Baaghi TV

Author: ممتاز حیدر

  • آئی ایم ایف وفد کے پاکستان دورے کی تفصیلات کو منظر عام پر لایا جائے، خالد مسعود سندھو

    آئی ایم ایف وفد کے پاکستان دورے کی تفصیلات کو منظر عام پر لایا جائے، خالد مسعود سندھو

    کوئی بھی معاہدہ کرنے سے قبل حکومت قوم کو اعتماد میں لے.صدر مرکزی مسلم لیگ

    پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف وفد کے پاکستان دورے کی تفصیلات کو منظر عام پر لایا جائے، حکومت وفد کے دورے کو خفیہ رکھ کر کیا کھچڑی پکا رہی؟بجٹ پاکستان کا اور ہدایات آئی ایم ایف کی، یہ پاکستان کی خودمختاری کے خلاف ہے،آئی ایم ایف سے جان چھڑانے کے لئے حکومت اپنی عیاشیاں کم ،آئی ایم ایف سے کوئی بھی معاہدہ کرنے سے قبل قوم کو اعتماد میں لے.

    خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ بجٹ کی تیاری کے لئے آئی ایم ایف کے وفد کی پاکستان آمد پر حکومت کی جانب سے دورے کی تفصیلات کو خفیہ رکھنا سمجھ سے بالاتر ہے، حکومت پاکستان کے قومی مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کرے،حکمرانوں کی عیاشیوں کی وجہ سے ملک میں غربت ہے اور قوم قرضوں میں جکڑی جا رہی ہے،حکومت اپنی فضول خرچیاں کم کرے، وزیروں اور مشیروں کی فوج ظفر موج کو کم کرے، حکومت کو آئی ایم ایف سمیت کسی بین الاقوامی ادارے کی ڈکٹیشن پر نہیں چلنا چاہیے۔

    خالد مسعود سندھو کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان آزاد و خود مختار ملک ہے،آئی ایم ایف کی ہدایات پر تیار ہونے والا بجٹ عوامی نہیں بلکہ قوم کو مزید غربت کی طرف دھکیلے گا،حکمران قرض پر قرض لیتے جا رہے ہیں اور عوام غریب سے غریب تر ہوتی چلی جا رہی ہے، قرضوں کے بوجھ کا ذمہ دار کون ہے اس کا احتساب بھی ہونا چاہئے،آئی ایم ایف سے قرض کن شرائط پر لیا جا رہا اسکی تفصیلات بھی قوم کے سامنے لائی جائے.

  • مریم نواز، یہی کرنا تھا تو  ووٹ کو عزت دینے کا دعویٰ کیوں کیا تھا؟عفت عمر

    مریم نواز، یہی کرنا تھا تو ووٹ کو عزت دینے کا دعویٰ کیوں کیا تھا؟عفت عمر

    سینئر اداکارہ و ماڈل عفت عمر نے اپنے پسندیدہ سیاسی رہنما، وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حوالے سے اپنی مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

    عفت عمر معروف شخصیت جو کہ حالاتِ حاضرہ اور سیاست پر اپنے بے باک رائے کے لیے جانی جاتی ہیں، نے حال ہی میں مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ "ایکس” پر ایک نیا پیغام شیئر کیا۔عفت عمر نے اپنے پیغام میں بتایا کہ ان سے بہت سے لوگ انباکس میں سوال کرتے ہیں کہ انہوں نے سیاست پر اپنی رائے دینا کیوں چھوڑ دیا ہے۔ اس سوال کے جواب میں اداکارہ نے لکھا کہ حکومت کے ساتھ اپنے ذاتی تجربے کے بعد وہ سمجھتی ہیں کہ اب سیاست کا کوئی فائدہ نہیں رہا، اور یہ اب ختم ہو چکی ہے۔

    https://x.com/OmarIffat/status/1907852271028940898

    انہوں نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں تحریکِ انصاف کے خلاف واحد وجہ یہ ہے کہ پی ٹی آئی اپنی ناکامی کو تسلیم نہیں کرتی۔ عفت عمر نے اپنے ٹوئٹ میں مسلم لیگ ن اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی حامی ہونے کے باوجود، مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا، "مریم نواز، اگر آپ نے یہی کرنا تھا تو پہلے ہی کر لیتیں، آپ نے ووٹ کو عزت دینے کا دعویٰ کیوں کیا تھا؟”اداکارہ نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ مریم نواز شریف نے گزشتہ چند برسوں میں اپنی سیاست کا خود ہی خاتمہ کر لیا ہے، جس پر انہیں شدید مایوسی ہوئی ہے۔ عفت عمر نے اس پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں آنے والے ہر شخص کو یہ غلط فہمی ہوتی ہے کہ وہ سب کچھ جانتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اقتدار صرف طاقت دیتا ہے، علم نہیں۔

  • حکومت کا آئی ایم ایف وفد کی مصروفیات "خفیہ”رکھنے کا فیصلہ

    حکومت کا آئی ایم ایف وفد کی مصروفیات "خفیہ”رکھنے کا فیصلہ

    حکومت نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے وفد کے شیڈول اور مصروفیات کو عوامی طور پر منظر عام پر نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق، آئی ایم ایف وفد کے دورے کی تفصیلات اور ملاقاتوں کا کوئی تحریری شیڈول جاری نہیں کیا جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد کی ملاقاتوں کی معلومات متعلقہ محکموں کو صرف فون پر فراہم کی جائیں گی۔ اس فیصلے کے پیچھے حکومت کا مقصد مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کے دوران حساس معلومات کی حفاظت کرنا اور قومی مفادات کا تحفظ کرنا ہے۔

    یاد رہے کہ آئی ایم ایف کا وفد گزشتہ روز پاکستان پہنچا تھا، اور اس کا دورہ گڈ گورننس اور کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے پاکستانی حکام سے بات چیت کے لئے ہے۔ وفد پاکستانی حکومت سے مختلف مالیاتی امور پر مذاکرات کرے گا، جن میں حکومت کے مالیاتی نظام کی اصلاحات اور کرپشن کے خلاف اقدامات شامل ہیں۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی ایم ایف وفد 2025-26 کے بجٹ کی تجاویز کا جائزہ لے گا اور گورننس کے مسائل پر تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے لیے پاکستانی حکام سے فالو اپ مذاکرات کرے گا۔ اس کے علاوہ، آئی ایم ایف وفد پاکستانی حکام کے ساتھ ٹیکس ریونیو کے اقدامات اور اخراجات پر کنٹرول سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کرے گا۔ وفد کا مقصد آئندہ مالی سال کے بجٹ کو حتمی شکل دینے کے لیے وزارت خزانہ کے حکام کے ساتھ مل کر تجاویز تیار کرنا ہے۔

  • بیوی کے قتل کا الزام،شوہر جیل میں اور بیوی کی نئے عاشق کے ساتھ رنگ رلیاں

    بیوی کے قتل کا الزام،شوہر جیل میں اور بیوی کی نئے عاشق کے ساتھ رنگ رلیاں

    کبھی کبھی حقیقت افسانے سے بھی زیادہ حیران کن ہوتی ہے، اور کرناٹک کے ضلع کوڈاگو کے ایک چھوٹے سے گاؤں بسونہلی میں پیش آنے والا واقعہ اس کی زندہ مثال ہے۔

    یہ کہانی ہے سُریش کی، جو اپنی بیوی ملیگے کے ساتھ ایک پُرامن زندگی گزار رہا تھا۔ سال 2019 میں ملیگے اچانک لاپتہ ہو گئی۔ سُریش نے ہر جگہ تلاش کیا، خاندان سے رابطے کیے، اور اُسے ڈھونڈنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ اُسے کچھ لوگوں سے ملیگے کے مبینہ غیر ازدواجی تعلقات کی باتیں سننے کو ملیں، لیکن اس نے ہمت نہیں ہاری۔سُریش نے اپنی بیوی سے التجا کی کہ وہ بچوں کی خاطر کم از کم رابطے میں رہے، مگر کوئی جواب نہ آیا۔ دو سال بعد، 2021 میں، اس نے کشالن نگر پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی۔

    2022 میں پولیس نے سُریش کو اطلاع دی کہ بیٹّا پورہ (تحصیل پیریا پٹنہ) کے قریب ایک انسانی ڈھانچہ ملا ہے، جو ان کی بیوی ملیگے کا ہو سکتا ہے۔ سُریش اپنی ساس کے ہمراہ موقع پر پہنچا، اور پولیس کے مطابق وہی ملیگے کی باقیات تھیں۔ دل شکستہ سُریش نے اُس ڈھانچے کی آخری رسومات ادا کیں۔مگر جلد ہی حالات نے نیا موڑ لیا۔ پولیس نے سُریش کو ہی بیوی کے قتل کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ اس کی تمام تر تردیدوں کے باوجود، اُسے جیل بھیج دیا گیا۔بعد ازاں، فرانزک لیب سے آنے والی ڈی این اے رپورٹ نے ثابت کر دیا کہ وہ باقیات ملیگے کی نہیں تھیں۔ سُریش کو بے گناہ قرار دے کر رہا کر دیا گیا۔

    برسوں بعد، زندہ بیوی اور نیا عاشق
    1 اپریل 2025 کو یہ کہانی ایک اور چونکا دینے والے موڑ سے گزری، جب سُریش کے دوستوں نے ملیگے کو مدی کیری کے ایک ہوٹل میں اپنے نئے عاشق کے ساتھ دیکھا۔ وہ حیرت زدہ رہ گئے۔ انہوں نے تصاویر لے کر فوراً پولیس کو اطلاع دی۔پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملیگے کو حراست میں لے لیا اور اُسے میسورو کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

    اب کئی سوالات جنم لے چکے ہیں،پولیس نے بغیر مکمل فرانزک تصدیق کے سُریش کو کیسے مجرم ٹھہرایا؟ملیگے کہاں غائب تھی، اور کیوں؟اُس نے اپنے شوہر اور بچوں کو کیوں چھوڑا؟اور کیا وہ جان بوجھ کر سُریش کو پھنسانا چاہتی تھی؟یہ معاملہ اب پولیس تفتیش کے تحت ہے، مگر سُریش کی زندگی میں جو اندھیرے کے سال گزرے، اُن کا حساب شاید کوئی عدالت بھی نہ چُکا سکے۔

  • 2005میں شادی،دو بچے،پھر بھی بیوی پر شک،سر پرہتھوڑا مار کر کیا قتل

    2005میں شادی،دو بچے،پھر بھی بیوی پر شک،سر پرہتھوڑا مار کر کیا قتل

    شوہر نے بیوی پر شک کرتے ہوئے سر پر ہتھوڑا مار کر قتل کر دیا

    واقعہ بھارت کا ہے،نوئیڈا کے سیکٹر 15 میں جمعہ کے روز ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں 55 سالہ شخص نے بیوی پر ناجائز تعلقات کا شک ہونے پر اسے ہتھوڑے سے مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نوراللہ حیدر نے بحث کے دوران اپنی بیوی اسماء خان کے سر پر ہتھوڑے سے حملہ کیا، جس سے اس کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔پولیس حکام نے بتایا کہ مقتولہ 42 سالہ اسماء خان ایک سافٹ ویئر انجینئر تھیں اور نوئیڈا کے سیکٹر 62 میں واقع ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرتی تھیں۔ وہ دہلی میں مقیم تھیں اور جامعہ ملیہ اسلامیہ سے انجینئرنگ میں گریجویشن کی ڈگری حاصل کر چکی تھیں۔ نوراللہ حیدر، جو بہار سے تعلق رکھتا ہے، خود بھی انجینئرنگ کا گریجویٹ ہے لیکن اس وقت بیروزگار ہے۔

    دونوں کی شادی 2005 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ہیں ، ایک بیٹا جو انجینئرنگ کا طالب علم ہے اور ایک بیٹی جو آٹھویں جماعت میں پڑھتی ہے۔واقعے کی اطلاع سب سے پہلے جوڑے کے بیٹے نے پولیس کو دی، جب اُس نے 112 ایمرجنسی نمبر پر فون کیا۔ پولیس ٹیم اور فرانزک ماہرین فوراً موقع پر پہنچے اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ نوراللہ حیدر کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر پولیس رامبدن سنگھ نے میڈیا کو بتایا،”ابتدائی تفتیش سے پتا چلا ہے کہ نوراللہ کو اپنی بیوی پر ناجائز تعلقات کا شک تھا۔ ہم نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔”مقتولہ کے برادر نسبتی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا،”بیٹی نے مجھے صبح فون کر کے واقعے کے بارے میں بتایا۔ دونوں کے درمیان کئی دنوں سے جھگڑے ہو رہے تھے، لیکن کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ بات یہاں تک پہنچ جائے گی۔”پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے اور اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا واقعہ پہلے سے منصوبہ بند تھا یا اچانک جذبات کی رو میں آ کر کیا گیا اقدام،
    مزید تفصیلات آنے تک پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کا موبائل فون اور دیگر ڈیجیٹل شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں تاکہ معاملے کی تہہ تک پہنچا جا سکے۔

  • اختر مینگل ریڈ زون آنے پر بضدتو دیگر آپشنز بھی موجود ہیں۔ترجمان بلوچستان حکومت

    اختر مینگل ریڈ زون آنے پر بضدتو دیگر آپشنز بھی موجود ہیں۔ترجمان بلوچستان حکومت

    کوئٹہ: حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے کہا ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کو ریڈ زون میں احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، حالانکہ بی این پی نے کوئٹہ کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت بی این پی کی قیادت سے مسلسل مذاکرات کر رہی ہے تاکہ معاملات سیاسی ڈائیلاگ کے ذریعے حل کیے جائیں۔

    پریس کانفرنس کے دوران شاہد رند نے کہا کہ سردار اختر مینگل کی قیادت میں بی این پی سے حکومتی کمیٹی نے دو بار ملاقات کی ہے اور صوبائی حکومت نے انہیں سریاب روڈ پر احتجاج کے لیے جگہ فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔ تاہم، بی این پی کی جانب سے ریڈ زون میں احتجاج کرنے کی خواہش ظاہر کی گئی ہے، جس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔شاہد رند نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نے دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے، اور اگر اس کی خلاف ورزی کی گئی تو قانون اپنی کارروائی کرے گا۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ حکومت ابھی تک صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہی ہے اور سیاسی مکالمے کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ حکومت کی کوشش یہ ہے کہ دونوں اطراف کے درمیان لچک پیدا کی جائے تاکہ معاملات کو پرامن طریقے سے حل کیا جا سکے۔ اگر سردار اختر مینگل اپنی پوزیشن پر قائم رہیں گے تو حکومت کے پاس دیگر آپشنز بھی موجود ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سردار اختر مینگل کی قیادت میں بی این پی کا لانگ مارچ وڈھ سے شروع ہوا تھا، تاہم مستونگ کے مقام پر راستے بند ہونے کے بعد وہیں دھرنا دیا گیا تھا، جو کہ اب نویں دن میں داخل ہو چکا ہے۔حکومت بلوچستان کی طرف سے یہ واضح پیغام دیا گیا ہے کہ ریڈ زون میں کسی بھی قسم کے احتجاج کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

  • شادی سے چند روز قبل منگیترکی جان لینے والی دلہن گرفتار

    شادی سے چند روز قبل منگیترکی جان لینے والی دلہن گرفتار

    خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے پوش علاقے حیات آباد میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک لڑکی نے مبینہ طور پر شادی سے چند روز قبل اپنے منگیتر کو قتل کر دیا۔

    پولیس کے مطابق یہ واقعہ حیات آباد کے فیز 6 کے علاقے بونیر میں پیش آیا جہاں 27 مارچ کو نوجوان ابراراللّٰہ کی لاش برآمد ہوئی تھی۔ مقتول ابراراللّٰہ کی شادی 6 اپریل کو طے تھی، اور وہ شادی کی تیاریوں میں مصروف تھا۔حیات آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا اور شواہد کی روشنی میں مقتول کی منگیتر کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق قتل میں لڑکی کا ایک مرد دوست بھی ملوث ہے جسے بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ابراراللّٰہ کو منصوبہ بندی کے تحت قتل کیا گیا۔ مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملزمہ اور اس کا دوست مقتول کے ساتھ کسی تنازع کا شکار تھے، تاہم مکمل تحقیقات ابھی جاری ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے اور جلد ہی اصل محرکات اور پس منظر سے پردہ اٹھایا جائے گا۔ اس اندوہناک واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور مقتول کے اہل خانہ انصاف کے متقاضی ہیں۔

  • وزیراعظم کا سعودی حج پالیسی کی خلاف ورزی کا نوٹس

    وزیراعظم کا سعودی حج پالیسی کی خلاف ورزی کا نوٹس

    اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان، شہباز شریف نے سعودی عرب کی حج پالیسی پر عمل نہ کرنے اور نجی حج اسکیم کے تحت 70 ہزار حاجیوں کے انتظامات میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ایک تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔

    یہ کمیٹی سعودی پالیسی کی خلاف ورزی کے معاملے کی تحقیقات کرے گی اور اس بات کا جائزہ لے گی کہ وزارتِ مذہبی امور اور نجی حج آپریٹرز نے سعودی حکام کی پالیسی پر عمل کیوں نہیں کیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق، کمیٹی میں سیکرٹری کابینہ، چیئرمین ایف بی آر اور چیف سیکرٹری گلگت بلتستان شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی اپنی رپورٹ اور سفارشات تین دن کے اندر وزیراعظم کو پیش کرے گی تاکہ اس معاملے کا جلد از جلد حل نکالا جا سکے۔وزارتِ مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کو اس تحقیقات میں سیکرٹریٹ سپورٹ فراہم کرے گی تاکہ تمام تر کارروائیاں شفاف اور مؤثر طریقے سے مکمل کی جا سکیں۔

    کمیٹی سعودی عرب کی حج پالیسی کے حوالے سے وزارتِ مذہبی امور اور نجی حج آپریٹرز کے ذریعے اس کے نفاذ میں کوتاہی کی تحقیقات کرے گی اور ساتھ ہی وزارت مذہبی امور کی جانب سے نجی حج آپریٹرز کے لیے درکار تمام رسمی کارروائیاں مکمل کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا بھی جائزہ لے گی۔یہ اقدام حاجیوں کے لیے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے اور سعودی عرب کی پالیسیوں کے مطابق حج کی ادائیگی کے عمل کو ہموار بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے، تاکہ کسی بھی قسم کی بد انتظامی اور مشکلات سے بچا جا سکے۔وزیراعظم کا یہ فیصلہ ایک اہم قدم ہے جس سے نہ صرف حاجیوں کے لئے بہتر انتظامات کی توقع کی جا رہی ہے، بلکہ سعودی عرب کی پالیسیوں پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

  • نیوزی لینڈ سیریز،پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں بھی شکست

    نیوزی لینڈ سیریز،پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں بھی شکست

    نیوزی لینڈ نے پاکستان کو تیسرے ایک روزہ میچ میں شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل کر لیا

    ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے سیریز میں کلین سوئپ کر لیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 265 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ ایک بار پھر ناکام رہی اور پوری ٹیم 40 ویں اوور میں 221 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح نیوزی لینڈ کو میچ میں 43 رنز سے کامیابی حاصل ہوئی۔

    پاکستان کی بیٹنگ کی شروعات عبد اللہ شفیق اور بابر اعظم نے کی اور دونوں نے 73 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ تاہم اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔ بابر اعظم نے 50 رنز بنائے، لیکن اس کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی 50 رنز کا ہندسہ عبور نہیں کر سکا۔ کپتان محمد رضوان نے 37 رنز بنائے، جبکہ عبد اللہ شفیق اور طیب طاہر نے 33، 33 رنز کی اننگز کھیلیں۔

    نیوزی لینڈ کی جانب سے بین سیئرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جیکب ڈفی نے 2، جبکہ مائیکل بریسویل، محمد عباس اور ڈیرل مچل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

    قبل ازیں، نیوزی لینڈ نے بارش کے باعث گیلی آؤٹ فیلڈ سے متاثرہ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 42 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز اسکور کیے۔ کیوی کپتان مائیکل بریسویل 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے عاکف جاوید نے 4 اور نسیم شاہ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

    پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے کیا، لیکن امام الحق اننگز کی ابتدا ہی میں فیلڈر کی تھرو سے چہرے پر گیند لگنے کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے اور گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔ اس کے باوجود پاکستان نے 13 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 59 رنز بنا لیے، جہاں عبداللہ شفیق 26 اور بابر اعظم 25 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

    خیال رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ نے 2-0 کی فیصلہ کن سبقت حاصل کی تھی اور اس آخری میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں کلین سوئپ کر لیا۔یہ سیریز پاکستان کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہوئی، جہاں ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ مسلسل ناکامی کا شکار رہی۔

  • مساج کے نام پر زنا اور حرام کاری، سوشل میڈیا پر  ایڈوانس بکنگ

    مساج کے نام پر زنا اور حرام کاری، سوشل میڈیا پر ایڈوانس بکنگ

    فیصل آباد کے تھانہ پیپلز کالونی کے علاقے میں مساج کے نام پر زنا اور حرام کاری کے کاروبار کا انکشاف ہوا ہے۔

    یہ کاروبار سوشل میڈیا جیسے فیس بک اور انسٹاگرام کے ذریعے سرعام چل رہا ہے، جس کے ذریعے ایڈوانس بکنگ کی جاتی ہے۔ ذرائع کے مطابق، اس غیر قانونی سرگرمی میں مبینہ طور پر صحافت کے نام پر جعلی صحافی مرزا اویس کا ہاتھ ہے، جو اپنے میڈیا کی شناخت کا استعمال کرتے ہوئے اس کاروبار کو چلانے کا کام کر رہا ہے۔مرزا اویس نے صحافت کے نام پر اس کاروبار کو چلایا اور میڈیا کی آڑ میں مساج سنٹرز کے ذریعے لوگوں کو غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث کیا۔ اس کی کارروائیوں کا انکشاف ہونے کے بعد اس کے پیچھے چھپے ہوئے غیر قانونی کاروبار کا راز فاش ہوا، جس کے مطابق وہ پیپلز کالونی اور مدینہ ٹاؤن کے علاقوں میں متعدد مساج سنٹرز چلا رہا تھا۔ اس نے اعلیٰ پولیس افسران اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افراد کو منتھلیاں آفر کرنے کے لئے نذرانے بھی پہنچائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بڑے پیمانے پر چلنے والے زنا کے کاروبار میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کی معاونت بھی شامل ہو سکتی ہے۔ اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ مرزا اویس کی جانب سے پولیس کے بڑے افسران کو منتھلیاں دی جاتی تھیں، تاکہ وہ اس غیر قانونی کاروبار کو چلانے میں معاونت فراہم کر سکیں۔

    مرزا اویس کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے، جس میں اسے پولیس افسران کے ساتھ منتھلی دینے کی بات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد پولیس افسران کے کردار پر سوالات اٹھنے شروع ہو گئے ہیں اور عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔اس معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے عوامی مطالبہ ہے کہ اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ان کے ساتھ تعاون کرنے والے پولیس افسران کے خلاف بھی تحقیقات کی جائیں تاکہ اس غیر اخلاقی کاروبار کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

    واقعہ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد فیصل آباد کے علاقے پیپلز کالونی میں مبینہ طور پر مساج سینٹر کی آڑ میں چلنے والے قحبہ خانے کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ ہدایات انٹیلی جنس ایجنسی کی ایک رپورٹ کی بنیاد پر دی گئی ہیں، جس میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کے شواہد پیش کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق، فیصل آباد پولیس کو موصول ہونے والی خفیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیپلز کالونی کے مختلف مقامات پر موجود بعض مساج سینٹرز درحقیقت غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ ان مراکز میں نہ صرف جسم فروشی کا دھندہ کیا جا رہا ہے بلکہ اس میں کم عمر لڑکیوں کے استحصال کی اطلاعات بھی شامل ہیں۔ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد کو بھیجی گئی رپورٹ میں یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ ان مراکز میں مخصوص کوڈ ورڈز کے ذریعے گاہکوں سے رابطہ کیا جاتا ہے اور مخصوص نمبروں کے ذریعے بکنگ کی جاتی ہے۔ پولیس حکام کو ان نمبروں کی تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں تاکہ تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جا سکے۔اس انٹیلی جنس رپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ پولیس اسٹیشن کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ان مراکز کے خلاف سخت ایکشن لے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ امکان ہے کہ آنے والے دنوں میں ان مراکز پر بڑے پیمانے پر چھاپے مارے جائیں گے اور ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔