Baaghi TV

Author: Ayesha Rehmani

  • القادر ٹرسٹ کیس:ٹرائل کورٹ فیصلہ کالعدم ہونے تک سماعت نہیں ہو سکتی،جسٹس سرفراز ڈوگر

    القادر ٹرسٹ کیس:ٹرائل کورٹ فیصلہ کالعدم ہونے تک سماعت نہیں ہو سکتی،جسٹس سرفراز ڈوگر

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سرفراز ڈوگر نے القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کی درخواست پر سماعت سے انکار کردیا کہا کہ کیس میں تو سزائیں ہو چکیں، ٹرسٹ ضبط ہو چکا،ٹرسٹ پنجاب حکومت کی تحویل میں چلا گیا، اس کیس میں کچھ نہیں۔

    باغی ٹی وی : القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کی چیریٹی ایکٹ کے تحت رجسٹریشن کی درخواست پر سماعت ہوئی،اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے سماعت کی، عدالت نے کہاکہ القادر ٹرسٹ کیس میں تو سزائیں ہو چکیں، ٹرسٹ ضبط ہو چکا،ٹرسٹ پنجاب حکومت کی تحویل میں چلا گیا، اس کیس میں کچھ نہیں۔

    قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیلیں بھی مقرر نہیں ہوئیں جب تک ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کلعدم نہیں ہوتا اس درخواست پر سماعت نہیں ہو سکتی،عدالت کے استفسار پر وکیل جہانزیب سکھیرا نے بتایا کہ یہ درخواست القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کی جانب سے دائر کی گئی ہے اس درخواست کے علاوہ دیگر درخواستیں بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر التوا ہیں مجھے وقت دے دیں میں اپنے مؤکل سے معاونت حاصل کر لوں۔

    سویلینز کے بنیادی حقوق ختم کرکے کورٹ مارشل نہیں کیا جا سکتا،وکیل سلمان اکرم راجہ

    جسٹس سرفراز ڈوگر نے کہا کہ آپ نے یہ بھی بتانا ہے کہ ٹرائل کورٹ سے فیصلہ آنے کے بعد یہ درخواست کیسے قابل سماعت ہے؟بعد ازاں عدالت نے وکیل درخواست گزار کو مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دی۔

    اسحاق ڈار کا اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی جلد تقرری کا مطالبہ

  • سویلینز کے بنیادی حقوق ختم کرکے کورٹ مارشل نہیں کیا جا سکتا،وکیل سلمان اکرم راجہ

    سویلینز کے بنیادی حقوق ختم کرکے کورٹ مارشل نہیں کیا جا سکتا،وکیل سلمان اکرم راجہ

    اسلام آباد:سپریم کورٹ آئینی بنچ میں فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کیخلاف اپیلوں پر سماعت کے دوران سزایافتہ مجرم ارزم جنید کے وکیل سلمان اکرم راجہ کے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ سویلینز کے بنیادی حقوق ختم کرکے کورٹ مارشل نہیں کیا جا سکتا۔

    باغی ٹی وی : فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت آج بھی کی گئی۔منگل کو جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 7 رکنی آئینی بینچ نے سماعت کی اس دوران فوجی عدالت سے سزا یافتہ مجرم ارزم جنید کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دیئے-

    وکیل سلمان اکرم راجہ نے موقف اختیار کیا کہ سادہ لفظوں میں بات کی جائے تو سویلنز کے بنیادی حقوق ختم کرکے کورٹ مارشل نہیں کیا جاسکتا، سویلنز کا کورٹ مارشل شفاف ٹرائل کے بین الاقوامی تقاضوں کے بھی خلاف ہے۔

    جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیئے کہ بین الاقوامی اصولوں میں کہیں نہیں لکھا کہ سویلنز کا کورٹ مارشل نہیں ہو سکتا، جس پر سلمان اکرم راجہ کا موقف تھا کہ انگلینڈ میں کورٹ مارشل فوجی نہیں بلکہ آزاد ججز کرتے ہیں، بین الاقوامی تقاضوں کے تحت ٹرائل کھلی عدالت میں، آزادانہ اور شفاف ہونا چاہیے، بین الاقوامی قوانین کے مطابق ٹرائل کے فیصلے پبلک ہونے چاہئیں، دنیا بھر کے ملٹری ٹریبونلز کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں عدالتوں میں جاتی ہیں یورپی عدالت کے فیصلے نے کئی ممالک کو کورٹ مارشل کا طریقہ کار بھی تبدیل کرنے مجبور کیا۔

    جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ اگر بین الاقوامی اصولوں پر عمل نہ کیا جائے تو نتیجہ کیا ہوگا ؟جس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بین الاقوامی اصولوں پر عمل نہ کرنے کا مطلب ہے کہ ٹرائل شفاف نہیں ہوا،جسٹس جمال مندوخیل نے پھر استفسار کیا کہ کوئی ملک اگر بین الاقوامی اصولوں کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو تو کیا ہوگا؟

    جس پر سلمان اکرم راجہ کا مؤقف تھا کہ کچھ بین الاقوامی اصولوں کو ماننے کی پابندی ہوتی ہے اور کچھ کی نہیں، شفاف ٹرائل کا آرٹیکل 10 اے بین الاقوامی اصولوں کی روشنی میں ہی آئین کا حصہ بنایا گیاایف بی علی کیس کے وقت آئین میں اختیارات کی تقسیم کا اصول نہیں تھا، پہلے تو ڈپٹی کمشنر اور تحصیلدار فوجداری ٹرائلز کرتے تھے، کہا گیا اگر ڈی سی فوجداری ٹرائل کر سکتا ہے تو کرنل صاحب بھی کر سکتے تمام ممالک بین الاقوامی اصولوں پر عملدرآمد کی رپورٹ اقوام متحدہ کو پیش کرتے ہیں، جس پر یو این کی انسانی حقوق کمیٹی رپورٹس کا جائزہ لے کر اپنی رائے دیتی ہے۔

    سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ گزشتہ سال اکتوبر اور نومبر کے اجلاسوں میں پاکستان کے فوجی نظام انصاف کا جائزہ لینے کے بعد یو این کی انسانی حقوق کمیٹی نے پاکستان میں سویلنز کے کورٹ مارشل پر تشویش ظاہر کی تھی اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی کے مطابق پاکستان میں فوجی عدالتیں آزاد نہیں، رپورٹ میں حکومت کو فوجی تحویل میں موجود افراد کو ضمانت دینے کا کہا گیا، اسی طرح یورپی کمیشن کے مطابق 9 مئی کو احتجاج والوں کا کورٹ مارشل کرنا درست نہیں یورپی یونین نے ہی پاکستان کو جی ایس پی پلیس سٹیٹس دے رکھا ہے، جسٹس یحییٰ آفریدی نے اختلافی نوٹ میں یہی نکات اٹھائے ہیں، ہزاروں افراد کا ٹرائل اے ٹی سی میں ہو سکتا تو ان 105 ملزموں کا کیوں نہیں۔

    سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یو کے میں ایک فیڈلی نامی فوجی کا کورٹ مارشل ہوا، یورپین کورٹ آف ہیومن رائٹس نے اس کا خصوصی ٹرائل کالعدم قرار دے دیا تھا، فیڈلی ذہنی تناؤ کا شکار تھا، اس نے فائرنگ کی، جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ فیڈلی کی فائرنگ سے بھی ایک ٹی وی ٹوٹ گیا تھا، نومئی واقعات میں بھی ایک ٹی وی توڑا گیا۔

    سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ نو مئی واقعات میں ٹی وی توڑنے والے سے میری ملاقات ہوئی، وہ بیچارہ شرم سے ڈوبا ہوا تھا، ٹی وی توڑنے والا بیچارہ چار جماعتیں پاس بے روزگارتھا، ہمارے معاشرے نے ایسے لوگوں کو کیا دیا، جس پر جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ انفرادی باتیں نہ کریں۔

    جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ کیا آپ نے فیڈلی سے ملاقات بھی کی؟جس پر جسٹس نعیم اختر افغان بولے کہ نہیں سلمان راجہ نے پاکستانی فیڈلی سے ملاقات کی ہے،جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ آپ نے کہا میرا موکل فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتا تھا، نو مئی والے دن وہ کرکٹ کھیلنے تو نہیں گیا تھا ناں۔

  • اسحاق ڈار کا اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی جلد تقرری  کا مطالبہ

    اسحاق ڈار کا اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی جلد تقرری کا مطالبہ

    نیویارک: نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں او آئی سی کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

    باغی ٹی وی: اسحاق ڈار نے نیویارک میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے مستقل نمائندوں سے خطاب کیا، اسحاق ڈار نے فلسطین میں منصفانہ اور پائیدار امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو جاری رکھنے کا یقین دلایا اور غزہ میں فوری جنگ بندی، بلا تعطل انسانی امداد کی فراہمی اور فلسطینی عوام کی جبری بے دخلی کی کسی بھی کوشش کی سخت مخالفت پر زور دیا۔

    انہوں نے پاکستان کی جانب سے دو ریاستی حل کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، جس میں 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام شامل ہو، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو ،اسحاق ڈار نے کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر تنازعے کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پرامن حل نکالا جائے۔

    وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ، افریقا اور ایشیا کے مسلم ممالک کو درپیش تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر کاربند رہنے پر زور دیا اور اسلامو فوبیا کے خلاف فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی جلد تقرری ہونی چاہیے انہوں نے یقین دلایا کہ سلامتی کونسل کی رکنیت کے دوران پاکستان او آئی سی کے تمام رکن ممالک کے ساتھ قریبی تعاون کو یقینی بنائے گا۔

    علاوہ ازیں نیو یارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت پر گامزن ہے، مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہوئی ہے، پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہوکر 12 فیصد پر آچکا ہے اور پالیسی ریٹ میں کمی سے معاشی استحکام پیدا ہورہا ہے جب کہ اقتصادی اشاریے بہتر ہورہےہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہرماہ ہر سیاسی جماعت کہا کرتی تھی کہ ملک ڈیفالٹ کرجائےگا، ہم نے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، اب پاکستان کی معاشی بہتری کا دنیا اعتراف کررہی ہے، زبوں حال معیشت کو دوبارہ مستحکم کیا، مشکل حالات سے نکل کر معیشت کو دوبارہ مستحکم کرنا آسان کام نہیں ہوتا۔

    نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کو مختلف مسائل کا سامنا ہے، عالمی مسائل پر بات چیت اور غور و فکر کےلیے جمع ہوئے ہیں، جب بھی امریکا کا دورہ کیا تو پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کو ترجیح دیمملک میں آج ہونے والی شہادتیں سرحد پار بھاگنے والے دہشتگردوں کو واپسی کی اجازت دینے اور قاتلوں کو جیلوں سے چھوڑنے کا نتیجہ ہے، دہشتگردی ختم ہوچکی تھی مگر اب دوبارہ سر اٹھارہی ہے-

    انہوں نے کہا کہ پچھلے 2 سالوں میں دہشتگردی کی لہر میں اضافہ دیکھنے میں آیا، ہمیں جائزہ لینا چاہیے کہ ایساکیوں ہورہا ہے، دہشتگردی کے باعث پاکستان کو معاشی لحاظ سے بہت زیادہ نقصان ہوا، چاہتے ہیں کہ آنے والی نسلوں کےلیے محفوظ اور ترقی یافتہ ملک چھوڑ کرجائیں، پاکستان کے سفارتی تعلقات کو دوبارہ بہتر کیا، پالیسی اور فیصلہ سازی صرف اور صرف ملک کی بہتری کے لیے ہونی چاہیے۔

  • بگن میں قافلے پر حملہ، 4 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید، صورتحال کشیدہ

    بگن میں قافلے پر حملہ، 4 سکیورٹی اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید، صورتحال کشیدہ

    بگن: ضلع کرم کے علاقے بگن میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر گزشتہ روز کئے گئے حملے میں چارسیکیورٹی اہلکار شہید اور ایک ڈرائیور جاں بحق ہو ا، جبکہ 15 افراد زخمی ہوئے۔

    باغی ٹی وی : پولیس ذرائع کے مطابق شہداء میں لانس نائک قابل خان، لانس نائک عبدالرحمٰن، لانس نائک یاسین، سپاہی ثقلین اور سپاہی دانش شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں حوالدار عظیم، نائک توصیف، نائک نیاز محمد اور لانس نائک ہارون شامل ہیں،حملے کے دو ران حملہ آوروں نے سیکیورٹی فورسز کی 3 گاڑیوں کو آگ لگا دی۔

    سیکیورٹی اہلکار علاقے میں پھنسے ہوئے ڈرائیوروں اور گاڑیوں کو بحفاظت نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کر رہے تھے کہ اچا نک مسلح حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کر دی حملے کے نتیجے میں ایک ڈرائیور جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوئے فورسز کی حملہ آوروں پر جو ابی فائرنگ کے دوران دو خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    ٹورنٹو میں طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ،1 بچے سمیت 15 افراد زخمی

    حملے کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہیں سیکیورٹی قافلے میں شامل 60 ٹرک ٹل سے پاراچنار جا رہے تھے، جن میں سے 9 کو بحفا ظت محصور علاقے میں پہنچا دیا گیا جبکہ 20 ٹرک واپس ٹل بھجوا دیئے گئے۔

    ڈرائیور گل فراز کے مطابق مساجد سے گاڑیاں لوٹنے اور مال غنیمت حاصل کرنے کے اعلانات شروع ہوئے تو ہر طرف سے لوگ نکلنا شروع ہوگئے اور ٹرکوں کو لوٹنے کے بعد نذر آتش کرنا شروع کردیاپولیس کے مطابق، واپس کیے گئے ٹرکوں میں سے بیشتر کو لوٹ لیا گیا تھا اور تقریباً 30 ٹرکوں سے لوٹ مار کے بعد متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔

    ملک کے بالائی علاقوں میں کل نیا موسمیاتی نظام داخل ہوگا ،محکمہ موسمیات

    صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت جہاں جہاں گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، وہاں بھرپور کارروائی کرے گی۔

  • ٹورنٹو  میں طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ،1 بچے سمیت 15 افراد زخمی

    ٹورنٹو میں طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ،1 بچے سمیت 15 افراد زخمی

    ٹورنٹو: کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں مسافر طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا-

    باغی ٹی وی : عالمی میڈیاکے مطابق پیرکو منیاپولس سے ٹورنٹو جانے والا طیارہ پیئرسن انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کے دوران تیز ہواؤں کی وجہ سے اُلٹ گیا، طیارے میں تقریباً 80 مسافر سوار تھے، لینڈنگ کے دوران ایک بچے سمیت کم از کم 15 افراد زخمی ہوئے۔2 زخمیوں کی حالت نازک ہے جبکہ دیگر محفوظ رہے۔

    ائیرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طیارے کی لینڈنگ کے دوران پیش آنے والے واقعے سے آگاہ ہیں، ایمرجنسی ٹیمیں کام کررہی ہیں طیارے میں سوار مسافر اور عملے کی معلومات لی جارہی ہیں جبکہ کینڈین پولیس کے مطابق زیادہ تر مسافر طیارے سے بحفاظت نکل چکے ہیں، ہنگامی عملے نے طیارے کو گھیر لیا اور آگ لگنے سے بچانے کے لیے اس پر سپرے کیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیار ے کو تیز ہواؤں کی وجہ حادثہ پیش آیا-

    ملک کے بالائی علاقوں میں کل نیا موسمیاتی نظام داخل ہوگا ،محکمہ موسمیات

    بچوں سمیت 299 مریضوں سے ریپ، فرانس میں سابق سرجن گرفتار

    بچوں سمیت 299 مریضوں سے ریپ، فرانس میں سابق سرجن گرفتار

  • ملک کے بالائی علاقوں میں کل نیا موسمیاتی نظام داخل ہوگا ،محکمہ موسمیات

    ملک کے بالائی علاقوں میں کل نیا موسمیاتی نظام داخل ہوگا ،محکمہ موسمیات

    اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ کل پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا۔

    باغی ٹی وی :محکمہ موسمیات کے مطا بق ملک کے بالائی علاقوں میں کل نیا موسمیاتی نظام داخل ہوگا جو بارشوں اور برفباری کا سبب بنے گا، 19 سے 21 فروری کے دوران اسلام آباد،خیبر پختونخوا ،گلگت بلتستان اور کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر بعض مقامات پر برفباری کا امکان ہے ، مری اور گلیات میں بھی بارش اور برف باری کی توقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق 19 سے 21 فروری کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوا چلنے اور بارش کا امکان ہے جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری کے اثرات پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی پہنچیں گے،سرگودھا، میانوالی ، بھکر، خوشاب، حافظ آباد ، گجرانوالہ ، منڈی بہا الدین اور گجرات میں بارش ہو سکتی ہے، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ فیصل آباد شیخو پورہ نارووال اور سیالکوٹ میں بھی بارش کاامکان ہے

    ڈپٹی کمشنر قصور کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر تبدیل

    19 فروری کو ملتان ڈیرہ غازی خان لیہ مظفرگڑھ خانیوال ساہیوال پاکپتن اوکاڑہ اور بہاولنگر میں بھی ہلکی بارش کے امکانات ہیں۔ بارش کے ساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے۔

    بلوچستان کے بعض علاقوں میں آج اور کل بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے ،19 سے 21 فروری کےدوران سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم ساحلی علاقوں میں تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔

    بچوں سمیت 299 مریضوں سے ریپ، فرانس میں سابق سرجن گرفتار

    ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ سیاح موسم کی مناسبت سےانتہائی محتاط رہیں اور موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پروگرام ترتیب دیں پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24 گھنٹے جاری ہےشہری خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ایمرجنسی میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔

    پاکستان میں طویل خشک سالی خاتمہ، محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کر دی

  • ایران کا مقابلہ کرنے کیلئے اسرائیل اور امریکا کندھے سے کندھا ملا ئے کھڑے ہیں،نیتن یاہو

    ایران کا مقابلہ کرنے کیلئے اسرائیل اور امریکا کندھے سے کندھا ملا ئے کھڑے ہیں،نیتن یاہو

    تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہےکہ ہم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آیت اللہ کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں۔

    باغی ٹی وی : عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے جوہری ہتھیاروں کی تیاری پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ مل کر ایران کے جوہری عزائم اور مشرق وسطیٰ میں اس کی جارحیت کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل نے ایران کو زبردست دھچکے اور کاری ضربیں پہنچائی ہیں۔

    امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے ساتھ ملاقات کے بعد اسرائیلی وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آیت اللہ کے پاس جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں، ایران کا مقابلہ کرنے کے لیے اسرائیل اور امریکا کندھے سے کندھا ملا ئے کھڑے ہیں۔

    حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا عرس، سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات

    اسرائیلی وزیراعظم نے ایران کو جارحیت سے روکنے کے حوالے سے اپنے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کوئی شبہ نہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت سے اسرائیل یہ کام کرسکتا ہے اور کرے گا اسرائیل نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کو کمزور کر دیا ہے اور شام میں سیکڑوں اہداف کو نشانہ بنایا ہے ان کارروائیوں سے ایران کی حمایت یافتہ گروپ حزب اللہ کو ایک نیا محاذ کھولنے سے روکا جانا ممکن ہوسکا ہے۔

    حافظ آباد: سکیورٹی گارڈ سے ڈاکوؤں نے دن دہاڑے موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون چھین لیا

    نیتن یاہو نے کہا کہ شام کو ہمارے خلاف کارروائیوں کے اڈے کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں ایسا سوچنے والے سنگین غلطی کر رہے ہیں، ہم سب کو یہ یقین دہانی کرانا چاہتے ہیں کہ صدر ٹرمپ اور میں مکمل تعاون اور ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

    ایٹمی پروگرام سے متعلق بیان،ایران نے اسرائیل اور امریکہ کو خبردار کر دیا

  • حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا عرس، سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات

    حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا عرس، سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات

    سہیون:حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کی 3 روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا –

    باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق سیہون میں برصغیر کے بزرگ ہستی سید عثمان مروند المعروف حضرت لعل شہباز قلندرکے عرس مبارک کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا قائم مقام گورنر سندھ اور اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے پھولوں کی چادر چڑھا کر دعا مانگ کر عرس کی تقریبات کا آغاز کیا۔

    ملک بھر سے لاکھوں عقیدت مند حاضری دے رہے ہیں، عرس کی تقریبات میں لاکھوں زائرین حاضری دیں گے اس موقع پر سیکیور ٹی کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے، 5 ہزار پولیس اہلکار جبکہ 300 سے زائد رینجرز کے جوان فرائض سر انجام دے رہے ہیں، جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں سے دربار کے داخلی، خارجی اور اطراف کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

    ملک میں کوئی سیاسی بات نہیں اسٹیبلشمنٹ جو چاہتی ہے بات کرتی ہے،مولانا فضل الرحمان

    ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر قادری کا کہنا ہے کہ 19 فروری تک جاری رہنے والے عرس کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں سہہ روزہ عرس کے موقع پر گورنر، وزیراعلیٰ سندھ حاضری دے کر چادریں چڑھائیں گے جبکہ زائرین کے لئے ملاکھڑا کے مقابلے، سگھڑوں کی کچہری، ادبی کانفرنس، دستکاری کی نمائش بھی کی جائے گی۔

    امریکی وزیر خارجہ کی ریاض میں سعودی ہم منصب سے ملاقات

  • ملک میں کوئی سیاسی بات نہیں اسٹیبلشمنٹ جو چاہتی ہے بات کرتی ہے،مولانا فضل الرحمان

    ملک میں کوئی سیاسی بات نہیں اسٹیبلشمنٹ جو چاہتی ہے بات کرتی ہے،مولانا فضل الرحمان

    اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملکی سالمیت کی پالیسی ایوانوں میں نہیں بنائی جا رہی بلکہ بند کمروں میں بنائی جا رہی ہے-

    باغی ٹی وی : قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایوان میں ایسی قانون سازی بھی دیکھی جو بغیر کاروائی منظور ہوئی، اس ایوان میں اضطراب اور ہنگامہ آرائی کو سال ہوگیا، ہمارا نکتہ نظر کوئی سننے کو تیار نہیں۔

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت چاہے نہ چاہے ایوان کو احسن طریقہ سے چلانا اسپیکر کی ذمہ داری ہے، پورا ملک اس وقت اضطر اب میں مبتلا ہے، عام آدمی کے پاس روزگار نہیں، محکمہ اور ادارے ملیامیٹ کیے جارہے ہیں، لاکھوں لوگ بے روزگار ہورہے ہیں، حکومت عوام کے مفاد کے خلاف کوئی اقدام کرتی ہے تو پارلیمنٹ میں بات ہوتی ہے، حکومت ایک سال سے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہی ہے۔

    انسانی اسمگلرز کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے،عطااللہ تارڑ

    سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ملکی سالمیت کا مسئلہ ہے، بار بار بات کررہا ہوں، ہمیں ریاست کی بقا کی بات کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ہم ان سے لڑ رہے ہیں، ہمیں ادراک ہونا چاہیئے کہ 2 صوبوں میں کوئی حکومتی رٹ نہیں ہے قبائلی علاقوں اور بلوچستان میں جو ہورہا ہے وزیراعظم شاید اس سے لاعلم ہیں، افغانستان ہمارے جرگے جاتے تھے اب حکومت کو کچھ علم نہیں، ملک میں کوئی سیاسی بات نہیں اسٹیبلشمنٹ جو چاہتی ہے بات کرتی ہے، ہم سے تو بس انگوٹھے لگوائے جاتے ہیں، ہمیں پارلیمان میں فیصلے کرنے ہیں، میرے علاقے میں بعض مقامات کو پولیس تو چھوڑیں آرمی بھی خالی کرگئی، ان علاقوں میں کس کا راج ہے؟-

    حزب اللہ کی اسرائیلی فوج کو 18 فروری تک لبنان خالی کرنے کی ڈیڈلائن

    مونالا فضل الرحمان نے کہا کہ بلوچستان کے اضلاع ابھی آزادی کا اعلان کریں تو اقوام متحدہ ان کی درخواست قبول کرلے، میری باتیں بڑی سنجیدہ ہیں،جنوبی خیبرپختونخوا میں کوئی حکومت نہیں، گلیاں سڑکیں مسلح لوگوں کے ہاتھوں میں ہیں اللہ کو اونچی آواز میں بات پسند نہیں لیکن مظلوم کی اللہ بات سنتا ہے، پہلے ریاست اور حکومت کی رٹ کو تو مضبوط کریں، آپ کس کے لیے قانون بنارہے ہیں، صوبوں کی اسمبلیاں بھی عوام کی نمائندہ نہیں ہیں، کوئی پبلک نمائندہ عوام کا سامنا کرنے کی پوزیشن میں نہیں، نظریاتی اور اتھارٹی کی جنگ ہے، میں نے 2018 کی پارلیمان کو تسلیم نہیں کیا تھا، 2024 کی پارلیمان کو بھی منتخب نہیں سمجھتا۔

    مخالفین کو پنجاب کی ترقی ہضم نہیں ہورہی،وزیراعلیٰ پنجاب

    انہوں نے کہا کہ کسی وقت ایک اور بازو ہم سے ٹوٹ جائے گا کسی نے اس کا سوچا ہے، ہم نے 40 سال پراکسی وار لڑی ہے، ہم نے اپنی فوج کو جنگ میں جھونکا، کیا ہم اس محاذ سے نکل چکے جس میں تمام کھرے ہماری طرف نکلتے تھے، کوئی افغانی مارا جائے تو ہمارا سارا غصہ افغانستان پر نکلتا ہے،میں انتخابات سے پہلے حکومت کی اجازت سے افغانستان گیا، ایک ایک نکتہ پر بات ہوئی کسی نے اس کو آگے نہیں چلایا، میری ریاست کے کرتا دھرتا ناکام ثابت ہوئے۔

    سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ہمارے فیصلے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے فورم پر ہوتے ہیں، ہمارے فیصلے ہم نہیں کرتے، ہمارے اداروں کو آئی ایم ایف کنٹرول کرتا ہے، آئے روز آئی ایم ایف کا وفد آرہا ہے، اب تو آئی ایم ایف حکومت کی بجائے عدلیہ سے بات کرتا ہے، آئی ایم ایف وفد سپریم کورٹ بار سے مل رہا ہے، آئی ایم ایف وفد کا عدلیہ یا بار سے کیا تعلق، دینی مدارس کی رجسٹریشن پر کہا گیا بیرونی اداروں کو اعتراض ہے، دینی مدارس کے حوالے سے صوبائی اسمبلیوں میں قانون سازی نہیں کی جارہی، ٹرمپ نے آتے ہی کہا غزہ ہمارا ہے، ایک آزاد قوم کو دوسرے ملک میں مہاجر بنانے والے آپ کون ہوتے ہیں۔

    پاکستان نے عالمی بینک کے ساتھ شراکت داری سے استفادہ کیا،وزیراعظم

    انہوں نے کہا کہ پہلی جنگ عظیم کے بعد یہودیوں کو فلسطین میں جبراً آباد کیا گیا، فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بےگھر کیا گیا، کیا ہم دوبارہ نو آبادیات کی طرف جارہے ہیں، ہمارے بارڈر پر جو ہورہا ہے یہ 40 سال سے ہے، صرف ایک ہی جگہ پر جنگ مسلط کی گئی ہے، امریکا یہاں معدنیات پر قبضہ کرنے آیا، خیبرپختونخوا اور افغانستان میں 2 طرح کی معدنیات ہیں، ایک وہ پتھر ہیں جو خلا میں جانے کے لیے راکٹس کے لیے کارآمد ہیں۔

    سربراہ جے یو آئی ف کا کہنا تھا کہ امریکا، چین اور روس سب کے یہاں مفادات ہیں جس کی وہ تگ و دو کررہے ہیں، کوئی پتہ نہیں یہ قبائلی علاقوں پر قبضہ کرنا چاہتے ہوں، ان قبائلی علاقوں سے دنیا کو کنٹرول کرنا چاہتے ہوں، ہمارے قبائلی علاقوں میں جنگیں ہورہی ہیں، آپ نے ان کوضم کردیا، ہمارے علاقوں کا امن بھی خراب ہوگیا، آپ ملک اور ریاست کے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں، میرے پاس تمام قبائل کا جرگہ آیا ہے، سب کا یہی کہنا کہ ہمیں امن دو۔

    مفتی قوی مجھے نہیں سنبھال پائیں گے،راکھی ساونت

    مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ پشاور میں تمام اضلاع کا جرگہ ہوا کہ ہمیں امن دو، آج قبائل کی خواتین گلی کوچوں میں بھیک مانگنے پر مجبور ہیں، صحیح لوگوں کے حوالے سب کریں، معاملہ پارلیمنٹ طے کرے یہ سب کرسکتی ہے، ہمیں سویلین قیادت پر اعتماد کرنا ہوگا، ورنہ وہی بے معنی باتیں، ورنہ وہی ہرروز بے معنی باتیں، یہ باتیں اس لیے کررہا ہوں کہ شاید کہ اترجائے تیرے دل میں میری بات۔

  • انسانی اسمگلرز کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے،عطااللہ تارڑ

    انسانی اسمگلرز کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے،عطااللہ تارڑ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں-

    باغی ٹی وی : وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ اور گجرات میں انسانی اسمگلنگ کا مسئلہ زیادہ ہے، 3 کشتیاں حادثے کا شکار ہوئیں اور لوگ اپنے پیاروں کے جنازوں کا انتظار کرتے رہے۔

    عطا تارڑ نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں اصلاحات کی جا رہی ہیں اور انسانی اسمگلرز کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، اب تک 436 انسانی اسمگلرز گرفتار ہوچکے ہیں۔

    وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے سخت ایکشن لیا، اسمگلرز کی جائیدادیں ضبط اور بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں، انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں انسانی اسمگلرز کو چھپنے کی جگہ کہیں نہیں ملے گی اور ایف آئی اے میں اصلاحات انسانی اسمگلنگ روکنے کا ہی ایک حصہ ہے، انسانی اسمگلنگ میں منظم گینگز شامل تھے انسانی اسمگلرز کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جا رہا ہے، انسانی اسمگلرز کو قرارواقعی سزا دی جائے گی۔

    دوسری جانب وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 2 سالوں میں جرائم کی شرح میں کمی کا انکشاف ہوا ہے، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تحریری جواب قومی اسمبلی میں جمع کرا دیا، جس میں بتایا کہ 2023 کے مقابلے میں 2024 میں 11 فیصد کم جرائم ہوئے۔

    قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کا تحریری جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بتایا کہ سال 2024 میں 1596 مجرموں پر مشتمل 686 گینگز کو پکڑا گیا، 2024 میں 80 کروڑ 26 لاکھ سے زائد مالیت کی چوری شدہ اشیا کو برآمد کیا گیا، ڈالفن فورس، موبائل پیٹرولنگ یونٹس اور 15 کے زریعے شہریوں کو محفوظ بنایا جا رہا ہے۔

    وزیر داخلہ نے بتایا کہ سال 2024 میں کل 231 سرچ آپریشنز منعقد کیے گئے، ہوٹل آئی ایپ کے ذریعے 200 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی، اس وقت دارالحکومت میں مختلف لوکیشنز پر 3159 سی سی ٹی وی کیمرہ لگائے گئے ہیں جبکہ 2024 میں مشتبہ افراد کے خلاف 5000 سی ڈی آرز کا تجزیہ کیا گیا۔

    علاوہ ازیں قومی اسمبلی میں حکومت نے 12 منٹ میں پانچ بل منظور کروا لیے۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر قانون نے سب سے پہلے سول سرونٹ ترمیمی بل 2025 پیش کیا جس کو قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا اس کے علاوہ قومی اسمبلی میں دیوانی عدالتیں ترمیمی بل 2024، پاکستان کوسٹ گارڑ ترمیمی بل 2024، انسانی اسمگلنگ کی روک تھام ترمیمی بل 2025 بھی منظور ہوگیا۔

    قومی اسمبلی میں مہاجرین کی اسمگلنگ کا تدارک ترمیمی بل 2025 منظوری کیلئے قومی اسمبلی میں پیش کیا گیا، جس کو ایوان نے منظور کرلیا اس کے علاوہ امیگریشن ترمیمی بل 2025 بھی منظور کرلیا گیا۔ بلوں کی منظوری کے دوران اپوزیشن جماعتوں نے احتجاج کیا، پی ٹی آئی کے یوسف خان نے کورم کی نشاندہی کی جس پر اجلاس روکا گیا اور پھر کورم پورا ہونے پر اجلاس کی کاروائی دوبارہ شروع ہوئی۔