Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • لاہور ہائیکورٹ ،تہرے قتل میں تین مرتبہ عمر قید پانے والا ملزم بری

    لاہور ہائیکورٹ ،تہرے قتل میں تین مرتبہ عمر قید پانے والا ملزم بری

    لاہور ہائیکورٹ نے تین افراد کے قتل کے مقدمے میں تین مرتبہ عمر قید کی سزا پانے والے ملزم ریاست صفدر کو بری کردیا۔

    جسٹس امجد رفیق نے ریاست صفدر کی اپیل پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے ایف آئی آر کے اندراج اور میڈیکل رپورٹ میں تاخیر جبکہ گواہوں کے بیانات میں موجود تضادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملزم کو بری کرنے کا حکم دیا۔ڈسکہ پولیس نے ریاست صفدر کے خلاف تین افراد کے قتل کا مقدمہ درج کر رکھا تھا، جس میں ماتحت عدالت نے ملزم کو تین مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی تھی۔لاہور ہائیکورٹ نے اپیل پر سماعت کے بعد شواہد اور گواہوں کے بیانات کا جائزہ لیتے ہوئے ملزم کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کردیا۔

  • پاک فوج سندھ کے دور افتادہ علاقوں میں اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں

    پاک فوج سندھ کے دور افتادہ علاقوں میں اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں

    پاک فوج سندھ کے دور افتادہ علاقوں میں اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں ہے

    سندھ کی نوجوان نسل کیلئے جدید تعلیم، کردار سازی اور بہترین مواقع کی فراہمی کیلئے کیڈٹ کالج جیکب آباد کا افتتاح کر دیا گیا، کیڈٹ کالج جیکب آباد کا افتتاح چیئرمین بورڈ آف گورنرز جی او سی پنوعاقل گیریژن نے کیا،شاندارافتتاحی تقریب میں پاک فوج کے افسران،سیاسی و سماجی رہنماؤں اورممتاز تعلیمی شخصیات نے بھرپور شرکت کی،ادارے میں طلبہ کیلئے سائنسی و تکنیکی تقاضوں سے ہم آہنگ جدید کلاس رومز،کمپیوٹر لیبز اور دیگر بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں، تعلیمی سیشن 15ستمبر2026 سے شروع ہوگا جس میں ابتدائی طور پر کلاس ششم و ہفتم کے120کیڈٹس داخل ہوں گے،کیڈٹ کالج جیکب آباد کی تعمیر2023 میں شروع ہوئی جس کو پاک فوج اور سندھ حکومت کی مشترکہ کاوشوں سے فعال کیا گیا ہے،کیڈٹ کالج جیکب آباد سندھ کے دور درازعلاقوں میں نوجوانوں کو جدید تعلیم اور بہترین مواقع کی فراہمی کیلئے ایک اہم پیشرفت ہے

  • مودی حکومت کی معاشی ناکامی، بھارت کا تعلیم یافتہ نوجوان طبقہ نوکریوں سے محروم

    مودی حکومت کی معاشی ناکامی، بھارت کا تعلیم یافتہ نوجوان طبقہ نوکریوں سے محروم

    مودی دور میں روزگار کے بدترین بحران نے بھارتی نوجوانوں کی امیدوں کو خاک میں ملا دیا

    بھارت میں بڑھتی بے روزگاری نے بی جے پی کی کھوکھلی معاشی ترقی کی حقیقت دنیا کے سامنے رکھ دی،عالمی جریدہ بی بی سی کے مطابق؛ملازمت کی تلاش میں بھارتی نوجوان ابھی گپتا درجنوں انٹرویوز کے باوجود تاحال روزگار حاصل کرنے میں ناکام ہے،ملازمت کے متلاشی ابھی گپتا کا کہنا ہے کہ روزانہ صبح سے شام تک کا تمام وقت صرف کام کی تلاش میں گزرتا ہے،تین سالہ تکنیکی ڈگری مکمل کرنے کے باوجود مناسب روزگار کا ملنا مشکل ہو چکا ہے، شعبہ ٹیکنالوجی میں زیادہ عرصے کا تعطل ڈگری کی عملی قدر و قیمت کو ختم کر دیتا ہے،معروف لیبر اکنامسٹ روزا ابراہم کے مطابق مالی بوجھ کے تحت مجبوری میں کیا گیا کام انسان کا وقار اور مقصدِ حیات چھین لیتا ہے،مودی کی ناقص پالیسیوں نے بھارتی طلبہ کے مستقبل کو سوالیہ نشان بنا دیا

  • سعودی ولی عہد نے حوثیوں کیخلاف اسرائیل سے انٹیلی جنس معاونت مانگ لی

    سعودی ولی عہد نے حوثیوں کیخلاف اسرائیل سے انٹیلی جنس معاونت مانگ لی

    اسرائیلی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے حوثیوں کی جانب سے باب المندب کی بندش رکوانے کے لیے اسرائیل سے انٹیلی جنس معاونت طلب کی ہے۔

    اسرائیلی اخبار کے مطابق محمد بن سلمان نے اسرائیل اور دیگر خلیجی ممالک سے براہِ راست جبکہ امریکی سینٹرل کمانڈ کے ذریعے بالواسطہ رابطے کرکے معاونت طلب کی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انصاراللہ کے خلاف براہِ راست حملوں سے امریکا کے انکار نے سعودی عرب کو مشکل صورتحال سے دوچار کردیا ہے۔ حوثیوں کی پیش قدمی کے باعث باب المندب کے قریب اہم علاقوں پر دباؤ بڑھ گیا ہے جبکہ سعودی عرب کے توانائی اور برآمدی راستوں کو بھی خطرات لاحق ہیں۔ حالیہ کشیدگی کے دوران سعودی عرب نے امریکی مدد طلب کی، تاہم واشنگٹن نے براہِ راست حملوں کے بجائے انٹیلی جنس اور اہداف کی نشاندہی میں معاونت پر آمادگی ظاہر کی ہے۔اسرائیلی اخبار کے دعوے پر سعودی حکام کی جانب سے تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

  • 26 نومبر احتجاج کیس، پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے وارنٹ گرفتاری جاری

    26 نومبر احتجاج کیس، پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے وارنٹ گرفتاری جاری

    اسلام آباد: انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 26 نومبر احتجاج سے متعلق مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

    انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے پولیس کی استدعا پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ وارنٹ تھانہ کوہسار میں درج مقدمہ نمبر 1033 میں حاصل کیے گئے ہیں۔عدالت نے پی ٹی آئی کے 12 ارکانِ صوبائی اسمبلی اور 3 ارکانِ قومی اسمبلی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنماؤں عمر ایوب اور عرفان سلیم کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے۔جن ارکانِ صوبائی اسمبلی کے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں، ان میں بابر سلیم سواتی، محمد عثمان، آصف محسود اور عجب گل سمیت دیگر شامل ہیں۔اسی طرح ارکانِ قومی اسمبلی شاہ احد، شیر علی ارباب اور زبیر وزیر کے بھی وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں

  • سڑکیں بند کرنے کا اختیار کسی کو نہیں،پی ٹی آئی 27 ستمبر احتجاج،درخواست نمٹا دی گئی

    سڑکیں بند کرنے کا اختیار کسی کو نہیں،پی ٹی آئی 27 ستمبر احتجاج،درخواست نمٹا دی گئی

    کسی سیاسی جماعت، پبلک آفس ہولڈر کے پاس اسلام آباد کی سڑکیں بند کرنے کا اختیار نہیں، عدالت نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر احتجاج سے متعلق درخواست نمٹادی

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر احتجاج سے متعلق درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹادی،چیف جسٹس سرفرازڈوگر کی سربراہی میں لارجر بینچ نے پی ٹی آئی کے 27 ستمبر کو اسلام آباد احتجاج سے متعلق درخواست فیصلہ سنایا۔

    عدالت نے کہا کہ کسی سیاسی جماعت یا پبلک آفس ہولڈر کے پاس اسلام آباد کی سڑکیں بند کرنے کا اختیار نہیں، صوبوں کے وزرائے اعلیٰ یقینی بنائیں سرکاری مشینری سیاسی جماعت کے احتجاج میں استعمال نہ ہو، کسی بھی سرکاری ملازم کو احتجاج میں شرکت کیلیے مجبور نہ کیا جائے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ کسی سیاسی جماعت یا رہنما کو سڑکوں، شاہراہوں یا دیگر عوامی مقامات پر قبضے کا قانونی حق نہیں، کسی سیاسی جماعت یا رہنما کو شہریوں کی آزادانہ نقل وحرکت میں رکاوٹ ڈالنے کا حق بھی نہیں ہے۔

    عدالت نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتیں مارچ، جلوس یا ریلی کے لیے سرکاری وسائل استعمال نہ ہونے دیں، وزرائے اعلیٰ یقینی بنائیں کہ سرکاری فنڈز یا سرکاری افسران احتجاج میں استعمال نہ ہوں، مارچ، جلوس یا ریلی کے لیے سرکاری گاڑیاں، مشینری یا دیگرسامان استعمال نہ کیا جائے۔

    عدالت نے حکم دیا کہ اسلام آباد انتظامیہ اور وزارت داخلہ شہریوں کے آئینی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں، چیف سیکرٹریز اور آئی جیز عدالتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، عدالت نے وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو بھی ہدایات جاری کر دیں۔

  • باغی رائیٹرز فورم کے اراکین کی سرپرست اعلیٰ مبشر لقمان کے ہمراہ تعارفی نشست

    باغی رائیٹرز فورم کے اراکین کی سرپرست اعلیٰ مبشر لقمان کے ہمراہ تعارفی نشست

    حقیقی رائٹر کا قلم اپنے ملک کے پسے ہوئے طبقے کا ترجمان ہوتا ہے،مبشر لقمان
    لاہور(ظفر اقبال ظفرسے)باغی رائیٹرز فورم کے زیر اہتمام اراکین کی پہلی تعارفی نشست سینئر صحافی و اینکر پرسن ،سی ای او باغی ٹی وی ، سرپرست اعلیٰ باغی رائیٹرز فورم مبشر لقمان کی زیر صدارت جمخانہ کلب مال روڈ منعقدہوئی،تعارفی نشست میں باغی رائیٹر ز فورم لاہور کے اراکین نے شرکت کی،اس موقع پر ظفر اقبال ظفر کو ماہ اگست کا باغی ایوارڈ، جبکہ طارق نوید سندھوکو بھی باغی ایوارڈ دیا گیا،ماہ ستمبرکے باغی ایوارڈ کے لئے اعجاز راہی کا نام مبشر لقمان نے نامزد کیا،جبکہ ماہ ستمبر کے دوسرے ایوارڈ کا اعلان ماہ ستمبر کے آخر میں کیا جائے گا،تقریب کے دوران سابق ڈی جی ایف آئی اے،پاکستان برج فیڈریشن کے مرکزی رہنما غالب بندیشہ نے برج پر تفصیلی بریفنگ دی.

    باغی رائیٹرز فورم کی تعارفی نشست میں اراکین کا تعارف سرپرست اعلیٰ باغی رائیٹرز فورم مبشر لقمان کو کروایا گیا،اراکین نے اپنا تعارف خود کروایا،اس دوران گفتگو کرتے ہوئے مبشر لقمان نے اپنے تربیتی انداز میں قلمی ہنر بتاتے ہوئے کہا کہ کسی کالم کا عنوان ہی پڑھنے والوں کو اپنی جانب کھینچتا ہے ایک حقیقی رائٹر کا قلم اپنے ملک کے پسے ہوئے طبقے کا ترجمان ہوتا ہے جو صاحب اختیار کو انسانی قدروں پر توجہ دلاتے ہوئے غریب عوام کے کم آمدن کے تناظر میں ضرورت زندگی کے نرخ مقرر کرنے پر زور دیتا ہے جب ایک عام انسان کی زندگی آسان بنانے کے حالات پیدا ہوتے ہیں تو اس میں ہر طرح کے لوگ مستفید ہوتے ہیں ہم کمزور بندے کے حالات زندگی بہتر بنانے کے لیے قلم کی پراثر آواز اٹھائیں ،باغی ٹی وی ہو یا باغی رائیٹرز فورم اس کا بنیادی مقصد یہی ہے کہ عام عوام کی آواز بنا جائے اور اس آواز کو باغی ٹی وی چینل سے وابستہ قارئین تک پہنچانے کے لیے میں آپ سب افراد کے لیے باغی ٹی وی چینل کے دروازے کھولتا ہوں، آپ کی چند سو تک پہنچنے والی آواز کو لاکھوں افراد تک پہنچانے کے لیے ایڈیٹر باغی ٹی وی ممتاز اعوان کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، باغی رائیٹرز فورم کے اراکین نہ صرف باغی ٹی وی پر لکھیں بلکہ اپنی ویڈیوز، وی لاگ بھی ہمیں بھیجیں جو باغی ٹی وی کےیوٹیوب اور فیس بک پر نشر کیا جائےگا، ہم باغی رائیٹرز فورم کے تمام ممبران کو خود تک پہنچنے والی مالی آسانی میں شراکت دار بنانے کا عزم رکھتے ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ ایسے وسائل پیدا کیے جائیں جو باغی رائیٹرز فورم سے وابستہ رائٹرز کی معاشی مدد پر مبنی ہوں جب ہم سب پاکستانی عوام کی خیرخواہی چاہتے ہیں تو خود سے وابستہ رائٹرز کی کیوں نہیں چاہیں گے جب بھی ہم تک آپ لوگوں کے لیے آسانیاں پہنچی تو ہم آپ کو نوازیں گے .

    پاکستان برج فیڈریشن کے رہنما غالب بندیشہ نےباغی رائیٹرز فورم کے اراکین کو برج کھیل پر بریفنگ دی،اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ پاکستان برج فیڈریشن کے صدر مبشر لقمان کی ہی کاوشوں سے پاکستان میں برج کا ایشیا کا ٹورنامنٹ لاہور میں منعقد کیا گیا تھا، میں اب تک پاکستان کی انٹرنیشنل سطح پر برج میں متعدد مرتبہ نمائندگی کر چکا ہوں .

    تعارفی نشست میں تمام شرکاء نے باغی رائیٹرز فورم کی اس فکر کو سراہا اور قلمی نکھار میں مفید تجاویز کو اپنے دامن شعور میں محفوظ کیا .

    نشست کے اختتام پر باغی رائیٹرز فورم کا ماہ اگست 2026 کا پہلا ایوارڈ سرپرست اعلیٰ باغی رائیٹرز فورم مبشر لقمان ،غالب بندیشہ نے رائٹر مصنف ظفر اقبال ظفر کو دیا ،جبکہ ظفر اقبال ظفر نے اپنی کتاب مبشر لقمان کو پیش کی،باغی ٹی وی قصور کے بیورو چیف طارق نوید سندھو کو بھی باغی ایوارڈ سے نوازا گیا،

    باغی رائیٹرز فورم کی تعارفی نشست میں ریاض احمد احسان، چوہدری رضوان کاہلوں،نعیم خان،اعجاز راہی، ظفر اقبال ظفر،طارق نوید سندھو،علی رضا،جاوید ڈینی ایل،حافظ محمد زبیر، جان محمد رمضان،عارفین عائشہ،فیصل رمضان، یوحنا جان،دانش رحمان،سید ضیغم حسن عابدی،نادر فہمی،رانا محمد اشرف ایڈوکیٹ،رانا شہزاد الطاف،محمد احمد،چوہدری حمزہ سندھو و دیگر نے شرکت کی.

  • باغی رائیٹرز فورم کا مبشر لقمان کی زیر صدارت اجلاس،نوید شیخ صدر،اعجاز الحق عثمانی کوآرڈینیٹر مقرر

    باغی رائیٹرز فورم کا مبشر لقمان کی زیر صدارت اجلاس،نوید شیخ صدر،اعجاز الحق عثمانی کوآرڈینیٹر مقرر

    باغی رائیٹرز فورم کا اجلاس سی ای او باغی ٹی وی ،سرپرست اعلیٰ باغی رائیٹرز فورم مبشر لقمان کی زیر صدارت ہوا،

    اجلاس میں ایڈیٹر باغی ٹی وی ممتاز اعوان ،نوید شیخ و دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیاکہ نوید شیخ باغی رائیٹرز فورم کے صدر ہوں گے جبکہ اعجاز الحق عثمانی باغی رائیٹرز فورم کے مرکزی کوآرڈینیٹر ہوں گے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ باغی رائیٹرز فورم کی رکنیت سازی ابھی جاری رکھی جائے گی اور دیگر عہدوں کا اعلان بھی جلد کیا جائےگا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ باغی رائیٹرز فورم کے زیر اہتمام اراکین کے اعزاز میں جلد باغی ایوارڈ کی تقریب لاہور میں منعقد کی جائے گی، اجلاس کے اختتام پر باغی رائیٹرز فورم کے اراکین کی تعداد 100 ہونے پر کیک کاٹا گیا.

    اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی و اینکر پرسن ،سی ای او باغی ٹی وی،سرپرست اعلی باغی رائیٹرز فورم مبشر لقمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ مجھے کئی حوالوں سے جانتے ہیں، لیکن ایک حوالہ میرا یہ بھی ہے کہ میرا تعلق باغی ٹی وی ڈاٹ کام سے ہے، باغی ٹی وی ڈاٹ کام الحمد للہ پاکستان کی بہت پرانی ویب سائٹس اور ویب پورٹلز کے اندر شمار ہوتی ہے اور یہ دوزبانی (اردو اور انگریزی) ہے، بیچ میں ہم پشتو ،چائنیز، دری اور دیگر زبانوں میں بھی کام کرتے رہے، لیکن افغانستان سے جنگ کے بعد رپورٹنگ کے سلسلے میں وقفے آ رہے تھے، تو وہاں سے ہم فی الحال جاری نہیں رکھ سکے، جسے آگے انشاء اللہ جاری کرنا چاہیں گے،مبشر لقمان کا کہنا تھا کہ باغی ٹی وی کی ٹیم ایک انتہائی ڈیڈیکیٹڈ ٹیم ہے، جو نہ صرف پاکستان میں بلکہ پاکستان کے باہر سے بھی کام کر رہی ہے۔ الحمد للہ باغی ٹی وی کی خبریں ہر جگہ ڈنکا بجا کر بولتی ہیں اور کوٹ کی جاتی ہیں ، بہت دفعہ میں نے دیکھا ہے کہ مین اسٹریم میڈیا باغی کی خبریں خود اٹھا کر لگا رہا ہوتا ہے، جو کہ باغی کی ایک بہت بڑی جیت ہے؛ بھلے وہ اس کا نام نہ دیں یا ایکنالج نہ کریں، کیونکہ وہ ہمارے ملک میں رواج نہیں ہے ،باغی ٹی وی بہت سی چیزوں پر آگے بڑھ کر لیڈ لے رہا ہے اس وقت کم از کم 150 کے قریب ایسے لوگ ہیں جو باغی کے رائٹرز اور کنٹریبیوٹرز ہیں اور پورے پاکستان اور بیرونِ ملک پھیلے ہوئے ہیں، میں جب بھی مختلف ممالک میں جاتا ہوں، جیسے پچھلی بار ہالینڈ گیا تو ہمارے کالم نگار اور نامہ نگار شہزاد قریشی سےملاقات ہوئی، شہزاد قریشی کی ہالینڈ کے حوالے سے ایک کتاب بھی آئی ہے جس کا تفصیلی جائزہ باغی پر دیا گیا ہے باغی ٹی وی پر لکھنے والے باقاعدہ سمجھدار اور پڑھنے لکھنے والے لوگ ہیں؛ وہ محض وقت گزاری یا کسی کو برا بھلا کہنے کے لیے نہیں لکھتے، بلکہ ان کی تحریر کے پیچھے سوچ، تحقیق اور پس منظر ہوتا ہے

    مبشر لقمان کا مزید کہنا تھا کہ باغی ٹی وی کے ایڈیٹر ممتاز اعوان نے ‘باغی رائٹرز ایوارڈ’ کا اہتمام کیا ہے، جو کہ باغی رائٹرز فورم کے تحت دیا جائے گا،نوید شیخ اس فورم کے مہتمم اور صدر ہیں، جبکہ اعجاز الحق عثمانی صاحب اس کے کوآرڈینیٹر ہوں گے اس فورم میں پورے پاکستان سے رائٹرز اور کنٹریبیوٹرز کو دعوت دی جائے گی تاکہ ایک باہمی سیشن ہو سکے، جہاں ان کے تجربات کا تبادلہ کیا جائے گا اور بہترین رائٹرز کو ایوارڈز دیے جائیں گے
    baaghi
    مبشر لقمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک لحاظ سے بدنصیب ملک ہے کہ یہاں کتاب انارکلی کے فٹ پاتھ پر ملتی ہے، جبکہ جوتے ایم ایم عالم روڈ پر شوکیس میں اسپاٹ لائٹ کے نیچے رکھے جاتے ہیں؛ جس سے یوں لگتا ہے جیسے قوم میں اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جو کتاب پڑھنے کے بجائے جوتے کھانا پسند کرتے ہیں لیکن باغی ٹی وی پر ہم ان تمام لوگوں کا احترام اور قدر کرتے ہیں جن کا تعلق درس و تدریس، لکھنے اور پڑھنے سے ہے، کیونکہ وہی ہمارا اصل اثاثہ ہیں ،جب تک باغی ایوارڈز کی تقریب منعقد نہیں ہوتی، تب تک صفِ اول کے نامزد رائٹرز کی تفصیلات اور ان کا منتخب کالم یا تحریر باغی ٹی وی کے فیس بک پیج اور ویب سائٹ پر شیئر کی جاتی رہے گی ، آپ سب سے بھی گزارش ہے کہ ان تحریروں کو دیکھیں اور اپنی رائے دیں، کیونکہ پڑھنے والوں کی رائے کے بغیر بولنے اور لکھنے والوں کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی

  • میرپور ماتھیلو: آئی جی سندھ  کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر جائزہ اجلاس

    میرپور ماتھیلو: آئی جی سندھ کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر جائزہ اجلاس

    میرپور ماتھیلو: آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کا گھوٹکی میں امن و امان کا جائزہ، فہمیدہ پتافی کی بحفاظت بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت

    گھوٹکی، باغی ٹی وی / نامہ نگار مشتاق علی لغاری:
    میرپور ماتھیلو میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیرِ صدارت ایس ایس پی آفس گھوٹکی میں سکھر ڈویژن بالخصوص ضلع گھوٹکی کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس میں ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب پٹھان، ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران، ایس پی ہیڈکوارٹر حافظ عبدالقادر چاچڑ سمیت ضلع گھوٹکی کے تمام ڈی ایس پیز نے شرکت کی۔ ایس ایس پی آفس آمد پر پولیس افسران نے آئی جی سندھ کا استقبال کیا، جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔

    اجلاس کے دوران ڈی آئی جی سکھر نے سکھر ڈویژن میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جبکہ ایس ایس پی گھوٹکی نے ضلع میں امن و امان، جرائم کے سدباب اور بالخصوص فہمیدہ پتافی کی بازیابی کے لیے جاری پولیس اقدامات، تفتیشی پیش رفت اور اب تک کی کارروائیوں سے متعلق آئی جی سندھ کو تفصیلی بریفنگ دی۔

    آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے فہمیدہ پتافی کی جلد از جلد بحفاظت بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کیس کی تفتیش کو مزید مؤثر، مربوط اور نتیجہ خیز بنایا جائے۔ انہوں نے جدید تفتیشی طریقہ کار اور تکنیکی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے پر بھی زور دیا۔

    انہوں نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ کیس کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے، تفتیش میں سامنے آنے والے شواہد اور معلومات کو مربوط انداز میں آگے بڑھایا جائے اور بازیابی کے لیے جاری اقدامات کو مزید تیز کیا جائے۔

    آئی جی سندھ نے واضح کیا کہ اعلیٰ عدالت کے احکامات پر مکمل اور ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور کیس سے متعلق تمام قانونی تقاضے بلا تاخیر پورے کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو کیس کی ذاتی طور پر نگرانی کرنے اور تفتیشی عمل میں کسی قسم کی کوتاہی سے گریز کی ہدایت بھی کی۔

    جاوید عالم اوڈھو نے کیس کی پیش رفت سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ اور تازہ ترین اپڈیٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ فہمیدہ پتافی کی بازیابی پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس سلسلے میں تمام ممکنہ اقدامات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے۔

    دریں اثنا آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ایس ایس پی گھوٹکی آفس میں آئی ٹی آفس کا سنگِ بنیاد بھی رکھا۔ اس موقع پر پولیس افسران نے آئی جی سندھ کو ضلع میں پولیسنگ، امن و امان اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

  • گھوٹکی: ملہن شر تذلیل کیس میں سابق ایس ایچ او قابل بھیو اور اہلکار نثار مہر دو روزہ پولیس ریمانڈ پر

    گھوٹکی: ملہن شر تذلیل کیس میں سابق ایس ایچ او قابل بھیو اور اہلکار نثار مہر دو روزہ پولیس ریمانڈ پر

    گہوٹکی باغی ٹی وی / نامہ نگار مشتاق علی لغاری
    گھوٹکی: دیہاتی ملہن شر پر مبینہ تشدد اور تذلیل کے کیس میں سابق ایس ایچ او قابل بھیو اور پولیس اہلکار نثار مہر کو آندل سندرانی پولیس نے ہتھکڑیاں لگا کر گھوٹکی کی عدالت میں پیش کیا، جہاں پولیس کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

    عدالت نے دونوں ملزمان کو دو روزہ پولیس ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ عدالتی کارروائی کے بعد پولیس دونوں ملزمان کو سخت سکیورٹی اور پولیس پروٹوکول میں گاڑی کے ذریعے لے گئی۔اس موقع پر کوریج کے لیے موجود صحافیوں کو مبینہ طور پر روکنے کی کوشش کی گئی۔ صحافیوں کے مطابق ایس ایچ او آندل سندرانی اعجاز جسکانی کی جانب سے صحافیوں سے مبینہ بدتمیزی، دھکے دینے اور دھمکانے کا واقعہ پیش آیا، جس پر صحافیوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔واقعے کے خلاف صحافیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ایس ایس پی گھوٹکی سے مطالبہ کیا کہ صحافیوں کو کوریج سے روکنے اور مبینہ بدسلوکی کے واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ دار افسر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔صحافیوں نے خبردار کیا کہ اگر معاملے کا فوری نوٹس لے کر مناسب کارروائی نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

    گھوٹکی: صحافیوں سے مبینہ بدتمیزی کرنے والے ایس ایچ او آندل سندرانی اعجاز جسکانی پريس کلب پہنچ گئے، صحافیوں سے معذرت
    گھوٹکی: باغی ٹی وی / نامہ نگار مشتاق علی لغاری
    گھوٹکی: صحافیوں کے ساتھ مبینہ بدتمیزی کے معاملے پر ایس ایچ او آندل سندرانی اعجاز جسکانی گھوٹکی پریس کلب پہنچ گئے، جہاں انہوں نے صحافیوں سے ملاقات کی اور اپنے رویے پر معذرت کرتے ہوئے معافی مانگ لی۔

    اس موقع پر ایس ایچ او اعجاز جسکانی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے کسی عمل یا گفتگو سے صحافیوں کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔

    ملاقات کے دوران صحافیوں اور پولیس افسر کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کو بات چیت کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔ صحافتی حلقوں کا کہنا ہے کہ پولیس اور صحافیوں کے درمیان باہمی احترام، بہتر رابطے اور پیشہ ورانہ تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے تاکہ عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔