Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • 31 مئی کو آسمان پر  ایک منفرد اور کمیاب فلکیاتی واقعہ رونما ہو گا

    31 مئی کو آسمان پر ایک منفرد اور کمیاب فلکیاتی واقعہ رونما ہو گا

    ماہرین کا کہنا ہے کہ 31 مئی کو آسمان پر ایک منفرد اور کمیاب فلکیاتی واقعہ رونما ہو گا جب ایک ہی وقت میں بلیو مون اور مائیکرو مون کا نظارہ کیا جا سکے گا۔

    ماہرین فلکیات کے مطابق مئی 2026 کے آغاز پر یکم مئی کو مکمل چاند طلوع ہوا تھا جبکہ 31 مئی کو اسی مہینے کا دوسرا مکمل چاند نمودار ہو گا فلکیاتی اصطلاح میں ایک ہی کیلنڈر مہینے میں ظاہر ہونے والے دوسرے مکمل چاند کو “بلیو مون” کہا جاتا ہے اس سال کا بلیو مون ایک اور وجہ سے بھی منفرد ہو گا کیونکہ یہ 2026 کا “مائیکرو مون” بھی ہو گا اس دوران چاند اپنے مدار میں زمین سے نسبتاً زیادہ فاصلے پر ہو گا جس کے باعث وہ عام مکمل چاند کے مقابلے میں قدر ے چھوٹا دکھائی دے سکتا ہے۔

    ماہرین نے واضح کیا ہے کہ نام کے برعکس بلیو مون کا رنگ نیلا نہیں ہو گا بلکہ یہ اپنی معمول کی سفید اور چمکدار شکل میں ہی نظر آئے گا بلیو مون دراصل ایک فلکیاتی اصطلاح ہے جس کا تعلق چاند کے رنگ سے نہیں بلکہ اس کے ظہور کے وقت سے ہےچاند 31 مئی کو اپنی مکمل ترین حالت میں ہو گا اور مشرقی افق پر طلوع ہوتے وقت سرخ رنگ کے روشن ستارے Antares کے قریب دکھائی دے گا، جس سے یہ منظر مزید دلکش بن جائے گا۔

    سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ بلیو مون کا انسانی صحت، قسمت یا کسی غیر معمولی روحانی اثر سے کوئی تعلق نہیں اور یہ محض ایک قدرتی فلکیاتی عمل ہے ان کے مطابق ایسا منظر عموماً ہر دو سے تین سال بعد دیکھنے کو ملتا ہے، جبکہ اگلا بلیو مون دسمبر 2028 سے پہلے متوقع نہیں-

  • سونا مزید مہنگا، چاندی کی قیمت میں کمی

    ہفتے کو ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1300 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اب ایک تولہ سونا 4 لاکھ 76 ہزار 162 روپے کی سطح پر آگیا ہے۔

    بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں آج ہفتے کے روز سونے کی قیمت میں 13 ڈالر کا اضافہ ہونے کے نتیجے میں نئی عالمی قیمت 4 ہزار 538 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گئی جس کےبعد مقامی صرافہ بازاروں میں بھی آج کاروباری ہفتے کے آخری دن 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت میں 1300 روپے بڑھ گئی، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 76 ہزار 162 روپے فی تولہ ہو گئی،فی 10 گرام سونے کی قیمت میں 1115 روپے کا اضافہ ہونے سے نئی قیمت 4 لاکھ 8 ہزار 232 روپے ہوگئی۔

    علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی کی قیمت 75.29 ڈالر ہوگئی جب کہ مقامی مارکیٹ میں 21 روپے کی کمی سے فی تولہ چاندی 8013 روپے اور فی 10 گرام چاندی کے نرخ 18 روپے کی کمی سے 6869 روپے کی سطح پر آ گئے۔

    صرافہ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کا بڑھنا اور روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ مقامی بازار میں سونا مہنگا ہونے کی بنیادی وجوہات ہیں، اور موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر آنے والے دنوں میں قیمتیں مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

  • پہلا ون ڈے: پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    پہلا ون ڈے: پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    پاکستان نے آسٹریلیا کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ایک-صفر کی برتری حاصل کر لی ہے،ون ڈے میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ،آسٹریلیا نے تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا ، نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس نے بھی ’ڈریم ڈیبیو‘ کیا ہے اور ون ڈے کیریئر کے پہلے میچ میں 5وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

    عرفات منہاس نے پہلے آسٹریلوی کپتان جوش انگلس کو 13 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا اس کے بعد انہوں نے مارنس لبوشین اور کیمرون گرین کو بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس بھیج کر آسٹریلوی ٹیم پر دباؤ بڑھا دیاستائیسویں اوور میں نصف سنچری بنانے کے بعد اوپنر میتھیو شارٹ بھی عرفات منہاس کی گیند پر آؤٹ ہو گئے اس کے بعد 145 رنز کے مجموعی اسکور پر سلمان آغا نے اولیور پیک کو آؤٹ کیا جب کہ ابرار احمد نے میٹ رینشا کی وکٹ لے کر ٹیم کے لیے ساتو یں وکٹ لی،میچ کے تینتالیسویں اوور میں عرفات منہاس پھر نیتھن ایلس کو بولڈ کرکے ون ڈیبیو پر پانچ وکٹیں حاصل کرنے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں،200 رنز کے مجموعی اسکور پر تنویر سانگھا اور میتھیو کوہنیمن بھی آؤٹ ہوگئے۔

    پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس کے علاوہ ابرار احمد نے 2، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور سلمان آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی،آسٹریلیا کے 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور 43ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔

    بابر اعظم اور غازی غوری نے نصف سنچریاں اسکور کر کے ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔ بابر اعظم 69 رنز جب کہ غازی غوری 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،عرفات منہاس نے آخری گیند پر چھکا لگا کر پاکستان کی جیت پر مہر لگائی اور بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار پائے۔

    میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکرم نے عرفات منہاس کو ڈیبیو کیپ پیش کی ،اس موقع پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف نے نوجوان کرکٹر کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا شاہین آفریدی کا کہنا تھا پاکستانی ٹیم ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں آج اپنا ہزارواں میچ کھیل رہی ہے، پاکستان کیلئے ہزارویں میچ میں شرکت اور کپتانی کرنا اعزاز کی بات ہے، پوری ٹیم کیلئے یہ تاریخی موقع ہے، کوشش کریں گے کہ عمدہ پرفارمنس پیش کریں اور میچ میں کامیابی حاصل کریں۔

    قومی ٹیم میں شاہین آفریدی کپتان، صاحبزادہ فرحان، معاذصداقت، بابراعظم، غازی غوری وکٹ کیپر، سلمان علی آغا اور عبد الصمد شاداب خان، عرفات منہا س، حارث رؤف اور ابراراحمد بھی ٹیم کا حصہ ہیں،نوجوان کھلاڑی عرفات منہاس اپنا ون ڈے ڈیبیو کررہے ہیں۔

    دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے کرکٹ میں مجموعی طور پر 111 میچز کھیلے جا چکے ہیں، جن میں آسٹریلیا کو واضح برتری حاصل ہے، آسٹریلیا نے 71 جبکہ پاکستان نے 36 میچز جیتے ہیں، جبکہ تین میچز بے نتیجہ اور ایک ٹائی ہوا، حالیہ فارم کے لحاظ سے دونوں ٹیمیں تقریباً ایک جیسی کارکردگی کے ساتھ میدان میں اتری ہیں اور اپنی آخری پانچ میچز میں تین، تین فتوحات حاصل کر چکی ہیں۔

  • سابق  بنگلہ دیشی صدر ضیاء الرحمان کی 45ویں برسی، وزیراعظم کا خراج عقیدت

    سابق بنگلہ دیشی صدر ضیاء الرحمان کی 45ویں برسی، وزیراعظم کا خراج عقیدت

    سابق بنگلہ دیشی صدر ضیاء الرحمان کو دنیا سے رخصت ہوئے 45 برس ہو گئے-

    بنگلہ دیش کے وزیراعظم اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے چیئرمین طارق رحمان نے ہفتے کے روز اپنے والد، سابق صدر اور بی این پی کے بانی ضیاء الرحمان کی 45ویں برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

    طارق رحمان نےڈھاکا کے شیر بنگلہ نگر میں واقع ضیاء الرحمان کی قبر پر حاضری دی جہاں انہوں نے پہلے وزیراعظم اور بعد ازاں بی این پی چیئرمین کی حیثیت سے پھولوں کی چادریں چڑھائیں، اس موقعے پر پارٹی کے سینیئر رہنما، کابینہ کے ارکان اور حکومتی مشیر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے مختصر خاموشی اور دعا کے بعد طارق رحمان نے پارٹی کے مذہبی ونگ کے زیر اہتمام منعقدہ دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔

    بعد ازاں انہوں نے ڈھاکا کے مانک میا ایونیو پر واقع راجدھانی ہائی اسکول میں مستحق خاندانوں میں کپڑوں کی تقسیم کے ذریعے ملک گیر فلاحی پروگرام کا آغاز کیا یہ اقدام ضیاء الرحمان کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ تقریبات کا حصہ ہے جن میں خوراک، امدادی سامان اور مفت طبی سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہے۔

    اس موقعے پر کارکنوں اور حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ضیاء الرحمان کی سیاست عوامی خدمت، محروم طبقات کی مدد اور قومی تعمیر پر مبنی تھی، شہید صدر ضیاء الرحمان کی سیاست عوام کے ساتھ کھڑے ہونے، ان کی مدد کرنے اور قوم کی تعمیر کے لیے تھی ان کے نظریات سے رہنمائی لیتے ہوئے ملک کی تعمیر کے لیے خود کو وقف کریں۔

  • شادی کے وقت کیے گئے وعدے بھی قانونی طور پر لازم قرار

    شادی کے وقت کیے گئے وعدے بھی قانونی طور پر لازم قرار

    لاہور ہائیکورٹ نے بیوی کو 5 مرلہ گھر دینے سے متعلق ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے شوہر کی اپیل مسترد کر تے ہوئے قرار دیا ہے کہ شوہر نکاح نامے میں درج حق مہر کے علاوہ شادی کے موقع پر کیے گئے علیحدہ معاہدوں اور وعدوں کو پورا کرنے کا بھی پابند ہے۔

    جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے درخواست پر 11 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا، جس میں قرار دیا گیا کہ شادی کے روز شوہر نے ایک الگ معاہد ے کے تحت بیوی کو 5 مرلہ گھر دینے کا وعدہ کیا تھا، لہٰذا اس وعدے کی قانونی حیثیت کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

    عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ حق مہر بیوی کا قانونی اور شرعی حق ہے، اسے شوہر کا احسان یا صوابدیدی رعایت نہیں سمجھا جا سکتا قانون کی نظر میں حق مہر شوہر پر ایک قرض کی حیثیت رکھتا ہے جس کی ادائیگی لازم ہے، شادی کے دوران یا بعد میں حق مہر کا مطالبہ نہ کرنا خاتون کے اس حق سے دستبرداری تصور نہیں کیا جا سکتا عدالت نے مشاہدہ کیا کہ معاشرتی، خاندانی اور ثقافتی دباؤ کے باعث بہت سی خواتین اپنے حقوق کا فوری مطالبہ نہیں کرتیں، اس لیے خاموشی کو رضامندی یا حق سے دستبرداری نہیں سمجھا جا سکتا۔

    تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسلامی قانون کے تحت حق مہر زبانی، تحریری یا بعد میں بھی طے کیا جا سکتا ہے، جبکہ شوہر کو شادی کے بعد حق مہر میں اضافہ کرنے کی بھی اجازت ہے،خاندانی معاملات کا فیصلہ کرتے وقت عدالتیں صرف قانونی موشگافیوں تک محدود نہیں رہتیں بلکہ معاشرتی حقائق اور فریقین کے جائز حقوق کو بھی مدنظر رکھتی ہیں۔

    لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں ٹرائل کورٹ کے حکم کو درست قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ شادی کے وقت کیے گئے تحریری وعدے اور معاہدے محض رسمی کارروائی نہیں بلکہ قانونی ذمہ داری بھی بن سکتے ہیں، جن پر عمل درآمد ضروری ہے۔

  • حج 2026: وقوف مزدلفہ مکمل، حجاج رمی جمرات کے لیے روانہ

    حج 2026: وقوف مزدلفہ مکمل، حجاج رمی جمرات کے لیے روانہ

    مکہ مکرمہ میں حج کے تیسرے روز مناسکِ حج کا پہلا واجب، وقوفِ مزدلفہ، مکمل کر لیا گیا جبکہ حجاج کرام رمی جمرات کے لیے جمرات کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔

    ترجمان مذہبی امور کے مطابق حجاج آج 10 ذی الحجہ کو بڑے شیطان کو 7 کنکریاں مار کر دوسرا واجب ادا کریں گے سرکاری حجاج کرام کے لیے قربانی کا وقت شام 6 بجے مقرر کیا گیا ہے،قربانی کے بعد حجاج حلق یا قصر کروا کر احرام کھول دیں گے، جبکہ حج کا تیسرا فرض، طوافِ زیارت، آج یا آئندہ 2 روز کے دوران مکمل کیا جائے گا۔

    ترجمان کے مطابق حجاج آج اور کل منیٰ میں قیام کریں گے اور زوال کے بعد تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے۔ بیشتر حجاج 12 ذی الحجہ کی رمی مکمل کرنے کے بعد مکہ مکرمہ میں اپنی رہائش گاہوں کو واپس روانہ ہو جائیں گے، جبکہ بعض مکاتب کے حجاج 13 ذی الحجہ کی اختیاری رمی کے بعد منیٰ سے واپسی کریں گے۔

    حکام کے مطابق پاکستان کے لیے حج بعد واپسی پروازوں کا آغاز 31 مئی سے ہوگا، جبکہ وطن واپسی سے قبل حجاج کرام طوافِ وداع ادا کریں گے۔

  • اسرائیل کے جنوبی لبنان میں فضائی حملے،31 افراد جاں بحق

    اسرائیل کے جنوبی لبنان میں فضائی حملے،31 افراد جاں بحق

    جنوبی لبنان میں اسرائیلی افواج کے مختلف علاقوں میں فضائی حملوں کے نتیجے میں 31 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جن میں 4 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں۔

    لبنانی وزارت صحت کے مطابق حالیہ حملوں میں کم از کم 31 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جبکہ 40 افراد زخمی ہوئے ہیں،ہلاکتوں کی اطلاعات جنوبی شہر صور کے قریب برج الشمالی، کوتھریات الرز، حباش، معرکہ اور صلا سمیت مختلف علاقوں سے موصول ہوئی ہیں عینی شاہد ین اور مقامی صحافیوں کے مطابق شہر نبطیہ میں متعدد مقامات پر دھماکوں کے بعد دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے جبکہ فضائی حملوں کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک حملہ ایک عوامی اسپتال کے قریب بھی ہوا جس سے اسپتال کے بعض حصوں کو نقصان پہنچا ہے، اسرائیلی فوج کی جانب سے 50 سے زائد جنوبی اور مشرقی قصبوں اور دیہات کے لیے انخلا کے انتباہات جاری کیے گئے ہیں جن میں نبطیہ شہر بھی شامل ہے، اسرائیلی دستے اس نام نہاد یلو لائن سے آگے بھی کارروائیاں کر رہے ہیں جو تقریباً 10 کلومیٹر اندر لبنانی حدود میں واقع ہے۔

    دوسری جانب حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے جنوبی علاقے زوطر الشرقیہ میں اسرائیلی افواج کی پیش قدمی کو روکا اور متعدد حملوں کا جواب دیا تنظیم نے ڈرون اور راکٹ حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے مشرق لبنان میں وادی بیکا کے علاقے میں بھی حملوں کی اطلا عات ہیں جہاں وزارت صحت کے مطابق مشغارہ کے مقام پر حملے میں کم از کم 11 افراد جاں بحق ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ متعدد زخمی ہیں۔

  • اسرائیلی فوج کا حماس کے فوجی سربراہ محمد عودہ کو شہید کرنے کا دعویٰ

    اسرائیلی فوج کا حماس کے فوجی سربراہ محمد عودہ کو شہید کرنے کا دعویٰ

    اسرائیلی فوج نے حماس کے فوجی سربراہ محمد عودہ کو شمالی غزہ میں حالیہ حملے کے دوران شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی ملٹری نے اپنے ایک بیان میں محمد عودہ کی شہادت کا دعویٰ کیا ہے،دوسری جانب، حماس کی جانب سے تاحال سربراہ کی شہادت کے حوالے سے تصدیق نہیں کی گئی جبکہ اسرائیلی میڈیا مسلسل دعویٰ کر رہا ہے۔

    واضح رہے کہ محمد عودہ کو مئی میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کا کمانڈر مقرر کیا گیا تھا، انہوں نے عزالدین الحداد کی جگہ سنبھالی تھی جو ایک اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔

  • بھارت:قربانی کے جانور رکھنے پر مسلمانوں کو ہراسانی کا سامنا،ہندو تواکارکن خنزیر لے آئے

    بھارت:قربانی کے جانور رکھنے پر مسلمانوں کو ہراسانی کا سامنا،ہندو تواکارکن خنزیر لے آئے

    بھارتی شہر ممبئی کے علاقے میراں روڈ میں واقع پونم کلسٹر سوسائٹی میں عیدالاضحیٰ کے لیے قربانی کے بکرے رکھنے پر ہندوتوا تنظیم سے تعلق رکھنے والے کارکنوں نے سوسائٹی کے باہر ہنگامہ برپا کیا اور سور لے آئے۔

    سوشل میڈیا کے مطابق مظاہرین نے سوسائٹی کے باہر ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کیا اور عیدالاضحیٰ کے لیے رکھے گئے جانوروں پر اعتراض اٹھایا بعد ازاں بلدیاتی ادارے بی ایم سی نے کارروائی کرتے ہوئے بکرے وہاں سے منتقل کردیے، احتجاج کے دوران بعض ہندوتوا کارکن خنزیر لے کر سوسائٹی میں داخل ہو نے کی کوشش بھی کرتے رہے، جس کے باعث صورتحال کشیدہ ہوگئی اور جھڑپوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔

    سوشل میڈیا پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سوسائٹی میں رہائش پذیر مسلم خاندانوں کو ہراساں کیا جارہا ہے، تاہم حکام کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا،واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں-

  • عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی

    عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی

    امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات میں اتار چڑھاؤ کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بھی مسلسل کمی بیشی دیکھی جا رہی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق پیچیدہ مذاکرات کے باعث عالمی تیل مارکیٹ غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے بدھ کے روز برینٹ خام تیل کی قیمت میں 1 اعشاریہ 42 ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی بیرل قیمت 98 اعشاریہ 16 ڈالر ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 1 اعشاریہ 66 ڈالر کم ہو کر 92 اعشاریہ 23 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔

    واضح رہے کہ منگل کو امریکی فوج کی جانب سے جنوبی ایران میں حملوں کے بعد تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا تھا جبکہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان ممکنہ معاہدے کی امیدوں کو بھی دھچکا پہنچا تھا۔

    دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بعض ایل این جی ٹینکرز کے حالیہ دنوں میں آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اطلاعات کے بعد مارکیٹ میں یہ توقعات بڑھ گئی ہیں کہ اہم بحری گزرگاہ جلد دوبارہ مکمل طور پر کھول دی جائے گی، جس سے عالمی سطح پر تیل و گیس کی سپلائی میں بہتری آسکتی ہے۔