط اور گمراہ کن‘ قرار دے د یا۔

    وائٹ ہاؤس نے ’سی این این‘ کی جانب سے ایرانی جوہری پروگرام کو جزوی نقصان کی رپورٹ پر سخت رد عمل دیا ہے وائٹ ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان میں پریس سیکریٹری کا کہنا تھا کہ یہ دستاویز ’ٹاپ سیکریٹ‘ تھیں اور انہیں جان بوجھ کر خفیہ طریقے سے میڈیا تک پہنچایا گیا،انٹیلی جنس کمیونٹی کے ایک نامعلوم اور نچلے درجے کے ناکام فرد نے اس رپورٹ کو سی این این کو لیک کیا۔

    کیرولین لیویٹ نے کہا کہ اس مبینہ جائزے کا افشا ہونا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی توہین اور ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہےاس عمل کے ذریعے ان بہادر پائلٹس کی قربانیوں کو بدنام کرنے کی کوشش ہے جنہوں نے ایران کے جوہری پروگرام کو تباہ کرنے کا ایک شاندار مشن مکمل کیا سب جانتے ہیں کہ جب آپ 30 ہزار پاؤنڈ وزنی 14 بم ٹھیک نشانے پر گراتے ہیں، تو اس کا مطلب مکمل تباہی ہوتا ہے، نہ کہ جزوی نقصان ہوتا ہے۔

    دوسری جانب، امریکی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آپریشن منصوبے کے مطابق مکمل ہوا اور اسے ’زبردست کامیابی‘ قرار دیا گیا ہے تاہم، ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ حملوں کے مکمل اثرات کیا ہوں گے، اور کسی ذریعے نے یہ وضاحت نہیں کی کہ ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی (ڈی آئی اے) کا جائزہ دیگر انٹیلی جنس اداروں کے تجزیے سے کس حد تک مختلف ہے ایران کے اندر سے حاصل ہونے والی معلومات سمیت، امریکی انٹیلی جنس ادارے اب بھی نقصان کا اندازہ لگا رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق، فردو، نطنز اور اصفہان کی تینوں تنصیبات کو پہنچنے والا نقصان زیادہ تر زمین سے اوپر کے ڈھانچوں تک محدود رہا، جن میں توانائی کے انفراسٹرکچر اور وہ عمارتیں شامل ہیں جو یورینیم کو دھات میں تبدیل کرنے کے لیے استعمال ہوتی تھیں جو کہ جوہری ہتھیار بنانے کے عمل کا ایک مرحلہ ہے۔

  • اسرائیل،حماس جنگ بندی چند دنوں میں  ممکن، ٹرمپ کے ثالث کا دعویٰ

    اسرائیل،حماس جنگ بندی چند دنوں میں ممکن، ٹرمپ کے ثالث کا دعویٰ

    ٹرمپ کے ثالثی بشارہ بہبہ کا دعویٰ ہے کہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ ’چند دنوں میں ممکن‘ ہے، جبکہ بشارہ بہبہ نے مصری اور قطری ثالثوں کے ساتھ مل کر یہ ثالثی کی ہے-

    مصری چینل ’الغد‘ کو دیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے بعد اب غزہ ایک بار پھر خطے کی ترجیح بن چکا ہے، جس سے معاہدے کے امکانات روشن ہوئے ہیں تاہم، ایک سینئر عرب سفارتکار نے ٹائمز آف اسرائیل سے بات کرتے ہوئے اتنی امید ظاہر نہیں کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل بدستور جنگ کے مستقل خاتمے سے متعلق واضح طور پر کوئی وعدہ نہیں کرنے سے انکار کررہا ہے، اسرائیل کی پیشکش یہ ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کو عارضی جنگ بندی کے دوران مرحلہ وار کیا جائے گا، اگرچہ ثالث بشارہ بہبہ نے واضح کیا کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کا اسرا ئیل اور حماس تنازع سے براہ راست تعلق نہیں ہے، تاہم قطری اور مصری ثالث اب اسرائیل-حماس تنازع کو ختم کرنے کے لیے زیادہ سنجیدہ اور پُرعزم ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان اختلافات بہت محدود رہ گئے ہیں اور اصل اختلاف صرف ایک بات پر رہ گیا ہے ، جو غالباً اس شق سے متعلق ہے کہ عارضی جنگ بندی کے اختتام پر اگر مستقل جنگ بندی پر اتفاق نہ ہوا تو کیا اسے خود بخود توسیع ملے گی یا نہیں، جیسا کہ حماس مطالبہ کر رہی ہے۔

    بشارہ بہبہ فی الحال مذاکرات کی پیشرفت کے حوالے سے مصر میں موجود ہیں، اس دوارن انہوں نے حماس کے سینئر رہنما غازی حمد سے ملاقات کی تاکہ باقی اختلافات پر بات چیت کی جاسکے یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق کئی تجاویز زیر غور ہیں جن میں کچھ مکمل اور کچھ جزوی نوعیت کی ہیں ایک اہم مقصد یہ بھی ہے کہ غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی میں تیزی لائی جائے، کیونکہ گزشتہ ماہ کے دوران اسرائیل روزانہ اوسطاً صرف 60 ٹرک داخل ہونے دے رہا ہے جو کہ اقوام متحدہ کے مطابق ضرورت سے کہیں کم ہے۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ باضابطہ طور پر نوبیل انعام 2026 کیلئے نامزد

    ڈونلڈ ٹرمپ باضابطہ طور پر نوبیل انعام 2026 کیلئے نامزد

    واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو باضابطہ طور پر نوبیل امن انعام 2026 کے لیے نامزد کر دیا گیا یہ نامزدگی اسرائیل اور ایران کے درمیان حالیہ 12 روزہ جنگ بندی میں کلیدی کردار ادا کرنے پر کی گئی-

    یہ نامزدگی امریکی کانگریس کے رکن، ریپبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے بڈی کارٹر (ریاست جارجیا) کی جانب سے 24 جون کو نارویجن نوبیل کمیٹی کو ارسال کی گئی اپنے خط میں کارٹر نے ٹرمپ کے کردار کو غیر معمولی اور تاریخی قرار دیا۔

    بڈی کارٹر نے اپنے خط میں لکھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا اثر اس معاہدے کو ممکن بنانے میں فیصلہ کن ثابت ہوا، جسے دنیا ناممکن سمجھ رہی تھی خط میں کارٹر نے نہ صرف جنگ بندی کو ممکن بنانے بلکہ ایران کی جوہری سرگرمیوں کو روکنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی انہوں نے ایران کی جوہری خواہشات کے خلاف جرات مندانہ اور فیصلہ کن اقدامات کیے تاکہ دنیا کے سب سے بڑے دہشت گردی کے معاون ملک کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکا جا سکے۔

    کارٹر کے مطابق مشرق وسطیٰ جیسے غیر مستحکم خطے میں قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرمپ نے عالمی امن، جنگ کی روک تھام اور بین الاقوامی ہم آہنگی کے اصولوں کی بھرپور عکاسی کی انہوں نے نہ صرف قیادت کا مظاہرہ کیا بلکہ دنیا کو امید کی ایک نایاب جھلک فراہم کی،خط کے اختتام پر بڈی کارٹر نے باقاعدہ سفارش کی کہ صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ کو نوبیل امن انعام کے لیے زیر غور لایا جائے۔

  • غزہ :حماس کے حملے میں پلاٹون کمانڈر سمیت 7 اسرائیلی فوجی ہلاک

    غزہ :حماس کے حملے میں پلاٹون کمانڈر سمیت 7 اسرائیلی فوجی ہلاک

    غزہ کے علاقے خان یونس میں حماس کے حملے میں پلاٹون کمانڈر سمیت 7 اسرائیلی ہلاک ہوگئے جبکہ ایک جھڑپ میں ایک اسرائیلی فوجی شدید زخمی بھی ہوا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز بتایا کہ منگل کو جنوبی غزہ کی پٹی میں جھڑپ کے دوران اس کے پلاٹون کمانڈر سمیت 7 اہلکار ہلاک ہو گئے جبکہ ایک علیحدہ واقعے میں جنوبی غزہ ہی میں ایک اور اسرائیلی فوجی شدید زخمی بھی ہوا ہے یہ ساتوں فوجی خان یونس شہر میں اس وقت مارے گئے جب ان کی گاڑی کے نیچے نصب ایک دھماکہ خیز مواد پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی اسرائیلی فوج کے اعداد و شمار کے مطابق جون کے آغاز سے اب تک غزہ میں لڑائی کے دوران 19 اسرائیلی فوجی مارے جا چکے ہیں۔

    ترک نشریاتی ادارے انادولو کی جانب سے رواں ماہ شائع کی گئی اسرائیلی اخبار یدیعوت احارونوت کی رپورٹ کے مطابق ایک سینئر فوجی افسر نےبتایا ہے کہ غزہ پر جاری جنگ کے آغاز سے اب تک 10 ہزار سے زائد اسرائیلی فوجی ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں اہلکار ایسے بھی ہیں جو بار بار ذہنی صدمے میں مبتلا ہو رہے ہیں جبکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر 2023 سے جاری غزہ جنگ میں 861 اسرائیلی فوجی ہلاک اور 5 ہزار921 زخمی ہوئے ہیں تاہم فوجی افسر کی طرف سے دی گئی مجموعی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے، جو کہ اسرائیلی فوجی نظام پر گہرے اثرات کی نشاندہی کرتی ہے۔

    اسرائیل نے اکتوبر 2023 میں حماس کے حملے کے جواب میں اسرائیلی حملوں میں اب تک 56 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جب کہ 20 لاکھ سے زائد کی آبادی میں سے بیشتر بے گھر ہو چکی ہے اور علاقے میں شدید غذائی بحران پیدا ہو گیا ہے۔

  • ٹک ٹاکر ثنا یوسف کا قتل:ملزم نے اعتراف جُرم کر لیا

    ٹک ٹاکر ثنا یوسف کا قتل:ملزم نے اعتراف جُرم کر لیا

    ثنا یوسف کے قتل میں گرفتار نوجوان عمر حیات نے عدالت کے روبرو اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے۔

    ملزم عمر حیات کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ سعد نذیر کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں اس نے تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 164 کے تحت اعترافی بیان ریکارڈ کروایا بیان میں ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ ثنا کے ساتھ ملاقات کرنا چاہتا تھا، لیکن اس کے مسلسل انکار نے اسے اس حد تک مشتعل کیا کہ اس نے قاتلانہ قدم اٹھا لیا۔

    22 سالہ ملزم کے مطابق پہلی بار جب وہ ثنا کے گھر ملاقات کے لیے گیا تو سارا دن انتظار کرتا رہا، مگر ثنا نے اسے دیکھنے سے بھی انکار کر دیا اور واپس جانے کا کہہ دیاعمر حیات کا کہنا تھا کہ وہ ثنا کی سالگرہ کے لیے تحفہ بھی لے کر گیا تھا، لیکن وہ بھی مسترد کر دیا گیا 2 جون کو ثنا نے دوبارہ ملاقات کے لیے بلایا، لیکن تب بھی بات نہ بن سکی، جس پر وہ شدید غصے میں آ گیا اور ثنا کے گھر گھس گیا اور سینے پر دو گولیاں مار کر اسے قتل کر ڈالا-

  • ایران، عراق اور اسرائیل سمیت خطے کی تمام فضائی حدود کھول دی گئیں

    ایران، عراق اور اسرائیل سمیت خطے کی تمام فضائی حدود کھول دی گئیں

    ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد متاثرہ ممالک ایران، عراق اور اسرائیل سمیت خطے کی تمام فضائی حدود کھول دی گئی ہیں تاہم فلائٹ آپریشن مکمل بحال نہیں ہو سکا۔

    جنگ بندی معاہدے کے بعد ایرانی فضائی حدود مشروط طور پر کھولی گئی ہے جس کیلئے تہران سے بین الاقوامی آمد اور روانگی کی پروازوں کو حکومت سے پیشگی اجازت لینا ہوگی فضائی حدود کھلنے کے بعد تہران سے مہان ائیر کی نئی دہلی کے لیے پہلی پرواز ڈبلیو 571 شام ساڑھے 6 بجے روانہ کی گئی۔

    رات گئے تک ایران کے امام خمینی ائیرپورٹ تہران، تبریز، شیراز مشہد یا دوسرے ائیرپورٹس پر امارات اور ترکش ائیر لائن کے 12 دن سے پھنسے طیاروں کی روانگی بھی بدھ سے متوقع ہے عراق کے سرحدی شہر بصرہ سے پروازیں پہلے ہی اڑان بھر رہی تھیں جو ٹیک آف کے فوری بعد پڑوسی ممالک کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے آپریشن برقرار رکھے ہوئے تھیں اب ان پروازوں نے اپنے ملک عراق کی فضائی حدود سے گزرنا شروع کر دیا ہے۔

    اسرائیل کی فضائی حدود کھلتے ہی تل ابیب ائیرپورٹ سے پروازوں کی جزوی آمد روانگی شروع ہوگئی تاہم مختلف غیر ملکی ائیر لائنز نے تل ابیب ائیرپورٹ کیلئے اپنا فلائٹ آپریشن تاحال بحال نہیں کیا اور ائیرپورٹ کی درجنوں پروازیں منسوخ ظاہر ہو رہی ہیں جبکہ خطے میں صورتحال بہتر ہونے کے باوجود شام کے دمشق ائیرپورٹ پر بھی فلائٹ آپریشن بحال نہیں ہو سکا۔

    لبنان کے بیروت ائیرپورٹ سے بھی پروازوں کی آمد روانگی کی معمول کی بحالی نہیں ہو سکی قطر کے دوحہ ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معمول پر نہیں آ سکا۔ خاص طور پر قطر کی سرکاری ائیر لائن کی درجنوں پروازیں منسوخ ظاہر ہو رہی ہیں بحرین ائیرپورٹ کا فلائٹ آپریشن معمول پر آگیا ہےجبکہ کویت ائیرپورٹ پر بھی پروازوں کی آمد، روانگی معمول پر ہے اسی طرح دبئی ائیرپورٹ پر بھی فلائٹ آپریشن نارمل ہو گیا ہے۔