مکہ مکرمہ میں حج کے تیسرے روز مناسکِ حج کا پہلا واجب، وقوفِ مزدلفہ، مکمل کر لیا گیا جبکہ حجاج کرام رمی جمرات کے لیے جمرات کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق حجاج آج 10 ذی الحجہ کو بڑے شیطان کو 7 کنکریاں مار کر دوسرا واجب ادا کریں گے سرکاری حجاج کرام کے لیے قربانی کا وقت شام 6 بجے مقرر کیا گیا ہے،قربانی کے بعد حجاج حلق یا قصر کروا کر احرام کھول دیں گے، جبکہ حج کا تیسرا فرض، طوافِ زیارت، آج یا آئندہ 2 روز کے دوران مکمل کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق حجاج آج اور کل منیٰ میں قیام کریں گے اور زوال کے بعد تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے۔ بیشتر حجاج 12 ذی الحجہ کی رمی مکمل کرنے کے بعد مکہ مکرمہ میں اپنی رہائش گاہوں کو واپس روانہ ہو جائیں گے، جبکہ بعض مکاتب کے حجاج 13 ذی الحجہ کی اختیاری رمی کے بعد منیٰ سے واپسی کریں گے۔
حکام کے مطابق پاکستان کے لیے حج بعد واپسی پروازوں کا آغاز 31 مئی سے ہوگا، جبکہ وطن واپسی سے قبل حجاج کرام طوافِ وداع ادا کریں گے۔
