Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • قومی اسمبلی ، انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2024ء کثرت رائے سے منظور

    قومی اسمبلی ، انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2024ء کثرت رائے سے منظور

    اسلام آباد: قومی اسمبلی نے انسداد دہشت گردی ترمیمی بل 2024ء کو کثرت رائے سے منظور کر لیا ہے۔

    ایوان میں اس بل کی حمایت میں 125 ارکان نے ووٹ دیا جبکہ 45 ارکان نے مخالفت کی۔ بل کے تحت انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن 11 فور ای کی ذیلی شق ایک میں اہم ترمیم کی گئی ہے۔ ترمیمی بل کے مطابق مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کو قانونی طور پر اختیار حاصل ہو گا کہ وہ کسی بھی شخص کو ملکی سلامتی، دفاع، امن و امان کے تحفظ کے لیے 3 ماہ تک حفاظتی حراست میں رکھ سکیں۔ اس کا مقصد دہشت گردی اور دیگر سنگین جرائم کی روک تھام میں کارکردگی کو بڑھانا ہے۔بل میں خاص طور پر اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔ ان جرائم میں ملوث کسی بھی شخص کو حراست میں رکھنے کی مدت 3 ماہ سے زائد کی جا سکتی ہے، جو کہ آئین کے آرٹیکل 10 کے تحت ممکن ہو گا۔

    زیر حراست افراد کے خلاف تحقیقات مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (JIT) کے ذریعے کی جائیں گی، جس کا مقصد تفتیش میں شفافیت اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنانا ہے۔ اس سے انسداد دہشت گردی کے حوالے سے قانونی عمل کو مزید مضبوط بنانے کی توقع ہے۔انسداد دہشت گردی ایکٹ کی یہ ترمیم 3 سال کی مدت کے لیے نافذ العمل رہے گی، جس کے بعد اس کی کارکردگی کا جائزہ لے کر دوبارہ توسیع یا ترمیم کی جا سکتی ہے۔

  • لاہور برج ایسوسی ایشن،لاہور جم خانہ کے زیر اہتمام برج ٹورنامنٹ کل ہو گا

    لاہور برج ایسوسی ایشن،لاہور جم خانہ کے زیر اہتمام برج ٹورنامنٹ کل ہو گا

    پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر لاہور برج ایسوسی ایشن اور لاہور جم خانہ کے اشتراک سے 14 اگست 2025 کو ایک روزہ برج ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جا رہاہے۔ برج ٹورنامنٹ لاہور جم خانہ میں صبح 10 بجے شروع ہوگا۔اس ٹورنامنٹ میں پنجاب بھر سے تقریباً 50 بہترین برج کے کھلاڑی حصہ لیں گے، جو جوڑی کی صورت میں اپنی مہارتوں کا مظاہرہ کریں گے اور سب سے اعلیٰ مقام کے لیے سخت مقابلہ کریں گے۔

    برج ایک ذہنی کھیل ہے جو دنیا بھر میں بہت مقبول ہے۔ پاکستان بین الاقوامی تنظیم ورلڈ برج فیڈریشن کا رکن ہے۔ پاکستان سے کئی نامور برج کے کھلاڑی سامنے آئے ہیں جن میں سب سے مشہور اور عالمی سطح پر معروف ضیا محمود ہیں، جنہیں پوری دنیا میں عزت اور شناخت حاصل ہے۔

    لاہور برج ایسوسی ایشن،برج کو ایک مقبول کھیل بنانے کے لیے خصوصی کوششیں کر رہی ہے۔ حال ہی میں اس نے نئے برج کھلاڑیوں کی شمولیت کے لیے ایک پروگرام بھی شروع کیا ہے، جسے شائقین کی جانب سے بے حد پذیرائی ملی ہے۔لاہور برج ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اس قسم کے پروگرامز کے ذریعے پاکستان میں برج کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا اور نئے نوجوان کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں گے۔

  • کلگام میں بھارتی فوج کا آپریشن بری طرح ناکام

    کلگام میں بھارتی فوج کا آپریشن بری طرح ناکام

    مقبوضہ کشمیر کے علاقے کلگام میں بھارتی فوج کا آپریشن بری طرح ناکام ہوگیا۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 12 روز تک جاری رہنے والے آپریشن میں بھوک پیاسے بھارتی فوجی مٹی کھانے پر مجبور ہوئے،کلگام میں ہونے والا یہ آپریشن بھارتی افواج اورکشمیری مزاحمت کاروں کے درمیان طویل ترین لڑائی ثابت ہوئی جس میں 12 دنوں میں 9 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے جبکہ ہیلی کاپٹرز اور ڈرونز بھی ناکارہ ثابت ہوئے، آپریشن میں کرنل سمیت بھارتی فوج کے 14 اہلکار شدید زخمی ہوئے،کلگام میں 12 روزہ آپریشن کے بعد بھارتی فوج کو خالی ہاتھ پسپائی اختیار کرنا پڑی،ایک بھارتی فوجی نے اپنے آخری پیغام میں کہا کہ 5 دن سے کھانے پینے کو کچھ نہیں، فوجی مٹی کھا کر زندہ ہیں۔شمیر نیوز آبزرور نے بھارتی سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایاکہ مزاحمت کار آپریشن کے دوران محاصرہ توڑ کر جنگل کی جانب جانے میں کامیاب ہوگئے۔

    دوسری جانب حریت کانفرنس کا کہنا ہے کہ کلگام آپریشن بھارتی فوج کی سب سے بڑی حالیہ شرمناک ناکامی ہے، مودی حکومت سیاسی ناکامی چھپانے کے لیے کٹھ پتلی فوجی آپریشن کروا رہی ہے۔

    علاوہ ازیں بھارت کے غیرقانونی زیرِقبضہ جموں کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں قابض بھارتی فوج کا ایک اہلکار حملے میں ہلاک ہو گیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجی ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں آپریشن کے دوران ہلاک ہو گیا۔بھارتی سرکاری ذرائع نے فوجی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں آپریشن تاحال جا رہی ہے۔

    غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں کشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں ایک بھارتی فوجی اہلکار پُراسرار طورپر ہلاک ہو گیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجی حکام نے میڈیا کو بتایا ہے کہ بھارتی ریاست اوڈیشہ کا رہائشی سریش بسوال ضلع کے علاقے بھدرواہ میں واقع بٹالین ہیڈکوارٹر میں حادثاتی طور پر گولی چلنے سے ہلاک ہوا ۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔واضح رہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں تعینات بھارتی فوجیوں میں خودکشیوں کا رحجان تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔

  • متحد قوم ،فاتح پاکستان، مرکزی مسلم لیگ کی کال پر قوم   سبزہلالی پرچموں کے ساتھ سڑکوں‌پر

    متحد قوم ،فاتح پاکستان، مرکزی مسلم لیگ کی کال پر قوم سبزہلالی پرچموں کے ساتھ سڑکوں‌پر

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ہفتہ آزادی متحد قوم فاتح پاکستان کے سلوگن کے تحت تقریبات کا سلسلہ چھٹے روز بھی جاری رہا،لاہور میں خؤاتین ریلی،آزادی کارواں کا انعقاد کیا گیا،پشاور میں بھی خواتین ریلی،کراچی میں طلبا نے آزادی پاکستان ریلی نکالی، دیگر شہروں میں بھی سیمینارزو کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا، 14 اگست کو بھی ملک گیر سیمینارز،ریلیاں،کانفرنسز،پرچم کشائی کی تقریبات ہوں گی،اس ضمن میں تمام تر تیاریاں و انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، مرکزی صدر خالد مسعود سندھوسمیت مرکزی و ضلعی قیادت خطاب کرے گی.

    مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام ہفتہ آزادی کی تقریبات جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہیں،لاہور میں چھٹے روز بھی آزادی کارواں کا انعقاد کیا گیا،آزادی کارواں میں بڑی تعداد میں شہری شریک ہوئے،لاہور میں خؤاتین کی بھی ریلی نکالی گئی ،مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام مظفر گڑھ میں اتحاد امت کانفرنس سے مرکزی مسلم لیگ کے جوائنٹ قاری محمدیعقوب شیخ،گدی نشین کوٹ مٹھن شریف خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، مدیر جامعہ محمدیہ بہاولپور فضیلۃ الشیخ مفتی عبداللطیف، مرکزی مسلم لیگ جنوبی پنجاب کے صدر عمران لیاقت بھٹی ، سید عبدالوحید شاہ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ بنیان المرصوص میں شکست کھانے کے بعد ہندوستان اس کوشش میں لگا ہے کہ پاکستان کا امن پارہ پارہ ہو جائے،میدان جنگ میں پاکستان کے ہاتھوں منہ کی کھانے کے بعد بھارت کی کوشش ہے کہ پاکستان میں خانہ جنگی کی فضا قائم کی جائےتاہم پاکستانی قوم متحد ہے اور رہے گی،کراچی میں مرکزی مسلم لیگ کے تحت بچوں کی آزادی واک میں اسکولز کے بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،اس موقع پر پاکستان اور افواجِ پاکستان کے حق میں زبردست نعرے بازی کی گئی،چنیسر و محمود آباد میں ماہ آزادی کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد ہوا،تقریب میں اہلیان علاقہ خصوصاً نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی

    مرکزی مسلم لیگ پشاور کے زیر اہتمام ہفتہ آزادی مہم کے تحت خواتین کی ریلی منعقد ہوئی جس میں خواتین بڑی تعداد میں شریک ہوئیں،نوشہرہ میں استحکام پاکستان کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،کوہاٹ میں آل پارٹیز کانفرنس سے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے خطاب کیا، ڈی آئی خان میں متحد قوم،فاتح پاکستان کانفرنس میں بڑی تعداد میں شہری شریک ہوئے، مرکزی مسلم لیگ سرائے عالمگیر ضلع گجرات کے زیراہتمام سیمینار کا انعقاد کیا گیا،سیمینار کی صدارت محمد سجاد ڈار، جنرل سیکرٹری مرکزی مسلم لیگ ضلع گجرات نے کی، پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تحت خانپور میں ‘متحد قوم، فاتح پاکستان’ پروگرام سے تحصیل جنرل سیکرٹری اشفاق احمد چوہدری، ضلعی جنرل سیکرٹری نوید قمر،نائب صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ رحیم یار خان انجینیئر لائق الرحمان نے خطاب کیا،سیالکوٹ میں سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے سامنے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت اعجاز نصر جنرل سیکرٹری ضلع سیالکوٹ و دیگر نے خطاب کیا، مرکزی مسلم لیگ ضلع ساہیوال کے سیکرٹری جنرل ارشد نواب کی قیادت میں "متحد قوم، فاتح پاکستان ریلی” کاچیچہ وطنی میں انعقاد کیا گیا، ریلی میں عوام کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی ،مرکزی مسلم لیگ راولپنڈی کے زیراہتمام PP-10 چک بیلی میں بچوں کی ریلی نکالی گئی،بچوں نے پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے،مسلم سٹوڈنٹس لیگ گوجرانوالہ کے زیرِ اہتمام مین جی ٹی روڈ گوجرانوالہ پر ایک طویل پرچم کی تقریبِ پرچم کشائی ہوئی

    مرکزی مسلم لیگ شعبہ صنعت و تجارت راولپنڈی کے زیراہتمام سیمینار کا انعقاد کیا گیا،جس میں صدر شمالی زون احسان منصور، سیکرٹری جنرل راولپنڈی انجنیئر مبین صدیقی اور صدر شعبہ صنعت و تجارت راولپنڈی عبدالواجد نے خطاب کیا۔مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد شعبہ دعوت و اصلاح کے زیرِ اہتمام ہفتہِ آزادی مہم کے سلسلہ میں قبا اسلامک کمپلیکس میں علماء و مشائخ کا چودہ اگست کے حوالے سے خصوصی پروگرام منعقد ہوا۔صدر مرکزی مسلم لیگ اسلام آباد انعام الرحمٰن کمبوہ نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں امن و بھائی چارے کی فضا قائم رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہم سب مل کر ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔مسلم اسٹوڈنٹس لیگ راولپنڈی کے زیراہتمام آزادیٔ پاکستان کے موضوع پر تقریری مقابلہ منعقد ہوا،تقریری مقابلہ میں تدریس القرآن اکیڈمی کے طلباء نے پوزیشن حاصل کیں .

    مری میں‌ آزادی سیمینار کے شرکاہ سے سردار محمد مرتضی ہزاروی سیکرٹری جنرل مرکزی مسلم لیگ ضلع مری نے خطاب کیا،مرکزی مسلم لیگ پریٹ آباد کی جانب کی پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ،تقریب میں مرکزی مسلم لیگ حیدرآباد ڈویژن کے صدر عقیل احمد نے خصوصی شرکت کی ، چنیوٹ میں یوم آزادی کے حوالے سے بچوں نے ریلی نکالی، چترال کے تعلیمی اداروں میں یوم آزادی کے حوالہ سے تقریبات منعقد کی گئیں، ایبٹ آباد کے زیر اہتمام مختلف علاقوں میں شجر کاری مہم کے تحت پودے لگائے گئے،سمبڑیال میں طالبات نے ریلی نکالی،مرکزی مسلم لیگ لودھراں کی جانب سے شجر کاری مہم کی گئی، پاکپتن میں مرکز عبداللہ بن مبارک تا نگینہ چوک پاکپتن تک استحکام پاکستان کارواں کا انعقاد کیا گیا، مسلم ویمن لیگ سیالکوٹ سٹی کے زیر اہتمام ہفتہ آزادی کے سلسلے میں خواتین کی ریلی نکالی گئی جس میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ،ساہیوال میں بھی مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام تاریخ کے سب سے بڑے اور لمبے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی،اس موقع پر شرکا نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے.

  • بلاول  کے حقیقت پر مبنی بیان پر بھارتی اداکار و بی جے پی رہنما متھن چکرورتی سیخ پا

    بلاول کے حقیقت پر مبنی بیان پر بھارتی اداکار و بی جے پی رہنما متھن چکرورتی سیخ پا

    پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حقیقت پر مبنی بیان نے بھارتی اداکار و بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما متھن چکرورتی کو سیخ پا کردیا۔

    متھن نے زہریلی زبان استعمال کرتے ہوئے پاکستان پر میزائل حملے کی دھمکی دے دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے،اداکار نے صحافی کے ایک سوال پر گیدڑ بھپکی دی اور کہا کہ اگر ہمارا دماغ خراب ہوگیا تو پاکستان پر براہموس میزائل چلے گا اور پھر ایک اور چلے گا، اگر کچھ نہیں ہوا تو ہم ایک ڈیم بنائیں گے اور وقتِ ضرورت پر اسے کھول دیں گے، اس طرح گولی تو نہیں چلے گی لیکن سونامی آ جائے گا،متھن چکرورتی نے مزید کہا کہ معافی چاہتا ہوں، پاکستان کے عوام کے ساتھ ہمارا کوئی لینا دینا نہیں، وہ لوگ اچھے ہیں، یہ بات میں نے صرف ان (بلاول و قیادت) کے لیے کہی ہے۔

    خیال رہے کہ سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بھٹ شاہ پر خطاب میں کہا تھا کہ دریائے سندھ پر حملہ تہذیب اور ثقافت پر حملہ تصور کیا جائے گا، میں نے مودی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کا وعدہ کیا تھا اور آج مودی بے نقاب ہوگیا۔

  • لاہور میں صحافی کالونی کی کمرشل پراپرٹی پر قبضہ جاری، تعمیرات شروع

    لاہور میں صحافی کالونی کی کمرشل پراپرٹی پر قبضہ جاری، تعمیرات شروع

    لاہور میں صحافی کالونی کی کمرشل پراپرٹی پر قبضہ کرنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ آج صبح سے قبضہ گروپ نے کالونی میں بلا اجازت تعمیراتی کام شروع کر دیا ہے، جس کے خلاف صحافی برادری میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

    پروگریسو گروپ کے رہنما معین اظہر کی جانب سے جاری اعلامی کے مطابق لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سیکرٹری زاہد عابد سمیت دیگر عہدے دار اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، جبکہ سپریم کورٹ کے جاری کردہ اسٹے آرڈر کے باوجود قبضہ گروپ کو تعمیرات کی اجازت دی گئی ہے۔ اس سے صحافیوں میں سخت غم و غصہ پایا جا رہا ہے کیونکہ انہیں اپنے گھروں کی تعمیر کی اجازت تک نہیں دی جاتی۔محکمہ اطلاعات کے تحت قائم جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کا عملہ بھی اس حساس صورتحال میں غائب ہے اور وزیر اطلاعات کی جانب سے بھی کوئی بیان یا کارروائی سامنے نہیں آئی۔

    دوسری جانب، صحافیوں کے حقوق کے لیے سرگرم تنظیم "پروگیسو گروپ” نے اس غیر قانونی قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت خصوصاً وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ پروگیسو گروپ کے چیرمین معین اظہر کا کہنا ہے کہ کالونی میں قبضہ گروپ کڑوروں روپے مالیت کی اراضی پر ناجائز قبضہ کر چکے ہیں اور اس پر قابو پانا ناگزیر ہے۔معین اظہر نے کہا کہ اس جگہ پر قبلاً تین بار قبضہ مکرر کوششوں کے ذریعے ناکام بنائی گئی ہے لیکن اب صورت حال مزید سنگین ہو چکی ہے۔ انہوں نے حکومت سے پر زور کہا کہ ایماندار افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے جو قبضہ گروپ اور اس سے منسلک اہم شخصیات کو بے نقاب کرے۔اگر فوری طور پر قبضے کی روک تھام نہ کی گئی تو صحافی برادری محکمہ اطلاعات کے سامنے بھرپور احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔

  • جلد بجلی سستی ہو گی، وزیر خزانہ

    جلد بجلی سستی ہو گی، وزیر خزانہ

    وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے ٹاسک فورس کام کر رہی ہے، جلد بجلی سستی ہو گی۔

    اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مانتا ہوں کہ ملکی قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ایک بڑا اضافہ ہے، جیسے جیسے قرضوں کی ادائیگی ہوگی یہ صورتِ حال بہتر ہو گی،محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پالیسی ریٹ میں مزید کمی سے متعلق بھی اعلان جلد کیا جائے گا، اس سال ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری تیزی سے آگے بڑھے گی، ایف بی آر میں اصلاحات کے عمل کی نگرانی وزیر اعظم خود کر رہے ہیں، پہلی بار زرعی آمدنی کو بھی ٹیکس نظام کا حصہ بنایا گیا ہے، جتنی مالیاتی اسپیس میسر تھی اس کے مطابق تنخواہ داروں کو ٹیکس ریلیف دے چکے، ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے سوا ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں ہے،اقتصادی میدان میں پاکستان کی کامیابیوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے، ایک تیسری عالمی ریٹنگ ایجنسی بھی پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری کا اعلان کرے گی،امریکا سے ٹیرف مذاکرات کے بعد پاکستان کے ایکسپورٹ کے مواقع بڑھے ہیں۔

  • بجلی چوری اور عدم ادائیگی پر فیصل آباد کے پورے گاؤں کی بجلی منقطع

    بجلی چوری اور عدم ادائیگی پر فیصل آباد کے پورے گاؤں کی بجلی منقطع

    فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے بجلی چوری اور لاکھوں روپے کے بلوں کی عدم ادائیگی پر سخت اقدام اٹھاتے ہوئے فیصل آباد کے نواحی گاؤں 431 گ ب کی بجلی مکمل طور پر منقطع کردی ہے۔

    فیسکو حکام کے مطابق گاؤں 431 گ ب میں اکثر صارفین ڈائریکٹ کنڈے ڈال کر بجلی چوری کر رہے تھے، جس کی متعدد بار نشاندہی کے باوجود صورت حال میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ حکام نے بتایا کہ گاؤں میں بجلی چوری کے 100 سے زائد مقدمات درج کیے جا چکے ہیں اور گاؤں کے رہائشیوں پر مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے سے زائد کے بجلی بل واجب الادا ہیں۔فیسکو ترجمان کا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام نے بارہا وارننگز جاری کیں، لیکن اس کے باوجود بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی کا سلسلہ جاری رہا۔ اس صورت حال کے پیش نظر کمپنی نے مین سپلائی لائن سے گاؤں کو فراہم کی جانے والی بجلی کی فراہمی معطل کرنے کا فیصلہ کیا۔

    حکام نے واضح کیا ہے کہ جب تک صارفین اپنے بقایاجات ادا نہیں کرتے، گاؤں کی بجلی منقطع رہے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فیسکو کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، اور کمپنی کسی صورت بجلی چوروں کے خلاف نرمی برتنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔

    فیسکو کی اس کارروائی پر مقامی افراد کی جانب سے ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بعض افراد نے اس اقدام کو درست قرار دیا جبکہ دیگر کا کہنا ہے کہ پورے گاؤں کو سزا دینا زیادتی ہے، کیونکہ کچھ صارفین بل باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں۔دوسری جانب فیسکو حکام کا کہنا ہے کہ اگر کوئی صارف اپنی ادائیگیاں کلیئر کرتا ہے تو ان کا کنکشن انفرادی طور پر بحال کیا جا سکتا ہے، تاہم گاؤں کی اجتماعی بجلی بحالی صرف واجب الادا رقم کی مکمل ادائیگی کے بعد ہی ممکن ہو سکے گی۔

  • ایس بی سی اے افسران کیلئے جہنم میں بھی خاص جگہ ہوگی۔سندھ ہائیکورٹ

    ایس بی سی اے افسران کیلئے جہنم میں بھی خاص جگہ ہوگی۔سندھ ہائیکورٹ

    سندھ ہائیکورٹ میں گارڈن ویسٹ رمضان آباد میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر جسٹس اقبال کلہوڑو نے کہاکہ آپ کا کام صرف ٹیبل کے نیچے سے پیسے کمانا ہے؟ایس بی سی اے حکومت کا سب سے بدنام ادارہ ہے،ایس بی سی اے افسران کیلئے جہنم میں بھی خاص جگہ ہوگی۔

    سندھ ہائیکورٹ میں گارڈن ویسٹ رمضان آباد میں غیرقانونی تعمیرات کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی،کے ایم سی اور ایس بی سی اے افسران عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے استفسار کیا کہ 2000میں عمارت بنی ، ابتک آپ نے کیا کارروائی کی؟ڈائریکٹر ایس بی سی اے نے کہاکہ معاملہ ابھی نوٹس میں آیا، عدالتی حکم پر کارروائی ہوگی، عدالت نے استفسار کیا کہ آپ اپنا کام نہیں کریں گے، عدالتی حکم کی ضرورت کیوں ہے، جسٹس اقبال کلہوڑو نے کہاکہ آپ کا کام صرف ٹیبل کے نیچے سے پیسے کمانا ہے؟ایس بی سی اے حکومت کا سب سے بدنام ادارہ ہے، ایس بی سی اے افسران کیلئے جہنم میں بھی خاص جگہ ہوگی، غیرقانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی کرکے رپورٹ پیش کریں،عدالت نے ایس بی سی اے سے 16ستمبر تک رپورٹ طلب کرلی۔

  • ہمیں ایک متحد قوم بن کر اپنے چیلنجز کا سامنا کرنا چاہیے،شرجیل میمن

    ہمیں ایک متحد قوم بن کر اپنے چیلنجز کا سامنا کرنا چاہیے،شرجیل میمن

    کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ہماری مسلح افواج نے بھارت کو ایسی دھول چٹا دی ہے جس کی نظیر کم ہی ملتی ہے۔ ہماری فورسز کی بہادری اور قربانی کو دنیا میں سب سے الگ مقام حاصل ہے۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر نریندر مودی جیسے دہشت گرد کو بے نقاب کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے دنیا کو مودی کا اصل چہرہ دکھایا ہے، جس کے بعد پوری بھارتی عوام بھی مودی پر شدید تنقید کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی اختلافات کو ختم کر کے ہمیں ایک متحد قوم بن کر اپنے چیلنجز کا سامنا کرنا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک اجلاس میں مدعو کیا گیا ہے تاکہ ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنائی جا سکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار ملک رہا ہے، اور ہماری افواج نے اپنے سینکڑوں جوانوں کی قربانی دی ہے تاکہ ملک میں امن قائم رہ سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک متحد قوم ہے اور ہمیں یہ پیغام دنیا کے سامنے واضح کرنا ہے کہ ہم صرف امن کے خواہاں ہیں۔