Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • آسٹریلیا کا گرم ترین شہر،45 ڈگری سینٹی گریڈ گرمی ،ٹائر پگھلنے لگے

    آسٹریلیا کا گرم ترین شہر،45 ڈگری سینٹی گریڈ گرمی ،ٹائر پگھلنے لگے

    آسٹریلیا کے مغربی علاقے ویسٹرن آسٹریلیا کے پلبارا ریجن میں واقع قصبہ ماربل بار کو ملک کے گرم ترین مقامات میں شمار کیا جاتا ہے۔ یہاں کے باسی شدید گرمی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنا چکے ہیں اور اسے جھیلنے کے بجائے اس کے ساتھ جینا سیکھ لیا ہے۔ اس وقت ماربل بار سمیت آسٹریلیا کے کئی دیہی علاقوں کو 2019–20 کے بعد کی بدترین ہیٹ ویو کا سامنا ہے۔مغربی آسٹریلیا کے علاقے پلبارا میں واقع یہ چھوٹا سا قصبہ، جہاں آبادی تقریباً 900 افراد پر مشتمل ہے، پورے ملک میں شدید ترین گرمی کے باعث شہرت رکھتا ہے۔ اس ہفتے آسٹریلیا میں ہیٹ ویو کے دوران ماربل بار میں درجہ حرارت 42 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے، جبکہ آئندہ ہفتے یہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ کو بھی چھو سکتا ہے۔

    ماربل بار میں طویل گرمی کی لہریں معمول کی بات ہیں۔ دسمبر 2023 میں یہاں درجۂ حرارت 49.3 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ماربل بار کمیونٹی ریسورس سینٹر کے کوآرڈینیٹر باز ہیریس کے مطابق،
    “ہم سال کے چھ سے سات ماہ اسی طرح کی شدید گرمی برداشت کرتے ہیں، یہ واقعی بہت مشکل ہوتا ہے۔”ان کا کہنا ہے کہ مقامی لوگ گرمی سے نمٹنے کے عادی ہو چکے ہیں۔“زیادہ تر لوگ اس حقیقت کو قبول کر لیتے ہیں۔ اگر کوئی جنرل اسٹور تک صرف 100 میٹر بھی چل کر جائے تو سر پر ٹوپی اور ہاتھ میں پانی کی بوتل لازمی ہوتی ہے۔ اصل طریقہ یہ ہے کہ رات کو ٹھنڈی جگہ پر اچھی نیند لی جائے۔ اگر چھ، سات گھنٹے کی ٹھنڈی نیند مل جائے تو دن گزارا جا سکتا ہے۔”

    اعداد و شمار کے مطابق، یکم جنوری کے بعد سے ماربل بار میں دن کا درجۂ حرارت 42 ڈگری سے کم نہیں ہوا، جبکہ بدھ کے روز یہ 47 ڈگری سے تجاوز کر گیا۔ گزشتہ موسمِ گرما میں قصبے کو مسلسل 26 دن تک 43 ڈگری سے زیادہ درجۂ حرارت کا سامنا رہا۔تاریخ کی سب سے مشہور ہیٹ ویو 1923–24 میں آئی تھی، جب 160 دن تک مسلسل درجۂ حرارت 37.8 ڈگری (100 فارن ہائیٹ) سے اوپر رہا۔

    باز ہیریس کا کہنا ہے کہ اگرچہ چھ نسلوں سے لوگ اس قصبے کو اپنا گھر کہتے آئے ہیں، لیکن باہر سے آنے والوں کے لیے یہاں رہنا آسان نہیں۔“یہاں اسٹاف کو برقرار رکھنا بہت مشکل ہے۔ لوگ نوکری کے لیے آتے ہیں، لیکن جب 12 سے 15 دن تک مسلسل 40 ڈگری سے زیادہ گرمی پڑتی ہے تو فوراً اندازہ ہو جاتا ہے کہ کون رکے گا اور کون واپس چلا جائے گا۔”

    شدید گرمی کا اثر صرف انسانوں تک محدود نہیں۔ پلبارا ریجن میں استعمال ہونے والے لوہے کی کانوں کے بڑے ٹرک بھی اس موسم سے متاثر ہوتے ہیں۔“جب یہ ٹرک چار ٹریلرز کے ساتھ آئرن اور بھر کر چلتے ہیں تو سڑکوں پر بچھا تارکول پگھلنے لگتا ہے اور سڑک اکھڑ جاتی ہے۔ یہ دیکھنا واقعی حیران کن ہوتا ہے۔

    ادھر آسٹریلیا کی کئی ریاستوں، بشمول ساؤتھ آسٹریلیا، وکٹوریا اور نیو ساؤتھ ویلز میں بھی ہیٹ ویو وارننگ جاری ہے، جہاں درجۂ حرارت معمول سے 15 ڈگری تک زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ساؤتھ آسٹریلیا کے شہر پورٹ آگسٹا، جو اسپینسر گلف کے کنارے واقع ہے، وہاں کی میئر لنلے شائن کا کہنا ہے کہ مقامی آبادی شدید موسم سے نمٹنے کی عادی ہے۔“اگر میں ابھی شہر میں گاڑی چلا کر نکلوں تو مرکزی کاروباری علاقے میں غیر معمولی خاموشی ہوگی، کیونکہ یہاں کے لوگ جانتے ہیں کہ ایسے حالات میں کیسے احتیاط کرنی ہے۔”

    پورٹ آگسٹا، جو “خشک ترین ریاست کے خشک ترین براعظم کا خشک ترین شہر” کہلاتا ہے، بدھ کے روز 46 ڈگری تک پہنچ گیا، یہاں بھی شدید گرمی کی واضح علامت سڑکوں پر نظر آتی ہے۔“اکثر دیکھنے میں آتا ہے کہ بٹومین پگھلنے لگتا ہے، جسے ہم ’بلیڈنگ روڈز‘ کہتے ہیں۔ یہ ہر سال ہوتا ہے۔”میئر کے مطابق سب سے اہم بات کمزور اور بزرگ افراد کا خیال رکھنا ہے۔“ہم ایک مضبوط اور باہمی خیال رکھنے والی کمیونٹی ہیں۔ مشکل وقت میں ہم ایک دوسرے پر نظر رکھتے ہیں، اور یہی ہماری اصل طاقت ہے۔”

    ماربل بار صرف گرمی کے لیے ہی مشہور نہیں بلکہ اس کی تاریخ بھی خاصی دلچسپ ہے۔ یہ قصبہ انیسویں صدی کے آخر میں سونے کی تلاش (گولڈ رش) کے دوران آباد ہوا۔یہاں کا مشہور آئرن کلاڈ ہوٹل 1892 سے آج تک مقامی افراد، کان کنوں اور سیاحوں کی میزبانی کر رہا ہے۔قصبے کا نام قریب بہنے والے کووگن دریا میں موجود ایک جسپر پتھر کی پٹی سے لیا گیا، جسے ابتدا میں غلطی سے سنگِ مرمر (ماربل) سمجھا گیا تھا۔

  • بھارت میں شوٹنگ کا قومی کوچ زیادتی کے الزام میں گرفتار

    بھارت میں شوٹنگ کا قومی کوچ زیادتی کے الزام میں گرفتار

    بھارت میں کھیلوں کے حلقوں کو ہلا کر رکھ دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں شوٹنگ کے قومی کوچ انکوش بھردواج کو 17 سالہ نیشنل شوٹر کی جانب سے ریپ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ دہلی میں منعقد ہونے والے شوٹنگ ایونٹ کے دوران پیش آیا، جہاں پرفارمنس کے جائزے کے بہانے کوچ نے مبینہ طور پر نوجوان شوٹر کو ہوٹل میں زیادتی کا نشانہ بنایا۔رپورٹس کے مطابق متاثرہ شوٹر نے واقعے کے بعد اپنے اہلِ خانہ کو اعتماد میں لیا، جس کے بعد فیملی کی جانب سے پولیس میں تفصیلی شکایت درج کرائی گئی۔ شکایت موصول ہونے پر ہریانہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انکوش بھردواج کو حراست میں لے لیا اور مقدمہ درج کرلیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش مکمل شفافیت کے ساتھ کی جارہی ہے۔ متاثرہ شوٹر اور اس کے اہلِ خانہ سمیت متعلقہ افراد کے بیانات قلم بند کیے جارہے ہیں جبکہ واقعے کے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے فرید آباد پولیس نے متعلقہ ہوٹل سے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی طلب کرلی ہے تاکہ واقعے کی مکمل حقیقت سامنے لائی جاسکے۔

    دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق شوٹنگ ایسوسی ایشن نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے انکوش بھردواج کو فوری طور پر معطل کردیا ہے اور ادارہ جاتی سطح پر بھی اندرونی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک کوچ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اگر الزامات ثابت ہوئے تو زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت فیصلہ کیا جائے گا۔

  • برطانیہ میں شدید برفباری،معمولات زندگی متاثر

    برطانیہ میں شدید برفباری،معمولات زندگی متاثر

    برطانیہ شدید برفانی طوفان ’’گوریٹی‘‘ کی لپیٹ میں آ گیا ہے، جس کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ خاص طور پر ویسٹ مڈلینڈز ریجن میں گزشتہ دس برسوں کی شدید ترین برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جس نے ٹرانسپورٹ، فضائی سفر اور روزمرہ سرگرمیوں کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان کے دوران 100 میل فی گھنٹہ تک کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں اور مسلسل برفباری کے باعث خطرناک صورتحال پیدا ہو گئی۔ شدید موسمی حالات کے پیش نظر برمنگھم ایئرپورٹ کو تمام پروازوں کے لیے رن وے بند کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں درجنوں پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہوئیں، جبکہ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ادھر کارنوال میں طوفان کی شدت کہیں زیادہ ریکارڈ کی گئی، جہاں ہواؤں کی رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔ تیز آندھی کے باعث درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، بجلی کے کھمبے گر گئے اور کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ مقامی انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو ٹیمیں متحرک کر دیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔

    دارالحکومت لندن میں بھی شدید سردی، برفباری اور طوفانی ہواؤں کے باعث شہریوں کو گھروں میں محصور ہو کر رہنا پڑا۔ سڑکیں پھسلن کا شکار ہونے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، جبکہ کئی اسکولوں اور دفاتر کو بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ویسٹ مڈلینڈز ریجن میں طوفان گوریٹی کے پیش نظر ایمبر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ حکام نے عوام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، محفوظ مقامات پر رہیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔ ریسکیو اور ایمرجنسی اداروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند دنوں تک موسم کی صورتحال مزید خراب رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہریوں کو سرد موسم، برفباری اور تیز ہواؤں کے باعث خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • ریپ کیسز کے مدعی ہی ملزمان کے محافظ نکلے

    ریپ کیسز کے مدعی ہی ملزمان کے محافظ نکلے

    گوجرخان (قمرشہزاد) سرکل گوجرخان کے تینوں تھانوں میں ریپ کیسز کے حوالے سے سنسنی خیز حقائق سامنے آنے کے بعد راولپنڈی پولیس نے انصاف بیچنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کر لیا۔

    سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ان 18 کمپلینٹس کے خلاف اینٹی ریپ ایکٹ 2021 کے تحت مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں جنہوں نے عدالتوں میں ملزمان کے ساتھ ساز باز کر کے اپنے بیانات بدلے اور سنگین جرائم میں ملوث درندوں کی بریت کی راہ ہموار کی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق، راولپنڈی پولیس کی جانب سے کیے گئے ایک آڈٹ میں یہ انکشاف ہوا کہ گوجرخان سرکل میں زیادتی کے کئی مقدمات میں کمپلینٹس نے دورانِ ٹرائل عدالت میں اپنے ابتدائی بیانات سے انحراف کیا۔ انکشاف ہوا ہے کہ مدعیان نے مبینہ طور پر بھاری رقوم کے عوض یا پسِ پردہ معاہدوں کے تحت ملزمان کو کلین چٹ دی، جس سے ریاست کی رٹ اور قانون کا مذاق اڑایا گیا۔ سی پی او راولپنڈی کے احکامات پر صدر ڈویژن کے تینوں تھانوں میں کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق تھانہ گوجرخان میں درج 11 ایسے مقدمات کی نشاندہی ہوئی ہے جہاں مدعی ملزمان کے سہولت کار بنے۔ جبکہ تھانہ جاتلی کے 5 کمپلینٹس کے خلاف بھی کارروائی کے احکامات سمیت تھانہ مندرہ کے 2 ایسے کیسز بھی سامنے آئے جہاں بیانات بدل کر انصاف کا خون کیا گیا۔ تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریپ جیسے گھناؤنے جرم کو کاروبار بنانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ایسے عناصر جو پہلے سنگین الزامات لگا کر ریاست کو حرکت میں لاتے ہیں اور بعد ازاں ملزمان سے ساز باز کر کے مکر جاتے ہیں، وہ اب خود جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔ اینٹی ریپ ایکٹ 2021 کے تحت ان 18 افراد کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی شروع کر دی گئی ہے تاکہ مستقبل میں کوئی بھی قانون کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی جرات نہ کر سکے۔ اس اقدام نے جہاں علاقے میں کھلبلی مچا دی ہے، وہی اسے انصاف کے نظام کی شفافیت کے لیے ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پولیس کی یہ مہم انصاف کے سوداگروں کو انجام تک پہنچانے میں کتنی کامیاب ہوتی ہے

  • پاکستان سپرلیگ کی ساتویں ٹیم نیلام، حیدرآباد فرنچائز 175 کروڑ روپے میں فروخت

    پاکستان سپرلیگ کی ساتویں ٹیم نیلام، حیدرآباد فرنچائز 175 کروڑ روپے میں فروخت

    اسلام آباد میں پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی توسیع کے حوالے سے ایک اہم اور تاریخی مرحلہ طے پا گیا، جہاں لیگ کی ساتویں ٹیم کی نیلامی کامیابی سے مکمل کرلی گئی۔ پی ایس ایل کی ساتویں فرنچائز کی بولی کی بیس پرائز 110 کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی، تاہم سخت مقابلے کے بعد ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے کی بلند ترین بولی دے کر فرنچائز اپنے نام کرلی۔ نئی ٹیم کا نام حیدرآباد رکھا گیا ہے۔

    پاکستان سپرلیگ کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی کے سلسلے میں اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، اس تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سمیت پی ایس ایل اور پی سی بی کی اعلیٰ قیادت شریک ہوئی۔ذرائع کے مطابق نئی ٹیموں کے لیے فیصل آباد، گلگت، سیالکوٹ، حیدرآباد، راولپنڈی اور مظفرآباد جیسے شہروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا، جن میں سے ایک شہر کی فرنچائز کی نیلامی کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے۔ علی ترین کے دستبردار ہونے کے بعد نیلامی کے عمل میں مجموعی طور پر 9 کاروباری گروپس نے حصہ لیا، جس سے مقابلہ مزید سخت ہوگیا۔

    پی ایس ایل کے برانڈ ایمبیسڈر وسیم اکرم نے تقریب کے دوران ساتویں ٹیم کی بولی کی بیس پرائز کا باضابطہ اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بولی کا آغاز 110 کروڑ روپے سے کیا گیا، جس کے بعد مختلف پارٹیوں کی جانب سے بولیاں دی گئیں اور بالآخر ایف کے ایس گروپ نے سب سے زیادہ رقم ادا کر کے فرنچائز حاصل کرلی۔اس موقع پر پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپرلیگ نے اپنے سفر کے دوران کئی چیلنجز کا سامنا کیا، تاہم پی سی بی مسلسل ترقی کی جانب گامزن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل آج دنیا کی بہترین اور کامیاب ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شمار ہوتی ہے، جس کی عالمی سطح پر ساکھ مضبوط ہوچکی ہے۔

  • فیلڈ مارشل دہشتگردی کیخلاف جنگ کو لیڈ کر رہے ہیں، وزیراعظم

    فیلڈ مارشل دہشتگردی کیخلاف جنگ کو لیڈ کر رہے ہیں، وزیراعظم

    وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں سیاسی رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ آج بھی جاری ہے، خوارج کو ہمسایہ ممالک سے مدد مل رہی ہے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

    وزیراعطم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل دہشتگردی کیخلاف جنگ کو لیڈ کر رہے ہیں، معرکہ حق میں بھارت کو ایسا سبق سکھایا جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ کے پی کی طرح بلوچستان میں بھی دہشتگردی نے مشکلات پیدا کیں، دہشتگردی کیخلاف افواج پاکستان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،فیلڈمارشل سید عاصم منیر دہشت گردی کے خلاف جنگ کو لیڈ کر رہے ہیں، افواج پاکستان کی قربانیوں کو اگر ہر روز بھی یاد کیا جائے تو وہ کم نہ ہوں گی،پاک فوج، لیویز اور عام شہریوں کی قربانیاں تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی،

  • نجی یونیورسٹی میں طالب علم کی خود کشی،انکوائری رپورٹ سامنے آ گئی

    نجی یونیورسٹی میں طالب علم کی خود کشی،انکوائری رپورٹ سامنے آ گئی

    لاہور کی نجی یونیورسٹی میں 19 دسمبر کو خودکشی کرنے والے طالب علم کے معاملے کی انکوائری رپورٹ بھی سامنے آگئی۔

    رپورٹ کے مطابق طالب علم نے فارمیسی بلڈنگ کی تیسری منزل سے چھلانگ لگائی تھی، طالب علم کی ایک مضمون کے علاوہ دیگر مضامین میں حاضری ٹھیک تھی،انکوائری رپورٹ کے مطابق ایک مضمون صبح کے وقت ہونے سے طالبعلم کی حاضری کم رہی، خودکشی کرنے والا طالب علم شدید ذہنی تناؤ اور سائیکلوجیکل مسائل کا شکار تھا،طالب علم نے کبھی بھی کسی نفسیاتی مسائل کا علاج نہیں کروایا تھا، سی سی ٹی وی فوٹیج اور عینی شاہد کے مطابق طالب علم نے خود چھلانگ لگائی، زخمی طالب علم کو فوری لاہور جنرل اسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔

    رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ صوبائی حکومت اور ہائر ایجوکمیشن کمیشن کو ہر یونیورسٹی میں سائیکالوجی سینٹر کھولنے چاہئیں۔ سائیکلوجی سینٹر میں تجربہ کار پروفیسر اور اساتذہ طالب علموں میں ذہنی تناؤ اور دباؤ سے متعلق آگاہی دیں،واضح رہے کہ کچھ روز قبل یونیورسٹی میں ڈی فارم کے ایک طالب علم نے عمارت کی چوتھی منزل سے کود کر خودکشی کی تھی۔

  • پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کی نیلامی سے علی ترین دستبردار

    پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کی نیلامی سے علی ترین دستبردار

    پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کی نیلامی سے علی ترین دستبردار ہوگئے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پوسٹ پر دستبرداری سے آگاہ کیا۔

    پاکستان سپر لیگ میں 2 نئی ٹیموں کی شمولیت کیلئے بولی کیلئے 9 خریداروں میں مقابلہ ہوگا۔ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے سوشل میڈیا پر نیلامی سے دستبرداری سے متعلق آگاہ کردیا۔انہوں نے کہا کہ فیملی سے مشورہ کرکے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا، پی ایس ایل میں واپسی ہوگی تو جنوبی پنجاب کیلئے ہوگی، ملتان سلطانز کی ٹیم فروخت کیلئے آئے گی تو ہم تیار ہوں گے۔

    دوسری جانب اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں پاکستان سپر لیگ کے آکشن کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر سمیت تمام نو بڈرز شریک ہیں۔

  • پنجاب پولیس آرڈر 2002ء میں ترمیم،فسادات میں ملوث افراد کو 10 سال قید

    پنجاب پولیس آرڈر 2002ء میں ترمیم،فسادات میں ملوث افراد کو 10 سال قید

    پنجاب پولیس آرڈر 2002ء میں ترمیم کردی گئی، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے ترمیمی بل کی منظوری دے دی، فسادات میں ملوث افراد کو 10 سال قید اور 5 لاکھ جرمانہ ہوگا۔

    ترمیم شدہ قانون کے تحت پرتشدد ہجوم کا رویہ قابلِ دست اندازی پولیس اور جرم ناقابلِ ضمانت قرار دیدیا گیا،پولیس حکام کے مطابق اب پرتشدد احتجاج کے مقدمے کا ٹرائل سیشن کورٹ میں ہوگا، فسادات میں ملوث افراد کو 10 سال قید اور 5 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔پولیس حکام کے مطابق قانون میں ’رائٹ زون‘ کا نفاذ کرکے کارروائی پر پولیس کو تحفظ دیدیا گیا، قانون میں پرتشدد احتجاج کے منتظمین اور شرپسند عناصر کیلئے سخت سزاؤں کا تعین کردیا گیا۔

  • پی آئی اے کا لاہور سے لندن فضائی آپریشن بھی شروع کرنے کا اعلان

    پی آئی اے کا لاہور سے لندن فضائی آپریشن بھی شروع کرنے کا اعلان

    پی آئی اے نےلاہور سے لندن فضائی آپریشن بھی شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے

    پہلی پرواز پی کے 757 ، 30 مارچ کو لاہور سے لندن روانہ ہو گی۔لاہور سے لندن کے لئے پروازیں ہیتھرو ائر پورٹ کے ٹرمینل 4 پر لینڈ کریں گی۔ چھ سال کے وقفہ کے بعد پروازوں کا آغاز کیا جارہا ہے۔لندن پی آئی اے کے نیٹ ورک کے ابتدائی بین لاقوامی روٹس میں شامل ہے۔ان پروازوں کی شروعات کے بعد برطانیہ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کی ہفتہ وار تعداد 07 ہو جائے گی۔پابندی سے قبل پی آئی اے پاکستان سے لندن کے لیے ہفتہ وار 10 پروازیں چلا رہی تھی۔لندن کے لئے پروازوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے پہلے ہی اسلام آباد سے لندن کے لئے ہفتہ وار تین پروازوں کا آغاز اعلان کر چکی ہے۔اسلام آباد سے لندن کی پروازیں 29 مارچ سے شروع ہوں گی۔