Baaghi TV

Author: Regional News

  • نیا بلدیاتی نظام عوام کے بنیادی مسائل فوری حل کرنے میں معاون ثابت ہوگا، کمشنر ساہیوال

    نیا بلدیاتی نظام عوام کے بنیادی مسائل فوری حل کرنے میں معاون ثابت ہوگا، کمشنر ساہیوال

    ساہیوال۔ (اے پی پی) کمشنر ساہیوال ڈویژن ندیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ نیا بلدیاتی نظام عوام کے بنیادی مسائل فوری حل کرنے میں بے حد معاون ثابت ہوگا۔ موجودہ حکومت نے بلدیاتی نظام سے نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی کو یقینی بنانے کا عزم کر رکھا ہے،تینوں اضلاع کی ضلعی انتظامیہ نے انتہائی جانفشانی اور محنت سے حلقہ بندیوں کا کام مکمل کیا ہے جسے26ستمبر سے عوام کیلئے ڈسپلے کر دیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں حلقہ بندیوں کا جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ایڈیشنل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ مسعود انور،ڈپٹی کمشنر ساہیوال محمد زمان وٹو،ڈپٹی کمشنر پاکپتن احمد کمال مان،اے ڈی سی ریونیو اوکاڑہ خرم شہزاداورڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ قاری خالد نذیر کے علاوہ متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ نئی حلقہ بندیوں کے بعد ساہیوال میونسپل کارپوریشن میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور اوکاڑہ میونسپل کمیٹی میونسپل کارپوریشن بن جائیں گی جبکہ ضلع ساہیوال میں ہڑپہ شہر اور ضلع پاکپتن میں ملکہ ہانس اور قبولہ کو ٹاؤن کمیٹیوں کا درجہ دیدیا جائیگا۔ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹو نے بتایا کہ حلقہ بندیوں کیلئے انہوں نے ذاتی طور پر تمام علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا ہے تا کہ اگلے 10سال کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے موجودہ شہری اداروں کی حدود میں اضافہ کیا جا سکے۔کمشنر نے تینوں اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ نئی حلقہ بندیوں کو نمایاں جگہ پر عوام کے ملاحظے کیلئے ڈسپلے کریں۔

  • اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عامر سعید راں اپنے عہدے سے مستعفی

    اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عامر سعید راں اپنے عہدے سے مستعفی

    لاہور۔(اے پی پی)پنجاب کے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل عامر سعید راں نے اپنے عہدے سے استعفٰی دیدیا۔ عامر سعید راں نے ذاتی وجوہات کی بناء پر اپنے عہدے سے استعفٰی دیا ہے۔ یاد رہے کہ عامر سعید راں اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ بار کے سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔

  • 7ایڈیشنل ججز میں سے چھ مستقل، ایک کی مدت ملازمت میں چھ ماہ کی توسیع

    7ایڈیشنل ججز میں سے چھ مستقل، ایک کی مدت ملازمت میں چھ ماہ کی توسیع

    لاہور۔(اے پی پی)لاہور ہائیکورٹ کے 7ایڈیشنل ججز میں چھ ایڈیشنل ججز کو مستقل جبکہ ایک جج کی مدت ملازمت میں چھ ماہ کی توسیع کردی گئی۔ اس سلسلے میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں 6 ایڈیشنل ججز کومستقل اور ایک جج کی مدت ملازمت میں 6 ماہ کی توسیع کی سفارش کی گئی۔ایڈیشنل ججز میں جسٹس انوار الحق پنوں،جسٹس فاروق حیدر، جسٹس محمد وحید خان،جسٹس رسال حسن سید،جسٹس عاصم خفیظ اور جسٹس صادق محمد خرم کو مستقل کرنے کی سفارش کی گئی۔جبکہ جسٹس شکیل الرحمٰن خان کی مدت ملازمت میں 6ماہ توسیع کی سفارش کی گئی۔اجلاس میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سردار شمیم خان، لاہور ہائیکورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس مامون الرشید نے بھی شرکت کی۔ یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے 7ایڈیشنل ججز کا ایک سال کی مدت کیلئے 23اکتوبر2018ء کوتقررکیاگیا تھا۔

  • ڈیرہ اسماعیل خان،  اسلحہ کی نوک پر موٹرسائیکل سوار کو لوٹ لیاگیا

    ڈیرہ اسماعیل خان، اسلحہ کی نوک پر موٹرسائیکل سوار کو لوٹ لیاگیا

    ڈیرہ اسماعیل خان۔ (اے پی پی) تھانہ کینٹ کی حدود نول باغ ٹول پلازہ کے قریب مسلح ملزمان نے اسلحہ کی نوک پر موٹرسائیکل سوار محمد ثاقب کو زبردستی روک کر اس سے چالیس ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے،پولیس نے ایک ملزم کامران ظفر سکنہ کورائی کو ٹریس کرکے اس کے دو نامعلوم ساتھیوں سمیت تین افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

  • کرپشن، غیر قانونی حراست اور تشدد کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا

    کرپشن، غیر قانونی حراست اور تشدد کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا

    ڈیرہ اسماعیل خان ۔(اے پی پی) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ دلاور خان بنگش کی جانب سے پولیس لائن ڈیرہ اسماعیل خان میں تقریب کا اہتمام کیاگیا جس میں محرم الحرام کے دوران بہترین پیشہ وارانہ کارکردگی پیش کرنے والے پولیس آفسران و جوانوں کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔اس موقع پر صوبائی اسمبلی ممبر فیصل امین گنڈہ پوربھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ نے کہا کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان محرم الحرام کے حوالے سے ملک کے حساس ترین اضلاع میں شامل ہے۔ کافی سیکیورٹی تھریڈ موجود تھے لیکن اس کے باوجود ڈیرہ پولیس نے دن رات محنت سے اپنی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیتے ہوئے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور محرم الحرام بخیر و عافیت اختتام پذیر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے افسران اور جوان اسی طرح محنت، دیانتداری اور اپنے بہترین طرز عمل سے ڈیوٹی سرانجام دیتے رہیں، کرپشن، غیر قانونی حراست اور تشدد کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، علاقہ میں امن و امان اور عوام کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے کسی بھی موقع پر صبر کا دامن ہاتھ سے نہ جانے دیں، حقیقی معنوں میں خادم بن کر عوام کی خدمت کریں۔ آخر میں تقریب کے مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی فیصل امین گنڈہ پور نے کہا کہ محرم الحرام میں ڈیرہ پولیس نے دہشت گردوں کے سامنے نازک حالات میں فرنٹ لائن پر رہ کر اپنی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیے ہیں ان کی شب و روز محنت کی وجہ سے آج امن قائم ہے۔

  • جامعہ کراچی اوربرطانوی السٹر یوینورسٹی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

    جامعہ کراچی اوربرطانوی السٹر یوینورسٹی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

    کراچی۔ (اے پی پی) جامعہ کراچی اوربرطانوی السٹر یوینورسٹی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقد ہوئی۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جامعہ کراچی کی جانب سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی جبکہ السٹریونیورسٹی کی جانب سے ڈائریکٹرفار گلوبل انگیجمنٹ کیٹریونامیکارتھی نے مفاہمتی یادداشت پر د ستخط کئے۔تقریب میں رئیسہ کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر تبسم محبوب،شعبہ کمپیوٹر سائنس کے فیکلٹی ممبران اور کنٹری مینجر السٹر یونیورسٹی حمیر احمد بھی موجود تھے۔ مفاہمتی یا دداشت کا مقصد جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے طلبہ کو اسکالرشپ کی سہولت دینے کے ساتھ ساتھ مشترکہ تحقیق کو فروغ دینا ہے۔ اس موقع پر کیتھریونا میکارٹی نے کہا کہ اس مفاہمتی یا دداشت کے تحت شعبہ ہذا کے فیکلٹی ممبران بھی السٹر یونیورسٹی جاکر وہاں پر موجود عصرحاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب،تکنیکوں اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرسکیں گے۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپیوٹر سائنس کے شعبہ کو ترقی دینے کے لئے دونوں جامعات کوشاں ہیں جس کے بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت سے دوطرفہ معلومات کا تبادلہ ہوگا اور دونوں جامعات کی فیکلٹی ایک دوسرے کے تجربات سے بھی فائدہ اُٹھائیں گے۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ ایسے پروگرامز طلبہ کے لئے بہت ہی معاون ثابت ہوتے ہیں کیونکہ وہ دوران تعلیم ہی اپنی جامعہ سے باہر جاکر اپنی پڑھائی کا کچھ حصہ مکمل کرتے ہیں جس سے ان کو نئی چیزیں سیکھنے اور سمجھنے میں بہت مدد ملتی ہے جو آگے چل کر ان کی پیشہ ورانہ زندگی میں کام آتی ہے۔ شیخ الجامعہ نے اس بات کو خوش آئند قراردیا کہ نہ صرف شعبہ ہذا کے طلبہ بلکہ فیکلٹی ممبران بھی اس مفاہمتی یادداشت کے ذریعے استفادہ کرسکیں گے۔ اکیڈمک ریسرچ اور مشترکہ سائنسی تحقیقات دونوں جامعات کے لئے سود مند ثابت ہوں گی اور آنے والے دنوں میں زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہوں گے۔ چیئرمین شعبہ کمپیوٹر سائنس ڈاکٹر صادق علی خان نے کہا کہ اس وقت شعبہ ہذا میں صبح وشام دونوں اوقات میں 2500 سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ ان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ تقریب کے اختتام پر کیتھریونامیکارٹی اورحمیر احمد نے چیئرمین شعبہ کمپیوٹر سائنس کے ہمراہ ایچ ای جے، شعبہ ویژول اسٹڈیز اور کراچی یونیورسٹی بزنس اسکول کا بھی دورہ کیا اور ان شعبہ جات کے ساتھ بھی کام کرنے کی خواہش اظہارکیا۔

  • تیز رفتار ٹرک کی زد میں آکر موٹرسائیکل سوار 18سالہ نوجوان جاں بحق

    تیز رفتار ٹرک کی زد میں آکر موٹرسائیکل سوار 18سالہ نوجوان جاں بحق

    راجن پور۔ (اے پی پی)تیز رفتار ٹرک کی زد میں آکر موٹرسائیکل سوار 18سالہ نوجوان جاں بحق۔ تفصیل کے مطابق جامپور کا رہائشی 18 سالہ محمد نعمان لنگاہ موٹر سائیکل پر اندرون شہر انڈس ہائی وے روڈ شمالی چونگی جامپور سے گذر رہا تھا کہ سامنے سے آنیوالا تیز رفتار ٹرک اس پر چڑھ دوڑا جس سے وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس تھانہ سٹی جامپور نے ٹرک کو قبضے میں لے لیا اور فرار ہونیوالے ڈرائیور کیخلاف کاروائی شروع کر دی ہے۔

  • کپاس کے کاشتکاروں کو  فصل کو پانی کے نقصانات سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت

    کپاس کے کاشتکاروں کو فصل کو پانی کے نقصانات سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت

    قصور۔(اے پی پی)محکمہ زراعت نے کپاس کے کاشتکاروں کو موجود ہ اہم ترین مرحلہ پر فصل کو پانی کے نقصانات سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار بارشی پانی سے کپاس کی فصل کو بچا نے کیلئے تدارکی وحفاظتی اقدامات یقینی بنائیں اوربارشوں کے موسم میں کپاس کی چنائی روک دی جائے تاہم جب کپاس مکمل طورپر خشک ہوجائے تو اس وقت فصل کی چنائی شروع کی جائے نیز جن کھیتوں میں بارش کا پانی کھڑاہے وہاں سے فوری طورپر پانی کو کسی نچلے کھیت میں نکالنے کی کوشش کریں کیونکہ اگر 24گھنٹے سے زائدوقت تک کھیت میں پانی کھڑا رہا تو پودوں کی نشوونما رُک جائے گی اور اس کے پیداوار پرمنفی اثرات مرتب ہونگے۔محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ اگرکپاس کے کھیت کے قریب کمادیا چارے کی فصل موجود ہے تو پانی اس کھیت میں ڈال دیاجائے اور اگر کپاس کے کھیت سے پانی باہرنکالنا ممکن نہ ہو تو کھیت کے ایک طرف لمبائی کے رُخ کھائی کھودکر پانی اس میں جمع کردیا جائے۔

  • گندم کی اگیتی کاشت اکتوبرمیں شروع ہوگی،محکمہ زراعت

    گندم کی اگیتی کاشت اکتوبرمیں شروع ہوگی،محکمہ زراعت

    قصور۔(اے پی پی) محکمہ زراعت کے ترجمان نے کہا کہ گندم کی اگیتی کاشت اکتوبرمیں شروع ہوگی جس کیلئے کاشتکار ابھی سے زمین کی تیاری شروع کردیں نیز داب کے عمل کے ذریعے جڑی بوٹیاں ختم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ فصلات ربیع کی اچھی پیداوارکا حصول یقینی ہوسکے۔انہوں نے بتایا کہ گندم کی بہتر پیداوارکے حصول کیلئے بروقت کاشت‘شرح بیج اور آبپاشی کیساتھ ساتھ زمین کی تیاری انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی ماہرین کاشتکاروں کو تمام ممکن رہنمائی فراہم کررہے ہیں جبکہ بعض مقامات پر کسان میلے منعقد کرکے کاشتکاروں کو گندم کی کاشت کے بارے میں جدیدزرعی سفارشات سے بھی آگاہ کیاجارہاہے۔انہوں نے بتایا کہ جدیدٹیکنالوجی اور ماہرین زراعت کی سفارشات پر عمل کرکے کاشتکاربہتر پیداوارحاصل کرسکتے ہیں۔

  • انجمن تاجران کے انتخابات کیلئے مختلف تاجر تنظیمیں متحرک

    انجمن تاجران کے انتخابات کیلئے مختلف تاجر تنظیمیں متحرک

    سرگودھا۔(اے پی پی) انجمن تاجران شہر و ضلع سرگودھا کے انتخابات کیلئے مختلف تاجر تنظیمیں متحرک ہوگئی ہیں سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات کے بعد تاجر تنظیموں نے بھی اپنے انتخابات کروانے کیلئے اقدامات کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے گزشتہ کئی برس سے انجمن تاجران شہر و ضلع سرگودھا کے انتخابات نہیں ہوئے تاجروں کے آپس کے اختلافات کے باعث تاجر تنظیمیں دو دھڑوں میں تقسیم ہوکر رہ گئی ہیں اب تاجروں نے مرکزی انجمن تاجران شہر و ضلع سرگودھا کے نئے انتخابات کروانے کیلئے اقدامات شروع کردیئے ہیں اور نومبر کے وسط تک تمام دھڑوں کو متحد کرکے مرکزی انجمن تاجران شہر و ضلع سرگودھا کے انتخابات کروا ئے جانے کا امکان ہے۔