Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • حکومت آزاد صحافت کو معاشرتی بہتری کا ستون سمجھتی ہے،عطا تارڑ

    حکومت آزاد صحافت کو معاشرتی بہتری کا ستون سمجھتی ہے،عطا تارڑ

    وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ سے پی ایف یو جے، آر آئی یو جے اور پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد کی ملاقات ہوئی ہے

    وفاقی وزیر اطلاعات نے راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) کے صدر طارق ورک کے ساتھ پیشہ آنے والے واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا،وفاقی وزیر عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے وقار، آزادی اور پیشہ ورانہ تحفظ کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا، معاملے کو حل کرنا میری ذمہ داری ہے،صحافیوں کو ان کے فرائض کی ادائیگی میں ہر ممکن تعاون اور تحفظ فراہم کریں گے۔حکومت آزاد صحافت کو معاشرتی بہتری کا ستون سمجھتی ہے اور اس کے دفاع کے لئے پرعزم ہے، ملاقات میں پرنسپل انفارمیشن آفیسر مبشر حسن اور دیگر بھی موجود تھے۔

  • فحش اور گستاخانہ مواد ،یوپی میں دو انسٹاگرام انفلوئنسرز گرفتار

    فحش اور گستاخانہ مواد ،یوپی میں دو انسٹاگرام انفلوئنسرز گرفتار

    دو مشہور انسٹاگرام انفلوئنسرز مہک اور پری کو گستاخانہ اور فحش موادشیئر کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب پولیس کو ایک شکایت موصول ہوئی کہ یہ خواتین فحش اور توہین آمیز ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر رہی ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مہک اور پری کے علاوہ ان کے دو ساتھی، حنا اور جرار عالم بھی اس گروپ میں شامل ہیں جن پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سمبہال پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چاروں کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف بھارتیہ نیایا سنہیتہ (بی این ایس) کی دفعہ 296 اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 66 کے تحت کیس درج کیا ہے۔پولیس کے مطابق، یہ گروپ ہر ماہ تقریباً 25 ہزار سے 30 ہزار روپے کی آمدنی کر رہا تھا، جس کی ترغیب سے انہوں نے اپنی ویڈیوز میں بدتمیز زبان اور فحش مناظر شامل کرنا شروع کیے تاکہ زیادہ ناظرین کو اپنی طرف راغب کیا جا سکے۔ "یہ لوگ سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے یہ حرکتیں کر رہے تھے،” پولیس نے کہا۔

    گرفتاری کے دوران پولیس نے دو مہنگے آئی فون اور چار اضافی اسمارٹ فونز بھی ضبط کیے جو مواد کی تیاری اور تقسیم کے لیے استعمال ہو رہے تھے۔گرفتاری کے بعد ایک انفلوئنسر کو پولیس اسٹیشن کے باہر میڈیا کے سامنے مسکراتے اور وکٹری سائن دکھاتے ہوئے کیمروں میں دیکھا گیا، جو اس واقعے کی نمایاں تصویر بنی۔پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے عمل میں ملوث نہ ہوں۔ "ہر فرد کو اپنے خیالات اور اظہار رائے کا حق حاصل ہے، لیکن یہ حق مکمل نہیں ہوتا۔ اس کے کچھ حدود ہوتی ہیں جنہیں سماجی اقدار، شرافت اور اخلاقیات کو مدنظر رکھتے ہوئے استعمال کرنا چاہیے،” پولیس نے بیان دیا۔مہک اور پری کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بند کر دیا گیا ہے، لیکن ان کا مواد اب بھی مختلف ری پوسٹ اور مرر اکاؤنٹس کے ذریعے گردش کرتا رہتا ہے، جس پر پولیس نظر رکھے ہوئے ہے۔

  • عمران چاہیں تو جیل میں ہی جلسہ منعقد کرا سکتے ہیں،عظمیٰ بخاری

    عمران چاہیں تو جیل میں ہی جلسہ منعقد کرا سکتے ہیں،عظمیٰ بخاری

    لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ برطانوی شہری اپنے والد صاحب سے ملاقات کے لیے جب چاہیں آ سکتے ہیں، لیکن یہ واضح نہیں کہ انہوں نے اپنے بچوں کو اب تک پاکستانی شہریت کیوں نہیں دلائی۔

    لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے تحریک انصاف کے بانی اور مرکزی قائد پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک بڑی پارٹی ہے لیکن اس کی حالت اس قابل نہیں رہی کہ بانی پی ٹی آئی کو اب تک 66 ملاقاتیں مل چکی ہیں، اور اگر وہ چاہیں تو جیل میں ہی جلسہ منعقد کرا سکتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اب دیکھنا یہ ہے کہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کی جانب سے جو مینیو سامنے آیا ہے، اس میں باورچی ان کا الگ کھانا تیار کرتا ہے۔

    عظمیٰ بخاری نے خیبر پختونخواہ میں کرپشن کے نئے نئے انکشافات پر بھی بات کی اور کہا کہ وہاں ہر روز کرپشن کی نئی داستانیں سامنے آ رہی ہیں، جب کہ سیاسی محاذ پر ساس بہو کی لڑائی بھی جاری ہے جس میں علیمہ باجی آ کر رونا شروع کر دیتی ہیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ خیبر پختونخواہ میں ایک اور بڑا اسکینڈل سامنے آیا ہے جہاں اربوں روپے کے معاملات زیر التوا ہیں، لیکن کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی جا رہی۔ عوامی رائے شماری کے حوالے سے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ 71 فیصد عوام نے مریم نواز کو ووٹ دیا ہے اور وہ علی امین گنڈاپور سے مطمئن نہیں ہیں۔ پنجاب کی صورتحال کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہاں کے معاملات بہتر طریقے سے چل رہے ہیں۔

    موسمی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ ملک میں مون سون کی شدید لہر ہے اور مختلف علاقوں میں بارشیں ریکارڈ کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے باوجود پانی کی نکاسی کا کام فوری اور مؤثر انداز میں کیا گیا ہے، خاص طور پر نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

    عظمیٰ بخاری کے مطابق دو دن قبل پیرا فورس قائم کی گئی ہے جو اگلے تین چار مہینوں میں پورے پنجاب میں کام شروع کر دے گی۔ اس فورس کو مکمل تربیت دی جائے گی اور اس میں شفاف تحقیقات کے لیے اپنا انویسٹی گیشن سیل بھی ہوگا۔ اس فورس میں 50 ہزار سے زائد افراد شامل ہوں گے جو پنجاب بھر میں قانون نافذ کرنے کے کاموں میں مدد فراہم کریں گے۔

  • پیٹرول کی قیمت میں اضافہ،حکمران عوام کو ریلیف دیں یا گھر جائیں،تابش قیوم

    پیٹرول کی قیمت میں اضافہ،حکمران عوام کو ریلیف دیں یا گھر جائیں،تابش قیوم

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم نے کہا ہے کہ مہنگائی سے پریشان حال عوام پر ایک اور پیٹرول بم گرایا گیا ہے، حکمران شہریوں کو ریلیف نہیں دے سکتے تو گھرجائیں، ہر 15 دنوں بعد پٹرولیم مصنوعات میں مسلسل اضافے سے مہنگائی بڑھ چکی،بجلی ،سوئی گیس کے بلوں نے شہریوں کا زندگی اجیرن کر دی ہے،حکمران اپنی مراعات کم کریں اور عوام کو ریلیف دینے کےاقدامات کریں.

    تابش قیوم کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 11 روپے فی لیٹر اضافہ موجودہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کا تسلسل ہے،یہ اضافہ عوامی مسائل میں براہِ راست اضافہ ہے اور اس سے مہنگائی کی نئی لہر جنم لے گی، جو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے عوام کے لیے ناقابل برداشت ہوگی، جب عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں تو پاکستان میں مسلسل اضافہ کیوں کیا جا رہا ہے.پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے کرایے اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگا، جس کا براہ راست اثر عام آدمی پر پڑے گا،حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے

  • وفاقی کابینہ اجلاس، ای او بی آئی  پینشن میں 15 فیصد اضافے کی منظوری

    وفاقی کابینہ اجلاس، ای او بی آئی پینشن میں 15 فیصد اضافے کی منظوری

    وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم ہاؤس, اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

    وفاقی کابینہ نے وزارت بحری امور کی سفارش پر سی کیرج شپنگ ڈاکیومینٹس (Sea Carriage Shipping Documents) بل، 2025 کے مسودے کے حوالے سے ضروری قانونی کاروائی شروع کرنے کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل کی سفارش پر ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوشن (EOBI) کی پینشن میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دے دی جس کا اطلاق یکم جنوری، 2025 سے ہو گا. پینشن میں یہ اضافہ ادارہ اپنے وسائل سے پورا کرے گا۔

    وزیراعظم نے ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوشن(EOBI ) میں اداراتی اصلاحات کے حوالے سے کابینہ کی کمیٹی تشکیل کرنے کی ہدایت کی ۔ یہ کمیٹی ادارے کی اصلاحات کے ساتھ ساتھ غیر منظم لیبر سیکٹر جیسا کہ گھریلو ملازمین، کاشتکاری سے وابستہ ملازمین اور اس طرح کے دیگر شعبوں کے ملازمین جنہیں اب تک نظر انداز کیا جاتا رہا، کو اولڈ ایج بینیفٹس کی فراہمی کے حوالے سے تجاویز پر غور و خوض کرے گی۔ غیر منظم سیکٹر کی اصلاحات سے اب تک نظر انداز کئے گئے سیکٹرز کے ملازمین کو انکے حقوق ملیں گے.

    وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر اسپتالوں اور متعلقہ صحت کےاداروں میں استعمال ہونے والی انسداد کینسر، دل کے امراض اور زندگی بچانے والی ادویات کی درآمد پر میں پانچ سال کی مزید استثنٰی کی منظوری دے دی۔ یہ ادویات انسانی زندگیوں کو بچانے کے لئے انتہائی اہم ہیں اور انکی فوری دستیابی کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ استثنی دیا گیا ہے. یہ ادویات صرف اسپتالوں اور متعلقہ اداروں میں دستیاب ہوں گی اور ان کی کھلے عام فروخت پر پابندی ہو گی اور ان ادویات کی درآمد کے لئے پہلے لائسینسنگ اتھارٹی سے منظوری درکار ہو گی۔وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 2 جولائی 2025 اور 3 جولائی 2025 کو ہوئے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

  • قومی ایئر لائن کی تباہی کا مجرم عمران خان بھی ہے،خواجہ آصف

    قومی ایئر لائن کی تباہی کا مجرم عمران خان بھی ہے،خواجہ آصف

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک پریس کانفرنس میں سابق وزیر ہوا بازی غلام سرور خان اور تحریک انصاف کے بانی پر قومی ایئر لائنز کے خلاف سنگین جرائم کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں اس معاملے میں برابر کے شریک تھے اور ان کے اقدامات کی وجہ سے پاکستانی ایئر لائنز پر پابندیاں عائد ہوئیں۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ سابق وزیر ہوا بازی کے غیر ذمہ دارانہ فیصلوں اور اقدامات نے قومی ایئر لائن کی ساکھ کو بری طرح متاثر کیا اور اس کے نتیجے میں پاکستان کا نام ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا گیا، جو کہ ایک اہم قومی نقصان اور سنگِ میل تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غلام سرور خان نے اپنے منصب کا غلط استعمال کرتے ہوئے قومی ایئر لائن کو "قبرستان” بنا دیا، اور بانی پی ٹی آئی بھی اس میں برابر کے شریک ہیں۔

    وزیر دفاع نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے قومی وقار کو بحال کرتے ہوئے پاکستانی ایئر لائنز سے پابندیاں ہٹانے میں کامیابی حاصل کی ہے، جو ملک کے لیے خوش آئند اور فخر کا باعث ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صرف قومی ایئر لائنز ہی نہیں بلکہ ایک نجی ایئر لائن کو بھی برطانیہ نے پروازوں کی اجازت دی ہے، جس سے ملکی فضائی صنعت کی ترقی کی امیدیں روشن ہوئیں۔

    خواجہ آصف نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ جلد از جلد نیویارک سمیت دیگر اہم بین الاقوامی پروازیں بھی بحال کی جائیں، اور اس حوالے سے پاکستان بیرون ملک اپنی آپریٹنگ لائسنس کے لیے درخواست دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تمام بین الاقوامی ریگولیٹرز، خاص طور پر برطانیہ اور یورپی ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے اقدامات کو سراہا اور قومی ایئر لائن کے آپریٹر سول ایوی ایشن کو عالمی سطح پر پذیرائی دی۔

  • جہنم واصل خارجی کی لاش ورثا کا لینے سے انکار

    جہنم واصل خارجی کی لاش ورثا کا لینے سے انکار

    سیکورٹی فورسز کی جانب سے جنوبی وزیرستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف آپریشن کامیابی سے جاری ہیں۔ایک کارروائی کے دوران خارجی حمید اللہ جہنم واصل ہوگیا جو مختلف دہشتگردانہ حملوں میں ملوث تھا ۔ہلاکت کے بعد خارجی حمید اللہ کے ورثاء نے لاش لینے سے انکار کر دیا ۔

    خارجی کے والد کا کہنا تھا کہ حمید اللہ نے جو دہشتگردانہ حملے کئے وہ ہمارے عقیدے ، اسلام کے برعکس اور غیر قانونی ہیں، حکومت پاکستان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس کی لاش کو ختم کردیں۔خارجی حمید اللہ کے بھائی کا کہنا تھا کہ ان کے بھائی نے جو حملے کئے وہ اسلامی روایات کہ خلاف ہیں ۔

    ورثاء کا لاش لینے سے انکار اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان کے شہری دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں۔یہ پیغام ان نوجوانوں کے لیے بھی ایک انتباہ ہے جو شدت پسندی کی طرف مائل ہو کر صرف بدنامی، رسوائی اور بربادی کا باعث بن جاتے ہیں

  • برطانوی پابندی ختم،پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن کے فریم ورک پر کام شروع

    برطانوی پابندی ختم،پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن کے فریم ورک پر کام شروع

    پی آئی اے نے فلائٹ آپریشن کے فریم ورک پر کام شروع کر دیا

    اسلام آباد: برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکالنے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے برطانیہ کے لیے اپنی فلائٹ آپریشن بحال کرنے کے لیے اہم اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

    پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ے اس حوالے سے ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے جس میں فلائٹ آپریشن کے فریم ورک پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔ اجلاس میں برطانیہ کے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے فوری رابطہ قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ آپریشن کی اجازت اور دیگر تقاضے پورے کیے جا سکیں۔پی آئی اے انتظامیہ کا منصوبہ ہے کہ برطانیہ کے سول ایوی ایشن حکام سے آپریٹ کرنے کی رسمی درخواست دی جائے گی، جس کے بعد یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔ اس سرٹیفکیٹ کے بعد ہی پی آئی اے اپنی برطانوی پروازوں کا دوبارہ آغاز کر سکے گی۔

    ذرائع کے مطابق، ایئر آپریٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنا پی آئی اے کے لیے ایک اہم قانونی اور انتظامی قدم ہوگا، جس سے اس کی فلائٹ آپریشن کی بحالی میں مدد ملے گی اور برطانیہ کے فضائی حدود میں پروازیں بحال ہوں گی۔یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب برطانوی حکومت نے پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا تھا، جس سے پاکستان کی ایئر لائنز کو برطانیہ کے لیے آپریشنز پر پابندی عائد ہوگئی تھی۔پی آئی اے انتظامیہ نے اس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کے ساتھ فوری رابطے اور مشاورت کا آغاز کر دیا ہے تاکہ برطانوی فضائی حدود میں پروازوں کی بحالی کے لیے تمام ضروری تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

  • عمران خان کی زندگی خطرے میں ہے،علیمہ خان کا دعویٰ

    عمران خان کی زندگی خطرے میں ہے،علیمہ خان کا دعویٰ

    راولپنڈی: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان نے راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی زندگی خطرے میں ہے اور اس حوالے سے وہ سپریم کورٹ جائیں گے۔ عمران خان اور ان کے بھانجے کو ناجائز قید میں رکھا گیا ہے، اور ان کی پہلی ترجیح بےگناہ قیدیوں کی رہائی ہے۔

    علیمہ خان نے واضح کیا کہ عمران خان نے پارٹی کے اندر موجود ذاتی تنازعات ختم کرنے اور تحریک کو آگے بڑھانے کا سخت پیغام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مشکل دور سے گزر رہے ہیں اور پارٹی کو چاہیے کہ اس صورتحال پر سنجیدگی سے غور کرے۔ علیمہ خان نے کہا، "پارٹی کے اندر بشریٰ بی بی کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ عمران خان کو توڑا جا سکے، لیکن وہ قوم کے مفاد کے لیے مذاکرات کریں گے، اپنے ذاتی مفادات کے لیے نہیں۔”انہوں نے مزید کہا کہ اخبارات اور ٹی وی چینلز بند کرکے عمران خان کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ علیمہ خان نے جیل سپرنٹنڈنٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ جھوٹ بول رہے ہیں اور ان کا بھائی کبھی جھوٹ نہیں بولتا۔ ان کا الزام تھا کہ مریم نواز نے عمران خان پر ظلم کرنے کے لیے اس جیل سپرنٹنڈنٹ کو بھیجا ہے۔علیمہ خان نے کہا، "ہم عمران خان کی زندگی کو لاحق خطرات سے آگاہ ہیں اور ان کے تحفظ کے لیے عدالتِ عظمیٰ سے رجوع کریں گے۔ ہمارا فوکس صرف انصاف اور بےگناہ قیدیوں کی رہائی پر ہے۔”

  • اینکر پرسن جیسمین منظور بھی تشدد کا نشانہ بن گئیں،تصاویر شیئر کر دیں

    اینکر پرسن جیسمین منظور بھی تشدد کا نشانہ بن گئیں،تصاویر شیئر کر دیں

    پاکستان کی معروف اور سینئر اینکر پرسن جیسمین منظور نے اپنے سابق شوہر پر جسمانی تشدد کا سنگین الزام عائد کرتے ہوئے اپنے مداحوں کے سامنے اپنی کچھ متاثر کن تصاویر شیئر کی ہیں۔ ان تصاویر میں جیسمین کی آنکھ پر واضح سوجن دیکھی جا سکتی ہے جو اس واقعہ کی شدت کو ظاہر کرتی ہے۔

    جیسمین منظور نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر موبائل گیلری کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا،”یہ میں ہوں، یہ میری کہانی ہے۔ میری زندگی ایک پُرتشدد آدمی نے تباہ کر دی، اور میں اپنا انصاف اپنے اللہ پر چھوڑتی ہوں۔”

    مزید برآں، جیسمین نے ایک اور ٹوئٹ میں اُن افراد کے لیے سخت الفاظ استعمال کیے جو ان کے سابق شوہر کی حمایت کر رہے ہیں”یہ ان لوگوں کے لیے ہے جنہوں نے ایک مجرم کی طرف داری کی۔ یہ میرے سابق شوہر کا دیا گیا تحفہ ہے۔”سینئر اینکر پرسن نے ایک اور پوسٹ میں کہا،”یہ کوئی بھی ہو سکتا ہے۔ گھر محفوظ ہونے کے باوجود دنیا میں کوئی محفوظ نہیں ہے۔ سب سے خطرناک لوگ وہ ہیں جن پر آپ آنکھیں بند کر کے بھروسہ کرتے ہیں۔”

    جیسمین منظور کی جانب سے تشدد کے واقعے کی مزید تفصیلات یا دیگر معلومات ابھی تک جاری نہیں کی گئیں۔ ان کی سوشل میڈیا پر یہ پوسٹس ایک بار پھر معاشرتی مسائل، خصوصاً گھریلو تشدد کے حوالے سے عوامی توجہ مبذول کرانے کا باعث بنی ہیں۔