Baaghi TV

Author: News Editor

  • ‏آئی ایس پی آر نے عمران خان کے الزامات کو بے بنیاد اور غیر ذمہ درانہ قرار دے دیا

    ‏آئی ایس پی آر نے عمران خان کے الزامات کو بے بنیاد اور غیر ذمہ درانہ قرار دے دیا

    راولپنڈی:‏آئی ایس پی آر نے عمران خان کے الزامات کو بے بنیاد اور غیر ذمہ درانہ قرار دے دیا،عمران خان کے ادارے کے خلاف بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات ناقابل قبول ہیں،

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے الزامات پر ردعمل دے دیا۔
    آئی ایس پی آر نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے ادارے کے خلاف بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات یکسر ناقابل قبول ہیں۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے بالخصوص ایک اعلیٰ فوجی افسر کے خلاف بے بنیاد الزامات ناقابل قبول ہیں، آج ادارے پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات انتہائی افسوسناک ہیں۔

    آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج کو انتہائی پیشہ ورانہ ہونے پر خود پر فخر ہے، پاک فوج ایک انتہائی پیشہ ور اور نظم و ضبط کی حامل فوج ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کا ایک مضبوط اور انتہائی مؤثر اندرونی احتسابی نظام ہے

    آج ادارے/اہلکاروں پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات انتہائی افسوسناک اور پرزور مذمت ہیں۔ کسی کو بھی ادارے یا اس کے سپاہیوں کی بے عزتی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرے اور بغیر کسی ثبوت کے ادارے اور اس کے اہلکاروں کے خلاف ہتک عزت اور جھوٹے الزامات کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرے۔

  • فیض آباد کے مقام پر بائیکیا چلانے والے لڑکے کی موٹرسائیکل جلا دی گئی

    فیض آباد کے مقام پر بائیکیا چلانے والے لڑکے کی موٹرسائیکل جلا دی گئی

    فیض آباد:فیض آباد کے مقام پر بائیکیا چلانے والے لڑکے کی موٹرسائیکل جلا دی گئی ،اطلاعات کے مطابق آئی جے پی روڈ پر تحریک انصاف نوجوان کی بائک جلا دی

    متاثرہ بائیکیا رائیڈر اشتیاق کا کہنا تھا کہ ان کے والد کی وفات کے بعد بائیک چلا کر گھر کا گزارہ چلا رہا۔ آٹھ بہن بھائیوں کومیں اور1بھائی بائیکیا چلا کرگزربسر کررہے

    متاثرہ شہری اشتیاق کا کہنا تھا کہ نویں جماعت کا طالبعلم ہوں، تعلیم کا خرچ بھی بائیکیا سے ہی پورا کرتاآئی جے پی روڈ پر تین موٹر سائکلز جلا دیئے گئے

    یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس موقع پر دو پولیس اہلکار،لال خان،عارف کی موٹر سائیکلں بھی جلا دی گئیں

    یاد رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان پر وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران حملے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے کال دیئے جانے پر کارکن سڑکوں پر نکل آئے، اس دوران پولیس اور کارکنوں میں تصادم ہوا۔

    اسلام آباد پولیس کے مطابق احتجاج کی وجہ سے مری روڈ پر فیض آباد سے پہلے ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیا ہے اور متبادل کے طور پر اسلام آباد ہائی وے اور سٹیڈیم روڈ استعمال کی جا سکتی ہے۔

    راولپنڈی میں فیض آباد کے مقام پر سکیورٹی اہلکاروں اور مظاہرین میں تصادم کے بعد آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی ہے اور پولیس نے دو مظاہرین کو حراست میں لے لیا ہے۔

     

    اسلام آباد پولیس نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ فیض آباد کے مقام پر راولپنڈی کی جانب مظاہرین جمع ہیں جن میں کچھ لوگ ڈنڈے، غلیلیں اور پتھر اٹھائے ہوئے ہیں۔ ان مظاہرین میں اسلحہ بردار بھی موجود ہو سکتے ہیں جبکہ راولپنڈی سے مظاہرین اسلام آباد پولیس پر پتھراؤ کر رہے ہیں۔ راولپنڈی انتظامیہ مظاہرین کو غیر قانونی عمل سے روکے۔

    پولیس نے بتایا ہے کہ مظاہرین میں کم عمر بچے بھی موجود ہیں اور عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو کسی بھی ’غیر قانونی عمل‘ کا حصہ بننے سے روکیں۔

  • عمران پر حملہ، تیسری قوت فائدہ اٹھا کر ملک کو مشکل میں ڈال سکتی ہے:فضل الرحمان

    عمران پر حملہ، تیسری قوت فائدہ اٹھا کر ملک کو مشکل میں ڈال سکتی ہے:فضل الرحمان

    ڈی آئی خان:عمران خان نے معاشرے میں نفرتوں کی جو آگ لگائی، اب خود ہی اسی آگ میں جلنے والے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں اندھی مذہبی جنونیت کا استعمال انہیں لے ڈوبے گا

    پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اور امیر جمعیت علمائے اسلام مولانا فضل الرحمان نے وزیر آباد میں عمران خان پر فائرنگ کے واقعہ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کل کوئی تیسری قوت فائدہ اٹھا کر ملک و قوم کو مشکل میں ڈال سکتی ہے، عمران مذہب سے ناوقف ہیں۔

    ڈیرہ اسماعیل میں میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ عمران خان نے معاشرے میں نفرتوں کی جو آگ لگائی، اب خود ہی اسی آگ میں جلنے والے ہیں، سیاست میں اندھی مذہبی جنونیت کا استعمال انہیں لے ڈوبے گا۔

    مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ واقعہ پنجاب کی حدود میں پیش آیا، جہاں پی ٹی آئی کی اپنی حکومت ہے، ملزم کو ان کی پارٹی کے کارکن نے پکڑ کے پنجاب پولیس کے حوالہ کیا، پنجاب پولیس نے ہی ملزم سے بیان لیا جس میں ملزم نے اعتراف جرم کیا عمران دین کی توہین کے مرتکب ہوئے ہیں لیکن عمران اور اس کے رفقا بلاتحقیق وزیراعظم، رانا ثناء اللہ اور ایک اعلیٰ افسر پر الزام لگا کر اشتعال پھیلا رہے ہیں،جس سے معاملہ مشکوک ہو گیا ہے۔

    امیر جمعیت علمائے اسلام کا کہنا تھا کہ اس معاملہ کی اعلی سطحی تحقیقات ضروری ہو گئی ہے تاکہ قوم کو اصل حقائق سے باخبر رکھا جا سکے، ایسے واقعات کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کے نتائج خطرناک ہوں گے، کل کوئی تیسری قوت فائدہ اٹھا کر ملک و قوم کو مشکل میں ڈال سکتی ہے، عمران مذہب سے ناوقف ہیں لیکن ہر معاملہ میں مذہبی ٹچ دیکر اپنے کارکنوں کو گمراہ کرنے کے علاوہ مذہبی جنونیت کو فروغ دے رہیں جس کے نتائج ملک اور معاشرہ کے علاوہ خود عمران اور اس کی جماعت کے لئے بھی اچھے نہیں ہوں گے۔

  • ملک میں آگ لگانے والے ملک کے محسن نہیں ہو سکتے:مریم اورنگزیب

    ملک میں آگ لگانے والے ملک کے محسن نہیں ہو سکتے:مریم اورنگزیب

    اسلام آباد:وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران میں کارکنان کی جانب سے جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کی شدید مذمت کی ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں آگ لگانے والے محسن نہیں ہوسکتے

    مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ سرکاری املاک پر حملہ کرنے والے ملک کے دوست نہں ہو سکتے۔ فارن فنڈد فتنے کی ذہنیت نے ملک کو تقسیم کر دیا ہے۔ یہ فتنہ الیکشن نہیں خانہ جنگی چاہتا ہے۔

    وزیر اطلاعات نے سوال اٹھایا کہ پنجاب حکومت نے ابھی تک وزیر آباد فائرنگ پر ایف آئی آر کیوں نہیں کاٹی۔ عمران خان کسی سرکاری اسپتال سے رپورٹ نہیں لکھوا رہا۔ فارن فنڈڈ فتنہ میڈیکو لیگل کے قانونی ضابطوں کو پورا نہیں کر رہا۔

    مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فارن فنڈڈ فتنہ الیکشن نہیں خانہ جنگی چاہتا ہے مگر عوام نے انتشار کی اور فساد کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔

    دوسری طرف گورنرہاؤس انتظامیہ نے بے قابو ہجوم کے گورنر ہاؤس پر حملے کيخلاف چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کو مراسلہ لکھ دیا۔ مراسلے ميں سيکیورٹی بڑھانے اور حملہ آوروں کيخلاف مقدمہ درج کرنے کا کہا گيا ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان پر حملے کیخلاف جمعہ کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے، لاہور میں ہونیوالے احتجاج کے دوران مظاہرین نے گورنر ہاؤس پر دھاوار بول دیا تھا۔

    لاہور میں بے قابو ہجوم کے گورنر ہاؤس پر حملے کے بعد انتظامیہ نے چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کو سیکیورٹی بڑھانے اور ملوث افراد کو گرفتار کرنے کیلئے مراسلہ لکھ دیا۔

  • لاہور ہائیکورٹ کے 11 مستقل ججز نے حلف اٹھا لیا

    لاہور ہائیکورٹ کے 11 مستقل ججز نے حلف اٹھا لیا

    لاہور:لاہور ہائیکورٹ کے مستقل کئے گئے 11 ججز نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔ عدالت عالیہ میں خالی اسامیوں کی تعداد اب بھی 17 ہے۔

    چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے مستقل ہونیوالے 11 ججز سے ان کے عہدوں کا حلف جمعہ کو لیا، حلف برداری کی تقریب عدالت عالیہ کے مرکزی سبزہ زار میں منعقد کی گئی۔

    مستقل ججز کی حیثیت سے حلف اٹھانے والوں میں جسٹس شکیل احمد، جسٹس صفدر سلیم شاہد، جسٹس احمد ندیم ارشد، جسٹس طارق ندیم، جسٹس امجد رفیق، جسٹس عابد حسین چٹھہ، جسٹس انوار حسین، جسٹس علی ضیاء باجوہ، جسٹس سلطان تنویر، جسٹس رضا قریشی اور جسٹس راحیل کامران شیخ شامل ہیں۔

    حلف برداری کی تقریب میں عدالت عالیہ کے ججز، لاہور ہائیکورٹ بار کے عہدیداروں اور ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ سمیت دیگر لاء افسران نے شرکت کی۔

    لاہور ہائیکورٹ کے نئے حلف اٹھانے والے ججز کے بعد مستقل ججز کی تعداد 43 ہوگئی جبکہ خالی آسامیوں کی تعداد اب بھی 17 ہے، لاہور ہائیکورٹ میں ججز کی منظور شدہ تعداد 60 ہے۔

  • ٹوئٹر کا اپنے ملازمین کی بڑی تعداد کو فارغ کرنے کا اعلان، دفاتر عارضی بند

    ٹوئٹر کا اپنے ملازمین کی بڑی تعداد کو فارغ کرنے کا اعلان، دفاتر عارضی بند

    نیویارک:ٹوئٹر نے اپنے ملازمین کی بڑی تعداد کو فارغ کرنے اور دفاتر کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا۔

    خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق ٹوئٹر نے اپنے ملازمین کو جمعرات کو ایک ای میل بھیجی جس میں کہا گیا تھا کہ وہ (کل ) جمعہ کو انہیں ای میل کے ذریعے انکی ملازمت کے مستقبل کے بارے میں مطلع کردے گی۔

    ٹویٹر نے کہا کہ اس کے دفاتر کو عارضی طور پر بند کر دیا جائے گا اور تمام بیج تک رسائی کو معطل کر دیا جائے گا تاکہ ہر ملازم کے ساتھ ساتھ ٹویٹر کے نظام اور کسٹمر ڈیٹا کی حفاظت کو یقینی بنانے میں مدد ملے۔

    ملازمین کو بھیجی گئی ای میل میں کہا گیا ہے کہ ہم جمعہ کو دنیا بھر میں اپنے ملازمین کی چھانٹیوں کے مشکل مرحلے سے گزریں گے جو ٹوئٹر کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہے۔

    ای میل میں کہا گیا کہ ٹوئٹر اپنے تمام ملازمین کی کمپنی کیلئے گرانقدر محنت کو تسلیم کرتا ہے لیکن یہ اقدام کمپنی کی کامیابی اور اسے آگے کی طرف لے جانے کیلئے ضروری تھا۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے کہا کہ ٹویٹر کے ملازمین جو برطرفی سے متاثر نہیں ہوں گے انہیں ان کے کام کے ای میل پتوں کے ذریعے مطلع کیا جائے گا جبکہ جن افراد کو کمپنی سے نکالا جارہا ہے انہیں انکے ذاتی ای میل پر نوٹیفکیشن بھیجا جائے گا۔

    واضح رہے کہ ایلون مسک نے 28 اکتوبر کو 44 ارب ڈالر میں ٹوئٹر کی خریداری کے معاہدے کو مکمل کیا تھا۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ کی خریداری کا عمل دونوں طرف سے انتہائی پیچیدہ اور مشکلات سے بھرا رہا۔

    ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالتے ہی ایلون مسک نے کمپنی کے کئی اعلیٰ ترین افسران کو انہیں گمراہ کرنے کے الزام میں عہدے سے فارغ کردیا تھا۔

  • گورنر ہاؤس انتظامیہ نے سیکیورٹی بڑھانے کیلئے خط لکھ دیا

    گورنر ہاؤس انتظامیہ نے سیکیورٹی بڑھانے کیلئے خط لکھ دیا

    لاہور:گورنرہاؤس انتظامیہ نے بے قابو ہجوم کے گورنر ہاؤس پر حملے کيخلاف چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کو مراسلہ لکھ دیا۔ مراسلے ميں سيکیورٹی بڑھانے اور حملہ آوروں کيخلاف مقدمہ درج کرنے کا کہا گيا ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان پر حملے کیخلاف جمعہ کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے، لاہور میں ہونیوالے احتجاج کے دوران مظاہرین نے گورنر ہاؤس پر دھاوار بول دیا تھا۔

    لاہور میں بے قابو ہجوم کے گورنر ہاؤس پر حملے کے بعد انتظامیہ نے چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کو سیکیورٹی بڑھانے اور ملوث افراد کو گرفتار کرنے کیلئے مراسلہ لکھ دیا۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کے باعث پولیس نفری کی تعداد بڑھائی جائے، پی ٹی آئی کے مقامی ورکرز نے املاک کی توڑ پھوڑ کی، گورنر ہاؤس مال روڈ گیٹ پر ٹائر جلاکر آگ لگائی گئی۔

    مراسلے میں گورنر ہاؤس انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ مشتعل مظاہرین نے سیکیورٹی انسٹالیشن کو بھی نقصان پہنچايا، بے قابو ہجوم نے گورنر ہاؤس کے مال روڈ گیٹ کو توڑنے کی کوشش کی۔

    گورنر ہاؤس انتظامیہ نے چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب سے فوری طور پر سیکیورٹی کیلئے اضافی نفری گورنر ہاؤس بھیجنے اور قانون توڑنے والے بے قابو ہجوم اور مظاہرین کيخلاف مقدمات بھی درج کرنے کا بھی کہا ہے۔

  • دو افراد نے گولیاں چلائیں ٹھیک ہوتے ہی اسلام آباد کی کال دوں گا۔ عمران خان

    دو افراد نے گولیاں چلائیں ٹھیک ہوتے ہی اسلام آباد کی کال دوں گا۔ عمران خان

    لاہور:وزیر آباد حملے کے بعد عمران خان کی ہسپتال سے تصویر سامنے آ گئی ، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ عمران خان شوکت خانم میں زیر علاج ہیں ڈاکٹر نے انکا آپریشن کیا ہے۔ ابھی وہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں اس دوران عمران خان کی تصویر سامنے آئی ہے عمران خان کے پاوں پر پٹی لگی ہوئی ہے

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے چار گولیاں لگیں۔ مجھے قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔مراسلہ آیا امریکہ نے حکم دیا بلکہ دھمکی دی کہ اسکو ہٹاو پھر عدم اعتماد آ جاتی ہے ۔ ہمارے پاس گورنمنٹ کے وسائل تھے منڈی لگی ہوئی تھی ہم زیادہ پیسے آفر کر سکتے تھے لیکن انہوں نے چوری کا پیسہ لگایا اور لوگ خریدے۔ ہم نے فیصلہ کیا کہ حکومت کا پیسہ استعمال نہیں کریں گے ۔ہماری حکومت گر جاتی ہے سارے سمجھتے تھے کہ تحریک انصاف کی قبر کھد گئی میں خود حیران ہوں کہ دس تاریخ کو لوگ سڑکوں پر نکلے بشری بیگم بھی حیران تھیں۔ حکومت جانے پر مٹھائی بانٹی جاتی ہے لیکن میری حکومت جانے کے بعد ایسا نہیں ہوا۔ عوام کا پیسہ معاف کر کے این آر او مشرف نے دیا کرپشن کے کیسز بنتے ہیں چار گنا قرضہ پاکستان کا بڑھ جاتا ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ گرمی کی انتہا لیکن عوام کو دیکھ کر حوصلہ ہوا لانگ مارچ کا ہم نے اعلان کیا ۔ تین لانگ مارچ انہوں نے ہمارے دور میں کیے اور وہ ہمارا حق ہے لیکن انہوں نے ہمارے اوپر تشدد کیا اسکے بعد پر امن احتجاج ہوا تو اس پر شیلنگ کی گئی ۔ ہم حیران کہ انکے لیے لانگ مارچ جائز ہے ہمارے لیے نہیں ہم احتجاج کریں تو بھیڑ بکریوں کی طرح ڈنڈے مارے جائیں انہوں نے سمجھا کہ پارٹی ختم ہو جائے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ قوم حکومت کو مسترد کر چکی ہے۔ ضمنی الیکشن 17 جولائی کو ہوا الیکشن کمیشن نے دھاندلی کی حکومتی مشنری استعمال ہوئی پھر بھی ہم جیتے ای وی ایم استعمال نہیں کی گئی تا کہ دھاندلی ختم نہ ہو۔

    لانگ مارچ میں زخمی ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیرآباد حملے میں انہیں 4 گولیاں لگی ہیں۔

    وزیر آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں زخمی ہونے کے بعد شوکت خانم ہسپتال میں زیر علاج سابق وزیراعظم نے کہا کہ میرے اوپرحملہ کیا گیا اور مجھے مارنے کی کوشش کی گئی، ڈاکٹرفیصل بتائیں گے مجھے کدھرگولیاں لگیں۔ لانگ مارچ میں روانہ ہونے سے ایک دن پہلے پتا چلا تھا کہ وزیر آباد یا گجرات میں مجھے مارنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

    اس دوران ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ عمران خان کودائیں ٹانگ میں گولیاں لگیں۔

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹرز مجھے اجازت دیں تو فوری لانگ مارچ کو آگے بڑھاؤں۔

    سینئر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے کہا کہ اگر مجھے ڈاکٹرز جانے دیں تو میں فوری اسی مقام پر پہنچ جائوں اور لانگ مارچ کو آگے بڑھائوں، میری کوشش ہے کہ ابھی عوام کے درمیان پہنچ جائوں۔

    انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے بچت ہو گئی ورنہ مارنے والوں نے کوئی کسر نہ چھوڑی، ایسے ڈرائیں گے تو میں ڈرنے والا نہیں ہوں، اس سے میں مزید مضبوط ہوا ہوں، ہم قانونی اور آئینی طریقے سے پرامن لانگ مارچ کررہے تھے لیکن دشمن نے بزدلوں والا کام کیا۔

    پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ میرا موازنہ نوازشریف سے کر رہے ہیں، نوازشریف کہہ رہا ہے لیول پلائنگ فیلڈ نہیں، وہ چاہتا ہے الیکشن کمیشن مجھے نااہل کرے، چیف الیکشن کمشنر شریف خاندان کا نوکر ہے، مجھ پرغلط الزام لگائے، چیف الیکشن کمشنر پر ہرجانہ دائر کروں گا، تحریک انصاف نے 40 لاکھ ڈونرزکا ریکارڈ دیا، باقی کسی پارٹی نے اپنے کسی ڈونرزکا ریکارڈ نہیں دیا،

    سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب پتا چلا کہ عوام کدھرکھڑی ہے، آپ تھوڑا وقت سب کو پاگل بنا سکتے ہیں ہر وقت نہیں، 9 سیٹوں میں سے 8سیٹیں جیتا ہوں جو ورلڈ ریکارڈ ہے، عوام بتا رہی ہے وہ کدھر کھڑے ہیں لیکن عوام کی نہیں سنی جا رہی۔

    پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھاکہ گولیوں کا ایک برسٹ آتا ہے تو گولی لگتی ہے اور گر رہا ہوتاہوں تو دوسری طرف سے ایک برسٹ آتا ہے، ایک پکڑا گیا تو کہا گیا وہ جنونی انتہا پسند ہے لیکن وہ انتہا پسند نہیں یہ منصوبہ بندی کی تھی، ہم نے ایف آئی آر درج کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ایف آئی نہیں ہوئی، یہ سب ڈرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس قوم کے سامنے دو راستے ہیں، پر امن یا خونی انقلاب آئے گا، قوم کھڑی ہوگئی ہے۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ میں ٹھیک ہونے پر پھر اسلام آباد کی کال دوں گا، میں جیسے ہی ٹھیک ہوگا پھر سڑکوں پر نکلوں گا، جیسے ہی ٹھیک ہوں گا، کال دوں گا، سڑکوں پر نکلوں گا

  • ایف بی آر نے گلوکارہ میشا شفیع کے بینک اکاونٹس منجمد کر دئیے

    ایف بی آر نے گلوکارہ میشا شفیع کے بینک اکاونٹس منجمد کر دئیے

    کراچی: ایف بی آر نے پراپرٹی چُھپانے پر گلوکارہ میشا شفیع کے بینک اکاونٹس منجمد کر دئیے۔اطلاعات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق گلوکارہ نے 2015 میں پراپرٹی خریدی تھی مگر ایف بی آر سے اس کا ریکارڈ چھپایا جس پر ادارے نے ان پر انکم ٹیکس عائد کیا تھا جس کی ادائیگی نہ کرنے پر ان کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے۔

    ایف بی آر نے گلوکارہ میشا شفیع کے بینک اکاونٹس سے تین لاکھ 27 ہزار 158 روپے کی ریکوری کر لی۔ میشا شفیع کے ذمے انکم ٹیکس سال 2015 کے ٹوٹل 21 لاکھ 42 ہزار 875 روپے واجب الادا تھے۔

    یاد رہے کہ گلوکارہ میشا شفیع کو سال 2015 میں پراپرٹی چھپانے پر انکم ٹیکس عائد کیا گیا تھا۔

    اس سے پہلے کل اداکار علی ظفر کے وکلا نے گلوکارہ میشا شفیع کی صحت کا جائزہ لینے کے لیے سرکاری سطح پر میڈیکل بورڈ بنانے کی استدعا کر دی۔

    ایڈیشنل سیشن جج خان محمود نے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوے پر سماعت کی تو گلوکارہ اپنی صحت کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر عدالت میں پیش نہیں ہوئیں اور پیشی سے استثنی کیلئے درخواست دی۔

    گلوکارہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ میشا شفیع کو ریڑھ کی ہڈی کے حوالے سے مسائل کا سامنا ہے جس کی تشخیص کی جا رہی ہے اور نیورو سرجن نے میشا کو دو تین ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔

    علی ظفر کے وکلا نے میشا شفیع کی حاضری معافی کی درخواست پر اعتراض کیا اور کہا کہ اگر میشا کو واقعی ہی کوئی مسئلہ ہے تو سرکاری بورڈ بنایا جائے۔ اگر میشا وٹامن ڈی اور اینٹی ڈپریشن کی دوائی کھا رہی ہے اس وقت آدھا پاکستان وٹامن ڈی کی دوائی کھا رہا ہے۔

    عدالت نے ہتک عزت کے دعویٰ میں میشا شفیع کی پیش ہونے سے استثنی کی درخواست منظور کرلی اور سماعت 16 نومبر تک ملتوی کر دی۔

  • پنجاب سمیت ملک بھرمیں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونےکا امکان:الرٹ جاری کردیا گیا

    پنجاب سمیت ملک بھرمیں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونےکا امکان:الرٹ جاری کردیا گیا

    لاہور:ڈائریکٹرجنرل پراونشینل ڈائزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فیصل فرید نے بارشوں اور پہاڑوں پر برف باری کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئےکہا کہ محکمہ موسمیات کےمطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ آج شام ملک میں داخل ہوگاجوکہ07 نومبرتک موجود رہےگا۔انہوں نےکہا کہ 05 سے07 نومبرکےدوران لاہور،روالپنڈی، مری،اٹک،چکوال،جہلم، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، میانوالی، خوشاب،سرگودھا، حافظ آباد جھنگ اور فیصل آباد میں بھی تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    مری، اسلام آباد، گجرات، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں 05 اور 06 نومبر کو موسلادھار بارش متوقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ 06 نومبر شام سے 07 نومبر تک ملتان، ڈی جی خان، بھکر اور لیہ، ساہیوال، اوکاڑہ، راجن پور اور مظفر گڑھ میں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ درمیانی بارش کی توقع ہے اور پہاڑوں پر برفباری اور چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کے بالائی علاقوں میں دن کا درجہ حرارت 05 سے 07 جبکہ جنوبی علاقوں میں 02 سے 04 سینٹی گریڈ کمی کا امکان ہے اور بارش کا سلسلہ ختم ہوتے ہی ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں آ جائیں گے۔

    انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارش سے چاول کی کٹائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ بارش کا یہ سلسلہ گندم کی بوائی میں فائدہ مند ثابت ہو گا۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ پنجاب بھر کی انتظامیہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں مکمل رکھے اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کے عملے کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں